All posts by Khabrain News

حج سیزن کے دوران مکہ مکرمہ کی تمام مساجد میں نمازِ جمعہ کی اجازت

ریاض : (ویب ڈیسک) حج سیزن کے دوران مکہ مکرمہ کی تمام چھوٹی بڑی مساجد میں نمازِ جمعہ کی اجازت دے دی گئی۔
سعودی وزیر اسلامی امور ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ نے کہا ہے کہ یہ اقدام لاکھوں عازمین کی سہولت کے لیے کیا گیا ہے۔
سعودی وزیر کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے عازمین کو حرم تک آمد و رفت کی پریشانی نہیں ہوگی ، شہر میں قائم تمام چھوٹی اوربڑی مساجد میں 16 جون سے حج سیزن کے اختتام تک نماز جمعہ پڑھائی جائے گی ۔
واضح رہے کہ مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام کے قریب اور چھوٹی مساجد میں عام طور پر جمعہ کی نماز نہیں پڑھائی جاتی اور نمازِ جمعہ مسجد الحرام میں ادا کی جاتی ہے تاہم مسجد الحرام سے دور جامع مساجد میں بھی اس کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

قومی اسمبلی کی انسانی سمگلنگ میں ملوث افراد کیخلاف کارروائی کی ہدایت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے یونان میں مبینہ طورپرکشتی کے حادثہ میں جاں بحق افراد کے واقعے کو اندوہناک قراردیتے ہوئے انسانی سمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی ہے۔
قومی اسمبلی میں جماعت اسلامی کے عبدالاکبرچترالی نے نکتہ اعتراض پرکہاکہ یونان میں کشتی کے حادثہ میں مبینہ طورپر سینکڑوں پاکستانی جاں بحق ہوگئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ انسانی سمگلنگ کے تدارک کیلئے اب تک کیا گیاہے، اس واقعہ کا نوٹس لیا جائے۔
سپیکر کاکہنا تھا کہ یہ اندوہناک واقعہ ہے، انسانی سمگلنگ بھیانک جرم ہے، میں چاہوں گا کہ حکومت نوٹس لیں اورمکروہ دھندہ میں ملوث عناصر کے خلاف بھرپورکارروائی کرے۔
واضح رہے کہ یونان کے سمندر میں کشتی ڈوبنے کے حادثے میں لاپتہ افراد کی تلاش کیلئے چوتھے روز بھی سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے ، اب تک 78 افراد کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں جبکہ 104 افراد کو بچالیا گیا۔
کشتی ڈوبنے کے حادثے میں 298 پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کا بھی خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے جبکہ 12 افراد کو زندہ بچا لیا گیاہے۔
یورپی حکام کی جانب سے اس سانحے کو بحیرہ روم کی تاریخ کا بدترین حادثہ قرار دیا جارہا ہے ۔

کراچی : شارع فیصل پر پیپلز بس کیلئے مخصوص لین بنانے کا اعلان

کراچی : (ویب ڈیسک) سندھ کے وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ اور ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام نے کراچی میں شارع فیصل پر پیپلز بس سروس کے لیے مخصوص لین کے نفاذ کا اعلان کردیا۔
صوبائی وزیر شرجیل میمن نے ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہا کہ شارع فیصل پر پیپلز بس سروس کے لئے مخصوص لین بنائی جا رہی ہے، پبلک ٹرانسپورٹ شہر کی اہم راستوں سے بغیر کسی رکاوٹ کے گزرنی چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے مخصوص لین کا کام مکمل کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ پیپلز بس سروس داؤد چورنگی سے ٹاور کے روٹ پر چل رہی ہے جس سے شہریوں کو بہتر سفری سہولیات میسر آرہی ہیں تاہم اب سندھ کے وزیر اطلاعات نے پیپلز بس سروس کے لیے شارع فیصل پر مخصوص لین کے نفاذ کا اعلان کردیا ہے۔

بپر جوائے کا خطرہ ٹل گیا، طوفان مزید کمزور ہو کر ڈپریشن میں تبدیل

کراچی: (ویب ڈیسک) بحیرہ عرب سے اٹھنے والا سمندری طوفان بپر جوائے کمزور ہو کر ڈپریشن بن گیا، سسٹم کے مزید مشرق کی طرف بڑھنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ڈپریشن تھرپارکر اور بھارتی راجستھان پر موجود ہے جبکہ بھارتی راجستھان میں ڈپریشن کمزور ہو کر لو پریشر ایریا میں تبدیل ہونے کا امکان ہے۔
طوفان کی وجہ سے سندھ کے اضلاع میں بارش
محکمہ موسمیات کے مطابق تھرپارکر، عمرکوٹ، بدین میں آج تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، اس دوران ہواؤں کی رفتار 30 سے 40 اور جھکڑ 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کو چھوسکتے ہیں۔
محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ سجاول اور میرپورخاص میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
بپر جوائے کے اثرات
سمندری طوفان بپر جوائے کے باعث گزشتہ 24 گھنٹوں میں سب سے زیادہ مٹھی میں 168ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق تعلقہ ڈیپلو 166، اسلام کوٹ 105 اور ننگرپارکر میں 68 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
کراچی میں تعلیمی سرگرمیاں بحال کرنے کی اجازت
کراچی میں طوفان کے خطرات ختم ہوتے ہی کمشنر کراچی نے شہر میں معمول کی سرگرمیاں بحال کرنے کی اجازت دے دی۔
سمندری طوفان بپر جوائے کے پیش نظر کراچی میں تعلیمی سرگرمیاں معطل کرنے کے احکامات جاری کئے گئے تھے جبکہ ساحل سمندر پر جانے والے راستے بھی بند کر دیئے گئے تھے۔
شہر میں غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے انٹرمیڈیٹ سمیت دیگر کلاسز کے امتحانات بھی معطل کر دیئے گئے تھے تاہم اب کمشنر کراچی نے شہر میں امتحانات سمیت دیگر تدریسی سرگرمیاں بحال کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
سجاول اور بدین کے لوگوں کی گھروں پر واپسی
طوفان بپرجوائے کے ٹلنے کے بعد سجاول اور بدین کے ساحلی علاقوں میں زندگی معمول پر آنے لگی، سجاول میں ساحلی علاقے شاہ بندر کے دیہات ابراہیم میرجت کے مکینوں نے کاروبارِ زندگی کا آغاز کر دیا۔
ڈپٹی کمشنر سجاول کے مطابق ریلیف کیمپس میں مقیم تقریباً 16 ہزار افراد کو آج دیہات میں منتقل کیا جائے گا۔
دوسری جانب بدین کے ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان گزرنے کے بعد کیمپوں میں منتقل متاثرین گھروں کو واپس جانا شروع ہوگئے ہیں۔
ڈی سی بدین کا کہنا ہے کہ 14 ریلیف کیمپوں سے 14 ہزار سے زائد افراد کو دیہات واپس منتقل کیا جائے گا، متاثرین کو راشن دے کر واپس گھروں کو روانہ کیا جائے گا اور متاثرین کے گھر و مال مویشی کے نقصانات کا اندازہ لگانے کیلئے سروے ہوگا۔

کرپشن کے الزامات پر سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی سروس سے معطل

لاہور: (ویب ڈیسک) بدعنوانی کے الزامات پر اینٹی کرپشن میں درج مقدمے کے معاملے میں سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی کو نوکری سے معطل کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق محمد خان بھٹی کو اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کی سفارش پر معطل کیا گیا ہے، معطلی کے نوٹیفکیشن کرپشن کیسز میں ملوث ہونے پر جاری کئے گئے جبکہ معطلی کے آرڈر سپیکر پنجاب اسمبلی کے حکم سے جاری کئے گئے۔
دوسری جانب ڈی جی پارلیمنٹری افیئرز رائے ممتاز اور رائے بخشی خان کو بھی ملازمت سے معطل کر دیا گیا، محمد خان بھٹی اور رائے ممتاز بھٹی سے ملازمین کی خدمات بھی واپس لے لی گئیں۔
خیال رہے کہ محمد خان بھٹی سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کے پرنسپل سیکرٹری بھی رہے، ان کو ترقیاتی سکیموں میں کک بیکس کی وصولی کے الزامات سمیت مختلف مقدمات میں حراست میں بھی رکھا گیا۔

نااہل لوگ دہشتگردی واپس لیکر آئے، عوام کو مسائل سے نجات دلائیں گے: مریم نواز

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ نااہل لوگ دہشتگردی واپس لیکر آئے، عوام کو مسائل سے نجات دلائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز سے سابق ارکان قومی اسمبلی شاہ جی گل آفریدی، سابق سینیٹر تاج آفریدی نے وفد سمیت ملاقات کی، اس موقع پر سابق ایم پی ایز بلاول آفریدی، بصیرت بی بی، زبیر آفریدی ودیگر بھی موجود تھے۔
مریم نواز نے مسلم لیگ ن میں شمولیت پر شاہ جی گل آفریدی اور سابق سینیٹر تاج آفریدی سمیت وفد کا خیرمقدم کیا اور مبارکباد دی۔
اس موقع پر مریم نواز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ نااہل لوگ دہشتگردی واپس لیکر آئے، عوام کو مسائل سے نجات دلائیں گے، مسلم لیگ ن میں پاکستان کے تمام رنگ شامل ہیں، پارٹی کو پورے ملک کے کونے کونے میں مضبوط کریں گے۔
انہوں نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا پر 10 سال نالائقی، نااہلی اور کرپشن مسلط رہی، خیبرپختونخوا کے بہادر اور سچے لوگوں پر جھوٹ اور فریب کی حکمرانی رہی، خیبرپختونخوا اور وہاں کے عوام سے سال 10 سال ظلم ہوا، دہشت گردی واپس آ گئی، ان مسائل سے نجات دلائیں گے۔
مریم نواز سے ملاقات کے دوران شاہ جی گل آفریدی اور دیگر رہنماؤں نے پارٹی قائد نوازشریف اور شہباز شریف پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
وفد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز نے جس بہادری سے جبر کے حالات کا مقابلہ کیا وہ تاریخ کی سنہری مثال ہے، انٹرا پارٹی الیکشن میں مریم نواز کو پارٹی کی دوبارہ سینئر نائب صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

پی ٹی آئی کی ایک اور وکٹ گر گئی، علی عباس آغا نے بھی پارٹی کو خیرباد کہہ دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے سابق رکن پنجاب اسمبلی علی عباس آغا نے پی ٹی آئی سے لاتعلقی کا اعلان کر دیا۔
ایک بیان میں پی ٹی آئی کے شیخوپورہ سے سابق ٹکٹ ہولڈر سید علی عباس گل آغا نے پی ٹی آئی سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ 9 مئی کے پرتشدد واقعات کی بناء پر پارٹی چھوڑ رہا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلسل ایک سال سے چیئرمین پی ٹی آئی فوج کے خلاف ہرزہ سرائی کررہے تھے، پی ٹی آئی چیئرمین کے فوج مخالف ایجنڈے کی وجہ سے 9 مئی کا واقعہ رونما ہوا۔
سابق رکن پنجاب اسمبلی نے کہا کہ پاک فوج ہمارا فخر ہے، موجودہ حالات میں کسی شرپسند پارٹی کا حصہ نہیں رہ سکتا، لہٰذا پی ٹی آئی چیئرمین کے فوج مخالف بیانیہ کی وجہ سے پارٹی سے لاتعلقی کا اعلان کرتا ہوں۔

چودھری پرویز الٰہی کی درخواست ضمانت پر سماعت 19 جون تک ملتوی

لاہور: (ویب ڈیسک) تحریک انصاف کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی درخواست ضمانت پر سماعت 19 جون تک ملتوی کر دی گئی۔
پنجاب اسمبلی میں بھرتیوں میں بدعنوانی کے معاملے پر سپیشل جج اینٹی کرپشن علی رضا اعوان کے رخصت پر ہونے کے باعث کیس میں پیش رفت نہ ہو سکی۔
پرویز الٰہی نے درخواست ضمانت میں موقف اختیار کیا کہ غیر قانونی بھرتیوں کے مقدمے سے میرا کوئی تعلق نہیں، سیاسی انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، پراسیکیوشن کے پاس بھی کوئی ثبوت موجود نہیں، انہیں ضمانت پر رہا کیا جائے۔
بتایا گیا ہے کہ سپیشل جج اینٹی کرپشن علی رضا اعوان رخصت پر گئے ہوئے ہیں لہٰذا ڈیوٹی جج نے درخواست ضمانت کی سماعت 19 جون تک ملتوی کر دی۔

پاکستانی نژاد برطانوی سفارتکار کو شاندار خدمات پر ایوارڈ دینے کا فیصلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) برطانوی حکومت نے پاکستانی نژاد سفارت کار فوزیہ یونس کو شاندار خدمات پر ایوارڈ دینے کا فیصلہ کر لیا۔
برطانوی وزارت خارجہ میں شاندار خدمات پر فوزیہ یونس کو ایوارڈ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، شاہ چارلس کی سالگرہ پر سفارت کار کو ایم بی ای میڈل دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ فوزیہ یونس اس وقت ٹورنٹو میں برطانوی قونصل جنرل ہیں، وہ اسلام آباد میں بھی خدمات سر انجام دے چکی ہیں۔

پی ٹی آئی کے اراکین قومی اسمبلی کی بحالی فیصلے کیخلاف اپیل سماعت کیلئے مقرر

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی کی بحالی فیصلے کیخلاف اپیل سماعت کیلئے مقرر کر دی۔
لاہور ہائیکورٹ کا 2 رکنی بنچ 21 جون کو سماعت کرے گا جس کی سربراہی جسٹس شاہد بلال حسن کریں گے، رجسٹرار آفس نے کاز لسٹ جاری کر دی۔
سیکرٹری قومی اسمبلی طاہر حسین نے لاہور ہائیکورٹ کے سنگل بنچ فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی تھی جس کے بعد عدالت نے اراکین قومی اسمبلی کو بحال کرنے کے سنگل بنچ کا فیصلہ معطل کر دیا تھا۔
اپیل میں فواد چودھری، شاہ محمود قریشی، حماد اظہر سمیت 61 مستعفی اراکین اسمبلی کو فریق بنایا گیا ہے۔
سیکرٹری قومی اسمبلی نے موقف اختیار کیا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے پر تحریک انصاف کے 123 ممبران قومی اسمبلی نے استعفیٰ دیا۔
عدالت عالیہ نے فریقین کو نوٹسز جاری کر کے جواب طلب کر رکھا ہے، اب 21 جون کو کیس کی کارروائی مزید آگے بڑھائی جائے گی۔