All posts by Khabrain News

صندل خٹک کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیا گیا

اسلام آباد : (ویب ڈیسک) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے ٹک ٹاکر صندل خٹک کو حریم شاہ ویڈیوز کیس میں جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیا۔
صندل خٹک کے خلاف ٹک ٹاکر حریم شاہ ویڈیوز لیک کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ شبیر بھٹی نے کی، اس موقع پر صندل خٹک کو ریمانڈ کے لیے مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
ایف آئی اے کے تفتیشی افسر نے دوران سماعت عدالت سے ٹک ٹاکر صندل خٹک کے پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی،
عدالت سے صندل خٹک کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ شریک ملزمہ عائشہ ناز کو شامل تفتیش کرنا ہے اور مزید تفصیلات حاصل کرنی ہیں۔
صندل خٹک کے جسمانی ریمانڈ کی ان کے وکیل نے مخالفت کی، وکیل نے کہا کہ صندل خٹک کا موبائل پہلے ہی تفتیشی افسر کے پاس ہے۔
عدالت نے ٹاکر ٹاکر صندل خٹک کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر دی اور صندل خٹک کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیجنے کا حکم صادر کردیا۔

لاہور، اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور، اسلام آباد اور گردونواح میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔
اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ سوات اور گردونواح میں بھی جھٹکے محسوس کیے گئے۔
چین نے زلزلہ آنے سے پہلے کچھ سیکنڈز میں وارننگ دینے والا بڑا سسٹم تیار کرلیا
مانسہرہ، ایبٹ آباد، اٹک ،کھاریاں ، نارووال ،پھالیہ میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ رائیونڈ اور مانانوالہ میں بھی زلزلہ محسوس کیا گیا۔
زلزلہ پیما مرکز کےمطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.2 ریکارڈ کی گئی۔

سمندری طوفان بائپر جوائے پنجاب کے میدانی علاقوں میں شدید گرمی کا باعث بنے گا

لاہور: (ویب ڈیسک) سمندری طوفان بائپر جوائے پنجاب کے میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت میں اضافے کا باعث بنے گا، لاہور میں آج درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سمندری طوفان بائپر جوائے پنجاب پر بھی اپنے اثرات مرتب کرے گا، طوفان کے باعث پنجاب کے میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت بڑھے گی۔
سمندری طوفان کراچی کے جنوب میں 470 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود ہے، بدھ سے مغربی ہواؤں کا سلسلہ بھی ملک میں داخل ہونا شروع ہوجائے گا، بارشوں کے نئے سلسلے کے باعث دو سے تین روز تک اچھی بارشیں متوقع ہیں۔

شاہد خاقان عباسی کیخلاف ایل این جی ریفرنس کی سماعت 16 جولائی تک ملتوی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد احتساب عدالت میں شاہد خاقان عباسی اور دیگر کے خلاف ایل این جی ریفرنس پر سماعت 16 جولائی تک ملتوی کر دی گئی۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے ایل این جی ریفرنس پر سماعت کی، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اپنے وکیل کے ہمراہ احتساب عدالت پیش ہوئے۔
شاہد خاقان عباسی کے وکیل نے عدالت میں دلائل دئیے کہ الزام ہے شاہد خاقان عباسی نے ملی بھگت سے ایل این جی کا ٹھیکہ دیا، انہوں نہیں بلکہ کابینہ نے متفقہ فیصلہ کیا، آئندہ سماعت پر ملزمان کے وکلاء دلائل جاری رکھیں گے۔
بعد ازاں احتساب عدالت نے شاہد خاقان عباسی ودیگر کیخلاف ایل این جی ریفرنس کی سماعت 16 جولائی تک ملتوی کردی۔

گلگت میں ٹریفک حادثہ: وزیراعلیٰ کے کوآرڈینیٹر سمیت 3 افراد جاں بحق

گلگت: (ویب ڈیسک) گلگت میں تیز رفتار گاڑی کھائی میں جا گری، وزیراعلیٰ کے کوآرڈینیٹر سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق گلگت سے سکردو جاتے ہوئے شینگس کے مقام پر گاڑی تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر کھائی میں گر گئی جس کے نتیجے میں وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کے کوآرڈینیٹر مزمل، ان کے والد اور والدہ جان کی بازی ہار گئے، جبکہ بہن شدید زخمی ہوئی ہے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں زخمی خاتون اور نعشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

بجٹ 24-2023 نوجوان کی ترقی کاروبار، روزگار کا تاریخی بجٹ ہے: وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بجٹ 24-2023 نوجوان کی ترقی کاروبار اور روزگار کا تاریخی بجٹ ہے، مایوسیوں کو مٹانا، ملک و قوم کی تعمیر، ترقی اور خوشحالی سے نیا اعتماد اور امید بحال کرنا ہوگی۔
اپنے بیان میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آئندہ مالی سال پاکستان اور عوام کی آمدن بڑھانے کا سال ثابت ہوگا، اِنشاءاللہ۔ صنعت، زراعت، آئی ٹی، توانائی کے شعبوں میں تیزی سے ترقی اور معاشی استحکام کا بجٹ ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو روزگار مانگنے والے کے بجائے روزگار دینے والا کاروباری بنانے کے مواقع شامل ہیں، نوجوان ملک کا مستقبل ہیں اور نوجوان کا مستقبل سنوارنا ہمیشہ کی طرح میری اولین ترجیح ہے، آئی ٹی، زراعت اور صنعت میں کاروبار کے آغاز سے نوجوانوں کو پاکستان کی ترقی کے معمار بنانا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو ایک لاکھ لیپ ٹاپ، چھوٹے اور رعایتی قرض دے رہے ہیں، نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کیلئے بجٹ میں آئی ٹی کاروبار میں ٹیکس کی چھوٹ دی ہے، 2 ہزار ارب روپے سے زائد کسان پیکج سے زراعت اور کسان کی بہتری کا سفر مزید تیز ہوگا۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ بجٹ 24-2023 کے ذریعے زرعی شعبے کیلئے مراعات جاری رکھیں گے، اِن اقدامات سے غذائی تحفظ حاصل ہوگا، نوجوانوں کو زرعی ترقی میں حصہ دار بنا رہے ہیں، کسانوں، نوجوانوں کو زرعی اور کاروباری قرضہ جات سے کسان، نوجوان اور پاکستان خوشحال ہوں گے۔

چار ملکی فٹبال ٹورنامنٹ، پاکستانی ٹیم اپنا دوسرا میچ کل کھیلے گی

کوالالمپور : (ویب ڈیسک) ماریشیز میں جاری چار ملکی فٹبال ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم اپنا دوسرا میچ 14 جون ( کل ) کو کینیا کے خلاف کھیلے گی۔
پہلے میچ میں پاکستان کو میزبان ٹیم ماریشیز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا ، فاتح ٹیم نے قومی ٹیم کے خلاف 0-3 سے کامیابی سمیٹی تھی، میچ میں پاکستان کے مڈ فیلڈ نے مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔
ایونٹ میں قومی ٹیم اپنا تیسرا اور آخری میچ 17 جون کو جبوتی کے خلاف کھیلے گی ۔
پاکستان فٹبال فیڈریشن ( پی ایف ایف ) کے مطابق اس ٹورنامنٹ سے قومی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی پلیٹ فارم پر صلاحیتوں کے اظہار اور آئندہ میگا ایونٹس کی تیاریوں کے مواقع ملیں گے جبکہ ساف کپ کے لئے مضبوط سکواڈ کی تشکیل میں بھی مدد ملے گی۔
یاد رہے کہ چار ملکی ٹورنامنٹ میں ماریشیز ، پاکستان ، کینیا اور جبوتی کی ٹیمیں ان ایکشن ہیں۔

‘روز اپنی موت کی خواہش کرتی ہوں’، صحیفہ جبار ذہنی مسائل میں مبتلا

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کی نامور ماڈل و اداکارہ صحیفہ جبار خٹک نے حالیہ دنوں میں ذہنی مسائل سے دوچار ہونے کا اعتراف کیا ہے۔
ماڈل و اداکارہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کچھ سٹوریز پوسٹ کیں جن میں انہوں نے اپنی نجی زندگی کے حوالے سے چند انکشافات کیے اور بتایا کہ گزشتہ دنوں سے وہ انتہائی مشکل زندگی گزار رہی ہیں، وہ نہ ٹھیک سے سو پاتی ہیں اور نہ ہی پرسکون ہیں۔
صحیفہ جبار نے اپنی سٹوری میں لکھا ان دنوں میری حالت بالکل ٹھیک نہیں ہے اور میرے لیے یہاں اسے قبول کرنا کافی دشوار ہے، مجھے نہیں معلوم میرے ساتھ یہ کیا اور کیوں ہورہا ہے لیکن اتنا علم ہے کہ میں اس بارے میں بغیر آنسو بہائے بات نہیں کرسکتی، میں اس وقت شدید تکلیف اور دکھ میں ہوں، مجھے ہر کام کرنے میں مسائل پیش آرہے ہیں، میں بالکل ناامید ہوچکی ہوں ۔
انسٹاگرام کی سٹوری میں ماڈل کا کہنا تھا کہ ہر روز میں اپنی موت کی تمنا کرتی ہوں، گزشتہ 60 دنوں سے کوئی ایسا دن نہیں گزرا جس میں میں روئی نہ ہوں، زندگی کے اس مشکل دور میں میرا 12 کلو وزن کم ہوگیا ہے، میرے لیے کچھ بھی کھانا مشکل ہوتا ہے، میری فیملی میری ہر ممکن مدد کی کوشش کررہی ہے لیکن یہ مجھ اکیلی کی جنگ ہے ۔
اداکارہ نے اپنی ایک اور سٹوری میں لکھا کہ اس دنیا کے لوگ بہت ظالم ہیں، کسی کے دل میں دوسروں کے لیے ہمدردی نہیں ہے، اس دنیا کو بہتر جگہ ہونے کی ضرورت ہے، کچھ لوگ سمجھتے ہیں کہ میرے پاس دنیا کی ہر آسائش موجود ہے تو پھر ایسی کون سی چیز ہے جو مجھے اتنا بے چین اور دکھ میں مبتلا کیے ہوئے ہے؟ میں آپ کو بتاؤں اس وقت میں یہ سب دبئی کے ایک عالیشان ہوٹل کے نرم و ملائم اور پرسکون بیڈ پر لیٹ کر لکھ رہی ہوں اور اب بھی میں نا بیان کرنے والی تکلیف سے گزر رہی ہوں ۔
مہنگی گاڑی، گھر اور بہت سا پیسہ زندگی میں سکون اور خوشیاں نہیں لاسکتا
صحیفہ نے لوگوں کی غلط فہمی دور کرتے ہوئے کہا کہ میں اگر سچ کہوں تو اچھی اور مہنگی گاڑی، گھر اور بہت سا پیسہ ہونا آپ کی زندگی میں سکون اور خوشیاں نہیں لاسکتا، یہ آپ کے لیے آسائشوں کی وجہ بن سکتا ہے لیکن آپ کا اندر مکمل مطمئن نہیں کرسکتا، ہماری روح کو خیال، محبت کی ضرورت ہوتی ہے ۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس وقت چاہے میرا وقت کیسا بھی ہو لیکن میں جانتی ہوں آنے والا وقت میرے لیے اچھا ہوگا ۔
ساتھ ہی صحیفہ جبار خٹک نے ان چاہنے والوں کا شکریہ ادا کیا جو مسلسل ان کی خیریت پیغامات کے ذریعے دریافت کررہے ہیں، انہوں نے مداحوں سے دعاؤں کی اپیل بھی کی اور کہا کہ وہ تمام لوگوں کے میسجز پڑھ رہی ہیں اور شکر گزار ہیں۔
اپنی آخری انسٹا سٹوری پر صحیفہ نے اپنے شوہر کے مکمل تعاون اور ان کی محبت کا اعتراف کیا۔
صحیفہ نے اس پر بات بھی اظہار افسوس کیا کہ ان کے شوہر ان سے کافی دور رہ کر نہ جانے کس حال میں ہوں گے اور ان کی پریشانی کو کس طرح برداشت کر رہے ہوں گے۔
انہوں نے سٹوری میں اپنے شوہر کا نام لیتے ہوئے کہا کہ پتہ نہیں انہوں نے زندگی میں کون سے اچھے کام کیے ہوں گے جو انہیں خضر جیسے شوہر ملے۔
واضح رہے کہ یوں تو صحیفہ نے سوشل میڈیا پر اپنی ذہنی حالات سے متعلق کھل کر بتایا لیکن اداکارہ نے یہ نہیں بتایا کہ ان کی ذہنی صحت خراب ہونے کی کیا وجہ ہے۔

لوگ وقت کی قدر نہیں کرتے، سیٹ پر بیٹھ کر اداکاروں کا انتظار کرنا پڑتا ہے: ماہ نور

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی اداکارماہ نور بلوچ نے کہا ہے کہ تین دہائیوں میں سب سے بڑی تبدیلی یہ آئی کہ لوگوں نے وقت کی قدر کرنا کم کر دی ہے، سیٹ پر بیٹھ کر اداکاروں کا انتظار کرنا پڑتا ہے۔
ماہ نور بلوچ نے ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں بتایا کہ اب اور پہلے کے دور میں بہت فرق ہے، اب لوگوں نے وقت کی قدر کرنی چھوڑ دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کام کرنے کی اخلاقیات میں واضح کمی آئی ہے کہ یہی وجہ ہے کہ پروفیشنلزم کم محسوس ہوتا ہے، اگر میں سیٹ پر5 منٹ بھی دیر سے پہنچوں تو مجھے سٹریس ہونے لگتا ہے کہ بہت دیر ہو گئی مگر اب سیٹ پر صبح پہنچ کر انتظار کرنا پڑتا ہے، یہاں تک کہ چار، چار گھنٹے بھی انتظار کرنا پڑتا ہے۔
ماہ نور بلوچ کا کہنا تھا کہ نا صرف خواتین بلکہ مردوں کی وجہ سے بھی بلاوجہ انتظار کرنا پڑتا ہے جو کہ کوفت کا باعث ہے، بلا وجہ انتظار کی وجہ سے سسٹم بھی خراب ہو جاتا ہے اور نہ انرجی رہتی ہے کہ انسان اپنا بہترین کام دے سکے۔

نامور فنکاروں کے وفد کا جناح ہاؤس کا دورہ، 9 مئی واقعات کی مذمت

لاہور: (ویب ڈیسک) نامور فنکاروں کے وفد نے جناح ہاؤس کا دورہ کیا اور 9 مئی کے پر تشدد واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کی، فنکاروں نے منفرد انداز میں افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔
وفد کے شرکاء کا کہنا تھا کہ 9 مئی کوملک دشمن عناصر نے وحشیانہ انداز اورسوچے سمجھے منصوبہ کے تحت عسکری تنصیبات کو نشانہ بنایا، یہ مناظر انتہائی دلخراش ہیں، شرپسندوں نے ناصرف سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا بلکہ جناح کے گھر کو بھی جلا کر راکھ کردیا۔
شرکاء نے مزید کہا ہے کہ ذاتی پسند اور ناپسند سے نکل کر ملکی و قومی مفاد کی خاطر اجتماعیت کی طرف آئیں، اس ملک کے امن وامان کو برباد کرنے والوں کو بغیر کسی تاخیر کے قرار واقع سزا دی جائے۔