All posts by Khabrain News

وزیراعظم شہبازشریف کی آذربائیجان کے قومی رہنما حیدر علیوف کے مزار پر حاضری

باکو: (ویب ڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے باکو میں آذر بائیجان کے قومی رہنما حیدر علیوف کے مزار پر حاضری دی۔
وزیر اعظم نے آذربائیجان کے قومی رہنما کو ان کی خدمات پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف آج صدر الہام علیوف سے ملاقات کریں گے، دونوں رہنما بعد میں ذرائع ابلاغ سے بات چیت کریں گے۔
آذر بائیجان کے وزراء کا ایک وفد بھی وزیر اعظم سے ملاقات کریگا جس میں دونوں ملکوں کے درمیان تجارت اور توانائی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف دو روز سرکاری دورے پر آذربائیجان میں ہیں۔

پیپلزپارٹی کے مرتضیٰ وہاب میئر کراچی منتخب

کراچی: (ویب ڈیسک) پیپلزپارٹی کے مرتضیٰ وہاب میئر کراچی منتخب ہوگئے۔
غیر حتمی غیر سرکاری نتیجہ کے مطابق پیپلزپارٹی کے مرتضیٰ وہاب 173 ووٹ لیکر میئر کراچی منتخب ہوئے ہیں جبکہ جماعت اسلامی کے حافظ نعیم نے 161 ووٹ حاصل کئے ہیں۔
کراچی کے آرٹس کونسل آڈیٹوریم کوپولنگ سٹیشن قرار دیا گیا ہے جہاں تقریباً 303 منتخب افراد موجود ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق شو آف ہینڈز کے ذریعے انتخابی عمل ہوگا، 246 منتخب چیئرمینز اور 121 مخصوص نشستوں پر منتخب افراد ووٹ ڈالیں گے، ووٹنگ کیلئے گرفتار سٹی کونسل کے ارکان کو بھی لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
الیکشن کمشنر سندھ کا کہنا ہے کہ پولیس پولنگ سٹیشن کے اندر اور باہر ہوگی، آر او اور ڈی آر اوکو مجسٹریٹ کے اختیارات حاصل ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق الیکشن کمیشن عملے کے علاوہ کسی کو پولنگ سٹیشن میں داخلےکی اجازت نہیں۔
میئر کا عہدہ حاصل کرنے کیلئے 184 نشستیں درکار ہوں گی، اس وقت سٹی کونسل میں پیپلز پارٹی کے ارکان کی تعداد 155، جماعت اسلامی 130، پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) 62، مسلم لیگ (ن) 14، جمعیت علماء اسلام ( جے یو آئی ) 4 اور تحریک لبیک پاکستان ( ٹی ایل پی ) کی 1 نشست ہے۔
366 کے ایوان میں میئر کے انتخاب کیلئے انہی ممبران کی اکثریت درکار ہے جو اس وقت ہال میں موجود ہونگے، پیپلز پارٹی کو نون لیگ اور جے یو آئی کی حمایت حاصل ہے اس طرح ان کے ووٹرز کی کل تعداد 173 ہے۔
جماعت اسلامی اور پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے مشترکہ ممبران 192 ہیں جو میئر کی کرسی حاصل کرنے کیلئے کافی تھے مگر پی ٹی آئی کے کچھ امیدواروں نے ووٹ نہ دینے کا اعلان کیا ہے جس کی وجہ سے صورتحال تبدیل ہو سکتی ہے۔
وزارت داخلہ نے الیکشن کیلئے رینجرز کی تعیناتی کی منظوری دے دی ہے اور وزارت داخلہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سندھ رینجرز کو بطور کوئیک رسپانس فورس میئر اور ڈپٹی میئر کے الیکشن کیلئے تعینات کیا جائے گا۔

ریڈیو پاکستان پشاور میں توڑ پھوڑ کرنیوالے مرکزی کردار کی نشاندہی

پشاور: (ویب ڈیسک) پولیس نے 9 مئی کے روز چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری کے بعد ریڈیو پاکستان میں توڑپھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کرنے والے اہم کردارکی نشاندہی کر دی۔
ذرائع کے مطابق جیوفینسنگ سے پتا چلا ہے کہ ریڈیو پاکستان واقعے میں مبینہ طور پر پی ٹی آئی کا سابق ایم پی اے آصف خان ملوث ہے جو مظاہرین سے مسلسل رابطے میں تھا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کے الزام میں گرفتار 51 ملزمان کے بیانات قلم بند کیے گئے ہیں جس میں بتایا گیا کہ دوران احتجاج آصف خان مظاہرین کو توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کی ہدایات دیتا رہا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ریڈیو پاکستان واقعہ کے بعد سابق ایم پی اے موبائل بند کر کے روپوش ہے۔
پشاور پولیس کا مزید کہنا ہے پی ٹی آئی کے سابق ایم پی اے آصف خان کے خلاف تھانہ شرقی میں مقدمہ درج ہے، ملزم کے خلاف درج ایف آئی آر میں دہشت گردی کی دفعات شامل ہیں۔

کراچی: سمندری طوفان کے خطرے کے پیشِ نظر کے الیکٹرک نے ہدایات جاری کردیں

کراچی : (ویب ڈیسک) کراچی میں سمندری طوفان ‘بپر جوائے’ کے خطرے کے پیشِ نظر کے الیکٹرک کی جانب سے ہدایات جاری کردی گئیں، شہریوں کو احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری کردہ پیغام میں ترجمان کے الیکٹرک عمران رانا کی طرف سے شہریوں کو احتیاطی تدابیر کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بارش کے موسم میں شہری حفاظتی تدابیر کو اختیار رکھیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جاسکے۔
عمران رانا کا کہنا تھا کہ سائیکلون کے اثرات کے تحت آج کراچی میں ہلکے اور درمیانے درجے کی بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔ اس صورتحال میں کے الیکٹرک کا بجلی فراہمی کا نظام بھی مستحکم رہا ہے۔ ترجمان کےالیکٹرک متوقع ہنگامی صورتحال کے پیش نظر بدستور ہائی الرٹ پر ہے۔
کے الیکٹرک نے احتیاطی تدابیر کے حوالے سے بتایا کہ شہری طوفان کی تیاری کیلئے فونز اور آلات چارج رکھیں۔ اپنی گاڑیوں اور جنریٹرز میں فیول بھر کر رکھیں، دواؤں، پینے کا پانی اور خشک اشیاء کا انتظام رکھیں۔ بجلی کے آلات کو زمین سے اوپر رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
طوفان آنے کی صورت میں گھر میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ بجلی کے گیلے آلات کو ہاتھ لگانے سے بھی منع کیا گیا ہے۔ طوفان کی وجہ سے گرنے والے کھمبوں اور تاروں سے بھی دور رہنے کی اپیل کی گئی ہے۔
کے الیکٹرک کی جانب سے طوفان کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کیلئے بھی ہدایات دی گئی ہیں۔ کے الیکٹرک کے مطابق سوئچ آن کرنے سے پہلے کھڑے پانی کو نکالنے اور مین ہول کے ڈھکن بند رکھنے کا کہا گیا ہے۔

پنجاب حکومت کا تاریخی عمارتوں کا کنٹرول والڈ سٹی لاہور کے سپرد کرنے کا فیصلہ

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے صوبہ بھر کی تاریخی و قدیم ثقافتی عمارتوں کا کنٹرول والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے سپرد کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں تاریخی عمارتوں خصوصاً شیرانوالہ باغ میں سمادھی، گجرات کے رام پیاری محل، گوجرانوالہ کی حویلی کی بحالی کے امور کا جائزہ لیا گیا۔
صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، سیکرٹری اطلاعات، ڈی جی والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی اور متعلقہ حکام اجلاس میں شریک ہوئے، چیف سیکرٹری، کمشنر گوجرانوالہ، ڈپٹی کمشنرز گجرات و گوجرانوالہ اور چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ نے ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔
ڈی جی والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی نے تاریخی عمارتوں اور حویلیوں کی بحالی کے حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تاریخی عمارتوں کے راستوں کی صفائی اور ثقافتی سجاوٹ کی جائے گی۔
محسن نقوی نے لاہور، گوجرانوالہ اور دیگر شہروں میں تاریخی عمارتو ں کے اردگرد تجاوزات فوری ختم کرنے کا حکم دیا۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پنجاب کی تاریخی عمارات ثقافتی ورثہ ہیں انہیں اصل حالت میں بحال کریں گے، پنجاب کا ثقافتی کلچر انتہائی دلکش اور تاریخی حیثیت کا حامل ہے، والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کو تاریخی عمارتوں کی اصل حالت میں بحالی کا ٹاسک دے دیا ہے۔

حکومت آئی ایم ایف سے معاہدہ نہ ہونے پر ایمرجنسی لگانا چاہتی ہے: شیخ رشید

لاہور: (ویب ڈیسک) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ و سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکومت کا آئی ایم ایف سے معاہدہ نہیں ہو سکا یہ ملک میں ایمرجنسی لگانا چاہتے ہیں حالانکہ ضرورت الیکشن ایمرجنسی کی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ایک طرف معاشی خودمختاری داؤ پر لگا دی، دوسری طرف عوام کو غربت کے سمندر میں ڈبو دیا، ساری سیاسی نااہلی اور ناکامی حکومت کی ہے اب ملبہ کسی اور پر ڈال رہی ہے، میں اداروں اور عدلیہ سے اپیل کرتا ہوں کیرم بورڈ حکومت کو الیکشن کی طرف جانے پر مجبور کریں۔
انہوں نے کہا کہ ایسا نہ ہوا تو نہ رہے گا بانس نہ بجے گی بانسری، ٹرین چھوٹ جائے گی، غربت کے مارے چوک چوراہوں میں لوٹ مارکر رہے ہیں، مشکلات اور آفات میں لیڈر اپنی عوام میں ہوتے ہیں ملک سے باہر نہیں ہوتے، انہوں نے سیاست کے لیے ریاست کو داؤ پر لگا دیا ہے۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں سقوط معیشت ہوچکا ہے، بلومبرگ نے کہا ڈیفالٹ ہونے جارہے ہیں، 50 فیصد ٹیکسٹائل فیکٹری بند،11فیصد ترسیلات کم،50فیصد مہنگائی زیادہ ہو چکی ہے، ڈیجیٹل اکاؤنٹ لاپتہ ،10لاکھ لوگ بیروزگار اور ایک کروڑ لوگ غربت کی لکیر سے نیچے جا چکے ہیں۔
شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ غیر ملکی کمپنیاں ملک چھوڑ کر جارہی ہیں،5 ڈالر خیرات نہیں مل رہی، یہ بے مقصد غیر ملکی دوروں پر ہیں، حکومت بے گناہ ورکروں کو رات کو گھروں سے اٹھارہی ہے۔

سمندری طوفان کے پیش نظر پاک بحریہ کا ریسکیو آپریشن جاری

کراچی : (ویب ڈیسک) سمندری طوفان بپرجوائے کے پیش نظر متاثرہ علاقوں میں پاک بحریہ کا ریسکیو آپریشن جاری ہے ۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاکستان نیوی میرینز کی ٹیمیں سجاول، کیٹی بندر، شاہ بندر، کھاروچن میں خدمات انجام دے رہی ہیں ۔
ترجمان پاک بحریہ نے بتایا کہ چوھڑ جمالی اور جاتی کے نواحی گوٹھوں میں بھی امدادی سرگرمیاں سرانجام دی جارہی ہیں ، پاک بحریہ کی جانب سے اب تک 17 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔
ترجمان کے مطابق پاک بحریہ کی ریسکیو اور میڈیکل ٹیمیں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔
واضح رہے کہ سمندری طوفان ’ بپر جوائے ‘ آج پاکستانی حدود میں داخل ہوگا اور کیٹی بندر سے ٹکرائے گا، طوفان کے پیشِ نظر ملک کے ساحلی علاقوں سے ہزاروں لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

ہمارے نمبرز پورے ہیں، جیت ہماری ہوگی: مرتضیٰ وہاب

کراچی: (ویب ڈیسک) پیپلز پارٹی کے میئر کراچی کے امیدوار مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ ہمارے نمبرز پورے ہیں، جیت ہماری ہوگی، پیپلزپارٹی چاہتی ہے تمام معاملات پر امن طریقے سے ہوں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ اراکین کیلئے عشائیہ منعقد کیا تھا، ہمارے تمام 173 اراکین عشائیے میں موجود تھے، تمام اراکین کا شکر گزار ہوں جنہوں نے اپنی حمایت کا یقین دلایا ہے۔
پیپلز پارٹی کے میئر کراچی کے امیدوار نے کہا کہ ہم اپنا نمبر ایوان میں پورا کریں گے، حافظ صاحب! ہار جیت سیاست کا حصہ ہے ماحول خراب نہ کریں، کسی بھی پی ٹی آئی رکن اسمبلی سے کوئی رابطہ نہیں، الزامات کی سیاست مسائل حل نہیں کر سکتی۔
مرتضیٰ وہاب کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کے عمل کو متنازع نہ بنایا جائے، مینڈیٹ کا احترام کیا جائے، ہم سب کی ایک ترجیح ہے کہ ترقی ہو، ان شاء اللہ ہم اس شہر کو ترقی دیں گے۔

کراچی براہ راست طوفان کی زد میں نہیں آیا ہے: شیری رحمان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے کہا ہے کہ کراچی براہ راست طوفان کی زد میں نہیں آیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں شیری رحمان کا کہنا تھا کہ کچھ دن قبل بپر جوائے کے رخ کا علم نہیں تھا، رات بھر مانیٹرنگ کی، شہر قائد میں طوفانی بارشیں متوقع ہیں، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے سندھ گورنمنٹ، پی ڈی ایم اے اور متعلقہ ادارے متحرک ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اب تک 72 ہزار افراد کا انخلا ہوا، کوشش ہے کہ طوفان سے متعلق مصدقہ معلومات دی جائیں، متاثرین کی علاقوں سے منتقلی کا عمل 4 راتیں اور 4 دن جاری رہا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ابھی کراچی ایئرپورٹ پر فلائٹس روکنے سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں ہوا، 3 سال سے سندھ اور بلوچستان کو زیادہ گرمی کا سامنا ہے، عوام سے اپیل ہے کہ فی الحال ساحل پر نہ جائیں۔
علاوہ ازیں شیری رحمٰن نے سمندری طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی ہیں۔

پی ٹی آئی کے 30 منحرف اراکین کا میئر، ڈپٹی میئر کراچی کے انتخاب کیلئے آج ووٹ نہ ڈالنے کا فیصلہ

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے 30 منحرف اراکین نے میئر کراچی اور ڈپٹی میئر کے انتخاب کیلئے آج ووٹ کاسٹ نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے بلدیاتی اراکین کے فاروڈ بلاک کا اجلاس ہوا جس میں منحرف اراکین نے اپنا پارلیمانی لیڈر منتخب کر لیا۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے منحرف اراکین نے اسد امان کو اپنا پارلیمانی لیڈر منتخب کر لیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آج 30 منحرف اراکین ووٹ کاسٹ نہیں کریں گے۔