All posts by Khabrain News

ہریتک روشن اور دیپیکا پڈوکون کی پہلی فلم کب ریلیز ہوگی؟

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے دو سُپر اسٹارز ہریتک روشن اور دیپیکا پڈوکون کی فلم ’’فائٹر‘‘ کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان کر دیا گیا ۔
ہریتک روشن اور دنیا کی خوبصورت ترین اداکارہ کا اعزاز رکھنے والی دیپیکا نے انسٹاگرام پر اپنی آنے والی نئی فلم ’’فائٹر‘ کا پوسٹر شیئر کرتے ہوئےاس کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان کیا ہے۔
ہریتک روشن نے پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ’ 25 جنوری کو تھیٹرز میں ملتے ہیں‘۔
یہ پہلی ایسی فلم ہے جس میں ہریتک روشن جیسے سُپر فٹ اسٹار اور اداکارہ دیپیکا پڈوکون ایک ساتھ اداکاری کے جوہر دکھاتے نظر آئیں گے۔
سدھارتھ آنند کی ہدایت کاری میں بننے والی اس ایکشن تھرلر فلم میں ہریتک روشن اور دیپیکا پڈوکون کے ساتھ سینئر اداکار انیل کپور بھی جلوہ گر ہوں گے۔
فلم کی کہانی جنگی جہازوں اور ان کے بہادر پائلٹس کے گرد گھومتی ہے فلم میں ہریتک اور دیپیکا انڈین ایئر فورس کے پائلٹ کا کردار ادا کررہے ہیں۔
یاد رہے کہ فلم فائٹر کی ریلیز کی تاریخ میں چوتھی بار تبدیلی کی گئی ہے اس کی ریلیز ستمبر سال 2023ء میں متوقع تھی پھر کہا گیا کہ جنوری 2023ء میں ریلیز کی جائے گی، پھر اسے ستمبر 2022ء میں ریلیز کئے جانے کا امکان تھا اور اب اسے 25 جنوری 2024ء کو ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

بغیر ٹانگوں کے پیدا ہونے والے ایتھلیٹ نے دو ریکارڈ اپنے نام کرلیے

لاس اینجلس: (ویب ڈیسک) ٹانگوں کے بغیر پیدا ہونے والے امریکی ایتھلیٹ نے ہاتھوں کی مدد سے لمبی باکس جمپ لگا کر اور تین منٹوں سب سے زیادہ ڈائمنڈ پش اپس لگا کر گینیز عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیے۔
گینیز ورلڈ ریکارڈز کے اعلان کے مطابق امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس سے تعلق رکھنے والے کلارک نے دونوں ریکارڈ اپنے نام کیے۔
زائن کلارک نے سب سے پہلے باکس جمپنگ کا ریکارڈ اپنے نام کیا۔ پہلی کوشش میں انہوں نے 24 انچز کی چھلانگ لگائی، پھر 30 انچز کی اور آخر میں 33 انچز کی چھلانگ لگا کر ریکارڈ سیٹ کیا۔
اس کے بعد کلارک نے ڈائمنڈ پش اپس کا ریکارڈ اپنے نام کرنے کی کوشش کی۔ پہلی کوشش میں وہ بہتر کارکردگی نہیں دِکھا سکے جبکہ دوسری کوشش میں انہوں نے تین منٹ کے اندر 248 پُش اپس لگا لیں۔
گینیز حکام سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پُش اپس ذہن کا کھیل تھا۔
کلارک کوڈل ری گریشن سِنڈروم کی وجہ سے بغیر ٹانگوں کے پیدا ہوئے تھے۔ اس نایاب کیفیت میں ریڑھ کی ہڈی کے نیچے کے حصے کی نشو نما غیر معمولی ہوتی ہے۔

نایاب ترین شہابی پتھر کے ماخذ کی نشان دہی

لندن: (ویب ڈیسک) برطانوی سائنس دانوں کا ماننا ہے کہ انہوں نے زمین پر گِرنے والے ایک نایاب ترین شہابی پتھر کے ماخذ کی نشان دہی کردی ہے۔
آئی ویونا شہابی پتھر تنزانیہ میں دسمبر 1938 میں گِرا تھا اور ٹوٹ کر متعدد ٹکڑوں میں بِکھر گیا تھا جن میں سے ایک لندن کے نیچرل ہِسٹری میوزیم میں موجود ہے۔
ریوگو نامی سیارچے کا جائزہ لینے والے ماہرین کا ماننا ہے کہ آئی ویونا چٹان ممکنہ طور پر نظام شمسی کے کنارے سے آئی ہو۔
میوزیم کی ٹیم کا کہنا تھا کہ جرنل سائنس ایڈوانسز میں شائع ہونے والی تحقیق کے نتائج نظامِ شمسی کے ابتدائی دور کے متعلق مزید جوابات دے سکتے ہیں اور زمین پر زندگی کیسے وجود میں اس معاملے پر مزید روشنی ڈالی جاسکتی ہے۔
تحقیقی مقالے کی شریک مصنفہ پروفیسر سارا رسل کا کہنا تھا کہ یہ ایک دلچسپ دریافت ہے کیوں کہ یہ بتاتا ہے کہ ہمارے میوزیم اور دنیا بھر میں موجود شہابی پتھر ممکنہ طور پر خلاء میں دور دراز موجود کسی چٹان کا اندرونی حصہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سائنس دان ان کو استعمال کرتے ہوئے اپنے اصل اور ہمارے ساتھ کے سیاروں کے متعلق مزید جان سکیں گے۔
آئی ویونا کو ایک انتہائی نایاب شہابی پتھروں میں شمار کیا جاتا ہے جن کو سی آئی کونڈرائٹس کہا جاتا ہے۔
یہ کاربن کے حامل پتھر چار ارب سال قبل نظامِ شمسی کی تشکیل کے دور کی کیمسٹری اپنے اندر رکھتے ہیں۔

برقی سگریٹ بھی طرح دل کے لیے نقصان دہ ہے، تحقیق

کینٹکی: (ویب ڈیسک) ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ برقی سگریٹ بھی روایتی سگریٹوں کی طرح دل کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔
چوہوں پر کیے جانے والے تجربات میں سائنس دانوں کو معلوم ہوا کہ ای سگریٹ چوہوں میں دل کی دھڑکن میں بے ترتیبی کا سبب بن سکتی ہے۔
بے ترتیب دل کی دھڑکن متعدد جان لیوا پیچیدگیوں کا سبب ہوسکتی ہے جن میں فالج، خون کی گٹھلیاں اور شدید معاملات میں دل کا دورہ شامل ہے۔
جن چوہوں کو ویپ کے دھویں میں رکھا گیا ان کے دل کی دھڑکن تجربے کے فوراً بعد کم ہوگئی اور کچھ ہی لمحوں بعد دوبارہ تیز ہوگئی۔
ایسا صرف ان مخصوص کیمیکلز کی وجہ سے ہوتا ہے جو فروٹی اور مینتھول ذائقے کے ویپس میں موجود ہوتے ہیں اور یہ ذائقے بچوں میں تیزی سے مقبول ہورہے ہیں۔
امریکا کے فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے مطابق تمباکو نوشی کرنے والوں میں سگریٹ پینے کے 20 منٹ بعد دل کی دھڑکن کی رفتار کم ہوجاتی ہے اور پھر تیز ہوتی ہے۔
یونیورسٹی آف لوئزوِل کی اسسٹنٹ پروفیسر اور تحقیق کے سربراہ ڈاکٹر ایلکس کارل کا کہنا تھا ہماری تحقیق بتاتی ہے کہ ای سگریٹ کے صارفین میں مخصوص کیمیکلز کے متحمل مائع کی وجہ سے دل کی دھڑکن کی ترتیب بگڑتی ہے۔
امریکا اور برطانیہ کے بچوں میں ویپ کا استعمال تیزی سے پھیل رہا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق امریکا میں 26 لاکھ نوجوان باقاعدگی سے ای سگریٹس استعمال کر رہے ہیں۔
نیچر کمیونیکیشنز میں شائع ہونے والی تازہ ترین تحقیق میں چوہوں کو ای سگریٹ کے دھوئیں میں رکھا گیا تاکہ یہ دیکھا جاسکے کہ ان کا دل کیا ردِ عمل دیتا ہے۔

لانگ مارچ؛ حکومت نے پی ٹی آئی سے بات چیت کیلیے کابینہ کمیٹی تشکیل دے دی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے حوالے سے وفاقی کابینہ کی کمیٹی تشکیل دے دی۔
وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کی زیر سربراہی کمیٹی میں 13 ارکان شامل ہیں۔ یہ کمیٹی لانگ مارچ کے حوالے سے امن و امان قائم رکھنے اور سیاسی بات چیت کیلیے قائم کی گئی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اگر لانگ مارچ سے متعلق کسی نے بات کرنی ہے تو کمیٹی سے کی جائے گی۔ مذاکرات کیلیے ہمارے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔ ہم جمہوری لوگ ہیں بات چیت کیلیے تیار ہیں لیکن کسی کو قانون ہاتھ میں نہیں لینے دیں گے۔
کمیٹی میں ن لیگ کے ایاز صادق، طارق فضل چوہدری، خواجہ سعد رفیق، حنیف عباسی، وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب ، پی پی کے قمر زمان کائرہ، ایم کیو ایم کے امین الحق، بلوچستان عوامی پارٹی کے خالد مگسی، ق لیگ کے طارق بشیر چیمہ، اے این پی کے میاں افتخار اور جے یو آئی (ف) کے مولانا اسد محمود شامل ہیں۔

نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو 65 رنز سے شکست دے دی

سڈنی: (ویب ڈیسک) ٹی 20 ورلڈکپ میں سپر 12 مرحلے میں نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو 65 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔
سڈنی میں ہونے والے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ابتدا میں نیوزی لینڈ کا آغاز نہایت مایوس کن رہا۔ اس کا ٹاپ آرڈر لڑکھڑا گیا اور دونوں اوپنر صرف ایک ایک رن بناکر آؤٹ ہوگئے۔
ون ڈاؤن پر آنے والے کپتان کین ولیم سن بھی صرف 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اس طرح نیوزی لینڈ کے صرف 15 رنز پر تین کھلاڑی آؤٹ ہوگئے تاہم اس کے بعد مڈل آرڈر بلے باز گلین فلپس نے ریت کی طرح اپنی ٹیم کی گرتی بیٹنگ کو سنبھالا۔
گلین فلپس نے جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے شاندار سنچری اسکور کی اور 64 گیندوں پر 104 رنز بنائے جن میں 4 چھکے اور 10 چوکے شامل تھے۔
نیوزی لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز بنائے اور سری لنکا کو جیت کے لیے 168 رنز کا ہدف دیا جسے حاصل کرنے کی کوشش میں سری لنکا کی ٹیم ہدف سے 65 رنز قبل یعنی 102 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
سری لنکا کے صرف دو بلے باز ڈبل فگر میں داخل ہو سکے۔ شاناکا 35 اور راجا پکسے 34 رنز بناسکے۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے ٹرینٹ بولٹ نے چار وکٹیں حاصل کیں۔
گلین فلپس کو سنچری بنانے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ فتح کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ پانچ پوائنٹس کے ساتھ گروپ ون میں پہلی پوزیشن پر آگیا۔

ہم انسان ہیں بھیڑ بکریاں نہیں، غیر انسانی سلوک کے مستحق نہیں، عمران خان

لاہور: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا ہے کہ ہم انسان ہیں بھیڑ بکریاں نہیں، غیر انسانی سلوک کے مستحق نہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے لانگ مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 70 سال کی عمر میں سڑکوں پر کیوں آنا پڑا ؟ اللہ نے مجھے ہر نعمت سے نوازا ہے اور مجھے کسی چیز کی ضرورت نہیں تھی۔
انہوں نے کہا کہ غلام کی پرواز کبھی اونچی نہیں ہوتی بلکہ نیچے ہوتی ہے۔ اعظم سواتی کے ساتھ غیر انسانی سلوک کیا گیا اور کیا سینیٹر کے ساتھ غیر انسانی سلوک مناسب ہے۔
عمران خان نے کہا کہ ہم انسان ہیں بھیڑ بکریاں نہیں ہیں اور غیر انسانی سلوک کے مستحق نہیں ہیں۔ انسانی حقوق کی خلاف ورزی نہیں ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ انسانی بنیادی حقوق کی حفاظت چیف جسٹس نہیں کریں گے تو کون کرے گا۔ پہلے نواز شریف چور تھا لیکن اب وہ کیسے شفاف ہو گئے ؟ شہباز گل پر جب تشدد کیا گیا اس وقت ایکشن لیا جاتا تو اعظم سواتی پر ظلم نہ ہوتا۔

ٹی 20 ورلڈکپ، پاکستانی ٹیم اپنا تیسرا میچ کل کھیلے گی

پرتھ: (ویب ڈیسک) ٹی 20 ورلڈکپ کے سپر 12 مرحلے میں قومی کرکٹ ٹیم کل اپنا تیسرا میچ کھیلے گی۔
قومی کرکٹ ٹیم ٹی 20 ورلڈکپ میں اپنا تیسرا میچ نیدر لینڈ کے خلاف کھیلے گی اور ٹیم میں ایک تبدیلی کا بھی امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق نیدر لینڈ کے خلاف میچ میں فخر زمان کو شامل کیے جانے کا امکان ہے اور حیدر علی کو ڈراپ کیا جائے گا۔
قومی ٹیم میں 4 فاسٹ باؤلرز برقرار رکھے جائیں گے جبکہ پاکستان اور نیدر لینڈ میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 12 بجے شروع ہو گا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان سپر 12 مرحلے میں کھیلے گئے اپنے دونوں میچز بھارت اور زمبابوے سے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ہار چکا ہے۔

پی ٹی آئی لانگ مارچ: پیمرا نے چینلرز کیلئے ہدایات جاری کر دیں

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے پی ٹی آئی لانگ مارچ کی لائیو کوریج اور تقاریر سے متعلق چینلز کو ہدایات جاری کر دیں۔
پیمرا کی جانب سے جاری ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ لانگ مارچ کے دوران پی ٹی آئی رہنماؤں کی تقاریر کے دوران تاخیری نظام لاگو کیا جائے، تاخیری نظام نہ لگانے والے ٹی وی چینلز کے لائسنس معطلی سمیت قانونی کارروائی ہو گی۔
پیمرا کا کہنا ہے کہ تمام چینلز ریاستی اداروں کو بدنام کرنے والا مواد نشر کرنے سے گریز کریں، اعلی عدالتی احکامات اور پیمرا قوانین کے مطابق لائیو کوریج میں تاخیری نظام ہونا چاہیے۔
ریگولیٹری اتھارٹی کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز کی ٹرانسمیشن میں مشاہدے میں آیا کہ تقاریر میں ریاستی اداروں کے خلاف بیانات لائیو نشر ہوئے، یہ ضابطہ اخلاق اور اعلیٰ عدالتوں کے احکامات کی خلاف ورزی ہے۔

ننھے پاکستانی فین کا ویرات کوہلی کو شاندار انداز میں خراج تحسین

لاہور: (ویب ڈیسک) ویرات کوہلی کے چاہنے والے ناصرف بھارت میں موجود ہیں بلکہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں ایک بڑی تعداد بھارتی بیٹر کو پسند کرتی ہے۔
ویرات کوہلی کا شمار دنیا کے بہترین بلے بازوں میں ہوتا ہے اور آسٹریلیا میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھی کوہلی بہترین فارم میں ہیں، پہلے میچ میں انہوں نے پاکستان کے خلاف 82 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ دوسرے میچ میں بھی ففٹی اسکور کی۔
بھارتی بیٹر کے ایک چاہنے والے ننھے پاکستانی فین نے ویرات کوہلی نے اپنی محبت کا اظہار انوکھے انداز میں کیا ہے۔
بلوچستان سے تعلق رکھنے والے کرکٹ فین نعیم نے گڈانی کے ساحل پر ویرات کوہلی کا ایک دیوہیکل مجسمہ بنا کر بھارتی ٹیم کے سابق کپتان سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔
پاکستانی فین کی ویرات کوہلی کو خراج تحسین پیش کرنے والی تصویر سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہے۔