All posts by Khabrain News

لاہور ماسٹر پلان 2050 کی منظوری کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور ہائی کورٹ نے لاہور ماسٹر پلان 2050 کی منظوری کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے دیا۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے لاہور کے ماسٹر پلان 2050 کو کالعدم قرار دینے کے لئے شہری میاں عبد الرحمان کی درخواست پر سماعت کی جس میں عدالت نے ماسٹر پلان کی منظوری کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے دیا۔
ایل ڈی اے اربن یونٹ کے کنسلٹنٹ کی رپورٹ ہائی کورٹ میں پیش کی گئی جبکہ عدالت نے ایل ڈی اے کنسلٹنٹ کو ماسٹر پلان کے رہ جانے والے 3 مراحل پر کام جاری رکھنے کا حکم دیا ہے۔
سماعت کے دوران بیرسٹر اسامہ کا کہنا تھا کہ 2020 میں 4 مراحل پر غور کے بعد ماسٹر پلان منظور کیا گیا، عملدرآمد پلان کے بغیر پلان منظور نہیں کیا جا سکتا، اس کی منظوری کے لئے 9 مراحل پر غور و فکر ضروری ہے۔
اس دوران سرکاری وکیل نے کہا کہ ماسٹر پلان کی 5 مراحل کے بعد مںظوری دی جاسکتی ہے، اس پر عملدرآمد چھٹے مرحلے سے شروع ہوتا ہے، پلان کی مںظوری سے قبل تمام پہلوؤں پر غور کیا گیا تھا۔
عدالت کا کہنا تھا کہ ماسٹر پلان پر کام جاری رکھیں اور عوامی مشاورت کے بعد ماسٹر پلان کو فائنل کریں، ماسٹر پلان مکمل ہونے کے بعد اتھارٹی سے مںظوری لیں۔
لاہور ہائی کورٹ نے کہا کہ ستمبر میں ماسٹر پلان 2050 کو کالعدم قرار دینے کے لئے درخواست کی اگلی سماعت کی تاریخ مقرر ہو گی۔

منی لانڈرنگ کیس، وزیراعظم و اہلخانہ بیگناہ قرار، نیب رپورٹ عدالت میں پیش

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف اور اہل خانہ کے خلاف منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں نیب نے تصدیق شدہ رپورٹ احتساب عدالت میں پیش کردی جس میں انہیں بے گناہ قرار دے دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں وزیراعظم شہباز شریف، سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز اور دیگر اہل خانہ کے خلاف منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت ہوئی، نیب نے سربراہ قومی احتساب بیورو کی تصدیق شدہ رپورٹ عدالت میں پیش کردی۔
احتساب عدالت نے نیب سپلیمنٹری رپورٹ کی چیئرمین قومی احتساب بیورو سے تصدیق کا حکم دیا تھا۔
نیب رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملزمان کے خلاف منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کے ٹھوس شواہد نہیں ملے، نیب سپلیمنٹری رپورٹ میں شہباز شریف سمیت دیگر کو بے گناہ قرار دیا گیا ہے۔
عدالت نے شریک ملزمان ہارون یوسف، سید طاہر نقوی اور سلمان شہباز کو طلب کرنے یا نہ کرنے پر فیصلہ محفوظ کر لیا، تینوں ملزمان تفتیشی رپورٹ میں بے گناہ قرار پانے پر ضمانت کی درخواست واپس لے چکے ہیں۔
دوران سماعت وکیل امجد پرویز کا کہنا ہے کہ نیب سپلیمنٹری رپورٹ میں ملزمان کیخلاف کرپشن کے شواہد نہیں ملے، شواہد ناکافی ہوئے تو ان ملزمان کو بری کر دیا جائے گا۔
واضح رہے وزیراعظم شہباز شریف، سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز اور دیگر کے وکیل امجد پرویز کے منی لانڈرنگ کیس میں دلائل مکمل ہو چکے ہیں، بعدازاں احتساب عدالت نے کیس کی مزید سماعت 22 جون تک ملتوی کردی۔

اداروں کیخلاف ہرزہ سرائی کرنیوالے میجر (ر) عادل راجہ لندن میں گرفتار

لندن: (ویب ڈیسک) سوشل میڈیا پر اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے والے عادل راجہ کو لندن میں گرفتار کر لیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق عادل راجہ کو اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے پر گرفتار کیا گیا ہے۔
قبل ازیں اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ پاک فوج اور آرمی چیف کے خلاف بیان بازی پر عادل راجہ کے خلاف لندن پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
پولیس کی جانب سے ان کو جاری نوٹس میں کہا گیا تھا کہ آپ نے یوٹیوب اور ٹوئٹر پر برطانوی قوانین کی خلاف وزری کی ہے، فوری طور پر پیش ہو کر اپنا موقف واضح کریں۔

لاہور ہائیکورٹ: غیر قانونی نظربند افراد کو روزانہ 5 ہزار ادا کرنے کا فیصلہ معطل

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے غیر قانونی طور پر نظر بند افراد کو روزانہ کے حساب سے 5 ہزار روپے جرمانہ ادا کرنے کا فیصلہ معطل کر دیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے 2 رکنی بینچ نے سنگل بینچ کا فیصلہ معطل کر دیا، جسٹس شہباز رضوی اور جسٹس وحید خان پر مشتمل دو رکنی بینچ نے فیصلہ سنایا۔
پنجاب حکومت کی جانب سے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل غلام سرور نہنگ نے دلائل دیے، پنجاب کے مختلف اضلاع کے 25 ڈپٹی کمشنرز نے سنگل بینچ کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کی تھی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل لاہور ہائیکورٹ کے سنگل بینچ نے ڈپٹی کمشنرز کو غیر قانونی نظر بند افراد کو 5 ہزار روپے روزانہ کے حساب سے جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا تھا۔

بپرجوائے: میئر کراچی و ڈپٹی میئر کا انتخاب، پولنگ سٹیشن تبدیل

کراچی: (ویب ڈیسک) سمندری طوفان بپر جوائے کے پیش نظر کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کے میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخاب کے لیے پولنگ سٹیشن تبدیل کر دیا گیا ہے۔
کراچی کے میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخاب کے لیے پولنگ سٹیشن کی تبدیلی سمندری طوفان بپرجوائے کے پیش نظر کی گئی ہے، الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق الیکشن اب پاکستان آرٹس کونسل کے آڈیٹوریم میں ہو گا۔
الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق پہلے پولنگ سٹیشن کے ایم سی ہال ایم اے جناح روڈ پر رکھا گیا تھا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پولنگ اسٹیشن 15 جون کو کراچی میں ممکنہ تیز بارشوں کے باعث تبدیل کیا گیا ہے جبکہ کراچی کے میئر اور ڈپٹی میئر کا انتخاب کل ہو گا۔

پاک بحریہ کے ساحلی علاقوں میں امدادی کام جاری ہیں: ترجمان

کراچی: (ویب ڈیسک) سمندری طوفان بپرجوائے کے حوالے سے پاک بحریہ کی ساحلی علاقوں میں امدادی کاموں کی تیاریاں جاری ہیں۔
ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ جوانوں نے شاہ بندر سے سینکڑوں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ماہی گیروں کی حفاظت کیلئے سمندرمیں پٹرولنگ جاری ہے، 64 ماہی گیروں کو سمندرسے ریسکیو کیا جا چکا ہے۔
ترجمان نے کہا ہے کہ کراچی میں ہیڈ کوارٹرز کمانڈر کراچی کے زیرانتظام سائیکلون مانیٹرنگ سیل قائم کردیا گیا ہے، ساحلی علاقوں میں موجود پاک بحریہ کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے جبکہ پاک بحریہ کے کمانڈر کوسٹ امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کررہے ہیں۔

مختلف مکاتب فکر اور دینی مدارس کے علمائے کرام کاجناح ہاؤس کا دورہ

لاہور : (ویب ڈیسک) مختلف مکاتبِ فکر اور دینی مدارس کے علمائے کرام نے جناح ہاؤس لاہور کا دورہ کیا ہے ۔
علمائے کرام نے جناح ہاؤس کی جلی ہوئی عمارت دیکھ کر انتہائی دُکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سانحہ 9 مئی کی بھرپور مذمت کی ، علماء نے ملک و قوم کی خاطر جان کی عظیم قربانی دینے والے شہداء کو خراج عقیدت بھی پیش کیا۔
اس موقع پر علمائے کرام کا کہنا تھا کہ ہمارا اور ہمارے خاندانوں کا، ہمارے اداروں اور ہمارے وابستگان کا اس ملک اور پاک فوج کے ساتھ ایک دیرینہ محبت کا رشتہ ہے، ہم سمجھتے ہیں پاکستان اور فوج لازم و ملزوم ہیں، ریاستی اداروں کا دشمن ملک کا دشمن ہے۔
علمائے کرام نے مزید کہا کہ 9 مئی کے جو واقعات ہوئے ہیں ہم نے دیکھا یہاں پر تباہی ہے، بربادی ہے، جناح ہاؤس کے مناظر دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے۔

فیصل آباد: ڈمپر کی موٹر سائیکل کو ٹکر، 2 نوجوان جاں بحق

فیصل آباد: (ویب ڈیسک) فیصل آباد میں ڈمپر کی موٹرسائیکل کوٹکر کے نتیجے میں 2افراد جان کی بازی ہارگئے ۔
تفصیلات کے مطابق نلے والا فلائی اوور کے قریب حادثے میں ایک شخص زخمی بھی ہوا ہے ، حادثے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچ گئی ۔
ریسکیو کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت 22سالہ ثقلین، 25سالہ مانی کے نام سے ہوئی ہے ۔
ریسکیو نے جاں بحق افراد کی لاشیں پولیس کے حوالے کردیں جبکہ شدید زخمی 18 سالہ احمد کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔

ووٹوں کے اندراج کا وقت ہے، نادرا ٹیم کی تبدیلی سازش کی کڑی ہوسکتی ہے، شیخ رشید

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ووٹوں کے اندراج کا وقت ہے، ساری نادرا کی ٹیم کو بدلنا سازش کی کڑی ہوسکتی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے کہا کہ ساری قوم کی نظریں عدلیہ پر لگی ہوئی ہیں، عدلیہ ہی الیکشن کروا سکتی ہے، چوروں سے نجات دلوا سکتی ہے، ملک کو بحرانوں سے نکلوا سکتی ہے اور اوورسیز کو ووٹ کا حق دلوا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ساری قوم 9 مئی کے واقعے کی مذمت کرتی ہے اور شہدا کی عظمت کو سلام پیش کرتی ہے لیکن کسی کو بھی 9 مئی کے واقعے کو الیکشن بیانیہ نہیں بنانا چاہیے، 2 مہینے کی حکومت، 12 مہینے کا بجٹ، 100 مشیراور وزیر، معاشی صورتحال انتہائی خطرناک اور حکومت عوام میں جانے سے خوفزدہ ہے۔
سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ ٹیسٹ ٹیوب پارٹیاں ملک کو اقتصادی ہارٹ اٹیک سے نہیں بچا سکتیں، ڈیفالٹ کی تلوار سر پر لٹک رہی ہے، وزیراعظم بے مقصد سیروسیاحت کے دورے کر رہے ہیں اور ہمارے کیے ہوئے کاموں کا افتتاح کر رہے ہیں، کیرم بورڈ کھیلنے سے اندرونی دباؤ اور ڈپریشن دور نہیں ہوتا بلکہ قوم کو پتا چل جاتا ہے یہ بے اختیار ہیں اور اختیار کہیں اور ہے۔
شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن سے پہلے نادرا کے چیئرمین کو ہٹانا اور اس کو ای سی ایل میں ڈالنا اور ورلڈکپ سے پہلے پی سی بی کا پھڈا ڈالنا لمحہ فکریہ ہے۔

ارشد شریف قتل ازخود نوٹس، گزشتہ سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ کی جانب سے ارشد شریف قتل ازخود نوٹس کیس کی گزشتہ سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کردیا گیا۔
تحریری حکمنامہ کے مطابق اٹارنی جنرل نے کینیا اور یو اے ای سے باہمی قانونی تعاون کے معاہدے سے متعلق آگاہ کیا، اٹارنی جنرل کے مطابق یو اے ای سے باہمی قانونی تعاون کے معاہدوں کیلئے مزید وقت لگے گا۔
حکمنامہ کے مطابق کینیا اور یو اے ای سے معاہدوں کیلئے اٹارنی جنرل کی مہلت دینے کی استدعا منظور کی جاتی ہے، ارشد شریف کی دوسری اہلیہ جویریہ صدیق کے وکیل نے اقوام متحدہ سے تعاون لینے بارے آگاہ کیا۔
تحریری حکمنامہ کے مطابق ارشد شریف کی والدہ کے وکیل شوکت عزیز صدیقی نے5 افراد کو شامل تفتیش کرنے کی درخواست کی، سپریم کورٹ معاملے کی تحقیقات میں صرف سہولت کاری کر رہی ہے، اعلیٰ عدلیہ کسی شخص کو شامل تفتیش کرنے کا نہیں کہہ سکتی۔
تحریری حکمنامہ میں کہا گیا ہے کہ ارشد شریف کی والدہ کے وکیل کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے نمٹائی جاتی ہے، جن افراد کو شامل تفتیش کرنا ہے اس کی درخواست جے آئی ٹی کو دی جا سکتی ہے، کیس کی مزید سماعت جولائی میں ہو گی۔