All posts by Khabrain News

اسرائیلی وزیر اعظم کی صحت کیلئے دعا کرنے پر ایرانی اداکارہ شہرہ قمر گرفتار

تہران :(خبریں ڈیجیٹل) اسرائیل کے وزیرِ اعظم نیتن یاہو کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرنے والی اداکارہ کو ایران میں گرفتار کر لیا گیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اداکارہ شہرہ قمر کو اسرائیلی وزیرِ اعظم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرنے کے بعد معاشرے میں نفسیاتی عدم تحفظ پیدا کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا

رپورٹس کے مطابق اداکارہ کی جانب سے چند دن قبل سوشل میڈیا (انسٹاگرام) پر اسرائیلی وزیرِ اعظم کی صحت یابی کے لیے دعا پوسٹ کی گئی تھی۔

 

اداکارہ نے نیتن یاہو کی تصویر لگاتے ہوئے لکھا تھا کہ میں آپ کی صحت کے لیے دعاگو ہوں، آپ سلامت رہیں۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق اداکارہ کے انسٹاگرام پر 40 لاکھ فالوورز ہیں۔

 

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے اسرائیل کے وزیرِ اعظم نیتن یاہو کے دل کی سرجری کر کے انہیں پیس میکر لگایا گیا تھا۔

ہے۔

بالی ووڈ میں عالیہ بھٹ اور رنویر کی ’پریم کہانی‘ کے چرچے

ممبئی:(خبریں ڈیجیٹل) بالی ووڈ میں آج کل ہر جانب بس عالیہ بھٹ اور رنویر سنگھ کی پریم کہانی کے چرچے ہیں جس پر کرن جوہر بھی زیر لب مسکرا رہے ہیں جب کہ دونوں کی اس پریم کہانی پر عالیہ کے شوہر رنبیر کپور اور رنویر سنگھ کی اہلیہ اداکارہ دپیکا پڈوکون بھی کافی خوش ہیں۔ 

بھارتی فلم انڈسٹری میں بلاک بسٹر فلمیں دینے والے فلمساز اور ہدایت کار کرن جوہر ماضی کے مقبول ترین اداکار دھرمیندر سنگھ اور اپنے دور کی پُرکشش اور کامیابت ترین اداکارہ جیا بچن کو ایک بار پھر پردۂ اسکرین پر لانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔

یہ بات ہو رہی ہے فلم ‘راکی اور رانی کی پریم کہانی’ کی۔  فلم میں ہیرو اور ہیروئن کی کاسٹ کے لیے کرن جوہر کی نگاہ انتخاب نے عالیہ بھٹ اور رنویر سنگھ کو چُنا ہے۔

عالیہ اور رنویر کی کیمسٹری کی تعریف فلم میں موجود سینیئر اداکاروں سمیت ہدایت کار اور فلم ناقدین نے بھی کی اور عوام میں بھی اس جوڑی کو کافی پذیرائی مل رہی ہے۔

ایک کروڑ بیس لاکھ سے زائد پاکستانی ہیپاٹائٹس کا شکار

اسلام آباد (خبریں ڈیجیٹل) ماضی میں ہیپاٹائٹس کے انسداد کے لیے حکومت کی طرف سے کئی مہمیں چلائی گئی لیکن اس مرض میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس پر طبی ماہرین تشویش کا شکار ہیں اور مطالبہ کر رہے ہیں کہ حکومت اس کے پھیلاو کو روکنے کے لئے ہنگامی اقدامات کرے۔

سعودی عرب نے قرآن کی بے حرمتی پر مسلم وزرائے خارجہ کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا

ریاض(خبریں ڈیجیٹل) اسلامی سربراہ کانفرنس کے قائد کی حیثیت سے سعودی عرب اور عراق نے سویڈن اور ڈنمارک میں قرآن کریم کی بار بار بے حرمتی کے واقعات کا جائزہ لینے کے لیے مسلم وزرائے خارجہ کا ورچوئل ہنگامی اجلاس 31 جولائی 2023 بروز پیر طلب کر لیا ہے۔

میڈیارپورٹس کے مطابق عرب وزرائے خارجہ کا 18واں ہنگامی اجلاس او آئی سی جنرل سیکریٹریٹ میں دو جولائی 2023 کو منعقدہ ہنگامی اجلاس کے بیان پر عمل درآمد کا حصہ ہے

دو جولائی کو جدہ میں منعقدہ اجلاس میں بوقت ضرورت اعلی سطح کا ہنگامی اجلاس بلانے کی اپیل کی گئی تھی۔نئے اجلاس میں او آئی سی کے سیکریٹری جنرل حسن ابراہیم طہ مجلس عاملہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے پر عمل درآمد کے حوالے سے مشاورت بھی کریں گے۔اس موقع پر اشتعال انگیز واقعات کو روکنے کے لیے مزید اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔ اشتعال انگیز حرکتیں، تعصب اور جان بوجھ کر مذہبی منافرت کا باعث بن رہی ہیں۔

انگلینڈکے فاسٹ بولر اسٹیورٹ براڈ کا ریٹائرمنٹ کا اعلان

لاہور(خبریں ڈیجیٹل) انگلینڈکے فاسٹ بولر اسٹیورٹ براڈ نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

37 سالہ اسٹیورٹ براڈ پانچویں ایشیز ٹیسٹ کے اختتام پر ریٹائر ہو جائیں گے، اسٹیورٹ براڈ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ کیرئیر کا 167 واں ٹیسٹ میچ کھیل رہے ہیں اور انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں 602 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

اوول میں ایشیز  کے 5 ویں ٹیسٹ میں انگلینڈ نے دوسری اننگز میں تیسرے روز کے اختتام پر 9 وکٹوں پر 389 رنز بنائے۔

پرتشدد تنظیم کو الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت نہیں ہوگی، سینیٹ میں بل آج پیش کیا جائیگا

 اسلام آباد(خبریں ڈیجیٹل) سینیٹ میں پرتشدد انتہا پسندی کی روک تھام کا بل آج پیش کیا جائے گا جس سے مراد نظریاتی عقائد، مذہبی اور سیاسی معاملات یا فرقہ واریت کی خاطر دھمکانا، طاقت کا استعمال اور تشدد کرنا، اکسانا یا ایسی حمایت کرنا جس کی قانون میں ممانعت ہے۔

بل کے متن کے مطابق پرتشدد انتہا پسندی میں کسی فرد یا تنظیم کی مالی معاونت کرنا ہے جو پرتشدد انتہا پسند ہو، پرتشدد انتہا پسندی میں دوسرے کو طاقت کے استعمال، تشدد اور دشمنی کے لیے اکسانا شامل ہے۔

شیڈیول میں شامل شخص کو تحفظ اور پناہ دینا پرتشدد انتہا پسندی ہے، پرتشدد انتہا پسندی کی تعریف کرنا اور اس مقصد کے لیے معلومات پھیلانا پرتشدد انتہا پسندی میں شامل ہے۔ اگر حکومت مطمئن ہو کہ کوئی شخص یا تنظیم پرتشدد انتہا پسندی میں ملوث ہے تو اسے لسٹ ون اور ٹو میں شامل کیا جا سکتا ہے۔

لسٹ ون میں وہ تنظیم ہوگی جو پرتشدد انتہا پسندی میں ملوث ہے، جس کا سربراہ خود پرتشدد ہو یا تنظیم نام بدل کر دوبارہ منظر عام پر آئی ہو جبکہ لسٹ ٹو میں ایسا شخص شامل ہے جو پرتشدد انتہا پسندی میں ملوث ہو، پرتشدد ادارے لیڈر یا حصہ ہو، پرتشدد ادارے کی مالی معاونت کرتا ہو۔

حکومت پرتشدد فرد اور پرتشدد تنظیم کی میڈیا تک رسائی یا اشاعت پر پابندی عائد کرے گی جبکہ پرتشدد فرد یا تنظیم کے لیڈر یا فرد کی پاکستان کے اندر نقل و حرکت  یا باہر جانے پر پابندی عائد کرے گی۔ حکومت پرتشدد تنظیم کے اثاثے کی چھان بین کرے گی جبکہ پرتشدد تنظیم کے لیڈر، عہدیدار اور ممبران کی سرگرمیاں مانیٹر کرے گی۔

حکومت پرتشدد تنظیم کے لیڈر اور عہدیدارن ممبران کا پاسپورٹ ضبط کرے گی، اسے بیرون ملک سفر کی اجازت بھی نہیں ہوگی۔ پرتشدد تنظیم کے لیڈر اور عہدیدارن ممبران کا اسلحہ لائسنس منسوخ کر دیا جائے گا جبکہ پرتشدد تنظیم کے اثاثے، پراپرٹی اور بینک اکاؤنٹ منجمد کر دیے جائیں گے۔

خیبر، اسپین قبر میں دہشت گردوں کا سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ

خیبر:(خبریں ڈیجیٹل) اسپین قبر میں دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کردیا۔

ضلع خیبر میں تھانہ حدود باڑہ کے علاقہ اسپین قبر میں دہشت گردوں نے پولیس اور ایف سی کے جوائنٹ چیک پوسٹ پر دستی بم سے حملہ کیا اور چیک پوسٹ پر شدید فائرنگ بھی کی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

پولیس اور ایف سی کے جوانوں نے حملہ ہوتے ہی جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں دہشت گرد فرار ہو گئے۔

بھارت میں 11سالہ لڑکی کے ساتھ انسانیت سوز واقعہ

ستنا:(خبریں ڈیجیٹل )مدھیہ پردیش میں مندر دیوی شاردا کے قریب جنگل میں 11 سالہ لڑکی تشدد زدہ حالت میں ملی جس کی اجتماعی عصمت دری کی گئی تھی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاستی پولیس نے بتایا کہ لڑکی خون میں لت پت پائی گئی، اس کے پورے جسم پر تیز دھار آلے کے نشانات موجود تھے۔ لڑکی کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔

پولیس نے بتایا کہ دو لوگوں کو واقعے میں ملوث ہونے کے شبہے میں گرفتار کیا گیا ہے جن میں سے ایک ملزم مندر کی انتظامی کمیٹی کے زیر انتظام گاؤشالہ میں کام کرتا ہے۔

پولیس کا یہ بھی کہنا تھا کہ لڑکی کل شام سے لاپتہ ہوگئی تھی اور رات گئے تک گھر نہ پہنچنے پر اس کے اہل خانہ نے پولیس کو اطلاع دی جس پر اس کی تلاش شروع کردی گئی۔ لڑکی ستنا ضلع کے آرکنڈی ٹاؤن شپ میں اپنے گھر سے تقریباً ایک کلومیٹر دور جنگل میں پائی گئی۔

دوسری جانب چیف منسٹر شیوراج سنگھ چوہان نے پولیس کو ہدایت دی ہے کہ وہ ملزم کے خلاف سخت کارروائی کرے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ متاثرہ لڑکی کو بہترین طبی علاج فراہم کیا جائے۔

46 ہزار سالوں سے منجمد کیڑے ’زندہ‘ ہوگئے

برلن(خبریں ڈیجیٹل) جرمنی: سائنسدانوں نے ایک اندازے کے مطابق 46,000 سالوں سے منجمد کیڑوں کو دوبارہ ’زندہ‘ کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق ماہرین کا خیال ہے کہ یہ کیڑے پلائسٹوسن کے آخری دور (20 لاکھ سال پہلے) سے تعلق رکھتے ہیں، سائبیرین پرما فراسٹ میں 40 میٹر گہرائی میں پائے جانے والے کیڑوں کے ایک چھوٹے سے گروپ کو پگھلا کر دوبارہ زندہ کیا گیا ہے۔

یہ کیڑے طویل عرصے سے معدوم ہونے والی انواع Panagarolaimus kolymaensis سے تعلق رکھتے ہیں جو کہ 46،000 سال منجمد رہنے کی وجہ سے غیرفعال حالت میں تھے جسے کرپٹوبائیوسس کہا جاتا ہے

اس سے قبل سائنسدانوں کے پاس صرف اس بات کا ثبوت تھا کہ یہ کیڑے 40 سال تک منجمد رہنے کے قابل ہیں تاہم یہ مخلوق دیوہیکل ممالیاؤں کے وقت سے موجود ہیں۔

پی ایل او ایس جینیٹکس کے جریدے میں شائع ہوئے مطالعے کے سینئر مصنف پروفیسر اور جرمنی میں میکس پلانک انسٹی ٹیوٹ آف مالیکیولر سیل بائیولوجی اینڈ جینیٹکس کے پروفیسر تیموراس کرزشالیا نے کہا کہ یہ چھوٹے کیڑے گنیز ورلڈ ریکارڈ کا حصہ بن سکتے ہیں جو کسی کے خیال سے بھی کہیں زیادہ منجمد حالت میں زندہ رہ سکتے ہیں۔

راجن پور میں خوفناک ٹریفک حادثہ، 5 افراد جاں بحق

راجن پور(خبریں ڈیجیٹل) فاضل پور میں خوفناک ٹریفک حادثے میں 5 مسافر جاں بحق ہو گئے۔

راجن پور کی تحصیل فاضل پور میں تیز رفتاری کے باعث مسافر بس الٹ گئی جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جب کہ 20 شدید زخمی ہو گئے۔

ڈسٹرکٹ انچارج ریسکیو ڈاکٹر اسلم نے بتایا کہ حادثے میں 5 افراد جاں بحق اور 20 شدید زخمی ہوئے تاہم زخمیوں کو ڈسٹرکٹ اسپتال اور فاضل پور اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مسافر بس سخی سرور سے جیکب آباد سندھ جا رہی تھی۔