All posts by Khabrain News

وزیراعلیٰ پنجاب نے صحافی کالونی فیز ٹو کیلئے 700 کنال اراضی کی منظوری دیدی

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی کا صحافیوں کے لئے بڑا تحفہ، لاہور میں صحافی کالونی فیز II کے لئے 700 کنال اراضی مختص کرنے کی منظوری دے دی۔
وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ فیز ٹو کیلئے اراضی روڈا ایریامیں فراہم کی جائے گی، فیز ٹو سے صحافیوں کیلئے اپنی چھت کا خواب پورا ہوگا۔
چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ لاہور پریس کلب کے ملازمین کو بھی 5،5 مرلے کے پلاٹس دئیے جائیں گے، پریس کلب کی ممبر شپ نہ رکھنے والے بیمار اور معذور صحافیوں کو بھی فیز IIمیں پلاٹس دیں گے، وفات پا جانے والے صحافیوں کی فیملیز کو بھی فیزII میں چھت فراہم کریں گے۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ بی بلاک کے متاثرین کا مسئلہ جلد ازجلد حل کروا کر متاثرین کو ان کا حق لوٹائیں گے، صحافی کالونی ہربنس پورہ میں قبضہ مافیا کے لئے بلا امتیاز کارروائی کے لئے پولیس کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔
یاد رہے کہ آشیانہ ہاؤسنگ سکیم میں 500 کنال اراضی پر صحافی کالونی فیزII کا اعلان کیا تھا تاہم اراضی کم ہونے کے باعث اب فیز II کے لئے روڈا ایریا میں اراضی فراہم کرنے کی منظوری دی ہے۔

آشیانہ ہاؤسنگ ریفرنس: وکلاء گواہان کے بیانات پر جرح کیلئے 7 جنوری کو طلب

لاہور: (ویب ڈیسک) احتساب عدالت نے وزیر اعظم شہباز شریف کے خلاف آشیانہ اقبال ہاؤسنگ سوسائٹی کیس میں وکلاء کو گواہان کے بیانات پر جرح کے لیے آئندہ ماہ 7 جنوری کو طلب کر لیا۔
احتساب عدالت نمبر 5 کے جج ساجد علی اعوان نے کیس کی سماعت کی، انہوں نے کہا کہ ریفرنس کے نیب گواہان کو آئندہ سماعت پر جرح کے لیے پیش کیا جائے جس پر جونئیر وکیل کا کہنا تھا کہ اگلی تاریخ کی درخواست ہے، امجد پرویز مصروفیت کے باعث پیش نہیں ہو سکتے۔
سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ نے احتساب عدالت پیش ہو کر حاضری مکمل کرائی جبکہ وزیر اعظم شہباز شریف کی جگہ ان کے پلیڈر انوار حسین پیش ہوئے، عدالت نے وزیر اعظم شہباز شریف کو حاضری سے مستقل استثنیٰ دے رکھا ہے۔ مزید برآں آشیانہ اقبال ریفرنس میں فواد حسن فواد کو بھی حاضری سے استثنیٰ مل چکا ہے۔
بعد ازاں عدالت نے سینئر وکیل کے موجود نہ ہونے کی وجہ سے کیس پر سماعت ملتوی کر دی۔ یاد رہے کہ آشیانہ اقبال ہاؤسنگ سوسائٹی کیس میں وزیر اعظم شہباز شریف اور سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ سمیت دیگر نامزد ہیں۔

یوٹیلٹی سٹورز پر گھی، دودھ سمیت برانڈڈ اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) یوٹیلٹی سٹورز پر گھی، دودھ، نوڈلز، کیچپ، جام، بچوں کے خشک دودھ اور بسکٹ سمیت متعدد برانڈڈ اشیاء کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کر دیا گیا۔
یوٹیلٹی سٹورز انتظامیہ کی جانب سے گھی، دودھ سمیت متعددبرانڈڈ اشیاء کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کیا گیا جبکہ قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق یوٹیلٹی سٹورز پر برانڈڈ گھی کی فی کلو قیمت میں 71 روپے تک اضافہ کیا گیا اور برانڈڈ گھی 397 روپے سے بڑھاکر 468 روپے کا کردیا گیا۔
بچوں کا 800 گرام خشک دودھ کے ڈبے کی قیمت میں 120 روپے اضافہ کیا گیا اور بچوں کے خشک دودھ کے 800 گرام ڈبے کی قیمت 1690 سے بڑھا کر1810 روپے کر دی گئی، ایک کلو برانڈڈ دیسی گھی کی قیمت میں 220 روپے تک اضافہ کیا گیا اوربرانڈڈ دیسی گھی 1200 سے بڑھ کر 1420 روپے کا ہو گیا۔
200 گرام ملک کریم کی قیمت میں 21 روپے اضافہ کیا گیا جو کہ 153 روپے سے بڑھ کر 174 روپے کی ہوگئی، چار پیک والے نوڈلز کی قیمت 207 روپے سے بڑھا کر 227 روپے کر دی گئی جس میں 20 روپے کا اضافہ ہوا، 800 گرام ٹماٹو کیچپ کی قیمت میں 30 روپے اضافہ کیا گیا جو 288 روپے سے بڑھ کر 318 روپے کا ہو گیا۔
800 گرام نمک کی قیمت میں 10 روپے،440 گرام سیب اور مینگو کے جام کی قیمت میں 29 روپے اضافہ کیا گیا، مختلف برانڈز کے بسکٹ، مصالحہ جات اور ٹوائلٹ سوپ کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا گیا۔

راولپنڈی: اراضی تنازع پر 2 گروپوں میں فائرنگ، 3 افراد جاں بحق

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) چکری روڈ پر ہاؤسنگ سوسائٹی میں 2 گروپوں کے درمیان فائرنگ کے نتیجہ میں 3 افراد جاں بحق، 2 زخمی ہو گئے۔
بتایا گیا ہے کہ راولپنڈی چکری روڈ پر زیر تعمیر ہاؤسنگ سوسائٹی میں اراضی کے تنازع پر لڑائی جھگڑے کے دوران دو گروپوں نے ایک دوسرے پر فائرنگ کر دی جس سے 3 افراد موقع پر دم توڑ گئے جبکہ گولیاں لگنے سے 2 زخمی ہو گئے۔
دونوں زخمیوں کو طبی امداد کیلئے فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، راولپنڈی پولیس نے موقع پر پہنچ کر وقوعہ کی تفتیش شروع کر دی۔

او آئی سی کے سیکرٹری جنرل 3 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طحہ 3 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔
تفصیلات کے مطابق سیکرٹری جنرل اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) حسین ابراہیم طحہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی دعوت پر 3 روزہ دورہ پر اسلام آباد پہنچ گئے جہاں او آئی سی میں پاکستان کے مستقل نمائندے رضوان سعید شیخ اور ڈائریکٹر جنرل او آئی سی فرخ اقبال نے ان کا استقبال کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سیکرٹری جنرل اپنے 3 روزہ دورے کے دوران وزیراعظم اور وزیر خارجہ سے ملاقاتیں کریں گے۔ علاوہ ازیں او آئی سی سیکرٹری جنرل وزیر خارجہ بلاول بھٹو سے او آئی سی ایجنڈے پر تفصیلی تبادلہ خیال اور وفد کے ہمراہ آزاد جموں و کشمیر کا دورہ بھی کریں گے۔

سپریم کورٹ پرنسپل سیٹ کیلئے آئندہ ہفتے کی کاز لسٹ اور ججز روسٹر جاری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ پرنسپل سیٹ اسلام آباد کیلئے آئندہ ہفتے کی کاز لسٹ اور ججز روسٹر جاری کر دیا گیا۔
نئے کاز لسٹ اور ججز روسٹز کے مطابق آئندہ ہفتے 5 بنچ پرنسپل سیٹ پر مقدمات کی سماعت کریں گے، بنچ ایک چیف جسٹس عمر عطا بندیال،جسٹس عائشہ ملک اور جسٹس شاہد وحید پر مشتمل ہوگا۔
بنچ دو میں جسٹس قاضی فائز عیسی اور جسٹس یحیی آفریدی شامل ہونگے، بنچ تین جسٹس سردار طارق مسعود،جسٹس امین الدین اور جسٹس حسن اظہر رضوی پر مشتمل ہوگا۔
بنچ چار میں جسٹس اعجازالاحسن اور جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی شامل ہونگے، بنچ پانچ جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس محمد علی مظہر پر مشتمل ہوگا۔
سپریم کورٹ میں نیب ترامیم کیخلاف چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی درخواست پر سماعت پیر کو ہوگی۔

بلڈنگ پلان کی خلاف ورزی: سینیٹر اعظم سواتی کا فارم ہاؤس سیل

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم سواتی سمیت چار فارم ہاؤسز سیل کر دیئے۔
غیرقانونی تعمیرات پرمتعدد مرتبہ جاری کئے گئے سی ڈی اے کےشوکازنوٹسز پرعملدرآمد نہ کرنے اورسی ڈی اے کیخلاف عدالت سے حاصل کیے گئے حکم امتناعی کے خارج ہونے پرپی ٹی آئی کے سینیٹراعظم سواتی کے فارم ہاؤس نمبر 71 سمیت 4 فارم ہاؤسز نمبر 34، 35 اور 13 کوسیل کردیا جبکہ مجموعی طور پر70 فارم ہاؤسز کے مالکان کو غیرقانونی تعمیرات اور بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی پر شوکازنوٹسز جاری کردئیے۔
سی ڈی اے ذرائع کے مطابق مذکورہ چاروں فارم ہاؤسز کو غیرقانونی طور پر تہہ خانہ تعمیر کرنے اور شیڈز سمیت دیگر خلاف ورزیاں کر کے تعمیرات کرنے پر پچھلے 6 برسوں میں 4 مرتبہ نوٹسز جاری کئے گئے لیکن فارم ہاؤسز کے مالکان نے قوانین پر عملدرآمد نہ کیا جس پر انہیں سولہ نومبر کوحتمی شوکازنوٹس جاری کیا گیا تھا۔
اعظم سواتی نے سی ڈی اے کے نوٹس کیخلاف عدالت سے حکم امتناعی حاصل کیا جبکہ اس دوران سینیٹر اعظم سواتی نے سینٹ کی قائمہ کمیٹی کو بھی درخواست کی کہ وہ ان کے کیس پر سی ڈی اے سے رپورٹ طلب کریں جس پر کمیٹی نے سی ڈی اے سے رپورٹ طلب کی تو کمیٹی کو معلوم ہوا کہ فارم ہاؤس کا کیس عدالت میں زیرسماعت ہے تو کمیٹی نے اس پر مزید کارروائی سے انکار کر دیا تھا۔
بعد ازاں جمعہ 9 دسمبر کو عدالت سے بھی حکم امتناعی خارج ہو گیا جس پر سی ڈی اے کے شعبہ بلڈنگ کنٹرول سیل نے شعبہ انفورسمنٹ اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیموں کے ہمراہ فارم ہاؤسز کو سیل کیا اور وہاں تعینات سکیورٹی گارڈز کو بھی ہٹا دیا۔
سی ڈی اے نے چاروں فارم ہاؤسز کے مرکزی دروازوں پر سیل کا نوٹس بھی چسپاں کردیا ہے۔ اس بارے میں سی ڈی اے کے ایک سینئر آفیسر نے بتایا کہ سیل کئے گئے چاروں فارم ہاؤسز میں لوگ مقیم نہیں۔

اے این ایف کی ملک بھر میں کارروائیاں، بھاری مقدار میں منشیات برآمد

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مُلک بھر میں منشیات کے خلاف کامیاب کارروائیاں، بھاری مقدار میں منشیات برآمد کر کے مقدمات درج کر لئے گئے۔
اینٹی نارکوٹکس فورس نے کارروائی کرتے ہوئے راولپنڈی میں ایوب پارک کے قریب 2 ملزمان سے 2 کلو 400 گرام چرس برآمد کر لی۔
اے این ایف اور اے ایس ایف نے ملتان ایئرپورٹ پر مشترکہ کارروائی کر کے ابوظہبی جانے والے ملزم کے بیگ سے 1 کلو 926 گرام چرس برآمد کر لی، خیبر کا رہائشی ملزم بھی گرفتار کر لیا۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق کراچی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جدہ جانے والے مُلزم کے ٹرالی بیگ سے 7 کلو 580 گرام (لیکوئیڈ) آئس برآمد کر کے مردان کا رہائشی ملزم پکڑ لیا۔
دوسری جانب کوئٹہ سریاب روڈ کے قریب کوئٹہ کے اشتہاری ملزم سے 4 کلو چرس اور 700 گرام ہیروئین کرسٹل برآمد کر لی گئی۔
ترجمان اے این ایف کا کہنا ہے کہ مُلزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لئے گئے ہیں۔

عمران خان نے مذاکرات کی دعوت نہیں دی، غیر مشروط مذاکرات کیلئے تیار ہیں: رانا ثناء

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان نے مذاکرات کی کوئی دعوت نہیں دی، غیر مشروط مذاکرات کے لئے پی ڈی ایم کی لیڈر شپ تیار ہے۔
انسداد منشیات کی خصوصی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ہمارے خلاف انتقامی کارروائیاں کی گئیں، اگر کیس ختم ہو رہے ہیں تو ہمارے ساتھ انصاف ہو رہا ہے، ڈیلی میل نے شہباز شریف سے معافی مانگی، اپنی غلطی تسلیم کی، توشہ خانہ کیس میں اس کی رسیدیں بھی جعلی ثابت ہوئی ہیں، مرشد حکم دے رہی تھیں کہ گھڑیاں بیچ دو، اس سے بڑا ثبوت کیا ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب یہ ہماری لیڈر شپ پر جھوٹے مقدمے بنا رہا تھا تو یہ اس وقت خود اس قسم کی کرپشن میں ملوث تھا، یہ پچھلے 7 ماہ سے حکومت کو بلیک میل کر رہے ہیں، یہ شخص اپنی ذاتی انا کے لئے ملک کا بیڑا غرق کرنے میں لگا ہوا ہے، اگر اقتدار ان کے پاس ہو تو سب ٹھیک اور اگر اقتدار نہ ہو تو سب غلط ، تاریخیں دینے والے ڈرامے کو چھوڑو اسمبلی توڑو ہم تیار ہیں۔ ہم 3 سال جھوٹے مقدمات میں جیلوں میں رہے، یہ کتنی بے شرمی سے یہ بات کر رہے ہیں کہ ہم اپنے مقدمات ختم کروا رہے ہیں، یہ ہمارے خلاف جھوٹے مقدمات ہیں، یہ ختم ہونے چاہیں۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ میاں نوازشریف سے پارٹی نے درخواست کی ہے کہ آئندہ انتخابی مہم میں پاکستان میں موجود ہوں جبکہ اس درخواست کو میاں نوازشریف نے قبول کر لیا ہے، جیسے ہی ضرورت ہو گی میاں نوازشریف پارٹی کو لیڈ کریں گے، شہباز گل کے خلاف کوئی سیاسی کیسز نہیں، انہوں نے افواج میں نفرت پھیلانے کی بات کی، شہباز گل کی بات کو کسی نے قبول نہیں کیا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ اگر عدالتیں میاں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو ایک جھوٹے کیس میں بری کریں تو یہ چیف آف آرمی اسٹاف کو مبارک دیتے ہیں کہ آپ نے ڈاکو بری کروا دیا ہے، ایک طرف آپ فوج کو کہہ رہے ہیں کہ آپ عدلیہ سے فیصلے کروا رہے ہیں اور دوسری طرف آپ عدلیہ کا مذاق اڑا رہے ہیں کہ عدلیہ کسی کے کہنے پر ملزمان کو چھوڑتی ہے، اعظم سواتی نے قومی اداروں پر تنقید کی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان مجھے مذاکرات کی دعوت کبھی نہیں دیں گے اور نہ میرے ساتھ مذاکرات ہو سکتے ہیں، عمران خان نے مذاکرات کی کوئی دعوت نہیں دی، غیر مشروط مذاکرات کے لئے پی ڈی ایم کی لیڈر شپ تیار ہے، عارف علوی صاحب درمیان میں ایک کردار ادا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
سینئر لیگی رہنما نے کہا کہ ہم ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے کی کوشش کر رہے ہیں، اور وہ کوشش کر رہے ہیں کہ معیشت بیٹھ جائے، وہ پورا زور لگا رہے ہیں کہ ملک ڈیفالٹ کر جائے، پچھلے 20 دن سے پروپیگنڈہ کر رہے ہیں کہ ملک ڈیفالٹ کر رہا ہے، سب سے پہلے بات اکانومی پر ہونی چاہیے، لوگوں کو ریلیف ملنا چاہیے، ہم الیکشن بھرپور طریقے سے لڑیں گے، ہم جب عوام میں جائیں گے تو ہر چیز عوام کے سامنے رکھیں گے، پنجاب میں ہم اس مرتبہ اکثریت حاصل کریں گے اور حکومت بنائیں گے۔
واضح رہے کہ انسداد منشیات کی خصوصی عدالت میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ سمیت دیگر کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی جس میں عدالت نے پراسکیوشن کو رانا ثناء اللہ کے بنک اکاؤنٹس کھولنے کی متفرق درخواستوں پر جواب جمع کروانے کی ہدایت کر دی۔ عدالت نے دیگر متفرق درخواستوں پر بھی اے این ایف کو جواب جمع کروانے کی ہدایت کی۔

فٹبال ورلڈ کپ: کوارٹر فائنل میں آج مراکش کا پرتگال، انگلینڈ کا فرانس سے مقابلہ ہوگا

دوحا: (ویب ڈیسک) دوحا میں جاری فٹبال کی عالمی جنگ آخری مراحل میں داخل ہونے لگی، ورلڈ کپ میں باقی دونوں کوارٹر فائنل آج کھیلے جائیں گے۔
ایونٹ کا تیسرا کوارٹر فائنل مراکش اور پرتگال کے درمیان کھیلا جائے گا، واحد عرب ٹیم اور سپر اسٹار کرسٹیانو رونالڈو الیون پاکستانی وقت کے مطابق رات آٹھ بجے الثمامہ اسٹیڈیم میں اِن ایکشن ہوں گی۔
فٹبال ورلڈ کپ کا آخری کوارٹر فائنل انگلینڈ اور دفاعی چیمپئن فرانس کے درمیان شیڈول ہے جو رات بارہ بجے شروع ہوگا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روزعالمی فٹبال ورلڈ کپ کے اعصاب شکن کوارٹر فائنل میچ میں کروشیا نے ہاٹ فیورٹ برازیل کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے جبکہ دوسرے کوارٹر فائنل میں ارجنٹائن نے نیدرلینڈز کو شکست دے کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے۔