All posts by Khabrain News

استحکام پاکستان پارٹی کے سینئر رہنما جہانگیر ترین برطانیہ روانہ

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کے سیاسی منظر نامے پر طلوع ہونے والی نئی سیاسی جماعت استحکام پاکستان پارٹی کے سینئر رہنما جہانگیر ترین برطانیہ روانہ ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق رہنما استحکام پاکستان پارٹی جہانگیر ترین برطانیہ میں اپنے قیام کے دوران اوورسیز پاکستانیوں سے ملاقاتیں کریں گے۔
جہانگیر ترین برطانیہ میں اپنا طبی معائنہ بھی کروائیں گے، جہانگیر ترین ایک ہفتے سے زائد برطانیہ میں قیام کریں گے۔

کوئی ملک بھیک اور قرضے لے کر ترقی نہیں کر سکتا: چودھری محمد سرور

لاہور: (ویب ڈیسک) چیف آرگنائزر مسلم لیگ (ق) چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ ہماری بدقسمتی ہے 75 سال میں ہماری قوم کی لیڈر شپ کرپٹ رہی۔
یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ ایک لاکھ سے زائد نوجوان مسلم لیگ( ق) میں شامل ہو گئے، پاکستان کا ہر نوجوان ہمارا ہر اول دستہ بنے گا، جو ٹیلنٹ پاکستان کے بچوں میں ہے کسی ملک کے پاس نہیں، پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے ہر نعمت سے نوازا ہے، ہماری بدقسمتی ہے 75 سال میں ہماری قوم کی لیڈر شپ کرپٹ رہی۔
انہوں نے کہا ہے کہ چودھری شجاعت کی سربراہی میں پاکستان کو ترقی کی جانب گامزن کرنا ہے، میری زندگی کا مقصد لوگوں کی خوشیاں واپس لانا ہے، وکٹیں گرانے کا کہنے والوں کو آج 1 لاکھ یوتھ کی شمولیت سے جواب دے دیا، کوئی ملک بھیک اور قرضے لے کر ترقی نہیں کر سکتا، انتخابات سے پہلے قوم کے سامنے اپنی پارٹی کے منصوبے رکھیں گے۔
چودھری سرور نے مزید کہا ہے کہ ملک میں میرٹ کا قتل عام کیا جا رہا ہے، سفارتخانوں میں بھی سفارشی لوگ لگائے گئے ہیں، بطور گورنر میں نے تمام یونیورسٹیوں میں وی سیز میرٹ پر لگائے، فرسودہ اور کرپٹ نظام نوجوانوں کو آگے نہیں جانے دے رہا۔

پنجاب کی نگران حکومت 4 ماہ کا بجٹ آئندہ ہفتے پیش کرے گی

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب کا آئندہ مالی سال کے چار ماہ کا بجٹ نگران حکومت کی جانب سے آئندہ ہفتے میں پیش کئے جانے کا امکان ہے، نئی ترقیاتی سکیمیں الیکشن کمیشن کی اجازت سے مشروط ہوں گی۔
ذرائع کے مطابق بجٹ میں چار ماہ کے ترقیاتی پروگرام کیلئے 300 ارب روپے سے زائد مختص کرنے کی تجویز ہے جو پہلے سے جاری ترقیاتی سکیموں پر خرچ ہو گا، صحت کارڈ کیلئے 20 اب روپے، غیر ملکی فنڈنگ سے چلنے والوں منصوبوں کیلئے 27 ارب روپے، زراعت کیلئے 20 ارب ارب روپے، صحت اور تعلیم کیلئے کم ازکم 100 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔
سکول ایجوکیشن کیلئے 28 ارب، ہائر ایجوکیشن کیلئے 10ارب، سپیشل ایجوکیشن کیلئے ترقیاتی منصوبوں کی مد میں 1 ارب روپے، اربن ڈویلپمنٹ کیلئے 12 ارب، صاف پانی اور سیوریج کے نکاس آب کی سکیموں کیلئے 7 ارب روپے، ٹرانسپورٹ کیلئے 6 ارب، ایمرجنسی سروسز کیلئے ڈیڑھ ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔

آئی ایم ایف کی شرائط پوری کر دیں، اب معاہدے میں کوئی رکاوٹ نہیں: وزیر اعظم

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی تمام شرائط خلوص نیت سے پوری کر دیں، اب معاہدہ میں کوئی رکاوٹ نہیں، آئی ایم ایف کے سربراہ سے ایک گھنٹہ خود بات کی اور یقین دلایا، اگر آئی ایم ایف کے معاہدے میں تاخیر ہوئی تو قوم سے خطاب کروں گا۔
لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا ہے کہ بطور وزیر اعلیٰ لاہور کے 14 حلقوں میں اسٹیٹ آف دی آرٹ سپورٹس کمپلیکس بنائے، 2018 کے الیکشن میں جب دھاندلی کے نتیجے میں ایک فسطائی حکومت آئی تو تمام منصوبے بند کر دیئے، کبھی صاف پانی، کبھی لاہور صاف کرنے کے نتیجے میں نیب کے چکر لگوائے گئے، اس 4 سالہ دور نے پورے ملک کی ترقی کی رفتار ختم کر دی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین کی مدد سے نواز شریف کے تمام منصوبوں کو بند کر دیا گیا، ہم نے سڑکوں کا جال بچھایا، سی پیک شروع کیا، فسطائی حکومت نے تمام منصوبے ٹھپ کر دیئے، نواز شریف کی لیڈر شپ میں پاکستان کے اندھیرے دور کیے گئے، پچھلی حکومت نے سی پیک کے تمام منصوبے بھی بند کر دیئے، لڑکوں اور لڑکیوں کیلئے علیحدہ سپورٹس کمپلیکس ہیں۔
شہباز شریف نے مزید کہا ہے کہ سکولوں اور کالجوں کے طلبہ کیلئے سپورٹس کمپلیکس کی ممبر شپ فیس نہیں ہو گی، گزشتہ حکومت کے سربراہ نے اپوزیشن کو دیوار کے ساتھ لگانے کے سوا کچھ نہیں کیا، سرکاری ملازمین گریڈ 1 سے 17 تک کی تنخواہوں میں 35 فیصد اضافہ کیا، گریڈ 17 سے اوپر افسران کی تنخواہوں میں 30 فیصد اضافہ کیا، ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں 17.5 فیصد اضافہ کیا۔
انہوں نے کہا 9 مئی کا واقعہ کسی دشمنی سے کم نہیں تھا جو دشمن 75 سال میں نہ کر سکا وہ شرپسندوں نے ایک دن میں کر دیا، سرکاری تنصیبات پر حملہ ایک شخص کے اکسانے پر کیا، نومئی کے واقعات میں ملوث افراد کو ضرور سزا ملے گی جو قصور وار نہیں ہیں ان کو کچھ نہیں کہا جائے گا، جب تک سیاسی استحکام نہیں آئے گا معاشی استحکام نہیں آسکتا، نواز شریف کی قیادت میں ملک میں معاشی استحکام لائیں گے۔

کسی جماعت سے انتخابی اتحاد اور سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں کریں گے: جاوید لطیف

لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر جاوید لطیف نے کہا ہے کہ ہم الیکشن میں کسی سیاسی جماعت سے انتخابی اتحاد نہ ہی سیٹ ایڈجسٹمنٹ کریں گے۔
ماڈل ٹاؤن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ ان کی ضمانتیں بھی ایسی ہیں کہ اگلے 25 روز کوئی نہیں پکڑ سکے گا، قوم سوال کر رہی ہے خدا کیلئے رحم کریں، سیاستدان اور دہشت گرد کے فرق کا علم ہونا چاہیے، چھوٹے چھوٹے گروپ بنانے سے ملک نہیں چلتا۔
انہوں نے کہا ہے کہ ڈیل صرف عوام سے ہوتی ہے ہماری کسی سے کوئی ڈیل نہیں ہوئی، مسلم لیگ (ن) اپنے انتخابی نشان پر ہی الیکشن لڑے گی، سب کو لیول پلیئنگ فیلڈ ملنی چاہیے، عدلیہ سے درخواست ہے کہ ارشد شریف کی والدہ کی آواز سنی جائے، قتل کی سزا ایک جیسی ہوتی ہے۔ Continue reading کسی جماعت سے انتخابی اتحاد اور سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں کریں گے: جاوید لطیف

تعلیم، صحت، امن کیلئے زیادہ رقم مختص کی، مراد علی شاہ کی پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس

کراچی: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ اس سال کا ریکارڈ 2.25 ٹریلین کا بجٹ ہے جس میں تعلیم، صحت، امن و امان اور بلدیات کیلئے سب سے زیادہ رقم مختص کی گئی ہے۔
پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ بجٹ پیش کرتے وقت چیخنا نہیں پڑا، ترقیاتی سکیموں کیلئے ہم نے لون لیے ہیں، یہ سال جب شروع ہوا تو حالات بہت مثبت تھے، ہم نے سالانہ ترقیاتی پلان مرتب کیا تھا جس کے تحت فوری سڑکوں کی مرمت کیلئے فنڈز جاری کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ سمندری طوفان آنے کا خطرہ ہے، کہا جا رہا ہے کراچی میں بارشیں ہوں گی، جب یہ طوفان ساحل پہنچے گا تو ہواؤں کی رفتار 89 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ہوگی، پاک فوج سے بھی بات کی ہے کہ ٹھٹھہ سمیت دیگرعلاقوں سے کتنے لوگوں کو نکالنا پڑ سکتا ہے، لوگوں کیلئے رہائش کا بندوبست کیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کمشنر کراچی نے ضروری اقدامات کا کہا ہے، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پاک فوج سے مکمل رابطے میں ہیں، لوگ غیر ضروری گھر سے نہ نکلیں، ہم نے سیلاب کے معاملے پر بیرونی ذرائع سے 2 ارب ڈالر حاصل کیے، اتنی بڑی رقم کا 4 ماہ میں انتظام بہت بڑی بات ہے، وزیراعظم شہبازشریف نے سیلاب کے دوران 6 چکر لگائے، پچھلے وزیراعظم کو معلوم نہیں تھا کہ سندھ کدھر ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ پورے سندھ میں ڈسٹرکٹ کونسلز کے چیئرمین، مئیر پیپلز پارٹی کے ہوں گے، سندھ میں جو ترقی ہوئی ہے اس کی وجہ سندھ میں استحکام ہے، پانچ سالوں میں ایک ہی وزیر خزانہ رہا جبکہ وفاق میں وزرائے خزانہ تبدیل ہوتے رہے، استحکام کی علامت پیپلز پارٹی ہے، نام رکھنے سے پہلے سوچ لینا چاہیے تھا۔
رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہم لوگوں کو ریلیف دینا چاہتے تھے، کافی حد تک کامیاب ہوئے، سیلاب آنے کے بعد چار سے پانچ ماہ تک ترقیاتی کام بند ہوگئے تھے، جب فلڈ ریلیف پر کام کر رہے تھے تو اندازہ تھا کہ اپنے فنڈز سے کام نہیں کر سکیں گے، سیلاب سے تباہ ہونے والے تمام روڈز ہمیں دوبارہ بنانے ہیں۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ بجٹ میں ایجوکیشن کیلئے35 ارب روپے ہیں، ایریگیشن کیلئے 25 ارب، ہاؤسنگ کیلئے 25 ارب روپے رکھے گئے ہیں، اگلے سال کے بجٹ میں فنانس کی سکیموں کیلئے 182 ارب روپے مختص ہیں، کراچی میں 701 بلین کی فارن فنڈنگ کی سکیمیں ہیں، سندھ کلک پروجیکٹ کیلئے 127 ارب کی ایلوکیشن کی ہے جو لوکل گورنمنٹ ایگزیکیوٹ کرے گی، ییلو لائن کے پروجیکٹ پر 27 ارب روپے کی ایلوکیشن ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی میں این آئی ایچ کو گرانٹ دیتے ہیں، کراچی میں جے پی ایم سی کو گرانٹ دیتے ہیں، این آئی سی وی ڈی کو گرانٹ دیتے ہیں، انڈس ہسپتال کو 4 ارب روپے گرانٹ ڈویلپمنٹ کی مد میں دے رہے ہیں، 255 ارب روپے کی لاگت سے پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے تحت منصوبے چل رہے ہیں۔

نگران حکومتیں وفاق کے برابر سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کریں: علیم خان

لاہور: (ویب ڈیسک) استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے سینئر راہنما عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومتیں بھی وفاقی شرح کے مطابق سرکاری ملازمین کی تنخواہ اور پنشن میں اضافے کریں۔
اپنے ایک بیان میں استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کی نگران حکومتوں نے معاملہ اگلی منتخب حکومتوں تک زیر التواء کیا تو سرکاری ملازمین کے مسائل بڑھ جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نگران حکومتیں 4 ماہ کے بجٹ کے ساتھ تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کا اعلان کریں، اگلے سال 21 فیصد مہنگائی کی پیش گوئی کے تناظر میں صوبائی ملازمین کی پنشن اور تنخواہوں میں اضافہ ضروری ہے۔

پاکستان کے سب سے بڑے شندور پولو فیسٹیول کا آغاز7 جولائی سے ہوگا

پشاور: (ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی، پا ک فوج، ضلعی انتظامیہ چترال لوئر وچترال اپراور چترال سکاؤٹس کے باہمی اشتراک سے منعقد ہونے والے پولو فیسٹیول کی تیاریاں کا آغازکردیاگیا
فیسٹیول میں چترال اور گلگت بلتستان کی پولوٹیمیں مد مقابل ہونگی، ملکی و غیرملکی سیاحوں کو شندورپولو فیسٹیول میں شرکت کیلئے خوش آمدید کہتے ہیں، ڈائریکٹرجنرل ٹورازم اتھارٹی محمدبختیارخان
11جون 2022 خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی کے زیراہتمام چترال اپر کی خوبصورت وادی شندور میں منعقد ہونے والا شندور پولو فیسٹیول 7 جولائی سے 9جولائی تک منعقد ہوگا جس میں چترال لوئر و چترال اپر کی ٹیمیں گلگت بلتستان کی ٹیموں سے مدمقابل ہونگی۔ فیسٹیول میں شرکت کیلئے ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ ڈائریکٹرجنرل خیبرپختونخواکلچراینڈٹورازم اتھارٹی محمد بختیار خان کا شندور پولو فیسٹیول کی تیاریوں سے متعلق کا آغازکرتے ہوئے مزید کہنا تھاکہ تین روزہ فیسٹیول کی اختتامی تقریب 9 جولائی کو منعقد ہوگی جبکہ فیسٹیول میں آنے والے سیاحوں کیلئے خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کی روایتی موسیقی پر مشتمل محفل موسیقی کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔ خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی،پاک فوج، ضلعی انتظامیہ چترال لوئر وچترال اپراور چترال سکاؤٹس کے باہمی اشتراک سے منعقد ہونے والے پولو فیسٹیول کی تیاریوں کاآغاز کردیا گیا ہے۔ ڈی جی ٹورازم اتھارٹی محمد بختیارخان کا کہنا ہے کہ ایونٹ کے بہترین انعقاد کیساتھ ساتھ اس کی رونمائی بھی بھرپور طریقے سے کی جارہی ہے۔خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی کی جانب سے چترال اپر میں سرلاسپور کے مقام پر سیاحوں کیلئے کیمپنگ پاڈز بھی نصب کردیئے گئے ہیں جو فیسٹیول سے قبل سیاحوں کیلئے کھول دیئے جائینگے۔ شندور پولو فیسٹیول امسال 7جولائی سے 9جولائی جو کہ فیسٹیول کی اپنی مقررہ تاریخوں پر بھی منعقدکیا جا رہاہے۔گزشتہ سال فیسٹیول میں چترال کی ٹیم فاتح قرار پائی تھی۔ شندور پولو فیسٹیول میں ملکی و غیرملکی سیاحوں کی کثیر تعداد ہر سال شرکت کرتی ہے۔چترال سٹی میں بھی شندور پولو فیسٹیول کی تیاریوں کے سلسلے میں ٹورنامنٹ کا آغاز کردیا گیا ہے۔ اس ٹورنامنٹ میں شندور پولو فیسٹیول کیلئے کھلاڑی کی سلیکشن بھی کی جائے گی۔

پاکستان کا سب سے زیادہ مقبول لیڈر ہونے کا دعویدار آج تنہا ہے، رانا تنویر حسین

نارنگ منڈی: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ چند روز قبل پاکستان کے سب سے زیادہ مقبول لیڈر کا واویلا کرنے والا آج تنہائی کے رونے رو رہا ہے۔
ریلوے روڈ کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر نے کہا کہ فرعون بنے بیٹھے چیئرمین پی ٹی آئی کی زبان باہر نکل آئی ہے، پاکستان اور عوام دشمنی پر چیئرمین پی ٹی آئی اپنے انجام کو پہنچ کر رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ جو شخص ملک اور قوم کے ساتھ غداری کرے گا اس کا انجام چیئرمین تحریک انصاف جیسا ہوگا، لوٹوں کے سہارے اقتدار میں آنے والا شخص آج وہی لوٹے واپس جانے پر رو رہا ہے۔
لیگی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے نمائندوں نے اپنی جیبیں بھرنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا، پاکستان کو سری لنکا بنانے کا خواب دیکھنے والے شرم سے ڈوب مریں، ہم نے گورنر شپ اور وزارتیں ٹھکرا کر پارٹی کے ساتھ وفاداری نبھائی۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی بہن اور بہنوئی کیخلاف فراڈ کا مقدمہ درج

لاہور: (ویب ڈیسک) چیئرمین پی ٹی آئی کی فیملی کا ایک اور میگا کرپشن سکینڈل بے نقاب ہوگیا، سابق وزیراعظم کی بہن اور بہنوئی کے خلاف اربوں روپے کی زمین دھوکا دہی سے خریدنے پر مقدمہ درج کر لیا گیا۔
ترجمان اینٹی کرپشن کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کی بہن ڈاکٹر عظمیٰ خان نے اربوں روپے کی زمین دھوکا دہی کے ذریعے صرف 13 کروڑ میں خریدی، ڈاکٹر عظمی خان کے خلاف ضلع لیہ میں 5261 کنال اراضی غیر قانونی طور پر خریدنے کا الزام ہے۔
ترجمان کے مطابق زمین دھوکا دہی، فراڈ اور جعل سازی سے 22-2021ء میں خریدی گئی، ڈاکٹر عظمیٰ خان نے شوہر احد مجید سے مل کر جعلی منتقلی کرائی، غیر قانونی طریقے سے خریدی گئی زمین ڈاکٹر عظمیٰ نے اپنے اور اپنے خاوند احد کے نام کی۔
اینٹی کرپشن کے ترجمان کے مطابق دھوکا دہی سے خریدے گئے رقبے کی مالیت 6 ارب روپے سے زائد ہے، رقبہ تب خریدا گیا جب ایشین ڈویلپمنٹ بینک نے گریٹر تھل کنال منصوبے کا اعلان کیا، اس منصوبے کے تحت تھل کنال کے ذریعے بنجر زمینوں کو سیراب کرنا تھا۔
ترجمان نے بتایا ہے کہ ڈاکٹر عظمیٰ خان کو تھل کنال منصوبے کا پہلے سے علم تھا، ڈاکٹر عظمیٰ خان اور اس کے شوہر نے مالکان سے زبردستی زمین خرید کر اپنے نام منتقل کی جس پر زمین مالکان نے ڈاکٹر عظمیٰ و دیگر کے خلاف مقامی تھانے میں زمین زبردستی خریدنے کی شکایات درج کروائیں۔
اینٹی کرپشن کے ترجمان نے کہا ہے کہ کچھ مقامی لوگوں نے جسٹس آف پیس میں بھی درخواستیں دیں، دھوکا دہی سے خریدی گئی زمین کا بعدازاں غیر قانونی طور پر قبضہ لیا گیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ دھوکا دہی میں ملوث دیگر افسران و اہل کاروں کے کردار کا تعین دوران تفتیش کیا جائے گا، کرپٹ عناصر کے خلاف اینٹی کرپشن کی زیرو ٹالرنس پالیسی جاری رہے گی۔