All posts by Muhammad Saqib

کوئی ایشین ٹائیگر، مدینہ کی ریاست کا مقابلہ نہیں کر سکتا، وزیر اعظم

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم اس راستے پر چل رہے ہیں جو قوم کی عظمت کا راستہ ہے جبکہ کوئی ایشین ٹائیگر، مدینہ کی ریاست کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔

لاہور میں صحت کارڈ کی تقسیم سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اتنے بڑے فیصلے کوئی نہیں کر سکتا، نہ پاکستان کی کسی حکومت نے ایسا اقدام کیا۔

انہوں نے کہا کہ جب میں برطانیہ گیا تو میں نے پہلی بار فلاحی ریاست دیکھی، فلاحی ریاست وہ ہوتی ہے جو لوگوں کی مدد کرتی ہے، فلاحی ریاست ایک عام آدمی کی بنیادی ضروریات پوری کرتی ہے، وہ یہ نہیں چاہتی کہ خاص طبقہ ترقی کرے، وہ چاہتی ہے کہ سب ترقی کریں۔

ن کا کہنا تھا کہ یہ ریاست پہلی بار نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے بنائی تھی، پہلی بار ایک ریاست نے کمزور طبقے کی ذمہ داری لی تھی، اگر وہ ماڈل آپ نے دنیا میں دیکھنا ہے وہ مسلمان ممالک میں نہیں بلکہ یورپ میں ہے، وہاں اپنے کمزور طبقے کی مکمل ذمہ داری ریاست نے لی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب اللہ پاک ہمیں حکم کرتا ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے راستے پر چلو تو اس میں ہماری بہتری ہے، جو قوم مدینہ کی ریاست اور نبی کی سنت پر چلے گی تو ترقی کرے گی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ مغربی ممالک میں وسائل کم ہیں لیکن وہاں خوشحالی زیادہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا خطاب رحمت اللعالمین تھا، رحمت المسلمین نہیں تھا، یعنی ان کے راستے پر جو چلے گا وہ ترقی کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سب سے زیادہ روزے رکھے جاتے ہیں، نمازیں بھی زیادہ ہوتی ہیں، ہماری تبلیغی جماعتیں اتنے بڑے بڑے اجتماعات کر رہی ہیں لیکن ہم نبی کے راستے پر نہیں چلتے۔

عمران خان نے کہا کہ پنجاب کی حکومت اور ہم جو اقدام اٹھا رہے ہیں، ہم اس راستے پر چل رہ ہیں جو قوم کی عظمت کا راستہ ہے، یہاں حکمرانوں کو دیکھیں تو کہتے ہیں کہ ہم پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنانا چاہتے ہیں تو کیا کوئی ایشین ٹائیگر، مدینہ کی ریاست کا مقابلہ کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس راستے پر جانا چاہتے ہیں جس کے لیے پاکستان بنا تھا، اگر پاکستان اس راستے پر نہیں چلا تو یہ ہندوستان سے آنے والے لوگوں کے ساتھ دھوکا ہوگا، یہ ان لوگوں کے لیے دھوکا ہوگا جو جانتے تھے کہ انہیں پاکستان میں نہیں آنا لیکن انہوں نے پاکستان کے حق میں ووٹ دیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ تقاریر میں ہم نے اس ریاست کا بڑا نام لیا لیکن عملی طور پر ایسا کچھ نہیں ہوا۔

وزیر اعظم نے ایک بار پھر عثمان بزدار اور یاسمین راشد کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ تقریباً 400 ارب روپے خرچ کے جو صحت انشورنس ملے گی اس کے حوالے سے وقت بتائے گا کہ آپ نے جو کام کیا ہے وہ میٹرو ٹرین اور دیگر منصوبوں کے مقابلے اس قوم کو کتنی دور لے کر جائے گا۔

نہوں نے کہا کہ اللہ نے کبھی نہیں کہا کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی منزل پر چلو کیونکہ ہم ان کی منزل تک نہیں پہنچ سکتے، اللہ نے ہمیں ان کے راستے پر چلنے کا حکم دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 400 ارب روپے کی یہ صحت انشورنس مارچ تک سب کو مل جائے گی، یہ فلاحی ریاست کی طرف پہلا قدم ہے، اس سے پاکستان میں ایک ہیلتھ اسٹرکچر بن جائے گا۔

عمران خان نے کہا کہ اب حکومت کو ہسپتال بنانے کے لیے پیسے نہیں لگانے پڑے گے، ہم نجی شعبوں کو جگہ دیں گے وہ خود ہسپتال بنائیں گے، ہمارا کام ہے نجی شعبوں کو میڈیکل آلات فراہم کرنا۔

انہوں نے کہا کہ جتنے ضلعی ہسپتالوں میں ڈاکٹرز نہیں جاتے ہیں انہیں بند کرکے نجی شعبوں کے حوالے کردیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلی دفعہ ہم نے گھروں کی تعمیر کے لیے کم آمدن والے افراد کو بینکوں کے ذریعے قرضے دینے کا اعلان کیا ہے، ہم نے قانون میں تبدیلی کے ذریعے بینکوں کی مدد کی اور رکاوٹیں دور کی۔

وزیر اعظم نے بتایا کہ ہوم فنانسنگ کے لیے مجموعی طور 260 ارب روپے کی درخواستیں موصول ہوئیں جبکہ بینکس 110 ارب روپے کے قرضے منظور کر چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے 20 لاکھ خاندانوں کو بلاسود 27 لاکھ روپے تک کے قرضے اور راشن پروگرام کے تحت 54 فیصد آبادی کو راشن دینے کا اعلان کیا ہے، جبکہ کامیاب پاکستان پروگرام میں ہم شہر میں نوجوانوں کو 5 لاکھ اور کسانوں کو 5 لاکھ روپے تک بلاسود قرضے دے رہے ہیں، اس پروگرام کی نگرانی ایک کمیٹی کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں سب کو مارچ تک ہیلتھ کارڈ دے دیا جائے گا، خیبر پختونخوا میں سب کو ہیلتھ کارڈ مل چکا ہے اور اب بلوچستان، گلگت بلتستان اور کشمیر میں لوگوں کو ہیلتھ کارڈ پہنچانا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے صحت سہولت پروگرام کے تحت 2016 میں خیبرپختونخوا میں پہلی مرتبہ صحت انشورنس اسکیم کو شروع کیا گیا تھا۔

کسی کو علاج کیلئے لندن، امریکہ جانے کی ضرورت نہیں، عثمان بزدار

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ اب کسی کو علاج کے لیے لندن یا امریکہ جانے کی ضرورت نہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے نیا پاکستان قومی صحت کارڈ کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسل ہیلتھ کیئر پروگرام کا آغاز ساہیوال اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن سے کیا اور اب مارچ تک پنجاب بھر میں نیا پاکستان قومی صحت کارڈ لانچ کر دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ساڑھے 11 کروڑ افراد کو علاج کی مفت سہولت فراہم کریں گے جبکہ عوام کی فلاح و بہبود آئین اور پی ٹی آئی کے ایجنڈے کا حصہ ہے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب بھر میں 23 اسپتالوں کی تعمیر کے منصوبے پایہ تکمیل تک پہنچائے جائیں گے جبکہ پنجاب بھر میں 158 اسپتالوں اور طبی مراکز کی اپ گریڈیشن کی جا چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صحت کے 91 منصوبے ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج کے تحت مکمل کیے جائیں گے اور اب اب کسی کو علاج کے لیے لندن یا امریکہ جانے کی ضرورت نہیں ہو گی۔

پیپلزپارٹی اور ن لیگ کی فنڈنگ تفصیلات میں کروڑوں روپے کی رسیدیں نہ ہونے کا انکشاف

تحریک انصاف کی جائزہ رپورٹ میں مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کی فنڈنگ میں کروڑوں روپے مالیت کی ڈونیشن کی رسیدیں نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
نجی نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن میں سیاسی جماعتوں کے فارن فنڈنگ کیس میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی فنڈنگ تفصیلات میں مبینہ اکاؤنٹس کی موجودگی پر نیا پنڈورا بکس کھلنے کا امکان ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی الیکشن کمیشن میں فارن فنڈنگ تفصیلات میں اہم انکشافات سامنے آگئے ہیں، تحریک انصاف آئندہ ہفتے اپنے اعتراضات الیکشن کمیشن کی اسکروٹنی کمیٹی کو جمع کرائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کی فنڈنگ تفصیلات کے حوالے سے پی ٹی آئی اعتراضات کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں، جس میں کروڑوں روپے مالیت کی ڈونیشن کی رسیدیں نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے، کس نے چندہ دیا کس نے امداد دی، بڑی اہم رقوم کا ریکارڈ ہی نہیں ہے، مسلم لیگ ن کے 9 اکاؤنٹس میں سے 7 اکاؤنٹس کی بینک اکاؤنٹس کی بینک اسٹیٹمنٹ نہیں دی گئی۔2013 سے 15 تک پی ٹی ائی آڈیٹرز نے ن لیگ کے مبینہ 7 اکاؤنٹس کی نشاندہی کر دی ہے جو الیکشن کمیشن سے چھپائے گئے، 5 اکاونٹ پنجاب کے پی کے اور سندھ میں چل رہے تھے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی ائی کے مرتب اعتراضات میں بتایا گیا ہے کہ ن لیگ مبینہ طور پر 45 کروڑ سے زائد کا حساب پیش کرنے میں ناکام رہی ہے، صرف دو فیصد کا مسلم لیگ ن ریکارڈ پیش کرسکی، الیکشن کے لئے پارٹی ٹکٹ کی مد میں ساڑھے 16 کروڑ کا ریکارڈ پیش نہ کیا گیا۔
پی ٹی ائی جائزہ رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ حنیف خان کے نام سے 45 کروڑ اور بھون داس سے 3 کروڑ کی رقم لی گئی، اس رقم کا ریکارڈ بھی پیش نہ کیا جاسکا، مسلم لیگ ن کو 2013 سے 2015 کے 3 سالوں میں 46 کروڑ کے عطیات آئے، ایک کروڑ 65 لاکھ کے اخراجات کا کوئی حساب نہ دیا جاسکا۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی اور پیپلز پارٹی پارلیمٹیرین کے ایک دوسرے کو رقوم منتقل کرنے کا بھی انکشاف ہوا ہے، جس میں 10 کروڑ روپے کے قریب پی پی پی پارلیمنٹرین نے پیپلز پارٹی کو خلاف ضابطہ دئیے، پیپلز پارٹی کا 35 کروڑ عطیات کا تصدیق شدہ ریکارڈ پیش نہیں کیا گیا، 2013 میں 9 ، 2014 میں 11، 2015 میں 10 اکاؤنٹس کی پیپلز پارٹی نے بینک اسٹیٹمنٹ الیکشن کمیشن میں جمع نہیں کروائی۔

سالانہ بنیادوں پر ملکی درآمدات میں 26 فیصد سے زائد اضافہ ہوا، تجزیاتی رپورٹ جاری

سالانہ بنیادوں پر ملکی درآمدات میں 26 فیصد سے زائد کا اضافہ ہوا، حالیہ مالی سال میں تجارتی خسارہ 31 ارب سے تجاوز کر گیا۔ سالانہ بنیادوں پر غزائی اشیاء کی درآمدات میں بھی 54 فیصد کے قریب اضافہ ہو ا ہے۔
ادادہ شماریات نے سالانہ تجزیاتی رپورٹ جاری کر دی جس کے مطابق ملکی درآمدات میں 26.55 فیصد کا اضافہ ہوا۔ مالی سال 2021 میں درآمدات کا حجم 56 ارب 38 کروڑ ڈالر رہا۔ سالانہ بنیادوں پر ہی برآمدات میں 18.28 فیصد کا اضافہ ہوا۔ رپورٹ کے مطابق مالی سال 2021 میں برآمدات کا حجم 25 ارب 30 کروڑ 40 لاکھ ڈالررہا۔ حالیہ مالی سال تجارتی خسارہ 31 ارب 7 کروڑ 60 لاکھ ڈالر رہا جبکہ سالانہ بنیادوں پر غذائی اشیاء کی درآمدات 53.91 فیصد بڑھ گئیں۔
رپورٹ کے مطابق مالی سال 2021 میں 128 کروڑ ڈالر سے زائد کی چینی درآمد کی گئی، خشک میوہ جات کی درآمد میں 128.93 فیصد موبائل فونز کی درآمدات میں 50.75 فیصد کا اضافہ ہوا۔
مالی سال 2021 میں موبائل فونز کی درآمدات 2 ارب 6 کروڑ 50 لاکھ ڈالر رہیں جبکہ پاورپلانٹس کی مشینری کی درآمد میں 39.38 فیصد، کاروں کی درآمدات 134.20، ہیوی وہیکلز گاڑیوں کی درآمد میں 108.36 فیصد اضافہ ہوا جبکہ ایل این جی کی درآمد میں 1.69 فیصد کی کمی اور ٹیکسٹائل درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 52.84 فیصد کا اضافہ ہوا۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق مالی سال 2020-21 میں پام آئل کی درآمد میں 44.91 فیصد اضافہ جبکہ صرف مالی سال 2021 میں سویابین 65.97 فیصد زائد درآمد کیا گیا۔
اسی طرح سے مالی سال 2020-21 میں چاول کی برآمدات میں 6.15 فیصد، باسمتی چاول کی برآمدات میں 27.29 فیصد کمی ہوئی۔ رپورٹ کے مطابق شمپنٹ کنٹینرز کی عدم دستیابی سے چاول کی برآمدات پر فرق پڑا۔ بھارت نے صورتحال کافائدہ اٹھاتے ہوئے کم قیمت پر چاول برآمد کئےجبکہ جیوگرافیکل انڈیکینش لاء کی وجہ سے باسمتی چاول کی برآمدمیں بہتری ہوئی۔

پاکستان کا افغانستان کو ایک ہزار 800 ٹن گندم کا تحفہ

پاکستان کی جانب سے افغانستان کےعوام کیلئے گندم کاتحفہ بھیجوایا گیا ہے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی شہزاد ارباب نے کہا ہے کہ ایک ہزار800 ٹن گندم کی پہلی کھیپ افغان حکام کےحوالے کر دی گئی ہے،پاکستان مجموعی طورپر 50 ہزارٹن گندم افغانستان کوفراہم کررہاہے۔
افغانستان کو گندم کے علاوہ خوراک، ادویات اور سرد موسم سے بچاؤ کا سامان بھی بھیجوایا گیا ہے۔
شہزاد ارباب کا کہنا تھا کہ خطے کا امن و استحکام افغانستان کے امن سے وابستہ ہے۔

پشاور: انسانی سمگلنگ میں ملوث 4 رکنی گروہ گرفتار، افغانستان کی جعلی دستاویزات برآمد

ایف آئی اے نے پشاورمیں کارروائی کے دوران انسانی سمگلنگ میں ملوث چار رکنی گروہ کو گرفتار کر لیا، سینکڑوں جعلی مہریں، افغانستان کے جعلی لائسنس اور دیگر دستاویزات برآمد کر لیں۔
ایف آئی اے کے مطابق پشاور کے علاقے قصہ خوانی جھنگی محلہ بازار میں کارروائی کی گئی جس کے دوران 4 ملزموں کو گرفتار کیا گیا، کارروائی کے دوران سینکڑوں جعلی مہریں، افغانستان کے جعلی لائسنس ، جعلی نکاح نامے، وزارت داخلہ کی جعلی مہریں، امیگریشن اور افغان وزارت تعلیم کی جعلی مہروں سمیت دیگر دستاویزات برآمد کی گئیں۔
حکام کے مطابق ملزمان جعلی امیگریشن کاغذات بنانے میں مصروف تھے، جعلی افغان دستاویزات سے سرحد پار کرائی جاتی تھی، گرفتار 3 ملزمان کا تعلق پشاور جبکہ ایک کا افغانستان سے ہے ،ایف آئی اے نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئےمزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔

مالاکنڈشہر اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے، شدت 5.3 ریکارڈ

مالاکنڈ شہر اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے جن کی شدت 5.3 ریکارڈکی گئی۔
بتایا گیا ہےکہ زلزلے کی گہرائی 180 کلو میٹر تھی جبکہ مرکز افغان تاجکستان بارڈر تھا۔ زلزلے سے کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

فورسز کا ٹانک اور میرعلی میں آپریشن، 4 اہلکار شہید، 2 دہشتگرد بھی ہلاک

ٹانک اور میر علی میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں سکیورٹی فورسز کے 4 اہلکار شہید ہو گئے جبکہ آپریشن کے دوران 2 دہشت گرد بھی ہلاک ہوئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے ٹانک میں آپریشن کیا، آپریشن کے دوران 2 دہشت گرد ہلاک ہوئے جن کی شناخت شاہ زیب عرف ذاکر اور دانیال کے ناموں سے ہوئی۔
آئی ایس پی آر کے طابق آپریشن میں دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں بھی آپریشن کر کے ایک دہشت گرد کو گرفتار کیا، گرفتار دہشت گرد کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی تحویل میں لے لیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں سے مقابلے کے دوران 4 سکیورٹی اہلکار شہید ہوئے، شہدا میں بہاولنگرسے تعلق رکھنے والے حوالدار منور، لکی مروت کے سپاہی ذکاءاللہ، کوہاٹ سے تعلق رکھنے والے سپاہی فرحان اور ایبٹ آباد کے سپاہی شیراز شامل ہیں۔

ویمن ایکشن فورم نے وزیراعظم کابیان دقیانوسی قرار دے کر معافی کا مطالبہ کردیا

ویمن ایکشن فورم نے خواتین اور پختون کلچر سے متعلق  وزیراعظم عمران خان کے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)کے اجلاس میں دیے گئے بیان کو دقیانوسی سوچ کا مظہر قرار دے دیا۔

ویمن ایکشن فورم نے کہا کہ ایسے بیان سے خواتین پر تشدد بڑھے گا، وزیراعظم  بیان واپس لیں۔

فورم نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان پاکستان اور افغانستان کی تمام خواتین اور پختون عوام سے معافی مانگیں  اور یہ وضاحت کریں کہ کلچر کی آڑ میں غیرت کے نام پر قتل، کارو کاری اور ونی جیسی دقیانوسی رسمیں غیر قانونی ہیں۔

ایران نے ایک سیٹلائٹ راکٹ خلا میں بھیج دیا

ایران نے  3 تحقیقی آلات  سے لیس سیٹلائٹ کیریئر راکٹ خلا میں بھیج دیا ہے۔

سرکاری میڈیا کے مطابق جمعرات کے روز ایران کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ اس نے ایک سیٹلائٹ کیریئر راکٹ خلا میں بیھج دیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق اس راکٹ میں 3 تحقیقی آلات نصب  ہیں تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ یہ راکٹ خلا میں کب بھیجا گیا اور نہ ہی یہ واضح  ہے کہ آیا کوئی بھی چیز زمین کے گرد مدار میں داخل ہوئی ہے یا نہیں۔

تاہم ایرانی وزارت دفاع کے ترجمان احمد حسینی کا کہنا ہے کہ سیمورغ سیٹلائٹ کیریئر راکٹ(فینکس) کو 470 کلومیٹر کی بلندی پر خلا میں بھیجا گیا اس کے علاوہ اس حوالے سے  انہوں نے مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔

 انہوں نے مزید یہ کہا کہ  اس راکٹ کو خلا میں بھیجنے کے لیے جو تحقیقی اہداف پیش کیے گئے تھے وہ حاصل کر لیے گئے ہیں تاہم انہوں نے  تحقیق کی نوعیت کی وضاحت نہیں کی۔

دوسری جانب ایرانی ٹیلی ویژن نے راکٹ کے خلا میں بھیجے جانے کی فوٹیج نشر کرتے ہوئے اسے ایرانی سائنسدانوں کی ایک اور کامیابی قرار دیا۔

ایران کی جانب سے اس قبل راکٹ خلا میں بھیجنے پر امریکا کی جانب سے برہمی کا اظہار کیا گیا —فوٹو: اے پی فائل
ایران کی جانب سے اس قبل راکٹ خلا میں بھیجنے پر امریکا کی جانب سے برہمی کا اظہار کیا گیا —فوٹو: اے پی فائل

واضح رہے کہ ایران کی جانب سے خلا میں راکٹ بھیجے جانے کا اعلان اس وقت کیا گیا ہے جب ویانا میں عالمی طاقتوں کے ساتھ اس کے ٹوٹے ہوئے جوہری معاہدے پر  مذاکرات جاری ہیں۔

اس حوالے سے ویانا سے الجزیرہ سے بات کرتے ہوئے تہران یونیورسٹی کے پروفیسر محمد مراندی نے کہا ہے کہ یہ راکٹ خلا میں بھیجنا ایران کے خلائی پروگرام کا حصہ ہے اور اس کا آسٹریا کے دارالحکومت میں جاری مذاکرات پر کوئی اثر نہیں ہونا چاہیے۔

دوسری جانب ایران کے خلا میں راکٹ بھیجنے پر واشنگٹن میں تشویش پیداہوگئی ہے کہ سیٹلائٹ لانچ کرنے کے لیے استعمال ہونے والی ٹیکنالوجی ایران کے بیلسٹک میزائل کی ترقی کو آگے بڑھا سکتی ہے۔

امریکا کا کہنا ہے کہ اس طرح کے سیٹلائٹ لانچ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کی خلاف ورزی ہیں جس میں ایران پر زور دیا گیا ہے کہ وہ جوہری ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھنے والے بیلسٹک میزائلوں سے متعلق کسی بھی سرگرمی سے باز رہے۔

خیال رہے کہ ایران کی جانب سے اس قبل راکٹ خلا میں بھیجنے پر امریکا کی جانب سے برہمی کا اظہار کیا گیا اور2018 میں اس پر دوبارہ پابندیاں عائد کر دی گئی تھیں۔