ٹوکیو: (ویب ڈیسک) جاپان کے ایک شخص نے ثابت کردیا ہے کہ اب دنیا کے بے عمل افراد بھی کچھ نہ کچھ رقم ضرور کماسکتے ہیں۔ وہ بظاہرکچھ بھی نہ کرنے کے ایک سیشن کے بدلے 71 ڈالر لیتے ہیں۔
38 سالہ شوجی موری موتو درحقیقت خود کو کرائے پر دیتے ہیں اور ان کے ساتھ وقت گزارتے ہیں۔
’ بنیادی طور پر میں اپنا وجود کرائے پردیتا ہے۔ میرا کام صرف یہ ہے کہ جہاں جہاں میرا گاہک جائے وہاں جاتا ہوں اور وہ مجھے اپنے ساتھ لے جاسکتا ہے، تاہم میں اس کے باوجود کوئی کام نہیں کرتا بس اس کے ساتھ بیٹھا رہتا ہے،‘ شوجی موری موتو نے بتایا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ وہ نہ صرف مقبول ہیں بلکہ گزشتہ چار برس میں 4000 سیشن کرنے کےبعد خطیر رقم کما چکے ہیں۔
دوسری جانب ٹویٹر پر اس کے مداحوں کی تعداد تیزی سے بڑھتے ہوئے اب ڈھائی لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے۔ ٹویٹر سے ہی اسے کام مل جاتا ہے اور ایک چوتھائی افراد بار بار اس کی خدمات لیتے ہیں ان میں سے ایک شخص نے شوجی موری موتو کو 270 مرتبہ بلایا ہے۔ جو اسے پارک میں لے جاتا ہے اور شوجی موری موتو اس کے سامنے سی سا جھولے میں بیٹھ جاتا ہے۔
تاہم شوجی موری موتو کسی جسمانی مشقت یا قربت کا کوئی کام نہیں کرتے۔ یہاں تک کہ وہ فرج ہٹانے یا ایک گاہک کی درخواست پر کمبوڈیا جانے سے بھی انکار کرچکے ہیں۔
گزشتہ ہفتے ایک خاتون ارون چیڈا نے پہلی مرتبہ ساڑھی پہنی اور وہ اس کی گھبراہٹ سے بچنے کے لیے شوجی موری موتو سے ملیں تاکہ دوستوں کے سامنے نئے اور مختلف لباس پر وہ کسی شرمندگی سے بچ سکے اور اس کی ڈھارس بندھی رہے۔
اس سے قبل وہ ایک اشاعتی ادارے میں ملازم تھے اور وہاں بھی لوگ انہیں کہتے تھے کہ تم کچھ نہیں کرتے۔ اس کے بعد انہوں نے سوچنا شروع کردیا کہ وہ واقعی کچھ نہ کرکے بھی مشہور ہوکر دکھائیں گے۔ یہاں تک کہ اس رقم سے اپنی بیوی اور بچوں کی کفالت بھی کرتے ہیں۔
کووڈ وبا کے خاتمے کے بعد اب وہ روزانہ تین سے چار افراد کے لیے اپنی خدمات فراہم کرتے ہیں۔
All posts by Khabrain News
جدید تحقیق سے ادرک کے مزید فوائد دریافت
لندن: (ویب ڈیسک) ادرک قدرت کا ایک انمول تحفہ ہے اوراس کے طبی فوائد میں آئے دن اضافہ ہوتا رہتا ہے۔ تاہم جدید سائنسی تحقیق سے ادرک کے مزید فوائد سامنے آئے ہیں جو قارئین کے لیے پیش کئے جارہے ہیں۔
تاہم اس سے پہلے ایک جائزہ لیتے ہیں کہ ادرک میں کیا قدرتی اجزا پائے جاتے ہیں۔ اس میں شوگول، زنجرون، پولی سیکرائیڈز، لائپڈز، نامیاتی تیزاب، کاربوہائیڈریٹس، پروٹین، غذائی فائبر(ریشہ)، پوٹاشیئم، تانبا، مینگنیز، میگنیشیئم، وٹامن سی، وٹامن بی 6، نیاسِن اور فاسفورس موجود ہوتی ہے۔
جنجرول اور کینسر سے بچاؤ: دو تحقیقی مطالعوں سے معلوم ہوا ہے کہ ادرک میں موجود جنجرول نامی مرکب ایک طاقتور اینٹی آکسیڈنٹس اور سوزش دور کرنے والا کیمیکل ہے۔ ہم جانتے ہیں کہ سوزش دور کرنے والے اور اینٹی آکسیڈنٹس اجزا دونوں ہی دل کے امراض اور سرطان کو روکتے ہیں۔ اس طرح ادرک کینسر سےبچاؤ میں نمایاں کردار ادا کرسکتی ہے۔
تھکاوٹ اور غنودگی دور کرے: ادرک ہماری غنودگی، بیدار ہونے کی تھکاوٹ اور کمزوری دورکرنے کا بہترین نسخہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ حاملہ خواتین مورننگ سکنیس کو دور کرتے ہوئے اس سے استفادہ کرسکتی ہیں۔ 2020 میں کی گئی ایک تحقیق اور دیگر 109 طبی آزمائشو سے بھی یہی بات سامنے آئی ہے۔
کئی تحقیق میں حاملہ خواتین کو ادرک کے مرکبات دیئے گئے تو ان کے بہت اچھے اثرات مرتب ہوئے۔ یعنی اگر روزانہ ایک سے ڈیڑھ گرام ادرکھائی جائے تو اس سے غنودگی اور تھکاوٹ کم کرنے میں بہت مدد مل سکتی ہے۔
اسی طرح قے کو روکنے میں ادرک کا سفوف نمایاں کردار ادا کرسکتا ہے۔ گاڑی یا بس میں بیٹھ کر چکر محسوس کرنے والے افراد اگر ایک چٹکی سفوف چاٹ لیں تو اس سے طبیعت بہتر رہتی ہے اور چکر نہیں آتے۔ یہی سفوف حاملہ خواتین کی بدہضمی اور الٹیاں بھی روک سکتا ہے۔
2019کی ایک تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ سرجری اورکیموتھراپی کے بعد تھکاوٹ سے نجات دلانے میں ادرک اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔
وزن میں کمی: ادرک وزن گھٹانے اور موٹاپا کم کرنے میں نمایاں کردار ادا کرسکتی ہے۔ اس کے علاوہ یہ بی ایم آئی کو تندرست رکھنے اور انسولین کی کیفیت بہتر بناتی ہے۔
گٹھیا کا قدرتی علاج: جوڑوں کے درد اور گٹھیا کے درد میں ادرک بہت ہی اکسر علاج کی حیثیت رکھتی ہے 2011 اور اس کے بعد بھی کئی سروے سے معلوم ہوا کہ گھٹنے کے درد سے نجات دلانے میں ادرک بہت مفید ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ ایسے مریضوں کو ماہرین نے ایک گرام روزانہ ادرک کھانے کا مشورہ دیا ہے۔
انسٹا گرام کو جنرل ڈیٹا پروٹیکشن قواعد کی خلاف ورزی پر جرمانہ
ڈبلن: (ویب ڈیسک) آئرش ڈیٹا پروٹیکشن کمیشن نے میٹا کی ذیلی کمپنی انسٹاگرام پر جنرل ڈیٹا پروٹیکشن قواعد کی خلاف ورزی کرنے پر 40 کروڑ 50 لاکھ یورو کا جرمانہ عائد کردیا ہے۔
آئرش ادارے کی جانب سے میٹا کے پلیٹ فارمز پر عائد کیا گیا یہ تیسرا جرمانہ ہے، البتہ یہ جرمانہ مالیت کے اعتبار سےاب تک کا دوسرا بڑا جرمانہ ہے، سب سے زیادہ جرمانہ 74 کروڑ 60 یوروز کی مالیت کا تھا جو ایمازون پر عائد کیا گیا تھا۔
آئرش کمیشن کی جانب سے جرمانے کی تصدیق کردی گئی لیکن کمیشن نے مزید کسی قسم کا کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
کمیشن کی جانب سے انسٹا گرام پر بچوں کی پرائیویسی کی خلاف ورزی یعنی بچوں کے ای میل ایڈریس اور فون نمبر شائع کرنے کی وجہ سے عائد کیا گیا، یہ جرمانہ میٹا کی کسی بھی ذیلی کمپنی پر اس سے قبل لگائے جانے والے جرمانے سے زیادہ ہے، آئرش کمیشن میں ابھی بھی میٹا کی ذیلی کمپنیوں کے حوالے سے کم از کم چھ مزید تحقیقات موجود ہیں۔
میٹا ترجمان کے مطابق یہ تحقیقات پُرانی سیٹنگز کو مدِ نظر رکھتے ہوئے کی گئیں جن کو کمپنی کی جانب سے ایک سال قبل اپ ڈیٹ کردیا گیا تھا اور تب سے اب تک کمپنی نے کئی نئے فیچر متعارف کرائے تاکہ نوعمروں کو محفوظ رکھنے میں مدد ملے اور ان کی معلومات خفیہ رہے۔
جمائما کی فلم کا ٹریلر جاری، سجل علی کا اہم کردار
لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ، برطانوی فلم ساز و لکھاری جمائما گولڈ اسمتھ کی پروڈیوس کردہ فلم ’واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ’ (What’s Love Got To Do With It) کا پہلا ٹریلر ریلیز کر دیا گیا۔
فلم میں پاکستان اور بھارت سے سجل علی اور شبانہ اعظمی جلوہ گر ہوں گی، جبکہ فلم میں مرکزی کرداروں میں للی جیمز اور شہزاد لطیف نظر آئیں گے۔
عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما رومانوی کامیڈی فلم بنائیں گی
بطور رائٹر جمائما کی یہ پہلی فلم ہے، فلم کی دیگر کاسٹ میں عاصم سی، شیکھر کپور، للی جیمز، ایما تھومپسن، شہزاد اور روب برائیڈون شامل ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ رومانوی کامیڈی فلم میں راحت فتح علی خان کے دو گانے بھی شامل ہیں جب کہ فلم کی کاسٹ میں آسکر ایوارڈ یافتہ ہولی وڈ اداکارہ ایما تھومپسن بھی شامل ہیں۔
فلم کی ہدایات بولی وڈ فلم ساز شیکھر کپور دے رہے ہیں،جبکہ فلم کی کہانی جمائما گولڈ اسمتھ نے لکھی ہے جس کی کہانی برطانوی نژاد لڑکی اور پاکستانی نژاد لڑکے کی محبت کے گرد گھومتی ہے۔
کپتان اور میں الگ نہیں، بادشاہ بادشاہ ہی رہتا ہے، محمد رضوان
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر اور بلے باز محمد رضوان، بابر اعظم کو پیچھے چھوڑ کر ٹی 20 رینکنگ میں پہلے نمبر پر آ گئے ہیں، لیکن رضوان کا کہنا ہے کہ بادشاہ بادشاہ ہی رہتا ہے۔
محمد رضوان نے الحمداللہ کے ساتھ اپنی ٹوئٹ کا آغاز کرتے ہوئے لکھا کہ ” صرف اللہ سے ہوتا ہے، اللہ کے غیر سے نہیں ہوتا” ، اسے کپتان کے دور حکومت کا 1156 واں دن ہی شمار کریں۔
انہوں نے لکھا کہ کپتان اور میں الگ نہیں ہیں، بادشاہ بادشاہ ہی رہتا ہے، اور ہم سب ایک ہیں۔ محمد رضوان نے آخر میں اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ آپ سب کے ساتھ ، محبتوں اور دعاوں کا شکریہ، انہوں نے ہیش ٹیگ میں پاکستان زندہ باد بھی لکھا۔
ریاستی اداروں کیخلاف غیر سنجیدہ گفتگو کسی کو زیب نہیں دیتی: وفاقی وزراء
اسلام آباد : (ویب ڈیسک) وفاقی وزراء خواجہ آصف اور مفتاح اسماعیل نے پاکستان تحریک انصاف اور عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ ریاستی اداروں کے خلاف غیر سنجیدہ گفتگو کرنا کسی کو زیب نہیں دیتا، پی ٹی آئی والے بھی عمران خان کے بیانات کی تصدیق کرنے سے کتراتے ہیں۔
وفاقی وزیر خواجہ آصف نے کہا کہ توشہ خانہ کے تحائف بیچنا کہاں کا میرٹ ہے؟، یہ کس میرٹ کی بات کرتے ہیں، افواج پاکستان میں تمام تقرریاں میرٹ پر ہوتی ہیں، عمران خان آئیں اور عدالتوں میں پیش ہوں، ادارے عمران خان کی کرپشن کی تحقیقات کر رہے ہیں، عمران خان کو اپنی ساری کرپشن کا حساب دینا ہوگا۔
اس موقع پر وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ خان صاحب بتائیں بی آر ٹی کی تحقیقات کیوں رکوائیں، کیا عثمان بزدار، مراد سعید اور محمود خان میرٹ پر ہیں؟، فرح گجر صاحبہ نے یونیورسٹی کے وائس چانسلر تبدیل کروائے، فرح خان پنجاب میں افسران کی جو ٹرانسفر کرتی رہی ہیں کیا وہ میرٹ پر تھیں، عمران خان لوگوں کو بتایں کہ شوکت خانم کے فنڈز میں آئے ہوئے پیسے کہاں لگے ہیں۔
مریم نواز کا پاسپورٹ واپسی کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے پاسپورٹ واپسی کے لئے دوبارہ درخواست دائر کر دی، درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت پاسپورٹ واپس کرنے کا حکم دے۔
مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے اپنے پاسپورٹ کی واپسی کے لیے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا، مریم نواز نے وکیل امجد پرویز کی وساطت سے درخواست دائر کی ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ گزشتہ 4 سال سے ان کا پاسپورٹ عدالتی تحویل میں ہے جبکہ ابھی تک قومی احتساب بیورو (نیب) چودھری شوگر مل کا چالان عدالت میں پیش نہیں کر سکا۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ عدالت نے میرٹ پر ضمانت منظور کی اور لمبے عرصے کے لئے کسی شخص کو اس کے بنیادی حق سے محروم نہیں رکھا جا سکتا، سابق صدر پرویز مشرف اور ایان علی کے کیسز کے فیصلے اس کی نظیر ہیں، عدالت سے استدعا ہے کہ پاسپورٹ واپس کرنے کا حکم دے۔
اپنے الفاظ پر افسوس، عدلیہ مخالف مہم کا سوچ بھی نہیں سکتا: عمران خان کا نیا جواب جمع
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم و چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے توہین عدالت کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ میں نیا جواب جمع کرا دیا۔
عمران خان نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر نیا تحریری جواب جمع کرایا جو 19 صفحات پر مشتمل ہے، عمران خان نے شوکاز نوٹس کے جواب میں ضمنی جواب عدالت میں جمع کرایا ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف نے عدالت میں جمع کرائے گئے جواب میں جج زیبا چوہدری سے متعلق کہے گئے الفاظ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غیر ارادی طور پر منہ سے نکلے الفاظ پر گہرا افسوس ہے۔
عمران خان کا اپنے جواب میں کہا کہ یہ حوصلہ افزا بات ہے کہ مجھے اپنا مؤقف پیش کرنے کا موقع دیا گیا، میں نے ہمیشہ اداروں کی عزت پر مبنی رائےکا اظہار کیا ہے، یقین دہانی کراتا ہوں کہ عدالت اور ججز کی عزت کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ججز عام آدمی کو انصاف فراہم کرنے میں ہمہ وقت مصروف رہتے ہیں، میرا مقصد خاتون مجسٹریٹ کی دل آزادی نہیں تھا، ہائیکورٹ اور اس کی ماتحت عدالتوں کے لیے بہت احترام ہے، خاتون جج کے احساسات کو ٹھیس پہنچانا مقصد نہیں تھا، پبلک ریلی میں نادانستگی میں ادا کیے گئے الفاظ پر افسوس ہے، خاتون جج کو دھمکانے کا ارادہ نہیں تھا بلکہ ایسا کرنے کا تو سوچ بھی نہیں سکتا۔
عمران خان کی جانب سے جواب میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ مجھے معلوم نہیں تھا کہ ہائیکورٹ میں شہباز گل کیس کی اپیل زیرالتوا ہے، مجھے لگا کہ ماتحت عدالت نے جسمانی ریمانڈ دیدیا تو بات وہاں ختم ہو گئی، شہباز گل پر ٹارچر کی خبر تمام پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر آئی۔
انہوں نے کہا کہ ویڈیوزمیں شہباز گل کو سانس لینے میں دشواری تھی اور وہ آکسیجن ماسک کیلئے منتیں کر رہا تھا، شہباز گل کی اس حالت نے ہر دل اور دماغ کو متاثر کیا ہو گا، خواتین کے حقوق کا علمبردار ہوں جو کہا اس کا مقصد خاتون جج کے جذبات مجروح کرنا نہیں تھا۔
عمران خان نے کہا ہے کہ عدالت کو یقین دہانی کراتا ہوں کہ آئندہ ایسے معاملات میں انتہائی احتیاط سے کام لوں گا، کبھی ایسا بیان دیا نہ مستقبل میں دوں گا جو کسی عدالتی زیر التوا مقدمے پر اثر انداز ہو۔
انہوں نے کہا ہے کہ میں عدلیہ مخالف بدنتیی پر مبنی مہم چلانے کا سوچ بھی نہیں سکتا، عدالتی کارروائی میں رکاوٹ ڈالنے یا انصاف کی راہ میں رکاوٹ کا سوچ بھی نہیں سکتا،عدالت سے استدعا ہے کہ میری وضاحت کو منظور کیا جائے۔
عمران خان نے توہین عدالت کا شوکاز نوٹس واپس لینے کی استدعا بھی کردی۔ انہوں نے کہا ہے کہ عدالتیں ہمیشہ معافی اور تحمل کے اسلامی اصولوں کو تسلیم کرتی ہیں، امید کرتا ہوں عفو و درگُزر اور معافی کے وہ اسلامی اصول اس کیس پر بھی لاگو ہوں گے۔
کیسپررڈ اور کیرون خچانوف یو ایس اوپن ٹینس مینز سنگلز سیمی فائنل میں پہنچ گئے
نیویارک: (ویب ڈیسک) ناروے کے ٹینس سٹار اور میگا ایونٹ کے ففتھ سیڈڈ کیسپر رڈ اطالوی ٹینس کھلاڑی میٹیو بریٹینی کو ہرا کر اور روسی ٹینس سٹار کیرون خچانوف آسٹریلوی حریف کھلاڑی نک کرگیوس کو مات دے کر یو ایس اوپن ٹینس مینز سنگلز سیمی فائنل میں پہنچ گئے۔
آسٹریلوی نک کرگیوس میگا ایونٹ کے مینز ڈبلز پری کوارٹر فائنل کے بعد مینز سنگلز کوارٹر فائنل میں ہار کر میگا ایونٹ سے باہر ہو گئے ہیں، سال کے چوتھے اور آخری گرینڈ سلام یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دلچسپ مقابلے امریکا کے شہر نیویارک کے آرتھر ایشے سٹیڈیم میں جاری ہیں۔
مینز سنگلز مقابلوں کے کوارٹر فائنل میچ میں ناروے کے 26 سالہ کیسپر رڈ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف اطالوی کھلاڑی میٹیو بریٹینی کو 1-6، 4-6 اور 6-7(4-7) سے شکست دے کر نہ صرف میگا ایونٹ سے باہر کر دیا بلکہ سیمی فائنل رائونڈ کے لئے بھی کوالیفائی کرلیا۔
ایک اور میچ میں روسی ٹینس سٹار کیرون خچانوف اور 27 سالہ آسٹریلوی کھلاڑی نک کرگیوس آمنے سامنے تھے جس میں کانٹے دار مقابلہ رہا ،تاہم روسی کھلاڑی نے سخت مقابلے کے بعد نک کرگیوس کو 5-7،6-4، 5-7، 7-6(7-3) اور 4-6سے ہرا کر میگا ایونٹ کے ٹاپ فور رائونڈ تک رسائی حاصل کی۔
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا تاج رضوان نے چھین لیا
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر اور بلے باز محمد رضوان ٹی 20 رینکنگ میں پہلے نمبر پر آ گئے.
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی 20 رینکنگ جاری کر دی۔ قومی کرکٹ ٹیم کے بلے باز محمد رضوان نے ٹی 20 رینکنگ میں کپتان بابر اعظم کو پیچھے چھوڑ دیا۔
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم ایک ہزار دنوں پر ٹی 20 کا تاج سرپر سجائے رکھا تاہم اب وہ اس پوزیشن سے محروم ہونے کے بعد دوسری پوزیشن پر آ گئے ہیں۔
بابر اعظم کی نمبر ون پوزیشن قومی ٹیم کے بہترین بلے باز محمد رضوان نے چھین لی۔ محمد رضوان 815 پوائنٹس کے ساتھ پہلے اور بابر اعظم 794 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر آ گئے ہیں۔