All posts by Khabrain News

مزید بارشوں سے پاکستان میں سیلابی صورتحال بدترین ہو سکتی ہے: اقوام متحدہ

لاہور : (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان میں آنے والے مہینوں میں مزید بارشوں سے موجودہ ابتر سیلابی صورتحال بد ترین ہونے کا خدشہ ہے۔
اقوام متحدہ کی پناہ گزین ایجنسی کا کہنا ہے کہ مزید بارشیں سیلاب متاثرین کی مشکلات میں اضافہ کر دیں گی۔
اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے نے خدشات ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ خدشہ ہے کہ سیلاب سے بے گھر افراد کی تعداد میں اضافہ ہو جائے گا۔
نیشنل ڈیزاسٹر ایجنسی کے مطابق سیلاب سے پاکستان میں اب تک تین کروڑ تیس لاکھ سے زیادہ افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔گزشتہ ہفتے اپنے ایک بیان میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا تھا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے مسئلے پر آنکھیں کھولنے کی ضرورت ہے، آج پاکستان ہے تو کل ایسا کسی اور ملک کے ساتھ ہو سکتا ہے اور پاکستان کا شمار موسمیاتی تبدیلیوں کے خطرات کے سب سے زیادہ شکار ممالک میں ہوتا ہے۔

پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر عالمی برادری پاکستان کو ہرجانہ ادا کرے: ایچ آر سی پی

لاہور : (ویب ڈیسک) ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) نے اقوام عالم سے مطالبہ کیا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلیوں سے پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر عالمی برادری پاکستان کو ہرجانہ ادا کرے۔
ایچ آر سی پی کا کہنا ہے کہ آلودہ گیسوں کے اخراج میں پاکستان کا حصہ صرف صفر اعشاریہ چار فیصد ہے لیکن ماحولیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ خطرے سے دوچار ملک پاکستان ہی ہے۔کمیشن نے تجویز دی کہ موجودہ حالات میں پاکستان کے وسائل بیرونی قرضوں کی ادائیگی میں نہیں بلکہ سیلاب متاثرین کی بحالی میں استعمال ہونے چاہییں۔
ایچ آر سی پی کا کہنا ہے کہ پاکستان ایک ایسی آفت کی لپیٹ میں ہے جس میں پاکستان کا کوئی قصور نہیں، عالمی برادری خصوصاً آلودہ گیسوں کے زیادہ اخراج کے ذمہ دار ملک، پاکستان کو فوری طور پر ہرجانہ ادا کریں۔

یوم فضائیہ ملی جوش و جذبے کیساتھ منایا جا رہا ہے، شہداء کو خراج عقیدت پیش

لاہور : (ویب ڈیسک) ملک بھر میں یوم فضائیہ جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، یوم پاک فضائیہ کے موقع پر پاکستان ایئر فورس کے دستے نے شہید راشد منہاس کی قبر پر حاضری دی اور سلامی پیش کی۔
سات ستمبر پاک فضائیہ کے شہیدوں اور جانبازوں کی قربانیوں کو یاد کرنے کا دن ہے، یوم فضائیہ کے موقع پر نشان حیدر کا اعزاز حاصل کرنے والے سب سے کم عمر پائلٹ آفیسر راشد منہاس کی قبر پر پاک فضائیہ کے دستے نے حاضری دی، ایئر وائس مارشل زعیم افضل نے قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔
اس موقع پر راشد منہاس کے بھائی انجم منہاس سمیت اعلیٰ افسران نے بھی قبر پر پھول رکھے، میڈیا سے گفتگو میں ائیر وائس مارشل زعیم افضل کا کہنا تھا کہ راشد منہاس کا نام تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
یاد رہے کہ 1971 میں راشد منہاس شہید نے اپنی جان اس وقت وطن پر قربان کی تھی جب وہ اپنی پہلی سولو فلائٹ پر روانہ
ہو رہے تھے کہ اچانک ان کے انسٹرکٹر مطیع الرحمان طیارے کو رن وے پر روک کر سوار ہوگئے اور جہاز کا رخ دشمن ملک بھارت کی جانب موڑ دیا، 20 سالہ راشد منہاس نے دشمن کی اس سازش کو ناکام بناتے ہوئے جہاز کو زمین کی جانب موڑ کر دشمن کے عزائم خاک میں ملادیئے اور جام شہادت نوش کیا۔

وزیراعظم کا آذر بائیجان کے صدر سے ٹیلیفونک رابطہ، امداد پر اظہار تشکر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم محمد شہبازشریف نے آذربائیجان کے صدر الہام حیدر علیوف سے ٹیلی فون پر بات کی اور آذربائیجان کی جانب سے پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے امداد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
ٹیلی فونک رابطے کے دوران آذر بائیجان کی جانب سے 2 ملین ڈالر کی امداد کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان مون سون کے دوران معمول سے کہیں زیادہ بارشوں کے باعث شدید ترین سیلاب کی زد میں ہے، جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے جانی نقصان کے ساتھ ساتھ لوگوں کے ذریعہ معاش اور انفراسٹرکچر کو بہت نقصان پہنچا ہے، اس کے نتیجے میں متاثرہ لوگوں کو امداد کی فراہمی اور انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی کارروائیاں بہت ہی محدود رہی ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے توانائی سمیت مختلف شعبوں میں آذربائیجان کے ساتھ پاکستان کے تعاون کو مزید گہرا اور وسیع کرنے کے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔
شہباز شریف نے کہا پاکستان اور آذربائیجان اقوام متحدہ، او آئی سی اور ای سی او جیسے بین الاقوامی فورمز پر ایک دوسرے کی حمایت کرتے ہیں، آذربائیجان او آئی سی کے رابطہ گروپ برائے جموں و کشمیر کا ایک اہم رکن ہے، دونوں ممالک کےعوام دینی و ثقافتی وابستگی اور گہرے تاریخی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔

افغانستان سےدرآمد ہونے والے پھلوں اور میوہ جات پر کسٹم ڈیوٹی بڑھادی گئی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) افغانستان سے پاکستان درآمد ہونے والے پھلوں اور میوہ جات پر کسٹم ڈیوٹی بڑھادی گئی۔ اضافی ٹیکسز کی باعث قیمتوں میں بڑا اضافہ ہوگا۔
کسٹم حکام کے مطابق کسٹم ڈیوٹی اور ٹیکسز کا نفاذ ہوچکا ہے جو 21 فروری 2023 تک نافذ العمل رہے گا۔
سیب پر فی ٹن 59 ہزار، انگورکی فی ٹن درآمد پر 42ہزار 811 روپے ڈیوٹی بڑھادی گئی۔ انار پر60ہزار 842 ، خوبانی پر 33 ہزار 527 روپے ڈیوٹی بڑھائی گئی ہے۔
تاجر برادری نے ٹیکسز میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے احتجاج کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ افغانستان سے پھلوں کی درآمد روک دی گئی ہے۔ طور خم بارڈر پر تازہ پھلوں کی سیکڑوں گاڑیاں کھڑی ہیں۔
تاجر برادری نے مطالبہ کیا ہے کہ کسٹم ڈیوٹی کو کم کرکے تجارت کو فروغ دیا جائے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں سیلاب کے باعث پھلوں کے باغات اور فصلیں تباہ ہو چکی ہیں۔ درآمد پر اضافی ٹیکسز کے باعث پھلوں کی قیمتیں 50 سے 100 فیصد اضافہ ہو جائے گا۔

دفعہ 144 کیس: سابق وزیراعظم عمران خان کی ضمانت میں 27 ستمبر تک توسیع

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد کی مقامی عدالت نے دفعہ 144 کے مقدمے میں سابق وزیراعظم عمران خان اور اسد قیصرسمیت دیگرملزمان کی ضمانتوں میں 27 ستمبر تک توسیع کردی۔۔عدالت نے عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخوست منظور کرلی۔
ایڈیشنل سیشن جج ظفراقبال نےعمران خان سمیت دیگرپی ٹی آئی رہنمائوں کی درخواست ضمانتوں پرسماعت کی، عمران خان، اسد قیصر اورفیصل واوڈا کے وکلا نے حاضری سے استثنی کی درخواست دی۔
وکیل بابراعوان نے موقف اپنایا کہ مقدمہ اوردلائل ایک جیسے ہی ہوں گے، عمران خان 9 حلقوں سے الیکشن لڑرہے ہیں۔ ضمنی انتخابات 25 ستمبرکو ہو رہےہیں۔ تھانہ آبپارہ میں درج مقدمہ میں دفعات قابل ضمانت ہیں۔
عمران خان کیخلاف یہ 21واں مقدمہ ہے، جس میں ضمانت لے رہے ہیں، جج نے ریمارکس دیئے کہ دفعہ 506 ٹو میں تین سال سزا اورناقابل ضمانت ہے۔ جج نے تفتیشی سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ سب سن رہے ہیں اگردیکھ لیں کوئی شامل نہیں تھا۔ اسےمقدمہ سےفارغ کریں، عدالت نے تمام ملزمان کی ضمانتوں میں 27 ستمبرتک توسیع کردی۔

عائشہ زہری بلوچستان کی پہلی خاتون ڈپٹی کمشنر بن گئیں

نصیرآباد : (ویب ڈیسک) اسسٹنٹ کمشنر مچھ عائشہ زہری کو ڈپٹی کمشنر نصیرآباد ڈویژن تعینات کر دیا گیا۔ وہ بلوچستان میں اس عہدے پر پہنچنے والی پہلی خاتون ہیں۔
بلوچستان کی پہلی خاتون ڈپٹی کمشنر کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔اسسٹنٹ کمشنر مچھ عائشہ زہری کو بہترین کارکردگی دکھانے پر ڈپٹی کمشنر نصیرآباد ڈویژن تعینات کیا گیا ہے۔
عائشہ زہری نے 26 اگست کی طوفانی بارش کے بعد کم وسائل میں رضا کاروں کی مدد سے بولان میں پھنسے سینکڑوں مسافروں کو ریسکیو کیا تھا اور بروقت پانی اور خوراک پہنچا کر کئی مسافروں کی جانیں بھی بچائی تھیں۔
وزیراعظم شہباز شریف اتوار 4 ستمبر کو بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ ضلع کچھی کے دورے کے دوران بولان کے علاقے میں پنجرہ پل کا دورہ کیا تھا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے اسسٹنٹ کمشنر مچھ انجینئر عائشہ زہری کو سیلابی صورتحال کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر خوب سراہا اور سر پر ہاتھ رکھ کر شاباش دی، انہوں نے فرض شناس افسر کیلئے تالیاں بھی بجائی تھیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر پر ٹویٹ کر کے بھی عائشہ زہری کی تعریف کی تھی اور ان کی کارکردگی کو سراہا تھا۔
اس سے قبل نصیرآباد ڈویژن کے کمشنر،ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنرز کو معطل کردیا گیا تھا۔ جہاں اب عائشہ زہری کو تعینات کیا گیا ہے۔ نصیرآباد ڈویژن کی انتظامیہ کو امدادی سرگرمیوں میں سست روی پر نکالا گیا تھا۔

ایشیا کپ:پاکستان اور افغانستان کا مقابلہ آج ہوگا

شارجہ : (ویب ڈیسک) ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے سپر فور مرحلے میں آج پاکستان اور افغانستان کا مقابلہ ہو گا۔
پاکستان اور افغانستان کے درمیان میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے شروع ہوگا۔ میچ شارجہ میں کھیلا جائے گا۔
پی سی بی کے مطابق قومی وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کی ایم آر آئی رپورٹ درست آنے پر وہ آج میچ میں شرکت کریں گے۔
پاکستان سپر فور مرحلے میں بھارت کے خلاف اپنا پہلا جیت چکی ہے جبکہ افغانستان کو اپنے پہلے میچ سری لنکا کے ہاتھوں شکست ہو ئی تھی۔
آج میچ جیتنے کی صورت میں پاکستان فائنل میں کوالیفائی کر جائے گا اور اس کے ساتھ ہی بھارت اور افغانستان دونوں ایونٹ سے باہر ہو جائیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارت کو سری لنکا نے6 وکٹوں سے شکست دی تھی جس کے بعد بھارت کے فائنل میں پہنچنے کے چانسز کم ہو گئے ہیں۔ لیکن اگر پاکستان آج کا میچ ہار جائے تو بھارت کے لیے اگر مگر کو صورتحال برقرار رہے گی۔
ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں سری لنکا دو میچز جیت کر چار پوائنٹس کے ساتھ پہلی، پاکستان ایک میچ جیت کر دو پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر ہے۔
بھارت نے دو میچز کھیل کر دونوں ہارے دیے جس کے باعث اسکا کوئی پوائنٹ نہیں ہے۔افغانستان نے بھی ایک میچ کھیلا اور اس میں ناکام ہوا۔

برطانوی وزیر اعظم لز ٹرس کی نئی کابینہ کا اعلان

لندن: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم لزٹرس کی جانب سے نئی کابینہ کے ارکان کا اعلان کر دیا گیا، لزٹرس نے کاسی کوارٹنگ کو چانسلر بنا دیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق سویلا بریورمین کو ہوم سیکرٹری جبکہ تھریس کوفی کو ہیلتھ سیکرٹری اور ڈپٹی وزیر اعظم بنا دیا گیا ہے، جیمز کلیورلی برطانیہ کے نئے سیکرٹری خارجہ مقرر، بین ویلس کو سیکرٹری دفاع اور وینڈی مورٹن کو چیف وہپ کے عہدے پر تعینات کر دیا گیا۔
5 ستمبر کو حکمران جماعت کنزرویٹو پارٹی کی رکن لز ٹرس برطانیہ کی نئی وزیراعظم منتخب ہوگئی تھیں، نومنتخب وزیراعظم لز ٹرس کو81 ہزار 326 ووٹ ملے، ان کے حریف رشی سونک کو 60 ہزار 399 ووٹ مل سکے۔
برطانوی کابینہ میں اکھاڑ پچھاڑ،ڈومینک راب نائب وزیراعظم، لز ٹرس وزیر خارجہ مقرر
وزارت عظمیٰ کی دوڑ کیلئے 11 امیدوار سامنے آئے تھے۔ ٹوری اراکین پارلیمنٹ کے ووٹنگ کے مختلف مراحل کے بعد لز ٹرس اور رشی سونک میدان میں رہ گئےتھے۔
فتح کا اعلان ہونے کے بعد پہلی تقریر میں انہوں نے ٹیکسوں میں کمی اور معاشی ترقی کا وعدہ کیا۔لز ٹرس پہلی بار 2010 میں نورفوک سے رکن پارلیمٹ منتخب ہوئی تھیں۔
وہ ڈیوائس کیمرون، ٹریزا مے اور بورس جانسن کی کابینہ میں ذمہ داریاں نبھا چکی ہیں۔ لز ٹرس نے انتخابی مہم میں کہا تھا وہ انرجی بلز کے مسئلے سے چند ہفتوں میں نمٹ لیں گی۔

وزیرِاعظم شہباز شریف ڈیرہ اسماعیل خان کیلئے روانہ

اسلام آباد : (ویب ڈیسک) وزیرِاعظم شہباز شریف اسلام آباد سے دورہ ڈیرہ اسماعیل خان کیلئے روانہ ہو گئے ہیں، وزیر اعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر سیلاب زدہ علاقوں میں شاہراہوں اور رابطہ سڑکوں کی بحالی کے کام نگرانی خود کر رہے ہیں۔
وزیراعظم کو سیلاب متاثرہ علاقوں کی بحالی اور امدادی کاموں کی روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش دی جا رہی ہے، وزیراعظم ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے سیلاب سے متاثرہ سگو پل پر پہنچ رہے ہیں، رپورٹ کے مطابق N-50 پر واقع اس اہم پل پر ٹریفک کی بحالی کے حوالے سے بریفنگ دی جائے گی، جبکہ یہ بریفنگ پاکستان ٹیلی ویژن نیوز نشر کریگا۔