All posts by Khabrain News

پیپلز پارٹی نے کراچی کے حلقہ این اے 246 سے نبیل گبول کو پارٹی ٹکٹ جاری کر دیا

کراچی: (ویب ڈیسک) پیپلز پارٹی نے کراچی کے حلقہ این اے 246 سے نبیل گبول کو پارٹی ٹکٹ جاری کر دیا۔
خیال رہے کہ پی ٹی آئی اراکین کے استعفوں کے بعد خالی ہونے والی قومی اسمبلی کی 9 نشستوں پر ضمنی انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن نے شیڈول جاری کردیا ہے جس کے مطابق پولنگ 25ستمبر کوہوگی۔
تحریک انصاف کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عمران خان بیک وقت مردان، چارسدہ، پشاور، کرم، فیصل آباد، ننکانہ، ملیر، کورنگی اور کراچی ساؤتھ سےبھی میدان میں اتریں گے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق این اے 22 مردان ،این اے 24 چارسدہ ،این اے 31 پشاور ، این اے 45کرم ،این اے 108 فیصل آباد، این اے 118 ننکانہ صاحب, کراچی کے 3 حلقوں این اے 237،239 ،246 میں ضمنی الیکشن 25 ستمبر ہوں گے۔
گزشتہ روز پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما نبیل گبول نے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 246 کے ضمنی انتخاب کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے کاغذات نامزدگی پراعتراضات جمع کروائے تھے۔
نبیل گبول نے اعتراض کی باقاعدہ درخواست آر او این اے 246 کو جمع کرائی اور مؤقف اختیار کیا کہ پی ٹی آئی نے امریکی کاروباری شخصیات سے رقوم حاصل کیں اور ممنوعہ فنڈنگ کیس میں تحریک انصاف کے 13خفیہ اکاؤنٹس سامنے آئے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن واضح کرچکاکہ پی ٹی آئی نے جعلی حلف نامہ جمع کرایا، عمران خان نے الیکشن کمیشن میں جعلی ایف ون فارم جمع کرایا۔

پہلا ون ڈے: پاکستان کا نیدرلینڈز کو جیت کیلئے 315 رنز کا ہدف

روٹرڈیم: (ویب ڈیسک) پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان کھیلے جا رہے پہلے ون ڈے میچ پاکستان نے نیدرلینڈز کو جیت کے لیے 315 رنز کا ہدف دیا ہے۔
نیدرلینڈز کے شہر روٹرڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
پاکستان نے پہلےکھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹ کے نقصان پر 314 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے اننگز کے آغاز میں اوپنر امام الحق محض دو رنز پر پویلین واپس لوٹ گئے۔
ان کے بعد فخر زمان اور بابر اعظم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی، فخرزمان 109 رنز بناکر نمایاں رہے جب کہ بابراعظم نے 74 رنز اسکور کیے، شاداب خان نے 28 گیندوں پر 48 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
نیدرلینڈز کی جانب سے باسڈی لیڈے اور لوگان وین بیک نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ایک روزہ میچز کھیلے جائیں گے، دوسرا میچ 18 اگست اور تیسرا 21 اگست کو کھیلا جائے گا۔

اوپن مارکیٹ میں ڈالر مہنگا ہوگیا

کراچی: (ویب ڈیسک) ملک میں امریکی ڈالر کی قدر میں آج ملا جلا رجحان رہا، انٹربینک میں ڈالر سستا جبکہ اوپن مارکیٹ میں مہنگا ہوگیا۔
انٹربینک میں کاروبارکےاختتام پر ڈالر 8 پیسے سستا ہوکر 213.90 روپے کا ہوگیا۔
اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 3 روپے اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد ایک امریکی ڈالر 213 روپے کا ہوگیا۔

پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 185.34 پوائنٹس کی مندی ریکارڈ

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 185.34 پوائنٹس کی مندی ریکارڈ کی گئی اور 100 انڈیکس 43436.48 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔ پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.42 فیصد کی تنزلی دیکھی گئی جبکہ 22 کروڑ 54 لاکھ 20 ہزار 807 شیئرز کا لین دین ہوا۔

عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمتیں کم لیکن پاکستان میں بڑھ رہی ہیں، سراج الحق

لاہور: (ویب ڈیسک) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمتیں کم لیکن پاکستان میں بڑھ رہی ہیں۔
سراج الحق نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ظلم کی انتہا کر دی، پی ڈی ایم حکومت بے حس ہوچکی، ملک کے تمام فیصلے آئی ایم ایف کے دباؤ پر ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکمران عوام کے صبر کا مزید امتحان نہ لیں اور قیمتیں اپریل کی سطح پر واپس لائی جائیں۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ سیلاب، لوڈشیڈنگ، مہنگائی اور بے روزگاری سے ہر پانچواں فرد ڈپریشن کا شکار ہے، ملک میں صرف دو فیصد اشرافیہ سکون میں ہے۔

بالی ووڈ کے چھوٹے نواب کتنے برس کے ہوگئے؟

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے معروف اداکار اور پٹودی نواب سیف علی خان آج اپن52ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔
سیف علی خان کی اہلیہ اور بالی ووڈ کی بیبو کرینہ کپور نے انسٹاگرام پر شوہر کی تصاویر پوسٹ کر کے انہیں سالگرہ کی مبارکباد دی۔
اداکار کے دنیا بھر میں موجود مداح بھی انہیں سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ سیف علی خا ن رواں سال 30 ستمبر کو ہریتک روشن کے ہمراہ اپنی نئی ایکشن تھرلر فلم وکرم ویدھا میں اداکاری کے جوہر دکھاتے نظر آئیں گے۔

جانی ڈیپ ہدایتکار ی کی دنیا میں قدم رکھنے کو تیار

نیویارک: (ویب ڈیسک) حال ہی میں سابق اہلیہ امبر ہرڈ سے ہتکِ عزت کا مقدمہ جیتنے والے جانی ڈیپ اب ہدایتکار کے طور پر کام کریں گے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق مشہور پائریٹس آف دی کیریبیئن اسٹار جانی ڈیپ جانی25 سال بعد ہالی ووڈ فلم میں ہدایت کار کے طور پر کام کریں گے، ڈیپ اطالوی مصور مودیگلیانی کی زندگی پر بننے والی فلم میں ہدایتکار کے فرائض سرانجام دیں گے۔
ساتھ ہی وہ اس فلم کے پروڈیوسر بھی ہیں جبکہ فلم میں لیجنڈ اداکار الپچینو بھی بطورِپروڈیوسر شامل ہیں۔ تاہم ڈیپ اس فلم میں خود اداکاری بھی کرتے نظر آئیں گے یا نہیں اس حوالے سے اب تک کوئی خبر سامنے نہیں آئی ہے۔
یاد رہے کہ امیڈیو مودیگلیانی اطالوی مصور تھے جن کے کام کی پذیرائی ان کی وفات کے بعد ہوئی۔
ان کی زندگی میں ان کے کام کو پسند نہیں کیا گیا اور وہ خود کو کام اور مالی اعتبار سے ناکام سمجھتے تھےتاہم 1920 میں مودیگلیانی کی وفات کے بعد ان کی تخلیقات یورپ میں بےحد مقبول ہوئیں اور اب ان کی زندگی پر فلم بنائی جارہی ہے۔

فٹ بال اسٹیڈیم جہاں سے ریل گاڑی بھی گزرتی ہے

سلوواکیہ: (ویب ڈیسک) دنیا میں ایک فٹبال اسٹیڈیم ایسا بھی ہے جہاں باقاعدہ ریل کی پٹڑی بچھی ہے اور وہاں سے دخانی (اسٹیم) انجن والی ٹرین بھی گزرتی ہے۔
سلوویکیہ میں شوقیہ کھلاڑیوں کا ایک فٹبال کلب ٹی جے ٹیٹران سیئرنی بیلوگ کے نام سے قائم ہے۔ اس میدان میں تواتر سے فٹ بال مقابلے منعقد ہوتے رہتے ہیں۔ اگرچہ اس قصبے کی آبادی صرف 5100 ہے لیکن اکثریت فٹ بال کی شوقین ہیں۔
تاہم فٹ بال کلب اور اسٹیڈیم کی وجہ سے یہ علاقہ سیاحوں میں بھی مقبول ہے۔ 2015 میں یہاں کی ایک ویڈیو بنائی گئی تو وہ بہت مقبول ہوئی ہے۔ معلوم ہوا کہ یہ ایک دخانی ٹرین ہے جو موسمِ گرما میں سیاحوں کو لے کر عین اسٹیڈیم کے درمیان سے گزرتی ہے۔
1990 میں اس ریلوے پٹڑی کی مرمت کی گئی اور اسے دوبارہ کھولا گیا تھا جس کے بعد سے یہ ٹرین اسٹیڈیم کے ایک کنارے سے داخل ہوکر دوسرے کنارے سے باہر نکل جاتی ہے۔ یہ علاقہ خوبصورت سبزے سے بھرے پہاڑوں پر واقع ہے اور ٹرین سے ان کا خوبصورت نظارہ کیا جاسکتا ہے۔
ٹرین کا کل سفر 17 کلومیٹر طویل ہے اور کئی تفریحی مقامات سے گزرتی ہے۔ لیکن ریل گاڑی جب جب میدان سے گزرتی ہے اور تیز سیٹی بجاتی ہے تاہم اس دوران تمام کھلاڑی اپنی توجہ اپنے کھیل پر مرکوز رکھتے ہیں۔ تاہم تماشائی ٹرین کو دیکھ کر ہاتھ ہلاتے ہیں۔

خانہ کعبہ کو غسل دینے کی روح پرور تقریب، سعودی ولی عہد کی شرکت

مکہ مکرمہ: (ویب ڈیسک) خانہ کعبہ کو غسل دے دیا گیا، اس موقع پر روح پرور تقریب منعقد کی گئی۔
حرمین شریفین کے امور سے متعلق ویب سائٹ کے مطابق روح پرور تقریب میں خانہ کعبہ کو غسل دیا گیا، غسل کعبہ کی تقریب میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان کی نمائندگی کرتے ہوئے دیگر معززین کے ہمراہ حصہ لیا اورخانہ کعبہ کوغسل دینے کی سعادت حاصل کی۔
غسل کعبہ کی تقریب نبی کریم ﷺ کے زمانے سے چلی آرہی ہے، نبی کریم ﷺ سال میں دو مرتبہ خانہ کعبہ کو غسل دیا کرتے تھے۔
تقریب میں خانہ کعبہ کی اندرونی دیواروں کو عرق گلاب، عود اورمشک میں تر تولیوں سے صاف کیا گیا، خانہ کعبہ کے فرش کو آب زم زم میں عرق گلاب ملا کر کھجور کے پتوں اورہاتھوں سے صاف کیا گیا۔
غسل کعبہ کی رسم میں 45 لٹر آب زم زم، عرق گلاب اور اعلیٰ درجے کا عود استعمال کیا گیا ہے۔غسل کعبہ سے قبل مطاف کو زائرین سے خالی کرا لیا گیا تھا، غسل کعبہ کی تقریب 13 اگست کو منعقد ہونا تھی جسے ملتوی کردیا گیا تھا۔

وفاقی کابینہ: 35 ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری متفقہ مسترد

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی کابینہ نے 35 ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری متفقہ طور پر مسترد کر دی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران وزراتِ موسمیاتی تبدیلی کی طرف سے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ گلوبل وارمنگ گیسوں کے فضا میں اخراج میں ہمارا حصہ دنیا کا صرف 1 فیصد بنتا ہے۔
اعلامیہ کے مطابق کابینہ میں جنگی بنیادوں پر رین ہاروسٹنگ کی منصوبہ بندی کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ اسلام آباد میں اس منصوبے کو پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر اجراء کرنے کی تجویز زیرِ غور آئی ہے۔ متفقہ طور پر شیری رحمان کی سربراہی میں کابینہ کمیٹی کی تشکیل کی منظوری دی گئی۔ کمیٹی میں متعلقہ وزارتوں کے وزراء بھی شامل ہوں گے۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی، پانی اور خوراک کا تحفظ تینوں ایک دوسرے سے منسلک چیلنجز ہیں، ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کو ان کے اثرات سے بچانے کیلیے اقدامات کی ضرورت ہے، حکومت کو موسمیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والے متوقع مسائل کا بخوبی ادراک ہے، اس مسئلہ کا حل حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
اجلاس کے دوران دِیت کی کم از کم حد 30 ہزار 630 گرام چاندی کے برابرمقرر کرنے کی منظوری دی گئی جبکہ وفاقی کابینہ نے 35 ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری متفقہ طور پر مسترد کر دی۔
اجلاس کے دوران ہدایت دی گئی کہ ادویات کی قیمتوں میں وفاقی کابینہ کی منظوری کے بغیر کسی قسم کا اضافہ نہیں کیا جائے گا۔
وفاقی کابینہ نے 10افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری دیدی اور 22لوگوں کے نام ای سی ایل سے نکالنے کی منظوری دیدی۔