All posts by Khabrain News

کورونا کے مزید 16 کیسز مثبت، 34 مریضوں کی حالت تشویشناک

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی ادارہ صحت ( این آئی ایچ) نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 5 ہزار 439 کورونا ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔ این آئی ایچ کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5 ہزار 439 کورونا ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 16 افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ اس طرح گزشتہ 24 گھنٹوں میں کئے گئے مثبت کورونا ٹیسٹ کی شرح 0.29 فیصد رہی ہے، مزید برآں اس دوران کورونا وائرس سے کوئی بھی مریض جاں بحق نہیں ہوا جبکہ 34 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

کسی بھی ملک نے روس پر ایٹمی حملہ کیا تو اسے نقشے سے مٹا دیا جائے گا،روسی صدر پیوٹن

ماسکو: (ویب ڈیسک) روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے دنیا کو خبردار کیا ہے کہ اگر کسی بھی ملک نے روس پر ایٹمی حملہ کیا تو اسے زمین کے نقشے سے مٹا دیا جائے گا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پیوٹن نے واضح کیا ہے کہ روس کے جدید ترین ہائپرسونک ہتھیار کسی بھی ایسے ملک کو منہ توڑ جواب دیں گے جو روس پر ایٹمی حملہ کرنے کی جرات کرے گا۔
انہوں نے خبر دار کیا کہ اگر کسی بھی ملک نے روس پر ایٹمی حملہ کرنے کی ہمت کی تو اسے نقشے سے مٹا دیا جائے گا۔
اس کے علاوہ یوکرین جنگ کے حوالے سے صدر پیوٹن کا کہنا تھا کہ حال ہی میں بھرتی کیے گئےڈیڑھ لاکھ فوجی یوکرین میں جنگ لڑنے کے لیے منتظر ہیں تاہم انہوں نے یوکرین میں فوری طور پر اضافی فوجی بھیجنے سے انکار کیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق روسی صدر نے مزید کہا کہ روس تیل کی پیداوار میں کمی کر سکتا ہے اور کسی ایسے ملک کو تیل فروخت نہیں کرے گا جو مغرب کی قیمتوں پر روسی تیل خریدنے پر زور دیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے واضح کیا تھا کہ ایٹمی جنگ کا خطرہ ضرور بڑھ رہا ہے لیکن روس کبھی بھی ایٹمی ہتھیار استعمال کرنے میں پہل نہیں کرے گا۔

دنیا کو پاکستان کے بارے اپنی رائے کو بدلنے کی ضرورت ہے: بلاول بھٹو

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان سنگاپور کے ساتھ دوطرفہ طور پر اور آسیان کے تناظر میں اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، دنیا کو پاکستان کے بارے میں پر اپنی رائے کو بدلنے کی ضرورت ہے۔
سنگاپور کے دورہ کے موقع پر کثیر خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 220 ملین آبادی میں سے 114 ملین آبادی 25 سال سے کم عمر نوجوانوں پر مشتمل ہے، پاکستان میں آن لائن تجارت میں اضافہ ہو رہا ہے، 2021 میں پاکستانی ای کامرس مارکیٹ میں 45 فیصد اضافہ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ سنگاپور اور پاکستان کے درمیان تجارت میں مل کر کام کرنے کے بہت زیادہ امکانات موجود ہیں، سنگاپور کی آزادی کے فوراً بعد پاکستان اسے تسلیم کرنے والے اولین ممالک میں شامل تھا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستانی تارکین وطن کمیونٹی نے ابتدائی سالوں میں سنگاپور کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے، دونوں ممالک کی قیادت نے ماضی میں اعلیٰ سطح کے دوروں کا تبادلہ کیا، جس کے تناظر میں شہید بے نظیر بھٹو نے 1995 میں پاکستان کی وزیر اعظم کی حیثیت سے سنگاپور کا دورہ کیا تھا۔
انہوں نے ایک سوال پر کہا کہ پاکستان اور سنگاپور کے دوطرفہ تعلقات کی بحالی اور دو طرفہ تبادلوں کو تیز کرنے کے لیے سنگاپور کا دورہ کررہا ہوں، پاکستان سنگاپور کے ساتھ باہمی تعلقات کو تمام جہتوں میں مضبوط کرنے کا خواہاں ہے۔
انہوں نے ایک اور سوال پر کہا کہ دنیا کو پاکستان کے بارے میں اپنی رائے کو بدلنے کی ضرورت ہے، پاکستان کی ای کامرس مارکیٹ سے 2022 میں 7.67 ارب ڈالرکی آمدن متوقع ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بہت سے فری لانسرز آئی ٹی، ٹیلی کام، ای کامرس، ڈیٹا اینالیٹکس، مالیاتی خدمات، موسیقی اور صحت میں خدمات فراہم کر رہے ہیں، سنگاپور اور دیگر آسیان ممالک آئی ٹی سے متعلق سرگرمیوں اور مالیاتی خدمات میں ہمارے نوجوانوں کی صلاحیتوں سے بے پناہ فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان آسیان کا سب سے پرانا سیکٹرل ڈائیلاگ پارٹنر ہے اور وہ آسیان کے ساتھ مکمل ڈائیلاگ پارٹنرشپ کو اپ گریڈ کرنا چاہتا ہے۔

فیفا ورلڈکپ: برازیل باہر، کروشیا سیمی فائنل میں پہنچ گیا

دوحہ: (ویب ڈیسک) قطر میں جاری فٹبال ورلڈ کپ میں کروشیا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد برازیل کو کوراٹر فائنل میں شکست دے دی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان میچ اضافی وقت کے بعد 1-1 سے برابر تھا جس کے بعد میچ کو فیصلہ کن بنانے کیلئے پینالٹی شوٹ آؤٹ کا انعقاد کیا گیا۔
پینالٹی ککس پر کروشیا نے برازیل کو 2۔4 سےشکست دی اور سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔
کروشیا سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم ہے، آج دوسرا کوارٹر فائنل ارجنٹائن اور نیدرلینڈز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ اس میچ کی فاتح ٹیم اور کروشیا کا مقابلہ 14 دسمبر کو ہوگا۔
خیال رہے کہ کروشیا نے 2018 کے ورلڈ کپ میں بھی فائنل میں جگہ بنائی تھی تاہم اسے فرانس کے ہاتھوں شکست ہوگئی تھی۔

سعودیہ میں چین عرب سربراہی اجلاس، کئی ممالک کے سربراہان اور نمائندوں کی شرکت

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں چین عرب کانفرنس ہوئی جس میں چینی صدر شی چنگ پنگ نے شرکت کی۔
سعودی دارالحکومت ریاض میں عرب اور چین کانفرنس میں چین، مصر، عراق، قطر، موریطانیہ، تیونس، صومالیہ سمیت دیگر ممالک کے سربراہان اور نمائندے شریک ہوئے۔
عرب اور چین کانفرنس کی سربراہی سعودی ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان نے کی۔
اجلاس سے خطاب میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے کہا کہ چین کی ترقی سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں، چینی صدر کے ساتھ خلیج چینی فری زون کے قیام پر بات کی گئی۔
چینی صدرشی جن پنگ کا اجلاس سے خطاب میں کہنا تھاکہ چین خلیجی سربراہی اجلاس کی میزبانی پرسعودی عرب کے شکرگزار ہیں، خلیجی ملکوں کے ساتھ مل کر اقتصادی اورصنعتی ضروریات پوری کرسکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ چین دوسرے ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہ کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، اقتصادی شراکت داری کو فروغ دے کر ترقی کے اہداف کوحاصل کیا جا سکتاہے، چین تیل کی زیادہ تر ضروریات خلیجی ممالک سے حاصل کرتا رہے گا۔
چینی صدر کا کہنا تھاکہ چین خلیجی ممالک کی سلامتی اور استحکام کی حمایت جاری رکھے گا، چین خلیجی جوہری سلامتی مرکز اور مشترکہ سرمایہ کاری کونسل قائم کیا جائے گا۔
چینی عرب سربراہی اجلاس سے خطاب میں فلسطین کے صدر محمود عباس کا کہنا تھاکہ عرب چین اسٹریٹیجک شراکت داری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، فلسطینی ریاست ایک چین کے پروگرام کی حمایت کرتی ہے، منفی اور منظم پروپیگنڈے کے خلاف چین کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کی سرزمین پراسرائیل کاغاصبانہ قبضےکو درگزرکرنا امن کیلئےخطرناک ہوگا، انسانی حقوق اوربین الاقوامی قوانین کی جاری خلاف ورزیوں پر اسرائیل کا محاسبہ ضروری ہے۔
فلسطینی صدر نے مطالبہ کیا کہ امن کو تسلیم نہ کرنے پر عالمی برادری اسرائیل کا بائیکاٹ کرنا چاہیے۔

برطانیہ میں سڑک پر کسی کو دیکھ کر نامناسب اشارے اور گھورنے پر 2 برس قید ہوگی

لندن: (ویب ڈیسک) برطانیہ میں سڑک پر کسی کو دیکھ کر نامناسب اشارے اور گھورنے پر 2 برس قید ہوگی۔
برطانوی وزیرداخلہ سویلا بریورمین نے نئے منصوبہ پر کام شروع کردیا ہے اور حکومت نے جنسی ہراسانی سے متعلق پرائیویٹ ممبر بل کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
بل کے مطابق سڑک پرجنسی ہراسانی قابل سزا جرم ہوگا اور 2 برس قید ہوگی۔ اس کے علاوہ کسی کودیکھ کرسیٹی بجانا، نامناسب اشارہ کرنا اور گھورنا بھی جرم ہوگا۔
بل کے تحت ہراسانی میں ملوث مجرم کو کم سے کم 6 ماہ اور زیادہ سے زیادہ 2 سال قید کی سزا سنائی جا سکے گی۔
اس حوالے سے برطانوی وزیرداخلہ کا کہنا تھاکہ ہرخاتون کوشاہراہ اوردفترمیں خود کو محفوظ تصورکرناچاہیے۔

سرکاری عہدیدار سے تحائف لینے کے الزام میں لبنانی اداکارہ گرفتار

بیروت: (ویب ڈیسک) لبنان کی اداکارہ اسٹیفنی صلیبہ کو کرپشن تحقیقات میں شامل کرتے ہوئے گرفتار کرلیا گیا۔
صلیبہ کو فنانشل پراسیکیوٹر علی ابراہیم کی طرف سے تفتیش کے بعد فنانشل اٹارنی نے حراست میں لیا۔
جج غدا عون لبنان کے مرکزی بینک کے صدر ریاض سلامے کے خلاف جاری کیس کی سماعت کر رہی ہیں۔
جج نے عرب میڈیا کو تصدیق کی کہ انہوں نے اداکارہ صلیبہ کو تفتیش میں شامل کرنے کا حکم دیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ عدالت کو شک ہے کہ ریاض سلامے نے غبن شدہ رقم سے اداکارہ کو تحائف اور جائیدادیں خرید کر دیں۔
صلیبہ ایک مقبول ٹی وی سیریز کی میزبان ہیں اور ان کے 23 لاکھ انسٹاگرام فالوورز ہیں۔
واضح رہے کہ ریاض سلامے کو کچھ وقت پہلے تک لبنان کے بینکنگ سیکٹر میں ترقی کیلئے سراہا جاتا تھا لیکن اب وہ لبنان سمیت 5 یورپی ممالک میں 30 کروڑ ڈالر اور 50 لاکھ یورو کی خرد برد کے الزامات کا سامنا کر رہے ہیں۔

سوٹ کیس گم ہونے پر ماہرہ خان کی سعودی ائیرلائنز سے شکایت

جدہ: (ویب ڈیسک) سعودی ائیرلائنز نے پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کا سوٹ کیس گم کر دیا۔
ماہرہ خان ان دنوں ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹول میں شرکت کے لیے سعودی عرب میں موجود ہیں۔
اس دوران سعودی ائیرلائنز سے ماہرہ خان کا ایک سفری بیگ گم ہوگیا جس پر ادکارہ نے ائیرلائن سے شکایت کی ہے۔
سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے ماہرہ خان نے لکھا کہ ‘ مجھے یہاں آئے ہوئے 3 دن ہوگئے ہیں ، میرا بیگ سعودی ائیرلائنز سے گم ہوگیا۔
انہوں نے شکایت کی کہ دن میں کئی بار سوٹ کیس کی معلومات لینے کے لیے میں نے رابطہ کیا پر ائیرلائن کی جانب سے کوئی جواب نہیں ملا۔

ارشد شریف قتل ازخود نوٹس کیس کی سماعت کا حکم نامہ جاری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ نے ارشد شریف قتل ازخود نوٹس کیس کی سماعت کا حکم نامہ جاری کردیا۔
حکم نامہ رپورٹ میں بتایاگیا کہ تحقیقات کی پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے کیس جنوری کے پہلے ہفتے تک ملتوی کیا جا رہا ہے۔توقع ہے مختلف ممالک سے شواہد اور بیانات اکٹھے کرنے کیلئے خصوصی تحقیقاتی کمیٹی دل جوئی سے کام کرے گی
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ کسی بھی مشکل یا رکاوٹ آنے پر تحقیقاتی ٹیم براہ راست چیف جسٹس کو تحریری طور پر آگاہ کرے گی جبکہ جے ائی ٹی تحقیقات سے متعلق عبوری رپورٹس بھی وقتا فوقتاً ان چیمبرز جمع کروائے گی۔
تحریری حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ وزارت خارجہ نے اپنی رپورٹ میں تحقیقات کے حوالے سے کئی تجاویز دی ہیں، جے آئی ٹی تحقیقات میں تمام پہلوؤں کا جائزہ لے۔ ازخود نوٹس کی آئندہ سماعت جنوری کے پہلے ہفتے میں ہوگی۔

ٹائٹینک کی گلوکارہ پراسرار بیماری کا شکار ہوگئیں

ٹورنٹو: (ویب ڈیسک) کینیڈین گلوکارہ سلین ڈیون نے انکشاف کیا ہے کہ وہ ایک غیرمعمولی اعصابی بیماری کی شکار ہوگئی ہیں۔
انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پیغام میں گلوکارہ نے انکشاف کیا کہ ڈاکٹروں نے stiff person syndrome نامی عارضے کی تشخیص کی ہے جس کا سامنا بہت کم افراد کو ہوتا ہے۔
اس بیماری میں مریض کو مسلز اکڑ جانے اور تکلیف دہ تشنج کا سامنا ہوتا ہے۔
گلوکارہ نے بتایا کہ میں پہلے یہ کہنے کے لیے تیار نہیں تھی مگر اب تیار ہوں، میں طویل عرصے سے طبی مسائل کا مقابلہ کررہی تھی اور اب میرے لیے ان مسائل کا سامنا کرنا بہت مشکل ہوگیا ہے۔
سلین ڈیون نے مزید بتایا کہ وہ اور ان کی ٹیم اس بیماری کو بہتر طریقے سے سمجھنے کے لیے کام کررہی ہے، اس سے متاثر ہونے کا امکان ہر 10 لاکھ میں سے ایک فرد میں ہوتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے تشنج سے میری روزمرہ کی زندگی کا ہر پہلو متاثر ہوا، کئی بار چلنے کے دوران مشکلات کا سامنا ہوتا ہے اور اس کے باعث میں اس طرح گلوکاری نہیں کرسکتی جیسے کرتی تھی۔ مجھے آپ کو بتاتے ہوئے تکلیف ہورہی ہے کہ میں فروری میں یورپ کے ٹور کے لیے تیار نہیں۔
اس سے قبل اپریل 2022 میں انہوں نے اپنے یورپ کے ٹور کو ملتوی کیا تھا اور اب انہوں نے بیماری کے بارے میں بتاتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ ان کی حالت جلد بہتر ہوگی۔