All posts by Muhammad Saqib

دبئی میں پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور نے میرا دل جیت لیا: بھارتی گلوکار

دبئی : (ویب ڈیسک) بھارت کے معروف گلوکار اور رئیلٹی شو بگ باس سیزن 14 کے رنر اپ اور خطروں کے کھلاڑی کے امید وار راہول ویدیا کا دبئی میں ایک پاکستانی مداح نے دل جیت لیا۔
راہول ویدیا ان دنوں دبئی میں موجود ہیں جہاں سے انہوں نے انسٹاگرام اسٹوری پر ایک مداح کے ساتھ تصویر شیئر کی۔
سوشل میڈیا صارفین سمیت بھارتی میڈیا میں یہ تصویر تیزی سے وائرل ہوئی جس کی وجہ گلوکار کی جانب سے لکھا گیا کیپشن تھا۔
انہوں نے بتایا کہ یہ دبئی میں پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور ہیں جنہوں نے مجھ سے کہا کہ وہ مجھ سے میرا 50 درہم کا کرایہ وصول نہیں کریں گے۔
راہول نے لکھا کہ اس پرستار نے مجھے وجہ بتائی کہ میں آپ کا بگ باس سے فین ہوں۔
گلوکار نے کہا کہ یہ دبئی میں رہنے کے لیے ٹیکسی چلاتا ہے لیکن اس کے اس انداز نے میرا دل جیت لیا۔راہول کا کہنا تھا کہ میں نے اس سے اصرار کیا کہ وہ کرایہ لے اور آخر میں اس کی جانب سے بڑا دل دکھانے پر میں نے اسے دُگنا معاوضہ دیا۔
راہول ویدیا کی پاکستان مداح کے ہمراہ یہ تصویر سوشل میڈیا پر مقبول ہے جس پر پاکستانی سمیت بھارتی صارفین بھی ٹیکسی ڈرائیور کو سراہ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ راہول ویدیا نے بگ باس سیزن 14 میں شرکت کی تھی، اس سیزن سے راہول کی مقبولیت میں خاصہ اضافہ ہوا۔ ان کے مشہور گانوں میں یاد تیری، شاید پھر سے، مدھانیا اور گربے کی رات شامل ہیں۔

آسٹریلین اسپیس ایوارڈز، دو پاکستانی بھائی فائنلسٹ کیلئے نامزد

سڈنی : (ویب ڈیسک) پاکستان سے تعلق رکھنے والے دو بھائیوں ڈاکٹر محمد اکبر حسین اور محمد مہدی حسین نے ملک کا نام عالمی سطح پر روشن کردیا۔
مستقبل میں انسان کے مریخ پر جابسنے کا تصور ہی خواب و خیال لگتا ہے لیکن پاکستان کے دوبھائی اس خواب کی تعبیر کے مشن پر کام کررہے ہیں۔
یہ پاکستان کے لیے اعزاز ہے کہ پاکستانی بھائیوں کی اسپیس ٹیکنالوجی کمپنیاں آسٹریلین اسپیس ایوارڈز 2022 میں فائنلسٹ کے لیے نامزد ہو گئی ہیں۔
مریخ ڈائنامِکس اور SCOOP نامی اسپیس ٹیکنالوجی کمپنیز پاکستانی بھائی ڈاکٹر محمد اکبر حسین اور محمد مہدی حسین چلارہے ہیں۔
دونوں بھائیوں کو بہترین اسٹارٹ اپ آف دی ایئر ایوارڈ اور انوویٹر آف دی ایئر ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا، اسپیس ایوارڈ آج سڈنی میں منعقد کیے جائیں گے۔
مریخ ڈائنامکس کیا ہے؟
مریخ ڈائنامکس ایک خلائی ٹیکنالوجی اسٹارٹ اپ کمپنی ہے جس کے ذریعے مریخ پر انسانی رہائش کے لیے انجیئنرنگ حل دیا جارہا ہے، مریخ ڈائنامکس میں کریٹر ہاب ڈیزائن کی بنیاد پر کم قیمت، انتہائی مؤثررہائش کے ماڈلز پیش کیے گئے۔
سدرن کراس آؤٹ ریچ آبزرویٹری پراجیکٹ (SCOOP) آسٹریلیا کی پہلی موبائل فلکیاتی رسد گاہ ہے، اسکوپ کا نیٹ ورک بڑھا کر خلائی ملبے کی نشاندہی اور اس کے خاتمے کے لیے حل دیا گیا ہے۔
بیکار یا تباہ ہوجانے والے سیٹلائٹ کا کچرا کروڑوں کی تعدادمیں خلا میں رہ جاتا ہے۔
صدر پاکستان آسٹرونومرز سوسائٹی مہدی حسین کا کہنا ہے کہ یہ مدار میں گھومنے والے سیٹلائیٹ کے لیے خطرناک ہوتا ہے۔

چین میں گرنے والے مسافر طیارے کا بلیک باکس مل گیا

چین : (ویب ڈیسک) چین میں گر کر تباہ ہونے والے مسافر طیارے کا بلیک باکس مل گیا۔
چینی حکام کے مطابق اب تک بوئنگ 737 کا ایک بلیک باکس ملا ہے تاہم یہ واضح نہیں کہ وہ ڈیٹا ریکارڈر ہے یا وائس ریکارڈر ہے۔
خیال رہے کہ رواں ہفتے چین میں مسافر طیارہ 29 ہزار فٹ کی بلندی سے گر کر تباہ ہوگیا تھااور حادثے کے نتیجے میں عملے، مسافر وں سمیت تمام 132 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی (اے ایف پی) کے مطابق چینی فضائی کمپنی چائنا ایسٹرن ائیرلائنز کا بوئنگ 737-800 مسافر طیارہ کن منگ ائیرپورٹ سے روانہ ہوا تھااور گوانگ شی ریجن کے شہر ووزہو میں اس کا رابطہ کنٹرول روم سے منقطع ہوا۔

کراچی: کچرا چننے والا نوجوان کرنٹ لگنے سے جاں بحق

کراچی: (ویب ڈیسک) لیاقت آباد سندھی ہوٹل کے قریب کچرا چننے والا نوجوان کچرا چنتے ہوئے کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگیا۔
علاقہ مکینوں کے مطابق جاں بحق نوجوان گلی میں کچرا چننے کے لیے آیا تھا لیکن گلی میں اندھیرا بھی بہت تھا جب کہ سیوریج کا پانی بھی کھڑا تھا۔علاقہ مکینوں کا بتانا ہے کہ اندھیری گلی سے گزرنے کے لیے نوجوان نے گرل کو پکڑا تو گرل میں کرنٹ ہونے کی وجہ سے اسے زوردار کرنٹ کا جھٹکا لگا جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔
علاقہ مکینوں کے مطابق گرل میں گھر سے آنے والی بجلی کی تار لپٹی ہوئی تھی جس کی وجہ سے گرل میں کرنٹ تھا۔
متوفی نوجوان کی شناخت نہیں ہوسکی،علاقہ مکینوں اور پولیس نے متوفی کی لاش کو پولیس کے حوالے کردیا۔

روس کا قدرتی گیس کی قیمت ڈالر اور یورو کے بجائے روبل میں لینے کا اعلان

روس : (ویب ڈیسک) روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے قدرتی گیس کی قیمت ڈالر اور یورو کے بجائے روسی کرنسی روبل میں لینےکا اعلان کر دیا۔
ولادیمیر پیوٹن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئی وجہ نہیں کہ امریکا اور یورپ کو اشیا دیں اور قیمت ڈالر یا یورو میں لیں۔
روسی صدر کا کہنا تھا کہ غیر دوست ممالک کو پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت روبل میں کریں گے۔دوسری جانب اٹلی کا کہنا ہے کہ روس سے گیس کی خرید یورو ہی میں کی جانی چاہیے، روس سے گیس کی خرید روبل میں کرنے کا تاحال فیصلہ نہیں کیا۔
اٹلی کا کہنا ہے کہ روسی صدر کی جانب سے یورو کے بجائے روبل میں ادائیگی کا مطالبہ پابندیوں سے بچنے کی کوشش ہے۔
آسٹریا کا کہنا ہے کہ روس سے گیس کی خرید روبل نہیں یورو ہی میں کریں گے۔
خیال رہے کہ روس کی جانب سے یوکرین پر حملے کے بعد امریکا اور برطانیہ سمیت متعدد یورپی ممالک روس پر معاشی پابندیوں کا اعلان کر چکے ہیں۔

کیف: روسی فوج کے حملے میں روس کی خاتون صحافی ہلاک

کیف : (ویب ڈیسک) دوسری جانب یوکرین پر روسی حملے کو ایک ماہ مکمل ہوگیا اور اب یوکرینی صدر نے دنیا بھر میں روس کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا مطالبہ کیا ہے۔یوکرین کے دارالحکومت کیف میں روسی فوج کی گولہ باری کے دوران روسی خاتون صحافی ہلاک ہوگئی۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق روس سے تعلق رکھنے والی اوکسانا بؤلینا یوکرین میں رہائش پذیر تھیں اور تحقیقاتی ویب سائٹ دی انسائیڈر کے لیے کیف اور یوکرین کے دیگر شہروں سے رپورٹنگ کر تی تھیں۔
اوکسانا نے اس وقت اپنی آخری سانسیں لیں جب وہ یوکرین کے ضلع پوڈیل میں ہونے والے نقصانات کی فلم بندی میں مصروف تھیں۔
اس کے علاوہ یوکرین کی صورتحال پر نیٹو کانفرنس آج برسلز میں ہوگی جس میں شرکت کے لیے امریکی صدر جو بائیڈن برسلز پہنچ گئے ہیں۔
نیٹو چیف کا کہنا ہےکہ برسلز میں ہونے والے اجلاس میں 4 جنگی گروپ بھیجنے کی منظور ی دی جائے گی، یہ گروپ بلغاریہ،ہنگری، رومانیہ اور سلوواکیہ بھیجے جائیں گے۔
تاہم روس نے خبر دار کیا ہے کہ نیٹو دستہ یوکرین آیا تو روس سےبراہ راست لڑائی ہوگی۔
روس کی جانب سے جاری بمباری پر جرمنی نے یوکرین کو 2 ہزار سے زائد ٹینک شکن ہتھیار دینے کا اعلان کیا ہے۔

پنجاب کانسٹیبلری کی مزید نفری اسلام آباد پولیس کے حوالے کرنے کا حکم جاری

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب کانسٹیبلری کی مزیدنفری اورگاڑیاں اسلام آبادپولیس کےحوالے کرنے کا حکم نامہ جاری کر دیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب کانسٹیبلری کی ایک ہزار نفری اسلام آباد پولیس کےحوالےکی جائےگی۔
اس کےعلاوہ 2 بکتربند گاڑیاں اور 5 قیدی وین بھی اسلام آباد پولیس کے حوالے کی جائیں گی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ پنجاب کانسٹیبلری کی نفری کی رہائش کا انتظام اسلام آباد پولیس کرےگی۔۔ ڈیوٹی کےبعد نفری اور گاڑیاں پنجاب کانسٹیبلری کو واپس بھیج دی جائیں گی۔

اس سے بڑی ریلی تو کونسلر نکالتی ہے: شہباز گل نے بلاول کے جلسے کی ویڈیو شیئر کر دی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گل نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے مالاکنڈ جلسے کی ایک ویڈیو شیئر کی ہے۔
شہباز گل کی جانب سے بلاول بھٹو زرداری کے مالا کنڈ جلسے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ایک کیپشن بھی تحریر کیا گیا ہے۔وزیراعظم کے معاون خصوصی نے ویڈیو کے ساتھ لکھا کہ یہ تو حالت ہے بلاول کے جلسے کی جس نے انقلاب لانا ہے۔
شہباز گل نے ٹوئٹر پر مزید لکھا کہ اس سے بڑی ریلی تو کونسلر نکالتی ہے۔

کراچی: شہری نے لوٹ مار کیلئے آنے والے ڈاکو کو فائرنگ سے ہلاک کردیا

کراچی: (ویب ڈیسک) سپر ہائی وے پر کار سوار شہری نے لوٹ مار کی کوشش کرنے والے ڈاکو پر فائرنگ کرکے اسے ہلاک کردیا۔
پولیس کے مطابق سپرہائی وے پر جمالی پل کے قریب دو ملزمان نے کار سوار عرفان اللّہ کو لوٹنے کی کوشش کی جسے شہری نے ناکام بنادیا۔
پولیس کا کہنا ہےکہ شہری نے لوٹ مارکرنے والے ملزمان پرذاتی اسلحہ سے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ایک ملزم ہلاک اور اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔
پولیس کےمطابق ہلاک ملزم سے اسلحہ اور موٹرسائیکل ملی ہے۔

شریف خاندان کیخلاف کیس: رپورٹ میں کہیں نہیں لکھا منی لانڈرنگ ہوئی، سرکاری افسر کا اعتراف

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہورکی احتساب عدالت میں شہباز شریف خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں ایس ای سی پی کے افسر نے تسلیم کیا کہ انہوں نے اپنی رپورٹ میں کہیں نہیں لکھاکہ منی لانڈرنگ ہوئی ہے۔
احتساب عدالت لاہورمیں شہباز شریف اور ان کےخاندان کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس پر سماعت ہوئی جس میں شہباز شریف وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے سلسلے میں سیاسی مصروفیات کے باعث پیش نہ ہوئے تاہم حمزہ شہباز نےحاضری مکمل کرائی۔عدالت میں نیب کے 4گواہوں پر جرح ہوئی جس میں نیب کے گواہ ایس ای سی پی کے افسر یاسر بھٹی نے جرح میں تسلیم کیا کہ انہوں نے اپنی رپورٹ میں کہیں منی لانڈرنگ نہیں لکھا، ان کی رپورٹ میں کسی شخص یا کمپنی کو بے نامی بھی نہیں لکھا گیا۔
دوسری جانب میڈیا سے گفتگو میں حمزہ شہباز نے کہا کہ جب سے تحریک عدم اعتماد سامنےآئی ہے، عمران نیازی حواس باختہ ہو گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں جب لوگ پی ٹی آئی میں شامل ہوتے تھے تب عمران نیازی کو ضمیر کی آواز اچھی لگتی تھی، اب وہ دھمکیوں پر اتر آئےہیں، وہ دوسرے ملکوں کو بھی للکارتے ہیں جس کی قیمت پاکستان کو چکانا پڑےگی۔
بعد ازاں احتساب عدالت نے نیب کے 4گواہوں پر جرح کے بعدسماعت 4 اپریل تک ملتوی کردی۔