All posts by Khabrain News

جے یو آئی نے چیئرمین پی ٹی آئی پراجیکٹ کو زمین بوس کر دیا: مولانا فضل الرحمان

پشاور: (ویب ڈیسک) جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ حکمران اتحاد نے مالی مشکلات کے باوجود بجٹ میں عوام کو زیادہ ریلیف دینے کیلئے اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں چیئرمین پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ جے یو آئی نے 4 سال احتجاج کر کے چیئرمین پی ٹی آئی پراجیکٹ کو زمین بوس کیا، 4 سال میں ملکی معیشت سے کھلواڑ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی ایجنڈے پر عمل پیرا سابق حکمرانوں نے ملک کو تباہی کے کنارے پر کھڑا کیا، جمعیت علمائے اسلام آئندہ انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی، پی ڈی ایم کی جماعتوں سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی جا سکتی ہے۔ سربراہ پی ڈی ایم کا مزید کہنا تھا کہ حکمران اتحاد نے مالی مشکلات کے باوجود بجٹ میں عوام کو زیادہ ریلیف دینے کے لئے اقدامات کا اعلان کیا ہے۔

موجودہ بجٹ آنیوالی حکومت کیلئے مشکلات پیدا کرنے کا ایجنڈا ہے: شیخ رشید

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ موجودہ بجٹ آنے والی حکومت کیلئے مشکلات پیدا کرنے کا ایجنڈا ہے، نئی حکومت کیلئے معاشی گڑھا کھود کر جانے کا پروگرام ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ شہبازشریف نے ناکامی کا اعتراف تو کیا لیکن آنے والی حکومت کیلئے بارودی سرنگیں بچھا دیں، شہبازشریف نے ایک گھنٹہ آئی ایم ایف کے ہیڈ سے بات کی اور نتیجہ صفر نکلا۔
انہوں نے کہا کہ سعودیہ اور یو اے ای کی امداد بھی خلا میں لٹک رہی ہے، قبر ایک اور بندے تین ہیں، لوٹنے اور پھوٹنے والے سیاسی کفن پہننے کیلئے تیار رہیں، پی ڈی ایم ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، ن لیگ اور پیپلز پارٹی آمنے سامنے آنے والے ہیں، ڈان لیکس ،میموگیٹ ،پاناما پیپرز ان کے حقیقی اثاثے ہیں۔
سابق وزیر کا کہنا تھا کہ چہرے اور پارٹیاں بدلنے والوں نے عدت کے دن بھی پورے نہیں کئے،اگر الیکشن میں کسی نے جھرلو پھیرا تو عوام مرلو پھیر دیں گے، 14 کھرب کا بجٹ 7 کھرب کا خسارہ کہاں سے پورا ہوگا؟ جب کارخانے نہیں چلیں گے تو محصولات کہاں سے وصول ہوں گے؟۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ نے اپنی ٹوئٹ میں مزید کہا کہ غریب کے پنکھے پر بھی 2000 ٹیکس لگ گیا ہے، 10 کروڑ آدمی غربت کی لکیر سے نیچے آگئے ہیں، شفاف الیکشن ہوں گے تو اندرونی اور بیرونی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوگا اور ایکسپورٹ بڑھے گی۔

گھوٹکی: گرین لائن ٹرین اور فرید ایکسپریس حادثے سے بال بال بچ گئیں

کراچی : (ویب ڈیسک) کراچی سے راولپنڈی جانے والی گرین لائن کا انجن گھوٹکی ریلوے سٹیشن پر پٹڑی سے اتر گیا،گرین لائن اور ساتھ گزرنے والی فرید ایکسپریس حادثے سے بال بال بچ گئیں۔ تفصیلات کے مطابق ٹرین کراچی سے راولپنڈی جا رہی تھی کہ فرید ایکسپریس کو کراس کرتے ہوئے گرین لائن ایکسپریس کا انجن پٹڑی سے اترا،انجن صرف دو انچ کے فاصلے سے فرید ایکسپریس سے ٹکرانے سے بچ گیا۔ گرین لائن ٹرین کو گھوٹکی اسٹیشن لوپ لائن پہ روک دیا گیا ، خوش قسمتی سے ٹرین حادثے سے محفوظ رہی۔ افسوسناک خبر: گرین لائن ٹرین کا انجن ٹریک سے اُتر گیا!! ٹرین کراچی سے راولپنڈی جا رہی تھی ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ روہڑی سے ریلیف ٹرین روانہ کردی گئی ہے، جلد ریلوے ٹریک کو بحال کر دیا جائے گا ، ابتدائی طور پر حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ ریلوے حکام کے مطابق انجن کے پٹری سےاترنے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، اپ ٹریک متاثر ہونے سے ٹرینوں کی آمدورفت میں مشکلات پیش آ رہی ہیں، خیبر میل کو پنو عاقل اسٹیشن پر روکا گیا ہے، ٹریک کی بحالی کے لیے مزید وقت لگ سکتا ہے۔

سمندری طوفان کراچی سے 840 کلو میٹر دور جنوب میں موجود ہے: محکمہ موسمیات

کراچی: (ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بائپر جوائے سمندری طوفان کراچی سے 840 کلو میٹردور جنوب میں موجود ہے، طوفان شمال مشرق کی جانب بڑھ رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان جہاں جہاں سے گزر رہا ہے سمندری لہریں 28 فٹ تک بلند ہو رہی ہیں، سمندری طوفان کے باعث ہواؤں کی رفتار 130 سے 160 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ سمندری طوفان بدھ یا جمعرات تک سندھ اور مکران کے ساحلوں سے ٹکرا جائے گا، جس سے ساحلی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ممکنہ خطرات کے باعث کراچی کے ساحلی علاقوں میں دفعہ 144 نافذ کر کے ماہی گیروں کے کھلے سمندر میں جانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

خیبر پختونخوا میں تباہی ، پاک فوج کی امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں

خیبر پختونخوا:(ویب ڈیسک)خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع میں شدید طوفان اور بارش ہوئی ، ضلع بنوں ، لکی مروت اور کرک سب سے زیادہ متاثر ہوئے۔
پاک فوج کی امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہیں اور امدادی میں سرگرمیوں میں مصروف ہیں ۔
پاک فوج تمام وسائل بروئے کار لا کر سول انتظامیہ کے ساتھ اس مشکل وقت میں عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
زخمیوں کو ضلعی ہسپتالوں میں پاک فوج کی مدد سے منتقل کر دیا گیا ہے ۔
ضلع بنوں کے سرکاری ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے ۔

دیر بالا کی حسین وادی کمراٹ میں جیپ ریلی کا انعقاد

اپر دیر:(ویب ڈیسک) دیر بالا حسین وادی کمراٹ میں آف روڈ کلب کے تعاون سے جیپ ریلی کا انعقاد کیا گیا جیپ ریلی میں ملک کے مختلف شہروں کراچی، پشاور، اسلام آباد، لاہور سمیت دیگر شہروں سے پچاس ماہر ڈرائیوروں نے شرکت کی۔
جیپ ریلی دیکھنے کے لئے بڑی تعداد میں سیاحوں نے وادی کمراٹ کار خ کیا، جیپ ریلی میں شامل ڈرائیو رز نے انتہائی مہارت کے ساتھ دریائے پنچکوڑہ کو کراس کر تے وقت بہترین فن کا مظاہرہ کیا جس سے سیاح اور مقامی لوگ خوب محظوظ ہوئے جیپ ریلی میں شریک آف روڈ کلب پاکستان کے چیئر مین سیف اللہ نیازی ایگزیکٹیو ممبر شہزاد خان منور کیپٹن شاہ بابا کا کہنا تھا کہ کمراٹ میں جیپ ریلی منعقد کرنے کا مقصد سیاحت کو فروع دینا اور کمراٹ کے حسن کو دنیا کو دکھانا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ کمراٹ ایک انتہائی خوبصورت اور جنت نظیر وادی ہے اور کمراٹ کی خوبصورتی سیاحوں پر سحر طاری کر دیتی ہے جیپ ریلی میں پہلی پوزیشن ڈاکٹر سمی سوات جاوید خان کراچی سیکنڈ جبکہ ظہیر الدین بابر چارسدہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
پوزیشن حاصل کرنے والوں میں آف روڈ کلب کی جانب سے سرٹیفکیٹ اور شیلڈز بھی تقسیم کئے گئے۔

سمندری حدود میں داخل ہونیوالا ترک جہازپاکستانی ایجنسی نے قبضے میں لے لیا، عملہ گرفتار

کراچی: (ویب ڈیسک) غیرقانونی طور پر پاکستانی سمندری حدود میں داخل ہونے والے ترک جہاز کے عملے کے افراد کو گرفتاری کے بعد جوڈیشل مجسٹریٹ غربی کی عدالت میں پیش کر دیا گیا۔ ٹائمز آف اسلام آباد کے مطابق یہ جہاز 29مئی کو پاکستانی حدود میں داخل ہوا تھا، جس پر عملے کے 8افراد سوار تھے۔ عملے کے افراد کا تعلق انڈونیشیاءاور مصر سے ہے۔ اس جہاز کو گڈانی کے قریب میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی نے تحویل میں لیا تھا۔ عدالت کی طرف سے ترک بحری جہاز کے عملے کو جسمانی ریمانڈ پر فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے حوالے کر دیا گیا۔ اب عملے کے افراد کو ریمانڈ ختم ہونے پر15جون کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

قازقستان سے لاہور کے لئے فلائٹ آپریشن شروع کرنےکا اعلان

کراچی: (ویب ڈیسک) قازقستان سے لاہور کے لئے فلائٹ آپریشن شروع کرنےکا اعلان کر دیا گیا۔ قازقستانی سکیٹ ایئرلائن کی جولائی میں الماتے سے لاہور کے لیے دوطرفہ پروازیں آپریٹ ہوں گی، پروازوں کا آغاز 8 جولائی سے کیا جائے گا۔ سکیٹ ایئرلائن ہفتہ وار دوطرفہ 2 پروازیں بدھ اور ہفتے کے روز آپریٹ کرے گی، سکیٹ ایئرلائن بوئنگ 737 طیارے استعمال کرے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ قازقستان کے لیے پروازوں کے آغاز کے سلسلہ میں لاہور ایئرپورٹ پر تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا۔

کراچی، حیدر آباد: میئر، ڈپٹی میئر کیلئے نامزد امیدواروں کے نام سامنے آ گئے

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی اور حیدر آباد میں میئر، ڈپٹی میئر کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کروانے والے مختلف جماعتوں کے امیدواروں کے نام سامنے آ گئے ہیں۔ کراچی میں میئر کےعہدے کیلئے پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی کے 5 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں جبکہ ڈپٹی میئر کی نشست کیلئے پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی، مسلم لیگ اور پی ٹی آئی کے 6 امیدوار مد مقابل ہوں گے۔ میئر کراچی کیلئے جماعت اسلامی کے امیدواروں میں حافظ نعیم الرحمان، سیف الدین ایڈووکیٹ، جنید مکاتی شامل ہیں، پیپلز پارٹی کی جانب سے میئر کیلئے مرتضیٰ وہاب، نجمی عالم امیدوار ہوں گے۔ ڈپٹی میئر کیلئے جماعت اسلامی کے امیدوار سیف الدین اور قاضی صدر الدین امیدوار ہیں، پیپلز پارٹی کی جانب سے سلمان مراد، ارشاد شر ایڈووکیٹ اور کرم اللہ وقاص ڈپٹی میئر کیلئے امیدوار نامزد کیا گیا ہے، ذیشان زیب پی ٹی آئی اور اکرم اعوان اور یعقوب کالرو مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ہیں۔ حیدرآباد میں پیپلز پارٹی کے کاشف شورو اور ڈپٹی میئر کیلئے صغیر قریشی امیدوار ہیں، مجموعی طور پر پیپلز پارٹی کے میئر و ڈپٹی میئر کے 8 امیدواروں نے نامزدگی فارم جمع کروائے ہیں، ٹی ایل پی کی جانب سے زاہد علی اور تابش حسین کو میئر و ڈپٹی میئر کا امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔

غیر قانونی بھرتیاں کیس: اینٹی کرپشن پرویز الہٰی کیخلاف مقدمے کا ریکارڈ پیش نہ کر سکا

لاہور: (ویب ڈیسک) اینٹی کرپشن عدالت میں پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں سابق وزیر اعلیٰ پرویز الہٰی اور رائے ممتاز کی بعد از گرفتاری درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔ سپیشل جج اینٹی کرپشن علی رضا اعوان نے درخواست کی سماعت کی، اس دوران چودھری پرویز الہٰی کے وکیل نے اپنے دلائل مکمل کیے جبکہ پراسیکیوشن آج بھی مقدمے کا ریکارڈ پیش نہ کر سکی، اینٹی کرپشن کی جانب سے جزوی ریکارڈ پیش کیا گیا۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ تفتیشی افسر کوئٹہ گیا ہوا تھا وہ واپس آ رہا ہے اور راستے میں ہے، پراسیکیوشن نے مکمل ریکارڈ پیش کرنے کیلئے مہلت مانگی جس پر عدالت نے آئندہ سماعت پر مکمل ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دیتے سماعت 13 جون تک ملتوی کر دی۔ واضح رہے چودھری پرویز الہٰی اور دیگر پر پنجاب اسمبلی میں ریکارڈ میں رد و بدل کر کے بھرتیوں کا الزام ہے، انہوں نے تحریری امتحان میں فیل 12 امیدواروں گریڈ 17 کی ملازمت دی، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کے شریک ملزم رائے ممتاز حسین نے بھی درخواست ضمانت دائر کر رکھی ہے۔