All posts by Khabrain News

عالمی بینک نے پاکستان کیلئے 20 کروڑ ڈالرز مالی اعانت کی منظوری دے دی

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) عالمی بینک کے ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کیلئے 20 کروڑ ڈالرز کی مالی اعانت کی منظوری دے دی۔
اعلامیہ کے مطابق عالمی بینک کی جانب سے ملنے والی 20 کروڑ ڈالرز کی رقم خیبرپختونخوا کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی کے کاموں پر خرچ ہوگی، 2022ء میں صوبہ میں سیلاب سے ہوئی تباہی کے ازالے کیلئے فنڈز دیے گئے ہیں۔
ضم شدہ اضلاع میں پانی کی فراہمی، دیہی سڑکوں اور زراعت کے منصوبوں پر فنڈز خرچ کیے جائیں گے، مزید برآں موسمیاتی تبدیلی سے مقابلہ کرنے کی استعداد بہتر کرنے کیلئے رقم خرچ کی جائے گی۔

بپر جوائے کراچی سے چند سو کلو میٹر دور، ساحلی علاقوں میں حالات بگڑنے لگے

کراچی: (ویب ڈیسک) بپر جوائے کراچی سے صرف 350 ،ٹھٹھہ سے 360 کلومیٹر دور رہ گیا، کل کیٹی بندر سے ٹکرانے کا امکان ہے جبکہ ساحلی علاقوں میں حالات بگڑنے لگے ہیں، سجاول میں بارش، اورماڑہ میں پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔
ٹھٹھہ ،بدین اور دیگر اضلاع میں تیز ہواؤں کے جھکڑ، ایمر جنسی نافذ، شہر قائد میں بوندا باندی، کیٹی بندر کو خالی کرالیا گیا، گڈانی میں بھی لہریں انتہائی بلند، مزید موسلا دھار بارشوں کا خطرہ ہے۔
طوفان بپر جوائے کے پیشِ نظر کیٹی بندر پر پانی کی سطح مسلسل بلند ہونے لگی ، کھارو چھان کے کئی دیہات زیرِ آب آگئے، بدین کے ساحلی علاقوں میں پانی ماہی گیروں کی بستی کے قریب پہنچ گیا۔
ابراہیم حیدری میں پانی کی سطح کئی فٹ تک بلند
کراچی کے علاقے ابراہیم حیدری میں پانی کی سطح کئی فٹ تک بلند ہوگئی جبکہ ٹھٹھہ ،سجاول اور بدین کے ساحلی علاقوں میں بارش اور تیز ہواؤں سے ہائی ٹرانسمیشن لائن کے پول گرگئے جس کی وجہ سے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔
دوسری جانب طوفان کی آمد سے پہلے کیٹی بندر شہر کو خالی کرالیا گیا جبکہ بدین کے ساحلی علاقوں، سجاول سے بھی نقل مکانی شروع ہوگئی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سجاول میں آج صبح 10 سے دوپہر 12 بجے کے درمیان کا وقت خطرے سے بھرپور ہے، جاتی، کھارو چھان اور شاہ بندر کے علاقے خطرے کی زد میں ہیں۔
محکمہ موسمیات کے اندازوں کے مطابق طوفان 15جون کی دوپہر یا شام کو سندھ میں کیٹی بندر اور بھارتی گجرات کے درمیان ٹکرائے گا، طوفان میں ہواؤں کی رفتار 100 سے 120 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوسکتی ہے۔
سمندری طوفان کراچی سے 380 اور ٹھٹھہ سے 370 کلومیٹر کی دور رہ گیا ہے جبکہ کیٹی بندر پر پانی کی سطح مسلسل بلند ہونے لگی ہے۔
سمندر بپھرنے سے پانی اورماڑہ کے رہائشی علاقے میں داخل
سمندری طوفان “بپر جوائے” کے اثرات سامنے آنے لگے، سمندر بپھرنے سے پانی رہائشی علاقے میں داخل ہوگیا۔
بحیرہ عرب میں موجود سمندری طوفان کے باعث مکران کی سمندری حدود میں طغیانی کے سبب اورماڑہ دیمی زر میں سمندر بپھر گیا، سمندر کا پانی کنارے والی سڑک کو پار کر کے دکانوں، کمپنیوں اور آبادی کے علاقوں میں داخل ہو گیا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سائیکلون بپر جوائے کل کیٹی بند سے ٹکرانے کا امکان ہے۔
پانی آبادی میں داخل ہونے سے لوگ شدید پریشان ہیں، سمندر میں شدید طغیانی کے سبب ماہی گیروں کی املاک کو شدید نقصانات کا اندیشہ ہے۔
سندھ میں تیز ہوائیں اور بارش متوقع
چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا ہے کہ طوفان کے باعث ملک بھر میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا، آج سے 17 جون کے دوران ٹھٹھہ، سجاول، بدین، تھرپارکر، عمرکورٹ میں 80 سے 120 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے چار دنوں میں کراچی، حیدر آباد، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہ یار، میرپور خاص میں 60 سے 80 کلو میٹر فی گھنٹہ ہوائیں متوقع ہیں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے، طوفان کے اثرات پری مون سون موسم پر بھی ہوں گے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا خفیہ دستاویزات کیس میں صحت جرم سے انکار

میامی : (ویب ڈیسک) سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خفیہ دستاویزات کے غلط استعمال کے الزام میں مختصر گرفتاری کے بعد رہا کر دیا گیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کو میامی میں فیڈرل کورٹ ہاؤس میں خفیہ دستاویزات کیس میں پیشی کے موقع پر حراست میں لیا گیا تھا اور ان کے فنگر پرنٹس لیے گئے جبکہ اس موقع پر انکے مشیر اور قریبی ساتھی والٹ نوٹا کو بھی حراست میں لیا گیا۔
نوٹا پر ٹرمپ کو دستاویزات چھپانے میں مدد کرنے کے حوالے سے 6 الزامات عائد کیے گئے ، ان پر تفتیش کاروں کو غلط معلومات دینے کا بھی الزام ہے۔
عدالت جانے سے قبل ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں لکھا کہ آج ہمارے ملک کی تاریخ کا المناک دن ہے، ہماری قوم تنزلی کی طرف سفر کر رہی ہے جبکہ ان کے ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ امریکا کی تاریخ میں اہم موڑ ہے۔
سابق صدر کی عدالت میں پیشی کے وقت انکے حامیوں کی خاصی تعداد عدالت کے باہر موجود تھی جنہوں نے ہاتھوں میں امریکی جھنڈے اور انکی حمایت میں پمفلٹ اٹھا رکھے تھے۔
سکیورٹی حکام کے مطابق ٹرمپ کی میامی عدالت میں پیشی کے موقع سکیورٹی کے حوالے سے صورتحال کنٹرول میں رہی۔
عدالت میں سماعت کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے ان مجرمانہ الزامات سے انکار کیا کہ انہوں نے وائٹ ہاؤس چھوڑنے کے بعد خفیہ دستاویزات اپنے پاس رکھی تھیں اور اس تاریخی مقدمے میں اپنے خلاف الزامات کو مسترد کرتے ہوئے خود کو بے قصور قرار دیا۔
کمرہ عدالت میں ٹرمپ کے وکیل نے ان کے خلاف 37 الزامات میں قصوروار نہ ہونے کی درخواست داخل کی۔
47 منٹ کی عدالتی کارروائی کے بعد سابق صدر کو بغیر شرائط یا سفری پابندیوں کے عدالت سے جانے کی اجازت دی گئی تاہم مجسٹریٹ نے فیصلہ دیا کہ انہیں کیس میں ممکنہ گواہوں کے ساتھ بات چیت کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
ٹرمپ نے بارہا اپنی بے گناہی کا دعویٰ کیا ہے اور ڈیموکریٹک صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ پر انہیں نشانہ بنانے کا الزام لگایا ہے، انہوں نے گزشتہ روز خصوصی وکیل جیک سمتھ کو جو سرکردہ تفتیش کار ہیں انہیں سوشل میڈیا پر ’ ٹرمپ سے نفرت کرنے والا ‘ بھی قرار دیا۔
خیال رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ پہلے امریکی صدر ہیں جن پر وفاقی مجرمانہ فرد جرم عائد کی گئی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ مقدمے کی سماعت شروع ہونے میں ایک سال یا اس سے زیادہ وقت لگ سکتا ہے۔
عدالت سے رہائی کے بعد ٹرمپ واپس بیڈ منسٹر، نیو جرسی اپنے گالف کورس کیلئے روانہ ہوئے اور راستے میں انہوں نے میامی کی ورسائی کی مشہور کیوبا بیکری میں رک کر حامیوں سے ملاقات کی اور انکے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔
اس موقع پر انہوں نے ایک بار پھر سے دعویٰ کیا کہ انہیں سیاسی طور پر نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

جعلی کاغذ لہرا کر کہا گیا سائفر آیا، حقائق نے پروپیگنڈا زمین بوس کردیا، وزیراعظم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جعلی کاغذ لہرا کر کہا جاتا رہا سائفر آیا ہے اور یہ ایک امپورٹڈ حکومت ہے، حقائق نے اس جھوٹے پروپیگنڈے کو زمین بوس کردیا ہے۔ اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے پاکستان کے وقار کو خاک میں ملانے کی کوشش کی، لوگوں کی جھوٹی ذہن سازی کی جا رہی تھی، قوم کو کہا گیا میری حکومت امریکا سے ہٹوائی گئی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ روس سے 1 لاکھ ٹن خام تیل آیا ہے، روسی تیل کا پہلا جہاز کراچی آچکا ہے، انہوں نے روس سے ایک دمڑی کی چیز بھی نہیں منگوائی تھی، لوگ پوچھتے ہیں روسی تیل کی کیا خصوصیت ہے، روس کے تیل کی قیمت عالمی تیل کی قیمت سے کم ہے، روس کا تیل عالمی منڈی سے کم از کم 15 ڈالر فی بیرل سستا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت زرمبادلہ کی ضرورت ہے، عوام بجٹ دینے پر اسحاق ڈار اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، جب تک کسی ملک میں سیاسی استحکام نہیں ہوتا معاشی استحکام نہیں آسکتا، جب کسی ملک میں دن رات جھوٹا پروپیگنڈا ہوگا تو کون وہاں سرمایہ کاری کرے گا؟، گزشتہ حکومت نے پاکستان کی معیشت کا بیڑا غرق کردیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جو آئی ایم ایف سے معاہدہ کرکے توڑا گیا ہمیں اس کا بہت زیادہ نقصان ہوا، پوری کوشش کر رہے ہیں کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ ہو جائے، آئی ایم ایف کی تمام شرائط پوری کرلی ہیں، ہم آئی ایم ایف سے معاہدہ کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ شہباز شریف نے کہا کہ اگر میرے خلاف بھی کوئی کرپشن کا ثبوت ہے تو لے کر آئیں، جھوٹے الزامات لگانا مناسب نہیں ہے، چیئرمین پی ٹی آئی نے پوری اپوزیشن کو دیوار سے لگا دیا تھا، پونے 4 سال ان کو کسی کے خلاف کرپشن کا ثبوت نہ ملا، اگر کرپشن کے ثبوت نہیں ہیں تو منہ بند رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ٹیم کا کپتان ایک ہوتا ہے، جب تک 10 کھلاڑی کپتان کے ساتھ محنت نہ کریں ٹیم کامیاب نہیں ہوسکتی، کسی بھی ٹیم کی کامیابی ٹیم ورک ہے، گزشتہ حکومت نے ترکیہ سے تعلقات خراب کیے، ہمیں اربوں ڈالرز کی گندم امپورٹ کرنی پڑی، گزشتہ حکومت میں گندم کی مقدار میں کمی ہوگئی تھی۔ وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ نوجوان بچوں کو قرضے دینے کیلئے اربوں روپے رکھے گئے ہیں، دیہاتوں میں زرعی قرضے فراہم کیے جائیں گے، نوجوان نسل ہی پاکستان کی کامیابی کی ضمانت ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کہتے تھے یہ لیپ ٹاپس نہیں رشوت ہے، چیئرمین پی ٹی آئی نے گزشتہ دور میں نوجوانوں کو گمراہ کیا، نوجوانوں کو 1 لاکھ لیپ ٹاپس دینے کا پروگرام دوبارہ شروع کر رہے ہیں۔

امریکا کی پاکستان کے لئے آئی ایم ایف پروگرام کی حمایت

واشنگٹن : (ویب ڈیسک) امریکی وزیر خزانہ جینیٹ یلین کا کہنا ہے کہ امریکا پاکستان کے لیے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ ( آئی ایم ایف) پروگرام کی حمایت کرتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان نمائندگان میں کیا جب رکن کانگریس آل گرین نے امریکی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ پاکستان کو آئی ایم ایف اور عالمی بینک کی جانب سے امداد کی فراہمی میں کردار ادا کرے۔ ایوان نمائندگان میں خطاب کرتے ہوئے کانگریس مین آل گرین نے کہا کہ پاکستان پہلے ہی سیلاب سے متاثر ہے، گلوبل وارمنگ کو امریکا مسترد کرسکتا ہے مگر پاکستان اسے جھیل رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو اس وقت امداد کی شدید ضرورت ہے۔

کراچی : دو ٹریلرز کی آپس میں ٹکر، ڈرائیور جاں بحق

کراچی : (ویب ڈیسک) شہر قائد میں ٹریفک حادثے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق آئی سی آئی پل کے قریب افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا جہاں دو ٹریلرز کی آپس میں ٹکر ہوئی جس کے نتیجے میں ایک ٹریلر کا ڈرائیور جاں بحق ہوگیا۔ ریسیکو ذرائع نے مزید بتایا کہ حادثے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے ڈرائیور کی لاش کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

کراچی کے ساحل پر دفعہ 144 کی خلاف ورزی، 17 افرادگرفتار

کراچی: (ویب ڈیسک ) کراچی میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے پر ساحل پر جانے والے17 افراد کو گرفتار کر کے مقدمات درج کرلیے گئے ہیں ۔ سمندری طوفان کے ممکنہ نقصانات کے پیش نظر ضلع جنوبی کی 36 خطرناک قرار دی گئی عمارتوں کو خالی کرا لیا گیا، خطرناک قرار دے گئی عمارتوں میں واقع دکانوں کو بھی سیل کردیا گیا ہے ، ڈپٹی کمشنر جنوبی کے مطابق ڈی ایچ اے فیز 8 میں ساحل پر تمام ریسٹورنٹس بھی مکمل بند کروا دیے گئے ہیں۔ ضلع میں زیر تعمیر عمارتوں کا کام بھی رکوا دیا گیا ہے، حفاظتی قوانین کے مطابق عمارتوں پر نصب مشینری کو بھی ہٹا دیا گیا ہے جبکہ آرام باغ، صدر، لیاری، گارڈن اور سول لائن سب ڈویژن میں شیلٹر ہاؤس بھی قائم کردیئے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر جنوبی کا کہنا تھا کہ پاک فوج، رینجرز، پی ڈی ایم اے، کے الیکٹرک، واٹر بورڈ سمیت تمام متعلقہ اداروں کے افسران سے رابطے میں ہیں، کسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے کنٹیجنسی پلان تیار ہے۔ ضلع میں تمام بل بورڈ، سائن بورڈز کو ہٹانے سمیت گھنے اور کمزور درختوں کی کٹائی کا کام بھی تیزی سے جاری ہے۔ ڈی سی جنوبی آفس میں ایمرجنسی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں عوام 021-99205628، 021-99205629 پر اطلاع کریں۔ ضلع کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی لیے بھی تیاری مکمل کرلی گئی ہے ۔ خیال رہے کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے سمندری طوفان کے حوالے سے ایک مرتبہ پھر الرٹ جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق یہ سسٹم کراچی سے 350 کلومیٹر، ٹھٹھہ سے 360 کلومیٹر جنوب میں ہے۔ سمندری طوفان ’’بپر جوئے‘‘کا کراچی سے فاصلہ کم ہو کر 350 کلو میٹر رہ گیا جس کے باعث شہر میں گرد آلود ہوائیں چلنے لگی ہیں اور بعض مقامات پر مٹی کا طوفان بھی آیا، ناخوشگوار حالات سے نمٹنے کیلئے پاک فوج کے حفاظتی دستے بھی تیار ہیں۔

‘میں ایک مرتبہ مایوس ہوا تھا لیکن فیملی نے کہا کہ آپ گرین شرٹ پہنیں گے، عمراکمل کا بیان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک)پاکستان کے کرکٹر عمر اکمل نے کہا ہے کہ میں ایک مرتبہ مایوس ہوا تھا لیکن فیملی نے کہا کہ آپ گرین شرٹ پہنیں گے ، اب اپنا پورا دن کرکٹ ٹریننگ میں گزارتا ہوں۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر اکمل نے کہا کہ قومی کرکٹرز کے کیمپ میں کھلاڑی بہت محنت کر رہے ہیں ان کے لیے نیک خواہشات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گرم موسم میں کرکٹرز سو فیصد دے رہے ہیں، میں مسلسل ٹریننگ کر رہا ہوں، اکیڈمی میں کیمپ جاری ہے، اس لیے قادر اکیڈمی میں ٹریننگ کر رہا ہوں۔ عمر اکمل کا کہنا ہے کہ کرکٹ کے ساتھ فٹنس بہت ضروری ہے، اس پر فوکس ہے، لنکا پریمیئر لیگ میں مجھے لینا ان پر منحصر ہے اگر وہ منتخب کرتے ہیں تو سو فیصد دوں گا۔

معروف بالی و وڈ کوریوگرافر پربھودیوا50برس کی عمر میں بیٹی کے باپ بن گئے

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے معروف کوریوگرافر اور ڈائریکٹر شنکوپنی المعروف پربھو دیوا کے ہاں 50 برس کی عمر میں بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے۔ انڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پربھو دیوا نے اپنے گھر ننھی پری کی آمد کی تصدیق کی اور ساتھ ہی انہوں نے اس عمر میں والد بننے پر بے حد خوشی کا اظہار کیا۔ان کے ہاں بیٹی کی پیدائش دوسری اہلیہ ہیمانی پربھو سے ہوئی۔دوران انٹرویو پربھو دیوا سے بیٹی کی پیدائش سے متعلق سوال کیا گیا جس پر انہوں نے کہا کہ “یہ بات بالکل ٹھیک ہے کہ میرے گھر بیٹی کی آمد ہوئی ہے، اس عمر میں والد بننے پر میں خود کو اب مکمل محسوس کررہا ہوں۔”کوریوگرافر نے مزید انکشاف کیا کہ “انہوں نے اب کم کام کرنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ وہ اس وقت اپنی نومولود اور اہلیہ کے ہمراہ زیادہ سے زیادہ وقت گزارنا چاہتے ہیں۔”پربھو دیوا نے کہا کہ “میں نے پہلے ہی اپنے کام کا بوجھ کم کردیا ہے، میں نے محسوس کیا کہ میں بہت زیادہ کام کر رہا ہوں، بس ادھر ادھر بھاگ رہا ہوں، اب میں کچھ بریک لے کر اپنی فیملی کے ساتھ اس وقت سے لطف اندوز ہونا چاہتا ہوں”۔

علیزے شاہ سرجری کے بعد بڑی عمر کی لگنے لگی ہے: نازش جہانگیر

لاہور: (ویب ڈیسک) اداکارہ نازش جہانگیر نے کہا ہے کہ ساتھی اداکارہ علیزے شاہ نے جب سے سرجری کروائی ہے وہ اپنی عمر سے زیادہ بڑی لگنے لگی ہیں۔ حال ہی میں خوبرو اداکارہ نازش جہانگیر ایک پوڈ کاسٹ میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے شوبز کے مسائل سمیت کئی موضوعات پر بات کی۔ شوبز انڈسٹری میں فیشل سرجری کے بڑھتے رجحان پر بات کرتے ہوئے میزبان نے نازش سے سوال کیا کہ کیا انہوں نے کبھی سرجری کروائی ہے؟ جس پر اداکارہ نے اپنی نین نقش کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ قدرتی طور پر ہی اتنی پیاری اور خوبصورت ہیں کہ انہیں کسی سرجری کی ضرورت نہیں۔ ساتھی اداکارہ علیزے شاہ کی سرجری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سرجری کے بعد علیزے شاہ کی معصومیت ختم ہو گئی ہے اور اب وہ وقت سے پہلے ہی پکی عمر کی بہت مختلف اور پختہ نظر آنے لگی ہیں۔