All posts by Khabrain News

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کا کشمیریوں کی جدوجہد آزادی پر خراج تحسین

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور مسلح افواج کے سربراہان نے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ حق خود ارادیت کشمیریوں کا حق ہے، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قرار دادوں اور بہادر کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل ہونا چاہیے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کی پامالی اور ظلم و تشدد کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو نہیں دبا سکتی۔

کورونا کے مزید 17 کیسز مثبت، 11 مریضوں کی حالت نازک

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی ادارہ صحت ( این آئی ایچ) نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 4 ہزار 493 کورونا ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔
این آئی ایچ کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 493 کورونا ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 17 افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔
اس طرح گزشتہ 24 گھنٹوں میں کئے گئے مثبت کورونا ٹیسٹ کی شرح 0.38 فیصد رہی ہے، مزید برآں اس دوران کورونا وائرس سے کوئی بھی مریض جاں بحق نہیں ہوا جبکہ 11 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر خاموش نہیں رہے گا: بلاول بھٹو

کراچی: (ویب ڈیسک) وزیر خارجہ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، بھارت جموں و کشمیر پر اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عمل درآمد کرے۔
یوم یکجہتی کشمیر پر اپنے پیغام میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا جب تک کشمیری بھارتی مظالم کا شکار ہیں پاکستان کبھی چین سے بیٹھے گا نہ خاموش تماشائی بنے گا، 7 دہائیوں سے بھارتی قابض افواج نے کشمیریوں پر مظالم ڈھائے ہیں اور انہیں ان کے حقوق سے محروم رکھا ہوا ہے، آج مقبوضہ جموں و کشمیر دنیا کے سب سے زیادہ فوجی تعیناتی والے علاقوں میں سے ایک ہے جہاں 9 لاکھ سے زیادہ قابض بھارتی فوج تعینات ہیں۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ کشمیری مسلسل خوف میں زندگی بسر کر رہے ہیں کیونکہ بھارتی فورسز کی طرف سے محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں میں طاقت کے اندھا دھند استعمال اور ماورائے عدالت قتل کا سلسلہ جاری ہے، کشمیریوں کو غیرقانونی حراست، تشدد اور جائیدادوں کی ضبطی کا سامنا ہے۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ختم کرنا ہوں گی، بھارت آبادیاتی ڈھانچے میں تبدیلیوں سمیت 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کو واپس لے اور کشمیر پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد کرے، پاکستان کشمیری عوام کی غیرمتزلزل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔

بھارت 75 سال سے کشمیر پر ناجائز قابض، ہم کشمیریوں کیساتھ ہیں: وزیراعظم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہر سال 5 فروری کو پاکستانی عوام اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کیساتھ یکجہتی کا اعادہ کرتے ہیں، گزشتہ 75 سال سے بھارت نے جموں و کشمیر پر اپنا ناجائز قبضہ جاری رکھا ہوا ہے۔
یوم یکجہتی کشمیر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اگست 2019 کے بھارتی غیر قانونی اقدامات کے بعد بدترین رخ اختیار کرچکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی اور یک طرفہ اقدامات کو پاکستان اور کشمیریوں نے یکسر مسترد کر دیا، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال پاکستان اور دنیا کے لیے شدید تشویش کا باعث ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بھارتی اقدامات عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں، کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں، بھارتی وحشیانہ اقدامات کو عالمی فورمز پر اجاگر کرتے رہیں گے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ بھارت پاکستان، اقوام متحدہ اور کشمیری عوام کے ساتھ کیے گئے وعدوں کی پاسداری کرے۔

سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف انتقال کرگئے

دبئی: (ویب ڈیسک) سابق صدر پرویز مشرف طویل علالت کے بعد دبئی میں انتقال کر گئے۔
جنرل (ر) پرویز مشرف دبئی کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے، سفارتی ذرائع نے سابق صدر کے انتقال کی تصدیق کر دی ہے۔
سابق صدر پرویز مشرف 11 اگست 1943ء کو دہلی میں پیدا ہوئے، 1964 برس میں پاکستان کی بری فوج میں شامل ہوئے اور 1965 اور 1971 کی جنگوں میں شرکت کی، وہ آرمی سٹاف اینڈ کمانڈ کالج کوئٹہ کے گریجویٹ تھے، 7 اکتوبر 1998 کو بری فوج کے چیف آف سٹاف کے منصب پر فائز ہوئے۔
12 اکتوبر 1999 کو انہوں نے بحیثیت آرمی چیف اس وقت کے وزیر اعظم نواز شریف کی حکومت کا تختہ الٹ کر انہیں گرفتار کر لیا تھا اور ریفرنڈم کے انعقاد کے بعد صدر منتخب ہوئے تھے، 2001 سے 2008 تک صدر پاکستان کے عہدے پر براجمان رہے، بعد ازاں اسمبلیوں نے بھی اس فیصلے کی توثیق کردی تھی تاہم 9 سال بعد پرویز مشرف فوج کے سربراہ کے عہدے سے 28 نومبر 2007 کو سبکدوش ہوگئے تھے اور دبئی چلے گئے تھے۔

ملک بھر میں آج یوم یکجہتی کشمیر قومی جذبے سے منایا جا رہا ہے

لاہور: (ویب ڈیسک) کشمیر اور پاکستان، دو قالب، یک جان ہیں، کئی دہائیوں سے بھارتی مظالم کا سامنے کرتے نہتے کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کا عزم لیے قوم آج یوم یکجہتی کشمیر منا رہی ہے۔
پاکستان کو آزاد کشمیر سے ملانے والے منگلا پل پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی اور صبح 10بجے سائرن بجا کر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔
آج آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کا خصوصی اجلاس ہو گا جس میں وزیراعظم شہباز شریف کشمیر اسمبلی سے خطاب کریں گے۔
ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے تقاریب اور سیمینار ہوں گے جن میں قابض فورسز کی بربریت کیخلاف آواز اٹھائی جائے گی۔
علاوہ ازیں اسلام آباد میں کُل جماعتی حریت کانفرنس اور دیگر جماعتیں اقوام متحدہ کے دفتر میں یو این او کی قراردادوں کے تحت کشمیر میں استصواب رائے کرانے کے مطالبے پر مشتمل یادداشتیں پیش کریں گی۔

چین نے ہمیشہ بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کی ہے،وزیر خارجہ

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے کہا کہ چین نے ہمیشہ بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کی ہے۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن اور چین کے وزیر خارجہ وانگ ای نے امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن سے ٹیلی فون پر رابطہ کیاہے ۔
چینی میڈ یا کے مطا بق دونوں رہنمائوں نے کسی بھی غیرمتوقع واقعہ پر تحمل اور پیشہ وارنہ انداز میں نمٹنے کے حوالے سے بات چیت کی۔
وانگ ای نے اس بات پر زور دیا کہ چین نے ایک ذمہ دار ملک کے طور پر ہمیشہ بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کی ہے اور ہم بے بنیاد قیاس آرائیوں اوربات کو بڑھاوا دینے کو قبول نہیں کرتے ہیں۔
انہو ں نے کہا کہ کسی بھی غیرمتوقع واقعہ کے پیش نظر دونوں ممالک کو چاہیے کہ بروقت رابطےکریں جن سے غلط فہمیوں اور اختلافات پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے انسانی حقوق پامال کیے، صادق سنجرانی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کی بدترین مثال قائم کی ہے۔
یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ کشمیر میں بڑھتی ہوئی بھارتی بربریت، ظلم وستم اور انسانی حقوق کی بدترین پامالی نے بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا بھر میں عیاں کر دیا ہے۔
صادق سنجرانی نے کہا کہ اب وقت آچکا ہے کہ انسانی حقوق کے علمبردار ممالک ، ادارے اور تنظیمیں کشمیر کے مسئلے کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کرانے کیلئے اقدامات اٹھائیں۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں نے اس مسئلے کے پُر امن حل کیلئے اقدامات اٹھائے ہیں، مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کیلئے ملکی و بین الاقوامی سطح پر مل کر مزید اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کی عوام اور ادارے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں نہ صرف معصوم نہتے کشمیریوں کی بھر پور حمایت کرتے ہیں بلکہ ان کی آزادی کے حصول تک کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے اپنے پیغام میں ڈپٹی چئیرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نے کہا کہ 5 فروری کا دن کشمیریوں کی طرف سے آزادی کے حصول کیلئے دی جانے والی قربانیوں کیلئے اظہار یکجہتی کا دن ہے جسے ملک بھر میں بسنے والے تمام پاکستانی و کشمیری بھر پور جذبے سے مناتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں، ادارے اور پوری قوم یک زبان ہے، مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قرادادوں کے مطابق ہی ہو گا۔

بچے قوم کا مستقبل، معیاری تعلیم کا فروغ ناگزیر ہے، راجہ پرویز اشرف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ بچے قوم کا مستقبل ہیں، قوم کے مستقبل کو روشن اور تابناک بنانے کے لیے مستقبل کے ان معماروں کی بہترین تعلیم و تربیت ضروری ہے، اس مقصد کے حصول کے لیے اجتماعی سطح پر کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔
سپیکر راجہ پرویز اشرف نے ملک میں تعلیم کے فروغ کے لئے نجی شعبے کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک میں تعلیم کے فروغ کے لیے حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کے ساتھ ساتھ نجی شعبہ بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
سپیکر نے بچوں کو بہترین تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں کے مواقع مہیا کرنے پر سکول انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے روشن کل کے لیے مستقبل کے ان معماروں کی بہترین تعلیم و تربیت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
راجہ پرویز اشرف نے تقریب کے اختتام پر بچوں میں انعامات تقسیم کیے اور سکول انتظامیہ کو اپنے ہر مکمن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

معروف بھارتی گلوکارہ وانی جے رام 78 برس کی عمر میں چل بسیں

چنئی: (ویب ڈیسک) معروف بھارتی گلوکارہ وانی جے رام دنیا سے رخصت ہوگئیں، انکی لاش گھر سے برآمد ہوئی ۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 78 سالہ وانی جے رام ریاست غربی بنگال کے دارالحکومت چنئی کے علاقے ننگامبکم میں مقیم تھیں، آج صبح ان کی لاش ان کے گھر سے برآمد ہوئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ان کے سر میں کافی عرصہ قبل چوٹ آئی تھی جس کی وجہ سے وہ بیمار رہتی تھیں، وہ ہفتے کی صبح چنئی میں اپنے گھر پر مردہ پائی گئیں، ان کی موت کی وجہ ابھی تک واضح نہیں ہو سکی ۔
وانی جے رام کا شمار ساؤتھ کے مشہور پلے بیک سنگرز میں ہوتا تھا، 1945 میں تامل ناڈو میں پیدا ہونی والی وانی جے رام کا اصل نام کالی وانی تھا، وانی نے اپنے کیریئر میں کل 19 زبانوں میں گائے ہیں جن میں تامل، تیلگو، کنڑ، ملیالم، ہندی، اردو، مراٹھی، بنگالی، بھوج پوری، تولو اور اڑیہ شامل ہیں۔
انہوں نے اپنے کیرئیر میں 10 ہزار سے زائد گانے گائے، انہوں نے ایم ایس الائیاراجا، آر ڈی برمن، کے وی مہادیون، او پی نیر اور مدن موہن جیسے معروف بھارتی موسیقاروں کے ساتھ کام کیا ہے، وانی جے رام کو موسیقی کے میدان میں شاندار کارکردگی پر 3 مرتبہ نیشنل ایوارڈ سے بھی نوازا جا چکا ہے۔