All posts by Khabrain News

دبئی: عید کے موقع پر 90 فیصد تک ڈسکاؤنٹ کا اعلان

دبئی : (ویب ڈیسک) عید الاضحیٰ کے موقع پر دبئی کے سُپر اسٹورز میں اشیاء 90 فیصد تک سستی کردی گئیں، سُپر سیل 3 روز تک جاری رہے گی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے خلیج ٹائمز کے مطابق دبئی کی یہ تین روزہ سُپر سیل ہر شاپنگ کے شوقین فرد کا خواب ہے۔ گرمیوں کی تعطیلات اور آنے والی عید الاضحی کے تہواروں کی خریداری سے لے کر بیک ٹو اسکول تک، شاپنگ سیل دبئی کے رہائشیوں اور سیاحوں کی ضروریات کو پورا کرتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اِس تین روزہ سُپر سیل کا آغاز جمعے کو ہوا جس روز خریداروں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ سُپر سیل اتوار تک جاری رہے گی جس میں خریدار کسی بھی اشیاء پر 90 فیصد تک رعایت حاصل کر سکتے ہیں۔
دبئی میں موجود کیرفور کے ایک سیلز پرسن نے اس حوالے سے بتایا کہ اس طرح کے ڈسکاؤنٹ والے دنوں میں الیکٹرانکس، موبائل، سوٹ کیس، بچوں کے لوازمات، گھریلو آلات اور گھر کی سجاوٹ جیسی چیزیں سب سے زیادہ فروخت ہوتی ہیں۔

فواد چودھری نے اپنے ٹوئٹر سے عمران خان کی تصویر ہٹادی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی تصویر ہٹادی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فواد چودھری کی جانب سے اپنا ٹوئٹر کوور تبدیل کردیا گیا۔ انہوں نے امریکی مصنف کے ایک قول کی تصویر اپنے ٹوئٹر کوور میں لگائی۔ امریکی مصنف کا قول یہ ہے ‘استقامت اپنا انجن بننے دیں اور اپنے ایندھن کی امید کریں’۔
اس سے قبل فواد چودھری نے سابق وزیراعظم عمران خان کی تصویر اپنے ٹوئٹر کوور پر لگا رکھی تھی۔ دوسری طرف فواد چودھری کے ٹوئٹر بائیو میں اب تک پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) لکھا ہوا ہے۔
خیال رہے کہ فواد چودھری کی طرف سے 24 مئی کو بذریعہ ٹویٹ تحریک انصاف اور عمران خان سے لاتعلقی کا اظہار کیا گیا تھا۔ اسی کے ساتھ ساتھ انہوں نے سیاست سے بھی کنارہ کشی اختیار کرنے کا پیغام جاری کیا تھا۔
دوسری طرف گزشتہ روز فواد چوہدری اور جہانگیر ترین کے ٹیلی فونک رابطے کے حوالے سے بھی خبریں سامنے آئی تھیں جس پر فواد چودھری نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ ‘میں پہلے ہی کہہ چکا ہوں کہ سیاست سے بریک لے رہا ہوں، فی الحال سیاست کرنے کا کوئی ارادہ نہیں’۔

عمران خان 9 مئی کے واقعے پر معافی مانگیں، احسن اقبال

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان 9 مئی کے واقعے پر معافی مانگیں۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے مذاکرات کو مشروط قرار دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان پہلے قوم، فوج اور شہدا سے معافی مانگیں پھر ہی مذاکرات ہوں گے۔
انہوں ںے کہا کہ عمران خان 9 مئی کے سانحے سے بچنے کے لیے مذاکرات کے ذریعے این آر او لینا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ عمران خان نے حکومت سے مذاکرات کے لیے 7 رکنی کمیٹی کا اعلان کر دیا ہے جس میں شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک، اسد قیصر اور حلیم عادل شیخ شامل ہیں۔

مولانا فضل الرحمان تھائی لینڈ پہنچ گئے

لاہور : (ویب ڈیسک) جمیعت علمائے اسلام (جے یو آئی ‘ف’) اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نجی دورے پر تھائی لینڈ چلے گئے۔
ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نجی دورے پر تھائی لینڈ روانہ ہوئے ہیں جہاں وہ علماء اور پاکستانی کمیونٹی سے ملاقات کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ اپنے دورے کے دوران اپنی طبیعت کے حوالے سے ڈاکٹرز سے مشاورت بھی کریں گے۔
ترجمان جے یو آئی (ف) کے مطابق مولانا فضل الرحمان جمعے کو وطن واپس پہنچیں گے۔
خیال رہے کہ اسے سے پہلے یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ مولانا فضل الرحمان لندن روانہ ہوئے ہیں جہاں وہ قائد مسلم لیگ ن نواز شریف سے ملاقات کریں گے۔ ترجمان کی جانب سے خبر کی تردید کرتے ہوئے بتایا گیا کہ مولانا فضل الرحمان لندن نہیں بلکہ تھائی لینڈ گئے ہیں۔

آج جو فصل ن لیگ بو رہی ہے کل اسے کاٹے گی: شیخ رشید احمد

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سیاسی جماعت کوئی شوگر فیکٹری نہیں ہوتی عوام کے دلوں میں ہوتی ہے، آج جو ن لیگ فصل بو رہی ہے کل اسے کاٹے گی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ قصور کا بریانی جلسہ لال حویلی کا کچھ نہیں بگاڑ سکتا، یوم تکبیر کے ایٹمی دھماکوں پر راجہ ظفرالحق، گوہر ایوب اور خود کو کریڈٹ دیتا ہوں، باقی ساری کابینہ نوازشریف سمیت دھماکوں کی مخالف تھی۔
سیاسی جماعت کوئی شوگرفیکٹری نہیں ہوتی عوام کےدلوں میں ہوتی ہےآج جون لیگ فصل بورہی ہےکل اُسےکاٹے گی قصورکابریانی جلسہ لال حویلی کاکچھ نہیں بگاڑسکتایوم تکبیرکےایٹمی دھماکوں پرراجہ ظفر الحق گوہرایوب اورخودشیخ رشیدکوکریڈیٹ دیتاہوں باقی ساری کابینہ نواز شریف سمیت دھماکوں کی مخالف تھی
سابق وزیر نے کہا کہ جن کا جینا مرنا پاکستان میں ہے ان کو ای سی ایل میں ڈالا جا رہا ہے، جن سزا یافتہ مفرور مجرموں کی جائیدادیں، اولاد پاکستان سے باہر ہے ان کو سفارتی پاسپورٹ جاری کیا گیا ہے، جب اقتدار سے باہر ہوتے ہیں تو پرائیویٹ جہازوں سے بھاگتے ہیں، ان کو ای سی ایل میں ڈالنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ 13 جماعتوں کے لیڈر نیلامی میں اور عوام پریشانی میں ہیں، اداروں سے درخواست ہے کہ 9 مئی کی غیر جانبدار تحقیقات کرائی جائیں اور ملوث افراد کو سخت سزا دی جائے، لیکن کس کے کہنے پر پولیس خواب خرگوش سوئی رہی، یہ سب سے اہم ترین سوالیہ نشان ہے، اس کی بھی تحقیقات ہونی چاہئیں۔
13جماعتی ٹولاعوام میں نفرت کا نشان بن چکاہےووٹ مانگنے والےپارٹیاں چھوڑ رہے ہیں ووٹ دینے والے ابھی نہیں بدلےIMFسےچھٹی اوردوستوں سے کٹی ہےسزا یافتہ مجرم مفرورنوازشریف مذاکرات کیوں کرےگاالیکشن کیوں کرائےگارات جو لندن کے کیفے میں اُسکے ساتھ ہواوہی اُسکی مقبولیت کامنہ بولتا ثبوت ہے
سربراہ عوامی مسلم لیگ نے مزید کہا کہ کوئی بھی محب وطن پاکستانی اپنی فوج کے خلاف نہیں ہو سکتا، لیکن پی ڈی ایم کے چوروں کے ساتھ بھی کھڑا نہیں ہو سکتا۔

رانا ثنا اللہ کی پریس کانفرنس پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا رد عمل آگیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ رانا ثنا اللہ کی پریس کانفرنس نے جیلوں میں خواتین کے ساتھ بدسلوکی پر شک دور کر دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سابق وزیراعظم نے وزیر داخلہ کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر جیلوں میں خواتین کے ساتھ بدسلوکی کے بارے میں کوئی شک رہ گیا تھا تو اس سند یافتہ مجرم کی اس پریس کانفرنس نے ایسے تمام شکوک و شبہات دور کر دیئے۔
انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ رانا ثنا اللہ واضح طور پر میڈیا میں سامنے آنے والی خوفناک کہانیوں کو روکنے اور چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں، پرامن احتجاج کرنے والی خواتین کے ساتھ کبھی بھی ریاست کی جانب سے اتنا برا سلوک اور انہیں ہراساں نہیں کیا گیا جتنا اس فاشسٹ حکومت نے کیا ہے۔
ایک اور ٹوئٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے علی اعوان نواز کی رہا ئشگاہ کو منہدم کرنے کی کارروائی کی شدید مذمت کی۔
حکام کی جانب سے علی نواز اعوان کی رہائشگاہ کو منہدم کرنے اور ان کے گھر کے مرکزی دروازے کو گرانےکیلئےکی جانےوالی افسوسناک اور نہایت بزدلانہ کارروائی کی شدید مذمت کرتا ہوں۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکام کی جانب سے علی نواز اعوان کی رہائشگاہ کو منہدم کرنے اور ان کے گھر کے مرکزی دروازے کو گرانے کیلئے کی جانے والی افسوسناک اور نہایت بزدلانہ کارروائی کی شدید مذمت کرتا ہوں، ان کی ضعیف والدہ اور ان کی ہمشیرہ، معذوری کے باعث جن کا شمار خصوصی افراد میں ہوتا ہے، اس رہائشگاہ میں مقیم ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اب تک کے اقدامات سے یہ تو ثابت ہوتا ہے کہ پی ڈی ایم سرکار اخلاقیات نام کی کسی شے سے واقف نہیں مگر کم از کم اللہ کے غضب سے تو ڈرے جسے یہ اپنے ان فسطائی اقدامات کے ذریعے دعوت دے رہے ہیں۔

اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں ۔
ملک کے مختلف شہروں میں صبح دس بج کر 52 منٹ پر زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں، جس کے بعد شہری گھروں سے کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور اس کے گردونواح مری گلیات ، راولپنڈی، سرگودھا، خوشاب، چناب نگر ، چنیوٹ، چکوال، اٹک، وزیر آباد اور فیصل آباد میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں ۔
خیبرپختونخوا میں پشاور، سوات، صوابی، مالاکنڈ، ایبٹ آباد، لوئردیر اور شبقدر میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
آزاد کشمیر کے شہر مظفرآباد اور گردونواح کے علاوہ گلگت بلتستان میں دیامر اور ملحقہ علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 6ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ زلزلے کی زیرزمین گہرائی223کلو میٹر تھی۔
زلزلہ پیما مرکز کا بتانا ہے کہ زلزلے کا مرکز پاک افغانستان تاجکستان کا سرحدی علاقہ تھا۔
زلزلے کے جھٹکے پڑوسی ممالک میں بھی محسوس کیے گئے ہیں ۔

شکار پور: مسلح افرادکی فائرنگ سے باپ بیٹا جاں بحق

شکارپور : (ویب ڈیسک) سندھ کے ضلع شکار پورمیں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے باپ بیٹے کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔
فائرنگ کا افسوس ناک واقعہ نبی شاہ وگن تھانہ حدود گاؤں منگت واہ میں پیش آیا جہاں مکان پر مسلح افراد نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں باپ بیٹا جاں بحق ہوگئے جبکہ فائرنگ کے بعد مسلح ملزمان فرار ہوگئے ۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی ، پولیس کاکہنا ہے کہ جاں بحق باپ بیٹے کی شناخت پھلوان مندھرانی اور میھر مندھرانی کے نام سے ہوئی ہے، لاشوں کو پوسٹمارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔
پولیس کاکہنا ہے کہ واقعہ مندھرانی قبیلے کے دو گروپوں میں جاری دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ لگتا ہے، تاہم واقعے کی مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں ۔

آئی ایم ایف کی شرائط کڑی، معاہدہ ہونا بہت مشکل ہے: زبیر موتی والا

کراچی: (ویب ڈیسک) چیئرمین ٹریڈ ڈوپلپمنٹ اتھارٹی زبیر موتی والا نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف نے معاہدے کیلئے بہت کڑی شرائط رکھی ہیں معاہدہ ہونا بہت مشکل ہے۔
کراچی ایکسپو سینٹر میں ٹیکسپو نمائش کے موقع پر زبیر موتی والا کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت کیلئے آئی ایم ایف سے ایگریمنٹ ہونا ضروری ہے، ٹیکسپو نمائش میں روس کی جانب سے خصوصی دلچسپی ظاہر کی جا رہی ہے، وزیر اعظم نے بھی ٹیکسپو نمائش پر تعریف کی ہے، پہلی بار 160 ممالک سے 480 سے زائد مندوبین نے شرکت کر کے ریکارڈ قائم کر دیا۔
زبیر موتی والا نے کہا کہ ٹیکسپو نمائش میں 250 ملین ڈالر کے برآمدی ہوگئے ہیں، بیرونی سرمایہ کار پاکستانی ٹیکسٹائل کی مصنوعات سے کافی مطمئن ہیں، ٹیکسپو نمائش کے اختتام تک 500 ملین ڈالر کے معاہدے طے پانے کی توقعات ہیں، نمائش میں ایک ہزار سے زائد بزنس ٹو بزنس میٹنگز ہو چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ غیر ملکی مندوبین نے پاکستانی مصنوعات کو بھارت سے بہتر قرار دے دیا ہے، اب تک نمائش میں برازیل، ملائیشیا ، پولینڈ ، متحدہ عرب امارات، سعودیہ عرب، ہانگ کانگ، سپین کے ساتھ معاہدے طے پائے ہیں، وزیر اعظم نے ایکسپورٹ کی ترقی کیلئے بہت جلد دوسری ملاقات کا کہا ہے۔
چیئرمین ٹریڈ ڈوپلپمنٹ اتھارٹی نے وزیر اعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ ری فنڈز کو 72 گھنٹے میں کلیئر کریں۔

آج سورج بیت اللہ شریف کے عین اوپر سے گزرے گا

ریاض : (ویب ڈیسک) مکہ مکرمہ میں آج ( 28 مئی کو ) سورج بیت اللہ شریف کے اوپر سے گزرے گا جس سے قبلہ کے درست رخ کا تعین کیا جا سکے گا۔
غیر ملکی نشریاتی ادارے کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ سورج کعبہ شریف کے اوپر سے گزرے گا جس سے قبلہ کے رخ کا تعین کرنے میں مدد ملے گی۔
اس روز کعبہ کا سایہ نہیں ہو گا اور دنیا بھر کے سایوں کا رخ کعبہ شریف کی طرف ہو جائے گا۔
جدہ فلکیاتی کمیٹی کے بیان میں کہا گیا ہےکہ فلکیاتی حساب کے مطابق سورج خانہ کعبہ کے اوپر 90 ڈگری کے زاویے پر ہوگا، اس صورت حال میں سورج خانہ کعبہ کے متوازی یعنی ایک ہی خط عمود پر آجاتا ہے جس کی وجہ سے خانہ کعبہ کا سایہ دکھائی نہیں دیتا۔
پاکستانی وقت کے مطابق دن کے 2 بج کر 26 منٹ پر سورج خانہ کعبہ کے عین اوپر آئےگا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس کے بعد دوبارہ سورج 16جولائی کو بیت اللہ کے اوپر سے گزرے گا اور اس روز بھی قبلہ رخ کا تعین کیا جا سکتا ہے۔