All posts by Khabrain News

سندھ کا بجٹ پیش، گریڈ 16 تک سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 35 فیصد، گریڈ 17 سے اوپر 30 فیصد اضافے کا اعلان، پنشن کتنی بڑھائی گئی؟

کراچی: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے نئے مالی سال کیلئے 2244 ارب روپے کا بجٹ پیش کر دیا۔ سندھ اسمبلی کے اجلاس میں سال 2023-24 کا بجٹ پیش کیا گیا جس میں گریڈ 1 سے 16 تک سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 35 فیصد ، گریڈ 17 سے اوپر 30 فیصد ، ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں 17.5 فیصد اضافہ کر دیا گیا۔ ترقیاتی بجٹ کا حجم 689 ارب 10 کروڑ روپے ہے۔ اسلحے اور نگرانی کے سامان کیلئے 2 ارب 79 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں، ریپڈ رسپانس فورس کیلئے 8 کروڑ 14 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں۔ خودکار نمبر پلیٹس پہچاننے والے کیمروں کی خریداری کیلئے ایک ارب 56 کروڑ کے فنڈز رکھے گئے ہیں۔ فرانزک لیبارٹری کیلئے 13 کروڑ 45 لاکھ روپے کے فنڈز مختص کئے گئے۔ نئی سیشن اور فیملی کورٹس کے قیام کیلئے 7 کروڑ 17 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بجٹ 2023-24 پیش کر دیا

کراچی : (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ صوبے کا 2 کھرب 244 ارب روپے کا 2023-24 کابجٹ پیش کر دیاہے ۔ سندھ اسمبلی کے اجلاس میں مراد علی شاہ نے بجٹ تقریر کرتے ہوئے بتایا کہ سندھ کا دو کھرب 244 ارب روپے کا بجٹ پیش کیا جارہاہے ، اب تک سندھ کے 14 بجٹ بنانے کی ٹیم کا حصہ رہاہوں ،بارش ، سیلاب اور کورونا کی وجہ سے چیلنجز کا سامنا رہا ،ہم نے بڑی کامیابی سے کورونا اور سیلاب کے بعد مسائل پر قابو پا لیا ہے ،ترقیاتی بجٹ کیلئے 410 ارب ، ترقیاتی بجٹ 78 ارب کا اضافہ کیا گیاہے ،وفاقی پی ایس ڈی پی میں سندھ کیلئے.5 12ارب روپے سے زائد کا تخمینہ ہے ،غیر ملکی فنڈنگ سے چلنے والے منصوبوں کا تخمینہ 266 ارب روپے سے زائد لگایا گیاہے ،امن و امان کیلئے 160 ارب روپے رکھنے کی تجویز ہے ۔

وفاقی بجٹ2023-24، نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے لیے تقریباً 5بلین روپے مختص کردی گئی

اسلام آ باد : (ویب ڈیسک) پاکستان کے نئے وفاقی بجٹ 2023-24میں نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی کل لاگت میں تقریباً 5بلین روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ، این جی آئی اے کی کل لاگت 55.4 ارب سے 60.208 ارب روپے جائے گی۔ گوادر پرو کے مطابق وزارت منصوبہ بندی پہلے ہی 02 جون کو اسلام آباد میں اعلیٰ اختیاراتی حکومتی فیصلہ ساز ادارے سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ کمیٹی (CDWP) کے اجلاس میں 5 ارب روپے کی منظوری دے چکی ہے۔ حکومت نے اصل میں 2010 میں 7.5 بلین روپے کی لاگت سے منصوبے کی تعمیر کی منظوری دی تھی۔ 22.5 بلین روپے کی پہلی نظرثانی کی منظوری 2015 میں دی گئی تھی۔ دوسری نظر ثانی شدہ پی سی ون کے ساتھ دسمبر 2021 میں 51.298 بلین روپے کی لاگت سے ہوئی۔ 12 اکتوبر 2020 کو 55.4 بلین روپے کو گرین لائٹ کیا گیا۔

تیونس کے قریب تارکین وطن کی تین کشتیاں ڈوب گئیں، پانچ ہلاک، متعدد لاپتہ

تیونس : (ویب ڈیسک) تیونس کے قریب سمندر میں تارکین وطن کی تین کشتیاں ڈوب گئی ہیں جس کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک جبکہ متعدد لاپتہ ہو گئے جن کو ڈھونڈنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ تیونس کے ایک کوسٹ گارڈ کا کہنا ہے کہ امدادی ٹیم کو جن پانچ افراد کی لاشیں ملی ہیں ان میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشتیاں ڈوبنے کے واقعات ایسفیکس شہر کے قریب پیش آئے۔ ایسفیکس کے پراسیکیوٹر فازی مسودی کا کہنا ہے کہ افریقہ سے اٹلی کی طرف جانے والی تینوں کشتیوں میں گنجائش سے زیادہ لوگ سوار تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈوبنے والی کشتیوں کے ٹکڑے بھی امدادی ٹیموں کو ملے ہیں۔

پاکستان میں تبدیلی فوجی تنصیبات پر حملوں سے نہیں آئے گی: وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان میں تبدیلی فوجی تنصیبات پر حملوں سے نہیں آئے گی۔
الجزیرہ ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ عراق اور پاکستان کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات ہیں، دونوں ملکوں کے درمیان تاریخی، مذہبی اور ثقافتی تعلقات ہیں، البتہ نجف اشرف میں جلد پاکستانی قونصل خانہ کھولیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عراق کے ساتھ تجارتی اور معاشی تعلقات کا فروغ چاہتے ہیں، کلچر اور مذہبی امور کی فروغ کے لیے کام کر رہے ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان سمیت پوری دنیا موسمیاتی تبدیلوں سے متاثر ہو رہی ہے، موسمیات تبدیلیوں کے باعث پاکستان کو بہت نقصان پہنچا ہے۔
دہشت گردی سے متعلق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے، پاکستان میں دہشت گرد حملوں میں اضافہ ہوا، ہم نے ایسے واقعات سے بہت کچھ سیکھا ہے، ملک میں دہشت گردی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔
عالمی معاملات پر افغانستان کو بھی شامل کرنا چاہتے ہیں
افغانستان کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ جمہوری رویہ اپنایا ہے، عالمی معاملات پر افغانستان کو بھی شامل کرنا چاہتے ہیں، میں نے پاکستان میں افغان وزیر خارجہ سے ملاقات کی جب کہ اس معاملے پر اہم اجلاس بھی کیا، البتہ پاکستان کی جانب سے بھی افغان خواتین کی تعلیم پر زور دیا گیا ہے۔
پاکستان روس یوکرین کے تنازع میں غیر جانبدار رہنا چاہتا ہے
بلاول بھٹو نے کہا کہ چین کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ تعلقات ہیں، اتحادی حکومت تمام ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات قائم کرنے کی خواہاں ہیں اور روس کے ساتھ بھی اچھے تعلقات ہیں جسے مزید استوار کرنا چاہتے ہیں جب کہ روس یوکرین کے تنازع میں غیر جانبدار رہنا چاہتے ہیں۔
پی ٹی آئی چیئرمین کے حوالے سے وزیر خارجہ نے کہا کہ سابق وزیراعظم کو پاک فوج کے سابق افسران کی مدد سے 2018 میں اقتدار میں لایا گیا، انہیں ہمشہ سابق فوجی جرنیلوں نے سپورٹ کیا، عمران خان کو پاک فوج سے گزشتہ برس کے اپریل سے مسئلہ ہونا شروع ہوا جس کی وجہ یہی تھی کہ آرمی نے خود کو سیاست سے علیحدہ کرنے اور سابق وزیراعظم کی غیر آئینی طریقے سے مدد نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
جو لوگ فوجی تنصیبات پر حملے میں ملوث تھے ان کے خلاف کارروائی ہوگی
9 مئی واقعات سے متعلق بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم نے کبھی قومی اداروں پر حملوں کی کوشش نہیں کی، پی ٹی آئی چیئرمین کی ہدایت پر لاہور میں کور کمانڈر ہاؤس سمیت دیگر فوجی املاک پر حملہ کیا گیا، جو لوگ فوجی تنصیبات پر حملے میں ملوث تھے ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔

آئی ایم ایف سے سٹاف لیول معاہدہ نہ ہوا تو سارا بجٹ دھرہ رہ جائے گا: شیخ رشید

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے سٹاف لیول معاہدہ نہ ہوا تو سارا بجٹ دھرے کا دھرہ رہ جائے گا۔
شیخ رشید نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ 22 ارب ڈالر قرضے کی ادائیگی کیسے ہو گی؟ غریبوں اور تاجروں نے بجٹ مسترد کردیا، بجٹ میں ریونیو ہدف 9200 ارب روپے رکھا گیا وہ کیسے پورا ہو گا؟ انڈسٹری چلے گی نہیں تو ایکسپورٹ بڑھے گی کیسے؟ 9 ہفتے کی حکومت کا یہ گلا گھونٹ بجٹ ہے، جب پاکستانی ہی سرمایہ کاری نہیں کر ے گا تو غیر ملکی سرمایہ کاری خاک آئے گی۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہبازشریف کی تقریر اپنی ناکامی کا اعتراف تھی، کشکول لے کر ساری دنیا میں پھرے خیرات نہیں ملی سیاسی استحکام کے بغیر بجٹ ناکام ہے۔
حکومت اور نئی سیاسی جماعت کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ امید ہے 13 اگست سے پہلے یہ اسمبلیاں توڑیں گے تاکہ 60 دن کی بجائے 90 دن میں الیکشن کرائیں، مقبول پارٹی کو دیوار سے لگائیں گے تو عوام کو دیوار چین میں چُن دیں اور 2 کنگ پارٹیاں بنائیں۔
قائد ن لیگ اور وفاقی وزیر خزانہ پر طنز کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ نوازشریف کہتا ہے پلے نہیں دہیلہ کردی پھرے میلہ میلہ اور اسحاق ڈار معاشی اعداد و شمار کی ٹیمپرنگ ہیرا پھیری میں کمال رکھتے ہیں۔

وزیراعظم کا قزاقستان کے صدر سے ٹیلیفونک رابطہ ، دوطرفہ تعاون پرتبادلہ خیال

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قزاقستان کے صدر قاسم قاسم جومارت توکایف سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور مختلف شعبو ں میں دو طرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پراتفاق کیا۔
تفصیلات کے مطابق ٹیلیفونک رابطہ کے دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان قزاقستان کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، سیاحت کے فروغ اور عوام کے درمیان رابطوں کو بڑھانے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے وزیراعظم نے اس بات پر اطمینان کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان فلائٹ آپریشن جلد شروع ہو جائے گا۔
قزاقستان کے صدر نے پاکستان کو خطے کا اہم ملک قرار دیتے ہوئے دیرینہ دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا ، دونوں رہنماؤں نے توانائی ، زراعت ، آئی ٹی ، ٹیکسٹائل اور بجلی کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پراتفاق کیا۔
وزیراعظم نے قزاقستان کے صدر کو جلد از جلد پاکستان کےسرکاری دورے کی دعوت بھی دی۔

کراچی کا میئر پیپلزپارٹی سے ہی ہوگا: نثار کھوڑو

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ کراچی کا میئر پیپلز پارٹی سے ہی ہوگا۔
کراچی میں الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر دیگر رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ میئر اور ڈپٹی میئر کے الیکشن کے کاغذات جمع کرانے پہنچے ہیں۔
نثار کھوڑو نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی بطور اکثریتی پارٹی سامنے آئی، پیپلز پارٹی نے کوئی سیٹ خالی نہیں چھوڑی، ہم خدمت جاری رکھیں گے، جس کے منہ میں جو آتا ہے بول سکتا ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ اپنی پارٹی اور بلاول بھٹو زرداری کا شکر گزار ہوں۔

ای پاسپورٹ کی سہولت کا آغاز کیا جارہا ہے : وزیرداخلہ رانا ثنااللہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ای پاسپورٹ کی سہولت کا آغاز کیا جا رہا ہے جبکہ مختلف شہروں میں واقع نادرا کے 30 دفاتر میں پاسپورٹ پروسیسنگ کاؤنٹرز قائم کیے جائیں گے۔
اسلام آباد میں پاسپورٹ سے متعلق سہولیات کے اجرا کے موقع پر وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ پاسپورٹ دفاتر میں جائے بغیر ملک بھر میں کہیں سے بھی پاسپورٹ آن لائن تجدید کروایا جا سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ جن علاقوں میں پاسپورٹ دفاتر موجود نہیں وہاں نادرا کے دفاتر میں پاسپورٹ پروسیسنگ کاؤنٹرز (پی پی سی) قائم کیے جا رہے ہیں ، ای پاسپورٹ کی سہولت میں بائیو میٹرک ڈیٹا، ڈیجیٹل دستخط، اور انکرپشن جیسی جدید ترین سکیورٹی خصوصیات شامل ہیں۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ ان اقدامات سے پاسپورٹ فراڈ اور شناخت کی چوری کے خطرات میں نمایاں کمی کے علاوہ پاسپورٹ سسٹم پر اعتماد کو تقویت ملے گی۔
ویب پورٹل کے ذریعے شہری اپنی درخواستیں جمع کرنے کے ساتھ ساتھ مطلوبہ دستاویزات بھی اپ لوڈ کر سکیں گے اور اپنی درخواستوں کی پیشرفت کو ٹریک بھی کر سکیں گے۔
ان کاکہنا تھا کہ موجودہ حکومت شہریوں کو سہولیات دینے کیلئے کوشاں ہے، ڈیجیٹل تبدیلی سے شہریوں کا وقت بچے گا۔

حریم شاہ کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی صندل خٹک کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کر دی

پشاور: (ویب ڈیسک) کرک سے تعلق رکھنے والی ٹک ٹاک سٹار صندل خٹک نے حریم شاہ کے خلاف مقدمہ درج کرنے کیلئے 22 اے کے تحت عدالت میں درخواست دے دی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اشفاق تاج نے درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار صندل خٹک نے درخواست میں لکھا کہ حریم شاہ نے سوشل میڈیا پر میرے خلاف منفی پروپیگنڈا کیا۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ ایف آئی اے کو آگاہ کیا لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی،صندل خٹک نے عدالت سے استدعا کی کہ ایف آئی اے کو حریم شاہ کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جائے۔
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ دھمکیاں مل رہی ہیں عدالت سیکیورٹی فراہم کرے، عدالت نے صندل خٹک کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کر دی۔