All posts by Khabrain News

190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس، بشریٰ بی بی آج نیب طلب

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) قومی احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی نے 190 ملین پاؤنڈ کی مبینہ کرپشن کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو آج طلب کرلیا۔
رپورٹس کے مطابق نیب کی ٹیم نے بشریٰ بی بی کی طلبی کا نوٹس زمان پارک میں موصول کرادیا ہے، نوٹس میں بشریٰ بی بی کو تفتیش کے لیے پیش ہوکر بیان ریکارڈ کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ نیب نے سابق خاتون اول اور چیئرمین پی ٹی آئی بشریٰ بی بی کو یکم اور 7 جون کو بھی طلب کیا تھا لیکن وہ پیش نہیں ہوئیں۔

وزیر آباد : ٹریفک حادثے کے نتیجے میں بچہ جاں بحق

وزیر آباد : (ویب ڈیسک) پنجاب کے ضلع وزیر آباد میں ٹریفک حادثے کے نتیجے میں ایک بچہ جاں بحق ہوگیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق سیالکوٹ روڈ پر تیز رفتارموٹر سائیکل روڈ ڈیوائڈر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں ایک بچہ جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔
ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ تاج گارڈن کا رہائشی خضر اپنے 5 سالہ بھائی موسیٰ کے ہمراہ موٹرسائیکل پر گھومنے نکلا تھا کے راستے میں حادثہ پیش آ گیا۔
ریسکیو ذرائع نے مزید بتایا کہ حادثے کے نتیجے میں 5 سالہ موسیٰ جاں بحق ہوا جبکہ 14 سالہ خضر کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

روس سے خام تیل کی پہلی کھیپ پاکستان پہنچ گئی

کراچی: (ویب ڈیسک) روس سے تیل خریداری معاہدے کے بعد روس سے خام تیل کی پہلی کھیپ کراچی پورٹ پہنچ گئی۔
روسی جہاز” پیور پوائنٹ” 45 ہزار 142 میٹرک ٹن کروڈ آئل لے کر کراچی بندرگاہ پر لنگر انداز ہوگیا، روسی خام تیل کا جہاز کراچی پورٹ کی آئل پیئر 2 پر تیل ترسیل کرے گا.
ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر روسی کروڈ کو ریفائنری میں ٹیسٹ بنیاد پر لایا گیا ہے، پاکستان روس سے اپنی پیٹرولیم مصنوعات کی طلب کا 20 فیصد تک درآمد کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 25 تاریخ کو روسی مال بردار جہاز بھی کراچی بندگارہ پر لنگر انداز ہوا تھا، روسی مال بردار جہاز تاریخ میں پہلی بار براہراست کراچی پہنچا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ روس اور پاکستان کے مابین دوطرفہ تجارتی تعلقات مضبوط ہورہے ہیں، روسی تیل کے پاکستانی آنے سے مستقبل میں پیٹرولیم مصنوعات 20 فیصد تک سستی ہونے کا امکان ہے۔

فتنہ انجام کو پہنچ گیا، اب اس کو ووٹ ڈالنے کوئی نہیں آئے گا: مریم نواز

شجاع آباد: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ فوج کے خلاف بغاوت کیلئے نکلنے والا آج مذاکرات کی بھیک مانگ رہا ہے، 9 مئی کے واقعات کی تکلیف ہوئی مگر اچھا ہوا ملک دشمن پہچانا گیا، انتشار اور فتنہ انجام تک پہنچ گیا۔
شجاع آباد میں یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا ہے کہ شجاع آباد والو آپ کو نواز شریف کا سلام، پہلی بار شجاع آباد آئی ہوں، نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں، 12 اکتوبر 1999 کو نواز شریف سے حکومت چھینی گئی، نواز شریف نے کبھی جلاؤ گھیراؤ کی سیاست نہیں کی، نواز شریف نے کبھی ملکی املاک کو جلانے کا نہیں کہا، درد تو اس کو ہو گا جو ملک کا بیٹا ہو گا۔
مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے مزید کہا ہے کہ جو ملک بناتا ہے کیا وہ اسے جلا سکتا ہے، جنہوں نے ہسپتال اور تعلیمی ادارے بنائے وہ انہیں نہیں جلا سکتے، لیگی قیادت نے کبھی نہیں کہا ملک میں آگ لگا دو، کئی بار ظلم کیا گیا مگر جلاؤ گھیراؤ کا نہیں کہا، شہدا کی یادگاریں جلائی گئیں، ایک شخص اقتدار سے محروم ہوا تو اصلیت سامنے آگئی۔
انہوں نے کہا ہے کہ شہدا کی یاد گاروں کی توہین کرنے والوں کاعوام پیچھا کریں گے، شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کرنے والے رعایت کے مستحق نہیں ہیں، منصوبے کا ماسٹر مائنڈ اب چھپ کر بیٹھا ہے، لیڈر خود مشکلات برداشت کر لیتے ہیں کارکنوں پر آنچ نہیں آنے دیتے، اس شخص نے نوجوانوں سے کتابیں چھین کر ماچس تھما دی، اس کے بچے لندن میں آرام سے بیٹھے ہیں۔
مریم نواز شریف نے مزید کہا ہے کہ 26 سال میں بننے والی جماعت 26 منٹ میں ریزہ ریزہ ہو گئی، اس کی جماعت اتنی رہ گئی ہے کہ چنگچی میں پوری آجائے گی، اس کو اب ووٹ ڈالنے کوئی نہیں آئے گا، نواز شریف جعلی مینڈیٹ کی پیداوار نہیں، جس کے جہاز میں جماعت بنی تھی اسی کے جہاز میں لوگ واپس گئے، نواز شریف جب واپس آئے گا تو ملک ترقی کرے گا۔

سیاسی رہنماؤں کی بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات، پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان

لاہور: (ویب ڈیسک) وہاڑی، لودھراں، چشتیاں اور بہاولنگر کے سیاسی رہنماؤں نے بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کر کے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔
پیپلز پارٹی میں شامل ہونے والوں میں آفتاب خان کھچی، شہزاد خان کھچی، غلام حیدر کھچی، طاہر حیدر خان کھچی، محمد افضل خان کھچی، مسلم لیگ (ن) کے محمد علی پیرزادہ، سابق ایم پی اے محمد اکرم خان کانجو، احمد علی رضا کانجو اور صاحبزادہ عابد علی مہاروی شامل ہیں، پارٹی میں شمولیت کے موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے تمام افراد کو خوش آمدید کہا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوامی جماعت ہے جو عوام کے مسائل، بیروزگاری کو ختم اور امن و امان قائم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، ریاستی اداروں کی خود مختاری اور پارلیمان کی بالادستی و جمہوریت کی مضبوطی پر یقین رکھتے ہیں، پیپلز پارٹی کی قیادت اور جیالیوں نے اپنی زندگیوں کے نذرانے پیش کرنے سے بھی دریغ نہیں کیا، آنے والا وقت پیپلز پارٹی کا ہوگا۔

حیدرآباد: 2 طالبعلم نہر میں ڈوب کر جاں بحق

حیدر آباد: (ویب ڈیسک) حیدرآباد و جامشورو کے درمیان اکرم واہ نہر میں 2 طالبعلم ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔
افسوسناک واقعہ حیدرآباد و جامشورو کے درمیان اکرم واہ نہر میں یونیورسٹی کے 2 طالبعلم ڈوب کر جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک کو بچا لیا گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والے دونوں نوجوان یونیورسٹی کے طالبعلم ہیں، تینوں طالبعلم منہ دھونے کے لیے اکرم واہ نہر پر رکے تھے۔
جاں بحق ہونیوالے دونوں طالبعلموں کی لاشوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

سمندری طوفان کے پیش نظر تھرپارکر کے 3 دیہاتوں کو نقل مکانی کا مشورہ

تھرپارکر: (ویب ڈیسک) سمندری طوفان بپرجوائے کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ تھرپارکر کی جانب سے ڈیپلو کے تین دیہاتوں کے مکینوں کو نقل مکانی کا مشورہ دے دیا گیا۔
تھرپارکر انتظامیہ نے لیاری، سدوک اور ڈابھارو کے رہائشیوں کو نقل مکانی کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ سمندری طوفان بپرجوائے کی وجہ سے رن آف کچھ کے علاقوں کو خطرہ ہو سکتا ہے، تینوں دیہات جھیل شکور سے قریب ہیں اور ساحلی پٹی سے منسلک ہیں، ممکنہ طور پر سمندری طوفان کے باعث موسلادھار بارشوں، آسمانی بجلی گرنے اور تیز ہواؤں کی وجہ سے یہ علاقے متاثر ہونے کے خدشات موجود ہیں۔
مذکورہ علاقوں کی عوام کو ضلعی انتظامیہ تھرپارکر کی جانب سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور نقل مکانی کا مشورہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہاں کے لوگ جلد از جلد محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔

قوم بیدار ہو چکی، آصف زرداری کراچی کا مینڈیٹ قبول کریں: سراج الحق

کراچی: (ویب ڈیسک) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حافظ نعیم الرحمان کراچی کے میئر بنیں گے، اہلیان کراچی کو حافظ نعیم الرحمان جیسا دلیر میئر مبارک ہو۔
کراچی میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی ملک میں اسلامی نظام چاہتی ہے، ہم ایسا پاکستان چاہتے ہیں جس میں قانون کی بالادستی اورعدل و انصاف کا بول بالا ہو، ہم صاف ستھرا اور معاشی استحکام والا پاکستان چاہتے ہیں، اب عوام کو بے وقوف نہیں بنایا جا سکتا، قوم بیدار ہو چکی، کراچی پاکستان کی ماں ہے، کراچی خوشحال ہو گا تو ملک خوشحال ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کراچی کے محفوظ ہونے سے مشروط ہے، 75 برس سے اس ملک میں لوٹ کھسوٹ کا بازار گرم ہے، جماعت اسلامی کے 9 لاکھ ووٹ اور پیپلز پارٹی کے 3 لاکھ ہیں، یہ 3 لاکھ والے کو جتوانا اور 9 لاکھ ووٹ لینے والے کو ہرانا چاہتے ہیں، کراچی کے مینڈیٹ کو قبول کریں، آصف زرداری تسلیم کریں کہ آپ کی جماعت کو عوام نے مسترد کر دیا ہے، عوام اور جمہور کے فیصلے کو تسلیم کریں۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مزید کہا ہے کہ دھاندلی کے ذریعے لوگوں کی آواز کو نہیں دبایا جا سکتا، کراچی کو استنبول کی طرز کا ترقی یافتہ شہر بنائیں گے، کراچی کے وسائل کراچی پر ہی خرچ کریں گے، پاکستان میں وسائل کی کمی نہیں، لیڈر شپ کی کمی ہے، 15 تاریخ کا سورج خوشیوں کے ساتھ طلوع ہوگا، ہم جمہوری لوگ ہیں، آئین پر یقین رکھتے ہیں، اپنے حق کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔

کراچی کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا جا رہا، پیپلز پارٹی کے ہتھکنڈے ناکام ہوں گے: حافظ نعیم الرحمان

کراچی: (ویب ڈیسک) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ کراچی کے واضح مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے، 15 جون کو ان کے تمام ہتھکنڈے ناکام ہو جائیں گے۔
کراچی میں خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کراچی کی سب سے بڑی جماعت ہے، پیپلز پارٹی والے بلدیاتی الیکشن کروانا ہی نہیں چاہتے تھے، ہمیں ہرانے کیلئے اپنی مرضی کی حلقہ بندیاں کی گئیں، بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کرنے کی بھی کوشش کی ہوئی، اپنے مینڈیٹ سے دستبردار نہیں ہوں گے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا ہے کہ کل سپریم کورٹ جائیں گے، کراچی میں جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کی سیٹوں پر قبضہ کیا گیا، میئر کیلئے ہمارے 193 نمبر ہیں اور ان کے 153 ہیں، یہ کہہ رہے ہیں 193 والا ہار اور 153 والاجیت جائے گا، پیپلز پارٹی نے اپنی تاریخ سے کوئی سبق نہیں سیکھا، انہوں نے 1971 میں پاکستان توڑ دیا، مینڈیٹ تسلیم نہیں کیا۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ایوب خان کی گود میں بیٹھ کر مادر ملت کو ہرایا گیا، 1977 کے الیکشن میں بھی پیپلز پارٹی نے دھاندلی کی تھی، اس وقت بھی آپ بندے اٹھاتے تھے آج بھی وہی کام کر رہے ہیں، یہ کہہ رہے ہیں چیئرمینز ووٹ ڈالنے ہی نہیں آئیں گے، کراچی کے لوگ آپ سے نفرت کرتے ہیں، کراچی لاوارث ہو چکا، شہر کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔

مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے: وزیر اعظم شہباز شریف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ رجب طیب اردوان عظیم رہنما ہیں، ترکیہ کے عوام نے ان پر غیر متزلزل اعتماد کیا، صدر رجب طیب اردوان کو ایک بار پھر زبردست کامیابی پر مبارکباد دیتا ہوں۔
غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا ہے کہ صدر اردوان کے ساتھ بہت قریب سے مل کر کام کرنے کا منتظر ہوں، برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنا چاہتے ہیں، تجارت، سرمایہ کاری، باہمی روابط میں اضافے پر اتفاق ہوا ہے، آنے والے 3 سال میں باہمی تجارت کو 5 ارب ڈالر تک بڑھانے کی کوشش کریں گے، دونوں ممالک یک جان دو قالب ہیں، ترکیہ نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ دونوں ممالک کی حکومت اور عوام نے ہمیشہ مشکل میں ایک دوسرے کی مدد کی، ترک سرمایہ کار شمسی توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کریں، ترک سرمایہ کاروں کو پن بجلی کے منصوبوں کیلئے بھی دعوت دیتے ہیں، پاکستان، ایران اور ترکیہ کے مابین ریل روڈ نیٹ ورک منصوبہ اہم ثابت ہو سکتا ہے، ہماری افرادی قوت زیادہ مہارت کی حامل ہونے کے باوجود مقابلتاً سستی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ترکی کی ٹیکنالوجی اور پاکستان کی افرادی قوت دونوں ممالک کیلئے بہترین ثابت ہو سکتے ہیں، پاکستان میں گزشتہ سیلاب سے 3 کروڑ 30 لاکھ لوگ بے گھر ہوئے، فصلیں تباہ ہوئیں، تعمیراتی ڈھانچے کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا، سیلابوں سے 30 ارب ڈالر کا معاشی نقصان ہوا، ترکیہ نے کشمیر کاز کی ہمیشہ غیر مشروط حمایت کی، بھارت کا کشمیریوں کو زیر تسلط رکھنے کا طرزعمل بہت بڑا منفی پہلو ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے، پی ٹی آئی چیئرمین کو کرپشن اور اختیارات سے تجاوز کرنے کے الزامات میں گرفتار کیا گیا، گزشتہ 4 سال میں ہماری قیادت کو قید کیا گیا، ہم نے نہ احتجاج کیا نہ تشدد کا کوئی واقعہ ہوا، چیئرمین پی ٹی آئی کی ہدایت پر شرپسندوں نے ملک کی اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا۔