All posts by Khabrain News

آج دفاعی نمائش کے تسلسل میں سی ویو پر کراچی شو ہو گا

دفاعی نمائش آئیڈیاز 2024 کے تسلسل میں سی ویو پر شہریوں کیلیے آج کراچی شو کا انعقاد کیا جائیگا۔

تینوں مسلح افواج اپنے جنگی اثاثوں کے ساتھ شریک ہونگی، پاک بحریہ کے سی کنگ ہیلی کاپٹرزکے علاوہ پاک فضائیہ کے جنگی ہوائی جہازوں کا فلائی پاسٹ بھی ہوگا۔

نشان پاکستان،سی ویو پرآج سہ پہر ٹرائی سروسز کراچی شو کا انعقاد کیا جائیگا، جس میں پاک بحریہ کے ہوائی اوربحری اثاثوں کے علاوہ ایس ایس جی کمانڈوز ہزاروں فٹ کی بلندی سے جمپ لگانے کا شاندارمظاہرہ پیش کرینگے۔

تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ سندھ ہونگے،تینوں مسلح افواج کے پیشہ ورانہ تربیت کودیکھنے کے لیے مختلف ممالک کے سفیر،مندوب ومبصرین بھی شریک ہونگے۔

کراچی شومیں پاک فضائیہ کے جے ایف سیونٹین تھنڈراورایف سولہ طیاروں کا فلائی پاسٹ ہوگا جبکہ انسداد دہشت گردی آپریشن کے علاوہ پاک بحریہ کے فضائی بیڑے میں شامل سی کنگ ہیلی کاپٹرز کے ذریعے پیشہ ورانہ تربیت کا عملی مظاہرہ پیش کیا جائیگا۔

پاک بحریہ کے پیراٹروپرز مختلف ممالک کے جھنڈوں جبکہ سبزہلالی پرچم کے ساتھ ہزاروں فٹ کی بلندی سے سی ویو پر جمپ کرینگے۔

ساحل پرمنعقدہ کراچی شو آئیڈیاز کے تسلسل میں شہریوں کے لیے منعقد کیا جا رہا ہے۔

مانتا ہوں پی ٹی آئی دور میں مشترکہ فیصلے ہوتے تھے، فیصل واوڈا

سینیٹرفیصل واوڈا نے کہا ہے کہ میں یہ بات بالکل 100 فیصد مانتاہوں کہ جو فیصلے پی ٹی آئی کے دورحکومت میں ہوئے وہ مشترکہ فیصلے تھے، کوئی سنگل آؤٹ فیصلے نہیں تھے۔

یہ بد قسمتی کی بات ہے کہ ہمارے ملک میں پالیسیزکا تسلسل نہیں رہتا۔چاہے وزیراعظم کوئی بھی ہو،کتنی مخالفت بھی ہواگراس نے کوئی اچھے اقدامات کیے ہیں تواگلے پرائم منسٹرکو وہ پالیسی ساتھ لے کر چلنا چاہیے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم میں سے کوئی بھی سیاستدان نہ اپنے بیٹے مروا رہا ہے نہ خود مررہا ہے لیکن جوقربانیاں دے رہے ہیں، ہم ان کا تمسخر اڑاتے ہیں،ان کوگالی بھی دیتے ہیں۔

مشکل فیصلے لینے پڑیں گے،سیاست کوسائیڈ پررکھ کرآپریشن کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ کابل فال کے وقت فیض حمید نے چائے کی چسکیاں لے کر غلط فیصلے کئے اور آج وہ کوٹھڑی کے اندربیٹھ کرچائے کی چسکیاں لے رہے ہیں۔

عمران خان کیخلاف کیسز میں 25 نومبر کے بعد فرد جرم عائد کی جائیں گی۔ پی ٹی آئی نے اسی لیے فلاپ شوکی تاریخ 24 نومبر رکھی ہے۔

میں نے کہا تھا مزید ایف آئی آرزنہیں ہونگی،پروٹوکول کے ساتھ لوگ باہرنکلیں گے،پارٹی کوٹیک اوورکریں گے،خان صاحب انڈورس کریں گے کہ بیگم صاحبہ پارٹی کوچلائیں گی۔

خان صاحب کے اردگرد کے ہرآدمی کو ریلیف مل رہا ہے۔علی امین گنڈاپورجو کمنٹمنٹ دے کرآئے ہیں اس پراگر پورے نہیں اترے تو پھرہاؤس اریسٹ ہوسکتے ہیں،وہ خان صاحب کیلئے ریلیف نہیں دلدل پر دلدل بنا رہے ہیں کیونکہ خان صاحب جتنے دلدل میں گریں گے اتنا انہیں فائدہ ہوگا۔

بجلی کے ٹیرف میں 4 روپے فی یونٹ کمی کی تجویز مسترد

حکومت نے 1.8 ہزار ارب روپے کا گردشی قرضہ کم کرنے کیلیے بجلی کے ٹیرف میں4 روپے فی یونٹ کمی کی تجویز کو مسترد کردیا۔

حکومت نے چند روز قبل پانچ آئی پی پیز کے ساتھ معاہدے ختم کرکے بجلی کے ریٹ میں صرف 60 پیسہ فی یونٹ کمی کی ہے،  پاور ڈویژن نے تجویز دی ہے کہ آئی پی پیز کا 1.8 ہزار ارب روپے کا گردشی قرضہ فکس شرح سود پر پانچ سالہ پاکستان انویسٹمنٹ بانڈز یا پھر اسلامک بانڈز جاری کرکے ادا کیا جاسکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ قرضہ وفاقی حکومت کی طرف سے لینے کی تجویز دی گئی ہے، جس سے وزارت خزانہ نے اتفاق نہیں کیا ہے، گردشی قرضہ ختم ہونے سے ڈیبٹ سروسنگ سرچارج میں 3.80 روپے فی یونٹ کی کمی ہوگی۔

حکومت نے اس مد میں گزشتہ سال 3.23 روپے فی یونٹ کے حساب سے 335 ارب روپے عوام سے جمع کیے ہیں، جن کا بوجھ قرضوں کی بروقت ادائیگی نہ کرنے کی وجہ سے عوام پر پڑا ہے۔

انرجی سیکٹر کا مجموعی گردشی قرضہ 2.4 ہزار ارب روپے ہے، جس میں سے 1.8 ہزار ارب روپے سود ہے، ان میں سے 520 ارب روپے حکومتی پاور پلانٹس کو ادا کرنے ہیں، جن کو تاخیر سے ادائیگی پر سود ادا نہیں کیا جاتا۔

پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ شرح سود بہت زیادہ ہے، جس کو پاکستان انویسٹمنٹ بانڈ جاری کرکے کم کرنے کی ضرورت ہے، اس طرح بجلی کی قیمت میں فی یونٹ کم از کم 89 پیسے کی کمی کی جاسکتی ہے، جبکہ وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ گردشی قرضے کی بڑی وجہ لائن لاسز اور کم ریکوریز جیسے مسائل ہیں، جب تک ان کو حل نہیں کیا جاتا، گردشی قرضوں کا پائیدار حل ممکن نہیں ہے۔

گزشتہ مالی سال کے دوران بجلی چوری کم ریکوریز کی وجہ سے 591 ارب روپے کا نقصان ہوا تھا، جو کہ رواں سال بڑھ کر 637 ارب روپے ہونے کا امکان ہے۔

تل ابیب میں امریکی سفارتخانے کے باہر مظاہرہ، اسرائیل کو اسلحہ کی فروخت روکنے کا مطالبہ

تل ابیب میں امریکی سفارتخانے کے باہر یہودیوں کی بڑی تعداد نے مظاہرہ کیا اور اسرائیل کو اسلحہ کی فروخت روکنے کا مطالبہ کیا گیا۔

مظاہرین نے امریکی سفارتخانے کے اطراف کی سڑکیں بند کر دی، انہوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر اسرائیل پر ہتھیاروں کی پابندی لگانے اور غزہ میں نسل کشی روکنے کے مطالبات درج تھے۔

واضح رہے کہ امریکی سینیٹ میں اسرائیل کو اسلحہ فروخت کرنے پر پابندی کی قرارداد پر ووٹنگ آج متوقع ہے۔

آئی جی ایف سی کی لورالائی کے قبائلی عمائدین سے ملاقات

ضلع لورالائی میں آئی جی ایف سی بلوچستان (نارتھ) نے لورالائی کے قبائلی عمائدین و علماء کرام سے ملاقات کی۔

ملاقات میں بلوچستان میں امن کی بحالی کے لیے قبائلی عمائدین اور علما نے اظہار یکجہتی کیا،اس موقع پر سول انتظامیہ کے افسران اور ایف سی حکام بھی موجود تھے۔

ملاقات میں علاقے میں قانون کے نفاذ کو یقینی بنانے کی بھی یقین دہانی کرائی گئی، قبائلی عمائدین اور علما نے بلوچستان میں امن کے قیام میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کلیدی کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

قبائلی عمائدین نے حکومت بلوچستان اور افواج پاکستان کی جانب سے علاقے کی ترقی اور امن و امان کے قیام کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر مکمل اعتماد اور اطمینان کا اظہار کیا، قبائلی عمائدین نے علاقے میں امن و امان کے قیام کے لیے تمام اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

بواسیر جیسے موذی مرض سے کیسے بچا جائے؟

مرض کوئی بھی ہو تکلیف دہ ہوتا ہے لیکن کچھ امراض ہیں جو اذیت ناک بھی ہوتے ہیں۔ انہی تکلیف دہ اور اذیت ناک بیماریوں میں سے ایک بواسیر ہے، یہ بڑی آنت اور مقعد کی سوزش کے نتیجے میں ہوتی ہے۔ عوام الناس میں عام طور پر بواسیرکی تین اقسام بادی، خونی اور مہکوں والی سمجھی جاتی ہیں، حالانکہ بواسیر کے یہ تین مختلف درجے ہوتے ہیں جو مرحلہ وار اپنی شدت دکھاتے ہیں۔ بہر حال بواسیر بادی ہو یا خونی یا پھر موہکوں والی ہو، یہ خطرناک مرض ہی ہے۔
بواسیر کے اسباب
بواسیر ایسے افراد میں زیادہ پائی جاتی ہے جو ذہنی دباؤ اور اعصابی تناؤکی فضا میں کام کرتے ہیں۔ میٹابولزم کی سستی اور انتڑیوں کی کارکردگی کو متحرک رکھنے والے مفیدبیکٹیریاز میں کمی یا خاتمہ ہوجانے سے بھی بواسیر کی علامات سامنے آنے لگتی ہیں۔ متواتر قبض کشاء ادویات جیسے چھلکا اسپغول اور جلاب آور مرکبات کا استعمال کرتے رہنے سے بھی انتڑیاں کمزور ہوجانے سے بواسیر سمیت انتڑیوں کے مسائل پیدا ہو جاتے ہیں۔ؒمرغن، بادی، گوشت، تیز مرچ مصالحے، چاول، بینگن، دال مسور، فاسٹ فوڈز، کولا مشروبات، بیکری مصنوعات اور ثقیل غذاؤں کے شوقین افراد بھی بواسیر میں مبتلا دیکھے جا سکتے ہیں۔
اسی طرح ایسے افراد جن میں خلط سودا کی افزائش قدرتی طور پر زیادہ ہوتی ہو یا سوداء پیدا کرنے والے غذائی اجزاء کے استعمال سے خلط سودا بڑھ جائے تو بھی بواسیر تنگ کرنے لگتی ہے۔ چائے، شراب اورسگریٹ نوش، پان، تمباکو اور نسوار کھانے والے افراد بھی اس موذی مرض کے چنگل میں گرفتار ہوجاتے ہیں۔ متواتر اینٹی بائیوٹیک اور دافع امراض قلب کی ادویات استعمال کرنے والے لوگ بھی اکثر بواسیر کی بیماری میں مبتلا پائے جاتے ہیں۔گرمی کی نسبت سردی کے موسم میں بواسیر کا شدید حملہ ہوتا ہے، اس شدت کی ایک بڑی وجہ پانی کا کم استعمال اور مرغن و توانائی سے بھرپور غذاؤں کا استعمال بھی ہوتا ہے۔
مرض سے بچاؤ کی
گھریلوتدابیر
سب سے اہم بات ہے کہ آپ قبض نہ ہونے دیں کیونکہ بواسیر کی بنیاد قبض ہی بنتی ہے۔ قبض سے بچاؤ کے لیے ریشے دار غذائی اجزاء کا بکثرت استعمال بہترین قدرتی حفاظتی ہتھیار سمجھا جاتا ہے۔ گندم اور جوکادلیہ ناشتے میں لازمی استعمال کریں۔ اسی طرح ناشتے میں دہی کا استعمال بھی انتڑیوں کے مسائل سے محفوظ رکھتا ہے۔ موسم کی مناسبت سے پانی، پھل،پھلوں کے جوسز اور کچی سبزیوں کا مناسب استعمال کرکے ہم بواسیر کے حملے سے کافی حد تک بچ سکتے ہیں۔
نہار منہ تیز قدموں کی سیر اور بدن کو گرمانے والی ورزش کو معمول کا حصہ بنا کر بواسیر سمیت لا تعداد بدنی مسائل سے بچا جا سکتا ہے۔ روزانہ کم از کم 5 سے10 کلو میٹر پیدل چلنے کو اپنا معمول بنا ئیں۔ پانی ہمیشہ ابلا ہوا اورنیم گرم پیا کریں۔ ہفتے میں کم ازکم ایک بار بند گوبھی بطور سالن ضرور کھائیں۔ روز مرہ کھانے کے ساتھ کھیرا، ٹماٹر ،سلاد کے پتے اور بند گوبھی بطور سلاد کھایا کریں۔
بواسیر سے نجات
کا قدرتی علاج
بواسیر سے نجات پانے کے لیے یوں تو بے شمار قدرتی ذرائع موجود ہیں۔ہم یہاں چند موثر ترین قدرتی طریقے درج کیے دیتے ہیں تاکہ قارئین کے لیے سہولت ہوسکے۔
کھجور ایک مکمل غذا، دوا اور مفید ٹانک ہے۔ یہ ایسے افراد جن کے مزاج میں خشکی کا غلبہ ہو بے حد مفید ثابت ہوتی ہے۔ رات کے کھانے میں نرم اور ریشے والی کھجور یں کم ازکم 7 سے10بطور سویٹ ڈش کھانا بواسیر، قبض اور اعصابی کمزوری کے خاتمے کے لیے بہترین قدرتی علاج ہیں۔ اسی طرح خالقِ کائنات نے انجیر میں بھی بدنِ انسانی کے لیے بے شمار فوائد رکھے ہیں۔ انجیر ایسے افراد جن کے مزاج میں رطوبات یعنی بلغم وغیرہ زیادہ پائی جاتی ہو، کے لیے فوری اور موثر ترین دوا، مفید غذا اور طاقت ور قدرتی ہتھیار ہے۔ تین سے سات عددانجیر پانی میں بھگو کر نہار منہ کھانا دائمی قبض، بواسیراور بلغمی مواد کی زیادتی سے جان چھڑانے میں فوری مددگار بنتا ہے۔
ایسے افراد جن کی ا نتڑیاں مسلسل اینٹی بائیوٹک یا دافع امراض قلب ادویات استعمال کرتے رہنے سے خشکی کا شکار ہو گئی ہوں انہیں چاہیے کہ صبح نہار منہ دہی میں نمک سیاہ اور زیرہ سیاہ حسب ضرورت ملاکر استعمال کریں۔ انتڑیوں میں تھایامین کی مطلوبہ مقدار کی افزائش قدرتی طور پر ہونے سے انتڑیوں کی کار کردگی بہتر ہو جائے گی۔ مربہ ہرڑ کے تین دانے دھو کر رات سوتے وقت کھائیں اور دودھ کے ایک نیم گرم کپ میں دو چمچ روغنِ بادام ملاکر پی لیں۔ گل قند ایک کھانے کاچمچ نیم گرم دودھ میں ملاکر استعمال کرنا انتڑیوں کو نرم اور فضلات کے اخراج کو آسان بناتا ہے۔
بطورِ گھریلو علاج ریٹھے کے چھلکے، مغز نیم اور رسونت ہم وزن پیس کر 250 ملی گرام کیپسول بھر کر کھانے کے بعد ایک کیپسول کھانا شروع کر دیں۔ اگر موہکے ہوں اور تکلیف کا باعث بھی بنتے ہوں تو 100ml روغنِ ارنڈ میں 10gm کافور ملا کر صبح و شام اجابت سے فراغت پر مقعد پر اچھی طرح لیپ کریں۔ دو چار دنوں میں ہی بواسیر ی موہکوںکی تکلیف سے افاقہ ہونے لگے گا۔
غذائی پرہیز
سب سے پہلے اپنی خورو نوش کی عادات،روز مرہ معمولات اور طرز زیست بدلیں۔ سہل پسند زندگی کو خیرباد کہہ کر متحرک اور بھاگ دوڑ والا انداز اختیار کریں۔ پیدل چلنے پھرنے کو ترجیح دیں، فروزن فوڈز،کولڈ ڈرنکس، بیکری پروڈکٹس، فاسٹ فوڈز اور بازاری کھانوں کے معمول کو ترک کردیں۔ تیز مرچ مصالحے، گوشت، چاول، بیگن، مرغن و بادی غذاؤں اور سگریٹ ،شراب وچائے نوشی سے دور ہوجائیں۔ اسپغول کے چھلکے کے استعمال کو مکمل خیرباد کہہ دیں۔ بوقت ضرورت ملین (صرف پیٹ نرم کرنے والے مرکبات) ادویات ہی استعمال کریں۔
دودھ میں کیسٹر آئل، بادام روغن اور گل قند کا استعمال پیٹ نرم کرنے کے لیے بہترین اور مفید ذرائع ہیں۔ ان کے استعمال سے بھی بواسیر کی اذیت سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔ منفی سوچیں بھی میٹابولزم کی کار کردگی کو متاثر کیا کرتی ہیں۔ حسد، بخل، بغض،کینہ، نفرت،غصہ اور تکبر جیسے جذبات سے حتی المقدور بچنے کی کو شش کریں۔ جس قدر ہو، مثبت اندز فکر اپنائیں، محبت، رواداری، ایثار، قربانی، عاجزی اور در گزر و برداشت کے احساسات کو فروغ دیں۔ روزانہ کم از کم نصف گھنٹہ تیز قدموں کی سیر اور ورزش لازمی کریں۔ پیدل چلنے کی عادت پروان چڑھائیں۔ ان شا ء اللہ مکمل صحت مند زندگی سے لطف اندوز ہونے والے بن جائیں گے۔

بادام، ایک خوش ذائقہ میوہ

بادام ایک ایسا میوہ ہے جو بچوں کی صحت کے لیے بہت مفید ہے۔ یہ پروٹین، صحت بخش چکنائیوں، فائبر، مختلف وٹامنز اور معدنیات جیسے وٹامن ای، میگنیشیم اور کیلشیم کا اچھا ذریعہ ہے۔ یہ اینٹی آکسیڈنٹس سے بھی بھرپور ہوتے ہیں، جو جسم میں آکسیڈیٹو اسٹریس اور سوزش سے بچاؤ میں مدد فراہم کرتے ہیں۔ اس میوے کے فوائد درج ذیل ہیں۔

غذائیت سے بھرپور: بادام بچوں کی صحت مند نشوونما اور ترقی کے لیے کئی ضروری غذائی اجزاء کا بہترین ذریعہ ہیں۔ یہ پروٹین، صحت بخش چکنائیاں، فائبر، وٹامنز، اور معدنیات جیسے کیلشیم، آئرن اور زنک سے بھرپور ہوتے ہیں۔

دماغی نشوونما میں مددگار: بادام دماغی افعال اور بچوں کی دماغی نشوونما میں بہتری لانے کے لیے مشہور ہیں کیونکہ ان میں وٹامن ای اور دوسرے اینٹی آکسیڈنٹس کی مقدار زیادہ ہوتی ہے۔ یہ اجزاء دماغی خلیوں کو نقصان سے بچانے ، یادداشت اور سیکھنے کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے میں مدد کرتے ہیں۔

ہڈیاں اور دانتوں کی مضبوطی: بادام کیلشیم سے بھرپور ہوتے ہیں، جو بچوں کی ہڈیوں اور دانتوں کو مضبوط بنانے کے لیے ضروری ہے۔ کیلشیم پٹھوں اور اعصاب کے افعال میں تعاون کرتا ہے اور خون کے دباؤ کو باقاعدہ رکھنے میں مدد دیتا ہے۔

بادام میں موجود فائبر، صحت مند ہاضمے کو فروغ دینے اور بچوں میں قبض کی شکایت کو روکنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ بادام ان بچوں کے لیے بہترین ہیں جو دودھ سے الرجک ہیں کیوں کہ یہ پروٹین اور صحت بخش چکنائی کا اچھا ذریعہ فراہم کرتے ہیں۔ مجموعی طور پر، بادام ایک غذائیت سے بھرپور اور لذیذ میوہ ہے جو بچوں کے لیے متعدد صحت کے فوائد فراہم کر سکتا ہے۔ بطور والدین، ہم فطری طور پر، اپنے بچوں کو بہترین پرورش فراہم کرنا چاہتے ہیں، لیکن آج کے دور میں یہ ایک بہت بڑا چیلنج بن چکا ہے۔ اگرچہ ہمارے پاس پہلے سے کہیں زیادہ وسائل ہیں، پھر بھی بچوں کو وہ سادگی اور پاکیزگی فراہم کرنا، جو ہم نے بچپن میں محسوس کی تھی اب مشکل ہوگیا ہے۔ خاص طور پر بچوں کی مجموعی نشوونما اور ان کی غذائیت کے حوالے سے اس مکمل غذائیت کو یقینی بنانا بہت ضروری ہے۔ ہم جو گھریلو پکوان کے فلسفے پر یقین رکھتے ہیں، اپنے بچوں کو غیر صحت بخش کھانے کھلانے سے گریز نہیں کرتے۔ فاسٹ فوڈ کی عادت ہم خود ہی اپنے بچوں کو ڈال رہے ہیں۔ بدقسمتی سے، جو آپشنز ہم بچوں کے کھانے کی پلیٹ کے باہر منتخب کرتے ہیں، وہ زیادہ تر غیر صحت بخش اور جنک فوڈ پر مبنی ہوتی ہیں۔ یہ دیکھ کر افسوس ہوتا ہے کہ ’صحت مند‘ کہلانے والے کھانے بھی اکثر نقصان دہ تیل جیسے پام آئل سے بنے ہوتے ہیں۔ n

’’حکومت تو بس دیکھ رہی کہ کیا معاملات چل رہے ہیں‘‘

گروپ ایڈیٹر ایکسپریس ایاز خان کا کہنا ہے کہ بشریٰ بی بی کی بھی ضمانت ہو گئی تھی، عمران خان کی بھی ہونی تھی اس میں کوئی ایسا ایشو تھا ہی نہیں ، رولا صرف ٹائمنگ کا ہوتا ہے، ٹائمنگ وہی بنی کہ ادھر علی امین گنڈاپور ملاقات کیلیے اڈیالہ جیل پہنچے ہیں ادھر یہ خبریں چلنا شروع ہو گئیں۔

ایکسپریس نیوز کے پروگرام ایکسپرٹس سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ میرے قائد کے مقدمات جس وقت ختم ہونا شروع ہوئے تھے اس وقت مسلم لیگ(ن) ایک ہی بات کرتی تھی کہ یہ سارے مقدمات میرٹ پر ختم ہو رہے ہیں آج یہی الفاظ آپ کو پی ٹی آئی والوں کے منہ سے نکلتے ہوئے نظر آ رہے ہیں کہ یہ فیصلے میرٹ پر ہو رہے ہیں۔

تجزیہ کار فیصل حسین نے کہا کہ پہلے بھی ہم نے بات کی تھی کہ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ کسی بھی سیاسی جماعت کی ڈیل ہوتی ہے تو کسی فائیو اسٹار ہوٹل میں معاہدے پر دستخط نہیں ہوتے، اشاروں سے سامنے آنے والے واقعات سے اور منظر نامے سے ہم نے نتیجہ اخذ کرنا ہوتا ہے کہ ان کے درمیان چیزیں ڈیل کی طرف بڑھ رہی ہیں، ڈیل ہو گئی ہے، معاملات بہتری کی طرف بڑھ رہے ہیں۔

تجزیہ کار عامر الیاس رانا نے کہا کہ ڈھیل، ڈیل اور جو کچھ انڈر اسٹینڈنگ ہے تو پہلا مرحلہ یہ ہو گا کہ آپ پشاور چلے جائیں گے، بنی گالہ چلے جائیں گے یا آپ کو زمان پارک میں منتقل کر دیا جائے ابھی تو وہ نہیں ہے یہ ضمانت کا کیس ہے جو روٹین میں ہوا ہے، ضمانت ملنی تھی مل گئی۔

ہمیشہ سے اعلیٰ عدالتیں ضمانتیں دیتی آئی ہیں،بالکل ٹھیک بات ہے کہ ان کے وکلا نے ایک اچھا کیس لڑا ضمانت کا بنتا تھا ڈیلے ہو چکا ہوا تھا۔ اب خان صاحب پر وہ کیس موجود ہے جس میں یاسمین راشد اور شاہ محمود قریشی جیل میں موجود ہیں باقی نام آپ چھوڑ دیں۔

تجزیہ کار نوید حسین نے کہا کہ عمران خان کو جن مقدمات میں سزائیں سنائی گئی تھیں ان میں ضمانت ملتی ہے تو حکومت کی طرف سے ایک ہی بیانیہ سامنے آتا ہے، ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور بہنوں کو رہا کیا گیا تو اس بیانیے کو فروغ دیا گیا کہ ان کی رہائی ڈیل کا نتیجہ ہے، ڈیل تو اس وقت ہو جب کیس کا کوئی لیگل میرٹ ہو۔

الیکشن سے پہلے عمران خان کو سزائیں دی گئی تھیں جب ان کو لیگل میرٹ پر دیکھا گیا تو عدالت نے وہ تمام سزائیں عدالت نے اٹھا کر پھینک دیں۔

تجزیہ کار محمد الیاس نے کہا کہ حکومت تو بیٹھ کر دیکھ رہی ہے کہ کیا معاملات چل رہے ہیں اور کس طرح چل رہے ہیں حکومت کی جانب سے یہ بات بھی کھل کر نہیں کی جا رہی کہ مذاکرات کے لیے ان کی کون سی ٹیم ہے، کس طرح کس سے کر رہی ہے، ایسی چیز نہیں ہے جو ہے جوبھی ہے وہ دیکھ رہے ہیں، پی ٹی آئی جو بھی کر رہی ہے بیک ڈور کر رہی ہے جس طرح بھی کر رہی ہے وہ کر رہی ہے، اعتبار والوں سے،جن پر ان کو اعتبار ہے کہ اسی مسلے کا جو حل ہے وہ اسی میں ہے۔

دیپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ نے ممبئی میں 7 لاکھ روپے ماہانہ کرائے پر اپارٹمنٹ لے لیا

بالی ووڈ کے پاور کپل دیپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ نے ممبئی کے پوش علاقے پرابھا دیوی میں بیو مونڈ ٹاورز میں ایک شاندار اپارٹمنٹ کرائے پر لے لیا ہے۔ اس اپارٹمنٹ کا ماہانہ کرایہ 7 لاکھ روپے ہے، جو ان کے شاندار رئیل اسٹیٹ پورٹ فولیو کا نیا اضافہ ہے۔

رپورٹس کے مطابق، یہ اپارٹمنٹ 3,245 اسکوائر فٹ کے بلٹ اپ ایریا اور 2,319.50 اسکوائر فٹ کے کارپٹ ایریا پر مشتمل ہے۔ اس کے ساتھ تین پارکنگ اسپیس بھی دستیاب ہیں۔ کرایہ داری کا معاہدہ 36 ماہ کے لیے ہے، جس میں پہلے 18 ماہ کا کرایہ 7 لاکھ روپے ہوگا اور اس کے بعد باقی مدت کے لیے 7.35 لاکھ روپے ہوگا۔ معاہدے کے آغاز پر 21 لاکھ روپے بطور سیکیورٹی جمع کرائے گئے ہیں۔

پرابھا دیوی ممبئی کا ایک پوش علاقہ ہے، جو ورلی-باندرہ سی لنک اور ویسٹرن ایکسپریس ہائی وے کے ذریعے شہر کے دیگر اہم حصوں سے جڑا ہوا ہے۔ یہاں معروف سدھی ونایک مندر، دادر بیچ، اور ہائی اسٹریٹ فینکس جیسے مشہور مقامات قریب ہی ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ دیپیکا پڈوکون پہلے سے ہی بیو مونڈ ٹاورز میں ایک پراپرٹی کی مالک ہیں۔ اس کے علاوہ، وہ حال ہی میں باندرہ میں ایک عالیشان اپارٹمنٹ اور علی باغ میں ایک خوبصورت بنگلہ بھی خرید چکی ہیں۔

کام کے محاذ پر، دیپیکا اور رنویر حال ہی میں روہت شیٹی کی فلم سنگھم اگین میں نظر آئے۔ دیپیکا اس وقت میٹرنٹی بریک پر ہیں، جبکہ رنویر نے اپنی شوٹنگ دوبارہ شروع کر دی ہے۔

آرمی چیف کا کراچی میں جاری دفاعی نمائش آئیڈیاز 2024 کا دورہ

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے شہر قائد میں جاری دفاعی نمائش آئیڈیاز 2024 کا دورہ کیا اور دوست ممالک کی فعال شرکت کو سراہا ہے۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کراچی کے ایکسپو سینٹر میں جاری دفاعی نمائش آئیڈیاز 2024 کا دورہ کیا اور دوست ممالک کے دفاعی مینوفیکچررز کی فعال شرکت کو سراہا۔

آرمی چیف نے تقریب میں موجود غیر ملکی فوجی حکام اور دفاعی مندوبین کے ساتھ گفتگو بھی کی۔

قبل ازیں آرمی چیف کی آمد پر کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار نے پرتپاک استقبال کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق نمائش میں کل 557 نمائش کنندگان شرکت کر رہے ہیں جن میں سے 333 بین الاقوامی نمائش کنندگان ہیں ، 36 ممالک نے نمائش کنندگان کے اسٹالز لگائے جن میں سے 17 ممالک پہلی بار شرکت کر رہے ہیں۔

آئیڈیاز 2024 کا 12 واں ایڈیشن 19 نومبر کو شروع ہوا اور 22 نومبر 2024 کو اختتام پذیر ہوگا۔