All posts by Khabrain News

چہلم امام حسینؓ، ملک بھر میں سکیورٹی کیلئے فوج کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر سکیورٹی کیلئے فوج اور سول آرمڈ فورسز کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
وزارت داخلہ میں سکیورٹی صورتحال مانیٹر کرنے کیلئے سینٹرل کنٹرول روم بھی قائم کردیا گیا۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھاکہ چہلم امام حسینؓ پر فوج اور سول حکومت کی مدد کیلئے سکیورٹی فرائض سرانجام دے گی، فوج کے ساتھ رینجرز، ایف سی اور دیگر فورسز بھی سکیورٹی خدمات سرانجام دیں گی۔
ان کا کہنا تھاکہ فوج سیلاب ڈیوٹی کےساتھ ساتھ چہلم سکیورٹی کیلئے بھی اپنی خدمات دے گی۔
رانا ثنااللہ کا کہنا تھاکہ سینٹرل کنٹرول روم سے تمام جلوسوں اورسکیورٹی کے معاملات کو مانیٹر کیا جائے گا، چہلم کے جلوس، راستوں اورامام بارگاہوں کی سکیورٹی کیلئے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے۔

بھکاریوں کے اس ٹولے کو قوم مزید برداشت نہیں کرے گی، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا

پشاور: (ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ بھکاریوں کے اس ٹولے کو قوم مزید برداشت نہیں کرے گی۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن والے بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اور عدالتوں پر حملہ مسلم لیگ ن کا خاصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا جھوٹ پوری قوم دیکھ چکی ہے اور مریم نواز کو پتہ نہیں کہ ان کا دادا غریب گھرانے سے تھا یا ارب پتی سرمایہ کار تھے۔
محمود خان نے کہا کہ تعصب سے بھری جماعت کو حکومت کرنے کا کوئی حق نہیں ہے اور بھکاریوں کے اس ٹولے کو قوم مزید برداشت نہیں کرے گی۔ عدالتوں سے مفرور لوگ قوم کو مزید گمراہ نہیں کر سکتے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان واحد لیڈر ہیں جنہوں نے اقوام متحدہ میں توہین رسالت پر بات کی اور مذہب کے نام پر سیاست کرنے والوں کو قوم معاف نہیں کرے گی۔

پاکستان نے موسمیاتی تبدیلی کی قیمت ادا کی، دنیا ہماری مدد کو آگے آئے، شہباز شریف

سمرقند: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کی قیمت پاکستان نے سیلاب سے تباہ کاریوں کی صورت میں ادا کی، دنیا کو ہماری مدد کے لیے آگے آنا ہو گا۔
شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ایسا سیلاب کبھی دیکھا نہیں تھا، متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا حالات ٹھیک نہیں ، سیلاب اور بارش کا پانی جگہ جگہ موجود ہے جس کے باعث ملیریا، ڈینگی اور دیگر بیماریاں جنم لے رہی ہیں۔
وزیراعظم نے بتایا کہ سیلاب سے ایک ہزار 400 افراد جاں بحق ہوئے ،ہزار وں زخمی اور متعدد لاپتہ ہوئے ہیں، سیلاب سے مویشی ، فصلیں ،گھر،بستیاں اور شہر متاثر ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کےاثرات کا خمیازہ پاکستان بھگت رہا ہے،اس سے نمٹنے کے لیے موثر اقدامات کرنے ہوں گے، کیا یہ آفت اور تباہی پاکستان کے لیے آخری ہوگی یا دیگر ممالک کو بھی ایسی صورتحال کا سامناکرناہوگا؟
وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے درمیان موجود کچھ ممالک نے سیلاب متاثرین کی بہت مددکی ان کامشکور ہوں۔
شہباز شریف نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم علاقائی مسائل کے حل کے لیے بہترین فارم ہے، پاکستان کا امن افغانستان میں امن سے جڑا ہے، افغانستان پاکستان کا ہمسایہ ملک اور امن کی ضمانت ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان کو نظر انداز کرنا بہت بڑی غلطی ہوگی، خطے میں امن و امان کے لیے تمام رکن ممالک کو کام کرنے کی مزید ضرورت ہے، خوشحال ،ترقی یافتہ اور تعلیم یافتہ افغانستان خطے کے تمام ممالک کے لیے اہم ہے، انسانی ہمدردی کی بنیاد پر افغانستان کو معاشی طور پر مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔

دنیا کی پہلی اڑنے والی موٹر سائیکل متعارف

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) جاپانی کمپنی نے دنیا کی پہلی اڑنے والی موٹر سائیکل کا امریکہ میں کامیاب تجربہ کر لیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اب موٹر سائیکل بھی طیاروں کی طرح اڑا کرے گی۔ فلائنگ بائیک اسٹارٹ اپ نامی جاپانی کمپنی نے بنائی ہے جو 40 منٹ تک ہوا میں اڑنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
ہوا میں اڑنے والی بائیک کی زیادہ سے زیادہ رفتار 62 میل فی گھنٹہ ہے اور اس بائیک کو “اسٹار وارز” سے متاثر ہو کر تیار کیا گیا ہے۔ فلائنگ بائیک کو امریکہ میں ڈیٹرائیٹ آٹو شو کے موقع پر متعارف کرایا گیا۔
جاپانی کمپنی کی تیار کردہ ہوور بائیک 40 منٹ تک 62 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے پرواز کر سکتی ہے۔
آٹو شو انتظامیہ کے رکن جنہوں نے فلائنگ بائیک کو اڑا کر ٹیسٹ کیا ان کا کہنا تھا کہ میں خود کو 15 سال کا محسوس کر رہا ہوں اور ایسا لگ رہا ہے جیسے میں اسٹار وارز میں اپنی بائیک پر سفر کررہا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ بائیک کو چلاتے ہوئے میرے رونگٹے کھڑے ہو گئے تھے اور میں خود کو چھوٹا سا لڑکا سمجھنے لگا تھا۔
واضح رہے کہ مذکورہ موٹر سائیکل کو جاپان میں فروخت کے لیے پیش کیا جا چکا ہے اور کمپنی کے سی ای او کا کہنا تھا کہ اس بائیک کو 2023 میں امریکہ میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔
فلائنگ بائیک کی تعارفی قیمت 7 لاکھ 70 ہزار ڈالر رکھی گئی ہے تاہم مذکورہ کمپنی 2025 تک ایک چھوٹا الیکٹرک ماڈل بھی تیار کرنے کی خواہشمند ہے جس کی قیمت 50 ہزار ڈالر تک ہونے کا امکان ہے۔

انٹربینک میں ڈالر مزید 96 پیسے مہنگا ہو گیا

کراچی: (ویب ڈیسک) روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت میں اضافے کا رجحان برقرار ہے۔ انٹربینک میں ڈالر مزید 96 پیسے مہنگا ہو گیا۔
ڈالر کی قیمت میں ایک بار پھر مسلسل اضافے کا سلسلہ جاری ہے اور ڈالر کی قیمت مزید اضافے کے بعد انٹربینک میں ڈالر 236 روپے 84 پیسے کا ہو گیا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق آج پھر کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قیمت میں 96 پیسے کا اضافہ ہوا۔

کراچی میں پی پی نے بھرپور ترقیاتی کام کئے، بلدیاتی انتخابات میں جیتیں گے، سعید غنی

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ قومی اسمبلی کے 2 حلقوں اور کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی بھرپور انداز میں الیکشن میں نہ صرف حصہ لے گی بلکہ بھرپور کامیابی بھی حاصل کرے گی۔
پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کا اہم اجلاس صدر کراچی ڈویژن و وزیر محنت وافرادی قوت سندھ سعید غنی کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں پیپلزپارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری و معاون خصوصی وزیر اعلٰی سندھ وقار مہدی، ڈپٹی جنرل سیکریٹری سندھ و صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ و دیگر نے شرکت کی۔
سعید غنی نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات 23 اکتوبر کو جبکہ ضمنی الیکشن کراچی کے دو حلقوں ملیر اور کورنگی میں 16 اکتوبر کو ہوں گے۔ ہمارے پاس مزید تیاری کے لئے ایک ماہ اور ایک ہفتے کا وقت ہے۔
سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پارٹی کی واضح پالیسی ہے کہ پارٹی کے نامزد امیدوار کے مدمقابل اگر کوئی ایسا امیدوار جو پارٹی کا کارکن یا عہدیدار ہے اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ کراچی میں بجٹ میں منظور شدہ اے ڈی پی اسکیموں پر کاموں کا آغاز جلد کردیا جائے گا۔
سعید غنی نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں مسلسل تاخیر کے باعث ہمارے امیدواروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے ، انشاءاللہ اس بار بلدیاتی انتخابات میں کراچی میں صورتحال پیپلز پارٹی کے حق میں ہوگی کیونکہ ہم نے کراچی میں بھرپور کام کئے ہیں۔

ملک میں مہنگائی کی شرح میں کمی، 40.70 فیصد تک پہنچ گئی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں مہنگائی کی شرح کم ہو کر 40.70 فیصد تک پہنچ گئی۔
وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری میں ہفتہ وار مہنگائی کی رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے مہنگائی کی مجموعی شرح میں 0.19 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی اور شرح 40.70 فیصد رہی، حالیہ ہفتے 30 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا اور 10 اشیاء کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی جبکہ 11 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
رپورٹ کے مطابق آلو کی قیمتوں میں 0.33 فیصد، پیاز کی قیمتوں میں 16.24 فیصد، ٹماٹر کی قیمتوں میں 9.84 فیصد، چکن کی قیمتوں میں 1.88 فیصد، چینی کی قیمتوں میں 0.95 فیصد، ویجی ٹیبل گھی کی قیمتوں میں 0.39 فیصد، کوکنگ آئل کی قیمتوں میں 0.10 فیصد جبکہ ایل پی جی کی قیمتوں میں 2.62 فیصد کمی واقع ہوئی۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چائے کی پتی کی قیمتوں میں 6.30 فیصد اضافہ ہوا، دال مونگ کی قیمتوں میں 3.46 فیصد، انڈوں کی قیمتوں میں 2.54 فیصد، دال چنا کی قیمتوں میں 2.53 فیصد، آٹا کی قیمتوں میں 1.96 فیصد، چاول کی قیمتوں میں 1.73 فیصد، دال ماش کی قیمتوں میں 1.68 فیصد اور بریڈ کی قیمتوں میں 1.45 فیصد اضافہ ہوا ہے، حالیہ ہفتے 11 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ گزشتہ ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اعشاریہ کے لحاظ سے سالانہ بنیادوں پر 17 ہزار 732 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح میں 33.03 فیصد، 17 ہزار 733 روپے سے 22 ہزار 888 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح میں 38.29 فیصد اضافہ ہوا۔

سونے کی فی تولہ قیمت ایک لاکھ 55 ہزار روپے ہوگئی

کراچی: (ویب ڈیسک) ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت کم ہوگئی۔
صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت میں 850 روپے کم ہو کر ایک لاکھ 55 ہزار روپے ہوگئی۔
10 گرام سونا 728 روپے کم ہو کر ایک لاکھ 32 ہزار 888 روپے ہے جبکہ عالمی صرافہ میں سونے کی قدر 19 ڈالرزکم ہوکر 1667 ڈالرز فی اونس ہے۔

پشاور اور کوئٹہ کے بعد لاہور اور راولپنڈی میں بھی آٹا مہنگا ہوگیا

لاہور: (ویب ڈیسک) پشاور اور کوئٹہ کے بعد لاہور اور راولپنڈی میں بھی آٹا مہنگا ہوگیا۔
لاہور میں چکی مالکان نے فی کلو آٹے کی قیمت 8 روپے بڑھا کر 116 روپے کلو مقرر کر دی۔
راولپنڈی میں سرکاری گندم کی قلت کے بعد اوپن مارکیٹ میں فی من قیمت 3600 سے 3700 روپے کیے جانے سے آٹا بھی مہنگا ہوگیا۔
فیصل آباد میں فلار ملز نے آٹا 100 روپے جبکہ چکی کا آٹا 120 روپے تک کردیا۔ ادھر پشاور میں بھی آٹا مہنگا ہونے پر نانبائیوں نے روٹی کی قیمت بڑھادی۔ کسی نے قیمت 15 سے بڑھا کر 20 کردی تو کوئی پیڑے کا وزن کم کرکے کام چلانے لگا۔
سیلاب سے متاثرہ بلوچستان کے شمالی اضلاع میں قلت کے باعث آٹے کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ ہوگیا ہے اور دوہفتوں میں 100 کلو بوری کی قیمت 11 ہزار سے بڑھ کر 13 ہزار روپے تک جاپہنچی ہے۔

چین؛ سرکاری ٹیلی کام کمپنی کی فلک بوس عمارت میں خوفناک آگ بھڑک اُٹھی

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین کے وسطی شہر چانگشا میں 42 منزلہ فلک بوس عمارت میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس میں سرکاری ٹیلی کام کمپنی کا دفتر بھی ہے۔
چین کے سرکاری نشریاتی ادارے ’’سی سی ٹی وی‘‘ کے مطابق چانگشا کی تقریباً 715 فٹ بلند عمارت میں لگی خوفناک آگ کو بجھانے کے لیے 63 فائر فائٹر گاڑیوں اور 2 ہزار رضاکاروں کو بھیجا گیا ہے جنھوں گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا۔
خوفناک آگ نے 42 منزلہ فلک بوس عمارت کو مخدوش کردیا جس میں دو زیر زمین فلورز بھی تھے اور مبینہ طور پر کہا جا رہا ہے کہ اسی مقام پر ایندھن ذخیرہ کیا گیا تھا جس کے پھٹنے سے آگ لگی تاہم اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ آگ کے بلند شعلوں نے 42 منزلہ عمارت کے اکثر فلورز کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے اور فائر فائٹرز آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
سرکاری سطح پر آتشزدگی کے واقعے میں جانی نقصان کی تصدیق نہیں کی گئی تاہم ہلاکتوں کی کا خدشہ ہے۔ فلک بوس عمارت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔