All posts by Khabrain News

چین فلسطینی عوام کے ساتھ ہمیشہ کھڑا ہے: چینی صدر

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ چین اور فلسطین دیرینہ دوست ہیں اور چین فلسطینی عوام کے ساتھ ہمیشہ کھڑا ہے۔
فلسطینی صدر محمود عباس سے ریاض میں ہونے والی ملاقات میں شی جن پنگ نے کہا مسئلہ فلسطین کا پُرامن اور عادلانہ حل مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کا ضامن ہے، مسئلہ فلسطین دو ریاستی حل اور زمین کے بدلے امن سے جڑا ہوا ہے۔
چینی صدر کا مزید کہنا تھا کہ چین 1967 کی سرحدوں کے مطابق آزاد فلسطینی ریاست جس کا دارالحکومت بیت المقدس ہو کے قیام کی حمایت کرتا آیا ہے۔
فلسطینی صدر نے غیر متزلزل حمایت پر چین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ فلسطینی عوام کو چین سے تعلقات پر فخر ہے۔

کراچی: مبینہ پولیس مقابلے،2 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی کے مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران دو ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لئے گئے۔
کراچی کے علاقے کورنگی مہران ٹاؤن میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے جناح ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزم کے ساتھیوں کی تلاش جاری ہے جبکہ گرفتار ملزم کا کرمنل ریکارڈ بھی معلوم کیا جارہا ہے۔
دوسری جانب عزیز آباد بلاک 2 میں مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار ہوا، ملزم کی شناخت عبداللہ کے نام سے ہوئی۔
ملزمان شہریوں سے لوٹ مار کر رہے تھے کہ پولیس پہنچ گئی، اس دوران ملزمان نے فائرنگ کر دی، جوابی فائرنگ سے ایک ڈاکو زخمی ہوگیا جسے گرفتار کرلیا گیا۔

صبا فیصل نے بہو نیہا سے متعلق اپنی تمام ویڈیوز ڈیلیٹ کردیں

کراچی: (ویب ڈیسک) سینئر اداکارہ صبا فیصل نے اپنی بہو نیہا سے متعلق ویڈیو شیئرنگ اپیلی کیشن انسٹا گرام پر پوسٹ کی گئی دونوں وڈیوز ڈیلیٹ کر دیں۔
واضح رہے کہ دو روز قبل اداکارہ نے انسٹاگرام پر ایک وڈیو پوسٹ کی تھی جس میں انہوں نے اپنے بیٹے سلمان فیصل اور بہو نیہا سے تعلق ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
ویڈیو میں اداکارہ کی جانب سے نیہا پر الزامات کی بوچھاڑ کی گئی جس کے جواب میں نیہا نے بھی نام لیے بغیر ساس اور نند کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
اس کے بعد صبا فیصل کی جانب سے انسٹاگرام پر ایک اور ویڈیو شیئر کی گئی جس میں انہوں نے تمام مداحوں اور سوشل میڈیا پیجز کی جانب سے ان کی حمایت کرنے پر شکریہ ادا کیا گیا۔
اب صبا فیصل نے مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کی کہ وہ ان کے خاندانی مسائل کو سمجھیں اور ان کی بہو سمیت ان کے حوالے سے گندی باتیں نہ کریں اور وہ ان سے متعلق قیاس آرائیاں کرنا بند کریں۔

ویب سیریز ‘قاتل حسیناؤں کے نام’ نے ایک اورعالمی ایوارڈ جیت لیا

سنگاپور: (ویب ڈیسک) پاکستانی ویب سیریز “قاتل حسیناؤں کے نام” نے بین الاقوامی سطح پر بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا۔
سنگاپور میں منعقدہ ایشین اکیڈمی کریئیٹو ایوارڈز میں ویب سیریز نے ’بیسٹ انتھالوجی‘ ایوارڈ اپنے نام کیا۔ ثروت گیلانی نے انسٹاگرام پر پوسٹ میں جیت کا اعلان کرتے ہوئے لکھا ہم اس ایوارڈ کو پاکستان لا رہے ہیں۔
ویب سیریز میں سات قاتل حسیناؤں نے اپنی شاندار اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں جن میں ثروت گیلانی، مہر بانو، صنم سعید، ایمان سلیمان، فائزہ گیلانی، سامعیہ ممتاز اور بیو رانا ظفر شامل ہیں۔
واضح رہے کہ “قاتل حسیناؤں کے نام” ویب سیریز اس سے قبل اکنامک ٹائمز اسپاٹ ایوارڈز میں بھی ویب پر بہترین تھرلر شو ہونے کا ایوارڈ اپنے نام کرچکی ہے۔
یاد رہے کہ ویب سیریز کی کاسٹ میں اداکار شہریار منور، احسن خان، عثمان مختار اور سلیم معراج بھی شامل تھے۔

فیفا ورلڈکپ؛ مراکش سے شکست پر اسپین نے کوچ کو فارغ کردیا

دوحہ: (ویب ڈیسک) قطر میں جاری فیفا ورلڈکپ میں مراکش کے ہاتھوں سابق چیمپیئن سپین کو شکست کے بعد ٹیم میں تبدیلیاں شروع کردی گئیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ہسپانوی فٹ بال فیڈریشن نے فیفا ورلڈکپ کے راؤنڈ آف 16 مرحلے کے مقابلے میں سپین کو مراکش کے ہاتھوں پنالٹی ککس پر 0-3 کی شکست کے بعد ٹیم میں تبدیلیوں کا آغاز کردیا۔
فیڈریشن نے لوئس اینریک کی جگہ لوئس ڈی لا فوینٹے کو سپین کی قومی فٹبال ٹیم کا نیا کوچ تعینات کردیا ہے۔
61 سالہ ڈی لا فوینٹے نے 2015 میں سپین کی انڈر 19 ٹیم کو یورپی چیمپئن شپ جیتوانے جبکہ انڈر 21 ٹیم کو یورو 2019 جیتوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
واضح رہے کہ فیفا ورلڈکپ 2022 میں سپین نے گروپ میچز میں کوسٹا ریکا کے خلاف 0-7 سے کامیابی سمیٹ کر جارحانہ آغاز کیا تھا تاہم جرمنی کے ساتھ 1-1 سے ڈرا ہوا جبکہ جاپان سے 1-2 سے شکست ہوئی۔
اسی طرح ہسپانوی ٹیم کو ہزیمت کا سامنا اس وقت اٹھانا پڑا جب مراکش کی ٹیم نے انہیں پنالٹی ککس پر 0-3 سے شکست دی۔

فیفا ورلڈکپ: نیدرلینڈز کو پینالٹی ککس پر شکست، ارجنٹائن کی سیمی فائنل میں انٹری

دوحہ: (ویب ڈیسک) سر زمین عرب قطر میں جاری فیفا ورلڈکپ کے کوارٹر فائنل میں ارجنٹائن نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیدرلینڈز کو شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
ارجنٹائن اور نیدرلینڈز کے درمیان کھیلا گیا دوسرا کوارٹرفائنل مقررہ وقت میں 2-2 گول سے برابر رہا۔
ارجنٹائن اور نیدرلینڈز کے درمیان کھیلے گئے میچ میں نیدرلینڈز کا پلڑا بھاری رہا جن کے کھلاڑی 60 فیصد گیند پر قبضہ برقرار رکھنے میں کامیاب رہے لیکن ارجنٹائن کے کھلاڑیوں نے بھی مواقع سے فائدہ اُٹھایا۔
ارجنٹائن کی جانب سے پہلا گول مولینا نے 35 ویں منٹ میں کیا جبکہ دوسرا گول میسی نے 73ویں منٹ میں پینالٹی کک پر سکور کیا دوسری جانب نیدرلینڈز کے دونوں گول ویگ ہورسٹ نے کھیل کے آخری لمحات میں کیے۔
میچ کو فیصلہ کن بنانے کے لیے 30 منٹ کا اضافی وقت دیا گیا مگر اُس میں بھی کوئی ٹیم گول نہ کرسکی جس کے بعد پینالٹی ککس کا سہارا لیا گیا، دونوں ٹیموں کو 5،5 پینالٹی ککس دی گئیں۔
پینالٹی ککس سیشن میں ارجنٹائن نے 4 اور نیدرلینڈز نے 3 گول کیے، یوں ارجنٹائن کی ٹیم نے دوسرے کوارٹر فائنل میں فتح حاصل کرکے سیمی فائنل میں جگہ بنالی جہاں اُس کا مقابلہ منگل کو کروشیا سے ہوگا۔
اس سے قبل جمعہ کو کروشیا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد برازیل کو کوراٹر فائنل میں شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔

ملتان ٹیسٹ: پاکستان نے پہلے سیشن میں 6 وکٹیں گنوادیں، 169 پر 8 آؤٹ

ملتان : (ویب ڈیسک) ملتان ٹیسٹ کے دوسرے دن پاکستان ٹیم کی بیٹنگ جاری ہے پہلے سیشن سے قبل 169 رنز پر قومی ٹیم کے 8 کھلاڑی آؤٹ ہوچکے ہیں۔
ملتان ٹیسٹ کے دوسرے روز میچ کا آغاز پاکستان نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 107رنز کے ساتھ کیا تاہم پہلے سیشن میں کپتان بابر اعظم 75 اور سعود شکیل کے 63 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد وکٹوں کی لائن لگ گئی۔
اس کے بعد محمد رضوان 10، محمد نواز 1، فہیم اشرف 2 اور محمد علی صفر پر پویلین ہی لوٹ گئے۔
کریز پر اب فہیم اشرف اور زاہد محمود موجود ہیں جبکہ قومی ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز بناچکی ہے ،انگلینڈ کو اب بھی پاکستان پر 110 رنز کی برتری حاصل ہے۔
دوسرے روز پہلے سیشن میں کپتان بابر اعظم انگلش بولر اولی رابنسن کی گیند پر 75 رنز پر بولڈ ہوگئے جس کے بعد سعود شکیل جیک لیچ کی گیند پر جیمس اینڈریسن کو کیچ دے بیٹھے اور 63 رنز کے ساتھ پویلین لوٹ گئے ،محمد رضوان کو بھی جیک لیچ نے بولڈ کردیا اس کے بعد جو روٹ آغا سلمان اور محمد علی جبکہ جیک لیچ محمد نواز کی وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔
میچ کا پہلا روز
ملتان ٹیسٹ میچ کے پہلے روز انگلینڈ کی پوری ٹیم 281 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی انگلینڈ کے خلاف اسپن بولر ابرار احمد نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے انگلینڈ کی 7 جبکہ زاہد محمود نے 3 وکٹیں لی تھیں۔جس کے بعد پہلے روز پاکستان ٹیم سے عبداللہ شفیق اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا لیکن 5 رنز پر امام الحق بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوگئے،اس کے بعد عبداللہ شفیق بھی 14 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

امریکا کا یوکرین کے فضائی دفاع کو بڑھانے کیلئے امدادی پیکج کا اعلان

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا نے یوکرین کے فضائی دفاع کو بڑھانے میں مدد کیلئے 275 ملین ڈالر کے ایک نئے امدادی پیکج کا اعلان کر دیا ہے۔ وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کے ترجمان جان کربی نے صحافیوں کو بتایا کہ یہ امداد خاص طور پر روسی ڈرونز کے خلاف یوکرین کے فضائی دفاع کو بڑھانے میں مدد دے گی۔ امریکا نے روس اور ایران کے درمیان مکمل دفاعی شراکت داری کے بارے میں بھی خطرے کا اظہار کرتے ہوئے اسے یوکرین، ایران کے پڑوسیوں اور دنیا کیلئے نقصان دہ قرار دیا ہے۔ جان کربی نے کہا امریکا ایرانی ڈرونز کے حصول اور استعمال میں سرگرم تین روسی اداروں پر پابندی لگائے گا۔

یوکرین جنگ: یورپی یونین نے روس کے 19 ارب یورو کے اثاثے منجمد کر دیئے

برسلز: (ویب ڈیسک) بیلجیئم اور لکسمبرگ کی قیادت میں یورپی یونین کے ممالک نے یوکرین کے خلاف جنگ کی وجہ سے پابندیوں کی زد میں آنے والے روسی اولیگارکوں اور اداروں کے 18.9 ارب یورو کے اثاثے منجمد کر دیئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق روس کے سب سے زیادہ اثاثے بیلجیئم نے منجمد کیے ہیں، ان اثاثوں کی مالیت ساڑھے تین ارب یورو ہے، اس کے علاہ لکسمبرگ نے اڑھائی ارب، اٹلی 2.3 ارب اور جرمنی نے 2.2 ارب یورو کے اثاثے منجمد کیے ہیں۔ یورپی یونین کے 25 نومبر تک کے اعداد و شمار کے مطابق آئر لینڈ، آسٹریا، فرانس اور سپین سمیت 27 ممالک کے بلاک کے دیگر ارکان ہیں جنہوں نے روس کے ایک ارب یورو فی کس سے زیادہ اثاثے منجمد کیے۔ فروری میں ماسکو کی جانب سے یوکرین پر مکمل حملے کے آغاز کے بعد سے یورپی یونین نے روسی معیشت کے خلاف بار بار بے شمار پابندیاں عائد کی ہیں، مالٹا ایک ایسا ملک ہے جس نے روسیوں سمیت دولت مند سرمایہ کاروں کے لیے ایک متنازعہ گولڈن پاسپورٹ سکیم چلائی ہے، اس فہرست میں سب سے نیچے ہے جہاں روس کے ایک لاکھ 46 ہزار 558 یورو بلاک کیے گئے ہیں، یونان دو لاکھ 12 ہزار 201 یورو مالیت کے اثاثوں کے ساتھ نیچے سے دوسرے نمبر پر ہے۔ یورپی یونین کی جانب سے مجموعی طور پر روس کے 1241 افراد اور 118 اداروں کے اثاثے منجمد کیے گئے ہیں اور پابندی کے شکار افراد کے یورپی یونین میں داخلے پر بھی پابندی عائد کی ہے۔

اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر خاموش ہے، مشال ملک

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک نے کہا ہے کہ دنیا میں ایک ایسا خطہ بھی ہے جہاں انسانوں کے ساتھ جانوروں سے بھی بدتر سلوک کیا جاتا ہے، اقوام متحدہ دنیا بھر میں انسانی حقوق پر زور دیتا ہے لیکن مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر مکمل خاموش ہے۔ انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں مشال ملک کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں آج انسانی حقوق کی کا عالمی دن منایا جا رہا ہے لیکن دنیا میں ایک ایسا خطہ بھی ہے جہاں پر جانوروں کیلئے بھی ممنوعہ پیلٹ گن کا استعمال انسانوں پر کیا جاتا ہے، مقبوضہ کشمیر میں خواتین کی بے حرمتی بھارتی فوج کے لیے روز کا عمل ہے، مقبوضہ وادی میں گزشتہ کئی برسوں سے انسانیت کی تذلیل ہو رہی ہے۔ اہلیہ یاسین ملک نے کہا کہ بھارت بغیر کسی ڈر و خوف کے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم جاری رکھے ہوئے ہے، بھارتی فوج اب تک لاکھوں کشمیریوں کو شہید کر چکی ہے، ہزاروں خواتین اب تک بیوہ ہو چکی ہیں، ہزاروں کی تعداد میں کشمیری بچے یتیم ہو چکے ہیں۔ مشال ملک کا مزید کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر دنیا کی سب بڑی جیل ہے، بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں کیمیکل ہتھیاروں کا استعمال کر رہی ہے، دنیا کو سمجھنا ہو گا کہ مسئلہ کشمیر کے حل بغیر دنیا میں امن ممکن نہیں، انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کر رہا ہے اور کشمیریوں سے ان کی زمین چھینی جا رہی ہے، کشمیریوں کو معاشی طور پر کمزور کیا گیا ہے۔