All posts by Muhammad Saqib

پیپلزپارٹی اور ن لیگ کی فنڈنگ تفصیلات میں کروڑوں روپے کی رسیدیں نہ ہونے کا انکشاف

تحریک انصاف کی جائزہ رپورٹ میں مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کی فنڈنگ میں کروڑوں روپے مالیت کی ڈونیشن کی رسیدیں نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
نجی نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن میں سیاسی جماعتوں کے فارن فنڈنگ کیس میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی فنڈنگ تفصیلات میں مبینہ اکاؤنٹس کی موجودگی پر نیا پنڈورا بکس کھلنے کا امکان ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی الیکشن کمیشن میں فارن فنڈنگ تفصیلات میں اہم انکشافات سامنے آگئے ہیں، تحریک انصاف آئندہ ہفتے اپنے اعتراضات الیکشن کمیشن کی اسکروٹنی کمیٹی کو جمع کرائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کی فنڈنگ تفصیلات کے حوالے سے پی ٹی آئی اعتراضات کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں، جس میں کروڑوں روپے مالیت کی ڈونیشن کی رسیدیں نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے، کس نے چندہ دیا کس نے امداد دی، بڑی اہم رقوم کا ریکارڈ ہی نہیں ہے، مسلم لیگ ن کے 9 اکاؤنٹس میں سے 7 اکاؤنٹس کی بینک اکاؤنٹس کی بینک اسٹیٹمنٹ نہیں دی گئی۔2013 سے 15 تک پی ٹی ائی آڈیٹرز نے ن لیگ کے مبینہ 7 اکاؤنٹس کی نشاندہی کر دی ہے جو الیکشن کمیشن سے چھپائے گئے، 5 اکاونٹ پنجاب کے پی کے اور سندھ میں چل رہے تھے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی ائی کے مرتب اعتراضات میں بتایا گیا ہے کہ ن لیگ مبینہ طور پر 45 کروڑ سے زائد کا حساب پیش کرنے میں ناکام رہی ہے، صرف دو فیصد کا مسلم لیگ ن ریکارڈ پیش کرسکی، الیکشن کے لئے پارٹی ٹکٹ کی مد میں ساڑھے 16 کروڑ کا ریکارڈ پیش نہ کیا گیا۔
پی ٹی ائی جائزہ رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ حنیف خان کے نام سے 45 کروڑ اور بھون داس سے 3 کروڑ کی رقم لی گئی، اس رقم کا ریکارڈ بھی پیش نہ کیا جاسکا، مسلم لیگ ن کو 2013 سے 2015 کے 3 سالوں میں 46 کروڑ کے عطیات آئے، ایک کروڑ 65 لاکھ کے اخراجات کا کوئی حساب نہ دیا جاسکا۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی اور پیپلز پارٹی پارلیمٹیرین کے ایک دوسرے کو رقوم منتقل کرنے کا بھی انکشاف ہوا ہے، جس میں 10 کروڑ روپے کے قریب پی پی پی پارلیمنٹرین نے پیپلز پارٹی کو خلاف ضابطہ دئیے، پیپلز پارٹی کا 35 کروڑ عطیات کا تصدیق شدہ ریکارڈ پیش نہیں کیا گیا، 2013 میں 9 ، 2014 میں 11، 2015 میں 10 اکاؤنٹس کی پیپلز پارٹی نے بینک اسٹیٹمنٹ الیکشن کمیشن میں جمع نہیں کروائی۔

سالانہ بنیادوں پر ملکی درآمدات میں 26 فیصد سے زائد اضافہ ہوا، تجزیاتی رپورٹ جاری

سالانہ بنیادوں پر ملکی درآمدات میں 26 فیصد سے زائد کا اضافہ ہوا، حالیہ مالی سال میں تجارتی خسارہ 31 ارب سے تجاوز کر گیا۔ سالانہ بنیادوں پر غزائی اشیاء کی درآمدات میں بھی 54 فیصد کے قریب اضافہ ہو ا ہے۔
ادادہ شماریات نے سالانہ تجزیاتی رپورٹ جاری کر دی جس کے مطابق ملکی درآمدات میں 26.55 فیصد کا اضافہ ہوا۔ مالی سال 2021 میں درآمدات کا حجم 56 ارب 38 کروڑ ڈالر رہا۔ سالانہ بنیادوں پر ہی برآمدات میں 18.28 فیصد کا اضافہ ہوا۔ رپورٹ کے مطابق مالی سال 2021 میں برآمدات کا حجم 25 ارب 30 کروڑ 40 لاکھ ڈالررہا۔ حالیہ مالی سال تجارتی خسارہ 31 ارب 7 کروڑ 60 لاکھ ڈالر رہا جبکہ سالانہ بنیادوں پر غذائی اشیاء کی درآمدات 53.91 فیصد بڑھ گئیں۔
رپورٹ کے مطابق مالی سال 2021 میں 128 کروڑ ڈالر سے زائد کی چینی درآمد کی گئی، خشک میوہ جات کی درآمد میں 128.93 فیصد موبائل فونز کی درآمدات میں 50.75 فیصد کا اضافہ ہوا۔
مالی سال 2021 میں موبائل فونز کی درآمدات 2 ارب 6 کروڑ 50 لاکھ ڈالر رہیں جبکہ پاورپلانٹس کی مشینری کی درآمد میں 39.38 فیصد، کاروں کی درآمدات 134.20، ہیوی وہیکلز گاڑیوں کی درآمد میں 108.36 فیصد اضافہ ہوا جبکہ ایل این جی کی درآمد میں 1.69 فیصد کی کمی اور ٹیکسٹائل درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 52.84 فیصد کا اضافہ ہوا۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق مالی سال 2020-21 میں پام آئل کی درآمد میں 44.91 فیصد اضافہ جبکہ صرف مالی سال 2021 میں سویابین 65.97 فیصد زائد درآمد کیا گیا۔
اسی طرح سے مالی سال 2020-21 میں چاول کی برآمدات میں 6.15 فیصد، باسمتی چاول کی برآمدات میں 27.29 فیصد کمی ہوئی۔ رپورٹ کے مطابق شمپنٹ کنٹینرز کی عدم دستیابی سے چاول کی برآمدات پر فرق پڑا۔ بھارت نے صورتحال کافائدہ اٹھاتے ہوئے کم قیمت پر چاول برآمد کئےجبکہ جیوگرافیکل انڈیکینش لاء کی وجہ سے باسمتی چاول کی برآمدمیں بہتری ہوئی۔

پاکستان کا افغانستان کو ایک ہزار 800 ٹن گندم کا تحفہ

پاکستان کی جانب سے افغانستان کےعوام کیلئے گندم کاتحفہ بھیجوایا گیا ہے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی شہزاد ارباب نے کہا ہے کہ ایک ہزار800 ٹن گندم کی پہلی کھیپ افغان حکام کےحوالے کر دی گئی ہے،پاکستان مجموعی طورپر 50 ہزارٹن گندم افغانستان کوفراہم کررہاہے۔
افغانستان کو گندم کے علاوہ خوراک، ادویات اور سرد موسم سے بچاؤ کا سامان بھی بھیجوایا گیا ہے۔
شہزاد ارباب کا کہنا تھا کہ خطے کا امن و استحکام افغانستان کے امن سے وابستہ ہے۔

پشاور: انسانی سمگلنگ میں ملوث 4 رکنی گروہ گرفتار، افغانستان کی جعلی دستاویزات برآمد

ایف آئی اے نے پشاورمیں کارروائی کے دوران انسانی سمگلنگ میں ملوث چار رکنی گروہ کو گرفتار کر لیا، سینکڑوں جعلی مہریں، افغانستان کے جعلی لائسنس اور دیگر دستاویزات برآمد کر لیں۔
ایف آئی اے کے مطابق پشاور کے علاقے قصہ خوانی جھنگی محلہ بازار میں کارروائی کی گئی جس کے دوران 4 ملزموں کو گرفتار کیا گیا، کارروائی کے دوران سینکڑوں جعلی مہریں، افغانستان کے جعلی لائسنس ، جعلی نکاح نامے، وزارت داخلہ کی جعلی مہریں، امیگریشن اور افغان وزارت تعلیم کی جعلی مہروں سمیت دیگر دستاویزات برآمد کی گئیں۔
حکام کے مطابق ملزمان جعلی امیگریشن کاغذات بنانے میں مصروف تھے، جعلی افغان دستاویزات سے سرحد پار کرائی جاتی تھی، گرفتار 3 ملزمان کا تعلق پشاور جبکہ ایک کا افغانستان سے ہے ،ایف آئی اے نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئےمزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔

مالاکنڈشہر اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے، شدت 5.3 ریکارڈ

مالاکنڈ شہر اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے جن کی شدت 5.3 ریکارڈکی گئی۔
بتایا گیا ہےکہ زلزلے کی گہرائی 180 کلو میٹر تھی جبکہ مرکز افغان تاجکستان بارڈر تھا۔ زلزلے سے کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

فورسز کا ٹانک اور میرعلی میں آپریشن، 4 اہلکار شہید، 2 دہشتگرد بھی ہلاک

ٹانک اور میر علی میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں سکیورٹی فورسز کے 4 اہلکار شہید ہو گئے جبکہ آپریشن کے دوران 2 دہشت گرد بھی ہلاک ہوئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے ٹانک میں آپریشن کیا، آپریشن کے دوران 2 دہشت گرد ہلاک ہوئے جن کی شناخت شاہ زیب عرف ذاکر اور دانیال کے ناموں سے ہوئی۔
آئی ایس پی آر کے طابق آپریشن میں دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں بھی آپریشن کر کے ایک دہشت گرد کو گرفتار کیا، گرفتار دہشت گرد کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی تحویل میں لے لیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں سے مقابلے کے دوران 4 سکیورٹی اہلکار شہید ہوئے، شہدا میں بہاولنگرسے تعلق رکھنے والے حوالدار منور، لکی مروت کے سپاہی ذکاءاللہ، کوہاٹ سے تعلق رکھنے والے سپاہی فرحان اور ایبٹ آباد کے سپاہی شیراز شامل ہیں۔

ویمن ایکشن فورم نے وزیراعظم کابیان دقیانوسی قرار دے کر معافی کا مطالبہ کردیا

ویمن ایکشن فورم نے خواتین اور پختون کلچر سے متعلق  وزیراعظم عمران خان کے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)کے اجلاس میں دیے گئے بیان کو دقیانوسی سوچ کا مظہر قرار دے دیا۔

ویمن ایکشن فورم نے کہا کہ ایسے بیان سے خواتین پر تشدد بڑھے گا، وزیراعظم  بیان واپس لیں۔

فورم نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان پاکستان اور افغانستان کی تمام خواتین اور پختون عوام سے معافی مانگیں  اور یہ وضاحت کریں کہ کلچر کی آڑ میں غیرت کے نام پر قتل، کارو کاری اور ونی جیسی دقیانوسی رسمیں غیر قانونی ہیں۔

ایران نے ایک سیٹلائٹ راکٹ خلا میں بھیج دیا

ایران نے  3 تحقیقی آلات  سے لیس سیٹلائٹ کیریئر راکٹ خلا میں بھیج دیا ہے۔

سرکاری میڈیا کے مطابق جمعرات کے روز ایران کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ اس نے ایک سیٹلائٹ کیریئر راکٹ خلا میں بیھج دیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق اس راکٹ میں 3 تحقیقی آلات نصب  ہیں تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ یہ راکٹ خلا میں کب بھیجا گیا اور نہ ہی یہ واضح  ہے کہ آیا کوئی بھی چیز زمین کے گرد مدار میں داخل ہوئی ہے یا نہیں۔

تاہم ایرانی وزارت دفاع کے ترجمان احمد حسینی کا کہنا ہے کہ سیمورغ سیٹلائٹ کیریئر راکٹ(فینکس) کو 470 کلومیٹر کی بلندی پر خلا میں بھیجا گیا اس کے علاوہ اس حوالے سے  انہوں نے مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔

 انہوں نے مزید یہ کہا کہ  اس راکٹ کو خلا میں بھیجنے کے لیے جو تحقیقی اہداف پیش کیے گئے تھے وہ حاصل کر لیے گئے ہیں تاہم انہوں نے  تحقیق کی نوعیت کی وضاحت نہیں کی۔

دوسری جانب ایرانی ٹیلی ویژن نے راکٹ کے خلا میں بھیجے جانے کی فوٹیج نشر کرتے ہوئے اسے ایرانی سائنسدانوں کی ایک اور کامیابی قرار دیا۔

ایران کی جانب سے اس قبل راکٹ خلا میں بھیجنے پر امریکا کی جانب سے برہمی کا اظہار کیا گیا —فوٹو: اے پی فائل
ایران کی جانب سے اس قبل راکٹ خلا میں بھیجنے پر امریکا کی جانب سے برہمی کا اظہار کیا گیا —فوٹو: اے پی فائل

واضح رہے کہ ایران کی جانب سے خلا میں راکٹ بھیجے جانے کا اعلان اس وقت کیا گیا ہے جب ویانا میں عالمی طاقتوں کے ساتھ اس کے ٹوٹے ہوئے جوہری معاہدے پر  مذاکرات جاری ہیں۔

اس حوالے سے ویانا سے الجزیرہ سے بات کرتے ہوئے تہران یونیورسٹی کے پروفیسر محمد مراندی نے کہا ہے کہ یہ راکٹ خلا میں بھیجنا ایران کے خلائی پروگرام کا حصہ ہے اور اس کا آسٹریا کے دارالحکومت میں جاری مذاکرات پر کوئی اثر نہیں ہونا چاہیے۔

دوسری جانب ایران کے خلا میں راکٹ بھیجنے پر واشنگٹن میں تشویش پیداہوگئی ہے کہ سیٹلائٹ لانچ کرنے کے لیے استعمال ہونے والی ٹیکنالوجی ایران کے بیلسٹک میزائل کی ترقی کو آگے بڑھا سکتی ہے۔

امریکا کا کہنا ہے کہ اس طرح کے سیٹلائٹ لانچ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کی خلاف ورزی ہیں جس میں ایران پر زور دیا گیا ہے کہ وہ جوہری ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھنے والے بیلسٹک میزائلوں سے متعلق کسی بھی سرگرمی سے باز رہے۔

خیال رہے کہ ایران کی جانب سے اس قبل راکٹ خلا میں بھیجنے پر امریکا کی جانب سے برہمی کا اظہار کیا گیا اور2018 میں اس پر دوبارہ پابندیاں عائد کر دی گئی تھیں۔

کوئٹہ میں سائنس کالج کے باہر دھماکا، 3افراد جاں بحق

کوئٹہ میں جناح روڈ پر واقع سائنس کالج کے مرکزی دروازے کے قریب دھماکا ہوا ہے، پولیس کے مطابق واقعے میں 3 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہوگئے۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں اور لاشوں کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور غیر متعلقہ افراد کو اس مقام سے دور رکھا جارہا ہے۔ پولیس نے دھماکے کی نوعیت جاننے کیلئے تحقیقات شروع کردیں۔

پی ٹی آئی پاکستان کی مقبول اور منظم ترین سیاسی قوت ہے: عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف پاکستان کی مقبول اور منظم ترین سیاسی قوت ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا، چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے اجلاس کی صدارت کی، وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اور مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر سمیت سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اراکین نے شرکت کی۔
اجلاس میں تحریک انصاف کے آئین پر نظرِثانی کیلئے قائم کردہ خصوصی کمیٹی کی پیش کردہ سفارشات پر غور کیا گیا اورچیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے نظرِثانی کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں نئی آئینی سکیم کی منظوری دے دی۔
وزیراعظم نے سیکرٹری جنرل کی قیادت میں نئے نامزد کردہ ذمہ داران کو نچلی ترین سطح تک تنظیم سازی کا عمل جلد از جلد مکمل کرنے کی فوری ہدایت کر دی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف پاکستان کی مقبول اور منظم ترین سیاسی قوت ہے، سیاسی و انتظامی طور پر نچلی ترین سطح تک عوام کو بااختیار بنانے کے ہدف کی جانب بڑھ رہے ہیں، قومی تعمیر و ترقی کے عمل میں سماج کے غریب طبقے کی بہبود پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں، صحت کارڈ سے سستے راشن کی اسکیموں تک حکومت فلاحی ریاست کی طرز پر عوامی بہبود پر غیر معمولی وسائل صرف کررہی ہے، کارکنان تحریک انصاف کی حکومت کے فلاحی منصوبوں کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے عمل میں شرکت کریں، تحریک انصاف کے تنظیمی ذمہ داران ہر سطح پر خود کو منظم اور آئندہ کے سیاسی چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کی تیاری کریں۔