All posts by Muhammad Saqib

کرپٹو کرنسی کی آڑ میں پاکستانیوں سے 18 ارب روپے سے زائد کا فراڈ

کرپٹو کرنسی کی آڑ میں پاکستانی شہریوں سے 18 ارب سے زائد روپے کے فراڈ کا انکشاف ہوا ہے۔

پاکستانیوں سے اربوں روپے کا فراڈ آن لائن ایپلی کیشنز کے ذریعے کیا گیا اور یہ آن لائن ایپلی کیشنز کرپٹو کرنسی کی عالمی ایکسچینج بائینانس سے جڑی تھیں۔

ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے بائینانس کے پاکستان میں جنرل منیجر کو نوٹس جاری کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ ایف آئی اے نے امریکا اور کے مین آئی لینڈ میں بائینانس کے ہیڈکوارٹرز کو بھی نوٹسز بھیجے ہیں۔

ایف آئی اے کی جانب سے بھیجے گئے نوٹسز میں کہا گیا ہے کہ ممکنہ طور پر کرپٹو کرنسی سے ٹیرر فنانسنگ اور منی لانڈرنگ بھی ہو رہی تھی، پاکستان میں 11 موبائل فون ایپلی کیشنز بائینانس سے رجسٹرڈ تھیں جن کے ذریعےفراڈ ہوا۔

سربراہ ایف آئی اے سائبر کرائم عمران ریاض کے مطابق 11 موبائل فون ایپلی کیشنز دسمبر میں اچانک بند ہو گئیں جن پر ہزاروں پاکستانی رجسٹرڈ تھے، ان ہزاروں پاکستانیوں نے ان ایپلی کیشنز پر اربوں روپے لگا رکھے تھے۔

عمران ریاض کا کہنا ہے کہ ایپلی کیشنز کے ذریعے ابتدا میں ورچوئل کرنسیز میں کاروبار کی سہولت دی جاتی تھی، بٹ کوائن، ایتھرام، ڈوج کوائن وغیرہ میں سرمایہ کاری بائینانس کے ذریعے ظاہر کی جاتی تھی، ایپلی کیشنز کے ٹیلی گرام اکاؤنٹ پر ماہرین کرپٹو کرنسی پر جوا بھی کھلاتے تھے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایک ایپلی کیشن پر 5 سے 30 ہزار کسٹمر اور سرمایہ کاری 100 سے 80 ہزار ڈالر تھی، ایپلی کیشنز کے ذریعے عوام کو مزید افراد کو لانے پر بھاری منافع کا لالچ دیا جاتا تھا۔

سربراہ سائبر کرائم ونگ نے مزید کہا کہ ایف آئی اے کو بائینانس کے 26 مشتبہ بلاک چین والٹ ملے جن پر رقوم ٹرانسفر ہوئیں، بائینانس سے ان بلاک چین والٹس کی تفصیلات مانگی ہیں۔

عمران ریاض کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے پاکستان سے بائینانس کے ذریعے ہونے والی ٹرانزیکشن کی چھان بین کر رہی ہے، بائینانس ٹیرر فائنانسنگ اور منی لانڈرنگ کے لیے آسان راستہ ہے، امید ہے بائینانس ان مالی جرائم کی تحقیقات میں پاکستان سے تعاون کرے گا۔

پیسوں کی چوری کا الزام، بھائی نے بہن کو قتل کر دیا

پھول نگر کے نواحی گاؤں میں بھائی نے بہن کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔

پولیس کے مطابق ملزم نے 10 ہزار  روپے چوری کرنے پر بہن کو قتل کیا اور فرار ہو گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نور کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ادویات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہوگا: چیئرمین ایف بی آر

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین کا کہنا ہےکہ  ادویات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہوگا اور ادویات والے شعبے کو ریفنڈ بروقت ملے گا۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس ہوا جس میں چیئرمین ایف بی آر  اشفاق احمد نے بھی شرکت کی۔

دورانِ اجلاس چیئرمین ایف بی آر نے بتایا کہ ٹیکس فری سلائی مشین کی درآمد کو مس یوز کیا جارہا ہے، اس پر فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ اس کو روکنا ایف بی آر کا کام ہے، سلائی مشین پر سیلز ٹیکس سے عام آدمی کی مشکلات میں اضافہ ہوگا، امیر لوگ تو بوتیک جاتے ہیں لیکن غریب اب بھی اپنے کپڑے خود سیتا ہے۔

چیئرمین ایف بی آر نے اجلاس کو بتایا کہ آئی ایم ایف کہتا ہے تیزی سے ریفنڈ دیں اورغریبوں کو ڈائریکٹ سبسڈی دیں، رہ جانے والی زرعی اشیا پر بھی سیلز ٹیکس عائد کیا جائے گا اور سیلز ٹیکس میں تمام فرق کو آئندہ 5 ماہ میں ختم کردیا جائے گا۔

اشفاق احمد نے مزید بتایا کہ ایف بی آر 48 گھنٹے میں ریفنڈ دے رہا ہے اور اس کا ریفنڈ نظام 98 فیصد درستگی پر چل رہا ہے۔

چیئرمین ایف بی آر کا کہنا تھا کہ ادویات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہوگا اور  ادویات والے شعبے کو ریفنڈ بروقت ملے گا۔

ایف بی آر حکام نے اجلاس کو بتایا کہ نمک پر بھی سیلز ٹیکس عائد کردیا ہے، ائیرلائنزکی عارضی درآمدی اشیا پربھی سیلز ٹیکس عائد کیا گیا ہے، ائیرلائنز سیلزٹیکس میں رجسٹرڈ ہوکرریٹرنز فائل نہیں کرنا چاہتیں۔

ٹرمپ واحد امریکی صدر جنہوں نے اقتدار کی پرامن منتقلی روکنے کی کوشش کی: جوبائیڈن

امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ امریکی تاریخ کے واحد صدر ہیں جنہوں نے اقتدار کی پرامن منتقلی کو روکنے کی کوشش کی۔ گزشتہ سال چھ جنوری کو ٹرمپ کے حامیوں نے کپیٹل ہل پر دھاوا بول دیا تھا۔ اس مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جوبائیڈن نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ ایک شکست خوردہ سابق صدر سے زیادہ کچھ نہیں۔ انہوں نے امریکی شہریوں کے ووٹ کے حق پر حملہ اور انتخابی نتائج سے متعلق مسلسل جھوٹ بولتے رہے۔ نائب امریکی صدر کملا ہیرس کا کہنا تھا کہ چھ جنوری کا واقعہ امریکا کے لیے پرل ہاربر اور نائن الیون جیسا بد ترین دن تھا۔

الیکشن کمیشن نے کے پی بلدیاتی انتخابات کے نتائج ویب سائٹ پر جاری کردیے

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے نتائج اپنی ویب سائٹ پر جاری کر دیے۔

الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر جاری نتائج کے مطابق بلدیاتی انتخابات میں پشاور سٹی کونسل کی 130 نشستوں میں سے 123 کے نتائج سامنے آئے ہیں، ان میں سے اکثریت پر آزاد امیدوار جب کہ دوسرے  نمبر پر عوامی نیشنل پارٹی اور تیسرے نمبر پر جے یو آئی ایف امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔

نتائج کے مطابق انتخابات کے پہلے مرحلے میں  سب  سے  زیادہ یعنی 39 آزاد امیدوار کامیاب ہوئے جب کہ عوامی نیشنل پارٹی 32 کامیاب امیدواروں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔

جے یو آئی ایف کی 13 کامیاب امیدواروں کے ساتھ تیسری پوزیشن جب کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کے 11،11 نشستوں کے ساتھ چوتھے اور پانچویں نمبر پر رہیں۔

نتائج کے مطابق جماعت اسلامی کے 4 امیدوار اور مسلم لیگ (ن) کے 3 امیدوار کامیاب رہے، انتخابات میں پاکستان راہ حق پارٹی کا ایک امیدوار کامیاب ہو سکا۔

ولیج کونسل میں 6 آزاد اور  جے یو آئی کے 3 امیدوار کامیاب ہوئے  جب کہ ولیج کونسل میں پی ٹی آئی کا ایک بھی امیدوار کامیاب نہ ہو سکا۔

بچے ہیں، وقت کیساتھ سیکھ جائینگے، بلاول اور مریم کی پریس کانفرنسز پر فواد کا ردعمل

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بلاول بھٹو زرداری اور مریم نواز کی پریس کانفرنسز  پر ردعمل میں کہا ہےکہ ایک کہتا ہے تحریک شروع کر رہے ہیں، دوسرا کہتا ہے استعفٰی دیں، بچے ہیں، وقت کے ساتھ سیکھ جائيں گے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کرپشن کا دور ختم ہوگیا، ملک میں دو خاندانوں کی حکومت کب کی ختم ہوچکی، بچوں سے یہ پریس کانفرنسیں کرا رہے ہیں، عمران خان کی قیادت میں پاکستان اپنے اصل راستے پر ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی فنڈنگ رپورٹ کا انتظار ہے، الیکشن کمیشن کو نوٹس لینا چاہیے، ن لیگ کو منی لانڈرنگ کے لیے استعمال کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز کی تمام ٹیپس اصلی تھیں انہیں معافی مانگی چاہیے تھی، نواز شریف کی جان پیسوں میں ہے اور نیب وہ پیسے نکلوانا چاہتا تھا۔

 انہوں نےکہا کہ کچھ لوگوں کی جو امیدیں تھیں وہ ٹوٹ رہی ہیں، پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کرانے جارہے ہیں،کارکن تیار کرلیں، بلدیاتی انتخابات کے ضابطہ اخلاق کے لیے اپوزیشن ساتھ بیٹھے اور تجاویز دے۔

پی سی بی کا کھلاڑیوں کو کورونا ویکسین کی بوسٹر ڈوز لگوانےکا فیصلہ

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نےکوویڈ 19 کی غیر معمولی صورت حال کے پیش نظر کھلاڑیوں کو ویکسین کی بوسٹر ڈوز لگوانےکا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم میں شامل کھلاڑیوں کو فائز ر ویکسین کی تیسری خوراک لگائی جائےگی۔

کھلاڑیوں کے علاوہ سپورٹ اسٹاف میں شامل ارکان کو بھی  بوسٹر ڈوز لگائی جائیں گی۔

پہلے مرحلے پر قومی کھلاڑیوں اور آفیشلز کو کل این ایچ پی سی میں ویکسین لگائی جائے گی۔ اس سے قبل خواتین کرکٹرز اور سپورٹ اسٹاف کو فائزر ویکسین کے بوسٹرز لگ چکے ہیں۔

پی سی بی ایوارڈز 2021:کونسے کھلاڑی ایوارڈز لے اُڑے؟

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سال 2021 کے ایوارڈز کے لیے مختلف کیٹیگریز کے کامیاب کھلاڑیوں کا اعلان کر دیا ہے۔

پی سی بی کے مطابق کیلنڈر ایئر 2021 میں وکٹوں کے پیچھے 56 شکار کرنے کے ساتھ ساتھ ٹیسٹ میں 455 رنز، ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں 134 رنز اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ریکارڈ ساز 1326 رنز بنانے والے محمد رضوان نے سال کے سب سے قابل قدر کھلاڑی  کا ایوارڈ جیت لیا ہے۔

اس ایوارڈ کے لیے محمد رضوان کے علاوہ بابر اعظم، حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی کو نامزد کیا گیا تھا۔

محمد رضوان نے سال کے سب سے قابل قدر کھلاڑی کا ایوارڈ جیت لیا ہے۔ —فوٹو: فائل
محمد رضوان نے سال کے سب سے قابل قدر کھلاڑی کا ایوارڈ جیت لیا ہے۔ —فوٹو: فائل 

ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹر آف دی ایئر

 سال 2021 میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے سال کے سب سے قابل قدر کھلاڑی کا ایوارڈ حاصل کرنے کے علاوہ سال کے بہترین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹر کا ایوارڈ بھی اپنے نام کرلیا ہے۔

پی سی بی کے مطابق محمد رضوان کا کہنا ہے کہ انہیں کیلنڈر ایئر 2021 کے سب سے قابل قدر کھلاڑی کا ایوارڈ جیتنے پر فخر ہے۔ وہ مطمئن ہیں کہ انہوں نے 2021 میں اپنی کارکردگی سے تمام فارمیٹس میں پاکستان کی مجموعی کارکردگی میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے  مزید کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں یہ ان کا ایک غیر معمولی سال تھا۔ سال کے آغاز میں ہی انہوں نے جنوبی افریقا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں سنچری بنا ڈالی اور پھر اسی اعتماد کے ساتھ باقی سال بھی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھا۔

ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر

41 وکٹیں حاصل کرنے پر فاسٹ بو لر حسن علی کو سال کا بہترین ٹیسٹ کرکٹر قرار دیا گیا ہے —فوٹو: فائل
41 وکٹیں حاصل کرنے پر فاسٹ بو لر حسن علی کو سال کا بہترین ٹیسٹ کرکٹر قرار دیا گیا ہے —فوٹو: فائل 

اس کے علاوہ 9 ٹیسٹ میچز میں 41 وکٹیں حاصل کرنے پر فاسٹ بو لر حسن علی کو سال کا بہترین ٹیسٹ کرکٹر قرار دیا گیا ہے۔

انہوں نے اس سال ایک مرتبہ ایک اننگز میں 10 وکٹیں جبکہ 5 مرتبہ ایک اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ دو پلیئر آف دی میچ اور ایک پلیئر آف دی سیریز کے ایوارڈز بھی جیتے۔

پی سی بی کے مطابق بہترین ٹیسٹ کرکٹر کا ایوارڈ جیتنے کے بعد حسن علی کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر قرار پانا ان کے لیے باعث فخر لمحہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ 2021 میں نہ صرف بین الاقوامی کرکٹ میں کامیاب واپسی کرنے میں کامیاب رہے بلکہ گزشتہ سال انہوں نے ٹیم کی مجموعی کامیابی میں بھی اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔

حسن علی نے کہا کہ راولپنڈی ٹیسٹ میں جنوبی افریقا کے خلاف 10 وکٹیں حاصل کرنا کیلنڈر ایئر 2021 میں ان کا یادگار لمحہ ہے۔

ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر 

کپتان بابر اعظم کو ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ دیا گیا ہے۔ —فوٹو: فائل
کپتان بابر اعظم کو ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ دیا گیا ہے۔ —فوٹو: فائل 

پی سی بی کے مطابق پاکستان کے کپتان بابر اعظم کو 6 ون ڈے میچز میں 2 سنچریوں اور ایک نصف سنچری کی مدد سے 405 رنز بنانے پر ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ دیا گیا ہے۔

 سال کی سب سے متاثرکن کارکردگی

بھارت کے خلاف شاہین شاہ آفریدی کے31 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھانے والے بولنگ اسپیل کو سال کا سب سے متاثرکن کارکردگی کا ایوارڈ دیا گیا ہے— فوٹو: فائل
بھارت کے خلاف شاہین شاہ آفریدی کے31 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھانے والے بولنگ اسپیل کو سال کا سب سے متاثرکن کارکردگی کا ایوارڈ دیا گیا ہے— فوٹو: فائل 

اس کے علاوہ 24 اکتوبر کو آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021 میں دبئی میں بھارت کے خلاف شاہین شاہ آفریدی کے31 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھانے والے بولنگ اسپیل کو سال کا سب سے متاثرکن کارکردگی کا ایوارڈ دیا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ عالمی ایونٹ میں روایتی حریف کے خلاف ان کے بولنگ اسپیل کے سال کی سب سے متاثرکن کارکردگی کے طور پر منتخب ہونے پر وہ بہت خوش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے آغاز سے ہی ایک جارحانہ اور بے خوف آغاز درکار تھا اور انہیں خوشی ہے کہ وہ پاکستان کو ویسا ہی آغاز فراہم کرنے میں کامیاب رہے۔

ایمرجنگ کرکٹر آف دی ایئر

محمد وسیم جونیئر نے 2021 میں 45 وکٹیں لے کر ابھرتے ہوئے کرکٹر آف دی ایئر کا اعزاز حاصل کیا—فوٹو: فائل
 محمد وسیم جونیئر نے 2021 میں 45 وکٹیں لے کر ابھرتے ہوئے کرکٹر آف دی ایئر کا اعزاز حاصل کیا—فوٹو: فائل 

پی سی بی کے مطابق محمد وسیم جونیئر نے 2021 میں 45 وکٹیں لے کر ابھرتے ہوئے کرکٹر آف دی ایئر کا اعزاز حاصل کیا ہے، اس میں 15 انٹرنیشنل وکٹیں بھی شامل ہیں۔

ویمنز کرکٹر آف دی ایئر

ویمنز کرکٹر آف دی ایئر کیٹیگری میں ندا ڈار کو 604 رنز بنانے اور 25 وکٹیں لینے پر سال کی بہترین خاتون کرکٹر قرار دیا گیا۔— فوٹو: فائل
ویمنز کرکٹر آف دی ایئر کیٹیگری میں ندا ڈار کو 604 رنز بنانے اور 25 وکٹیں لینے پر سال کی بہترین خاتون کرکٹر قرار دیا گیا۔— فوٹو: فائل 

ویمنز کرکٹر آف دی ایئر کیٹیگری میں ندا ڈار کو 604 رنز بنانے اور 25 وکٹیں لینے پر سال کی بہترین خاتون کرکٹر قرار دیا گیا۔

ڈومیسٹک کرکٹر آف دی ایئر 

صاحبزادہ فرحان نے ڈومیسٹک کرکٹر آف دی ایئر کا اعزاز حاصل کیا ہے۔—فوٹو: فائل
صاحبزادہ فرحان نے ڈومیسٹک کرکٹر آف دی ایئر کا اعزاز حاصل کیا ہے۔—فوٹو: فائل 

پی سی بی کے مطابق صاحبزادہ فرحان نے پاکستان کپ میں 487 رنز، قومی ٹی ٹوئنٹی میں 447 رنز اور قائداعظم ٹرافی میں 935 رنز بنا کر ڈومیسٹک کرکٹر آف دی ایئر کا اعزاز حاصل کیا ہے۔

اسپرٹ آف کرکٹ کا ایوارڈ

قومی ٹیم کا نمیبیا کے ڈریسنگ روم کا دورہ کرکے ان کے کھیل کی تعریف کرنے پر اسپرٹ آف کرکٹ کا ایوارڈ ملا ہے۔ —فوٹو: پی سی بی اسکرین گریب
قومی ٹیم کا نمیبیا کے ڈریسنگ روم کا دورہ کرکے ان کے کھیل کی تعریف کرنے پر اسپرٹ آف کرکٹ کا ایوارڈ ملا ہے۔ —فوٹو: پی سی بی اسکرین گریب 

آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ میچ میں کامیابی کے بعد قومی ٹیم کا نمیبیا کے ڈریسنگ روم کا دورہ کرکے ان کے کھیل کی تعریف کرنے پر اسپرٹ آف کرکٹ کا ایوارڈ ملا ہے۔

پی سی بی کے ایلیٹ میچ آفیشلز نے آصف یعقوب کو امپائر آف دی ایئر منتخب کیا ہے۔— فوٹو: فائل
 پی سی بی کے ایلیٹ میچ آفیشلز نے آصف یعقوب کو امپائر آف دی ایئر منتخب کیا ہے۔— فوٹو: فائل 

اس کے علاوہ مسلسل دوسرے سال، پی سی بی کے ایلیٹ میچ آفیشلز نے آصف یعقوب کو امپائر آف دی ایئر منتخب کیا ہے۔

دوسری جانب چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ وہ پی سی بی کی طرف سے ہر ایوارڈ جیتنے والے کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ تمام کھلاڑی داد و تحسین کے مستحق ہیں، جنہوں نے 2021 کے دوران شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا اور پاکستانی کرکٹ شائقین نے ان کی اس کارکردگی کا بڑے پیمانے پر اعتراف بھی کیا ہے۔

پیپلز پارٹی نے27 فروری سے حکومت کیخلاف لانگ مارچ شروع کرنےکا اعلان کردیا

پیپلز پارٹی نے27 فروری سے حکومت کے خلاف کراچی سے لانگ مارچ شروع کرنےکا اعلان کردیا۔

لاہور میں پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ منی بجٹ عوام دشمن اور معاشی حقوق پر حملہ ہے، حکومت کا زبردستی منی بجٹ منظور کرانےکا ارادہ ہے،  پیپلزپارٹی اپنے احتجاج کا اگلامرحلہ آج سے ہی شروع کر رہی ہے۔

بلاول کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی 27 فروری کو کراچی میں مزار قائد سے مارچ شروع کرے گی، ہم ہرصورت اسلام آباد پہنچیں گے اور اپنے مطالبات سامنے رکھیں گے، ہم کسانوں کے حق میں ریلیاں بھی نکالیں گے۔

 چیئرمین پیپلز پارٹی نے مطالبہ کیاکہ ملک میں فوری ، صاف اور شفاف انتخابات کرائے جائيں، ان کا کہنا تھا کہ شفاف انتخابات اور جمہوریت ہی ملک کے مسائل کا حل ہے۔

 ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے سات سال فارن فنڈنگ چھپائی اس کی مذمت کرتے ہیں، الیکشن کمیشن فارن فنڈنگ کیس کی مزید تحقیقات کرے۔

انہوں نے کہا کہ ہم حکومت کی نااہلی، نالائقی اور ناکامی پر وائٹ پیپر کو ہر جگہ پیش کریں گے، ہم اس جعلی حکومت کے خلاف دھاندلی کے ثبوت بھی سامنے لائیں گے، عمران خان کی سلیکشن پر ہماری پوزیشن کلیئر ہے، ہم چاہتے ہیں کہ سارے ادارے غیر جانبدار  رہیں، امید رکھتے ہیں کہ ہماری جدوجہد میں کسی کی طرف سے رکاوٹ نہیں ڈالی جائےگی۔

کنگنا رناوت نے بھارتی پنجاب کو دہشتگردی کا گڑھ قرار دے دیا

مبئی: بالی ووڈ اداکارہ کنگنارناوت نے بھارتی پنجاب کو دہشتگردی کا گڑھ قرار دے دیا۔

کنگنا رناوت کا شمار بالی ووڈ کی ان اداکاراؤں میں ہوتا ہے جو اپنے کام یعنی اداکاری سے زیادہ دیگر معاملات پر رائے دینے کو زیادہ ضروری سمجھتی ہیں۔ اور اس کام میں کبھی کبھی وہ اس حد تک آگے نکل جاتی ہیں کہ انہیں اپنے بیانات کے سنگین نتائج بھگتنے پڑتے ہیں۔

جس کی مثال کنگنا کا وہ بیان ہے جس میں انہوں نے اپنے حق کے لیے احتجاج کرنے والے کسانوں کو خالصتانی دہشتگرد کہا تھا۔

اب اداکارہ نے بھارتی پنجاب کو دہشتگردی کا گڑھ قرار دیا ہے۔ دراصل کل یعنی بدھ کے روز بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا دورہ پنجاب سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر منسوخ کردیا گیا تھا۔ یہ واقعہ پورے بھارت میں موضوع بحث بنا ہوا ہے۔

کنگنا رناوت نے بھی اس معاملے پر سوشل میڈیا پر بیان دیتے ہوئے کہا ’’پنجاب میں جو کچھ ہوا وہ شرمناک ہے۔  نریندر مودی جمہوری طور پر منتخب لیڈر اور 1.4 بلین لوگوں کی آواز ہیں۔ ان پر حملہ ہر بھارتی شہری اور جمہوریت پر حملہ ہے۔ پنجاب دہشتگردوں کی کاروائیوں کا گڑھ بنتا جارہا ہے اگر ہم نے انہیں یہیں نہیں روکا تو قوم کو اس کی بڑی قیمت چکانی پڑے گی‘‘۔

واضح رہے کہ نریندر مودی بدھ کے روز پنجاب کے دورے پر تھے جب فلائی اوور پر کچھ مظاہرین نے ان کےقافلے کو آگے جانے نہیں دیا اور سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر مودی کا دورہ پنجاب منسوخ کرنا پڑا۔