All posts by Khabrain News

ملیکہ بخاری اور علی محمد خان کی نظربندی کالعدم قرار ، رہائی کاحکم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے رہنما علی محمد خان اور ملیکہ بخاری کی نظر بندی کالعدم قرار دیتے ہوئے رہائی کے احکامات جاری کردیے ۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ملیکہ بخاری اور علی محمد خان کی نظربندی کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی۔
عدالت نے پی ٹی آئی کے دونوں رہنماؤں کی نظربندی کالعدم قرار دیتے ہوئے ان کی فوری رہائی کے احکامات جاری کردیے ۔
واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے بعد پولیس نے تحریک انصاف کے متعدد رہنماؤں کو نقص امن کے خدشے کے پیش نظر حراست میں لیا تھا جن میں اسد عمر اور شاہ محمود قریشی بھی شامل ہیں۔

القادر ٹرسٹ کیس: عمران خان کل شامل تفتیش نہ ہوِئے تو سنگین نتائج ہوں گے، نیب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) القادر ٹرسٹ کرپشن کیس میں نیب نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو کل نیب راولپنڈی پیش ہونے کا سمن جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر عمران خان نیب تفتیش میں شامل نہ ہوِئے تو سنگین نتائج ہوں گے۔
نیب نے عمران خان سے 19 کروڑ پاؤنڈ کی غیر قانونی منتقلی سے متعلق 20 سوالوں کے جواب طلب کر لیے۔
نیب کے مطابق عمران خان نے برطانیہ سے 19 کروڑ پاؤنڈ لا کر واپس ملزمان کو دیے اور مالی فائدے لیے، ریاست پاکستان کے 19 کروڑ پاؤنڈ ملزمان کو واپس کر کے عمران خان نے 458 کنال زمین اور 28 کروڑ روپے حاصل کیے، ملزمان کو 19 کروڑ پاؤنڈ واپس کر کے عمران خان اور بشریٰ بی بی کے ٹرسٹ نے عطیات کی مد میں بھاری رقوم لیں۔
نیب کا کہنا ہے کہ عمران خان کل صبح 10 بجے نیب کی کمبائند انویسٹی گیشن ٹیم کے روبرو پیش ہوں، عمران خان 2 مارچ کے کال اپ نوٹس میں نہ پیش ہوئے نہ ہی کوئی جواب دیا، عمران خان جان بوجھ کر نیب انکوائری سے راہ فرار اختیار کر رہے ہیں۔
نیب نے عمران خان سے برطانوی کرائم ایجنسی کے ساتھ خط و کتابت سمیت 19 کروڑ پاؤنڈ کے فریزنگ آرڈرز کا ریکارڈ اور القادر یونیورسٹی سے ملنے والے تمام عطیات کا ریکارڈ بھی طلب کر لیا جبکہ القادر ٹرسٹ کو عطیات دینے والوں کے ریکارڈ سمیت دیگر متعلقہ ریکارڈ بھی طلب کیے گئے ہیں۔

’گڈ ٹو سی یو‘ کی گونج اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچ گئی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ سے وضاحت کے بعد ’گڈ ٹو سی یو‘ کی گونج اسلام آباد ہائی کورٹ بھی پہنچ گئی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج بھی چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطاء بندیال کے نقشِ قدم پر چلنے لگے۔
تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کی گرفتاری کے خلاف درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت کے دوران آئی جی اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہوئے۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب نے ان سے مخاطب ہو کر کہا کہ آئی جی صاحب! گڈ ٹو سی یو ، جج کے آئی جی سے مکالمے پر کمرۂ عدالت میں موجود تمام افراد کے قہقہے گونجنے لگے۔
گزشتہ روز چیف جسٹس نے اپنے وضاحتی بیان میں کہا تھا کہ میری بات کو غلط انداز سے پیش کیا تھا، میں ہر ایک کو احترام دیتا ہوں اور اپنی عدالت میں پیش ہونے تمام افراد سے اسی طرح مخاطب ہوتا ہوں۔
یاد رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کو گرفتاری کے بعد سپریم کورٹ میں پیش کیا گیا تو چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطاء بندیال نے انہیں ’’گڈ ٹو سی یو‘‘ کہہ کر مخاطب کیا تھا، جس پر حکومت اور اتحادی جماعتوں کی جانب سے شدید تنقید کی گئی تھی۔

عمران خان حملہ کیس: جے آئی ٹی ملزم مدثر کا چالان سماعت کیلئے جمع نہ کروا سکی

گوجرانوالہ: (ویب ڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر حملہ کیس میں جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) ملزم مدثر کا چالان سماعت کیلئے جمع نہ کروا سکی۔
انسداد دہشتگردی عدالت گوجرانوالہ میں سابق وزیراعظم عمران خان پر وزیرآباد میں ہونے والے حملہ کیس کی سماعت ہوئی، مرکزی ملزم نوید، طیب اور وقاص کو جیل سے عدالت میں پیش کیا گیا۔
دوران سماعت جے آئی ٹی ملزم مدثر کا چالان سماعت کیلئے جمع نہ کروا سکی جس پر عدالت نے آئندہ پیشی پر چالان جمع کروانے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت 21 جون تک ملتوی کر دی۔

عبوری ضمانت کیس: عمران خان نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کردی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی لیگل ٹیم نےاسلام آباد ہائیکورٹ میں عبوری ضمانت کیس میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کر دی۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی جانب سے سپریم کورٹ کے باہر احتجاج کیا گیا ہے، عمران خان کی پیشی کے موقع پر امن و امان کا مسئلہ ہوسکتا ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ کہ عدالتی حکم پر ضمانتوں کیلئے عمران خان متعلقہ فورمز سے رجوع کر رہے ہیں، آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کی جائے۔
خیال رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے تھانہ رمنا میں درج مقدمے میں عبوری ضمانت کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔

حیدر آباد : دریائے سندھ میں ڈوب کر دو نوجوان ہلاک

حیدر آباد : (ویب ڈیسک) سندھ کے ضلع حیدر آباد کے نواحی علاقے لطیف آباد چار نمبر بند پر دریائے سندھ میں ڈوب کر دو نوجوان ہلاک ہو گئے۔ حیدر آباد پولیس کے مطابق کراچی سے حیدرآباد شادی میں آئے ہوئے چار نوجوان لطیف آباد چار نمبر بند پر دریائے سندھ میں ڈوب گئے جنہیں دریا سے نکال کر ہسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ ہسپتال پہنچنے پر ڈاکٹرز نے دو نوجوانوں کی ہلاکت کی تصدیق کی جبکہ باقی دو زیر علاج ہیں۔ پولیس نے مزید بتایا کہ واقعہ میں جاں بحق ہونے والے دونوں نوجوان آپس میں رشتے دار ہیں۔

صدر بائیڈن اور کانگریس کے مذاکرات بے نتیجہ ختم، امریکا کے دیوالیہ ہونے کا خطرہ بڑھ گیا

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی صدر جو بائیڈن اور کانگریس کے درمیان مذاکرات بے نتیجہ ختم ہونے کے بعد امریکا کے دیوالیہ ہونے کا خطرہ مزید بڑھ گیا، دیوالیہ کے خطرے کے پیش نظر صدر بائیڈن نے ایشیا کا دورہ مختصر کر دیا۔ مذاکرات ختم ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر بائیڈن نے کہا کہ قرضوں کی حد کا معاملہ حل کرنے کے حوالے سے ان کی ریپبلکن رہنماؤں کے ساتھ نتیجہ خیز ملاقات ہوئی لیکن ابھی اس معاملے پر مزید بات چیت کی ضرورت ہے۔ دوسری جانب امریکا کے سپیکر میکارتھی نے کہا کہ صدر بائیڈن کیساتھ اقتصادی بحران کے خطرے کو ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، ہفتے کے آخر تک قرض کی حد کا معاہدہ ہو جائے گا۔

پاکستان شاہینز اور زمبابوے سلیکٹ پہلے ون ڈے میں آج مدمقابل

ہرارے: (ویب ڈیسک) زمبابوے کا دورہ کرنے والی پاکستان شاہینز اور زمبابوے سلیکٹ کے درمیان 6 ون ڈے میچوں کی سیریز آج سے شروع ہو گی۔ سیریز کے تمام میچز ہرارے سپورٹس کلب میں کھیلے جائیں گے جو پچاس اوورز پر مشتمل ہوں گے، پاکستان شاہینز محدود اوورز کے اس فارمیٹ میں بھی عمدہ کارکردگی دکھانے کے لیے پرامید دکھائی دیتی ہے۔ اس سے قبل پاکستان شاہینز نے زمبابوے اے کے خلاف دونوں چار روزہ میچز جیت لیے تھے، پہلا میچ اس نے آٹھ وکٹوں سے اور دوسرا میچ 41 رنز سے جیتا تھا، پاکستان شاہینز میں کپتان عمران بٹ سمیت آٹھ کھلاڑی انٹرنیشنل کرکٹ کا تجربہ رکھتے ہیں۔ ٹیم میں صائم ایوب کی بھی شمولیت ہوئی ہے جو 8 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں اور ان کے آنے سے ٹیم کی بیٹنگ لائن کو مزید تقویت ملے گی۔ واضح رہے کہ اس سیریز میں زمبابوے سلیکٹ ٹیم میں ان کے انٹرنیشنل کرکٹرز بھی شامل ہونگے تاکہ انہیں ورلڈ کپ کوالیفائر کے لیے تیاری میں مدد مل سکے۔

امریکا کی روسی عوام سے اپنے ملک کی جاسوسی کرکے اطلاعات فراہم کرنے کی اپیل

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا نے روسی عوام سے اپنے ملک کی جاسوسی کرکے اطلاعات فراہم کرنے کی اپیل کردی۔ امریکا کی جانب سے روسی افواج، سرکاری ملازمین، سفارتکاروں، سائنسدانوں اور عام لوگوں کو اپنے ملک کے موجودہ سیاسی و معاشی صورتحال سے آگاہ کرنے کے بیان کے بعد روسی خفیہ ادارے بھی ہائی الرٹ ہو گئے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق یوکرین، روس جنگ کے بعد مغربی ممالک کی جانب سے پابندیوں کے اثرات جاننے کیلئے امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے نے روسی زبان میں مختصر پیغام جاری کیا ہے، پیغام میں روس کے حالات سے آگاہ کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔

سردار اختر مینگل کا شیریں مزاری کی رہائی کا مطالبہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) حکومتی اتحادی جماعت بلوچستان نیشنل پارٹی ( بی این پی ) مینگل کے سربراہ سردار اختر مینگل نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کی رہنما شیریں مزاری کی رہائی کا مطالبہ کر دیا۔ خیال رہے کہ پی ٹی آئی رہنما شیریں مزاری کو گزشتہ روز عدالتی حکم پر رہا کیا گیا تھا تاہم اڈیالہ جیل سے نکلتے ہی پولیس نے انہیں دوبارہ تحویل میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا تھا۔ یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے متعدد رہنماؤں کو تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کر کے مختلف جیلوں میں رکھا گیا ہے۔ سربراہ بی این پی کا کہنا تھا کہ شیریں مزاری کے ساتھ ایسے رویے کی مذمت اور فوری رہائی کا مطالبہ کرتا ہوں، خواتین کے ساتھ ایسا عمل ناقابل قبول ہے، خواتین کو سیاست میں نہ گھسیٹا جائے چاہے ان کا تعلق جس بھی سیاسی جماعت سے ہو۔