All posts by Khabrain News

گرمی بڑھتے ہی طویل لوڈشیڈنگ، دورانیہ 10 گھنٹے تک پہنچ گیا

اسلام آباد، لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں گرمی بڑھتے ہی طویل لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 10 گھنٹے تک پہنچ گیا، بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار 160 میگا واٹ ہوگیا۔
ذرائع پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ بجلی کی مجموعی پیداوار 20 ہزار 540 میگاواٹ ہے جبکہ ملک بھر میں بجلی کی طلب 26 ہزار 700 میگاواٹ ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پن بجلی کی پیداوار 8 ہزار میگاواٹ ہے، سرکاری تھرمل پاور پلانٹس 570 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں،نجی شعبے کے بجلی گھروں کی پیداوار 7 ہزار 300 میگاواٹ ہے۔
پاور ڈویژن ذرائع نے کہا کہ ونڈ پاور پلانٹس سے بجلی کی پیداوار 1200 میگاواٹ ہے، سولر بجلی گھروں کی پیداوار 120 میگاواٹ ہے، بگاس سے 150 میگاواٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے جبکہ نیوکلیئر پاور پلانٹس کی پیداوار 3 ہزار 200 میگاواٹ ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں 8 سے 10 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔
لیسکو کا شارٹ فال
گرمی بڑھتے ہی لاہور الیکٹرسٹی سپلائی کمپنی (لیسکو) کی بجلی کی طلب بھی 5400 میگاواٹ سے تجاوز کر گئی جس کے باعث بدترین غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
لیسکو کو 800 میگاواٹ بجلی کے شارٹ فال کا سامنا ہے، بجلی کی طلب 5400 میگاواٹ سے تجاوز کر گئی جبکہ این پی سی سی کی جانب سے 4600 میگاواٹ بجلی کی فراہمی جاری ہے۔
لیسکو نے شارٹ فال زیادہ ہونے کے باعث شہر میں 2 گھنٹے لوڈشیڈنگ کا شیڈول جاری کیا جبکہ شیڈول کے برعکس شہر کے مختلف علاقوں میں 3 سے 4 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔
لیسکو کارکردگی
دوسری جانب شدید گرمی نے لیسکو انتظامیہ کی کارکردگی کا پول بھی کھول دیا۔
بجلی کے ترسیلی سسٹم پر لوڈ بڑھتے ہی لیسکو کے اوور لوڈڈ ٹرانسفارمرز جواب دے گئے، شہر کے مختلف علاقوں میں ٹرانسفارمرز جلنے اور دیگر تکنیکی خرابیوں کے باعث گھنٹوں بجلی بند رہنا معمول بن گیا ہے، لیسکو ٹیمیں ریکوری میں مصروف ہیں، صارفین خوار ہو کر رہ گئے۔
گزشتہ رات بھی سسٹم اوور لوڈ ہونے سے شہر کے مختلف علاقوں میں رات بھر بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہا ، ٹرانسفارمرز جلنے سے متعدد علاقے رات سے بجلی سے محروم ہیں۔
لاہور کےعلاقوں تاجپورہ، اسلامیہ پارک، مزنگ، امین پارک، بادامی باغ، داتا نگر اور شاد باغ سمیت متعدد علاقوں میں ٹرانسفارمرز خراب ہو چکے ہیں۔
مزنگ وارث روڈ، جوہر ٹاؤن ،ٹھوکر نیاز بیگ، سمن آباد، شاہدرہ، گڑھی شاہو ،مصطفیٰ آباد،عامر ٹاؤن، ہربنس پورہ اور مغل پورہ کے متعدد علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے۔

آئی ایم ایف، وزارت خزانہ میں جنیوا ڈونر کانفرنس کے تحت فنانسنگ پر اختلافات

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) اور وزارت خزانہ کے درمیان جنیوا ڈونر کانفرنس کے تحت فنانسنگ پر اختلافات سامنے آ گئے۔
ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ کے ایکسٹرنل فنانسنگ گیپ پورا کرنے کیلئے پلان میں ڈونر کانفرنس سے ملنے والی رقم شامل تھی، آئی ایم ایف کو جنیوا ڈونر کانفرنس کے تحت جون تک 50 کروڑ ڈالر حاصل کرنے کا پلان دیا گیا، کانفرنس کے تحت ابھی تک صرف 15 کروڑ ڈالر موصول ہو سکے ہیں۔
جنیوا ڈونر کانفرنس کے تحت وزارت منصوبہ بندی اور وزارت خزانہ رقم حاصل کرنے میں ناکام رہی، وزارت منصوبہ بندی ڈونر کانفرنس کے تحت ہونے والوں معاہدوں پر پیشرفت کو بھی بڑھا نہ سکی۔
آئی ایم ایف کی جانب سے جنیوا ڈونر کانفرنس کے تحت فنانسنگ نہ ملنے پر اعتراض اٹھایا گیا، ڈونر کانفرنس کے تحت ملنے والی رقم سیلاب زدہ علاقوں میں ریکوری و بحالی کے کاموں پر خرچ ہونی ہے۔

لائن لاسسز، بلوں کو کم کرنے کی ضرورت، جلد سولر سسٹم سستا ہو جائے گا: خرم دستگیر

گوجرانوالہ: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر خرم دستگیر نے کہا ہے کہ ملک میں سولر انڈسٹری لگنے سے سولر سسٹم بہت سستا ہو جائے گا۔
گوجرانوالہ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے خرم دستگیر نے کہا کہ سولر سسٹم کی قیمتوں میں کمی آئی ہے، پاکستان میں بہت سے صنعت کا ر سولر اور بیٹریوں کی انڈسٹری لگانا چاہتے ہیں۔
خرم دستگیر کا کہنا ہے کہ بجلی کی مزید پیداوار کے لئے کام کر رہے ہیں، نیوکلیئر پلانٹ سے سستی بجلی حاصل ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے بجلی پیداوار میں 5 ہزار میگا واٹ کا اضافہ کیا، ڈسٹری بیوشن کمپنیوں نے سیلاب میں بھرپور کردار ادا کیا تھا
ان کا کہنا ہے کہ لائن لاسسز اور بلوں کو کم کرنے کی ضرورت ہے، چینی کمپنی ساڑھے 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی، سمندری طوفان کے باعث کچھ مشکلات آئی تھیں، 4 سال سے سی پیک پر کام نہیں ہوا۔

قطر سے ایل این جی کارگو پاکستان پہنچ گئے، گیس بحران ٹل گیا

کراچی: (ویب ڈیسک) قطر سے منگوائے گئے ایل این جی کارگو پاکستان پہنچ گئے ہیں جس کے باعث گیس بحران کا خدشہ ٹل گیا ہے۔
سوئی سدرن ذرائع کے مطابق سمندری طوفان کی وجہ سے ایل این جی کارگو تاخیر سے پاکستان پہنچے ہیں، یہ ایل این جی سسٹم میں شامل ہونے سے گیس بحران ٹل گیا ہے اور پاور، کھاد سمیت تمام صنعتوں کی گیس مکمل بحال کردی گئی ہے جبکہ گھریلو صارفین کے لیے بھی گیس کا پریشر بہتر ہورہا ہے۔
سوئی ناردرن حکام کا کہنا ہے کہ سسٹم میں 1800 ملین کیوبک گیس موجود ہے اور اس وقت گیس کے شارٹ فال کا سامنا نہیں ہے۔
حکام کے مطابق ٹیل اینڈ اور پرانی لائنوں والے علاقوں میں گیس کمی انفرادی مسئلہ ہے، گھروں میں گیس کمپریسر استعمال کیے جارہے ہیں جو غیر قانونی ہیں، اس سلسلے میں چھاپوں کے لیے ٹیموں کی تعداد بڑھا دی گئی ہے، جس گھر سے کمپریسر پکڑا گیا وہاں میٹر کاٹ دیا جائے گا۔

انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں کمی

کراچی: (ویب ڈیسک) روپے کی قدر میں بہتری آنے لگی، انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں کمی آئی ہے۔
کاروباری ہفتے کے چوتھے روز انٹربینک میں امریکی کرنسی کی قیمت میں 18 پیسے کی کمی دیکھی گئی جس کے بعد انٹربینک میں ڈالر 286 روپے 80 پیسے کی سطح پر ٹریڈ کر رہا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز کاروباری دن کے اختتام پر انٹربینک میں ڈالر 286 روپے 98 پیسے پر بند ہوا تھا۔

چین : ریسٹورنٹ میں سلنڈر دھماکے سے 31 افراد ہلاک

بیجنگ : (ویب ڈیسک) چین کے شمال مغربی علاقے ننگزیا میں ایک ریسٹورنٹ میں سلنڈر دھماکے سے 31 افراد ہلاک ہو گئے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ژنہوا کے مطابق ننگزیا کے دارالحکومت ینچوان میں ایک ریسٹورنٹ کے اندر مائع پٹرولیم گیس کے سلنڈر پھٹنے سے دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 31 افراد ہلاک ہو گئے۔
ژنہوا کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں سات افراد شدید زخمی بھی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق امدادی کارروائیاں تاحال جاری ہیں اور ٹریفک کی آمد و رفت کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔
چین کے سرکاری ٹیلی ویژن کی خبر کے مطابق صدر شی جن پنگ نے حکام کو زخمیوں کے علاج کے لیے ہر ممکن کوشش کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ اہم صنعتوں اور شعبوں میں حفاظتی نگرانی کو مضبوط بنایا جانا چاہیے۔
رپورٹس کے مطابق چین میں کئی سالوں سے حفاظت کو بہتر بنانے کی کوششوں کے باوجود گیس اور کیمیائی دھماکوں کی وجہ سے حادثات کوئی غیر معمولی بات نہیں ہے۔
2015 میں شمالی بندرگاہی شہر تیانجن میں سلسلہ وار دھماکوں میں 173 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

مودی کا دورہ امریکہ: انسانی حقوق کی تنظیموں، امریکی سینیٹرز کا شدید ردعمل

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) مودی کے دورہ امریکہ نے نام نہاد بھارتی جمہوریت کا پول کھول دیا، بھارتی وزیراعظم کے دورہ پر امریکی سینیٹرز، کانگریس رہنماؤں، انسانی حقوق، مذہبی اور صحافتی آزادی کی تنظیموں نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
گزشتہ روز 75 سے زائد امریکی سینیٹرز اور کانگریس اراکین نے بھارت میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال پر امریکی صدر جو بائیڈن کو خط لکھا تھا، کانگریس رکن رشیدہ طلائب اور الہان عمر نے مودی کے کانگریس سے خطاب کو امریکی تاریخ کا شرمناک باب قرار دیتے ہوئے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا۔
15 جون کو کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنالسٹس (سی پی جے) نے بھی امریکی حکومت سے بھارت میں بگڑتی صحافتی صورتحال پر مذمت کا مطالبہ کیا تھا۔
صدر سی پی جے جوڈی گینز برگ نے اس حوالے سے کہا کہ مودی سرکار کے اقتدار میں آنے کے بعد سے بھارت میں صحافت اور صحافیوں کو شدید خطرات لاحق ہیں، تنقید کرنے والے صحافیوں کو غیر قانونی حراست، گھروں کی مسماری اور جلا وطنی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
19 جون کو ایمنسٹی انٹرنیشنل اور ہیومن رائٹس واچ نے واشنگٹن میں مودی پر بنی بی بی سی کی ڈاکومنٹری بھی نشر کی تھی، ہیومن رائٹس واچ ایشیا کے ڈائریکٹر نے بھی صدر بائیڈن کو مودی کے ساتھ انسانی حقوق کی پامالیوں کا معاملہ اٹھانے کا مطالبہ کیا تھا جبکہ انڈین امریکن مسلم کونسل اور دیگر تنظیموں نے مودی کے واشنگٹن دورے کے دوران شدید احتجاج کا اعلان بھی کر رکھا ہے۔
مارچ 2023ء میں بھی امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے انسانی حقوق کی سنگین صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا تھا، گزشتہ سال مودی کے خلاف ڈاکومنٹری نشر کرنے پر بی بی سی انڈیا کے دفاتر پر بھی چار روز تک چھاپے مارے گئے تھے۔
2020ء میں بھی ایمنسٹی انٹرنیشنل نے شدید حکومتی دباؤ کے مدنظر بھارت میں کام بند کر دیا تھا، 2014ء سے مودی کے اقتدار میں آنے کے بعد ورلڈ پریس فریڈم انڈیکس کے مطابق بھارت 140 سے 161ویں نمبر پر گر چکا ہے۔

یورپی یونین نے روس پر نئی پابندیوں کی منظوری دیدی

سٹاک ہوم: (ویب ڈیسک) یورپی یونین میں شامل رکن ممالک کی جانب سے یوکرین جنگ کے تناظر میں روس پر نئی پابندیاں عائد کرتے ہوئے 11 ویں پیکیج کی منظوری دیدی۔
بطور صدر یورپی یونین سوئیڈن کی جانب سے نئی پابندیوں کا اعلان کیا گیا جس کے تحت ٹیکنالوجی کے شعبے سے تعلق رکھنے والی ایسی اشیاء کو بھی پابندی کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے جو ممکنہ طور پر روس کے فوجی سیکٹر کیلئے مدد گار ثابت ہو سکتی ہیں۔
نئی پابندیوں کے تحت روسی حکومت کے زیر کنٹرول پانچ براڈ کاسٹنگ اداروں کے لائسنس بھی منسوخ کر دئیے گئے ہیں۔
نئی پابندیوں کے تحت مبینہ طور پر یوکرینی بچوں کو غیر قانونی طور پر روس ڈیپورٹ کرنے کے الزام میں 71 افراد اور 33 اداروں کے اثاثے منجمند کردئیے گئے ہیں۔
برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق کسی تیسرے ملک ایسی حساس اشیاء کی فروخت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے جو کہ دوہرے مقاصد کیلئے قابل استعمال ہوں، اور وہ ایسی اشیاء روس کو فروخت کر دے۔
یورپی یونین کے اجلاس میں ایسے مشتبہ ممالک کی فہرست بھی تیار کی گئی ہے جن کو حساس اور دوہرے استعمال کی اشیاء فروخت کرنے پر پابندی عائد کی جائے گی۔
یورپی یونین کی جانب سے طویل عرصے سے روس کے پڑوسی ممالک آرمینیا، قازقستان، کرغستان، متحدہ عرب امارات، ترکیہ اور چین کی جانب سے یورپی یونین کی اشیاء کی مانگ بڑھنے پر تشویش کا اظہار کیا جارہا تھا۔
یورپی یونین کمیشن کی صدر ارسلا وین ڈیر لین کی جانب سے بھی نئی پابندیوں کا خیرمقدم کیا گیا ہے۔
اس سے قبل نئی پابندیوں کی تیاری کے مرحلے پر ہنگری اور یونان کی جانب سے اپنی کمپنیوں پر جنگ میں مدد کا الزام عائد کرکے لگائی گئی یوکرینی پابندیوں پر تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا جس کے بعد یوکرین نے فوری طور پر یونان کی 5 شپنگ کمپنیوں کو پابندی کی فہرست سے خارج کر دیا تھا۔
دوسری جانب ہنگری کی او ٹی پی بینک تاحال یوکرین کی پابندیوں کی فہرست پر برقرار ہے تاہم ہنگری کی جانب سے نئی پابندیوں کی حمایت کی گئی ہے۔
یورپی یونین کی جانب سے لگائی گئی نئی پابندیوں کے اعلان سے قبل برطانیہ میں روسی سفارت خانے کی جانب سے چند روز پہلے گیارہویں پابندیوں کا پیکیج اور پس منظر کے عنوان سے امریکی صدر کی ایک ویڈیو ٹوئٹ کی گئی تھی۔

مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی ڈرون حملے میں 3 فلسطینی شہید

بیت المقدس: (ویب ڈیسک) اسرائیلی ڈیفنس فورس ( آئی ڈی ایف ) کی جانب سے مقبوضہ مغری کنارے میں کئے گئے ایک ڈرون حملے کے نتیجے میں 3 فلسطینی شہید ہو گئے۔
عرب خبر رساں ادارے کے مطابق مقبوضہ فلسطینی سرزمین پر شمالی مغربی کنارے میں ایک گاڑی کو ڈرون حملے کے ذریعے نشانہ بنایا گیا جس میں سوار تین افراد شہید ہوگئے۔
سرکاری فلسطینی خبر رساں ایجنسی وفا نے بھی ڈرون حملے میں تین افراد کے شہید ہونے کی اطلاع دی جبکہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو کے مطابق حملہ جینن پناہ گزین کیمپ میں ہوا۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ انہوں نے جن اہداف کو نشانہ بنایا وہ یہودی بستیوں پر فائرنگ کے متعدد حملوں کے ذمہ دار تھے۔
حماس کے ترجمان حازم قاسم نے کہا کہ ہمارے لوگوں کو شہید کرنے کے لیے صہیونی فوج کی طرف سے ڈرونز کا استعمال ایک سنگین اضافہ ہے۔
جنین بریگیڈز کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ شہید ہونے والے دو افراد کا تعلق فلسطینی اسلامی جہاد گروپ سے تھا اور ایک کا تعلق الفتح سے تھا۔
اسلامی جہاد نے حملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کو اب اس احمقانہ اقدام کے بعد اپنی سزا کا انتظار کرنا چاہیے۔
قبل ازیں سینکڑوں اسرائیلی آباد کاروں نے گزشتہ روز مقبوضہ مغربی کنارے کے ایک فلسطینی قصبے میں گھس کر درجنوں کاروں اور گھروں کو آگ لگا دی تاکہ دو روز قبل فلسطینیوں کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے چار اسرائیلیوں کی ہلاکت کا بدلہ لیا جا سکے۔
اسرائیلی آباد کاروں نے پرتشدد مظاہرے کے دوران ایک فلسطینی کو فائرنگ سے شہید بھی کیا جس کی شناخت 27 سالہ عمر قطین کے نام سے ہوئی۔
قطین دو بچوں کا باپ تھا اور مقامی میونسپلٹی میں الیکٹریشن کے طور پر کام کرتا تھا۔

عالمی شہرت یافتہ قوال امجد صابری کو مداحوں سے بچھڑے 7 برس بیت گئے

کراچی: (ویب ڈیسک) عالمی شہرت یافتہ پاکستانی قوال امجد صابری کو مداحوں سے بچھڑے سات برس بیت گئے۔
پاکستان کے مایہ ناز قوال امجد صابری 23 دسمبر 1976کو کراچی میں پیدا ہوئے، ان کا تعلق برصغیر کے معروف قوال گھرانے سے تھا، ان کے والد غلام فرید صابری اور چچا مقبول فرید صابری نے قوالی کی دنیا میں منفرد شناخت قائم کی اور صابری برادران کے نام سے مقبولیت حاصل کی۔
امجد فرید صابری نے اپنے والد غلام فرید صابری سے قوالی کی تربیت حاصل کی اور 12 برس کی عمر سے ہی اپنے والد کے ساتھ سٹیج پرفارمنس کا آغاز کر دیا تھا، انہوں نے شہرت کا سفر اپنے والد اور چچا کی مشہور قوالیاں پڑھ کر شروع کیا۔
امجد صابری کی مشہور قوالیاں اے سبز گنبد والے منظور دعا کرنا، جب وقت نزع آئے دیدار عطاء کرنا ان کی پہچان بن گئی، جسے سننے والے آج بھی آبدیدہ ہو جاتے ہیں۔
22 جون 2016 کو امجد فرید صابری گھر سے سٹوڈیو جاتے ہوئے قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہو گئے، اپنے پڑھے ہوئے نعتیہ اور صوفیانہ کلام کے باعث وہ مداحوں کے دلوں میں رہتی دنیا تک زندہ رہیں گے۔