All posts by Khabrain News

وزیراعظم کا مہنگائی کا اعتراف، اعترافِ جرم ہے، سراج الحق

لاہور: (ویب ڈیسک) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا مہنگائی کا اعتراف، اعترافِ جرم ہے اور سیاسی، معاشی، سماجی عدم استحکام سے ملک انتہائی مشکلات کا شکار ہے۔
بن شاہی اپردیراور ثمرباغ لوئردیر میں کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا بجلی کے بلوں میں فیول ایڈجسٹمنٹ سے متعلق وزیراعظم اور وزیرتوانائی کے بیانات میں واضح تضاد، قوم کو دھوکا دیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کی نااہلی سے پاکستان مسائلستان بن گیا، وسائل سے مالامال 22کروڑ عوام کے ایٹمی پاکستان کی معاشی بدحالی کے ذمہ دار موجودہ اور سابقہ حکمران ہیں، جاگیردار، وڈیرے اور ظالم سرمایہ دار ملک کے وسائل پر سات دہائیوں سے قابض ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ عوام سانپوں کو دودھ پلانا بند کردیں، یہ اژدھے بن کر غریبوں کو ہی نگل لیں گے، آزمائی ہوئی جماعتوں سے بھلائی کی توقع نہیں، بہتری صرف اسلامی نظام سے ہی آئے گی، سیلاب،مہنگائی اور بے روزگاری کے طوفان نے عوام کا سانس لینا دشوار بنا دیا۔ حکمرانوں کی نااہلی اور کرپشن کی سزا قوم بھگت رہی ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ سیلاب قوم کے لیے آزمائش اور چیلنج ہے، ہمیں اجتماعی توبہ اور بے سہارا لوگوں کی مدد کے لیے آگے بڑھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں بری طرح ایکسپوز ہو گئیں، وزرا کے گوداموں سے سرکاری امداد برآمد ہو رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلے متنبہ کر چکے ہیں کہ سرکاری امداد کی تقسیم میں کرپشن کا خطرہ ہے، حکمران باز نہ آئے تو عوام ان کے محلات کا گھیراؤ کرنے کے لیے تیار بیٹھے ہیں، لوگوں کے صبر کو مزید نہ آزمایا جائے، انہیں ان کا حق دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ دیگر علاقوں کی طرح خیبرپختونخوا میں بھی سیلاب سے بڑی تباہی آئی ہے، لوگوں کی عمر بھر کی کمائی آناً فاناً پانی میں بہہ گئی، عمارات، انفراسٹرکچر اورگھر سیلاب کی نذر ہو گئے، پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت متاثرین کو ریلیف پہنچانے میں بے بس اور ناکام نظر آ رہی ہے۔

شاہین شاہ سے متعلق شاہد آفریدی کے بیان پر ترجمان پی سی بی کا ردعمل

لاہور: (ویب ڈیسک) ترجمان پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے شاہد آفریدی کی جانب سے دیے گئے بیان پر ان کا نام لیے بغیر وضاحت کی ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کھلاڑیوں کے میڈیکل اور ری ہیب کے تمام انتظامات کرتا ہے۔
خیال رہے کہ شاہد آفریدی نے ایک ٹی وی پروگرام میں کہا تھا کہ شاہین شاہ آفریدی انجری سے نجات کیلئے اپنے خرچے پر انگلینڈ گیا ہے، شاہین اپنے پیسوں پر انگلینڈ میں رکا ہوا ہے، ڈاکٹر سے رابطہ بھی میں نے یہاں سے کروا کردیا، اس میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کچھ نہیں کر رہا۔
خیال رہےکہ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی گھٹنے میں زخم کے باعث سری لنکا کے خلاف سیریز کے دوسرے ٹیسٹ سے باہر ہوگئے تھے، جس کے بعد وہ ایشیا کپ میں بھی شرکت نہیں کرسکے اور اب شاہین انگلینڈ کے خلاف سیریز کا بھی حصہ نہیں ہوں گے البتہ انہیں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
اس سے قبل وہ ایشیا کپ سے پہلے قومی اسکواڈ کے ساتھ دبئی میں ہی موجود تھے، اس حوالے سے پی سی بی کا کہنا تھا کہ دبئی میں جدید سہولیات کی وجہ سے شاہین آفریدی کو اسکواڈ کے ساتھ رکھا جا رہا ہے، شاہین آفریدی کو جس انجری کا سامنا ہے اس کے لیے دبئی میں موجود سہولیات سے استفادہ کیا جائےگا۔
بعد ازاں 29 اگست کو پی سی بی نے کہا تھا کہ شاہین آفریدی آج لندن کے لیے روانہ ہورہے ہیں جہاں وہ انجری سے بحالی مکمل کریں گے۔

حدیقہ کیانی بلوچستان میں سیلاب سے تباہ تین گاؤں دوبارہ تعمیر کرائیں گی

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) معروف گلوکارہ و اداکارہ حدیقہ کیانی نے سیلاب سے متاثر صوبہ بلوچستان کےتین گاؤں کی دوبارہ تعمیر کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ صوبہ سندھ اور پنجاب میں بھی فلاحی کام جاری رکھیں گی۔
واضح رہے کہ حدیقہ نے سیلاب کے فوری بعد امدادی کاموں کا آغاز کردیا تھا اور انہوں نے ‘وسلیہ راہ’ نامی امدادی مہم بھی شروع کی تھی۔
بلوچستان میں سیلاب سے متاثرہ خواتین سے ملاقات کی ایک مختصر ویڈیو ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے سیلاب سے تباہ ہونے والے چند گاؤں کی دوبارہ تعمیر کی ذمہ داری اٹھائی ہے۔
حدیقہ کیانی نے بتایا کہ انہوں نے بلوچستان کے ‘ربی، چھتر اور اب ٹمبو’ نامی گائوں کو دوبارہ تعمیر کروانے کی ذمہ داری اٹھائی ہے۔
مذکورہ مہم کے دوران حدیقہ کیانی نے ابتدائی طور پر صوبہ بلوچستان کے سیلاب متاثرہ افراد کی امداد کی اور انہیں خوراک کے علاوہ ضروری اشیا فراہم کرنے سمیت انہیں ٹینٹ بھی فراہم کیے تھے۔
گلوکارہ و اداکارہ کی جانب سے بلوچستان بھجوائے گئے امدادی سامان کے بعد حال ہی میں انہوں نے خود بھی وہاں کا دورہ کیا اور وہ وہاں خواتین سے بھی ملی ہیں۔

کوشش ہے مسنگ پرسنز کیسز میں کمی ہو اور ناسور سے نجات ملے: وفاقی وزیر قانون

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے جبری گمشدگی اور لاپتہ افراد کے حوالہ سے قائم کابینہ کی ذیلی کمیٹی کے شرکاء کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری کوشش ہے آئندہ مسنگ پرسنز کیسز میں کمی ہو اور اس ناسور سے نجات ملے۔ جو لاپتہ افراد مل سکتے ہیں ان تک رسائی ہو اور آئندہ یہ سلسلہ رک سکے۔
کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو یہاں وفاقی وزیر کی زیر صدارت وزارت قانون و انصاف میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ، وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ، وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت شازیہ مری، وفاقی وزیر برائے بحری امور فیصل سبزواری اور سینیٹر کامران مرتضیٰ، آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈی آئی جی بلوچستان، ڈی آئی جی سندھ، اینکر پرسن نسیم زہرہ، لاپتہ صحافی مدثر محمود نارو کے والدین، پروفیسر فیصل منظور بلوچ، ہیومن رائٹس ایکٹیوسٹ سمی بلوچ اور لاپتہ ڈاکٹر دین محمد بلوچ کی بیٹی نے بھی شرکت کی۔
ہیومن رائٹس ایکٹیوسٹ سمی بلوچ نے اس موقع پر کہا کہ ہماری کمیٹی سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں جس کی وجہ سے لاپتہ افراد کے لواحقین نے کوئٹہ میں جاری دھرنا ختم کیا ہے۔ وزیر قانون نے اس موقع بلوچستان دھرنے کے شرکاء کا دھرنا ختم کرنے اور کمیٹی پر اعتماد کرنے پر اظہار تشکر کیا۔
وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان نے اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں لاپتہ افراد کے لواحقین کے دکھ اور درد کا پورا احساس ہے۔ ہم نیک نیتی کے ساتھ اس مسئلہ پر آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔
وفاقی وزیر شازیہ مری نے بتایا اس کمیٹی سے لوگوں کی امیدیں بحال ہوئی ہیں۔ نسیم زہرہ نے ہر ہفتے کمیٹی کے اجلاس کے انعقاد کے عمل کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پہلی مرتبہ کسی فورم نے لاپتہ افراد کہ بازیابی کے لئے سنجیدگی کا اظہار کیا ہے۔

ہنگری کے تعاون سے ماحولیاتی اثرات پر قابو پانے میں مدد مل سکے گی: آرمی چیف

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ہنگری کے تعاون سے ماحولیاتی اثرات پر قابو پانے میں مدد مل سکے گی۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ہنگری کا دورہ کیا اور ہنگری کے وزیر خارجہ سے دارالحکومت بڈاپاسٹ میں ملاقات کی، اس دوران انہوں نے پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں اور نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا۔
ہنگرین وزیر خارجہ نے پاکستانی طلباء کیلئے سکالرشپ 200 سے بڑھا کر 400 کر دیئے جبکہ سپہ سالار نے دوست ممالک کے نیک جذبات اور تعاون پر تشکر کا اظہار کیا۔
ملاقات کے دوران ہنگری نے تجارت، زراعت اور آبی وسائل کی مینجمنٹ ٹیکنالوجی میں تعاون کی پیشکش کی۔
اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہنگری کے تعاون سے ماحولیاتی اثرات پر قابو پانے میں مدد مل سکے گی۔
بعد ازاں جنرل قمر جاوید باجوہ نے ہنگرین کمانڈر ڈیفنس فورسز سے بھی ملاقات کی، اس دوران باہمی اور پیشہ وارانہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

امریکا فوری طور پر افغانستان کے منجمد اثاثوں کو بحال کرے، چین

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین کا کہنا ہے کہ امریکا فوری طور پر افغان منجمد اثاثوں کو بحال کرے اور افغان اثاثوں کی افغانستان کو مکمل اور آزادانہ ادائیگی کرے۔
امریکا نے گزشتہ روز افغانستان کے 3.5 بلین ڈالر کے اثاثے سوئٹزرلینڈ کے افغان فنڈ میں منتقل کرنے کا کہا ہے۔
ترجمان چینی وزارت خارجہ ماؤننگ کا کہنا ہے کہ افغان مرکزی بینک کے امریکا میں منجمد اثاثے افغان قومی ملکیت ہیں جو افغانوں کی زندگیوں کے تحفظ کے لیے ضروری ہیں، افغان منجمد اثاثوں کی فوری، مکمل اور آزادانہ ادائیگی ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ افغان اثاثے افغان عوام کی فلاح کے لیے کسی مداخلت کے بغیر استعمال ہونے چاہیئیں، امریکا افغان اثاثوں کو فوری غیر منجمد کرے اور یک طرفہ پابندیاں ہٹائے۔
ترجمان چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ امریکا افغانستان میں امن و استحکام کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرے۔
واضح رہے کہ امریکا میں موجود افغان مرکزی بینک کے 7 ارب ڈالر کے اثاثے امریکا نے منجمد کیے ہوئے ہیں۔

پاک فوج ٹھری میر واہ کی گونگی بہری خاتون کی مدد کو پہنچ گئی

خیرپور: (ویب ڈیسک) کورکمانڈر کراچی کی ہدایت پر پاک فوج گونگی بہری خاتون کی مدد کیلئے ضلع خیرپور کے علاقے ٹھری میر واہ پہنچ گئی۔
قوت سماعت و گویائی سے محروم سیلاب میں پھنسی بے بس خاتون اور اس کا گاؤں بھرپور امداد پر نہال ہوگیا۔ بے یار و مدد گار خاتون نے رو رو کر سوشل میڈیا پر مدد کیلئے دہائی دی تھی۔
کور کمانڈر کراچی جنرل محمد سعید نے خاتون کی دہائی پر فوری مدد کا حکم دیا جس کے بعد پاک فوج کی ٹیم نے گاؤں پہنچ کر خاتون اور اس کے اہل خانہ کو فلڈ ریلیف کا سامان فراہم کیا۔
خاتون کو 5 ٹنیٹ، 5 بیگ آٹا، راشن کے 5 تھیلے، 20 مچھردانیاں، کپڑے اور بستر فراہم کیے گئے۔
امدادی سامان ملنے پر خاتون کا چہرہ خوشی سے کِھل اٹھا، خاتون نے فوجی جوانوں کا شکریہ ادا کیا۔
خاتون کے گاؤں کے 40 دیگر خاندانوں میں بھی خیمے، راشن، کپڑے، مچھر دانیاں و دیگر سامان تقسیم کیا گیا۔

سوکا ورلڈکپ: اسکاٹ لینڈ نے پاکستان کو شکست دے دی

بڈاپسٹ: (ویب ڈیسک) سوکا ورلڈ کپ میں اسکاٹ لینڈ نے پاکستان کو شکست دے دی۔
ہنگری میں کھیلے جا رہے سوکا ورلڈ کپ میں فاتح ٹیم اسکاٹ لینڈ نے پاکستان ٹیم کو دو کے مقابلے میں چار گول سے ہرا دیا، میچ میں ایک موقع پر قومی ٹیم کو دو صفر کی برتری حاصل تھی۔
یہ ایونٹ میں پاکستان کا تیسرا میچ تھا، دو میچز میں قومی ٹیم کو ناکامی ہوئی جبکہ ایک میچ برابر رہا۔

ملکی زر مبادلہ کے ذخائر مزید کم ہوگئے

کراچی: (ویب ڈیسک) ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 9 ستمبر کو ختم ہونے والے کاروباری ہفتے میں 15 کروڑ 61 لاکھ ڈالر کم ہوئے ہیں۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق زرمبادلہ کے ذخائر 15 کروڑ 61 لاکھ ڈالر کم ہوکر 9 ستمبر تک 14 ارب 31 کروڑ ڈالر رہے۔
اسٹیٹ بینک کے ذخائر 17.59کروڑ ڈالر کم ہو کر 8.62 ارب ڈالر ہوگئے ہیں جبکہ کمرشل بینکوں کے ذخائر 1.98کروڑ ڈالر بڑھ کر 5.69 ارب ڈالر پر آگئے ہیں۔

پی ڈی ایم میں شامل تینوں جماعتوں کے رہنما پی ٹی آئی میں شامل

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) میں شامل تین بڑی جماعتوں کے رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں شامل ہو گئے۔
پیپلزپارٹی کے خواجہ قطب فرید کوریجہ،چارسدہ سے قومی وطن پارٹی کے رہنما بابر علی خان مہمند اور وہاڑی سے مسلم لیگ ن کےسابق رکن قومی اسمبلی نسیم مہدی شاہ پی ٹی آئی کا حصہ بن گئے۔
پی ٹی آئی میں شامل ہونے والے تینوں رہنماوں کی عمران خان سے ملاقات ہوئی ہے۔
نسیم مہدی شاہ، بابرعلی مہمند اور خواجہ قطب فرید کوریجہ نے عمران خان کی قیادت پرمکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔