اسلام آباد: (ویب ڈیسک) حکومت نے غریب عوام کو ایک اور جھٹکا دے دیا، بجلی ساڑھے 19 پیسے فی یونٹ مہنگی کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق نیپرا نے بجلی مزید ساڑھے 19 پیسے فی یونٹ مہنگی کر دی، نیپرا کی جانب سے اگست کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں قیمت بڑھانے کی منظوری دی۔
دوسری جانب نیپرا نے کے الیکٹرک صارفین کے لیے بجلی 4 روپے 87 پیسے فی یونٹ سستی کر دی۔
کے الیکٹرک کی جانب سے اگست کی فیول ایڈجسمنٹ میں 4 روپے 21 پیسے فی یونٹ بجلی سستی کرنے کی تجویز دی گئی تھی تاہم نیپرا نے کے الیکٹرک کےلیے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 4 روپے 87 پیسے کمی کی منظوری دے دی۔
نیپرا حکام کا کہنا ہے کہ بجلی سستی ہونے سے کے الیکٹرک صارفین کو 7 ارب 21 کروڑ روپے سے زائد کا ریلیف حاصل ہوگا۔
نیپرا حکام کے مطابق کے الیکٹرک کی اپنی بجلی پیداوار کی لاگت 38 روپے فی یونٹ ہے، جبکہ کےالیکٹرک جو بجلی خریدتا ہے اس کی لاگت 13.61 روپے فی یونٹ ہے۔
سماعت کے دوران چیئرمین نیپرا نے سوال کیا کہ کے الیکٹرک بجلی کی پیداواری لاگت کم کرنے کیلئےکیا کررہی ہے، جس پر کے الیکٹرک حکام نے کہا کہ پیداواری لاگت کم کرنے کیلئےقابل تجدید توانائی اور گیس پر پیداوار بڑھانے کا پروگرام ہے۔
توصیف ایچ فاروقی نے کہا کہ کےالیکٹرک کو پیداوار سے 24 روپے فی یونٹ سستی بجلی مل رہی ہے، کے الیکٹرک اپنی سستی پیداوار بڑھانے کیلئے اپنے اقدامات پر ریگولیٹر کو بتائے۔
اس دوران نیپرا کے کیس افسر نے کہا کہ حکومت 15 روپے فی یونٹ ٹیرف میں سبسڈی دے رہی ہے۔
چیئرمین نیپرا نے کہا کہ کےالیکٹرک والے لوگوں کو نئے پلانٹس لگانے کے خواب نہ دکھائیں اور کے الیکٹرک والے خود کچھ نہیں کرتے بلکہ دوسروں کی طرف دیکھتے ہیں، کے الیکٹرک والے ساری دنیا سے پہلے مانگتے ہیں بعد میں خود کچھ کرتے ہیں۔
All posts by Khabrain News
یکم اکتوبر سے پٹرولیم مصنوعات 16 روپے تک سستی ہونے کا امکان
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) یکم اکتوبر سے پٹرولیم مصنوعات 16 روپے تک سستی ہونے کا امکان ہے، دستاویز کے مطابق سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 16 روپے، پٹرول کی قیمت میں 7 روپے، مٹی کا تیل 14 روپے 20 پیسے اور لائٹ ڈیزل 10 روپے 87 پیسے فی لٹر سستا ہوسکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یکم اکتوبر سے پٹرولیم مصنوعات 16 روپے تک سستی ہونے کا امکان ہے، آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل نے ورکنگ پیپر تیار کر لیا، دستاویز کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 16 روپے 61 پیسے فی لٹر اور پٹرول کی قیمت میں 7 روپے 24 پیسے فی لٹر کمی کا امکان ہے۔
دستاویز میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ دوہفتوں میں پٹرولیم مصنوعات کی ایکس ریفائنری قیمت میں واضح کمی ہوئی ہے، مٹی کا تیل 14 روپے 20 پیسے اور لائٹ ڈیزل 10 روپے 87 پیسے فی لٹر سستا ہوسکتا ہے، قیمتوں کا حتمی اعلان وزارت خزانہ کل شام کو کرے گی۔
غیر مناسب ویب سیریز، ایکتا کپور اور انکی والدہ کے وارنٹ گرفتاری
ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارتی ڈراموں کی معروف پروڈیوسر اور ہدایتکار ایکتا کپور کے والدہ سمیت وارنٹ گرفتاری جاری ہو گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایکتا کپور اور ان کی والدہ شوبھا کپور کی جانب سے قابل اعتراض ویب سیریز بنانے اور اس میں غیر اخلاقی مواد دکھانے پر بہار کے بیگوسرائے ضلع کی ایک عدالت نے وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔
ایکتا کپور کی اس سیریز کا پہلا حصہ 2018 میں ریلیز کیا گیا تھا جبکہ دوسرا 2020 میں مداحوں کے لیے پیش کیا گیا جس کے بعد ملک بھر میں ایک تنازع کھڑا ہوگیا تھا۔
بھارتی خبر رساں ایجنسی پکے مطابق دونوں ماں بیٹی کے خلاف ویب سیریز میں فوجیوں کی توہین کرنے اور ان کے اہلخانہ کے جذبات مجروح کرنے کے الزام میں وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ہیں۔
مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر ایون فیلڈ ریفرنس میں بری
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کی سزا کے خلاف اپیلوں کو منظور کرتے ہوئے بری کر دیا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے مریم نواز کی جانب سے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔
دوران سماعت جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ ہم پبلک نالج یا کسی کی سنی سنائی بات پر فیصلہ نہیں کر سکتے، مریم نواز پبلک آفس ہولڈر نہیں تھیں اس لیے ان پر اثاثوں کا کیس نہیں بنتا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے مریم نواز کے وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ اور نیب پراسیکیوٹر کے دئائل سننے کے بعد کیس کا مختصر فیصلہ سناتے مریم نواز کی 7 سال کی سزا کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں بری کر دیا۔
یاد رہے کہ احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز کو 7 سال اور ان کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی تھی، مریم نواز کو جرم میں معاونت کے الزام میں سزا سنائی گئی تھی۔
ایون فیلڈ کیس میں ہی مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کو 10 سال قید کی سز سنائی گئی تھی۔
صارفین کو کھانا پکانے کے اوقات میں بلا تعطل گیس فراہم کی جائے: وزیراعظم
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے گھریلو صارفین کو کھانا پکانے کے اوقات میں گیس کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت گیس کی صورتحال پر پیشگی لائحہ عمل کے لیے ہنگامی اجلاس ہوا جس میں شاہد خاقان عباسی، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر مملکت مصدق ملک اور مشیر احد چیمہ نے شرکت کی۔
اجلاس کو موسم سرما میں متوقع طلب و رسد، موجودہ حکمت عملی اور آئندہ ماہ میں گیس فراہمی کے لیے مرتب پلان پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے موسم سرما میں گیس کی متوقع طلب کے پیش نظر لائحہ عمل مرتب کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ عمران حکومت نے کورونا کے دوران عالمی منڈی میں سستی گیس کا فائدہ نہیں اٹھایا، بروقت گیس نہ خرید کر اس قوم کے ساتھ بہت بڑا ظلم کیا گیا۔
شہباز شریف نے کہا سابق حکومت کے بروقت فیصلے نہ کرنے کا خمیازہ پورا ملک بھگت رہا ہے، گزشتہ حکومت کی طرح بدانتظامی اور مجرمانہ غفلت قبول نہیں کروں گا۔
انہوں نے کہا معیشت میں بارودی سرنگیں بچھانے والوں نے ہر شعبے پر خودکُش حملے کرکے غریب کی کمر توڑ دی، گھریلو صارفین کو کھانا پکانے کے اوقات میں گیس کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حکومت اعداد و شمار اور باتوں کے بجائے عملی و سنجیدہ اقدامات پر یقین رکھتی ہے۔
اسلام آباد:کسانوں کا دھرنا جاری،ڈی چوک جانے کی کوشش پولیس نے ناکام بنا دی
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک بھر سے آئے کسانوں نے مہنگی بجلی و کھاد کے خلاف اسلام آباد میں دھرنا جاری ہے، مظاہرین کا کہنا ہے کہ اگر مطالبات نہ مانے گئے تو ڈی چوک کی طرف جائیں گے۔
مطالبات کی منظوری کے لئے کسانوں کا جناح ایونیو پر احتجاج اور دھرنا جاری ہے، کسانوں نے فیصل ایونیو پررکھے کنٹینر اور خاردار تاریں ہٹا دیں اور ڈی چوک کی جانب پیش قدمی کی کوشش کی، اسلام آباد پولیس نے کسانوں کو ڈی چوک جانے سے روک دیا۔
انتظامیہ نے متعدد بار مذاکرات کی کوشش کی تاہم تاحال حکام کامیاب نہ ہو سکے، اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے مظاہرین کو متبادل جگہ کی بھی پیشکش کی گئی تاہم وہ دھرنے پر مصروف ہیں۔
دوسری جانب وفاقی دارالحکومت کےعلاقے بلیو ایریا جانے والے راستے بند ہونے کے باعث اسلام آباد کی مختلف شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہے، زیرو پوائنٹ سے فیصل ایونیو جانے والا راستہ بند ہونے کے باعث شہریوں کو شدید ٹریفک جام کا سامنا ہے، کسان احتجاج کے باعث سرینگر ہائی وے پر بھی ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔
کسانوں کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ بجلی کے بلوں میں شامل اضافی ٹیکس کو فی الفور ختم کیا جائے اور بلیک میں کھاد بیچنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ اگر ہمارے مطالبات نہ مانے گئے تو ہم ڈی چوک کی طرف جائیں گے اور جب تک ہمارے مطالبات نہیں مانے جاتے ہم دھرنے پر ہی رہیں گے۔
پنجاب حکومت اور یو اے ای میں مبارک سینٹر کے پراجیکٹ پر مل کر کام کرنے پر اتفاق
لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب سے متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سلیم الزیبی نے ملاقات کی، ملاقات میں فیروز پور روڈ لاہور پر مبارک سینٹر کے پراجیکٹ پر جلد کام شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا، سفیر نے وزیراعلی کو دورہ متحدہ عرب امارات کے دورے کی بھی دعوت دی۔
ایوان وزیراعلیٰ میں ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات کے فروغ اورمختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے سیلاب متاثرین کیلئے بھرپور مدد پر متحدہ عرب امارات کی قیادت اورسفیر کا شکریہ ادا کیا، ان کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات کی طرف سے سیلاب زدگان کیلئے امدادی سامان بھجوانے پر مشکور ہیں، سیلاب متاثرین کی بحالی کا کام جاری ہے، وبائی امراض سے بچاؤ کیلئے خصوصی میڈیکل کیمپ لگائے گئے ہیں، سیلاب زدگان کی بحالی و آبادکاری کے کام کی خود نگرانی کررہا ہوں۔
ملاقات میں فیروز پور روڈ لاہور پر مبارک سینٹرکے پراجیکٹ پرجلد کام شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا، چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ ڈھابی گروپ کی جانب سے سٹیٹ آف دی آرٹ مبارک سینٹرکے منصوبے میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
وفاق میں بیٹھے نااہل حکمرانوں نے قومی معیشت کا بیڑا غرق کر دیا: اسلم اقبال
لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب کے سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ وفاق میں بیٹھے نااہل حکمرانوں کی احمقانہ معاشی پالیسیوں نے قومی معیشت کا بیڑا غرق کر دیا۔
سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے اپنے بیان میں کہا کہ کرپٹ ٹولہ پارلیمنٹ اور ملکی فیصلوں میں لندن میں بیٹھے سزا یافتہ مجرم سے احکامات لے رہا ہے، نون لیگ کی نحوست ہر شعبے پراثر انداز ہورہی ہے، حکمرانوں کی نالائقی نے ملک کو مسائل کی دلدل میں دھکیل دیا ہے،
میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ کرپشن زدہ وزیر اعظم نے اپنے خاندان کے لئے منی لانڈرنگ کرنے والے کو قومی خزانے کا محافظ بنا دیا، پنجاب میں عوام کو صحت کارڈ سے علاج کی مفت سہولت سے امپورٹڈ حکومت کو تکلیف ہو رہی ہے، چچا اور بھتیجی وزیر اعظم آفس میں بیٹھ کر عوام کے فلاحی منصوبوں کے خلاف سازش کررہے ہیں۔
سینئرصوبائی وزیر نے مزید کہا کہ اپنی کرپشن چھپانے کے لئے اقتدار میں آنے والا ٹولہ عوام کی خدمت نہیں کر سکتا، زرداری اور شریف خاندان امیر اور ملک غریب ہوا، پاکستان تحریک انصاف ملک کے غریب عوام کی محنت کی کمائی لوٹنے والوں کا پیچھا کرتی رہے گی۔
عمران خان اور اعظم خان آڈیو لیک کی تحقیقات کیلئے پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع
لاہور: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کی آڈیو لیک میں ہونے والے انکشافات کی تحقیقات کیلئے قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی گئی۔
مسلم لیگ ن کی رکن پنجاب اسمبلی رابعہ فاروقی کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان امریکی سائفر کے حوالے سے آڈیو لیک میں ہونے والے انکشافات پر تحقیقات کا مطالبہ کرتا ہے، عمران خان اور اعظم خان کی گفتگو ملک و قوم کے خلاف سازش ہے،عمران خان اور اعظم خان کی گفتگو نے تحریک انصاف کے سارے بیانیے کو بے نقاب کر دیا ہے۔
قراردار میں کہا گیا کہ عمران خان نے ملک کی معیشت تباہ کی اور ملک کے سفارتی تعلقات کو بھی ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے، اقتدار کی ہوس میں ملک و قوم کے مفادات کو بھی داؤ پر لگا دیا، تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ کسی کو ملک کے ساتھ کھلواڑ کرنے کی جرات نہ ہو۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین 30 ستمبر کو ہو گا، اوگرا
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ترجمان اوگرا نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین 30 ستمبر کی رات کو ہی ہو گا۔
ترجمان آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے حوالے سے خبریں بے بنیاد ہیں اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے بارے میں غلط معلومات پھیلانے سے گریز کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین 30 ستمبر کی رات کو ہی کیا جائے گا۔
ترجمان اوگرا نے کہا کہ بےبنیاد خبروں سے مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی میں خلل پیدا ہوسکتا ہے۔
واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کی توقع ہے تاہم اس کمی کا اعلان 30 ستمبر کی رات کو ہو گا لیکن اس سے قبل ہی سوشل میڈیا پر بےبنیاد خبریں پھیلائی جا رہی ہیں۔