All posts by Khabrain News

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایک اور اہم عہدہ متعارف کر ادیا

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے ایک اور اہم عہدہ متعارف کر ادیا، ڈائریکٹر آف کرکٹ کی تعیناتی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ڈائریکٹر آف کرکٹ کا عہدہ لانے کا فیصلہ بورڈ کی ری اسٹرکچرنگ کیلئے ہو نے والے اجلاس میں کیا گیا۔
ڈائریکٹر آف کرکٹ کی ذمہ داری میں تمام کرکٹ ڈپارٹمنٹس ہوں گے، ڈائریکٹر آف کرکٹ بورڈ کے تمام کرکٹ ڈپارٹمنٹس کو دیکھے گا اور چیف ایگزیکٹو کو رپورٹ کرے گا۔
ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ، ڈائریکٹر ڈومیسٹک اور ویمن کرکٹ کی چیئرپرسن ڈائریکٹر آف کرکٹ کو رپورٹ کریں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ غیر ملکی بورڈز کی طرز پر ڈائریکٹر آف کرکٹ لانا چاہتا ہے، پی سی بی نے ڈائریکٹر آف کرکٹ کی تلاش کیلئے اشتہار بھی دیا ہوا ہے، ڈائریکٹر آف کرکٹ کے عہدے کے خواہشمند افراد سے درخواستیں 23 دسمبر تک وصول کی جائیں گی۔
اسپورٹس سائیکالوجسٹ، لیڈ نیوٹریشنسٹ، ہیڈ آف ایونٹس، ہیڈ آف ایجوکیشن کرکٹ سپورٹ اور پرفارمنس ڈیٹا اینالسٹ کیلئے بھی درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔

تاجکستان کے صدر دو روزہ دورے پر بدھ کو پاکستان پہنچیں گے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) تاجکستان کے صدر امام علی رحمان بدھ کو دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچیں گے۔ دورے کے دوران تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، دفاع، تعلیم،علاقائی رابطوں پر تبادلہ خیال ہوگا۔
تاجکستان کے صدر ،وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر پاکستان آرہے ہیں، مہمان صدر امام علی رحمان کے دورہ پاکستان اور پرتپاک استقبال کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں، پاکستان آمد پر انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق تاجک صدر امام علی رحمان اپنے دورہ کے دوران صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کریں گے۔ وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے انہیں ظہرانہ بھی دیا جائے گا۔
تاجک صدر کی آمد پر دو طرفہ تعلقات اور معاہدوں پر پیش رفت ہوگی، دونوں ممالک کے وفود کی سطح پر بات چیت ہو گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس کل طلب کرلیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس کل طلب کرلیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ کا اجلاس کل صبح 9 بجے وزیر اعظم ہاؤس میں ہوگا،۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ کابینہ اجلاس میں ریکوڈک سے متعلق تمام کیسز پر بریفنگ ہوگی، اجلاس میں ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال پر بھی غور ہوگا۔

الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی کے ساتھ نیا حلف نامہ لازمی قرار دے دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے امیدواروں کیلئے کاغذات نامزدگی کے ساتھ نیا حلف نامہ لازمی قرار دے دیا ہے۔
نئے حلف نامہ کے مطابق زیر کفالت افراد کے مکمل کوائف دینا ہوں گے اور ساتھ ہی زیر کفالت افراد کے نام اثاثوں کی تفصیلات بھی فراہم کرنا ہوں گی، بطور رکن اسمبلی ماضی میں کیا کارکردگی دکھائی بیان حلفی میں تفصیلات مانگ لی گئیں۔
بیان حلفی میں دوہری شہریت کا حامل نہ ہونے کی شق بھی شامل کی گئی ہے۔ سیاسی جماعت کو کتنا فنڈ دیا اور کتنا لیا تمام تفصیلات بھی بتانا ہوں گی، الیکشن کمیشن کا نیا حلف نامہ فوری طور پر نافذ العمل ہو گا۔

سینیٹ میں ریکوڈک منصوبے سے متعلق غیر ملکی سرمایہ کاری کے تحفظ کا بل منظور

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پی ٹی آئی سینیٹرز کے احتجاج اور سینیٹر رضا ربانی سمیت چار حکومتی سینیٹرز کی مخالفت کے باوجود سینیٹ نے ریکوڈک منصوبے سے متعلق غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور تحفظ کا بل منظور کرلیا۔
بل کے تحت 50 کروڑ ڈالر اور اس سے زائد کی سرمایہ کاری پرٹیکس اتھارٹی کی انکوائری اورایکشن سے تحفظ حاصل ہوگا۔
بل قومی مفاد میں وسیع پیمانے پر غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور مستحکم ترقی کے لیے ہے، بل غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے ، ٹیکسسز، ٹرانسفر اور واپسی میں ریلیف سے متعلق ہے۔
بل کے مطابق وفاقی حکومت اضافی سرمایہ کاری، صنعت اور منصوبوں کو بطور اہل سرمایہ کاری نوٹی فائی کرے گی، اہل سرمایہ کاری 50 کروڑ ڈالر سے کم نہ ہوگی، بل کے تحت ان سرمایہ کاری کا تحفظ ہوگا جو بین الاقوامی معاہدوں کے تحت ہوں گی، اہل سرکایہ کار کو بینک ٹرانزیکشن میں سیکریسی حاصل ہوگی ۔
بل کے مطابق اکاؤنٹ کو کسی ٹیکس اتھارٹی کی جانب سے انکوائری اور ایکشن سے تحفظ حاصل ہوگا، اکاؤنٹس کو ویلتھ ٹیکس، انکم ٹیکس اور زکوٰۃ سے استثنٰی حاصل ہوگا، وفاقی حکومت بل کے پہلے، دوسرے اور تیسرے شیڈیول میں ترمیم نہیں کرسکےگی، پہلے شیڈیول کے تحت ریکوڈک منصوبے کو اہل سرمایہ کاری میں شامل کر دیا گیا ہے۔
دوسرے شیڈیول کے مطابق ریکوڈک منصوبےکی پیداوار کے آغاز سے 15 سال تک انکم ٹیکس صفر رہےگا ، اس کے بعد 1 فیصد ٹیکس ہوگا، ریکوڈک منصوبے کی پیداور کے 15 سال مکمل ہونے لے بعد بھی 20 فیصد سے زائد ود ہولڈنگ ٹیکس نہیں لگائیں گے، انکم ٹیکس سے متعلق معاہدہ 30 سال کے لیے ہوگا۔
تیسرے شیڈیول کے مطابق ریکوڈک منصوبے سے متعلق سرمایہ کاروں کو پاکستان کے اندر اور باہر ملکی اور غیر ملکی کرنسی اکاؤنٹس کھولنے اور آپریٹ کرنے کی اجازت ہو گی، اسٹیٹ بینک اور کوئی مالیاتی ادارہ بینک سے پیسے نکلوانے اور جمع کرانے پر پابندی عائد نہیں کرےگا۔

اسرائیلی فوج نے چھت پر کھڑی نوجوان لڑکی کو سر پر گولی مار کر شہید کردیا

غزہ: (ویب ڈیسک) مغربی کنارے میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران اسرائیلی فوج نے چھت پر کھڑی 16 سالہ فلسطینی نوجوان لڑکی کو براہ راست فائرنگ کرکے قتل کردیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فلسطینی لڑکی کی شہادت کا واقعہ جنین میں پیش آیا جس میں 3 افراد زخمی بھی ہوئے۔ ایک زخمی کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
جنین کے علاقے میں اسرائیلی فوجی کے اہلکار فلسطینی نوجوانوں کی گرفتاری کے لیے پہنچے تھے۔ محاصرے کے دوران ایک لڑکی چھت سے یہ سارا منظر دیکھ رہی تھیں۔
جارحیت پسند اسرائیلی فوج نے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے نوجوان لڑکی کو چلے جانے کا کہنا کے بجائے براہ راست سر پر گولی مار کر شہید کردیا۔
رواں برس اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونے والوں کی تعداد 215 ہوگئی جن میں 50 بچے اور 17 خواتین بھی شامل ہیں۔یہ فلسطین پر ناجائز قبضے سے اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

اب مہنگائی کیوں بڑھ رہی ہے، نورعالم خان وفاقی حکومت پر برس پڑے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیئرمین پی اے سی نور عالم خان نے وفاق سے سوال کیا ہے کہ موجودہ حکومت کا ہنی مون پیریڈ گزر چکا ہے، اب بتائیں کہ مہنگائی کیوں بڑھ رہی ہے۔
چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نور عالم خان وفاقی حکومت پر برس پڑے، چیئرمین پی اے سی نے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سوال کیا کہ حکومت کو پی اے سی کے پلیٹ فارم سے بی آرٹی سمیت بہت سے مقدمات بھیجے گئے ہیں مگر حکومت نے کچھ بھی نہیں کیا۔
نور عالم خان نے سوال کہا کہ کیا حکومت اداروں کو گالیاں دینے والوں سے ملی ہوئی ہے، اداروں کو گالیاں دینے والوں سے حکومت کا کوئی مک مکا تو نہیں ہوگیا۔
رکن قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ حکومت بتائے فوج اور عدلیہ کے خلاف بولنے والوں کے خلاف کیا ایکشن لیا، اگر حکومت نے ایکشن نہ لیا تو میں عدالتوں میں جاؤں گا۔
انہوں نے کہا کہ اس حکومت کا ہنی مون پیریڈ گزر چکا ہے، اب بتائیں مہنگائی کیوں بڑھ رہی ہے۔
چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا کہنا تھا کہ سابقہ حکومت نے آئی ایم ایف سے غلط معاہدے کئے ہیں تو حکومت وہ معاہدے ایوان میں پیش کرے۔

سرمایہ کاروں کا اعتماد ختم، منفی اثرات تمام اداروں پر پڑیں گے: عمران خان

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملکی معیشت تیزی سے نیچے جارہی ہے، سرمایہ کاروں کا اعتماد ختم ہوچکا ہے، صورتحال کے منفی اثرات تمام اداروں پر پڑیں گے۔
معاشی ٹیم کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ حالات سے آگاہ کرنا اپنی ذمہ داری سمجھتا ہوں، اگر حالات نہ سنبھالے تو مزید خراب ہوسکتے ہیں، شوکت ترین، حماد اظہر، ہمایوں اختر، مزمل، عمر ایوب سمیت ماہرین کو بلایا ہے، افسوس میڈیا عوام کو معاشی حالات سے آگاہ نہیں کر رہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری کوشش ہے ہم عوام کو معاشی حالات بارے آگاہ کریں، ہم یہ بتائیں گے یہاں تک کیسے پہنچے اور ان حالات سے کیسے نکلنا ہے، اپنی قوم اور اداروں سے بھی مخاطب ہوں، ملک تیزی سے نیچے کی طرف جا رہا ہے، جس طرح ملک نیچے کی طرف جارہا ہے نیشنل سکیورٹی اداروں پر بھی فرق پڑے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ سوویت یونین کی فوج دنیا کی طاقت ور ترین فوج تھی، عدلیہ کو بھی اس حوالے سے اپنا رول ادا کرنا ہوگا، اگر ملک تیزی سے نیچے گیا تو عدلیہ کو بھی جواب دینا ہوگا، اس وقت سب سے زیادہ انڈسٹریز والے متاثر ہو رہے ہیں، تاجر، صنعت کار طبقہ کیوں نہیں بول رہا، ہمارے دور میں کسان سب زیادہ خوشحال تھا، پہلی دفعہ کسانوں نے ریکارڈ منافع کمایا، ہمارے دور میں انڈسٹریز ترقی کر رہی تھی، لارج اسکیل مینوفیکچرز کی 10 اعشاریہ 7 فیصد گروتھ تھی، تمام طبقات کو کہہ رہا ہوں اپنی آواز کو بلند کریں، اگر آج آپ آواز بلند نہیں کرینگے تو تباہی کے سب ذمہ دار ہونگے۔
عمران خان نے کہا کہ ملک میں ڈالر کا گیپ بڑھتا جا رہا ہے، ہم نے قرضے تو ان کی قسطیں ادا کرنے کیلئے لیے تھے، 30 سالوں میں انہی خاندانوں نے قرض لیے تھے، ایک طرف قرضوں کی قسطیں ادا اور دوسری طرف روپے کی قدر گرتی جارہی ہے، ملک کی ایکسپورٹ نیچے کی طرف جارہی ہے، بیرون ملک سرمایہ کاروں کو آج پاکستان پر اعتماد نہیں، پاکستان کا قرضوں کا رسک 5 فیصد سے 100 فیصد تک پہنچ گیا، گیلپ سروے کے مطابق سرمایہ کاروں کا موجودہ حکومت پر اعتماد نہیں، ایسی خوفناک صورتحال کبھی نہیں دیکھی، ان مشکلات کا ایک ہی حل صاف اور شفاف الیکشن ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ اگر ملک میں سیاسی استحکام نہیں ہوگا تو معاشی استحکام نہیں آسکتا، اگر آج الیکشن کے لیے آواز بلند نہیں کریں گے تو معیشت مزید نیچے جائے گی، آج اپنی قوم نہیں اداروں سے مخاطب ہوں۔

اسمبلیاں تحلیل ہوئی تو دوبارہ عوام کی عدالت میں جائیں گے، مونس الہیٰ

گجرات: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ق کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر مونس الہیٰ نے کہا ہے کہ اسمبلیوں میں رہے تو عوام کی خدمت کریں گے اور اسمبلیاں تحلیل ہوئی تو دوبارہ عوام کی عدالت میں جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سیاست ہمارا خاندانی مشن ہے، مسلم لیگ عوام کی نمائندہ جماعت ہے،ہمیں جب بھی موقع ملا ہم نے عوامی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔
مونس الہیٰ نے ماہرین کا حوالہ دے کر کہا کہ ملک معاشی طور پر ڈیفالٹ کر چکا ہے اور شہباز حکومت معیشت کو ٹھیک کرنے میں نا کام ہو چکی ہے، ہم کل بھی عمران خان کے ساتھ تھے آج بھی ہیں اور مستقبل میں بھی رہیں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ نےکراچی میں نئےگرڈ اسٹیشن کا سنگ بنیاد رکھ دیا

کراچی: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نےکراچی میں نئےگرڈ اسٹیشن کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔
ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق نئے گرڈ اسٹیشن سے شہر میں بجلی کی فراہمی بہتر بنانے میں مدد ملےگی۔
کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو مونس علوی کا کہنا تھا کہ 40 ایکڑ زمین دینے پر وزیراعلیٰ سندھ کا مشکور ہوں۔
مونس علوی کا کہنا تھا کہ نئےگرڈ کے قیام سےکراچی کو نیشنل گرڈ سے 2050 میگاواٹ تک بجلی کی ترسیل ممکن ہوسکےگی۔