All posts by Khabrain News

کے پی، پنجاب میں طوفانی بارشوں اور آندھی سے 19 افراد جاں بحق، 100 زخمی

خیبر پختونخوا:(ویب ڈیسک) خیبر پختونخوا اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں اور آندھی سے تباہی مچ گئی، 19 افراد جاں بحق اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔
سب سے زیادہ اموات بنوں میں ہوئیں جہاں دیواریں اور چھتیں گرنے سے11 افراد جان کی بازی ہار گئے اور 70 سے زائد زخمی ہوئے۔
لکی مروت میں 5 افراد جاں بحق اور 30 کے قریب زخمی ہوئے۔
خوشاب میں بھی بارش کےبعد دیوار گرنے سے 3 بچیاں انتقال کرگئیں۔ لاہور، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، سیالکوٹ سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں 111 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آنے والی آندھی سے نظام زندگی متاثر ہوگیا، کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ بنوں میں آندھی، بارش کے باعث چھتیں گرنے کے واقعات کے بعد امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) بنوں افتخار شاہ نے بنوں اسپتال کا دورہ کرکے زخمیوں کی عیادت کی ہے۔
آندھی کے باعث پولیس کی 7 سے زیادہ عمارتیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔

دنیا کے خوفناک ترین جنگل میں جہاز کو حادثہ،4 بچے ایک ماہ بعد معجزاتی طور زندہ مل گئے

بوگوتا : (ویب ڈیسک) دنیا کے خوفناک ترین جنگل ایمازون میں 5 ماہ قبل طیارہ حادثے میں لاپتہ ہونے والے 4 بچے معجزاتی طور پر زندہ مل گئے۔ کولمبیا اورایمازون کے علاقے میں سرحد کے قریب چھوٹا طیارہ ایمازون کے جنگلات میں حادثے کا شکار ہوا تھا جس کے بعد جہاز میں سوار 4 بچے لاپتا ہوگئے تھے تاہم اب عسکری کولمبیا کے صدر نے معجزاتی طور پر بچوں کے زندہ سلامت ملنے کی تصدیق کردی ہے، یکم مئی کو سیسنا 206 طیارہ 7 افراد کو لے کر ایمازون میں پرواز کررہا تھا کہ اس کا انجن فیل ہوگیا جس پر طیارہ جنگل میں گرکرتباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں پائلٹ اوربچوں کی ماں سمیت 3 افراد ہلاک ہوگئے تھے جن کی لاشیں جہاز کے اندر سے ملی تھیں۔

لیونل میسی کو چینی پولیس نے حراست میں لے لیا

بیجنگ:(ویب ڈیسک) دُنیائے فٹ بال کے اسٹار کھلاڑی اور ارجنٹائن کے کپتان لیونل میسی کو چین کی پولیس نے گرفتار کرلیا۔
عالمی میڈیا کے مطابق میسی کو چین کی سرحدی پولیس نے ویزے کی وجہ سے حراست میں لیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق میسی کو چین کی سرحدی پولیس نے انہیں حراست میں لیا ہے۔
حراست میں لینے کے بعد پولیس نے معروف فٹبالر سے تفتیش بھی شروع کردی ہے اور امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ انہیں جلد رہا کردیا جائے گا۔
عالمی میڈیا کو مقامی ذرائع نے بتایا کہ میسی اپنا ارجنٹائن کا پاسپورٹ ساتھ لانا بھول گئے تھے جبکہ اُن کے پاس اسپین کا پاسپورٹ ہوا۔ بعد ازاں یقین دہانی اور قانونی کاغذات کی تصدیق کے بعد پولیس نے فٹبالر کو جانے کی اجازت دے دی۔

ترکیہ : میزائل اور دھماکہ خیز مواد بنانے والی فیکٹری میں دھماکہ ، 5 مزدور جاں بحق

انقرہ : (ویب ڈیسک ) ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں راکٹ میزائل اور دھماکہ خیز مواد بنانے والی فیکٹری میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں5مزدور جاں بحق ہو گئے ہیں۔ برطانوی خبررساں ادارے کے مطابق انقرہ کے گورنر واسپ ساہن کاکہنا ہے کہ انقرہ سے 40 کلومیٹر دور ایم کے ای نامی راکٹ اور دھماکہ خیز مواد بنانے والی فیکٹری میں دھماکے سے 5 مزدور جاں بحق ہوگئے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ فائر اور ریسکیو اہلکاروں نے اپنا آپریشن مکمل کر لیا ہے ، فیکٹری میں کوئی کارکن پھنسا ہوا نہیں ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مقامی پولیس اور قانون نافذ کرنےوالے ادارے حادثے کی تحقیقات کر رہے ہیں ۔

9 مئی کے واقعات پر نامعلوم افراد کیخلاف ایک اور مقدمہ درج کر لیا گیا

لاہور: (ویب ڈیسک) 9 مئی کے واقعات پر ایک اور مقدمہ درج کر لیا گیا جس میں نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔ 9 مئی کو زمان پارک چوک میں مشتعل ہجوم نے لاکھوں روپے مالیت کے ٹریفک سگنلز توڑ دیئے جس پر سیف سٹی حکام نے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سیف سٹی اتھارٹی حکام کا کہنا ہے کہ 9 مئی کے واقعات میں دو کروڑ سے زائد مالیت کا نقصان ٹریفک سگنلز اور دیگر سامان کی توڑ پھوڑ کی مد کیا گیا ہے۔

کراچی: 9 مئی ہنگامہ آرائی کیس، سابق پی ٹی آئی رہنما کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

کراچی: (ویب ڈیسک) 9 مئی کو ہنگامہ آرائی کرنے کے کیس میں تحریک انصاف کے سابق رکن اسمبلی اکرم چیمہ کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ گرفتار پی ٹی آئی کے سابق رکن اسمبلی اکرم چیمہ کو ہنگامہ آرائی کے کیس میں انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا، دوران سماعت عدالت نے اکرم چیمہ کے دو دن کے جسمانی ریمانڈ کی منظوری دے دی۔ خصوصی عدالت نے اکرم چیمہ کو پولیس کی تحویل میں دے دیا، سابق رکن اسمبلی کو پیر کے روز دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے گا، اکرم چیمہ کے خلاف کراچی کے تھانے میں مقدمہ درج ہے۔

اسلام آباد اور پنجاب میں فوج کی تعیناتی ختم کرنے کیلئے وزارت داخلہ کو مراسلے ارسال

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) امن و امان کی صورتحال میں بہتری آنے کے بعد اسلام آباد اور پنجاب میں فوج کی تعیناتی ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ چیف کمشنر آفس نے وفاقی دارالحکومت میں فوج کی تعیناتی ختم کرنے کیلئے وزارت داخلہ کو مراسلہ بھیج دیا، جس میں کہا گیا ہے کہ عوامی مفاد میں 10 مئی کا نوٹیفکیشن واپس لیا جائے۔ مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ اسلام آباد میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے فوج لگائی گئی تھی، وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کی صورتحال اطمینان بخش ہے۔ دوسری جانب پنجاب حکومت نے بھی فوجی دستوں کو واپس بھیجنے کیلئے وزارت داخلہ کو مراسلہ لکھ دیا، فوجی دستے 9 مئی کے واقعات کے بعد تعینات کیے گئے تھے، پنجاب کی جانب سے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ فوجی دستوں کو فوری واپس بلایا جائے۔ واضح رہے اسلام آباد میں پرتشدد واقعات کے پیش فوج کو طلب کیا گیا تھا، وفاقی دارالحکومت میں آرٹیکل 245 کا اطلاق 10 مئی کو ہوا تھا۔

ممبران قومی اسمبلی بحال کرنے کے فیصلے کیخلاف لاہور ہائی کورٹ میں اپیل دائر

لاہور: (ویب ڈیسک) تحریک انصاف کے ممبران قومی اسمبلی کی بحالی کے فیصلے کیخلاف لاہور ہائی کورٹ میں انٹرا کورٹ اپیل دائر کر دی گئی۔ انٹرا کورٹ اپیل سیکرٹری قومی اسمبلی طاہر حسین نے دائر کی جس میں فواد چودھری، شاہ محمود قریشی، حماد اظہر سمیت 61 مستعفی اراکین اسمبلی، سپیکر قومی اسمبلی، الیکشن کمیشن اور وفاقی حکومت کو فریق بنایا گیا ہے۔ سیکرٹری قومی اسمبلی نے موقف اپنایا کہ تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے پر تحریک انصاف کے 123 ممبران قومی اسمبلی نے استعفے دیئے، 28 مئی کو سپیکر قومی اسمبلی نے 11 ممبران کے درست استعفے منظور کر لئے، سپیکر قومی اسمبلی نے قانون کے مطابق 17 جنوری کو باقی پی ٹی آئی ممبران کے استعفے منظور کر لئے۔ انٹرا کورٹ اپیل میں مزید موقف اپنایا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے سنگل بینچ نے قانون کے برعکس 19 مئی کو ممبران کی بحالی کا فیصلہ دیا، عدالت انٹرا کورٹ اپیل منظور کر کے سنگل بینچ کا فیصلہ کالعدم قرار دے، اپیل کے فیصلے تک سنگل بینچ کے فیصلے کے خلاف حکم امتناعی جاری کیا جائے۔

نگران وزیر اعلیٰ کا لیڈی لنگٹن ہسپتال کا دورہ، مختلف شعبوں میں سہولیات کا معائنہ

لاہور: (ویب ڈیسک) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی نے لیڈی ولنگٹن ہسپتال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مختلف شعبوں میں سہولیات کا معائنہ کیا، انہوں نے پانی کے نکاس کیلئے کیے جانے والے اقدامات کا بھی جائزہ لیا۔ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے گزشتہ ہفتے دورے پر دیئے گئے احکامات پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا، دورے کے دوران لیڈی ولنگٹن ہسپتال کی تعمیر و بحالی اور نیا ٹاور بنانے کی تجاویز پر غور کیا گیا، عمارت کے بوسیدہ حصوں کی تعمیر و مرمت کے امور ٹیکنیکل کمیٹی کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا، وائے ڈی اے کے وفد نے بھی نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ڈاکٹرز اور ہیلتھ پروفیشنل کی حفاظت کیلئے تمام تر اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے، اس ضمن میں قانون سازی کا جائزہ لیا جا رہا ہے، مطالبات کی منظوری کیلئے ڈاکٹرز کا ہڑتال کرنا درست نہیں، ہیلتھ سیکٹرمیری ترجیحات میں سب سے پہلے ہے۔

صومالیہ میں شدت پسندوں کا ہوٹل پر حملہ، 6 ہلاک ، 80 یرغمال بنالیے

موغا دیشو : (ویب ڈیسک) صومالیہ کے دارالحکومت کے ایک معروف ہوٹل میں شدت پسند تنظیم الشباب نے حملہ کرکے 6 افراد کردیا جبکہ کارروائی کے دوران 80 افرد کو یرغمال بنا لیا گیا۔ غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ الشاب کی جانب سے کیے جانیوالے حملے کی اطلاع ملتی ہے صومالیہ کی فورسز نے ریسکیو آپریشن شروع کیا جس کے دوران تمام مغویان کو بازیاب کروالیا گیا، کارروائی کے دوران 3 سیکیورٹی اہلکار جاں بحق ہوگئے جبکہ تمام حملہ آور بھی مارے گئے تاہم حملہ آوروں کی تعداد سامنے نہیں آسکی ، لڑائی کے دوران 10 افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔