All posts by Khabrain News

شہری اغوا کیس: عدالت نے وزارت دفاع سے رپورٹ طلب کرلی

اسلام آباد ہائی کورٹ نے شہری کاشف حسین کے مبینہ اغوا کے مقدمے میں سیکریٹری وزارت دفاع سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے ڈی جی ائیرپورٹ سیکیورٹی فورس کو معاملے کی انکوائری کے لیے افسر تعینات کرنے کی ہدایت کردی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے شہری کاشف حسین کے مبینہ اغوا کےیخلاف درخواست پر سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کردیا، جسٹس طارق محمود جہاںگیری نے تحریری حکمنامہ جاری کیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے سیکریٹری وزارت دفاع سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے ڈی جی ائیرپورٹ سیکیورٹی فورس کو معاملے کی انکوائری کے لیے افسر تعینات کرنے کی ہدایت کردی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ  نے کہا کہ انکوائری کے بعد ڈی جی ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس عدالت میں رپورٹ جمع کروائیں، سی سی ٹی وی کا جائزہ لیکر رپورٹ دیں کہ مبینہ مغوی ائیرپورٹ پر لینڈ کرنے کے بعد روانہ ہوا یاکسی دوسری ایجنسی نے حراست میں لیا۔

عدالت  عالیہ نے کہا کہ وزارت دفاع اور ڈی جی ایئر پورٹ سیکورٹی فورس 10 دن میں رپورٹ جمع کروائیں۔

حکم کے مطابق عدالتی حکم ایف آئی اے نے رپورٹ عدالت میں جمع کروا دی، جس میں ایف آئی اے نے کہا کہ شہری کاشف حسین نے عراق سے اوور سٹے کے بعد ایمرجنسی پاسپورٹ پر اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر لینڈ کیا ، 30 دسمبر 2024 کو رات 12:34  پر کاشف حسین کی ایمیگریشن کی گئی، ابتدائی انکوائری کے بعد کاشف حسین کو ایف آئی اے کاؤنٹر سے جانے کی اجازت دے دی گئی۔

عدالت  میں جمع رپورٹ کے مطابق کاشف حسین ایف آئی اے کی حراست میں نہیں نہ ہی حراست درکار ہے، ایف آئی اے نے ایمیگریشن کرنے کے بعد جانے کی اجازت دے دی تھی۔

کیس کی سماعت 16 جنوری تک ملتوی، شہری کاشف کی اہلیہ نے شوہر کی بازیابی کے لیے عدالت سے رجوع کر رکھا ہے۔

لارڈز میں عظیم مقابلہ: آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل میں آمنے سامنے

جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا تیسری ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل میں مقابلہ کریں گے، بعد ازاں آسٹریلیا نے سڈنی میں بھارت کو شکست دے کر بارڈر گاواسکر ٹرافی میں 3-1 سے سیریز جیت لی۔ یہ میچ جون 11 سے 15 تک لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔

آسٹریلیا کے پاس اس موجودہ سائیکل میں دو مزید میچ باقی ہیں – اس ماہ کے آخر میں سری لنکا کے خلاف سری لنکا میں۔ لیکن یہاں تک کہ اگر وہ وہاں 0-2 سے ہار بھی جائیں تو بھارت یا سری لنکا میں سے کسی کے لیے بھی آسٹریلیا کو WTC ٹیبل پر ٹاپ ٹو سے باہر کرنا ممکن نہیں ہوگا۔ ریکارڈ کے طور پر، اگر سری لنکا دونوں ٹیسٹ میچز 2-0 سے جیتتے ہیں، تو وہ 53.85 فیصد پوائنٹس کے ساتھ اختتام پزیر ہوں گے، جب کہ آسٹریلیا، جو اس وقت 63.73 فیصد پر ہے، 57.02 فیصد پر اختتام پزیر ہوگا۔ بھارت، جنہیں سڈنی میں جیت کی ضرورت تھی تاکہ وہ مقابلے میں رہ سکیں، نے اس سائیکل کو 50 فیصد پر ختم کیا۔ آسٹریلیا کا mathematically ہارنے کا واحد طریقہ یہ ہے کہ وہ سری لنکا میں دو میچز میں آٹھ پنلٹی پوائنٹس دیں، جو تقریباً ناممکن ہے۔

ملیر ایکسپریس وے کا افتتاح کب ہوگا؟، وزیراعلیٰ سندھ نے بتادیا

وزیراعلیٰ سندھ نے ملیر ایکسپریس وے کا پہلا حصہ بہت جلد عوام کیلئے کھولنے کا عندیہ دے دیا۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت ملیر ایکسپریس وے کی پیشرفت سے متعلق اجلاس ہوا جس میں وزیر بلدیات سعید غنی، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، معاون خاص قاسم نوید، کمشنر کراچی حسن نقوی، ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو ودیگر شریک ہوئے۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ ملیر ایکسپریس وے کا 9 کلومیٹر کا پہلا حصہ مکمل ہے، مراد علی شاہ نے کہا کہ پہلا سیگمنٹ 11 یا 12 جنوری کو عوام کیلئے کھولنا چاہتا ہوں۔

مراد علی شاہ نے قائد آباد انٹرسیکشن بھی 2 ماہ میں مکمل کرنے اور شاہ فیصل انٹر سیکشن تا ایئرپورٹ روڈ کو بہتر کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ ملیر ایکسپریس وے پر کار کیلئے 100 اور بس کیلئے 200 روپے ٹول ٹیکس ہوگا، ٹول پر 18 بوتھ بنائے گئے ہیں، ملیر ایکسپریس وے پر 7 تا 8 پولیس موبائل پیٹرولنگ کرتی رہیں گی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ملیر ایکسپریس وے پر کار پیٹرولنگ اور آٹومیٹک ٹول لگانے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ ملیر ایکسپریس وے پانچ پولیس تھانوں کی حدود میں آئے گا، وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت دی کہ تمام پولیس تھانے ملیر ایکسپریس وے کی سکیورٹی کو یقینی بنائیں، ملیر ایکسپریس وے پر ایک ایمبولینس اور فائر برگیڈ بھی ہنگامی حالت کے لیے موجود ہو، فوری طور پر ریسکیو 1122 کی ایمبولینس کا بندوبست کریں۔

دبئی کا نیا ائیرپورٹ: مستقبل کی تعمیرات کا نیا افق

دبئی نے 35 ارب ڈالر کے منصوبے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت اس کے دوسرے سب سے بڑے ہوائی اڈے، المکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ، کو دنیا کا سب سے بڑا ہوائی اڈا بنایا جائے گا۔ یہ وسیع منصوبہ دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو پیچھے چھوڑنے اور آخرکار اس کی جگہ لے لے گا، جو اس وقت دنیا کا سب سے مصروف ہوائی اڈا ہے اور گزشتہ ایک دہائی سے بین الاقوامی ٹریفک میں سب سے آگے ہے۔

دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے 28 اپریل کو ایک بیان میں کہا: “ہم مستقبل کی نسلوں کے لیے ایک نیا منصوبہ بنا رہے ہیں، تاکہ آنے والی نسلوں کے لیے مسلسل اور مستحکم ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔ دبئی دنیا کا ہوائی اڈا، اس کا پورٹ، اس کا شہری مرکز اور اس کا نیا عالمی مرکز بنے گا۔”

یہ نیا المکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ دبئی کو متوقع مسافروں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو پورا کرنے میں مدد دے گا اور سعودی عرب سے بڑھتی ہوئی مسابقت کا مقابلہ کرنے میں دبئی کی معاونت کرے گا۔

اس ایئرپورٹ کی توسیع، جسے دبئی ورلڈ سینٹرل بھی کہا جاتا ہے، 27 مربع میل سے زیادہ رقبے پر پھیلی ہوگی اور اس میں پانچ متوازی رن ویز ہوں گے۔ اس کے چار ٹرمینلز 400 گیٹس تک کی سہولت فراہم کریں گے، جس سے یہ ہوائی اڈا سالانہ 260 ملین مسافروں اور 13 ملین ٹن سے زیادہ مال برداری کو سنبھالنے کے قابل ہوگا۔

گزشتہ سال دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے 87 ملین مسافر اور 1.81 ملین ٹن مال گزرا تھا۔ المکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی توسیع کے پہلے مرحلے کی تکمیل کے بعد 2034 تک یہ ایئرپورٹ سالانہ 150 ملین مسافروں کو سنبھالنے کی صلاحیت رکھے گا۔

جیسے جیسے منصوبہ مکمل ہوگا، دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تمام آپریشنز المکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ میں منتقل کر دی جائیں گی۔ ایمریٹس ایئرلائنس، جو اس وقت دبئی انٹرنیشنل پر واقع ہے، 2034 تک المکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ منتقل ہونے کا منصوبہ ہے۔

پنجاب کے ضلعی اسپتالوں میں ایم آر آئی سروسز کا اجرا

پنجاب کے ضلعی اسپتالوں میں آؤٹ سورسنگ ماڈل پر ایم آر آئی سروسز کی فراہمی کا منصوبہ شروع کردیا گیا۔

منتخب اضلاع میں سروس ڈلیوری بہتر بنانے کے لئے آؤٹ سورس ایم آر آئی سروسز متعارف کرائی جائیں گی۔

شیخوپورہ اور بہاولنگر میں ایم آر آئی اسکیننگ سروسز کیلئے ایم او یو پر دستخط کردیے گئے ہیں، دونوں اضلاع میں ایم آر آئی اسکیننگ سروسز پر 39 کروڑ  92 لاکھ روپے لاگت آئے گی۔

شیخوپورہ کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال میں ایم آر آئی کی انسٹالیشن مکمل ہوگئی ہے جبکہ بہاولنگر کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال میں ایم آر آئی مشین جلد نصب کردی جائے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ آؤٹ سورسنگ ماڈل کے تحت مختلف اضلاع میں ایم آر آئی کی معیاری سہولت مہیا ہوگی جس کی بدولت پیچیدہ امراض کی جلد تشخیص ممکن ہوسکے گی۔

منی لانڈرنگ ، غیر قانونی ٹرانزکشن کیس: فریال تالپور کی حاضری استثنی کی درخواست منظور

اسپیشل جج بینکنگ کورٹ نے منی لانڈرنگ اور غیر قانونی ٹرانزکشن کے مقدمے میں فریال تالپور کی استثنی کی درخواست منظور کرلی۔

کراچی میں اسپیشل بینکنگ عدالت کے روبرو منی لانڈرنگ اور غیر قانونی ٹرانزکشن کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔

اومنی گروپ کے انورمجید، عبد الغنی مجید، حسین لوائی و دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔

پیپلز پارٹی رہنما فریال تالپور عدالت میں پیش نہیں ہوئیں، فریال تالپور کی حضری سے استثنی کی درخواست دائر کی گئی۔

درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ فریال تالپور کی طبعیت ناساز ہے، حاضری سے استثنی دیا جائے۔

عدالت نے فریال تالپور کی استثنی کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

محکمہ اعلیٰ تعلیم کے پی کا جامعات اور کالجز میں نیا نظام متعارف کرنے کا فیصلہ

محکمہ اعلیٰ تعلیم خیبر پختونخوا نے تمام جامعات اور کالجز میں رینکنگ نظام متعارف کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم میناخان آفریدی کے زیر صدارت رینکنگ بارے اہم اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزیر کو یونیورسٹیوں اور کالجز میں رینکنگ سسٹم پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں جامعات اور کالجز کے رینکنگ کرائیٹیریا کے بارے میں تفصیل سے بتایا گیا۔

صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم میناخان آفریدی نے کہا کہ رینکنگ نظام کا بنیادی مقصد اسٹوڈنٹس کو کوالٹی ایجوکیشن کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنا ہے، یونیورسٹیوں اور کالجز میں رینکنگ نظام سے تعلیم میں ضرور بہتری آئے گی۔ نظام تعلیم میں بہتری لانے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے۔

صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ جامعات کی پچھلے 3 سالوں کا ڈیٹا اکٹھا کرکے کارکردگی کی بنیاد پر رینکنگ کریں۔

تل کے بیجوں کی برآمدات میں 366 فیصد اضافہ، پاکستان دنیا کا تیسرا بڑا برآمد کنندہ بن گیا

ایس آئی ایف سی کی سہولت کاری سے تل کے بیجوں کی برآمدات میں 366 فیصد اضافے سے پاکستان دنیا کا تیسرا بڑا برآمد کنندہ بن گیا۔

تل کے بیجوں کی سالانہ برآمدات 1 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئیں جس کے سبب پاکستان کا زرعی شعبہ مستحکم ہو رہا ہے۔ تل کے بیجوں کی برآمدات میں اضافہ پاکستان کی معیشت کو مستحکم اور درآمدات کم کرنے میں معاون ہے۔

اس کے ساتھ، تل کے بیجوں کی پیداوار 455 فیصد اضافے کے ساتھ سالانہ 1.119 ملین ٹن تک پہنچ گئی ہے۔

وفاقی وزیر برا ئے نیشنل فوڈ سیکیورٹی رانا تنویر حسین کا کہنا ہے کہ تلوں کی پیداوار نے پاکستان کی معیشت کو نئی رفتار دی ہے۔

تلوں کی پروسیسنگ ٹیکنالوجیز میں بہتری سے مصنوعات کی معیاری پیداوار میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

ایس آئی ایف سی کے تعاون سے پاکستانی تل کے بیجوں کی عالمی سطح پر تشہیر کے لیے وزارتِ تجارت کا فعال کردار رہا۔ حکومت تلوں کی پیداوار اور مارکیٹ تک رسائی میں مزید اضافے کے لیے پرعزم ہے۔

ڈی چوک احتجاج: 250 ملزمان کی ضمانت درخواستوں پر سماعت 9 جنوری تک ملتوی

انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے 26 نومبر کو ڈی چوک پر احتجاج کے مقدمات میں 250 ملزمان کی بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 9 جنوری تک ملتوی کردی۔

انسدادِ دہشت گردی عدالت کے ڈیوٹی جج طاہر عباس سپرا نے سماعت کی جس میں ملزمان کے وکلاء انصر کیانی، سردار مصروف، آمنہ علی، فتح اللہ برکی و دیگر پیش ہوئے۔

عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ ان مقدمات میں متعدد ملزمان کی ضمانتیں ہو چکی کچھ کی خارج ہوئی ہیں، بیمار ملزمان اور بچوں کی ضمانتیں منظور کی ہیں۔

عدالت نے کہا کہ یہ تمام درخواستیں کل کیلئے رکھ لیتے ہیں کل جج صاحب آجائیں گے، پراسیکیوٹر نے استدعا کی کہ ان درخواستوں میں جمعہ یا ہفتہ کی تاریخ دے دیں، عدالت نے کیس کی سماعت 9 جنوری تک ملتوی کردی۔

پی ٹی آئی کے 250 سے زائد کارکنان کیخلاف تھانہ کوہسار، کراچی کمپنی اور سیکریٹریٹ میں دو، دو مقدمات، تھانہ مارگلہ، ترنول، رمنا میں ایک، ایک مقدمہ درج ہے۔

ملک آئین کے مطابق چلایا جائے، وفاقی حکومت کو اتحادیوں سے مشاورت کرنی چاہیے، آغا سراج درانی

سابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کو اتحادیوں سے مشاورت کرنا چاہیئے، دریائے سندھ نے نئی نہروں کے قیام کی مخالفت کرتے ہیں، سندھ کے ساتھ زیادتی ہوئی تو ایک ایک سندھی باہر آئے گا۔

احتساب عدالت میں سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آغا سراج درانی نے کہا کہ جو متعلقہ جج تھیں، وہ ریٹائرڈ ہوچکی ہیں، ہماری درخواست پر فیصلہ نہیں ہوسکا، جو نئے جج آئیں گے وہ فیصلہ کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ 30 برسوں سے میڈیا ٹرائل چل رہا ہے، ہر بار مقدمات میں باعزت بری ہوئے ہیں، ہم ہمیشہ مقدمات کا سامنا کرتے ہیں، سیاسی بنیادوں پر مقدمات کا سلسلہ اب ختم ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی مزاحمت کرتی ہے جس کی وجہ سے ہمارے خلاف مقدمات درج ہوتے ہیں، پارٹی قیادت نے یہی سکھایا ہے کہ مقدمات کا سامنا کریں، کیس چلتا ہے تو جھوٹ اور سچ سب سامنے آجاتا ہے۔

آغا سراج درانی نے کہا کہ وفاقی حکومت کو اتحادیوں سے مشاورت کرنا چاہیے، آصف زرداری نے پارلیمنٹ کو بااختیار بنایا۔

انہوں نے کہا کہ دریائے سندھ نے نئی نہروں کے قیام کی مخالفت کرتے ہیں، سندھ کے ساتھ زیادتی ہوئی تو ایک ایک سندھی باہر آئے گا، چاہتے ہیں ملک آئین کے مطابق چلے، صوبے میں رہنے والے تمام طلبا کے برابر حقوق ہیں۔

قبل ازیں احتساب عدالت کے روبرو سابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی و دیگر کیخلاف آمدن سے شاید اثاثہ جات کے ریفرنس کی سماعت ہوئی۔

متعلقہ جج کی رخصت کے باعث سماعت لنک عدالت میں ہوئی، لنک جج نے ریمارکس دیے کہ عدالت عالیہ نیا جج تعینات کرے یا دوبارہ سماعت کی ہدایت دی جائے۔

عدالت نے ریفرنس کی سماعت بغیر کسی کارروائی 13 فروری تک ملتوی کردی۔

آغا سراج درانی و دیگر نے احتساب عدالت کے دائرہ اختیار کیخلاف درخواست دائر کر رکھی ہے۔