All posts by Khabrain News

فٹبال پریمیئر لیگ: مانچسٹر سٹی نے لیسٹر کو ہرا کر ٹاپ پوزیشن پر قبضہ جما لیا

لندن: (ویب ڈیسک) فٹبال پریمیئر لیگ میں مانچسٹر سٹی نے لیسٹر سٹی کو 0-1 سے ہرا کر ٹاپ پوزیشن پر قبضہ جما لیا۔
انگلینڈ کے کنگ پاور سٹیڈیم میں انگلش پریمیئر لیگ کی ٹیموں مانچسٹر سٹی اور لیسٹر سٹی کے درمیان مقابلہ ہوا، میچ کی شروعات دفاعی تھیں، پہلے ہاف میں تابڑ توڑ حملوں کے باوجود کوئی گول سکور نہ ہو سکا، بعد میں کھلاڑیوں نے پلان بدلتے ہوئے جارحانہ انداز اپنایا۔
انچاسویں منٹ ڈی برائن کی فری کک پول سے ٹکرا کر جال پہنچی، یہی واحد گول فیصلہ کن ثابت ہوا، اسی ایک صفر کی جیت سے فاتح ٹیم انتیس یعنی ایک پوائنٹ کے فرق سے ٹاپ پوزیشن پر قبضہ جما لیا۔

سابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست مزاری کو اینٹی کرپشن نےگرفتارکرلیا

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور کے نجی اسپتال سے پنجاب اسمبلی کے سابق ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کو گرفتار کرلیا گیا۔
دوست مزاری کے کزن شباب مزاری کے مطابق سابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کو اینٹی کرپشن نےگرفتار کیا ہے۔
شباب مزاری کے مطابق دوست مزاری نجی اسپتال میں اپنے دادا اور سینیئر سیاستدان و سابق وزیراعظم بلخ شیرمزاری کی عیادت کے لیے آئے تھے۔
خیال رہےکہ دوست مزاری پی ٹی آئی کے منحرف رکن پنجاب اسمبلی ہیں۔

وسط مدتی انتخابات، سازشی تھیوریوں کا راستہ روکنے کیلئے ہر شخص باہر نکلے: اوباما

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی سابق صدر براک اوباما نے وسط مدتی انتخابات کے تناظر میں کہا ہے کہ اگلے ماہ جمہوریت خطرے میں ہو سکتی ہے۔
جمہوری پاور پلئیر اور اپنی جماعت میں غیر معمولی مقبول سابق صدر اوباما نے ڈیموکریٹس کی انتخابی مہم کے سلسلے میں جارجیا میں پہلے پڑاو پر تھے۔
اوباما نے کہا کہ ہر شخص کو باہر نکلنا ہو گا تاکہ انتخابی حوالے سےسازشی تھیوریوں والوں کا راستہ روکا جائے اور ان کے ہاتھوں کو اقتدار کے کنٹرول پر نہ آنے دیا جائے۔ یہ کافی نہیں ہے کہ ڈیمو کریٹس کو انتخابی بیلٹ کے اوپر والے خانے میں چن لیا جائے۔ ضرورت ہے کہ ہم اچھے لوگوں کا انتخاب اوپر اور نیچے ہر سطح پر کریں ۔
انہوں نے کہا کہ بعض وہ لوگ الیکشن کے لیے بھاگ دوڑ کر رہے تھا، انہوں نے ہماری جمہوریت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی تھی۔ اگر جیت گئے تو کوئی بھی نہیں کہہ سکتا کہ پھر ملک میں کیا ہوگا ، یا ہمارا مستقبل کیا ہوگا۔
سابق صدر جو 2017 میں وائٹ ہاوس سے نکلنے کے بعد دھیمے انداز کی زندگی گزار رہے ہیں۔ جارجیا میں ایک ریلی میں مہمان خصوصی تھے۔ جہاں دونوں ریاستوں میں مقابلہ بڑا سخت ہے اور دسیوں ملین ڈالر ایندھن میں جھونک کر امریکا پر کنٹرول کی کوشش کی جارہی ہے۔

ہمیں مارو گے تو کیا ہم ہار لیکر کھڑے ہوں گے؟علی امین گنڈا پور کا مبینہ آڈیو لیک پر ردعمل

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سابق وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور نے وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ کی جاری کردہ مبینہ آڈیو لیک پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
علی امین کا کہنا تھاکہ ہمیں دھمکیاں دی جارہی ہیں کہ یہ آئیں تو سہی ہم ماریں گے، وزیرداخلہ کہتے ہیں ہم نے ڈرونز لیے ہوئے ہیں، ہم نے بھی پھر چوڑیاں نہیں پہنی ہوئی ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ پرامن احتجاج پرماریں گےکیا ان کے پاس جان سے مارنے کا لائسنس ہے؟ رانا ثنا اللہ تم جیمز بانڈ نہیں عوام کے پیسے پر پلنے والے وزیر ہو، اگر ہمیں مارو گے تو کیا ہم ہار لے کر کھڑے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ تم اگر حملہ کرو گے تو ہمارے جواب کیلئے بھی تیار رہو، ہم آزادی کے لیے نکلے ہیں اور آزادی لے کر رہیں گے۔
خیال رہے کہ علی امین گنڈا پور کی بندوقیں اور بندے لانے کی ایک شخص سے گفتگو کی مبینہ آڈیو لیک ہوئی ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے پریس کانفرنس میں علی امین گنڈا پور کی آڈیو سنائی جس میں وہ ایک شخص سے بندوقیں اور بندے لانے کا کہہ رہے ہیں۔

حکومت کا پی ٹی آئی لانگ مارچ کیخلاف سپریم کورٹ میں پٹیشن دائرکرنےکا فیصلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لانگ مارچ کے خلاف سپریم کورٹ میں پٹیشن دائرکرنےکا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ میں پٹیشن علی امین گنڈا پور کی مبینہ آڈیو لیک کی بنیاد پر دائر کی جائےگی، مبینہ آڈیو لیک کے مطابق لانگ مارچ میں اسلحہ بردار لائے جا رہے ہیں جس سے خون خرابےکا خدشہ ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ پٹیشن میں سپریم کورٹ سےلانگ مارچ کے دوران ممکنہ خون خرابے سے آگاہ کیا جائےگا، حکومت کی جانب سے درخواست کی تیاری کا کام شروع کردیا گیا ہے اور جلد سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر ہوگی۔
خیال رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے آج اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سابق وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کی مبینہ آڈیو سنائی تھی جس میں مبینہ طور پر علی امین گنڈا پور ایک شخص سے بندوقیں اور بندے لانے کا کہہ رہے ہیں۔

مریم اورنگزیب عمران فوبیا میں مبتلا ہیں اپنا علاج کروائیں: فرخ حبیب‘

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فرخ حبیب نے وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کو علاج کروانے کا مشورہ دے دیا۔
پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے کہا کہ مریم اورنگزیب عمران فوبیا میں مبلا ہیں وہ اپنا علاج کروائیں ان کی تمام کابینہ مجرم ہے جسے چور دروازے سے مسلط کیا گیا ہے۔
سابق وزیر نے کہا کہ امپورٹڈ سرکار پہلے سائفر کو جھٹلاتی رہی اور پھر خود ہی ڈرامائی انداز میں اسے تسلیم کرلیا ہے سائفر پر سیاست عمران خان نے نہیں امپورٹڈ سرکار نے کی تھی۔
فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ نااہل سرکار نے ملک کو پتھروں کے زمانے میں دھکیلنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ترقی کرتی معیشت کو تباہ و برباد کرکے عوام پر مہنگائی کے پہاڑ توڑے گئے ہیں، عوام کا جینا دوبھر کرکے اب یہ چور ان کے غم و غصے سے نہیں بچ سکتے۔

ایتھوپین ائیرلائنز نے18 سال بعد پاکستان کیلئے اپنی پروازیں بحال کردیں

کراچی: (ویب ڈیسک) افریقی ملک ایتھوپیاکی قومی ائیرلائنز نے 18 سال کے بعد ایک بار پھر پاکستان کے لیے اپنی پروازیں بحال کر دی ہیں۔
پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے نوٹیفکیشن کے مطابق ایتھوپین ائیرلائنز 2004 سے پاکستان کے لیے معطل اپنی پروازیں ایک بار پھر بحال کر رہی ہے، ایتھوپین ایرلائنز عدیس ابابا اور کراچی کے درمیان ہفتہ وار دو پروازیں چلائےگی، ساتھ ہی ایتھوپین حکومت نے پاکستانیوں کے لیے ائیرپورٹ پر آن آرائیول ویزا کی سہولت بھی بحال کردی ہے۔
بعض پاکستانیوں کے ایتھوپیا میں جعلی موبائل فونز اور پرفیومز فروخت کرتے ہوئے پکڑے جانے کے بعد دو سال قبل ایتھوپیا کی حکومت نے آن آرائیول ویزا کی سہولت ختم کردی تھی، یہ سہولت اب پاکستانی سفیر کی کوششوں سے بحال ہوگئی ہے۔
پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے نوٹیفکیشن میں ملکی ائیرپورٹس پر تعینات تمام متعلقہ اداروں سے کہا گیا ہےکہ وہ ایتھوپیا جانے والے مسافروں پر کڑی نظر رکھیں تاکہ مستقبل میں کسی بد مزگی سے بچا جاسکے۔

پنجاب نے سی سی پی او لاہور کی خدمات وفاق کو دینے سے تیسری بار انکار کردیا

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) لاہور غلام محمود ڈوگر کی خدمات وفاق کو دینے سے انکار کردیا۔
ذرائع کے مطابق پنجاب کی جانب سے سی سی پی او کی خدمات واپس کرنے کیلئے تیسری بار انکار کیا گیا ہے۔
سیکرٹری سروسز پنجاب نے وفاق کو تحریری طور پر آگاہ کردیا ہے اور خط میں کہا گیا ہے کہ غلام محمود ڈوگرکو وزیراعلیٰ پنجاب صوبے میں رکھنا چاہتے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وفاقی حکومت نے سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کو تین دن میں رپورٹ کرنے کا حکم دیا تھا۔ لیٹر میں کہا گیا تھاکہ تبادلے کےاحکامات پر 3 روز میں عمل نہ کیا تو انضباطی کارروائی ہوگی۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کے تبادلے پر وفاق اور پنجاب میں ٹھن گئی تھی اور وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے غلام محمودڈوگرکو چارج چھوڑنے سے روک دیا تھا۔

‘اب سڑکوں پر نہ آئیں’ سربراہ ایرانی پاسداران انقلاب کی مظاہرین کو تنبیہ

تہران: (ویب ڈیسک) ایرانی پاسداران انقلاب گارڈز کے سربراہ حسین سلامی نے مظاہرین کو خبردار کیا ہےکہ وہ اب سڑکوں پر نہ آئیں، مظاہروں کا مذموم منصوبہ امریکا نے بنایا ہے۔
ایرانی پاسداران انقلاب گارڈز کے سربراہ حسین سلامی نے مظاہرین کو متنبہ کرتے ہوئے کہا ہےکہ آج مظاہروں کا آخری دن ہے، اب مظاہرین سڑکوں پر نہ آئیں۔
حسین سلامی کا کہنا ہےکہ امریکا، برطانیہ اور اسرائیل نے ایران کو غیر مستحکم کرنےکے لیے بدامنی کا منصوبہ بنایا ہے، ایرانی عوام اس کا حصہ نہ بنیں، سکیورٹی فورسز ایرانی عوام کے دفاع کے لیے ہیں۔
خیال رہےکہ ایران میں ستمبر میں 22 سالہ مہسا امینی کی زیر حراست موت کے بعد سے مظاہرے جاری ہیں، مہسا امینی 16 ستمبرکو پولیس کی حراست میں مبینہ طور پر دل کے دورے سے انتقال کرگئی تھیں۔
انسانی حقوق گروپ کےمطابق مظاہرین کےخلاف کریک ڈاؤن میں اب تک کم ازکم ڈھائی سو افراد ہلاک جب کہ ہزاروں گرفتار کیے جاچکے ہیں۔

روس نے برطانیہ پر گیس پائپ لائن دھماکوں کا الزام عائد کردیا

ماسکو: (ویب ڈیسک) روس نے یورپ کوگیس فراہم کرنے والی نارڈ اسٹریم پائپ لائن میں دھماکوں کا الزام برطانیہ پر عائد کردیا۔
روسی خبرایجنسی کے مطابق روسی وزارت دفاع نے نارڈاسٹریم پائپ لائن دھماکوں میں برطانیہ کے ملوث ہونےکا الزام لگایا اور ان حملوں کو ’دہشت گردی‘ قرار دیا۔
روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ نارڈاسٹریم گیس پائپ لائن دھماکوں میں برطانوی بحریہ کے ماہرین ملوث ہیں۔
روسی وزارت دفاع کے مطابق برطانوی رائل نیوی نے حملےکی منصوبہ بندی، سپورٹ اور عملدرآمد میں حصہ لیا۔
دوسری جانب برطانیہ نے دھماکوں میں برطانوی بحریہ کے ملوث ہونے کا روسی الزام مسترد کردیا۔
برطانوی وزارت دفاع کا کہنا تھاکہ دھماکوں میں برطانوی بحری اہلکاروں کے ملوث ہونے کا روسی الزام غلط ہے، یوکرین پر غیرقانونی حملے سے توجہ ہٹانے کیلئے روس ایسے غلط دعوے کررہا ہے۔
خیال رہے کہ بحیرہ بالٹک میں روس سے یورپ کو گیس سپلائی کرنے والی نارڈ اسٹریم گیس پائپ لائنوں میں 26 ستمبرکو دھماکے ہوئے تھے۔