All posts by Khabrain News

ایک ہزار فلسطینی شاہ سلمان کی دعوت پر فریضہ حج ادا کرینگے

ریاض : (ویب ڈیسک) سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے فلسطینی شہدا کے لواحقین، زخمیوں اور اسیران کے ایک ہزار اہل خانہ کو شاہی مہمان کے طور پر حج کروانے کا حکم جاری کیا ہے ۔
سعودی سرکاری خبررساں ایجنسی کے مطابق گزشتہ روز ایک بیان میں کہا گیا کہ شاہ سلمان کی خصوصی ہدایت پر اس بار ایک ہزار فلسطینیوں کے حج کا سرکاری سطح پر انتظام کیا جا رہا ہے، فلسطینی قوم سعودی مملکت، عوام اور حکومت کی طرف سے ہر طرح کی خدمت کی مستحق ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اقدام ’ضیوف خادم الحرمین الشریفین‘ پروگرام کا حصہ ہے جس کی نگرانی ہر سال مملکت میں وزارت اسلامی امور کرتی ہے۔
ضیوف خادم الحرمین الشریفین پروگرام کے نگران اعلٰی شیخ ڈاکٹر عبداللطیف بن عبدالعزیز آل الشیخ نے فلسطینی شہدا کے لواحقین کو شاہی مہمان کے طور پر حج کرانے کے احکامات پر شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
الشیخ صالح آل الشیخ کا کہنا تھا کہ شاہ سلمان کی جانب سے ایک ہزار فلسطینیوں کے حج کی میزبانی کا حکم اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ خادم الحرمین الشریفین کے دل میں مظلوم فلسطینی قوم کا کس قدر احترام اور محبت ہے۔
دوسری جانب عرب پارلیمنٹ کے سپیکر عادل بن عبدالرحمٰن العسومی نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے اس اعلان کو سراہا ہے، انہوں نے فلسطینیوں کے حج کی میزبانی کے اعلان کو سعودی عرب کی طرف سے قضیہ فلسطین کی منصفانہ حمایت اور فلسطینی قوم کےساتھ یکجہتی کی عمدہ مثال قرار دیا۔
واضح رہےکہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی میزبانی میں حج پروگرام ہر سال جاری کیا جاتا ہے جس میں دنیا بھر سے متعدد افراد شاہی مہمان کے طور پر فریضہ حج ادا کرتے ہیں۔

اداکار سنتوش کمار کو دنیا چھوڑے 41 سال گزر گئے

لاہور: (ویب ڈیسک) اداکاری کمال، ڈائیلاگ شاندار، پرکشش شخصیت کے مالک اداکار سنتوش کمار کو بچھڑے 41 برس بیت گئے، رومانوی ہیرو نے کئی فلموں میں لازوال کردار نبھائے اور دو عشروں تک فلم انڈسٹری پر راج کیا۔
ماضی کے ایک جاذب نظر اور زبان و بیان سے مالا مال اداکار سنتوش کمار 25 دسمبر 1925 کو لاہور میں پیدا ہوئے، اصل نام سید موسیٰ رضا، تاہم اس دور کی روایت کے مطابق فلمی نام سنتوش کمار سے مشہور ہوئے، ہمسایہ ملک کی چند فلموں میں جلوہ گر ہونے کے بعد لاہور چلے آئے۔
1950 میں پاکستان کی پہلی سلور جوبلی فلم دو آنسو میں بطور ہیرو ایک یادگار رول ادا کیا پھر فلم عشق لیلی میں سنتوش کمار کی اداکاری نہ بھولنے والی تھی، اداکارہ نیلو کی پہلی فلم سات لاکھ میں بھی مرکزی کردار سنتوش کے حصے میں آیا۔
صبیحہ سنتوش لالی وڈ کی پہلی رومانوی جوڑی کہلائی، 1958 میں صبیحہ سے شادی کے بعد 37 فلموں میں اکٹھے جلوہ گر ہوئے، سنتوش کمار کی فلم موسیقار ہمسایہ ملک میں ریلیز ہوئی تو انہیں،’’گاڈ ان دی سکرین‘‘ کا خطاب ملا۔
شمیم آرا کے ہمراہ پاکستان کی پہلی رنگین فلم میں جلوہ گر ہونے کا اعزاز بھی انہی کے حصے میں آیا، فلم وعدہ میں زبردست ادا کاری پر نگار ایوارڈ کے حقدار بنے۔
سنتوش کے چھوٹے بھائی درپن نے بھی بے شمار فلموں میں کام کیا جبکہ ان کے چھوٹے بھائی ایس سلیمان بھی ایک کامیاب ہدایتکار کے روپ میں سامنے آئے، آج تینوں بھائی دنیا میں نہیں رہے، مگر ان کے فن کے نقوش آج بھی ان کی یاد دلاتے ہیں۔
فلمی دنیا کا یہ باکمال اور بے مثال اداکار 11 جون 1982 کو اس دار فانی سے کوچ کر گیا۔

اداکارہ گوہر خان کے بیٹے کی پہلی تصویر سامنے آگئی

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی وڈ اداکارہ گوہر خان اور زید دربار کے بیٹے کا نام اور پہلی تصویر سامنے آگئی۔
10 مئی کو گوہر خان اور زید دربار کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی، بیٹے کی پیدائش کے ایک ماہ بعد اداکارہ نے پہلی تصویر اور نام سے مداحوں کو آگاہ کیا ہے۔
گوہر خان نے شوہر کے ہمراہ بیٹے کو اٹھائے تصاویر اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ سے شیئر کی ہیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ بیٹے کا نام ذیہان رکھا ہے، آپ کے پیار اور نیک تمناؤں کے اظہار پر مشکور ہوں، گوہر خان نے بیٹے سے متعلق پرائیویسی رکھنے کی بھی اپیل کی ہے۔

کالعدم بلوچ لبریشن آرمی کا حصہ رہنے والے قومی دھارے میں شامل ہونے پر خوش

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) کالعدم بلوچ لبریشن آرمی کا حصہ رہنے والے قومی دھارے میں شامل ہونے پر خوش ہیں اور انہوں نے بلوچ دہشت گرد تنظیموں سے بھی ہتھیار ڈالنے کی اپیل کی ہے۔
کالعدم بی ایل اے چھوڑنے والے فلک شیر مری کا کہنا ہے کہ بلوچ لبریشن آرمی میں 2001ء میں شامل ہوا تھا اور 2015ء میں ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل ہو گیا تھا۔
فلک شیر مری کا کہنا ہے کہ سکیورٹی اداروں نے میری بہت مدد کی، میرا بھائی رہا ہوا اور نوکری بھی بحال ہوگئی، میرے بعد اور ساتھی بھی ہتھیار جمع کرا کر قومی دھارے میں شامل ہوئے ہیں۔
فلک شیر مری نے کہا ہے کہ اب ہم اپنے بیوی بچوں کے ساتھ اچھی زندگی گزار رہے ہیں، بلوچ دہشت گرد تنظیموں میں شامل لوگوں سے اپیل ہے کہ ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل ہوں۔
کالعدم بی ایل اے چھوڑنے والے جاوید مری کا کہنا ہے کہ کوہلو کا رہائشی ہوں اور 2009ء تا 2015ء بی ایل اے کا حصہ رہا، میں 2015ء میں ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل ہوا، اب اپنا کاروبار کر رہا ہوں اور نرمی برتنے پر حکومت کا شکر گزار ہوں۔
جاوید مری نے یہ بھی کہا ہے کہ اب میری زندگی سکون سے گزر رہی ہے اور میرے بچے بھی تعلیم حاصل کر رہے ہیں، باقی لوگ بھی دہشت گردی کا راستہ ترک کر کے ہتھیار جمع کرا دیں۔

مریم نواز آج شجاع آباد میں یوتھ کنونشن سے خطاب کریں گی

شجاع آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر اور سینئر نائب صدر مریم نواز آج شجاع آباد میں یوتھ کنونشن سے خطاب کریں گی۔
جلسہ شجاع آباد کے فٹبال گراؤنڈ میں ہوگا جس کیلئے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، مریم نواز اپنے خطاب میں ملکی معاملات اور سیاسی صورتِ حال پر بات کریں گی۔
دوسری جانب سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز شریف آج شجاع آباد میں یوتھ کنونشن سے خطاب کریں گی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ اس موقع پر سیاسی شخصیات مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کریں گی، پارٹی کے تنظیمی عہدیداروں، سوشل میڈیا، خواتین اور دیگر ونگز کے اجلاس بھی ہوں گے، شجاع آباد، ملتان، بہاولپور سمیت جنوبی پنجاب کے تمام حصوں میں پارٹی کو اور بھی متحرک کیا جائے گا۔

چودھری پرویز الٰہی ہسپتال سے ڈسچارج، واپس جیل منتقل

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر چودھری پرویزالٰہی کو ہسپتال سے ڈسچارج کرنے کے بعد واپس جیل منتقل کر دیا گیا۔
گزشتہ شب اچانک طبیعت ناساز ہونے پر انہیں لاہور کے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) منتقل کر کے مختلف ٹیسٹ کئے گئے تھے۔
ٹیسٹ رپورٹس تسلی بخش آنے پر سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی کو ہسپتال سے ڈسچارج کر کے واپس جیل منتقل کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ چودھری پرویز الٰہی 16 روز کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں۔

مانچسٹر سٹی نے پہلی بار یوئیفا چیمپئنز لیگ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا

استنبول : (ویب ڈیسک ) مانچسٹر سٹی نے پہلی مرتبہ یوئیفا چیمپئنز لیگ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا ۔ استنبول کے اولمپک اتاترک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں مانچسٹر سٹی نے اطالوی کلب انٹر میلان کو ایک صفر سے شکست دی۔ فائنل میچ کا آغاز تیزی سے ہوا، انٹر میلان نے ابتدا میں حملے کیے مگر اُن کوکامیابی نہیں ملی، مانچسٹر سٹی نے کچھ وقت گزرنے کے بعد کھیل کا کنٹرول سنبھال لیا اور زیادہ تر گیند اپنے پاس رکھی لیکن وہ بھی گول کرنے میں ناکام رہے، وقفے پر مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر تھا۔ دوسرے ہاف میں دونوں جانب سے حملے کیے گئے جس میں آخر کار کامیابی مانچسٹر سٹی کو ملی ، 68ویں منٹ میں روڈریگو ہرنانڈس نے گول کرکے ٹیم کو برتری دلادی۔ نقصان میں جانے کے بعد انٹر میلان نے حملوں کی رفتار بڑھادی ،کھیل ختم ہونے سے ذرا پہلے انٹر میلان کے کھلاڑیوں نے خطرناک وار کیا مگر مانچسٹر سٹی کے گول کیپرایڈرسن نے اُسے ناکام بناکر میچ برابر نہ ہونے دیا۔ ریفری کی فائنل وسل کے ساتھ ہی مانچسٹر سٹی نے ایک صفر سے فتح سمیٹی اور پہلی بار یوئیفا چیمپئنز لیگ کا ٹائٹل جیت لیا، مانچسٹر سٹی اس سیزن میں انگلش پریمیئر لیگ اور ایف اے کپ کی ٹرافی بھی اپنے نام کرنے میں کامیاب رہی ہے۔ مانچسٹر یونائٹڈ کی جانب سے 1999 میں ایک ساتھ انگلش پریمیئر لیگ، ایف اے کپ اور چیمپئنز لیگ جیتنے کے بعد مانچسٹر سٹی تینوں ٹائٹل اپنے نام کرنے والی دوسری ٹیم بن گئی ہے۔ دو سال قبل بھی مانچسٹر سٹی یوئیفا چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوئی تھی تاہم چیلسی کے مقابلے میں اسے شکست سے دوچار ہوناپڑا تھا۔

قازقستان کے جنگلات میں آتشزدگی، 14 افراد ہلاک

آستانہ : (ویب ڈیسک) شمال مشرقی قازقستان کے جنگلات میں آگ لگنے سے 14 افراد ہلاک ہوگئے۔ رپورٹس کے مطابق قازقستان کی ہنگامی حالات کی وزارت نے جنگلات میں آگ لگنے سے 14 افراد کی ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔ وزارت کے مطابق جنگلات میں آگ آسمانی بجلی گرنے سے لگی ، زیادہ درجہ حرارت اور ہوا کی بدلتی ہوئی سمت کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں رکاوٹ کے باوجود متاثرہ خطے سے 316 افراد کو نکال لیا گیا ہے اور علاقے میں موجود گھر بھی محفوظ حالت میں ہیں۔ وزارت نے یہ بھی کہا کہ 148،000 ایکڑ کے جنگلات پر پھیلی آگ میں وہ پھنسے ہوئے وائلڈ لائف رینجرز کی تلاش کر رے ہیں۔ آگ بجھانے کی کارروائی میں ایک ہزار سے زیادہ ریسکیو عملہ حصہ لے رہا ہے تاہم امدادی ٹیموں کو ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہے ۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے خلاف فرد جرم کو مضحکہ خیز قرار دیدیا

واشنگٹن : (ویب ڈیسک ) سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنےخلاف عائد فرد جرم کو مضحکہ خیز اور بے بنیاد قرار دے دیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق سابق امریکی صدر نے جارجیا میں کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فرد جرم ایف بی آئی اور محکمہ انصاف کی انتخاب میں مداخلت کے مترادف ہے ، ہم موجودہ سیاسی اسٹیبلشمنٹ کا مقابلہ کرنے جارہے ہیں، کبھی ہار نہیں مانوں گا، اپنے مشن سے باز نہیں آؤں گا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ حساس دستاویزات کو جاسوسی ایکٹ کے بجائے صدارتی ریکارڈ ایکٹ کے تحت آنا چاہیے تھا۔ واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ پر نئی فرد جرم عہدے کے ختم ہونے کے بعد خفیہ دستاویز سے متعلق مبینہ لاپروائی پر عائد کی گئی تھی، انہیں جاسوسی ایکٹ کی خلاف ورزی کے37 الزامات کاسامنا ہے۔ یہ بھی پڑھیں: سابق امریکی صدر ٹرمپ پر جاسوسی ایکٹ کی خلاف ورزی کے37 الزامات رپورٹس کے مطابق 49 صفحات پر مشتمل فرد جرم کی تفصیلات کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کے پاس انتہائی حساس دستاویز تھیں ، مبینہ طور پر غیر قانونی طریقے سے قبضے میں رکھی گئی دستاویز میں ایٹمی پروگرام، حملوں کی منصوبہ بندی سے متعلق بھی معلومات تھیں۔ ایسا پہلی بار ہے کہ جب کسی موجودہ یا سابق کمانڈر انچیف کو وفاقی فرد جرم کا سامنا کرنا پڑ رہا ہو ، دوسری جانب مجرمانہ تحقیقات کے طوفان نے وائٹ ہاؤس میں دوسری مدت کے لیے ٹرمپ کی کوششوں کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔

سکیورٹی فورسزاور دہشتگردوں میں جھڑپ، 3جوان شہید، تین دہشتگردہلاک

راولپنڈی : (ویب ڈیسک) شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان جھڑپ میں3 جوان شہید جبکہ تین دہشتگرد مارے گئے ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان جھڑپ 9 اور 10 جون کی درمیانی شب ہوئی ، سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 3 دہشتگرد ہلاک جبکہ 4 زخمی ہوئے ہیں ۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے تین بہادر جوان بھی جام شہادت نوش کرگئے ، شہداء میں صوبیدار اصغر علی، سپاہی نسیم خان اور سپاہی محمد زمان شامل ہیں ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولیاں برآمد ہوئی ہیں ۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقہ میں دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے ، مسلح افواج دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں ، ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو اورتقویت دیتی ہیں ۔