All posts by Khabrain News

جناح ہاؤس حملہ سمیت 3 مقدمات میں چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانتوں میں توسیع

لاہور: (ویب ڈیسک) جناح ہاؤس حملہ سمیت 3 مقدمات میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی ضمانتوں میں 27 جون تک توسیع کر دی گئی۔
لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت میں جناح ہاؤس حملے سمیت 3 مقدمات پر سماعت ہوئی، چیئرمین تحریک انصاف عدالت کے روبروپیش نہ ہوئے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی گئی۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ رات کو سفر کر کے اسلام آباد سے تاخیر سے لاہور پہنچا، میری عمر 70 سال سے زائد ہے سفر کی تھکاوٹ ہے، عدالت سے ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرنے کی استدعا کی گئی۔
بعد ازاں عدالت نے تینوں مقدمات میں ضمانتوں میں 27 جون تک توسیع کر دی۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کو شامل تفتیش ہونے کا بھی حکم دے دیا جبکہ آئندہ سماعت پر جے آئی ٹی سربراہ سے تفتیشی رپورٹ طلب کر لی۔

کراچی میئر کیلئے دبئی میں خریدوفروخت کی کیش منڈی لگ گئی: شیخ رشید

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سربراہ عوامی مسلم لیگ و سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کراچی میئر کے الیکشن میں حافظ نعیم کیخلاف دبئی میں خریدوفروخت کی کیش منڈی لگ گئی ہے، کیش گروپ جیتے گا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں شیخ رشید نے لکھا کہ آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں رٹ دائر کر رہا ہوں، پانچ مرتبہ پولیس نے میرے گھروں پر بغیر وارنٹ داخل ہو کر توڑ پھوڑ کی، میرے ملازمین کے بازوتوڑ دیئے۔
شیخ رشید نے کہا کہ پولیس والے تیسری بار میری گاڑیاں لے گئے جو سپرداری کے باوجود واپس نہیں دے رہے، گھڑیاں، ٹیلی فون ،لائسنسی اسلحہ اور میرا کیش بھی لے گئے، پنجاب میں چادر چاردیواری کی بے حرمتی اور خواتین کی تضحیک بلوچستان اور خیبر پختونخوا کی طرح شولہ جوالہ بن جائے گی۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ اب پنجاب بھی سرفروشوں کا صوبہ ہوگا، وطن اور کفن میں سے ایک کا انتخاب کرے گا، ن لیگ دفن ہوگی، پی ڈی ایم پر کوئی فاتحہ نہیں پڑھے گا، کل کی ملاقات اہم تھی،عدلیہ بھی اہم فیصلے دے گی، الیکشن ہر قیمت پر ہو کر رہیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں سیاسی بٹوارے پر کام شروع ہے، الیکشن 60 یا 90 دنوں میں ہوں پی ڈی ایم ٹوٹے گی، ن لیگ اور پیپلز پارٹی آمنے سامنے ہوں گی، آصف علی زرداری کی بیماری اور شہباز شریف کی کمر درد کے پیچھے ہمیشہ سیاست چھپی ہوتی ہے۔

خیبرپختونخوا: کالجز اور جامعات میں موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان

پشاور: (ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا (کے پی) میں کالجوں اور جامعات میں موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان کر دیا گیا۔
محکمہ اعلیٰ تعلیم خیبرپختونخوا کی جانب سے صوبے میں موسم گرما کی تعطیلات کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق گرم میدانی علاقوں کے کالجوں اور جامعات میں 15 جون تا 31 اگست تک تعطیلات ہوں گی جبکہ سرد پہاڑی علاقوں میں یکم تا 31 جولائی موسم گرما کی تعطیلات ہوں گی۔

بائپر جوائے: کراچی کے ساحلی علاقوں میں سمندر کے پانی کی سطح میں اضافہ

کراچی: (ویب ڈیسک) ممکنہ سمندری طوفان بائپر جوائے کے پیش نظر کراچی کے ساحلی علاقوں میں سمندر کے پانی کی سطح میں اضافہ ہوگیا۔
چشمہ گوٹھ میں سمندر کے پانی میں مسلسل اضافے کے پیش نظر پانی چشمہ گوٹھ کی سڑک کنارے تک پہنچ گیا اور دوسری جانب رہائشیوں نے تاحال گھر خالی نہیں کئے ہیں۔
ایک ماہی گیر نے بتایا کہ ریڑھی گوٹھ جیٹی میں پانی کی سطح میں اضافہ ہو جاتا ہے، شام کے اوقات میں جیٹی کا کچھ حصہ زیر آب آجاتا ہے۔
این ڈی اے حکام کے مطابق طوفان بائپر جوائے کے باعث سمندر میں 30 سے 40 فٹ اونچی لہریں اٹھنے لگی ہیں تاہم فی الحال طوفان کا رخ بھارتی گجرات کی طرف ہے۔
دوسری جانب محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ طوفان کے زیرِ اثر کراچی میں آج موسم مرطوب اور گرم رہنے کا امکان ہے، آج شہر میں گرد آلود ہوا چل سکتی ہے اور دوپہر یا شام میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان بھی ہے۔

عسکری ٹاور حملہ کیس: عدالت کا اسد عمر کو شامل تفتیش ہونے کا حکم

لاہور: (ویب ڈیسک) انسداد دہشتگردی عدالت نے عسکری ٹاور حملہ کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما اسد عمر کی عبوری ضمانت میں 27 جون تک توسیع کر دی۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے اسد عمر کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی، اسد عمر ضمانتی مچلکوں کی میعاد ختم ہونے پر عدالت پیش ہوئے۔
عدالت نے سابق وفاقی وزیر کو مقدمہ میں شامل تفتیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے 27 جون تک عبوری ضمانت منظور کر لی۔
سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے ضمانتی مچلکے جمع کروا دیئے۔

پی ٹی آئی چیئرمین کی تقاریر پر پابندی کیخلاف درخواست پر سماعت آج

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ میں آج پی ٹی آئی چیئرمین کی تقاریر پر پابندی کے خلاف درخواست کی سماعت ہو گی۔
جسٹس شمس محمود مرزا چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کریں گے، عدالت نے کیس میں فریقین کے وکلاء سے دلائل طلب کر رکھے ہیں، سربراہ تحریک انصاف کے وکیل بیرسٹر احمد پنسوتہ دلائل دیں گے۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ قانونی طور پر سیاسی جماعتوں کو برابری کے اصول پر ایئر ٹائم ملنا قانونی تقاضا ہے، لاہور ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی چیئرمین کی تقاریر نشر کرنے پر پابندی کا نوٹیفکیشن مطل کر دیا تھا، عدالت نے پیمرا کو ہدایت کی تھی کہ تقاریر نشر کرنے پر کوئی پابندی نہ لگائی جائے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالتی احکامات کے باوجود پی ٹی آئی چیئرمین کی تقاریر نشر کرنے سے روکا جا رہا ہے، عدالتی حکم کی خلاف ورزی توہین عدالت ہے، عدالت ذمہ دار افسران کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کرے۔

سمندری طوفان: عوام کو کسی صورت اکیلا نہیں چھوڑینگے، کور کمانڈر کراچی

بدین: (ویب ڈیسک) کور کمانڈر کراچی نے کہا ہے کہ مشکل وقت میں عوام کو کسی صورت اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔
کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار نے رات گئے ممکنہ سمندری طوفان بائپر جوائے کے سلسلے میں بدین میں ہنگامی اجلاس کی صدارت کی، اجلاس میں موجود ڈی جی رینجرز سندھ اور جی او سی حیدرآباد سمیت فوجی و سول اداروں کے ذمہ دارین نے شرکت کی، اجلاس میں کورکمانڈر کراچی کو بریفنگ دی گئی۔
کور کمانڈر نے بروقت تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ ممکنہ خطرے سے نمٹنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
کور کمانڈر کراچی نے بتایا کہ اب تک پاک فوج کے دستے ریسکیو کیلئے مختلف مقامات پر پہنچ چکے ہیں لہٰذا کسی بھی صورت عوام کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔
دوسری جانب ڈی سی بدین آغا شاہ نواز خان نے کہا کہ سمندری طوفان کا پاکستان کی جانب فاصلہ کم اور خطرات میں اضافہ ہو گیا، ساحلی پٹی کے دیہاتوں اور ماہی گیر بستیوں سے آبادی کا انخلا رات گئے جاری رہا، ساحلی آبادی کا انخلا اور متاثرین کی محفوظ مقامات پر منتقلی کو یقینی بنایا جائے گا۔
ڈی سی بدین نے بتایا کہ سرکاری عمارتوں اور محفوظ مقامات پر مقامی افراد کو منتقل کیا جا رہا ہے جبکہ پاک آرمی رینجرز اور سرکاری افسران وملازمین آبادی کے انخلا اور منتقلی میں مصروف ہیں۔

پنجاب انتخابات نظرثانی کیس، ریویو آف آرڈرز اینڈ ججمنٹس ایکٹ پر سماعت آج ہو گی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ ریویو آف آرڈرز اینڈ ججمنٹس ایکٹ کے خلاف دائر درخواستوں اور پنجاب انتخابات نظرثانی کیس کی سماعت آج ایک ساتھ ہوگی۔
چیف جسٹس پاکستان عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بنچ سماعت کرے گا، خصوصی بنچ میں جسٹس اعجازِ الاحسن اور جسٹس منیب اختر بھی شامل ہیں۔
عدالت نے پاکستان بار کونسل، اٹارنی جنرل سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری کر رکھا ہے اور سپریم کورٹ نے تاحال وفاقی حکومت کی لارجر بنچ کی استدعا بھی مسترد کر رکھی ہے، چیف جسٹس نے سماعت کیلئے لاجر بنچ کے بجائے 3 رکنی بنچ ہی برقرار رکھا ہے۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے 4 اپریل کو پنجاب میں 14 مئی کو انتخابات کرانے کا حکم دیا تھا، الیکشن کمیشن نے فیصلے پر عملدرآمد نہ ہونے کے بعد نظرثانی درخواست دائر کی تھی۔
الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے انتخابات میں تاریخ دینے پر اعتراض اٹھایا تھا جبکہ آج دوران سماعت اٹارنی جنرل ریویو اینڈ ججمنٹس ایکٹ پر حکومتی موقف سے عدالت کو آگاہ کریں گے۔

سمندری طوفان کراچی سے چند سو کلو میٹر دور، سول انتظامیہ اور فوج متحرک

کراچی: (ویب ڈیسک) بحیرہ عرب میں موجود سمندری طوفان ’بائپر جوائے‘ انتہائی شدید سائیکلون میں تبدیل ہوگیا ہے، قوی امکان ہے کہ یہ 15 جون کو پاکستان کے علاقے کیٹی بندر اور بھارتی گجرات کے درمیان کے علاقے سے گزرے گا۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری کے مطابق یہ سسٹم کراچی سے 470 کلومیٹر، ٹھٹھہ سے 460 کلومیٹر اور اورماڑہ سے 650 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود ہے، طوفان مسلسل شمال کی جانب 4 سے 5 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بڑھ رہا ہے، طوفان کا رخ شمال مشرق کی جانب مڑنے کا امکان ہے۔
چیف میٹرو لوجسٹ نے کہا کہ طوفان کی زیادہ سے زیادہ شدت کے ساتھ ہوائیں 140سے 150 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، جبکہ طوفان کے اطراف 35 سے 40 فٹ اونچی لہریں اٹھ رہی ہیں، سمندر کی سطح کا درجہ حرارت 29 سے 31 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔
سمندر بپھرنے سے پانی اورماڑہ کے رہائشی علاقے میں داخل
سمندری طوفان “بائپرجوائے” کے اثرات سامنے آنے لگے، سمندر بپھرنے سے پانی رہائشی علاقے میں داخل ہوگیا۔
بحیرہ عرب میں موجود سمندری طوفان کے باعث مکران کی سمندری حدود میں طغیانی کے سبب اورماڑہ دیمی زر میں سمندر بپھر گیا، سمندر کا پانی کنارے والی سڑک کو پار کر کے دکانوں، کمپنیوں اور آبادی کے علاقوں میں داخل ہو گیا۔
پانی آبادی میں داخل ہونے سے لوگ شدید پریشان ہیں، سمندر میں شدید طغیانی کے سبب ماہی گیروں کی املاک کو شدید نقصانات کا اندیشہ ہے۔
سندھ میں تیز ہوائیں اور بارش متوقع
چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا ہے کہ طوفان کے باعث ملک بھر میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا، آج سے 17 جون کے دوران ٹھٹھہ، سجاول، بدین، تھرپارکر، عمرکورٹ میں 80 سے 120 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے چار دنوں میں کراچی، حیدر آباد، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہ یار، میرپور خاص میں 60 سے 80 کلو میٹر فی گھنٹہ ہوائیں متوقع ہیں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے، طوفان کے اثرات پری مون سون موسم پر بھی ہوں گے۔
ساحلی پٹی سے لوگوں کا انخلاء جاری
سمندری طوفان کے پیش نظر ساحلی پٹی سے لوگوں کا انخلا رات بھر جاری رہا۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ کیٹی بندر کی 13 ہزار آباد خطرے میں ہے جس میں 3000 کو رات بھر منتقل کیا گیا ہے، جبکہ شہید فاضل راہو کی 4000 آبادی کو طوفان کا خطرہ ہے جس میں سے 3000 کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا ہے۔
بدین کی 2500 آبادی خطرے میں ہے جس میں سے 540 ابھی تک محفوظ مقام پر منتقل ہو چکے ہیں، شاہ بندر کی 5000 آبادی سمندری طوفان کی زد میں آنے کا خطرہ ہے اس لئے 90 لوگوں کو رات منتقل کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ کھارو چھان کی 1300 کی آبادی کو خطرہ ہے جس میں سے 6 لوگ رات بھر منتقل کئے گئے، جاتی کی 10 ہزار آبادی خطرے کی زد میں آنے کا خدشہ ہے اس لئے رات بھر 100 لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ ابھی تک 40 ہزار 800 میں سے 6836 لوگ منتقل ہو چکے ہیں، باقی لوگوں کی منتقلی کا سلسلہ دن بھر جاری رہے گا، ٹھٹھہ، بدین اور سجاول اضلاع کے لوگوں کو بھی انتظامیہ منتقل کرتی رہے گی۔
وزیراعلیٰ سندھ کا مزید کہنا تھا کہ لوگ اپنے گھر چھوڑنا نہیں چاہتے لیکن ان کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں، لوگوں سے اپیل ہے کہ انتظامیہ سے تعاون کریں اور محفوظ مقام پر منتقل ہو جائیں۔
این ڈی ایم اے
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے متعلقہ اداروں کو مقامی زبان میں سمندری طوفان سے متعلق آگاہی مہم کی ہدایت کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ عوام موسمیاتی حالات سے آگاہ رہیں اور ساحل پر جانے سے گریز کریں، ماہی گیر کھلے سمندر میں کشتی رانی سے بھی گریز کریں، ہنگامی صورتحال میں مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل اور ان سے تعاون کریں۔
کمشنر کراچی نے شہریوں کے ساحل سمندر پر جانے، ماہی گیری، کشتی رانی، تیراکی اور نہانے پر طوفان کے خاتمے تک کسی بھی ممکنہ خطرے کے پیش نظر پابندی عائد کر رکھی ہے۔
تمام ضلعی افسران و ملازمین کی چھٹیاں منسوخ
سندھ حکومت نے تمام ضلع افسران و ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردی ہیں اور کراچی سمیت ساحلی اضلاع میں کنٹرول روم قائم کرنے کا حکم دیا گیا ہے، اس کے علاوہ زیر تعمیر عمارتوں پر لگے میٹریل بھی ہٹانے کا حکم صادر کیا گیا ہے۔
محکمہ صحت اور کے ایم سی ہسپتال ہائی الرٹ کر دیئے گئے ہیں جبکہ ڈی ایم سیز اور کنٹونمنٹ کو بل بورڈ ہٹانے کی ہدایات دی گئی ہیں، خطرناک عمارتوں سے رہائشیوں کی نقل مکانی اور تمام ڈپٹی کمشنرز کو ریلیف کیمپ قائم کرنے کی ہدایت دی گئی ہیں۔
سندھ حکومت نے واٹر بورڈ ڈی واٹریننگ پمپ لگانے، ضلع انتظامیہ، رینجرز اور کوسٹ گارڈ کو دفعہ 144 پر عمل درآمد یقینی بنانے اور شیشے والی عمارتوں کے مالکان سے بات کر کے حفاظتی انتظامات کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہیں۔
اس کے علاوہ کے الیکٹرک کے سی ای او کو بجلی کھمبوں سے جانوں کا تحفظ یقینی بنانے اور پمپنگ سٹیشنز کو بلا تعطل بجلی فراہمی یقینی بنانے کا حکم صادر کیا گیا ہے۔
بائپر جوائے سے نمٹنے کیلئے فوجی دستے تعینات
ممکنہ سمندری طوفان “بائپر جوائے” سے نمٹنے کیلئے پاک فوج کے تازہ دم دستے تعینات کر دیئے گئے۔
ممکنہ سمندری طوفان بائپر جوائے سے بچنے کیلئے حفاظتی اقدامات بارے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں ڈی جی رینجرز سندھ، جی او سی حیدرآباد گیریژن سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں ” بائپر جوائے” سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی بنائی گئی اور پاک فوج کی خدمات لیتے ہوئے تازہ دم دستے حفاظتی اقدامات کے طور پر تعینات کر دیئے گئے۔
پاک آرمی کی کمانڈ نے فیصلہ کیا کہ پاک آرمی کے مزید دستے بھی ممکنہ ریسکیو آپریشنز کیلئے اپنے فرائض سرانجام دیں گے، پاک فوج عوام کو مشکل وقت میں کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی۔
وزیر اعظم کا وزیر اعلیٰ سندھ کو فون، طوفان بارے پیشگی انتظامات کو سراہا
وزیراعظم نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو ٹیلی فون کیا، شہباز شریف نے سمندری طوفان “بائپر جوائے” سے نمٹنے کے پیشگی اقدامات کر وزیر اعلیٰ سندھ کی کاوشوں کو سراہا۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ جہازوں، ماہی گیروں، ساحلی انفراسٹرکچر، سیلاب کے خطرے، ٹھٹہ، بدین اور سندھ کے جنوبی مشرقی علاقوں سے متعلق خدشات پر وفاق اور صوبائی حکومتوں اور اداروں کے درمیان موثر حکمت عملی پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
شہباز شریف نے کہا کہ متعلقہ علاقوں سے عوام کی بروقت محفوظ علاقوں میں منتقلی یقینی بنائی جائے، اس موقع پر وزیراعظم کو متعلقہ علاقوں میں عوام کو پیشگی خبردار کرنے اور اطلاعات پہنچانے کے حوالے سے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا، وزیراعظم نے ہنگامی صورتحال میں ضروری سامان، آلات اور دیگر متعلقہ اشیاء کے پیشگی انتظامات پر بھی آگاہی حاصل کی۔
شہباز شریف نے صورتحال سے نمٹنے میں وفاقی حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
وزیراعظم نے کہا کہ وفاق کے زیر انتظام تمام ادارے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے سندھ حکومت کی مدد کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وزیراعظم شہباز شریف کے جذبے اور فکرمندی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
کراچی میں طوفان کے پیشِ نظر سی ویو کا روڈ بند
کراچی میں سمندری طوفان بائپر جوائے کے پیشِ نظر سی ویو کا روڈ مقامی ریسٹورنٹ سے خیابانِ اتحاد تک بند کر دیا گیا ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق ٹریفک کو خیابانِ مجاہد سے سروس روڈ کی جانب بھیجا جا رہا ہے، خیابانِ اتحاد سے آنے والا ٹریفک واپس اور خیابانِ صبا کی جانب بھیجا جا رہا ہے۔
ٹریفک پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ سڑک طوفان کے پیشِ نظر بند کی گئی ہے، ساحل پر جانے پر پابندی اور دفعہ 144 نافذ ہے۔
پی ڈی ایم اے سندھ کی طوفان میں گھر کی بجلی، گیس بند رکھنے کی ہدایت
پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) سندھ نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ طوفان کی صورت میں گھر کی بجلی اور گیس بند کر دیں۔
پی ڈی ایم اے سندھ کے مطابق ٹھٹھہ، سجاول، بدین، تھر پارکر، میر پور خاص اور عمر کوٹ میں طوفان کے باعث تیز ہوائیں چل سکتی ہیں، تیز ہوائیں کمزور اور کچے مکانات کو نقصان پہنچا سکتی ہیں، ان اضلاع میں موسلا دھار بارش کا امکان بھی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ماہی گیر 17 جون تک کھلے سمندر میں جانے سے گریز کریں، نشیبی علاقوں خصوصاً ساحلی پٹی سے انخلاء کی تیاری کریں، عوام اپنی ضرورت کے الیکٹرونکس آلات کو چارج کر لیں، اپنی ضروری دستاویزات کو واٹر پروف تھیلوں میں محفوظ کر لیں۔
پی ڈی ایم اے سندھ نے مزید کہا ہے کہ حکومتی حکام کی طرف سے ہدایت کی جائے تو محفوظ پناہ گاہ میں چلے جائیں۔
ڈی ایچ اے کی علاقہ مکینوں کیلئے ہدایات جاری
ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) نے علاقہ مکینوں کیلئے سوشل میڈیا پر ہدایات بھی جاری کر دی ہیں، انہیں مشورہ دیا گیا کہ اپنے تہہ خانے کے داخلی راستوں اور کھڑکیوں کی حفاظت کریں تاکہ طوفان کے سبب آنے والے پانی سے ان کی املاک کو نقصان پہنچنے سے روکا جا سکے۔
انتظامیہ نے ہدایت کی کہ تہہ خانے کے دروازے پر ریت کے تھیلوں سے عارضی دیوار بنائیں یا چنائی کر کے بلاک لگا دیں، مرکزی گیٹس پر نالیوں کی اچھی طرح صفائی کی جائے، تمام الیکٹرک کنکشنز کو محفوظ کیا جائے اور مین ہولز اور پائپوں کو صاف کیا جائے۔
انتظامیہ کی جانب سے علاقہ مکینوں کو تہہ خانوں اور گراؤنڈ فلورز سے قیمتی اشیاء ہٹانے اور چھتوں سے کمزور چیزیں ہٹانے کیلئے کہا گیا تاکہ وہ کہیں تیز ہواؤں سے اڑ نہ جائے۔
علاوہ ازیں ڈی ایچ اے نے رہائشیوں سے خوراک، پانی، فرسٹ ایڈ کٹ اور ادویات کی وافر فراہمی کے علاوہ بجلی کی ممکنہ بندش کے پیش نظر ٹارچ اور موم بتیاں بھی ساتھ رکھنے کی ہدایت کی۔
بلوچستان کی ساحلی پٹی پر بھی ہائی الرٹ
دوسری جانب سمندری طوفان کے خدشے کے پیش نظر بلوچستان کی ساحلی پٹی پر بھی ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا۔
بائپر جوائے کے ممکنہ خدشے کے باعث دفعہ 144 نافذ کر دی گئی، متعلقہ محکموں کے ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں، جبکہ ہسپتالوں میں بھی ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا ہے کہ کمشنر مکران اور قلات طوفان سے نمٹنے کے اقدامات کی نگرانی کریں، ماہی گیر سمندر کو سب سے بہتر سمجھتے ہیں ان سے صورتحال پر مشاورت کی جائے۔
وزیراعلیٰ کو ڈی جی پی ڈی ایم اے کی جانب سے متوقع صورتحال کے مطابق امدادی سرگرمیوں کی تیاری پر بریفنگ دی گئی، ڈی جی پی ڈی ایم اے اپنی ٹیم، مشنری اور امدادی سامان کے ساتھ گوادر میں موجود ہیں۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ صورتحال کی مسلسل نگرانی کرتے ہوئے اس کے مطابق لائحہ عمل مرتب کیا جائے، سمندری طوفان میں ہر قسم کی ہنگامی صورتحال سے موثر طور پر نمٹنے کی تیاری مکمل رکھی جائے۔

پی ٹی آئی ویمن ونگ کی رہنما شبنم جہانگیر کراچی ایئر پورٹ سے گرفتار

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ویمن ونگ کی رہنما شبنم جہانگیر کو کراچی ایئر پورٹ سے حراست میں لے لیا گیا۔
شبنم جہانگیر کراچی سے غیر ملکی ایئر لائن سے دبئی جا رہی تھیں، خاتون رہنما کے پاس دبئی کا بزنس ویزا موجود تھا، شبنم جہانگیر کو امیگریشن کاؤنٹر سے حراست میں لیا گیا۔
شبنم جہانگیر کا نام ایف آئی اے کی سٹاپ لسٹ میں موجود تھا، خاتون رہنما 9 مئی کو کراچی میں ہونے والی ہنگامہ آرائی اور جلاؤ گھیراؤ میں درج ایف آئی آرز میں بھی مطلوب تھیں۔