All posts by Khabrain News

ملتان سلطانز کا لاہور قلندرز کیخلاف ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ

ملتان: (ویب ڈیسک) ایچ پی ایل پی ایس ایل کے افتتاحی میچ میں میزبان ملتان سلطانز کی ٹیم نے ٹاس جیت کر دفاعی چیمپیئن لاہور قلندرز کے خلاف پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے پہلے میچ میں سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔
ملتان سلطانز کی ٹیم میں محمد رضوان کے علاوہ شان مسعود، عثمان خان، ڈیوڈ ملر، کیرون پولارڈ، خوشدل شاہ، عقیل حسین، اسامہ میر، ثمین گل، شاہنواز دھانی اور احسان اللہ شامل ہیں۔
لاہور قلندرز کی ٹیم کی قیادت شاہین شاہ آفریدی کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فخر زمان، طاہر بیگ، شائی ہوپ، کامران غلام، حسین طلعت، سکندر رضا، لیام ڈاؤسن، ڈیوڈ ویسے، حارث رؤف اور زمان خان شامل ہیں۔

ای سی سی نے قدرتی گیس کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے دی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے قدرتی گیس کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے دی۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں اہم فیصلے کیے گئے۔
ای سی سی اعلامیے کے مطابق اجلاس میں قدرتی گیس کی قیمتوں میں اضافے اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کیلئے 40 ارب روپے کی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ای سی سی نے روس سے قرض کی ری شیڈولنگ کی اجازت بھی دے دی۔
خیال رہے کہ آئل اینڈگیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) گیس کی قیمت میں اضافےکا فیصلہ پہلے ہی کرچکی ہے، ای سی سی کی منظوری سے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی ایک اور شرط پوری ہوگئی۔

ایف بی آر نے آئندہ بجٹ کیلئے کاروباری تنظیموں سے تجاویز طلب کر لیں

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) آئندہ وفاقی بجٹ کیلئے سیلز ٹیکس، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کیلئے تجاویز طلب کر لی گئیں۔
ایف بی آر کی جانب سے تمام کاروباری تنظیموں کو مراسلہ جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا کہ چوری روکنے، سسٹم میں بہتری، ٹیکس نیٹ بڑھانے کیلئے تجاویز دی جائیں۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ٹیکس نیٹ بڑھانے اور قوانین سادہ بنانے کیلئے بھی سفارشات طلب کی ہیں، ایف بی آر نے کہا ہے کہ تمام سفارشات یکم مارچ تک جمع کرا دی جائیں۔
واضح رہے آئی ایم ایف نے پاکستان سے بجٹ میں انکم ٹیکس کی رعایتیں اور مراعات ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے، مالیاتی ادارے کی شرط پر عملدرآمد کرتے ہوئے حکومت آئندہ بجٹ میں مزید ٹیکس بھی لگائے گی۔

فی تولہ سونے کی قیمت میں 800 روپے کمی

کراچی: (ویب ڈیسک) عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتیں کم ہونے سے مقامی سطح پر بھی سونے کے نرخ کم ہوئے ہیں۔
عالمی منڈی میں فی اونس سونے کی قیمت 5 ڈالر کی کمی کے بعد 1860 ڈالر کی سطح پر آگئی جس کے نتیجے میں ملکی سطح پر بھی سونے کے نرخ کم ہوئے ہیں۔
مقامی صرافہ مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت 800 روپے گھٹ کر ایک لاکھ 97 ہزار 600 روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت 686 روپے گھٹ کر ایک لاکھ روپے 69 ہزار 410 روپے کی سطح پر آگئی۔

امریکہ کی اپنے شہریوں کو روس چھوڑنے کی ہدایت

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکہ نے اپنے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ فوری طور پر روس سے نکل جائیں۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکہ نے روس میں موجود اپنے شہریوں کو روسی سکیورٹی ایجنسیوں کی جانب سے ہراساں اور گرفتار کرنے کے خدشے کے پیش نظر یہ ہدایت کی ہے۔
ماسکو میں امریکی سفارت خانے نے کہا ہے کہ روس میں مقیم یا وہاں کا سفر کرنے والے امریکی فوری طور پر یہاں سے روانہ ہو جائیں ، غلط طور پر حراست میں لیے جانے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ روس کا سفر نہ کریں ۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی امریکہ روس چھوڑنے کے حوالے سے اپنے شہریوں کو انتباہ جاری کرتا رہا ہے،گزشتہ برس ستمبر میں امریکہ نے ایسی ایک وارننگ جاری کی تھی۔
روس میں امریکہ کے سفارت خانے نے اپنے بیان میں الزام عائد کیا کہ ’روسی سکیورٹی سروسز نے امریکی شہریوں کو غلط الزامات میں گرفتار کیا ہے، انہوں نے ہراساں کرنے اور حراست میں لینے کے لیے خاص طور پر امریکیوں کو نشانہ بنایا ہے۔‘
گزشتہ ماہ روس کی وفاقی سکیورٹی سروس نے کہا تھا کہ روس نے امریکی شہری کے خلاف جاسوسی کے شبے میں کریمنل کیس شروع کیا ہے۔

سی ٹی ڈی پولیس نے 2 دہشت گرد گرفتار کر لیے، بارودی مواد برآمد

لاہور: (ویب ڈیسک) کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے ڈیرہ غازی خان سے 2 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا، جن کے قبضہ سے بارودی مواد بھی برآمد ہوا۔
سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق پکڑے گئے دہشت گردوں میں سبحان اللہ الیاس اور مسعود الرحمان شامل ہیں، دہشت گردوں سے ہینڈ گرنیڈ، 1970 گرام بارودی مواد، سیفٹی فیوز، ڈیٹونیٹر، 3بال بئیرنگ کے پیکٹ اور سلوشن ٹیپ برآمد کر لی گئی۔
ترجمان کے مطابق دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے، دہشت گردوں کو خفیہ معلومات کے ذریعے گرفتار کیا گیا، دہشت گردوں کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

ضیاء محی الدین کا انتقال، وزیر اعلیٰ سندھ اظہار ہمدردی کیلئے انکے گھر پہنچ گئے

کراچی: (ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ضیاء محی الدین کے انتقال پر اظہار ہمدردی کیلئے اُن کے گھر پہنچ گئے، انہوں نے ورثا سے تعزیت بھی کی۔
ترجمان وزیر اعلیٰ سندھ کے مطابق مراد علی شاہ نے اس موقع پر مرحوم کے بلند درجات کیلئے دعا کی، وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ضیا محی الدین بڑی شخصیت کے مالک تھے، ایک تقریب میں ملاقات ہوئی تھی جہاں اپنی تقریر بھی سنی۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ ضیا محی الدین کے چاہنے والے آج دنیا بھر میں موجود ہیں، فنکار کا کوئی نعم البدل نہیں ہوتا، ایک ایک لیجنڈ فنکار اپنا مقام اور جگہ خود بناتا ہے، اب کوئی اور لیجنڈ ضرور آئیں گے لیکن ضیاء محی الدین کی جگہ کوئی نہیں لے سکتا۔

پاکستان آرمی کی جانب سے ترکیہ میں زلزلہ زدہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن جاری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان آرمی کی جانب سے ترکیہ میں زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن جاری ہے۔
پاکستان آرمی کے جوانوں نے ترکیہ کے زلزلہ زدگان کی امداد میں بھرپور حصہ لیتے ہوئے 14 مختلف جگہوں پر سرچ آپریشن کر کے مزید 17 لاشیں ملبے سے نکال کر ورثاء کے حوالے کر دیں۔
پاک فوج نے مجموعی طور پر اب تک 77 جگہوں پر سرچ آپریشن کیا جن میں سے 34 جگہوں پر ریسکیو آپریشن بھی کیا گیا، پاکستان آرمی کی ریسکیو ٹیموں نے 8 لوگوں کو ملبے سے زندہ نکالا ہے۔

لوگ عمران خان کو بطور کامیاب کرکٹر اور ناکام سیاستدان یاد رکھیں گے: ناصر شاہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) صوبائی وزیر ناصر شاہ نے کہا کہ لوگ عمران خان کو کامیاب کرکٹر اور ناکام ترین سیاست دان کے طور پر یاد رکھیں گے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر بلدیات سندھ ناصرحسین شاہ نے کہا کہ عمران خان نے آصف زرداری پر قتل کرنے کا الزام لگایا، آئی ایم ایف معاہدے کے بعد مہنگائی میں مزید اضافہ ہو گا۔
پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ آنے والے وقت میں عوام کیلئے آسانیاں پیدا ہوں گی، ہم الیکشن سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے، پیپلز پارٹی کی الیکشن سے متعلق مشاورت جاری ہے۔
صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین نے کہا ریاست مدینہ میں بیٹیوں کو چھپایا نہیں جاتا تھا، عمران خان واحد وزیر اعظم جس کو آئینی طریقے سے گھر بھیجا گیا، عمران نے پہلے امریکا پر سازش کا الزام لگایا تھا۔

پتہ کریں کہ آئی ایم ایف کی ڈیمانڈ کیا ہے؟پھرحقیقت نظر آئے گی ،شاہد خاقان عباسی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پتہ کریں کہ آئی ایم ایف کی ڈیمانڈ کیا ہے؟پھرحقیقت نظر آئے گی۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ وہی کمیٹمنٹ ہیں جو ماضی میں حکومتیں کر چکی ہیں۔
اس موقع پر صحافی نے سوال کیا کہ اسحاق ڈار کی آئی ایم ایف کیساتھ ڈیلنگ کیسی ہے؟ جس پر انہوں نے کہا کہ بالکل ویسی جیسی آپ کی صحافت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی معاہدے عوام کے سامنے نہیں رکھتی تھی اور نہ ہی انہیں پورا کرتی تھی۔ پی ٹی آئی کے پورے نہ کیے جانے والے معاہدوں کی قیمت ادا کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے،الیکشن کمیشن صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کی تاریخ کا بتائے گا،آئین کہتا ہے90 دن میں الیکشن کروائے جائیں۔