All posts by Muhammad Saqib

سوڈان میں سول حکومت بحال، معاہدے کے بعد عبداللہ حمدوک دوبارہ اقتدار میں آگئے

گزشتہ روز سوڈان میں فوج اور سیاسی جماعتوں کے درمیان ہوئے معاہدے کے بعد برطرف وزیراعظم عبداللہ حمدوک نے دوبارہ حکومت سنبھال لی۔

کہا جا رہا ہے کہ معاہدے کیلیے اقوام متحدہ، امریکا اور کچھ دیگر ممالک نے ’’اہم کردار‘‘ ادا کیا ہے۔

حکومت اور فوج کے درمیان ہوئے معاہدے کے تحت فوجی بغاوت کے دوران حراست میں لیے گئے سیاسی رہنماؤں اور حکام کو جلد رہا کردیا جائے گا جس میں ملک کی سب سے بڑی جماعت اُمہ پارٹی کے رہنما بھی شامل ہیں۔

وزیراعظم عبداللہ حمدوک ٹیکنوکریٹس پر مشتمل ایک خود مختار کابینہ کی سربراہی کریں گے۔

دوسری جانب دارالحکومت خرطوم میں معاہدے کی تفصیلات منظرعام پر آنے کے بعد وزیراعظم عبداللہ حمدوک پر تنقید کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا۔ مظاہرین نے صدارتی محل کی جانب پیش قدمی کی تو فوج نے انہیں منتشر کرنے کیلیے آنسو گیس بھی استعمال کی۔

 لوگوں نے وزیراعظم حمدوک پر اُن کی جدوجہد کو بیچنے کا الزام عائد کیا ہے جبکہ حمدوک کا کہنا ہے کہ وہ خون ریزی سے بچنے کیلیے معاہدے پر آمادہ ہوئے ہیں۔

سوڈان میں 25 اکتوبر کی فوجی بغاوت کے بعد سے ہنگامے برپا تھے اور عوام کی جانب سے فوج پر بھرپور دباؤ تھا۔ فوج نے عوامی احتجاج کو کچلنے کی ہر ممکن کوشش کی جس کی عالمی سطح پر شدید مذمت کی گئی۔ ہنگاموں کے دوران 40 کے قریب ہلاکتیں بھی واقع ہوئیں جن میں حالیہ مرنے والا ایک نوعمر لڑکا بھی شامل ہے۔

بڑھتی سموگ، لاہور میں ہفتے میں 3 دن سکول بند رہیں گے

لاہور:  پنجاب میں بڑھتی ہوئی سموگ کے بعد صوبائی حکومت نے لاہور میں ہفتے میں تین دن سکول بند رکھنے کا اعلان کر دیا۔

پنجاب حکومت نے لاہور کے سرکاری اور نجی سکولوں میں ہر ہفتے تین چھٹیاں کا اعلان کر دیا ہے، لاہور میں ہفتہ اور اتوار کے ساتھ ساتھ پیر کو بھی سکو ل بند رہیں گے۔

 دوسری طرف وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے سموگ پر قابوپانے کے لئے اہم اقدامات سامنے آئے ہیں، لاہور میٹروپولیٹن کارپوریشن کی حدود میں تمام سرکاری ونجی تعلیمی اداروں کو سوموار کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تعلیمی ادارے ورچوئل کلاسز کا انتظام کرسکیں گے۔ لاہور میٹروپولیٹن کارپوریشن کی حدود میں تمام نجی دفاتر بھی سوموار کو بند رہیں گے، نجی دفاتر کا عملہ گھر سے کام کر سکے گا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر ریلیف کمشنر پنجاب بابر حیات تارڑ نے نوٹیفیکیشن جاری کردیا۔ ان فیصلوں کا اطلاق 15 جنوری 2022 تک ہوگا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ سموگ پر قابو پانے کے لئے ہر ضروری اقدام اٹھائیں گے، صوبائی حکومت سموگ کو پہلے ہی آفت قرار دے چکی ہے، فصلوں کی باقیات اور فیکٹریوں میں ٹائر جلانے پر پابندی عائد کر چکے ہیں- کوڑا کرکٹ کو آگ لگانے پر پابندی ہے، کوڑا کرکٹ کو آگ لگانے کے وا قعات کی شکایات پر فوری ایکشن لیاہے، سموگ پر قابو پانے کے حوالے سے حکومتی اقدامات پر عملدرآمد میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

سموگ کیا ہے؟

موسم سرما کے دنوں میں فضا میں موجود نمی کے ساتھ جب آلودہ ذرات اور زہریلی گیسیں ملتی ہیں تو اس سے سموگ بنتی ہے، ’’سموگ اب ایک بین الاقوامی مسئلہ بنتا جا رہا ہے، پچھلے چند سالوں میں بھارت اور چین کے علاوہ دنیا کے کئی ملکوں کو اس مئسلے کا سامنا کرنا پڑا ہے۔‘‘

لاہور میں سموگ کا باعث بننے والی بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی کی وجوہات میں فیکٹریوں سے زہریلی اور آلودہ گیسوں کا اخراج، اینٹوں کے بھٹوں سے پھیلنے والی آلودگی، بڑھتی ہوئی ٹریفک اور گاڑیوں سے خارج ہونے والا دھواں بھی شامل ہے۔ ان کے بقول بارشوں کے نہ ہونے کی وجہ سے سموگ کی لاہور اور اس کے گردونواح میں شدت بڑھ رہی ہے۔ بعض سرکاری حکام لاہور میں سموگ کا باعث بننے والی آلودگی کا مرکز لاہور سے ملحقہ بھارتی ریاست کو قرار دیتے ہیں، جہاں سے ہواؤں کے ذریعے آلودہ ذرات لاہور میں داخل ہو رہے ہیں

سموگ کی وجہ سے لوگ بڑی تعداد میں گلے، سانس، جلد اور آنکھوں کی بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں۔ ان کے خیال میں ایسے موسم کے دوران دل اور سانس کے مریضوں کو سموگ کی شدت والے علاقوں میں نہیں جانا چاہیے جبکہ موٹر سائیکل سواروں کو ماسک کا استعمال کرنا چاہیے۔

ہم سموگ کو کیسے کم کر سکتے ہیں؟

بہت سی جگہوں پر سموگ باعثِ پریشانی ہے ۔ ہر کوئی محض چند عادات اپنا کر سموگ کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کرسکتا ہے۔جیسا کہ گیسی آلات کی بجائے بجلی کے آلات کا استعمال کرنا، گاڑی کم چلانا ، زیادہ پیدل چلنا، اپنی گاڑی کا خیال رکھنا، وقتاًفوقتاً گاڑی کا تیل بدلنا اور ٹائروں کی سطح متواتر رکھنا۔ مندرجہ بالا احتیاط دھواں کے اخراج میں کمی کا باعث بن سکتے ہیں۔

سموگ سے بچاؤ کے طریقے

مندرجہ ذیل احتیاط سے آپ خود کو اور اپنے خاندان کو سموگ سے بچا سکتے ہیں۔ سرجیکل یا چہرے کا کوئی بھی ماسک استعمال کریں۔ کونٹیکٹ لینسز کی بجائے نظر کی عینک کو ترجیح دیں۔ تمباکو نوشی کو ترک کریں اگر ممکن نہیں تو کم کردیں۔ زیادہ پانی اور گرم چائے کا استعمال کریں باہر سے گھر آنے کے بعد اپنےہاتھ ، چہرے اور جسم کے کھلے حصوں کو صابن سے دھوئیں۔ غیر ضروری باہر جانے سےپرہیز کریں۔ کھڑکیوں اور دروازوں کے کھلے حصوں پر گیلا کپڑا یا تولیہ رکھیں۔ فضا صاف کرنے کے آلات کا استعمال کریں۔ گاڑی چلاتے ہوئے گاڑی کی رفتار دھیمی رکھیں اور فوگ لائٹس کا استعمال کریں۔ زیادہ ہجوم والی جگہیں خصوصاً ٹریفک جام سے پرہیز کریں۔

پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان معاہدہ طے پاگیا

پاکستان اورآئی ایم ایف کےدرمیان اسٹاف لیول ایگریمنٹ طے پاگیا جس کے تحت عالمی مالیاتی ادارے نے پاکستان کو ایک ارب 5 کروڑ 90  لاکھ ڈالر قرض جاری کرنے کی سفارش کر دی۔

آئی ایم ایف نے چھٹے جائزے کے تحت مذاکرات کے بعد پاکستان کو قرض جاری کرنے کی سفارش کی ہے جس کے بعد رقم جاری کرنے کا فیصلہ آئی ایم ایف کا ایگزیکٹو بورڈ گرے گا،  اس قسط کے اجراسے پاکستان کو فراہم کردہ رقم مجموعی طور پر 3 ارب20 لاکھ 70 ہزار ڈالر ہو جائے گی۔

ئی ایم ایف کا کہناہے کہ قرض پروگرام کی بحالی پیشگی شرائط پر عمل درآمد سے مشروط ہوگی، حکومتی اداروں میں کرپشن کا خاتمہ کرنا ہوگا،حکومتی اداروں کی استعداد، گورننس میں بہتری اور شفافیت کی ضرورت ہے، ٹیکس بیس مزید بڑھانے اور ٹیکس چھوٹ ختم کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے جب کہ  پاکستان کو اینٹی منی لانڈرنگ اور کاؤنٹر ٹیرر فنانسنگ ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد کرنا ہو گا۔

اعلامیے کے مطابق پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ بڑھا، روپے کی قدر میں کمی آئی  اور رواں سال جی ڈی پی گروتھ 4 فیصد سے زیادہ رہنے کا امکان ہے ۔

آئی ایم ایف کا کہناہے کہ پاکستان نے جون تک کےکارکردگی اہداف بڑے مارجن سے پورے کرلیے، پا کستان پر عالمی سطح پر بڑھتی قیمتوں کا اثر پڑا، فیٹف پلان پر عمل درآمد ، ایف بی آر اور اسٹیٹ بینک کی کارکردگی کی تعریف بھی کی گئی ہے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہےکہ اسٹیٹ بینک کو خود مختار کرنے کے بل کو سراہا گیا،  برآمدات کو بڑھانے کے لیے بہتر قانون سازی کی جائے،  سروسز کی سپلائی بہتر کرنا ہوگی،  براہ راست بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ کرنا ہوگا جب کہ تعلیم اور انسانی وسائل میں سرمایہ کاری کو بڑھانا ہوگا۔

امریکا میں تیز رفتار کار کرسمس پریڈ کے شرکا پر چڑھ دوڑی، 5 افراد ہلاک

امریکی ریاست وسکانسن کے شہر مل واؤکی  کے قریب ایک شخص نے کرسمس پریڈ کےشرکا پر تیز رفتار گاڑی چڑھا دی جس سے 5 افراد ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا کا بتانا ہےکہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق شام پونے 5 کے قریب مل واؤکی شہر کے قریب واؤکیشا ٹاؤن میں پیش آیا جس میں لال رنگ کی اسپورٹس کار کرسمس پریڈ کے شرکا پر چڑھ دوڑی۔

پولیس حکام کے مطابق واقعے میں 40 افراد زخمی ہیں جن میں 12 بچے بھی شامل ہیں جب کہ واقعے میں اموات بھی ہوئی ہیں تاہم لواحقین کو آگاہ کرنے کے بعد میڈیاکو معلومات فراہم کی جائیں گی۔

پولیس کا کہنا ہےکہ سرخ رنگ کیSUV گاڑی کو تحویل میں لےلیاگیا ہے اور  ڈرائیور کو گرفتارکر کے تفتیش کی جار ہی ہے، واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جارہی ہے۔

دوسری جانب وائٹ ہاؤس سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ وائٹ ہاؤس اس واقعے کے بعد واؤکیشا شہر کی صورتحال کو قریب سے مانیٹر کررہا ہے اور ریاستی حکام کو ہر تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے جب کہ واقعے سے صدر جوبائیڈن کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔

پنجگور میں سکیورٹی فورسز کی پیٹرولنگ پارٹی پر حملہ،سپاہی شہید

بلوچستان کے قصبے پنجگور میں دہشتگردوں نے سکیورٹی فورسز کی پیٹرولنگ پارٹی پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں ایک سپاہی شہید ہوگیا۔

انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پنجگور میں دہشتگردوں نے سکیورٹی فورسز کی پٹرولنگ پارٹی پر حملہ کیا، فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی جلیل خان شہید ہوگیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہید سپاہی جلیل خان کا تعلق ڈیرہ اسماعیل خان سے تھا، سکیورٹی فورسز دشمن عناصر کی کارروائیوں کو شکست دینےکیلئے پرُعزم ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائیوں کا مقصد بلوچستان کے امن ، استحکام  اور ترقی کو متاثر کرنا ہے۔

قومی جونیئرہاکی ٹیم نے پریکٹس میچ میں چلی کو شکست دے دی

ہاکی کے میدان سے بھی اچھی خبر آگئی اور قومی جونیئر ٹیم نے پریکٹس میچ میں چلی کو شکست دے دی ہے۔
بھارتی شہر بھوبنیشور میں پاکستان جونیئرز ہاکی ٹیم نے ورلڈکپ سے پہلے چلی کے خلاف پریکٹس میچ 0-3 گول سے جیت لیا ہے۔
پریکٹس میچ میں پاکستان کے کپتان رانا وحید، عبدالحنان اور معین شکیل نے گول سکور کئے جبکہ میچ کے اختتام پر پنالٹی شوٹ آؤٹس کے دو سیشن بھی منعقد ہوئے، جس میں پاکستانی حریف ٹیم کو چار ایک اور پانچ دو سے شکست دی۔
یاد رہے کہ قومی جونیئر ہاکی ورلڈکپ 24 نومبر سے شروع ہو گا، جس میں پاکستان جونیئرز ہاکی ٹیم جرمنی کے خلاف اپنا پہلا میچ کھیلے گی۔

پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلادیش کو وائٹ واش کردیا

پاکستان  نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلادیش کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں بھی شکست دے کر سیریز 0-3 سے جیت لی۔

بنگلادیش کے شیر بنگلا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلادیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور پاکستان کو 125 رنز کا ہدف دیا۔

قومی ٹیم میں ڈیبیو کرنے والے فاسٹ بولر شاہنواز دھانی نے اپنے پہلے ہی اوور کی تیسری بال پر وکٹ لی۔

بولر عثمان قادر اور محمد وسیم نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ حارث رؤف اور شاہنواز دھانی نے 1،1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل ڈھاکا کے شیر بنگلا اسٹیڈیم میں بنگلادیش کے کپتان محمود اللہ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بولنگ کی دعوت دی۔

شاہنواز دھانی نے آج اپنا ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کیا ہے جب کہ  آل راؤنڈر شعیب ملک بیٹے کی طبیعت ناساز ہونے کے سبب بنگلادیش کے خلاف تیسرے ٹی 20 سے دستبردار ہوچکے ہیں۔

جوبائیڈن کی دوسری مدت کیلئے میدان چھوڑنے کی تردید، انتخاب 2024 بھی لڑنے کاعندیہ

امریکی صدر جوبائیڈن نے 2024 کے صدارتی انتخابات لڑنے کا عندیہ دیتے ہوئے دوسری مدت کیلئے میدان چھوڑنے کی خبروں کی تردید کر دی۔
جوبائیڈن نے 2024 میں صدارتی انتخاب لڑنے کے فیصلے کا اظہار فنڈ ریزنگ تقریب میں کیا، امریکی صدر کا کہنا تھا کہ وہ تین یا چار سال کی مختصر مدت کیلئے اقتدار میں نہیں آئے، وہ امریکا کو طویل المدتی منصوبوں سے مستحکم بنائیں گے۔
امریکی صدر نے اپنی خرابی صحت کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ وہ مکمل فٹ ہیں، جوبائیڈن نے گزشتہ انتخاب میں ٹرمپ کوشکست دی تھی۔

چین، چھوٹے ہمسایہ ممالک کے مقابلے اپنے بڑے حجم کا فائدہ نہیں اٹھائے گا، شی جن پنگ

بحیرہ جنوبی چین پر بڑھتی کشیدگی کے دوران چینی صدر شی جن پنگ نے 10 ممالک پر مشتمل ’ایسوسی ایشن آف ساؤتھ ایسٹ ایشیئن نیشنز (آسیان)‘ کے رہنماؤں کو ایک اجلاس میں بتایا کہ بیجنگ اپنے چھوٹے علاقائی پڑوسیوں کو نہیں ’دھمکائے‘ گا۔

برطانوی خبررساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق بیجنگ کے کئی جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کے ساتھ سمندر پر علاقائی دعووں کے تنازع نے واشنگٹن سے ٹوکیو تک خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔

تاہم شی جن پنگ نے کہا کہ چین کبھی تسلط نہیں کرے گا، نہ ہی چھوٹے ممالک کے مقابلے اپنے بڑے حجم سے فائدہ اٹھائے گا اور ’مداخلت‘ ختم کرنے کے لیے آسیان ممالک کے ساتھ کام کرے گا۔

چینی سرکاری میڈیا کے مطابق صدر شی جن پنگ کا کہنا تھا کہ ’چین ہمیشہ ایک اچھا ہمسایہ، ایک اچھا دوست اور اچھا شراکت دار تھا اور ہے۔

چین کے بحیرہ جنوبی چین پر خودمختاری کے دعوے نے اسے آسیان کے رکن ویتنام اور فلپائن کے خلاف کردیا ہے جبکہ برونائی، تائیوان اور ملائیشیا بھی اس کے کچھ حصوں پر دعویٰ کرتے ہیں۔

چند روز قبل فلپائن نے چینی کوسٹ گارڈز کے 3 بحری جہازوں کے افعال کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے سمندر میں فلپائن کے زیر قبضہ اٹول کی جانب بڑھنے والی ری سپلائی کشتیوں کا راستہ روکا اور ان پر واٹر کینن کا استعمال کیا۔

امریکا نے چینی کارروائیوں کو ’خطرناک، اشتعال انگیز اور غیر منصفانہ قرار دیا تھا اور خبردار کیا تھا کہ فلپائنی بحری جہازوں پر مسلح حملہ امریکا کے باہمی دفاعی وعدوں کو متاثر کرے گا۔

فلپائن کے صدر روڈریگو دوترے نے چین کی میزبانی میں ہونے والے اس اجلاس میں انہوں نے جھگڑے کے لیے ناپسندیدگی کا اظہار کیا کہ اور کہا کہ قانون کی حکمرانی ہی تنازع سے نکلنے کا واحد راستہ ہے۔

انہوں نے سال 2016 میں ایک ثالثی عدالت کے دیے گئے فیصلے کا حوالہ دیا جس میں کہا گیا تھا کہ چین کے سمندر پر بحری دعوے کی کوئی قانونی بنیاد نہیں ہے۔

فلپائنی صدر کا کہنا تھا کہ ’یہ ہماری اقوام کے درمیان تعلقات کے لیے مناسب نہیں ہے‘۔

خیال رہے کہ آسیان تنظیم میں برونائی، کمبوڈیا، انڈونیشیا، لاؤس، ملائیشیا، میانمار، فلپائن، سنگاپور، تھائی لینڈ اور ویتنام شامل ہے۔

دبئی ائیر شو، جے ایف تھنڈر کی خصوصیات دیکھ کر بھارت حیران رہ گیا

کراچی(این این آئی)دبئی ایئرشو میں جے ایف سیون ٹین تھنڈر کی خصوصیات سے بھارت حیران رہ گیا۔ بھارتی پائلٹس کی پاکستانی مصنوعات میں گہری دلچسپی، معیار کا بھی اعتراف کیا۔دوبئی ایئر شو 2021 متحدہ عرب امارات میں 14 سے 18 نومبر تک منعقدہ ہوا۔ پاکستان نے ہمیشہ کی طرح پانچ روزہ”دوبئی ائیر شو”میں بھرپور شرکت کی اور جے ایف سترہ تھنڈر سمیت کئی دفاعی مصنوعات متعارف کروائیں۔دوبئی ایئر شو اس وقت گہرے نقوش چھوڑ گیا جب پاکستان ایئر ناٹیکل کمپلکس کامرہ کے اسٹال پر بھارتی فضائیہ کے ہوابازوں اور اہلکاروں نے دورہ کیا۔ فخر پاکستان جے ایف سترہ تھنڈر طیارے سمیت جدید ترین دفاعی مصنوعات کو دیکھ کر نہ صرف حیران رہ گئے بلکہ گہری دلچسپی لی اور پاکستانی دفاعی مصنوعات کے معترف نظر آئے۔پاکستان ایرو ناٹیکل کمپلکس کامرہ نے ایئر شو میں سپر مشاق تربیتی طیارہ، جے ایف سترہ تھنڈر سپرسانک لڑاکا جیٹ، کئی جدید دفاعی مصنوعات سمیت پہلی مرتبہ قراقرم ایٹ نیکسٹ جنریشن جیٹ تربیتی طیارہ بھی متعارف کرایا۔