All posts by Khabrain News

ثانیہ سعید نے لب کھول دئیے شوہر سے علیحدگی کی تصدیق ؟

پاکستان شوبز کی معروف سینئر اداکارہ ثانیہ سعید نے پہلی بار اپنی نجی زندگی سے متعلق انکشافات کیے ہیں۔

ثانیہ سعید حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شریک ہوئیں جہاں انہوں نے انکشاف کیا کہ ان کی شوہر سے علیحدگی ہو چکی ہے۔ اداکارہ کے مطابق یہ فیصلہ باہمی رضا مندی سے اور خوشگوار ماحول میں کیا گیا تھا۔

اداکارہ نے مزید بتایا کہ ان کی ازدواجی زندگی سے کوئی اولاد نہیں ہے اور انہیں اپنی زندگی میں ان مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑا جو اکثر خواتین کو کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے خود کو خوش نصیب قرار دیا کہ انکی علیحدگی بھی باعزت اور سکون سے ہوئی۔

یاد رہے کہ ثانیہ سعید کی شادی معروف ہدایتکار شاہد شفاعت سے ہوئی تھی، جنہوں نے ڈرامہ “دنیا پور” سمیت کئی کامیاب منصوبوں کی ہدایت کاری کی ہے۔ دونوں فنکاروں کا تھیٹر سے پرانا تعلق رہا ہے اور وہ بچپن سے ایک دوسرے کو جانتے تھے۔

ثانیہ سعید اور شاہد سفاعت کی شادی کا رشتہ طویل عرصے تک میڈیا کی نظروں سے دور رہا، تاہم ثانیہ نے اب طلاق کی باقاعدہ تصدیق کر دی ہے۔

سندھ طاس معاہدے کی معطلی پر سلامتی کونسل کے تحفظات، مسئلہ کشمیر کے حل پر زور

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے بند کمرہ اجلاس میں بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے حل پر زور دیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کی درخواست پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا بھارت، پاکستان مسئلے پر بند کمرہ اجلاس ہوا جس میں خطے کی بگڑتی ہوئی صورت حال، بڑھتی ہوئی کشیدگی اور بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق سلامتی کونسل کے ارکان نے کشیدگی کو کم کرنے، فوجی محاذ آرائی، تنازعات سے بچنے اور مسائل کو پرامن طریقے سے حل کرنے کے لیے بات چیت اور سفارت کاری پر زور دیا۔

ترجمان نے بتایا کہ اجلاس میں پاکستانی مندوب عاصم افتخار کی جانب سے بھارت کے 23 اپریل کے غیرقانونی اقدامات پ روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ امن کے لیے مکالمہ اور عالمی قانون کا احترام ضروری ہے لیکن بھارت کا رویہ ان دونوں سے عاری ہے۔

اجلاس میں پاکستانی مندوب نے کہا کہ کشمیر کی عوام کو انصاف چاہیے، پاکستان اپنے حقوق پر کسی دھمکی کو قبول نہیں کرے گا۔ انہوں نے بھارت کی ممکنہ عسکری کارروائی کا خدشہ بھی ظاہر کیا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنا ایک خطرناک اقدام ہے، جو علاقائی امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ بن سکتا ہے۔

ترجمان نے واضح کیا کہ دریاؤں کا بہاؤ روکنا یا اس کا رخ موڑنا دراصل جنگ کے مترادف ہوگا۔

ترجمان نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ارکان نے بھی اس بھارتی اقدام پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ پاکستان نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور سلامتی کونسل سے ثالثی کی درخواست کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ فوری طور پر سنجیدگی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرے تاکہ خطے میں پانی کے مسائل پر امن حل تلاش کیا جا سکے۔

سینئر صحافی جان محمد مہر کے قتل میں مطلوب ملزم بیٹے سمیت ڈرون حملے میں ہلاک

سندھ کے ضلع شکارپور میں سینئر صحافی جان محمد مہر کے قتل میں مطلوب ملزم شیر علی عرف شیر و بیٹے سمیت پولیس کارروائی میں مارا گیا۔

رپورٹ کے مطابق شکارپور پولیس نے چک کے کچے میں ڈرون حملہ کیا جس کے نتیجے میں شیرو بیٹے سمیت مارا گیا۔

شکارپور پولیس نے  کہا کہ اس نے خفیہ اطلاعات پر کارروائی کی جس میں کامیابی نصیب ہوئی۔

گزشتہ برس سینیئر صحافی جان محمد مہر کو سکھر کے علاقے میں شیرو مہر نے گھات لگا کر فائرنگ کر کے قتل کیا تھا۔

سونا عوام کی پہنچ سے مزید دور، نرخ میں مسلسل دوسرے روز کئی ہزار کا اضافہ

عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں آج بھی بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 61ڈالر کے اضافے سے 3ہزار 377ڈالر کی سطح پر آگئی۔

بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت مزید 61ڈالر کے اضافے سے 3ہزار 377ڈالر کی سطح پر آنے سے مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی منگل کو 24 قیراط کے حامل فی تولہ سونے کی قیمت بھی 6ہزار 100روپے کے اضافے سے 3لاکھ 56ہزار 100روپے کی سطح پر آگئی۔

اس کے علاوہ اور فی دس گرام سونے کی قیمت 5ہزار 232روپے بڑھ کر 3لاکھ 5ہزار 300روپے کی سطح پر آگئی ہے۔

اسی طرح فی تولہ چاندی کی قیمت 57روپے کے اضافے سے 3482روپے اور دس گرام چاندی کی قیمت بھی 22 روپے کے اضافے سے 2985روپے کی سطح پر آگئی۔

بھارت دہشتگرد ملک ہے، ڈائیلاگ یا تباہی کا چناؤ کرے: بلاول

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھارت دہشت گرد ملک ہے۔ اسے حالیہ صورت حال میں ڈائیلاگ یا تباہی میں سے ایک راستہ چننا ہوگا۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے چیئرمین پی پی اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان نے بھارت سمیت  دنیا پر واضح کردیا  ہے کہ پہلگام واقعے کا پاکستان سے کوئی تعلق نہیں۔  بھارت اپنی نااہلی کا ذمے  دار پاکستان کو ٹھہرا رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم نے سر جھکا کر رہنا نہیں سیکھا ۔ پاکستان جدوجہد سے قائم ہوا اور پاکستانی قوم کی جدوجہد جاری رہے گی۔ مقبوضہ کشمیر میں  خون کی ہولی کھیلی جا رہی ہے۔ بھارت کی کشمیر میں ریاستی دہشتگردی عروج پر ہے ۔ بھارت کو کشمیریوں پر مظالم بند کرنا پڑیں گے ۔

چیئرمین پی پی نے کہا کہ بھارت نے پہلگام واقعے پر پاکستان پر الزام لگائے اور دھمکیاں دیں ۔ دنیا کو بتانا چاہتا ہوں کہ پاکستان کا پہلگام واقعے میں کوئی ہاتھ نہیں ۔ پاکستان سب سے زیادہ دہشتگردی سے متاثر ہے۔  پاکستان نے ہمیشہ ہر قسم کی دہشتگردی کی مذمت کی  ہے۔ پاکستان تو خود دہشتگردی کا شکار ہے ۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ثابت کیا ہے کہ بھارت دہشتگرد ملک ہے ۔ پاکستان نے بھارت کی جانب سے  دہشتگردی کے ثبوت دنیا کے سامنے  رکھے  ہیں۔ بھارت کے ہاتھ سری لنکا اور کینیڈا میں دہشتگردی سے رنگےہیں ۔ بھارتی حکومت غیر ذمے داری کا مظاہرہ کررہی ہے۔

قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بہادر جوان ملک کے دفاع کے لیے سرحدوں پر موجود ہیں۔ بھارت کو یہ یاد رکھنا چاہیے پاکستانی قوم کسی کے سامنے جھکنے والی نہیں۔ بھارت کو ڈائیلاگ اور تباہی میں سے کوئی ایک راستہ چننا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ  پاکستان کی افواج تیار ہیں ۔ بھارت نے کوئی حماقت کی تو قوم کی مدد سے ہماری افواج سخت جواب دیں گی ۔ بھارت اپنی نااہلی کا ملبہ پاکستان پر ڈالنا چاہتا ہے۔ بھارت سُن لے، ہم سندھی پنجابی پٹھان بلوچ کشمیری بعد میں ہیں، ہم پہلے پاکستانی ہیں ۔ ہم ایک دل، ایک ذہن اور ایک مکے سے جواب دیں گے ۔

چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ بھارت جنگ پر تُلا ہے تو جان لے ہم بھی تیار ہیں۔ بھارت کا سندھ طاس معاہدہ معطل کرنا انسانیت کیخلاف جرم ہے۔آج پوری قوم متحد ہوکر بھارت کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔پاکستان کی ہر نسل جنگ کے مراحل سے گزر رہی ہے  اور پاکستان کی مسلح افواج ہر قسم کی جارحیت کا مکمل جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔

ربادا کی واپسی ڈوپنگ کیس ختم، ربادا کو کھیلنے کی اجازت

جنوبی افریقی فاسٹ بولر کاگیسو ربادا کو ڈوپنگ پر ایک ماہ پابندی کے بعد فوری طور پر دوبارہ کرکٹ کھیلنے کی اجازت مل گئی۔

 ربادا کا جنوری میں ایس اے 20 کے دوران منشیات  کے استعمال کی وجہ سے ڈوپ ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس پر انہیں یکم اپریل کو اس وقت معطل کیا گیا جب وہ گجرات ٹائٹنز کی جانب سے آئی پی ایل کھیل رہے تھے۔

 3 اپریل کو وہ وطن واپس لوٹ گئے تھے، ان کی پابندی کی مدت 3 ماہ سے کم کرکے ایک ماہ کی گئی جو اب مکمل ہوچکی ہے، اس وجہ سے انھیں فوری طور پر کرکٹ کھیلنے کی اجازت مل گئی۔

کاگیسو ربادا منگل کو گجرات کی جانب سے ممبئی انڈینز کے خلاف میچ کیلیے دستیاب ہوں گے۔ جنوبی افریقہ کے  ڈرگ فری اسپورٹس بورڈ کی جانب سے اعلامیے میں کہا گیا کہ ایک ماہ پابندی کے دوران ربادا نے ممنوعہ اجزا سے دور رہنے سے متعلق آگاہی اور اصلاحی پروگرامز میں بھی حصہ لیا۔

وزیر خزانہ سرمایہ کاری کیلیے لندن روانہ

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب برطانوی حکام، سرمایہ کاروں، مالیاتی اداروں، سرمایہ کار بینکوں، کاروباری فرموں اور اداروں سے ملاقات کے لیے لندن روانہ ہوگئے۔

وزیر خزانہ دورے کے دوران مختلف سرمایہ کاری فورمز اور سیمنارز سے خطاب کے دوران ملک کے معاشی منظر نامے کو واضح کریں گے۔

وزارت خزانہ کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب تین روزہ دورہ کے دوران جیفریز کے زیر اہتمام ’’پاکستان تک رسائی کے دن‘‘ کے عنوان سے سرمایہ کاری گول میز مذاکرے میں شرکت کریں گے

وزیر خزانہ یو کے ٹیک انویسٹرز کے ساتھ ’’پاکستان میں اے آئی، کان کنی اور ہیلتھ کئیر سمیت دیگر شعبوں میں حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیاں‘‘ کے موضوع پر گول میز مذاکرے میں بھی شریک ہوں گے۔ ان دونوں مذاکروں میں وزیر خزانہ کے ساتھ وزیر اعظم کے مشیر برائے سرمایہ کاری محمد علی بھی شریک ہوں گے۔

وزیر خزانہ دورہ کے دوران برطانیہ کے ہِز میجسٹی ٹریڑری ڈیپارٹمنٹ کا دورہ کریں گے اور ٹریڑری فنانشل سیکریٹری لارڈ لیورمور اور ان کے رفقا سے ملاقات کریں گے۔ وزیر خزانہ فارن کامن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس کا دورہ کریں گے اور برطانیہ کے پارلیمانی انڈر سیکریٹری آف اسٹیٹ برائے مشرق وسطیٰ، افغانستان اور پاکستان ہمیش نکلس فالکنر اور اعلیٰ حکام سے ملیں گے۔

اسکے علاوہ، وزیر خزانہ برطانیہ کے آفس فار بجٹ ریسپانسبلٹی کا دورہ کریں گے اور چیئر رچرڈ ہیوز اور ان کی سینئیر ٹیم سے ملاقات کریں گے۔ وزیر خزانہ بینک آف انگلینڈ کے مرکزی دفاتر کا دورہ کریں گے اور گورنر اینڈریو بیلی اور ان کی ٹیم سے ملیں گے۔

دورے کے دوران ڈوئچے بینک اور اسٹینڈر چارٹرڈ بینک کے سی ای اوز سے بھی ملاقاتیں ہوں گی۔ وزیر خزانہ برطانیہ کی گورنمنٹ کمیونی کیشن سروس کے سی ای او سائمن باوٴ اور رفقا سے بھی ملیں گے جبکہ وزیر خزانہ کارگل گلوبنگ ٹریڈنگ یو کے کے ہیڈ مارکس ہال اور برٹش امریکن ٹوبیکو کے حکام سے بھی ملیں گے۔

وزیر خزانہ، مشیر برائے سرمایہ کاری محمد علی کے ہمراہ پاکستان ہائی کمیشن کے زیر اہتمام مقامی سرمایہ کاروں اور کاروباری افراد کے ساتھ عشائیے میں بھی شریک ہوں گے۔ وزیر خزانہ منتخب بین الاقوامی اور برطانوی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے سوال و جواب کی نشستوں میں بھی شریک ہوں گے۔

پاکستانی حدود بندش، بھارتی ایئرلائنز کو اربوں کا نقصان

پاکستان کی جانب سے بھارتی پروازوں کے لیے فضائی حدود کی بندش آج تیرہویں روز بھی برقرار ہے، جس کے سبب بھارتی ایئرلائنز کو اب تک اربوں روپے کا نقصان ہو چکا ہے۔

گزشتہ 12 روز کے دوران بھارتی ایئرلائنز کی 1350 سے زائد پروازیں متاثر ہوئی ہیں اور رپورٹس کے مطابق بھارتی ایئرلائنز کو اب تک 275 کروڑ بھارتی روپے سے زائد کا نقصان ہو چکا ہے۔

ایئرانڈیا، آکاسا ایئر، اسپائس جیٹ، انڈیگو ایئر اور ائیر انڈیا ایکسپریس کی کئی پروازیں اس بندش سے متاثر ہو چکی ہیں۔ پاکستان کی فضائی حدود بند ہونے کے باعث بھارتی طیاروں کو آدھے بھارت سے ہو کر بحیرہ عرب کے ذریعے پرواز کرنا پڑ رہا ہے۔

ان طویل راستوں کی وجہ سے بھارتی ایئرلائنز کے فیول اور دیگر آپریشنل اخراجات میں دُگنا اضافہ ہوا ہے۔ اس کے علاوہ انڈیگو ایئر کی تاشقند اور الماتی کے لیے پروازیں بند ہیں اور تاحال بحال نہیں ہو سکی ہیں۔

اسی طرح امرتسر، دہلی، ممبئی، احمد آباد اور بنگلور سمیت مختلف شہروں سے روانہ ہونے والی بھارتی ایئرلائنز کو روزانہ کروڑوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔ ساتھ ہی امریکا، یورپ اور برطانیہ جانے والی بھارتی پروازوں کو متبادل روٹس سے بھیجنے پر مزید اخراجات برداشت کرنا پڑ رہے ہیں۔

امریکی روٹس پر عملے کی تبدیلی کے باعث بھارتی ایئرلائنز کو یورپ میں اضافی انتظامات کرنا پڑ رہے ہیں۔ کئی پروازوں کی لینڈنگ اور ری فیولنگ سے ایئرپورٹ چارجز کی مد میں بھی یومیہ کروڑوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔

اس پوری صورت حال میں مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ کئی افراد کو اب تک اپنی ہی ایئرلائنز سے ریفنڈ تک نہیں مل سکا جب کہ دہلی، ممبئی، امرتسر اور احمد آباد سے امریکا، برطانیہ اور یورپ جانے والی پروازوں کا دورانیہ اب 4 سے 10 گھنٹے بڑھ چکا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان نے 23 اپریل کو بھارتی طیاروں کے لیے فضائی حدود ایک ماہ کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا، جو 23 مئی تک مؤثر ہے۔

قومی اسمبلی اجلاس “بھارتی جارحیت پر ایوان یک زبان، منہ توڑ جواب دینے کا عزم”

قومی اسمبلی کے اجلاس میں بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے پورا ایوان یک زبان ہوگیا۔

اسپیکر سردار ایاز صادق کی صدارت میں قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا، جس میں اظہار خیال کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر گوہر نے کہا کہ انڈیا اور پاکستان دونوں ہمسایے ہیں، بار بار جنگ کی بات نہ کریں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کئی جنگیں ہوئیں لیکن انڈس واٹر ٹریٹی کے خلاف کچھ نہیں ہوا ۔ اس دفعہ پہلی بار مودی نے معاہدہ ختم کیا ۔ پاکستان اس معاملے کو عالمی عدالت انصاف میں لے جائے۔ بھارت نے کوئی مس ایڈونچر کیا تو پاکستان سخت ترین جواب دے گا ۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا تھا پاکستان سوچے گا نہیں جواب دے گا۔ مودی کے انڈیا اور عام سیکولر انڈیا میں فرق ہے ۔ مودی کا انڈیا مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے قتل عام پر خوش ہے ۔ بھارت کو پتا ہونا چاہیے کہ یہ غزہ طرز کی جنگ نہیں ہوگی ۔ پاک بھارت جنگ ہوئی تو بہت آگے تک جائے گی ۔

پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان کا پانی کسی صورت نہیں روک سکے گا ۔ مودی کے الزامات کو ہم مسترد کرتے ہیں ۔ دہشتگردی ہماری طرف بھی ہے۔ بھارت نے جعفر ٹرین حملے کی مذمت تک نہیں  کی  جب کہ ہم نے پلواما سے لے کر پہلگام تک ہر واقعے کی مذمت کی۔

پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی سحر کامران کا کہنا تھا کہ آج شہید ذوالفقار علی بھٹو یاد آرہے ہیں جنہوں نے جان دے کر ایٹم بم بنایا ۔ آج بھارت ایٹم بم کی وجہ سے پاکستان کی طرف نہیں بڑھ پا رہا ہے ۔ آج پاکستان کی ایٹمی و میزائل ٹیکنالوجی کے سائنس دانوں کو بھی سلام پیش کرتے ہیں۔ ہم پاکستان کے لیے جان دینے کو تیار ہیں۔

ایم کیو ایم کے رکن اسمبلی فاروق ستار  نے اپنے خطاب میں کہا کہ مودی کا بیانیہ زمیں بوس ہورہا ہے ۔ دنیا اب جاگ رہی ہے ۔ مودی جیسا مائنڈ سیٹ ہی تھا، جس نے پاکستان بننے کی راہ ہموار کی ۔ بھارت کا اپنا انٹیلیجنس ناکام ہے۔ اب تک کوئی سراغ، کوئی ثبوت نہیں مل سکا ۔ صرف پاکستان فوبیا ہے جو مودی کے سر پر سوار ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے بنگالی بھائیوں نے مودی کے آلہ کار کو اٹھا کر پھینک دیا۔ تمہارا اپنی ہی ایجنٹ کو پناہ دینا تمہاری سفارتی ناکامی ہے۔ سکھوں کو مارنے کی وجہ سے کینیڈا کی حکومت اور عوام کا احتجاج جاری ہے ۔ تمہارے خواب ایک ایک کرکے چکنا چور ہوگئے ہیں ۔ ہمارے ایک بیٹے نے تمہارے جہاز کو گراکر ابھینندن کو چائے پلا کر واپس بھیجا ۔

فاروق ستار نے کہا کہ اگر شوق ہے تو آئیں پھر پاکستان کو آزمائیں ۔ اس مرتبہ انڈین ایئر فورس کا پورا سکوارڈن اتاریں گے۔ اس دفعہ چائے کی پیالی کے بجائے ڈرم بھیجیں گے کیوں کہ مودی کا آبائی پیشہ بھی چائے کا تھا ۔ اس دفعہ تمہیں تمہاری حیثیت یاد دلا دیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج کا سب سے بڑا سچ تو یہ ہے کہ مودی بہت بڑی غلطی کر بیٹھا ہے ۔ آج پوری دنیا بھارتی مؤقف کو غلط اور پاکستان کے مؤقف کو درست قرار دے رہی ہے۔ پوری دنیا امن اور بات چیت چاہتی ہے  جب کہ بھارت جنگ چاہتا ہے ۔ ہم جنگ نہیں چاہتے لیکن اگر بھارت جنگ چاہتا ہے  تو پھر جنگ ہی سہی۔

فاروق ستار نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم مسلح افواج کے ساتھ ہے۔بھارت غیر جانبدارانہ تحقیقات سے کیوں بھاگ رہا ہے ؟ سندھ طاس معاہدہ معطل کرکے مودی عالمی قوانین کی خلاف ورزی کررہا ہے ۔ بھارت نے عالمی برادری کے خلاف جنگ شروع کردی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ تم نے اپنے سیکولرازم کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی ہے۔

اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ  وزیر اعظم سمیت وزرا کی 22 سیٹیں خالی ہیں۔ یہ حکومت کی سنجیدگی ہے۔ پی پی پی کی قیادت موجود ہے، اپوزیشن موجود ہے  مگر مسلم لیگ ن ایوان سے غائب ہے۔ حکومتی رویے سے لگتا ہے کہ حکومت سرنڈر کرچکی ہے ۔ مسلم لیگ ن بھاگنا چاہ رہی ہے۔

اعجاز الحق نے ایوان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی مشکل وقت آتاہے قوم اختلافات بھلا کر متحد ہو جاتی ہے۔ جو بات عمر ایوب خان نے کی اس سے اتفاق کرتا ہوں۔ حکومت تھوڑی سی ایوان پر توجہ دے، وزرا ایوان میں آئیں۔ مودی کے مائنڈ سیٹ نے آج تک پاکستان کو تسلیم نہیں کیا۔ بھارتی وزیراعظم نے گجرات میں ہولوکاسٹ کیا۔ وقت آئے گا جب پاکستان بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گا۔

بھارت بھر میں ایمرجنسی تیاریاں: شہری دفاع کی فرضی مشقوں کا آغاز

بھارتی حکومت نے ملک بھر کی تمام ریاستوں کو شہری دفاع کے تحت فرضی مشقیں شروع کرنے کا حکم دیا ہے، جن کا مقصد فضائی حملے کے خدشے کے پیش نظر عوام کو خبردار کرنا اور اہم تنصیبات کو محفوظ بنانا ہے۔

یہ فیصلہ وزیر اعظم نریندر مودی کی سیکریٹری دفاع راجیش کمار سنگھ سے ملاقات اور بعد ازاں قومی سلامتی کے مشیر اجیت دووال کی بریفنگ کے بعد سامنے آیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق یہ مشقیں 7 مئی سے 9 مئی تک جاری رہیں گی۔

ان مشقوں میں فضائی حملے کی وارننگ سسٹمز، سائرن بجانے، کریش بلیک آؤٹ، حساس عمارتوں کو اندھیرے میں چھپانے، انخلا کے منصوبے، اور عوام کی رہنمائی جیسے اقدامات شامل ہوں گے۔

سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ حالیہ پہلگام حملے کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے تناظر میں کیا گیا ہے۔ وزارت داخلہ کے تحت سول ڈیفنس کے چار لاکھ سے زائد رضاکار ان مشقوں میں حصہ لیں گے۔

پنجاب کے سرحدی ضلع فیروزپور میں بھارتی پولیس پہلے ہی 30 منٹ کی بلیک آؤٹ مشق کر چکی ہے، جس کے دوران مقامی رہائشیوں کو لائٹس بند رکھنے کی ہدایت دی گئی تھی۔

عہدیداروں کا کہنا ہے کہ کچھ ریاستیں اس قسم کی مشقوں کے لیے بہتر طور پر تیار ہیں، جبکہ دیگر کو رہنما ہدایات فراہم کی جائیں گی۔