All posts by Khabrain News

دفاعی نمائش: پاکستان اور چین میں دفاعی ساز و سامان کے معاہدے

کراچی: دفاعی نمائش کے دوران پاکستان اور چین کے مابین دفاعی ساز و سامان کے معاہدے ہوئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق آئیڈیاز 2024ء دفاعی نمائش ایکسپو سینٹر کراچی میں جاری ہے، جس کا  آج تیسرا دن ہے۔ اس دوران کئی بین الاقوامی کمپنیوں کے ساتھ معاہدے اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے جا چکے ہیں، اسی سلسلے میں پاکستان اور چین کے مابین دفاعی سازو سامان سے متعلق  بھی معاہدے ہوئے۔

مفاہمتی یاداشت پر دستخط چین کے مسٹر ڈنگ اور پاکستان  کے بریگیڈیئر ندیم احسن نے کیے۔ یہ معاہدہ پاکستانی کمپنی ہیوی انڈسٹریز ٹیکسیلا اور چینی کمپنی نورنکو کے مابین ہوا  ہے۔

اسی طرح دوسرا معاہدہ چناب انجینئرنگ ورکس اینڈ فاؤنڈریز کے ساتھ ہوا ۔ اس موقع پر مفاہمتی یاداشت پر دستخط پاکستان کے بریگیڈیئر ندیم احسن اور چناب کمپنی کے احمد حسن نے دستخط کیے۔

کراچی؛ لُنڈے کے کپڑوں کی آڑ میں کروڑوں مالیت کے کمپیوٹر اور دیگر اشیا برآمد

کراچی: لُنڈے کے کپڑوں کی آڑ میں کروڑوں روپے مالیت کے کمپیوٹر اور دیگر اشیا برآمد کرلی گئیں۔

پاکستان کسٹمز انفورسمنٹ کی انسداد اسمگلنگ مہم کے تحت ایک بڑی کارروائی  میں لُنڈے کے کپڑوں کی آڑ میں کمپیوٹرز، ایل سی ڈیز سگریٹس اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی گئی۔ حساس ادارے کی معلومات پر کے آئی سی ٹی سے نکلنے والے کنٹینر کو آرسی ڈی ہائی وے پر روک کر تلاشی لی گئی۔

ڈپٹی کلکٹر انفورسمنٹ رضا نقوی کے مطابق کنٹینر سے 2720کمپیوٹرز، 20200ایل سی ڈیز، غیرملکی 4لاکھ 40ہزار سگریٹوں کے ڈنڈے برآمد ہوئے۔ برآمد ہونے والے  سامان  کی مالیت 7کروڑ 88لاکھ روپے ہے۔

کارروائی کے بعد کسٹمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے اسمگل شدہ اشیا کو ضبط کرلیا گیا ہے، جسے کسٹمز اے ایس او گودام منتقل کرکے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔

پاسپورٹس کے فوری حصول کیلیے عازمین حج کو نئی سہولت مل گئی

ڈی جی پاسپورٹس کی جانب سے عازمین حج کے لیے خصوصی ڈیسک قائم کرنے کا اعلان کر دیا گیا جس کے تحت عازمین صرف 24 گھنٹے میں پاسپورٹس حاصل کر سکیں گے۔

ڈی جی پاسپورٹس مصطفیٰ جمال قاضی کے مطابق ہیڈ کوارٹرز سمیت تمام ریجنل دفاتر میں خصوصی ڈیسک قائم کیے جائیں گے اور یہ سہولت دنیا بھر میں قائم پاسپورٹ دفاتر میں بھی میسر آئے گی۔

ڈی جی پاسپورٹس کا کہنا تھا کہ خصوصی کاؤنٹرز پر عازمین حج کو ترجیحی بنیادوں پر ڈیل کیا جائے گا اور پاسپورٹس کی ڈلیوری 24 گھنٹوں میں یقینی بنائی جائے گی۔

واضح رہے کہ امسال سرکاری اسکیم کے تحت درخواست کے ساتھ 2 لاکھ روپے جمع کیے جارہے ہیں۔ قرعہ اندازی میں نام آنے پر 4 لاکھ، باقی رقم 10 فروری تک جمع کرانا ہوگی۔ سرکاری اسکیم کے لیے حج درخواستیں 3 دسمبر تک جمع کرائی جاسکتی ہیں۔ کوٹے سے زیادہ درخواستیں آنے پر ریگولر اسکیم کی قرعہ اندازی 6 دسمبر کو ہوگی۔

سرکاری کوٹے کی اسپانسرز شپ اسکیم پہلے آئیں پہلے پائیں کی بنیاد پر ہے۔ اسپانسرز شپ اسکیم کے لیے تمام رقم یکمشت ڈالروں میں جمع کرانا لازم ہے۔ گزشتہ برس حج درخواستیں کم آنے کے باعث درخواستیں جمع کروانے کے لیے 10 روز کی توسیع بھی دی گئی تھی۔

وفاق کا پی ٹی آئی احتجاج میں سرکاری مشینری کے استعمال کیخلاف کے پی حکومت کو خط

وفاقی حکومت نے پی ٹی آئی احتجاج میں سرکاری مشینری کے استعمال کیخلاف کے پی حکومت کو خط لکھ دیا۔

وزارت داخلہ پاکستان نے چیف سیکرٹری خیبر پختون خواہ کو مراسلہ لکھ دیا جس میں کہا گیا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ اسلام آباد میں ہونے والے 24 نومبر کے احتجاج میں کوئی بھی سرکاری مشینری، اہلکار یا پیسہ استعمال نہیں ہوگا۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 24 نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج کی کال دے رکھی ہے۔

احتجاج کو روکنے کیلئے پنجاب حکومت متحرک ہوگئی۔ راستوں کی بندش کے لیے راولپنڈی میں کنٹینرز لگنا شروع ہوگئے۔ پی ٹی آئی کارکنان کو روکنے کیلئے فوارہ چوک اور لیاقت روڈ پر کنٹینرز پہنچا دیے گئے ہیں۔ لیاقت روڈ پر چرچ کے قریب سڑک کی سائیڈ پر ایک اور فوارہ چوک پارکنگ پلازہ کے سائیڈ پر دو کنٹینرز رکھے گیے ہیں۔

حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی کا احتجاج روکنے کیلئے بھرپور اقدامات کئے جارہے ہیں جبکہ مزید کنٹینرز کو شہر کی مرکزی شاہراؤں اور راستوں پر پہنچایا جارہا ہے۔ ابھی کنٹینرز کو شاہراؤں کے سائیڈز پر رکھا جائے گا۔

راولپنڈی پولیس نے راولپنڈی کے  47 مقامات پر سیلنگ کا فیصلہ بھی کر رکھا ہے جبکہ شہر کینٹ اور گرد نواح میں 34 مقامات پر پولیس پکٹس بھی قائم کی جائیں گے۔ مجموعی طور پر ساڑے چار ہزار سے زائد نفری 24 نومبر کو امن وامان قائم رکھنے کے لیے ڈیوٹی سرانجام دے گی۔

پی ٹی آئی احتجاج رکوانے کے لئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر

پی ٹی آئی کا 24 نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج رکوانے کے لئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔

جناح سپر ٹریڈر ایسوسی ایشن کے صدر اسد عزیز نے رضوان عباسی ایڈوکیٹ کے ذریعے درخواست دائر کی جس میں استدعا کی گئی کہ پی ٹی آئی کے غیر قانونی احتجاج کو روکنے کا حکم دیا جائے ، وزیر اعلی خیبرپختونخواہ کی سرپرستی میں اسلام آباد کی طرف احتجاج کے لیے آنے کا پروگرام ہے ، احتجاج سے اسلام آباد پر لشکر کشی کا تاثر ملا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حال ہی میں اسلام آباد احتجاج کے حوالے سے قانون سازی بھی ہوئی ، بغیر اجازت اس قسم کے احتجاج سے ملک میں لا قانونیت کا تاثر ملتا ہے ، سیکرٹری داخلہ ، چیف کمشنر ، آئی جی کو احتجاج روکنے کا حکم دیا جائے۔

درخواست میں سیکرٹری داخلہ ، چیف کمشنر اسلام آباد ، آئی جی اسلام آباد اور پی ٹی آئی چیئرمین کو فریق بنایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 24 نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج کی کال دے رکھی ہے۔

بین ایفلیک سے علیحدگی کے بعد جینیفر لوپیز اپنے ہی باڈی گارڈ کو ڈیٹ کرنے لگیں

حال ہی میں ہالی ووڈ کے سپر اسٹار بین ایفلیک سے علیحدگی اختیار کرنے والی امریکی گلوکارہ جینیفر لوپیز کے بارے میں یہ افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ وہ اپنے باڈی گارڈ کے ساتھ محبت میں مبتلا ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جینیفر نے کچھ دن قبل واضح کیا تھا کہ وہ اس وقت کسی کو تلاش نہیں کر رہیں، لیکن ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ اپنے باڈی گارڈ کے ساتھ قریبی تعلقات قائم کر چکی ہیں۔

غیر ملکی رپورٹس میں بتایا گیا کہ جینیفر نے بین ایفلیک سے طلاق کی درخواست اگست 2023 میں دی تھی۔ اداکار کے ایک قریبی شخص کا کہنا ہے کہ جینیفر اپنی شادی کو ختم نہیں کرنا چاہتی تھیں، لیکن اب وہ اپنی زندگی میں آگے بڑھنے کی کوشش کر رہی ہیں۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ جینیفر لوپیز اپنی خوشی کو اولین ترجیح دیتے ہوئے اپنی زندگی کو نئے سرے سے ترتیب دینے اور تنہائی میں سکون تلاش کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔

تاہم یہ قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ وہ زندگی میں آگے بڑھنے کیلئے اپنے ہی باڈی گارڈ سے تعلقات استوار کر رہی ہیں۔

بین ایفلیک اور لوپیز نے گزشتہ برس راہیں جدا کرلی تھیں اور سوشل میڈیا پر علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔ ہالی ووڈ کی اس مشہور جوڑی کی طلاق پر ان کے مداحوں کی جانب سے دکھ کا اظہار کیا گیا تھا۔

سپریم کورٹ کے آئینی بینچ کا پہلا ازخود نوٹس؛ لاپتا بچوں کے کیس میں رپورٹ طلب

سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے کوئٹہ میں بچے کے اغواء کی بازیابی کے لیے پہلا ازخود نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔

سماعت جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں چھ رکنی لارجر بینچ نے لاپتا بچوں کے حوالے سے درخواست پر سماعت کی۔ آئینی بینچ نے آئندہ سماعت پر تمام آئی جیز اور سیکریٹریز داخلہ کو طلب کرلیا۔

جسٹس جمال مندو خیل نے ریمارکس دیے کہ کوئٹہ میں چھ دن سے ایک اغوا بچہ نہیں ڈھونڈا جا رہا، احتجاج سے پورا کوئٹہ جام ہو چکا لیکن حکومت کو پروا نہیں، کوئٹہ میں اسکول کے بچوں نے بھی جلوس نکالا ہے۔

جسٹس مسرت ہلالی نے استفسار کیا کہ کیا کے پی میں سیکس ٹریفکنگ کو قانونی قرار دے دیا گیا ہے؟ اپنی رپورٹ میں کے پی نے سیکس ٹریفکنگ کو زیرو لکھا ہے، زیرو سیکس ٹریفکنگ کیسے ہو سکتی ہے۔

جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ کیا کسی صوبے میں کوئی ادارہ یا کمیشن ہے جو مغوی بچوں پر کام کر رہا ہوں، 18 ویں ترمیم کے بعد اب تو صوبوں کے پاس اختیارات ہیں۔

جسٹس مندوخیل نے کہا کہ ایک بچے کے اغوا پر پورا صوبہ بند ہے لیکن حکومت کو فکر نہیں۔ جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ بلوچستان حکومت ایک بچہ تلاش نہیں کر پا رہی۔ جسٹس  مسرت ہلالی نے کہا کہ بچوں کا اغوا اہم ایشو ہے اس پر سرکاری وکلا کی تیاری نہیں ہے۔

جسٹس مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ 2018 سے کیس چل رہا ہے اب تک بچے اغوا ہو رہے ہیں، ہر دوسرا مقدمہ بچوں کے اغوا کا آتا ہے، سپریم کورٹ نے بچوں کے اغوا پر کمیٹی بنائی جس نے آج تک کام نہیں کیا۔

درخواست گزار نے کہا کہ سپریم کورٹ کی کمیٹی آج تک بنی ہی نہیں۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ بلوچستان نے کہا کہ عدالت میں بچوں کے اغوا پر رپورٹ جمع کروا دیتا ہوں۔

جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس میں کہا کہ ہمیں رپورٹ نہیں چاہیے بلکہ ہمیں بچوں کے اغوا کا تدارک چاہیے اور عمل چاہیے۔ جسٹس مندو خیل نے کہا کہ میں بینچ کے سربراہ سے درخواست کروں گا تمام آئی جیز کو بلایا جائے، یہ ملک میں ہو کیا رہا ہے؟

جسٹس مسرت ہلالی نے کہا کہ کے پی کی رپورٹ میں ہر چیز پر دھول جھونکی گئی ہے، ہر طرف سے بارڈر کھلا ہے تو کیا ایسی گڈ گڈ رپورٹ ممکن ہے، قانون کی عمل داری یقینی بنائیں۔

جسٹس امین الدین خان نے ہدایت کی کہ کتنے بچے اغوا ہوئے کتنے بازیاب تفصیلی رپورٹ دیں۔

جسٹس مندوخیل نے کہا کہ ایف سی پر اربوں خرچ ہوتے ہیں انکا سوشل ویلفیئر میں کیا کردار ہے؟ جسٹس حسن اظہر رضوی نے کہا کہ کراچی میں بچے ٹریفک سگنلز پر بھیک مانگتے ہیں۔

سربراہ آئینی بینچ جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ بھکاری بھیجنے میں تو اب ہم انٹر نینشل ہو چکے ہیں، بیرون ملک بھکاریوں کا جانا کتنے شرم کی بات ہے۔

آئینی بینچ نے کیس کی مزید سماعت 28 نومبر تک ملتوی کر دی۔

اسٹاک مارکیٹ میں مندی کے بعد آج پھر تیزی کا رجحان، انڈیکس 95 ہزار پوائنٹس عبور کرگیا

کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی کے بعد آج پھر تیزی کا رجحان ہے، جس کے سبب انڈیکس95 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کرگیا۔

جمعرات کے روز بازار حصص میں کاروبار کا آغاز 244 پوائنٹس کی تیزی کے ساتھ ہوا، جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس بڑھ کر 95791 پوائنٹس کی سطح پر  آ گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پی ایس ایکس میں تیزی کا نیا ریکارڈ قائم ہونے کے بعد مندی چھا گئی تھی، جس کے سبب سرمایہ کاروں کے اربوں روپے ڈوب گئے تھے، تاہم آج کاروباری ہفتے کے چوتھے روز مارکیٹ پر تیزی کا رجحان غالب ہے۔

ٹریڈنگ کے دوران پی ایس ایکس میں  کے ایس ای 100 انڈیکس 184 پوائنٹس کی تیزی کے ساتھ 95730 پر ٹریڈ کررہا ہے۔

پی ٹی آئی کا احتجاج روکنے کیلئے راولپنڈی میں کنٹینرز کا جال بچھا دیا گیا، دفعہ 144نافذ

پی ٹی آئی کے 24 نومبر کو احتجاج کو روکنے کیلئے پنجاب حکومت متحرک ہوگئی۔

راستوں کی بندش کے لیے راولپنڈی میں کنٹینرز لگنا شروع ہوگئے۔ احتجاج ناکام بنانے اور پی ٹی آئی کارکنان کو روکنے کیلئے فوارہ چوک اور لیاقت روڈ پر کنٹینرز پہنچا دیے گئے ہیں۔

لیاقت روڈ پر چرچ کے قریب سڑک کی سائیڈ پر ایک اور فوارہ چوک پارکنگ پلازہ کے سائیڈ پر دو کنٹینرز رکھے گیے ہیں۔

حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی کا احتجاج روکنے کیلئے بھرپور اقدامات کئے جارہے ہیں جبکہ مزید کنٹینرز کو شہر کی مرکزی شاہراؤں اور راستوں پر پہنچایا جارہا ہے۔ ابھی کنٹینرز کو شاہراؤں کے سائیڈز پر رکھا جائے گا۔

راولپنڈی پولیس نے راولپنڈی کے  47 مقامات پر سیلنگ کا فیصلہ بھی کر رکھا ہے جبکہ شہر کینٹ اور گرد نواح میں 34 مقامات پر پولیس پکٹس بھی قائم کی جائیں گے۔ مجموعی طور پر ساڑے چار ہزار سے زائد نفری 24 نومبر کو امن وامان قائم رکھنے کے لیے ڈیوٹی سرانجام دے گی۔

دوسری جانب سینڑل جیل اڈیالہ اور اڈیالہ روڈ پر سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کیے جارہے ہیں۔

اڈیالہ روڈ کو بھی مخلتف مقامات سے سیل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، راولپنڈی شہر و کینٹ کی اہم تنصیبات پر سیکورٹی سخت پولیس کمانڈوز تعینات کردئیے گئے ہیں۔

پولیس کے سینیئر آفیسر کے مطابق شہر کی سیکورٹی اور امن وامان کو قائم رکھنے کے لیے ہر ممکن حد تک انتظامات یقینی بنائے جارہے ہیں۔

دفعہ 144 نافذ

بانی پی ٹی ائی کی 24 نومبر کو اسلام اباد میں احتجاج کی کال کے بعد راولپنڈی میں 26 نومبر تک دفعہ 144 نافذ کر دی گئی۔

راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق شہر میں ہر قسم کے جلسے جلوس ریلیوں اور چار سے زائد افراد کے جمع ہونے پر پابندی ہوگی۔a

برطانیہ کیساتھ باہمی تعاون کو پائیدار اقتصادی پارٹنر شپ میں تبدیل کرنیکا وقت آگیا ہے، وزیر داخلہ

وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ برطانیہ پاکستان کا مضبوط اور بہترین دوست ملک ہے، وقت آگیا ہے کہ باہمی تعاون کو پائیدار اقتصادی پارٹنر شپ میں تبدیل کیا جائے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے برطانوی نائب وزیر خارجہ برائے پاکستان و افغانستان ہمیش فالکنر کی ملاقات ہوئی۔ پاکستان میں برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ اور برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاک برطانیہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات پر بھی گفتگو کی گئی۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے برطانیہ کے نائب وزیر خارجہ ہمیش فالکنر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے پاک برطانیہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان وسیع تر دوطرفہ و علاقائی امور پر مضبوط ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ آپ کے دورہ پاکستان سے دوطرفہ تعلقات میں مزید گرم جوشی آئے گی، سوشل میڈیا پر بے بنیاد اور گمراہ کن افواہیں پھیلانے اور پراپیگنڈا کرنے کے خلاف مشترکہ اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو تمام تر حقوق حاصل ہیں، اقلیتی برادریوں کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔