All posts by Muhammad Saqib

امید ہے ایک شخص کے لیے ادارہ خود کو متنازع نہیں بنائے گا، بلاول

پاراچنا: (ویب ڈیسک) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان کی بوٹ پالش ختم ہوچکی تو اب وہ بوٹ چاٹنے پر اتر آئے، امید ہے کہ ایک شخص کےلیے ادارہ خود کو متنازع نہیں بنائے گا۔
پارا چنار میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان کہتے تھے کہ خودکشی کرلوں گا مگر آئی ایم ایف کے پاس نہیں جاؤں گا اور وزیراعظم بنتے ہی وہ آئی ایم ایف کا دروازہ کھٹکھٹا رہے تھے، عمران خان نے کہا کہ لوگ باہر ممالک سے نوکریاں کرنے یہاں آئیں گے لیکن یہاں کے لوگوں کو بھی بے روزگار کردیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے دن سے دھاندلی زدہ حکومت کو تسلیم نہیں کیا، عمران خان عوام کے نہیں کسی اور کے وزیراعظم ہیں، ہم نے انہیں جب سلیکٹڈ کا نام دیا تو وہ تالیاں بجارہے تھے، عمران خان اکثریت کھوچکے، ان کی حکومت ختم ہوچکی، کٹھ پتلی ختم ہوچکی اس لیے بزدلوں کی طرح بھاگ رہے ہیں، میں انہیں خان نہیں کہتا کہ خان بہادر ہوتے ہیں لیکن یہ کس قسم کا کپتان ہے جو مقابلے کے بجائے پچ چھوڑ کر بھاگ رہا ہے۔
بلاول نے کہا کہ میں تو آٹھ مارچ سے مقابلے کا منتظر ہوں لیکن عمران سامنے نہیں آرہا، عمران اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ کریں اور ہمت ہے تو سامنے آئیں مگر وہ جلسہ جلسہ کھیل رہے ہیں، یہ کیسا مذاق ہے کہ عمران اپنا اقتدار بچانے کے لیے پاکستان کو تباہ کرنے کے لیے تیار ہیں، اگر ہمت ہے تو کل 172 ارکان اسمبلی کو ایوان میں لے آئیں ہم آپ کو وزیراعظم تسلیم کرلیں گے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ عمران فارن پالیسی کی تعریف اس لیے کرتے ہیں کہ ان کی اور عمران کی پالیسی ایک ہی ہے کہ صدر زرداری کی بنائی گئی سی پیک پالیسی کو تباہ کرو، پاکستان کی معیشت کو تباہ کرو، یہ بھارت کا ایجنڈا تھا کہ کشمیر پر حملہ کرو، جب مودی نے کشمیر پر حملہ کیا تو عمران خان نے کیا کشمیر کا مقدمہ لڑا؟
بلاول نے کہا کہ عمران خان نے میرے ناشتے تک کے بلوں کی تحقیقات کرادیں لیکن وہ خود کرپٹ ہیں، عمران خان کرکٹ کے کھلونے بیچ کر تو اپنا کچن نہیں چلارہے ان کا خرچہ کہاں سے پورا ہورہا ہے؟ انہوں ںے کہا کہ آپ جھوٹ بولنا بند کردیں ورنہ ہم خاتون اول کی کرپشن سامنے لے آئیں گے، ہمیں پتہ ہے عثمان بزدار نے وزیراعلیٰ بننے کے لیے کہاں پیسے دیے؟
انہوں نے کہا کہ میری اردو 30 سال میں کمزور ہے لیکن آپ کو 70 سال میں بھی اردو بولنا نہیں آئی اور ہمیں اردو سکھاتے ہیں، اگر میری اردو کمزور ہے تو آپ اپنے تین بچوں کو اردو سکھادیں، ہمیں اپنی قومی زبان پر فخر ہے اور اسے سیکھ رہے ہیں جلد بہتر ہوجائے گی لیکن جان لیں کہ پاکستان ہر زبان بولنے والوں کا ملک ہے۔
بلاول نے کہا کہ عمران خان نے پٹرول اور ڈیزل کو تاریخ کا مہنگا ترین کردیا اور دوسروں کو ڈیزل ڈیزل کہہ رہے ہیں، دراصل عمران خان خود ڈیزل ہیں، اسی طرح دوسروں کو بوٹ پالش کہنے والے عمران خان خود بوٹ پالش کرنے والے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں یاد ہے جب حمید گل آپ کو لے کر آئے، ہمیں یاد ہے کہ جب عمران پاشا کا کھلونا بنے، بوٹ پالش آپ نے ختم کردی تو بوٹ چاٹنے پر اتر آئے مگر میں آپ کو بتانا چاہتا ہوں کہ بوٹ پالش ختم ہوچکی اب یہ کام نہیں آئے گی، اب عمران ہمیں دھمکی دینے کوشش کررہے ہیں اور پیٹھ پیچھے معافیاں مانگ رہے ہیں کہ او آئی سی کانفرنس تک عدم اعتماد کی اجازت نہ دی جائے اور اب جلسے تک نہ ہونے کی اجازت مانگ رہے ہیں۔
چیئرمین پی پی نے کہا کہ عمران خان جنگل کا قانون چاہتے ہیں لیکن ہم اجازت نہیں دیں گے، آئندہ انتخابات شفاف ہوں گے اور کوئی ادارہ متنازع نہیں ہوگا، یہ ادارے کسی ایک شخص کے نہیں بلکہ عوام کے ہیں، ہم اداروں کو متنازع بنانے نہیں دیں گے اور امید کرتے ہیں کہ کسی ایک شخص کے لیے ادارہ اپنے آپ کو متنازع نہیں بنائے گا، آئندہ انتخابات شفاف ہوں گے اور کوئی ادارہ متنازع نہیں ہوگا، یہ ادارے کسی ایک شخص کے نہیں بلکہ عوام کے ہیں۔

حکومت کے خلاف فیصلہ کن مہم، ن لیگ کے مہنگائی مارچ کا لاہور سے آغاز

لاہور: (ویب ڈیسک) حکومت کے خلاف فیصلہ کن مہم کے معرکہ کے لیے مسلم لیگ ن کے مہنگائی مارچ کا لاہور سے آغاز ہو گیا۔
لانگ مارچ سے قبل پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز میں ملاقات ہوئی، اس ملاقات کے دوران اہم امور پر تبادلہ کے ساتھ مختلف امور پر مشاورت کی گئی۔ اس دوران قافلے پہنچنے سے قبل کارکنوں کی تعداد اور روٹس سمیت دیگر معاملات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ لاہور میں کئی مقامات اور دیگر اضلاع سے ہزاروں کارکنان پہنچ چکے۔
قائدین کی طرف سے بتایا گیا کہ ہم نکلنے سے پہلے حکومت کو واضح بتاتے ہیں ہمارے کسی قافلے کو نہ روکا جائے اور نہ کوئی رکاوٹ ڈالی جائے ورنہ انجام بہت برا ہوگا۔
پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ اتنی بڑی تعداد سے سٹرکوں پر نکل کر یہ ثبوت دیدیا کہ یہ حکومت فیل ہوچکی، عمران نیازی اور ان کی ٹیم یہ ن لیگ کے شیروں کو دیکھ کر پریشان ہوچکی۔ اب یہ قافلے رکنے والے نہیں۔
مہنگائی مکاؤ مارچ میں عوام سے شرکت کی اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کی کال پر سب اپنے گھروں سے نکلیں اور مہنگائی کا عذاب نازل کرنے والوں کو آخری دھکا دیں، مریم نوازاور حمزہ شہبازکے ساتھ نکلو اور ظالم حکومت سے نجات حاصل کرو ، مہنگائی مکاؤ مارچ عوام کو ہر روز کی مہنگائی سے نجات دلائے گا۔
لیگی صدر کا کہنا تھا کہ عوام جان لیں، ان کا حق موجودہ کرپٹ نالائق حکمران کھا گیا، وہ نہ نکلے تو پورا پاکستان کھا جائے گا، عوام گھروں سے نکل کر جھوٹے حکمرانوں پر ثابت کردیں ان کی چالاکیاں اب نہیں چلیں گی، مہنگائی سچ ہے، کرپشن سچ ہے، نالائقی سچ ہے، اس سچ کے لئے عوام گھروں سے نکلیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ساڑھے 3 سال سے قوم سے جھوٹ پر جھوٹ بولنے والا، اب نئے جھوٹ بول رہا ہے، عوام اسے مسترد کریں، کرپٹ حکمران اپنی ڈوبتی سیاست کے لئے عوام کو گمراہ کررہا ہے، اس کے جھوٹ کے خلاف عوام گھروں سے نکلیں ، اپنی بھرپور شرکت سے عوام پیغام دیں وہ مہنگائی اور اسے لانے والی حکومت دونوں کو مسترد کرتے ہیں۔

ایگزونوبل پاکستان کا فیصل آباد میں نیا پلانٹ لگانے کا اعلان

لاہور: (ویب ڈیسک) پینٹس اور کوٹنگز کی دنیا میں صف اول کا درجہ رکھنے والی کمپنی ایگزونوبل پاکستان لمیٹڈ نے پاکستان میں پینٹ بنانے کیلئے ایک نئے پلانٹ کی تعمیر کا اعلان کیا ہے۔
علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی فیصل آباد میں لگائے جانے والا یہ جدےد پلانٹ 25ایکڑ پر محیط ہوگا جس میں لائحہ عمل کے مطابق 2023َءمیں پینٹ بنانے کے عمل کا باقاعدہ آغاز کر دیا جائے گا۔
خوبصورت ڈیزائن اور جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ پلانٹ ہر سال پیداوار کو بڑھانے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ جس کے تحت پانچ سال تک سالانہ پیداوار میں اضافے کا پلان بھی تیار کر لیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے مطابق کمپنی نہ صرف تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہوگی، بلکہ اسکے ساتھ ساتھ صارفین کے لئے بلا تفریق بہترین مسابقت کے مواقع بھی فراہم کئے جائیں گے۔
ایگزونوبل کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر مبشر عمر کا کہنا ہے کہ ادارے کی بین الاقوامی مڈٹرم کاروباری حکمت عملی کے مطابق پاکستان میں کاروبار کو ترقی دی جا رہی ہے۔ ایگزونوبل 2.75 ارب روپے کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ سے پاکستانی مارکیٹ میں اپنا شیئر بڑھانے کا بھرپور عزم رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں لگائے جانے والا یہ پلانٹ کمپنی کی مضبوط بنیادوں کو مزید مستحکم کرتے ہوئے نئے سنگ ِمیل طے کرتاچلا جائے گا۔ایگزونوبل کی جانب سے نئے پلانٹ میں کی گئی سب سے بڑی سرمایہ کاری درحقیقت پاکستانی مارکیٹ پر مکمل اعتماد اور بھروسے کی بھرپور عکاسی کرتی ہے۔
چیف ایگزیکٹو ایگزونوبل پاکستان لمیٹڈ کا مزید کہنا ہے کہ انہیں پاکستانی مارکیٹ میں پینٹس اور کوٹنگز کے کاروبار میں وسیع المدتی مواقع دکھائی دیتے ہیں۔ فیصل آباد کے انڈسٹریل ایریا میں قائم کیے جانے والا یہ ماحول دوست پلانٹ اس بات کا آئینہ دار ہے ،کہ نہ صرف مختلف اقسام کے پینٹس کی موجودہ طلب کو احسن طریقے سے پورا کیا جائے گا بلکہ اندازے کے مطابق مستقبل میں تیزی سے بڑھتی ہوئی طلب جیسے چیلنجز سے بھی باآسانی نمٹا جا سکے گا۔ پلانٹ کے تعمیراتی ڈھانچے میں پیداواری صلاحیت کے ساتھ ساتھ، سیفٹی کو بڑھانے، مزید م¶ثر پیداوار اور پراڈکٹس کو بہترین طریقے سے سنبھالنے کی بھرپور گنجائش بھی موجود ہے۔

پاکستان کے ماحول دوست کاروبار میں سب سے آگے:
People, Planet , Paint ہمارا مقصد ہے جو کہ ایگزونوبل کے اٹھائے گئے ہر قدم کے ساتھ مضبوطی سے جڑا ہوا ہے اور پاکستان میں مستحکم اور دور رس کاروبار کے حصول میں مسلسل رہنمائی فراہم کرتا ہے۔
ایگزونوبل پہلی پینٹس و کوٹنگز کمپنی ہے جسے ”سائنس بیسڈ ٹارگٹس اِنی شیٹیو” (SBTI) کی منظوری دی گئی ہے تاکہ 2030 ءتک کمپنی اپنی پوری ویلیو چین سے کاربن مادوں کے اخراج میں 50 فیصد کمی کرنے کے عزم کو پا ےہءتکمیل تک پہنچا سکے۔ ایک ذمہ دار کاروباری ادارے کے طور پر ایگزونوبل پاکستان اپنے تمام معزز صارفین کے لیے ماحول دوست پینٹ پروڈکٹس فراہم کرنے میں ہمہ وقت کوشاں ہے ،تاکہ ماحول کو کاربن کے مضر اثرات سے ممکنہ حد تک محفوظ رکھا جاسکے۔ فیصل آباد میں قائم ہونے والے نئے پلانٹ میں سولر پینل کے ذریعے ماحول دوست بجلی پیدا کرنا، استعمال شدہ پانی کو دوبارہ قابل استعمال بنانا اور توانائی کی بچت جیسے چند منصوبے عملی طور پر ایگزونوبل کی اولین ترجیحات کی ترجمانی کرتے ہیں۔
ایگزونوبل کا تعارف:
ہم ترجیحی بنیادوں پر ماحول دوست اور جدت سے بھرپور پینٹس اور کوٹنگز فراہم کرتے ہیں۔ جس کی بدولت دنیائے صارفین اور مختلف اداروں کے اعتماد میں مسلسل اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے۔ ہمارے پورٹ فولیو میں شامل ورلڈ کلاس برانڈز جیسا کہ Dulux, International, Sikkens and Interpon صارفین کے بھرپور اعتماد کی وجہ سے دنیا بھر میں جانے اور مانے جاتے ہیں۔ 150 ممالک میں سرگرم عمل یہ کمپنی People, Planet , Paint جیسے لازوال مقاصد کی روشنی میں، انڈسٹری لیڈر رہنے کے عزم کو برقرار رکھتے ہوئے ،سائنسی بنیادوں پر اہداف کے حصول اور آنے والی نسلوں کے روشن مستقبل کے لئے مسلسل اور عملی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے۔

شہبازشریف کی عوام سے مہنگائی مکاﺅ مارچ میں بھرپور شرکت کی اپیل

پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے عوام سے مہنگائی مکاﺅ مارچ میں بھرپور شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوازشریف کی کال پر سب اپنے گھروں سے نکلیں اور مہنگائی کا عذاب نازل کرنے والوں کو آخری دھکا دیں ، اپنے ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ مریم نوازاور حمزہ شہبازکے ساتھ نکلو اور ظالم حکومت سے نجات حاصل کرو ،مہنگائی مکاﺅ مارچ عوام کو ہر روز کی مہنگائی سے نجات دلائے گاعوام جان لیں، ان کا حق موجودہ کرپٹ نالائق حکمران کھاگیا، وہ نہ نکلے تو پورا پاکستان کھا جائے گا عوام گھروں سے نکل کر جھوٹے حکمرانوں پر ثابت کردیں کہ ان کی چالاکیاں اب نہیں چلیں گی، شہباز شریف نے کہا کہ مہنگائی سچ ہے، کرپشن ایک سچ ہے، نالائقی ایک سچ ہے، اس سچ کے لئے عوام گھروں سے نکلیں ساڑھے تین سال سے قوم سے جھوٹ پہ جھوٹ بولنے والا، اب نئے جھوٹ بول رہا ہے، عوام اسے مسترد کریں ،کرپٹ حکمران اپنی ڈوبتی سیاست کے لئے عوام کو گمراہ کررہا ہے، اس کے جھوٹ کے خلاف عوام گھروں سے نکلیں اپنی بھرپور شرکت سے عوام پیغام دیں کہ وہ مہنگائی اور اسے لانے والی حکومت دونوں کو مسترد کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ مہنگائی مکاﺅ مارچ ملک سے نالائقی، نااہلی، کرپشن ، مہنگائی جیسے مسائل کے خاتمے کی تحریک کا آغاز ہے، ملک آج جن سنگین مسائل، خطرات اور خدشات میں گھرا ہوا ہے ، ان سے نجات میں عوام کو کردار ادا کرنا ہوگا تاریخ کی اس فیصلہ کن گھڑی عوام کا فرض ہے کہ وہ جھوٹ، کرپشن اورمہنگائی کے ظلم پر حکومت کے خلاف نکلے، یاد رکھیں کہ کرپشن سے آپ اور آپ کے بچے غریب ہورہے ہیں، مہنگائی سے آپ کی زندگی اس حکومت نے حرام کی ہے پورے ملک اور عوام کی بربادی اس حکومت نے کی ہے، بھرپور شرکت کرکے ظالم حکمرانوں کے خلاف کلمہ حق کہیں ان شااللہ، ہم سب مل کر اس ظالم، آٹا چینی بجلی گیس دوائی کھاد چور حکومت سے پاکستان کو نجات دلائیں گے۔

عمران خان کی معاشی پالیسی تبدیلی نہیں تباہی ہے: بلاول بھٹو

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ مدینہ کی ریاست تو اخلاقیات پر مبنی تھی لیکن عمران کی ریاست گالی اور جادو پر مبنی ہے۔

پاراچنار میں پیپلزپارٹی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان مدینہ کی ریاست کی باتیں کرتا ہے، یہ مدینہ کی ریاست کے نام کی توہین ہے، ریاست مدینہ کا نام لینے والے وزرا اپنی زبانوں سے گالیاں بھی نکلاتے ہیں، مدینہ کی ریاست تو اخلاقیات پر مبنی تھی لیکن عمران کی ریاست گالی اور جادو پر مبنی ہے، مدینہ کی ریاست میں یہ ممکن ہی نہیں کی ریلیف صرف امیروں کے لیے ہو اور غریوبں کو محنت کا صلہ نہ ملے۔

انہوں نےکہا کہ ہم شہید ذوالفقار علی بھٹو کے فلسفے پر سیاست کرنا چاہتے ہیں، میں اپنی شہید والدہ کے مشن کو آگے لے کر چلنا چاہ رہا ہوں۔

ان کا کہنا تھا ہم ملک بھر کے شہدا کےوارث ہیں، اور ہم اپنے شہدا کے خون پر سودا نہیں کر سکتے، دہشتگردوں کے سامنے جھک نہیں سکتے، پی پی پی ضیاالحق کے دور میں اور مشرف دور میں بھی کسی کی سامنے نہیں جھکے، نا اب اس سلیکٹد حکومت کے سامنے جھکیں گے۔

 

انہوں نے کہا کہ ہمنے پہلے دن سے اس دھاندلی زدہ سلیکٹڈ حکومت کو تسلیم نہیں کیا، جب ہم نے پارلیمنٹ میں اس کو سلیکتد کا نام دیا تو یہ خود تالیان بجا رہا تھا، یہ آپ کا نہیں کسی اور کا وزیراعظم ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کہا گیا؟ پڑھے لکھے نوجوان 2،2 ڈگریاں لے کر دھکے کھا رہے ہیں لیکن روزگار نہیں مل رہا، 50 لاکھ گھروں کا بھی وعدہ کیا گیا، آئی ایم نہ جانے کا دعویٰ کیا گیا اور کہا تھا کہ خودکشی کرلوں گا لیکن آئی ایم نہیں جاؤں گا، ان کا ہر وعدہ جھوٹ نکلا، انہوں نے آئی ایم ایف معاہدے میں ملک کی خودمختاری کا سودہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی ناکامی کا بوجھ عوام مہنگائی کی صورت میں اٹھا رہے ہیں، ان کی معاشی پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان معاشی بحران کا سامنا کررہا ہے، ریلیف کا مطالبہ کریں تو کہتے ہیں پیسہ نہیں ہے لیکن اپنی اےٹی ایم مشینوں کو ایمنیسٹی اسکیم دیا جارہا ہے، بجٹ میں پسندیدہ لوگوں کو ریلیف دیا جارہا ہے۔

انہوں نے سوال کیا کہ جب جنگ ہار رہے ہوں تو کیا گالی دینا اچھی بات ہے؟ میں نے کبھی پارلیمان میں کھڑے ہوکر کسی کو گالی نہیں دی۔

مائلی سائرس کا طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا

امریکی پاپ گلوکار، اداکارہ و موسیقار مائلی سائرس کا طیارہ جنوبی امریکی پیراگوئے جاتے ہوئے خطرناک حادثے سے بال بال بچ گیا اور گلوکارہ سمیت ان کے تمام اہل خانہ اور ٹیم ارکان محفوظ رہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق مائلی سائرس جنوبی امریکی ملک میوزک کنسرٹ میں شرکت کے لیے جا رہی تھیں کہ برازیل کی سرحد کے قریب ان کے طیارے پر آسمانی بجلی آکر گری۔

گلوکارہ و اداکارہ نے جہاز سے آسمانی بجلی ٹکرائے جانے کی مختصر ویڈیو بھی انسٹاگرام پر شیئر کی اور مداحوں کو بتایا کہ ان کے جہاز کے ساتھ حادثہ پیش آیا۔

مائلی سائرس کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں گلوکارہ، ان کے اہل خانہ اور ٹیم ارکان دکھائی نہیں دیتے، تاہم ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جہاز کے ساتھ کوئی زوردار آگ یا روشنی آکر ٹکراتی ہے، جس سے جہاز تھوڑا سا بے ترتیب بھی ہوجاتا ہے۔

وزیر اعظم اور کابینہ کی منظوری سے فوج طلب کر سکتے ہیں، شیخ رشید

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیر اعظم اور کابینہ کی منظوری سے فوج بھی طلب کی جا سکتی ہے، دھرنا دینے والوں کو دھر لیا جائے گا۔
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو جلسوں کی اجازت دی گئی ہے اور کل تحریک انصاف کا تاریخی جلسہ ہو گا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں پٹیشن بھی جمع کرائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ لوگ کل اسلام آباد آ رہے ہیں اس میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے اس لیے سری نگر ہائی وے رینجرز اور ایف سی کے حوالے کر دی ہے۔ امن و امان کے لیے 15 ہزار اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ ن لیگ نے سری نگر ہائی وے کی درخواست دی جسے ہم نے مسترد کیا ہے اور جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے سینیٹر نے کہا ہے کہ ہم قانون کی پاسداری کریں گے۔ عدالت کے احکامات پر ہم سختی سے عمل کریں گے تاہم اسپیشل برانچ سے اطلاعات ہیں اپوزیشن بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی ریلیوں میں رکاوٹ ڈالی جارہی ہے تاہم 2 ہزار رینجرز، 2 ہزار ایف سی اور 2 ہزار دیگر اہلکار سرینگر ہائی وے پر تعینات ہوں گے۔ اسلام آباد میں جلسے کی سب کو اجازت ہے تاہم دھرنے کی اجازت کسی کو نہیں۔ جے یو آئی کو اگر کل بھی جلسہ کرنا ہے تو نئی درخواست دینی ہوگی اور ایچ نائن گراؤنڈ جے یو آئی کو دیا ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ اپوزیشن کی تمام جماعتوں اور اراکین کو تحفظ دیں گے۔ منحرف لوگ اسلام آباد کے فائیو اسٹار ہوٹلوں میں مزے کر رہے ہیں تاہم اللہ کو منظور ہوا تو اتحادی ہمارے ساتھ ہوں گے۔ ساری دنیا کی نظریں پاکستان کی جانب مبذول ہیں۔ اگر کسی نے قانون کو ہاتھ میں لیا تو قانون ان کو ہاتھ میں لے گا۔
موجودہ صورتحال پر مزید بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں غیر یقینی کی صورتحال سے دشمن فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ اہم دن ہے اس لیے سیاسی جماعتوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہو گا اور میں بتا نہیں سکتا کہ ملک دشمنوں کا ایجنڈا کیا تھا تاہم عدم اعتماد کی تحریک ختم ہونے کے بعد بریکنگ دوں گا۔ وزارت داخلہ وزیر اعظم اور کابینہ کی منظوری سے فوج بھی طلب کر سکتی ہے۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ اللہ نہ کرے کہ ایسی صورتحال پیدا ہوجائے کہ فوج بلانی پڑے اسی لیے اپوزیشن والوں سے کہہ رہا ہوں ٹکراؤ سے گریز کریں اور ہماری کوشش ہے کہ یہ 7دن خوش اسلوبی سے گزریں۔ عمران خان ان دنوں بہت مقبول ہوئے ہیں جبکہ وزیر اعظم کو گورنر راج کی تجویز دی تھی جو مسترد کر دی گئی۔ میری رائے ہے کہ وقت سے پہلے انتخابات کی طرف جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان میری رائے سے اتفاق کرتے ہیں تو صحیح ہے۔ عمران خان کو کہا ہے بجٹ کے بعد الیکشن کی جانب جانا چاہیے۔ میں عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں اور میں جس شخص کو جانتا ہوں ان کا نام عمران خان ہے۔ امتحان کے وقت دوست ساتھ کھڑا ہوتا ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ امن و امان کو برقرار رکھیں اور ہم امن و امان برقرار رکھنے کے پابند ہیں۔ ریڈ زون میں کسی کے داخلے کی اجازت نہیں ہو گی اور راولپنڈی کی ریلی سب سے بڑی ریلی ہو گی۔ دبئی میں جو بیٹھا ہے ہم اسے گرفتار کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ڈی جی ایف آئی کو کہا ہے جو پاک فوج کے خلاف مہم چلا رہے ہیں ان کو گرفتار کریں۔ کسی نے دھرنا دیا تو ہائیکورٹ سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل کریں گے اور دھرنا دینے والے دھر لیے جائیں گے۔ کہاں گیا ان کا ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ ؟ اسلام آباد کی فضاعمران خان کے حق میں بدل چکی ہے اور حالات بہتری کی جانب دیکھ رہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ناظم جوکھیو کے قتل میں نامزد ملزم دبئی سے آ رہے ہیں اور جام عبد الکریم کو گرفتار کر کے سندھ پولیس کے حوالے کیا جائے گا۔ دیکھیں گے کہ جام عبد الکریم کا نام انٹرپول اورای سی ایل میں کیسے ڈالا جائے۔

جام عبدالکریم دبئی سے ووٹ ڈالنے آ رہے ہیں، انہیں گرفتار کریں گے، وزیر داخلہ

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ناظم جوکھیو قتل میں نامزد رکن قومی اسمبلی جام عبدالکریم تحریک عدم اعتماد کے لیے دبئی سے ووٹ ڈالنے کے لیے آ رہے ہیں اور ہم انہیں گرفتار کر کے ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالیں گے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ ہم نے آئین کے آرٹیکل 204 اور توہین عدالت آرڈیننس 203 کی دفعہ تین کے تحت اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست جمع کرائی ہے کیونکہ اسپیشل برانچ اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے مختلف اطلاعات آ رہی ہیں کہ یہ بوکھلائے اور گھبرائے ہوئے ہیں اور پی ٹی آئی کے عوامی سمندر کی راہ میں رکاوٹ بننے کی کوشش کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہائی کورٹ نے وزارت داخلہ سمیت انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ راستے کھلے رہنے چاہئیں اور امن و امان کے ساتھ ساتھ لوگوں کی جان و مال کو محفوظ بنایا جائے لہٰذا ہم نے سرینگر ہائی وے رینجرز اور ایف سی کے حوالے کردیا ہے۔

شیخ رشید احمد نے بتایا کہ ہم نے 2ہزار رینجرز، 2ہزار ایف سی اور دو ہزار مختلف صوبوں سے پولیس طلب کی ہے جبکہ 9ہزار ہماری پولیس ہے اور ان 15ہزار کی ڈیوٹی امن و امان کے لیے لگائی ہے، اچھی بات یہ ہے کہ جمعیت علمائے اسلام(ف) اپنی جگہ پر اسٹیج واپس لے گئی ہے، ان کو آج جلسے کی اجازت دی گئی ہے۔

ویمنز ورلڈ کپ، قومی ٹیم کو ایک اور شکست

کرائسٹ چرچ: (ویب ڈیسک) ویمن ورلڈ کپ میں قومی کرکٹ ٹیم کو نیوزی لینڈ کے ہاتھوں ایک اور شکست کا سامنا کرنا پڑ گیا۔
انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) میگا ایونٹ میں قومی ویمنز ٹیم کی بدترین کارکردگی سامنے آئی ہے اور اب تک کھیلے گئے 7 میچز میں سے قومی ٹیم صرف ایک میں کامیابی حاصل کر سکی جبکہ 6 میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
ویمنز ورلڈکپ کے 26 ویں میچ میں قومی ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت نہ ہو سکا اور کیوی ٹیم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 265 رنز بنا لیے۔
نیوزی لینڈ کی اوپنر بیٹر سوئز بیٹس نے 126 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جس میں 14 چوکے شامل تھے۔ اس کے علاوہ کیٹی مارٹن 30، بروک ہالیڈے 29 اور میڈی گرین نے 23 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے ندا ڈار، انعم امین، فاطمہ ثنا، نشرح سندھو نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
قومی ویمنز ٹیم 266 رنز کے ہدف کے تعاقب میں شروع سے ہی مخالف باؤلرز کے دباؤ میں نظر آئیں اور ایک کے بعد ایک کھلاڑی پویلین لوٹتے رہے۔ ندا ڈار نے نصف سینچری اسکور کی تاہم وہ ٹیم کو کامیابی نہ دلا سکیں۔
قومی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز ہی بنا سکی اور اسے 71 رنز کی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ہنا روئے نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ فرانسس میکے نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

یوکرین کے اسپتالوں پر روسی حملوں میں اضافہ ہورہا ہے: عالمی ادارہ صحت

لاہور : (ویب ڈیسک) عالمی ادارہ صحت کے مطابق روس یوکرین کے اسپتالوں میں حملوں میں اضافہ کررہا ہے۔
عالمی ادارہ صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ روس یوکرین تنازع میں ماسکو ہر گزرتے دن کے ساتھ اسپتالوں سمیت دیگر صحت کی سہولیات کے مراکز پر حملوں میں اضافہ کررہا ہے۔
عالمی ادارہ صحت کے مطابق روس کی جانب سے اب تک صرف اسپتالوں، ایمبولینسز اور ڈاکٹروں پر 70 سے زائد حملے کیے جاچکے ہیں۔عالمی ادارہ صحت کا کہناہے کہ صحت سہولیات مراکز پر حملے اب ماڈرن وار اسٹریٹجی کا حصہ بن چکے ہیں جب کہ حال ہی میں 8 مارچ کو خارکیف کے جنوب میں واقع نئے تعمیر شدہ اسپتال پر روسی حملے میں ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں۔
یوکرینی حکام کا کہنا ہےکہ اس اسپتال پر روسی طیاروں نے شیل برسائے جس کے نتیجے میں اسپتال کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا اور اسپتال کا اگلا حصہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔
خارکیف کے میئر کاکہنا تھا کہ اسپتال پر پہلے روسی حملے سے اس کی کھڑکیاں دروازے باہر نکل کر گر پڑے جب کہ دوسرے حملے میں آپریشن تھیٹرز مکمل تباہ ہوگئے۔
میئر نے کہا کہ اس اسپتال میں بچے اور حاملہ خواتین زیر علاج تھیں جب کہ بمباری سے حاملہ خواتین اور نوزائیدہ بچوں سمیت عملہ بھی زخمی ہوا۔
عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہےکہ 24 فروری سے اب تک صحت سہولیات مراکز پر 72 حملوں کی تصدیق ہوئی ہے جس میں 71 افراد ہلاک اور 37 زخمی ہوئے جب کہ ان حملوں میں میڈیکل ٹرانسپورٹ، سپلائی اسٹورز کو بھی شدید نقصان پہنچا۔