All posts by Khabrain News

قومی اسمبلی :خواجہ آصف کی وائس چانسلرز کیلئے ڈکیت کا لفظ استعمال کرنے پر معذرت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے نکتۂ اعتراض پر جواب دیتے ہوئے معذرت کر لی۔
قومی اسمبلی اجلاس میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز کو ڈکیت کہنے پر ایوان میں معذرت کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی وائس چانسلر کے بارے میں یہ لفظ استعمال کرنے پر معافی مانگتا ہوں، گزارش کرتا ہوں کہ اسمبلی کارروائی سے بھی اس جملے کو حذف کیا جائے ۔
انہوں نے کہا کہ درس گاہوں اور اساتذہ کا میرے نزدیک بڑا احترام ہے، آج ہمارے ملک میں کرپشن ایک روایت بن گئی ہے، درس گاہوں میں ہمارے اس ایوان سے زیادہ سیاست ہے، میری تقریر میں کرپشن پر زور تھا، کرپشن کسی بھی شعبے میں ہو اس کی بات کی تھی ۔
سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویزاشرف نے اس موقع پر کہا کہ جب آپ نے قومی اسمبلی میں تقریر کی تو میں موجود نہیں تھا، میں نے یہ الفاظ خود نہیں سنے، البتہ اخباروں کی زینت بنے، میں آپ کی جانب سے کہے گئے الفاظ کو حذف کرتا ہوں، تمام اراکین سے کہتا ہوں کہ الفاظ کا چناؤ بہتر کیا کریں۔
سپیکر قومی اسمبلی نے یہ بھی کہا کہ مجھے ابھی تک وائس چانسلرز کا کوئی خط نہیں ملا مگر آپ نے بڑے پن کا مظاہرہ کیا، اراکینِ پارلیمنٹ قوم کے لیے رول ماڈل ہوتے ہیں۔

آئیں ملکر کراچی کے مسائل حل کریں: سعید غنی کی تمام جماعتوں کو دعوت

کراچی: (ویب ڈیسک) صوبائی وزیر سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ تمام جماعتوں کو دعوت دیتا ہوں کہ آئیں ملکر کراچی کے مسائل حل کریں، حافظ نعیم الرحمان میئر بننے کیلئے شروع سے بضد تھے، پی ٹی آئی والے یکجا نہیں ہوئے الزام پیپلز پارٹی پر لگایا گیا۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات کے بعد پی ٹی آئی انتشار کا شکار ہوئی، پی ٹی آئی والے یکجا نہیں ہوئے اور الزام پی پی پر لگایا جا رہا ہے، پی ٹی آئی کے ارکان کے میسجز موجود ہیں کہ ہمیں اعتماد میں نہیں لیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ حافظ نعیم الرحمان کو میئر الیکشن میں 30 سے زائد ووٹ نہیں پڑے تو اس کی ذمہ داری ہم پر نہیں، الزام لگ رہا تھا ہم نے ارکان کو اغواء کیا، کیا کسی کے اغواء کیخلاف ایف آئی آر درج کرائی گئی؟، ان کے صرف 3 ارکان جیل میں ہیں، فردوس شمیم نقوی سمیت تینوں کو ووٹ ڈالنے کیلئے لایا گیا، حالانکہ یہ ہماری ذمہ داری نہیں تھی۔
رہنما پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ حافظ نعیم الرحمان ضد کے گھوڑے پر سوار تھے کہ میں نے میئر بننا ہے، جماعت اسلامی سیاسی رواداری کا مظاہرہ کرے، شہر کو تقسیم کرنے کے عمل کو روکا جائے، الیکشن کمیشن نے 15 جون سے قبل تمام ممبران کا اجلاس بلایا، ہر پارٹی کی اپنی اپنی ذمہ داری تھی کہ 11 بجے سے قبل ارکان کو اندر داخل کرواتی۔
صوبائی وزیر نے الزام لگایا کہ جماعت اسلامی کے کارکنان کے کمر پر بیگ لگے ہوئے تھے جن میں ہنگامہ آرائی کا سامان تھا، تمام لوگوں کو دعوت دیتا ہوں کہ شہر کی ترقی کیلئے مل بیٹھیں۔
سعید غنی کا کہنا تھا کہ 6 یوسیز میں ری کاؤنٹنگ کا ہم نے بھی خود کہا، الیکشن کمیشن نے ری کاؤنٹنگ کروائی تو جماعت اسلامی نے مخالفت کر دی، الیکشن کمیشن کا فیصلہ ہمارے خلاف تھا، میں نے کہا تھا کہ حافظ نعیم الرحمان جیت گئے تو مٹھائی لے کر جاؤں گا، اب ہار گئے ہیں اب مٹھائی لے گیا تو مجھے ڈنڈے پڑیں گے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ ہم نے کبھی تعصب کی بنیاد پر ترجیحات طے نہیں کیں، کوشش ہے شہر میں جو جو مسائل ہیں ان کو حل کریں، ہمارے 155 ووٹ تھے اگر جماعت کے 156 ہوتے ہم خود ان کو میئر شپ کی آفر کرتے، 155 کے مقابلے 130 کی بنیاد پر میئر شپ پر حق جتایا گیا۔

الیکشن کمیشن کو انتخابات کی تاریخ دینے کے اختیار کا بل سینیٹ میں پیش

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر مملکت شہادت اعوان نے الیکشن ایکٹ میں ترمیم کا بل سینیٹ میں پیش کردیا۔
وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ نے بتایا کہ 1973 میں الیکشن کی تاریخ مقرر کرنے کے قانون میں الیکشن کمیشن کو اختیار دیا گیا تھا، ضیاء الحق نے ترمیم کردی کہ الیکشن کی تاریخ صدر دے گا، خصوصی پارلیمانی کمیٹی نے ترمیم کا جائزہ لیا اور اسکی منظوری دی تھی۔
اپوزیشن لیڈر شہزاد وسیم نے اعتراض کیا کہ پارلیمنٹ کو بلڈوز کیا جارہا ہے، قانون کے مطابق الیکشن کی تاریخ صدر اور گورنر دے سکتے ہیں، اس حوالے سے پہلے سے قانون موجود ہے، الیکشن کمیشن کو مکمل اختیار دینا مناسب نہیں۔

مبینہ دھاندلی کیس: علی حیدر گیلانی کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) عدالت نے مبینہ دھاندلی کیس میں علی حیدر گیلانی سمیت 3 افراد کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
سینیٹ الیکشن میں مبینہ دھاندلی سے متعلق کیس کی سماعت ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں ہوئی، جس میں جج امید علی بلوچ نے تمام ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے۔
عدالت کی جانب سے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی، پی ٹی آئی رہنما فہیم خان اور کیپٹن (ر) جمیل کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے، جس میں عدالت نے پولیس کو حکم دیا کہ ملزمان کو گرفتار کر کے آئندہ سماعت پر پیش کیا جائے۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے سینیٹ الیکشن میں مبینہ دھاندلی کے کیس میں فرد جرم کی کارروائی ایک بار پھر مؤخر کرتے ہوئے کیس کی سماعت 14 جولائی تک ملتوی کردی۔

خیبر پختونخوا سے ن لیگ کو بڑی کامیابی، شاہ جی گل آفریدی ساتھیوں سمیت پارٹی میں شامل

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا میں مسلم لیگ ن کو بڑی کامیابی مل گئی، چیئرمین پاکستان اصلاحات پارٹی شاہ جی گل آفریدی ساتھیوں سمیت ن لیگ میں شامل ہوگئے۔
خیبرپختونخوا کے ضم اضلاع کی مختلف سیاسی شخصیات نے بھی ن لیگ میں شمولیت کا اعلان کر دیا، ن لیگ میں شمولیت اختیار کرنے والوں میں سابق ایم این اے شاہ جی گل آفریدی، سابق سینیٹر تاج آفریدی، سابق ارکان صوبائی اسمبلی بلاول آفریدی، شفیق آفریدی، بصیرت بی بی، سابق تحصیل میئر زبیر آفریدی، شاہ خالد اور سید نواب شامل ہیں۔
اسلام آباد میں مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما امیر مقام کے ہمراہ پریس کانفرنس میں شاہ جی گل آفریدی نے لیگی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔
انھوں نے کہا کہ نواز شریف نے پاکستان کو ٹی آئی آر کا ممبر بنایا، میاں صاحب جانتے تھے ہمارا مستقبل سینٹرل ایشیا ہے، ملک کو مہنگائی سے وزیراعظم شہباز شریف اور انکی ٹیم نکالے گی، کسی کے ملک توڑ نے کا خواب پورا نہیں ہو گا۔
پریس کانفرنس کے دوران شاہ جی گل آفریدی کا کہنا تھا کہ اگر مسلم لیگ ن کی حکومت نہ ہوتی تو ہم اس تحریک کو انجام تک نہ پہنچا سکتے۔
شاہ جی گل آفریدی نے کہا کہ یہ ملک چیئرمین پی ٹی آئی کا نہیں تمام پاکستانیوں کا ہے،غیر مستحکم کرنی کی کوششیں مسلم لیگ کی وجہ سے ناکام ہوگئیں، ملک بچانے کیلئے جوکام میاں نواز شریف نے کیا وہ اعزاز سب سے بڑا ہے۔
سیکرٹری جنرل مسلم لیگ ن خیبرپختونخوا مرتضیٰ جاوید عباسی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج خیبرپختونخوا مسلم لیگ کیلئے انتہائی خوشی کا دن ہے، پاکستان اصلاحات پارٹی کے چیئرمین اور کابینہ کو خوش آمدید کہتے ہیں، شمولیت خیبرپختونخوا کی سیاست میں تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔

9 مئی واقعات: گرفتار ملزمان کی شناخت پریڈ 48 گھنٹے میں مکمل کرنے کی ہدایت

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ ملتان بنچ نے پنجاب بھر کے سیشن ججز اور سپیشل کورٹس کو 9 مئی واقعات کے ملزمان کی شناخت پریڈ کا عمل 48 گھٹنوں میں مکمل کرانے کی ہدایت کردی۔
لاہور ہائی کورٹ ملتان بنچ نے 9 مئی واقعات میں ملوث ملزمان کی شناخت پریڈ میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پنجاب بھر کے سیشن ججز اور سپیشل کورٹس کو شناخت پریڈ کا عمل 48 گھٹنے میں مکمل کرانے کی ہدایت کردی۔
جسٹس طارق سلیم شیخ نے شہری محمد رمضان کی درخواست پر 13 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کردیا، جس میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار 25 مئی سے شناخت پریڈ کیلئے جیل میں ہے، شناخت پریڈ میں تاخیر بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے، رجسٹرار فیصلے کی کاپی تمام سیشن ججز اور آئی جی پنجاب کو بھجوائیں۔
عدالت کا مزید کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری پر کارکنوں نے توڑ پھوڑ کی، سرکاری اور پرائیوٹ املاک کو نقصان پہنچایا، حالات پر قابو پانے کیلئے ڈپٹی کمشنر نے شہریوں کی نظر بندی کے احکامات جاری کئے، نظر بندی کے احکامات معطل ہونے پر مقدمات میں نامزد کر کے گرفتاریاں کی گئیں۔
فیصلے میں عدالت عالیہ نے کہا ہے کہ گرفتاری کے بعد ملزمان کو شناخت پریڈ کیلئے عدالت پیش کیا گیا، شناخت پریڈ کے پراسس میں تاخیر کی گئی جس سے شہریوں کی آزادی پر قدغن لگائی گئی، ہر انسان کو عزت، آزادی اور تحفظ کے ساتھ جینے کا حق حاصل ہے، انسانی حقوق کے بین الاقوامی قوانین بھی شہریوں کی آزادی کی بات کرتے ہیں۔
لاہور ہائی کورٹ کا کہنا ہے کہ گرفتاری ملزم، اس کے خاندان اور بعض صورتوں میں معاشرے کیلئے بھی دورس اثرات رکھتی ہے، لوگ سزا سے پہلے گرفتاری اور سزا کے بعد گرفتاری میں فرق نہیں کر پاتے، کسی شخص کی گرفتاری ٹھوس شواہد اور صرف اسی صورت ہونی چاہیے جب دوسرا کوئی راستہ نہ ہو۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ بین الاقوامی انسانی حقوق نے بھی ٹرائل سے پہلے گرفتاری پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے، کسی گرفتار ملزم کا بے گناہ ڈکلئیر ہونا ٹرائل سے پہلے گرفتاری کا درد ناک پہلو ہے، کسی بھی ملزم کیلئے شناخت پریڈ کا عمل بہت اہم ہوتا ہے، شناخت پریڈ کا موجودہ عمل بہت ناکارہ ہے۔
عدالت کا کہنا ہے کہ شناخت پریڈ کے عمل میں تاخیر سارے پراسس کو مشکوک بناتی ہے، شناخت پریڈ کے عمل میں تاخیر بنیادی حقوق اور فیئر ٹرائل کی خلاف ورزی ہے، آئینی عدالتیں آئین کے تحفظ کی ذمہ دار ہیں، آئینی عدالتوں کو انتظامیہ کے اقدامات کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔

وزیر اعظم سے آج 2 بڑے حکومتی اتحادیوں کی ملاقات شیڈول

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف سے آج دو بڑے حکومتی اتحادیوں کی ملاقات شیڈول ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان اور بلاول بھٹو آج وزیر اعظم سے ملاقات کریں گے، الگ الگ ملاقاتوں میں ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پختونخوا ملی عوامی پارٹی اور دیگر اتحادی جماعتوں کے رہنماوں کی بھی وزیر اعظم سے ملاقات متوقع ہے، وزیر اعظم شہباز شریف اتحادیوں سے آئندہ کی سیاسی حکمت عملی پر مشاورت کریں گے۔

کراچی کا انتخاب قومی الیکشن کا ٹریلر ہے، آنکھیں کھل جانی چاہئیں: شیخ رشید

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کراچی کا انتخاب قومی الیکشن کا ٹریلر ہے، آنکھیں کھل جانی چاہئیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ وقت بتائے گا میئر کی سیٹ کی خاطر پاکستان پیپلز پارٹی نے جماعت اسلامی کو دور کر کے کیا کھویا کیا پایا، کراچی میئر کے الیکشن کے بعد جو صاف شفاف الیکشن کے خواب دیکھ رہے ہیں وہ شرمندہ تعبیر ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ جمہوریت بہترین انتقام ہے، جس کا کل عملی مظاہرہ پیپلز پارٹی نے کر دکھایا، ممبر کسی کی کیا خدمت کریں گے ان کو خود خدمت کی ضرورت ہے، 9لاکھ عوام کا ووٹ اکثریت کے باوجود 3 لاکھ ووٹوں کے سامنے بے بس ہوگیا ، جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کا میئر نہیں بن سکا، کراچی کا انتخاب قومی الیکشن کا ٹریلر ہے، آنکھیں کھل جانی چاہئیں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پوری دنیا ہمیں سمجھانے کی کوششیں کر رہی ہے، لیکن ہم سمجھ سے عاری ہیں، عوام خودکشیاں کر رہے ہیں، حکمران غیر ملکی دوروں پر ہیں،لطیف کھوسہ جیسے نامور وکیل کے گھر حملہ خطرے کی گھنٹی ہے، کوئی بڑا حادثہ ہوسکتا ہے۔
سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ملک کو معاشی حادثے کی طرف لے کر جا رہے ہیں، آئی ایم ایف دیوالیہ ہونے سے بچانا چاہتا ہے، لیکن حکمران دیوالیہ کی طرف لے جانا چاہتے ہیں،تاکہ ملک میں معاشی ایمرجنسی لگاسکیں، ڈیفالٹ گھر کے دروازے پر دستک دے رہا ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی بربریت، 5 کشمیری شہید

سرینگر: (ویب ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاست دہشتگردی میں مزید 5 کشمیری شہید ہوگئے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فورسز نے 5 کشمیری نوجوانوں کو ضلع کپواڑہ میں جعلی مقابلے میں فائرنگ کر کے شہید کیا، کپواڑہ اور قریبی علاقوں کے محاصرے کے دوران متعدد نوجوانوں کو گرفتار بھی کرلیا گیا۔
قابض بھارتی فوج نے چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے گھروں میں گھس کر خواتین سے بدتمیزی کی اور بچوں کو ہراساں کیا، کشمیریوں کے گھروں میں توڑ پھوڑ بھی کی گئی۔
کپواڑہ اور نواحی علاقوں میں ناکہ بندی جاری ہے، موبائل اور انٹرنیٹ سروس بھی بند ہے اور لوگ گھروں میں محصور ہیں، بھارتی فورسز کے مظالم کیخلاف نماز جمعہ کے بعد مختلف علاقوں میں احتجاج ہو گا۔

اللہ کا فضل ہے ہم طوفان کی تباہ کاریوں سے بچ گئے: شیری رحمٰن

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ اللہ کا فضل ہے کہ ہم طوفان کی تباہ کاریوں سے بچ گئے ہیں، بحیرہ عرب میں بپر جوائے ماضی کے دیگر طوفانوں سے طویل رہا۔
انہوں نے ایک بیان میں کہا ہے کہ آج دوپہر میٹنگ میں غور ہو گا کہ متاثرین کو واپس علاقوں میں کیسے پہنچانا ہے۔
شیری رحمٰن نے کہا کہ سجاول میں متاثرین کی واپسی میں شاید کچھ وقت لگ جائے، آبادی اتنی بڑھ گئی ہے، کہاں کہاں ہم پہنچیں؟
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ سجاول میں لوگوں کے پاس ذریعہ معاش کافی حد تک متاثر ہوا ہے، متاثرہ علاقوں سے 8، 9 ہزار مویشیوں کو بھی منتقل کیا گیا ہے۔