All posts by Khabrain News

پی ٹی آئی سینیٹر اعظم خان سواتی کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

شہداد کوٹ: (ویب ڈیسک) جوڈیشل مجسٹریٹ قمبر نے پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم خان سواتی کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔
گزشتہ روز کوئٹہ سے تحویل میں لیکر سکھر منتقل کئے گئے پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کو جوڈیشل مجسٹریٹ اینڈ سول جج کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
پولیس کی جانب سے اعظم سواتی کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی، عدالت نے پولیس کی درخواست پر اعظم سواتی کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔
یاد رہے کہ تین روز قبل بلوچستان ہائیکورٹ نے اعظم سواتی کے خلاف صوبے بھر میں درج مقدمات ختم کرنے کا حکم دیا تھا جبکہ اسی روز سندھ پولیس نے پی ٹی آئی سینیٹر کو اپنی تحویل میں لے لیا تھا۔
دوسری جانب سینیٹر اعظم سواتی کی عدالت پیشی کے دوران عدالت کے باہر تحریک انصاف کے کارکنان کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ اعظم سواتی پر جھوٹے مقدمات داخل کئے گئے ہیں،فوری رہا کیا جائے۔

مسلم لیگ (ن) نے ملک گیر ورکرز کنونشن کا سلسلہ شروع کردیا

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور وزیراعظم شہبازشریف نے پارٹی ورکرز کو متحرک کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ملک گیر ورکرز کنونشن کا سلسلہ شروع کر دیا۔
اس سلسلہ میں صدر مسلم لیگ ن نے 11 سے 17 دسمبر تک ورکرزکنونشن کے انعقاد کا شیڈول جاری کرتے ہوئے صوبائی عہدیداروں کو ہدایات جاری کر دیں۔
آج راولپنڈی، سیالکوٹ، شیرگڑھ ،مردان میں مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن ہوں گے، 13 دسمبر کو اسلام آباد، 14 دسمبر کو لاہور میں ورکرز کنونشن ہوگا۔
جاری شیڈول کے مطابق 15 دسمبر کو شیخوپورہ، 16 دسمبر کو قصور میں ورکرز کنونشن ہوگا ، 17 دسمبر کو فیصل آباد میں ورکرز کنونشن کا انعقاد کیا جائے گا۔

رمیز راجہ کی بابراعظم کو ٹیسٹ کرکٹ کیلئے ٹی 20 پلیئرز منتخب کرنے کی ہدایت

لاہور: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) رمیز راجہ ٹیسٹ کرکٹ کو تجربہ گاہ بنانے کا سوچنے لگے۔
برطانوی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے کہا کہ پاکستانی عوام کرکٹ کے حوالے سے بہت جذباتی ہے، اسی لئے میرا کام دباؤ سے بھرپور ہے، ہم کھیل کا انداز تبدیل کرنے کیلئے کرکٹرز کا نیا پول لانے کی کوشش کر رہے ہیں، انگلینڈ کی ٹیم ٹیسٹ کرکٹ بھی ٹی 20 کی طرح کھیل رہی ہے، اسی مزاج کی وجہ سے راولپنڈی کی بے جان پچ پر میچ کا نتیجہ ممکن بنایا۔
رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے بابر اعظم سے کہا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ کیلئے ٹی 20 کرکٹرز منتخب کریں، ایک مختلف اپروچ کے ساتھ آپ ٹیم میں نئے چہرے دیکھیں گے، ہم چاہتے ہیں کہ ہماری اگلی نسل انگلینڈ کے طرز کی کرکٹ کھیلے، انھوں نے کہا کہ کوئی بھی 5 روزہ ٹیسٹ کرکٹ میں دلچسپی نہیں لیتا، یہ بحث پہلے ہی جاری ہے۔
ایک سوال پر رمیز راجہ نے کہا کہ ہم آسٹریلیا سے ہوم سیریز کیلئے بھی ایسی پچز چاہتے تھے جہاں ریورس سوئنگ اور اسپن ہو مگر ایسا ممکن نہیں ہوا، آسٹریلوی کیوریٹر کی خدمات حاصل کیں، مٹی کے لیب ٹیسٹ سمیت کئی جتن کئے، شاید مٹی کا ہی مسئلہ ہے کہ مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہوئے، ملتان کی پچ کے بارے میں کم ازکم یہ تو معلوم تھا کہ پہلے روز ہی گیند اسپن ہوگی۔
انھوں نے ایک بار پھر یہ موقف دہرایا کہ اگر بھارتی ٹیم ایشیا کپ میں شرکت کیلئے نہ آئی تو ہم ورلڈ کپ کھیلنے نہیں جائیں گے، فی الحال انٹرنیشنل ٹیموں کی پشاور میں میزبانی نہیں کرسکتے، جلد پی ایس ایل میچز وہاں ہوں گے، کئی اسٹیڈیمز ہماری تحویل میں نہیں، ہر بار لیز کی تجدید کرنا پڑتی ہے، فیصل آباد میں کام کیا مگر وہاں سیاسی جلسہ ہوگیا تو بنگلادیش انڈر19 کی میزبانی نہ کرسکے۔

مراکش کی جیت پر واکا واکا گرل ’’شکیرا‘‘بھی خوش

دوحا: (ویب ڈیسک) مراکش کی جیت پر واکا واکا گرل شکیرا نے بھی خوشی کا اظہار کیا ہے۔
دوہزار دس کے فٹبال ورلڈ کپ میں اپنے ٹائٹل سانگ واکا واکا سے مشہور ہونے والی کولمبیا کی گلوکارہ شکیرا نے مراکش کی ٹیم کے سیمی فائنل میں پہنچنے پر ٹویٹ کیا ہے۔
“دیس THIS ٹائم فار افریقہ”، شکیرا نے مراکش کی جیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے تالیوں کا ایموجی بھی پوسٹ کیا۔
واضح رہے کہ مراکش فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی عرب اور پہلی افریقی ٹیم بن گئی ہے۔

جائیداد کے تنازع پر بھارتی اداکارہ وینا کپور کو بیٹے نے قتل کر دیا

ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارتی ٹی وی کی سینئر اداکارہ وینا کپور کو بیٹے نے جائیداد کے تنازع پر قتل کر کے لاش دریا میں بہا دی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 74 سالہ وینا کپور کو ان کے بیٹے سچن کپور نے سر میں بیس بال کے بیٹ مار کر قتل کیا اور ان کی لاش دریا میں پھینک دی۔
پولیس کے مطابق ہاؤسنگ سوسائٹی کے سکیورٹی سپروائرز نے پولیس کو اطلاع دی کہ سوسائٹی کی ایک عمر رسیدہ خاتون غائب ہوگئی ہیں جس پر پولیس نے فوری تحقیقات شروع کر کے مقتولہ کی موبائل لوکیشن ٹریس کی اور بلڈنگ کے قریب ہی دریا کے کنارے ان کی لاش برآمد کرلی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اگلے ہی دن پولیس نے مقتولہ کے بیٹے اور ملازم کو تفتیش کے لئے تھانے طلب کیا تو انہوں نے اعترافِ جرم کر لیا جس پر پولیس نے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا اور بیٹے سچن کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔

وینس: پانی میں تیرتے شہر کی سڑکوں پر سیلاب، سیاح لطف اندوز ہونے لگے

روم: (ویب ڈیسک) پانی میں تیرتے وینس کی گلیوں میں سیلاب آگیا، سیاحوں کو اٹلی کے تاریخی شہر میں حفاظتی انتظامات کے ساتھ سیر کی ہدایت کر دی گئی۔
وینس کے علاقے سینٹ مارک اسکوائر میں سمندری لہر چھ فٹ بلندی تک پہنچ گئی جس سے پانی شہر کی سٹرکوں پر بھی آگیا، شہریوں نے حفاظتی انتظامات کے ساتھ سیلاب میں ڈوبے شہر کی سیر کی۔
اٹلی میں جاری اونچی لہروں کا سیزن’’ایکو آلٹا‘‘ جاری ہے، 1966 کے بعد پہلی بارمعمول سےزیادہ چھ فٹ بلند لہر آئی جس سے شہر کو بچانے کیلئے لگائی شیشے کی رکاوٹوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

یوکرین میں جنگ روس اور یورپ کی جنگ بن سکتی ہے: نیٹو سیکرٹری جنرل

برسلز: (ویب ڈیسک) نیٹو کے سیکرٹری جنرل جینز سٹولٹن برگ نے کہا ہے کہ یوکرین میں جاری جنگ روس اور یورپ کی جنگ بن سکتی ہے۔
نیٹو کے سربراہ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ یوکرین میں جنگ قابو سے باہر ہو سکتی ہے اور یہ روس اور نیٹو کے درمیان جنگ کی شکل اختیار کر سکتی ہے، جنگ سے بچنے کیلئے ہم اس پر کام کر رہے ہیں۔
جینز سٹولٹن برگ کا کہنا تھا کہ روس نے کئی بار نیٹو اتحادیوں پر یوکرین کو ہتھیار فراہم کرنے، اس کے فوجیوں کو تربیت دینے اور روسی افواج پر حملہ کرنے کیلئے ملٹری انٹیلی جنس فراہم کر کے تنازعے کا فریق بننے کا الزام لگایا ہے۔

سعودی وزارت حج کا عمرہ زائرین کی ویزہ مدت کے حوالے سے اہم اعلان

ریاض : (ویب ڈیسک) سعودی عرب نے عمرہ زائرین کے ویزہ مدت میں توسیع کے حوالے سے اہم اعلان کردیا۔
سعودی وزارت حج وعمرہ کے مطابق 90 دن کیلئے جاری ہونے والے عمرہ ویزہ کی مدت میں توسیع نہیں کی جاسکتی، عمرہ پرمٹ کے لیے کم ازکم عمر کی حد 5 برس متعین کی گئی ہے تاہم 5 سال سے چھوٹے بچے اپنے والدین کے ساتھ مسجد الحرام آ سکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق عمرہ پرمٹ کے حصول سے قبل اس بات کی یقین دہانی کی جائے کہ عمرہ زائرکورونا میں مبتلا نہ ہواورنہ ہی مکہ مکرمہ آنے سے قبل وہ مصدقہ کورونا میں مبتلا کسی شخص سے ملا ہو۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے سعودی شہریوں کو اس بات کی بھی اجازت دی گئی تھی کہ وہ اپنے ذاتی ویزہ کے ذریعے اپنے دوستوں کو عمرہ ادائیگی کیلئے سعودی عرب آنے کی دعوت دے سکتے ہیں۔

فیفا ورلڈ کپ 2022 کی سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہو گئی

دوحا : (ویب ڈیسک) قطر میں جاری فیفا ورلڈ کپ 2022 کی سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق فیفا ورلڈ کپ 2022 کا کوارٹر فائنل مرحلہ اختتام پزیر ہوگیا جسکے بعد میگا ایونٹ کی ٹاپ فور ٹیموں کا بھی فیصلہ ہوگیا ہے۔
فیفا شیڈول کے مطابق میگا ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل 14 دسمبر کو کروشیا اور ارجنٹائن کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا ، دونوں ٹیمیں قطر کے لوسیل سٹیڈیم میں مدمقابل ہوں گی۔
میگا ایونٹ کا دوسرا سیمی فائنل معرکہ فرانس اور مراکش کے درمیان 15 دسمبر کو ہوگا جس میں دونوں ٹیمیں قطر کے البیت سٹیڈیم میں ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہوں گی۔

سیمی فائنل میں رسائی، مراکش کے فٹبالر کا والدہ کے ساتھ والہانہ رقص

دوحا : (ویب ڈیسک) فیفا ورلڈ کپ 2022 کے سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی عرب ٹیم مراکش کے کھلاڑی سفیان بوفال کی والدہ کے ساتھ رقص کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
قطر کے الثمامہ سٹیڈیم میں مراکش، پرتگال کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے کر کسی بھی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی افریقن اور عرب ٹیم بن گئی ہے۔
مراکش کی کامیابی کے بعد ان کے کھلاڑی سفیان بوفال اپنی والدہ کو گراؤنڈ میں لے آئے اور ان کے ساتھ والہانہ انداز میں ناچتے ہوئے جیت کا جشن منایا، جسے گرائونڈ میں موجود شائقین نے بہت سراہا۔
سفیال بوفال اور انکی والدہ کے رقص کی ویڈیو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی وائرل ہے جس پر صارفین انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے تعریفی پیغامات بھیج رہے ہیں۔