All posts by Khabrain News

کراچی :میئر وڈپٹی میئر کاالیکشن ، وزارت داخلہ نے رینجرزتعینات کرنےکی منظوری دیدی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزارت داخلہ نے میئر وڈپٹی میئر کراچی کے انتخابات کیلئے شہر میں رینجرز تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کےمیئر اور ڈپٹی میئر کے انتخاب کے لیے الیکشن کمیشن نے سکیورٹی کی فراہمی کے لیے وزارت داخلہ کو خط لکھا تھا۔
وزارت داخلہ کی جانب سے رینجرز کی فراہمی سے انکار پر سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید نے سیکرٹری داخلہ کو جوابی خط لکھا جس کے بعد وزارت داخلہ نے میئر وڈپٹی میئر کراچی کے انتخابات میں رینجرز تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے ۔
وزارت داخلہ نے الیکشن کمیشن کو جواب میں لکھا ہے کہ 15 جون کو کراچی کے سات اضلاع میں میئر وڈپٹی میئر انتخابات میں رینجرز کوئیک رسپانس فورس کے طور پر دستیاب ہوگی۔
وزارت داخلہ کاکہنا ہے کہ رینجرز کی تعداد اورتعیناتی کا مقام الیکشن کمیشن حکام سے مشاورت کے بعد ہوگا۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مئیر اور ڈپٹی میئر کے انتخاب کا شیڈول جاری کردیا ہے، اعلان کردہ شیڈول کے تحت میئر کراچی کا انتخاب 15 جون کو ہو گا۔

بپر جوائے: وزیراعظم نے ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے ایمرجنسی کمیٹی تشکیل دے دی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے سمندری طوفان بپر جوائے کے نتیجے میں پیش آنے والی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے ایمرجنسی کمیٹی تشکیل دے دی۔
کمیٹی میں وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی، وزیر پاور اور وفاقی وزیر آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام سید امین الحق شامل ہیں، کمیٹی میں متعلقہ اداروں کے سربراہان کو بھی شامل کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ صورتحال کے پیش نظر فوری اقدامات اُٹھائے جاسکیں۔
کمیٹی سمندری طوفان کی صورتحال میں عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کرے گی، کمیٹی سمندری طوفان بپر جوائے کے پاکستان کی ساحلی پٹی سے ٹکرانے کے نتیجے میں پیدا ہونی والی صورتحال، نقصانات کا بھی جائزہ لے گی۔

پاک فوج سمندری طوفان سے متاثرہ علاقوں سے لوگوں کی منتقلی کیلئے متحرک

راولپنڈی : (ویب ڈیسک) پاکستان کی فوج طوفان بپرجوائے سے متاثرہ علاقوں میں پھنسے افراد کی منتقلی کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔
پاک آ رمی کے جوان گاؤں موسیٰ تحصیل کھارو چن میں پھنسے افراد کو نکالنے میں کامیاب رہے ، علاقہ مکینوں کا اس صورتِ حال کے حوالے سے کہنا ہے کہ بر وقت ہمیں اس مصیبت سے نکالنے کے لیے ہم پاک فوج کے تہِ دل سے شکر گزار ہیں۔
پاک فوج نے گاؤں میں پھنسے لوگوں کو گاڑیوں اور بسوں کے ذریعے محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔
گاؤں میں پھنسے افراد میں مرد، خواتین، کم عمر بچے اور بزرگ شامل تھے ، اس موقع پر متاثرہ افراد نے محفوظ مقام پر بروقت منتقلی پر پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

کراچی : میئر اور ڈپٹی میئرکا انتخاب ، وزارت داخلہ کا رینجرز کی فراہمی سے انکار

کراچی: (ویب ڈیسک) صوبائی دارالحکومت کراچی میں میئراور ڈپٹی میئر کے انتخاب کا معاملہ، وزارت داخلہ نے رینجرز کی فراہمی سے انکار کر دیا۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن کے مطابق کراچی کےمیئر اور ڈپٹی میئر کے انتخاب کے لیے الیکشن کمیشن نے سکیورٹی کی فراہمی کے لیے وزارت داخلہ کو خط لکھا تھا تاہم وزارت داخلہ نے رینجرز کی فراہمی سے انکار کردیاہے جس پر سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید نے سیکرٹری داخلہ کو جوابی خط لکھ دیا ۔
خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ سیاسی ماحول بہت کشیدہ ہے اور بڑے پیمانے پرتشدد کا خدشہ ہے ، امن و امان کی صورت حال دیکھتے ہوئے فول پروف سکیورٹی کی فراہمی اہم ہے۔
خط میں مزید کہا گیا کہ کراچی میئر اور ڈپٹی میئر کی نشست کا الیکشن انتہائی حساس ہے، الیکشن اہم ہے جس میں دو سیاسی جماعتوں کے درمیان سخت مقابلے کا امکان ہے۔
جوابی خط میں کہا گیا کہ الیکشن کے دوران تشدد کے واقعات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، میئر وڈپٹی میئر الیکشن کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی ذمہ دار وزارت داخلہ ہوگی۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مئیر اور ڈپٹی میئر کے انتخاب کا شیڈول جاری کردیا ہے، اعلان کردہ شیڈول کے تحت میئر کراچی کا انتخاب 15 جون کو ہو گا۔

آرٹیکل3/184میں اپیل کےحق کیلئےآئینی ترمیم کوخوش آمدیدکہیں گے:چیف جسٹس

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیف جسٹس پاکستان نے کہا ہے کہ آرٹیکل 184(3) میں اپیل کے حق کیلئے آئینی ترمیم کو خوش آمدید کہیں گے اور آئینی اختیار کو آئینی ترمیم کے ذریعے ہی تبدیل کیا جا سکتا ہے۔
چیف جسٹس کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے ریویو اینڈ ججمنٹ ایکٹ کے خلاف درخواستوں پر سماعت کی۔
پی ٹی آئی وکیل بیرسٹر علی ظفر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ فیصلہ میں کہا گیا عدالت کو اپنا پرانا فیصلہ ری اوپن کرنے میں بہت ہچکچاہٹ اور احتیاط برتنی چاہیے، فیصلہ میں سپریم کورٹ کے فیصلوں کے حتمی ہونے کی اہمیت پر زور دیا گیا ہے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کی جانب سے اب تک تین پوائنٹ اٹھائے گئے ہیں، فیصلے میں وزڈم ہے، وہ قانونی عمل کو حتمی بنانے کی بات کررہے ہیں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ بھارت میں حق سماعت نہ ملے تو نظرثانی درخواست دائر ہوتی ہے، ہمارے ہاں فیصلہ غیر قانونی ہو تو نظرثانی ہوجاتی ہے، ہم یہ دیکھ رہے ہیں کہ کیا پارلیمنٹ نظرثانی قانون کو وسیع کرسکتی ہے؟
چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ آئین میں نظرثانی کے دائرہ اختیار کو بالکل واضح لکھا گیا ہے، بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ میرا کیس بھی یہی ہے کہ ریویو آف ججمنٹ اینڈ آرڈر ایکٹ خلاف آئین ہے، جس پر جسٹس منیب اختر نے کہا کہ فوجداری ریویو میں صرف نقص دور کیا جاتا ہے جبکہ سول میں سکوپ بڑا ہے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ نظرثانی کے آئینی تقاضے ہیں مگر اسے اپیل میں نہیں بدلا جاسکتا، اگر نظرثانی میں اپیل کا حق دینا ہے تو آئینی ترمیم درکار ہوگی، نظرثانی کیس میں صرف نقائص کا جائزہ لیا جاتا ہے، نئے شواہد بھی پیش نہیں ہوسکتے۔
وکیل پی ٹی آئی علی ظفر نے کہا کہ آئین کہتا ہے شیڈول فور کے مطابق ہی قانون بن سکتا ہے، پارلیمنٹ ہائیکورٹ سے متعلق قانون بناسکتی ہے مگر سپریم کورٹ سے متعلق نہیں، آئین میں سپریم کورٹ اور پارلیمنٹ کو الگ الگ رکھا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نظرثانی میں اپیل کا حق دینا آرٹیکل 184/3 کے اختیارات میں کمی لانا ہے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کے مطابق وہ دراصل 184(3) کے اثر کو کم کررہے ہیں، آپ کہہ رہے ہیں 184(3) کا دائرہ کم کریں موسٹ ویلکم لیکن آئینی ترمیم سے کریں؟ جس پر بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ جی ہم یہی کہہ رہے ہیں، چیف جسٹس نے کہا کہ نظرثانی میں آپ کو دکھانا ہوگا کون سا نقص فیصلہ میں موجود ہے۔
جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ اس قانون کو صرف 184(3) تک محدود کیا گیا ہے، ایک محدود مقصد کے لیے ریویو ایکٹ بنا دیا گیا، کل پارلیمنٹ ایک اور قانون بناتی ہے کہ ایک نہیں دو اپیلیں ہوا کریں گی تو کیا ہوسکتا ہے؟ وکیل پی ٹی آئی نے کہا کہ حکومت محض قانون سازی سے نہیں آئینی ترمیم سے کرسکتی ہے۔
جس پر جسٹس منیب اختر نے کہا کہ اب تو ایکٹ کے آنے سے پہلے کے فیصلوں پر بھی نظرثانی قانون لاگو ہو گا، ایکٹ کے بعد از خود نوٹس والے مقدمات پر بھی ایکٹ لاگو ہو گا، 184/3 کے تمام مقدمات پر ایکٹ لاگو ہوا تو سب کیس دوبارہ کھل جائیں گے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ نظرثانی قانون سے متعلق کئی اہم سوالات سامنے آئے جن کو دیکھیں گے۔
آج کی سماعت میں تحریک انصاف کے وکیل بیرسٹر علی ظفر نے اپنے دلائل مکمل کر لئے، چیف جسٹس نے کہا کہ اٹارنی جنرل کو کل سنیں گے اور کیس کی سماعت کل ساڑھے 11 بجے تک ملتوی کردی۔

جماعت اسلامی کی میئر کراچی کے الیکشن پر حکم امتناع کی درخواست مسترد

کراچی: (ویب ڈیسک) سندھ ہائی کورٹ نے میئر کراچی کے الیکشن سے متعلق جماعت اسلامی کی حکم امتناع کی درخواست مسترد کر دی۔
عدالت عالیہ میں میئر کراچی کے براہ راست انتخاب پر قانون سازی کے خلاف امیر جماعت اسلامی کراچی و میئر کے امیدوار حافظ نعیم الرحمٰن کی درخواست کی سماعت ہوئی۔
سندھ ہائی کورٹ نے قرار دیا کہ سماعت سے میئر الیکشن کا شیڈول متاثر نہیں ہو گا اور بعدازاں عدالت عالیہ نے جماعت اسلامی کی درخواست پر سماعت 22 جون تک ملتوی کر دی۔

پی ٹی آئی کی سابق رکن پنجاب اسمبلی ثانیہ کامران پیپلز پارٹی میں شامل

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سابق رکن پنجاب اسمبلی ثانیہ کامران نے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔
لاہور میں پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران ثانیہ کامران نے پی پی میں شمولیت کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ میں پچھلے 15 سال سے پنجاب میں سیاسی جدوجہد کر رہی ہوں، شخصیات ریڈ لائن نہیں ہوتیں پاکستان ریڈ لائن ہے۔
ثانیہ کامران کا کہنا ہے کہ 9 مئی کے بعد جو واقعات پیش آئے انتہائی افسوسناک ہیں، کپتان کے اردگرد لوگ پر تشدد سیاست کرنا چاہتے تھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما حسن مرتضیٰ نے کہا کہ پنجاب میں پیپلز پارٹی کی ایک بار پھر مقبولیت کا سلسلہ جاری ہے، ہم چاہتے ہیں کہ گراس روٹ لیول سے اوپر آنے والے لوگ ہمارے ساتھ شامل ہوں۔
حسن مرتضیٰ کا مزید کہنا تھا کہ آج ثانیہ کامران صاحبہ پیپلز پارٹی کی فیملی کا حصہ بنی ہیں، پیپلز پارٹی پیار، محبت، اخلاص اور عزت دینے والی جماعت ہے۔

وقتی طور پر چیزوں کو دبائیں گے تو ملک نہیں چل سکتا، جاوید لطیف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما جاوید لطیف نے کہا ہے کہ اگر وقتی طور پر چیزوں کو دبائیں گے تو ملک نہیں چل سکتا۔
قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے لیگی رہنما جاوید لطیف نے کہا کہ ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ ناکافی ہے، پوری قوم آج ایک بھکاری کی کیفیت میں ہے، ہر شخص اپنے پیٹ کے بجائے بات کر رہا ہے کہ کیا میرا ملک محفوظ ہاتھوں میں ہے، کیا آئی ایم ایف پاکستان کے اندر سیاست نہیں کر رہا؟، کیا مالیاتی ادارے کسی ملک میں ایسی مداخلت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہاں جس نے حملے کیے، انسانی حقوق کے کور میں لوگ اس کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں، کیا اس سے پہلے کی سیاسی جماعتوں نے تنصیبات پر حملہ کیا، کیا نو مئی کے واقعات نے ملک کی بنیا دیں نہیں ہلائیں۔
جاوید لطیف نے کہا کہ اگر حکومت اس پر بات کرے گی تو لوگ کہیں گے پوائنٹ سکورنگ کی جارہی ہے، اگر ادارے ثبوتوں کے ساتھ بات کریں گے تو لوگوں کو یقین آئے گا، اگر ججز کہیں گے کہ جو پریس کانفرنس کرے گا رہا ہوگا جو نہیں کرے گا رہا نہیں ہوگا، جج صاحبان کو دیکھنا چاہیے کہ ہم پاکستان کے ساتھ کیا کر رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ شخص اداروں میں بیٹھے لوگوں پر الزام لگاتا ہے اور ثبوت نہیں دیتا، ارشد شریف کے قتل کے بعد وہ شخص اسی طرف اشارہ کرتا ہے، ارشد شریف کی والدہ آج اس کا نام لے رہی ہے، کیا ادارے نے اس حوالے سے بات کی ہے؟۔

جس میں لوگوں کو آنے نہ دیا جائے وہ انتخاب کالعدم ہونا چاہیے: حافظ نعیم الرحمٰن

کراچی: (ویب ڈیسک) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ ایسا انتخاب جس میں لوگوں کو آنے ہی نہ دیا جائے وہ کالعدم ہونا چاہیے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیرِ جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ شہر کے 9 ٹاؤن ہم جیت چکے ہیں، ہماری اکثریت ہے، چیئرمین اور وائس چیئرمین ہمارے ہمراہ ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ الیکشن کے بعد پیپلز پارٹی نے نتائج تبدیل کیے، ہم نہیں چاہتے کہ عوام کے منتخب لوگ مفاد یا خرید و فروخت کے نتیجے میں الیکشن سے محروم ہوں۔
حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ ہم نہیں چاہتے کہ میئر کے الیکشن کے خلاف عدالت میں جائیں، پیپلز پارٹی کو پیشکش ہے کہ نتیجے کو تسلیم کرے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ہم کراچی کی ترقی کے لیے کام کریں گے، 4 ٹاؤن ہم سے چھینے گئے ہیں، وہ تمام ٹاؤن واپس لے کر آئیں گے۔
امیرِ جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ کل میئر کا الیکشن ہے، ہمارے اتحاد کے 193 اور پیپلز پارٹی کے 173 ووٹرز ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کا علم نہیں کہ ان کا اتحاد کس کے ساتھ ہے، جمہوریت اور قانون یہ ہے کہ 193 والے کو حکومت بنانے دی جائے۔
امیرِ جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمارے مینڈیٹ کو تسلیم کر لے، ہم اپنے اختلافات بھلا کر ورکنگ ریلیشن شپ رکھیں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ اب اس شہر کو مزید تباہ نہیں ہونے دے سکتے، اگر کچھ لوگوں کو لاپتہ کیا گیا تو ان کی پیشی کی ذمہ داری الیکشن کمیشن پرعائد ہو گی۔

اسلامی نظریاتی کونسل کی خواتین کو محرم کے بغیر حج پر جانے کی مشروط اجازت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلامی نظریاتی کونسل نے خواتین کو محرم کے بغیر حج پر جانے کی مشروط اجازت دے دی۔
اسلامی نظریاتی کونسل کی رائے کے مطابق فقۂ جعفریہ، مالکی اور شافعی کے مطابق شریعت میں بغیر محرم کے خاتون کے حج کی گنجائش موجود ہے۔
ترجمان اسلامی نظریاتی کونسل کا کہنا ہے کہ محرم کے بغیر خاتون کے لیے حج کی گنجائش بعض شرائط سے مشروط ہے۔
اسلامی نظریاتی کونسل کے ترجمان نے بتایا ہے کہ وزارت مذہبی امور نے خواتین کے محرم کے بغیر حج کے معاملے پر کونسل سے رائے طلب کی تھی۔
ترجمان اسلامی نظریاتی کونسل نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ وہ عورت بغیر محرم حج کے لیے جا سکتی ہے جس کے والدین یا شوہر اجازت دیں۔
اسلامی نظریاتی کونسل نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فقہ حنفیہ اور فقہ حنبلی کے مطابق محرم میسر نہ ہونے پر عورت پر حج فرض نہیں۔
اسلامی نظریاتی کونسل کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایسی عورت جسے قابل اعتماد خواتین کی رفاقت حاصل ہو حج پر جا سکتی ہے۔
ترجمان اسلامی نظریاتی کونسل کے مطابق وہ عورت جسے سفر اور دوران حج کسی فساد یا خطرے کا اندیشہ نہ ہو بغیر محرم حج کے لیے جا سکتی ہے۔
اسلامی نظریاتی کونسل کے ترجمان نے مزید بتایا ہے کہ ایسی عورت جس گروپ کے ہمراہ حج پر جائے اس کے بارے میں وزارت مذہبی امور چھان بین کرے۔
اسلامی نظریاتی کونسل نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے یہ بھی کہا ہے کہ گروپ ممبران کے بارے میں اطمینان کر لینے کے بعد ہی کسی عورت کو بغیر محرم حج پر جانے کی اجازت دی جائے۔