All posts by Khabrain News

بلاول بھٹو کی سنگاپور کے وزیر خارجہ سے ملاقات، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی سنگاپور کے ہم منصب ڈاکٹر ویون بالا کرشنن سے ملاقات، دو طرفہ تعلقات کا جائزہ لیا گیا۔
دورہ سنگاپور کے دوران وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویوین بالاکرشنن سے ملاقات کی۔
دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤوں نے پاکستان اور سنگاپور کے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور دو طرفہ تعلقات اور تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔
دونوں وزراء خارجہ نے ایشیا پیسفک میں آسیان کے زیرقیادت عمل کے لئے حمایت کا اظہار بھی کیا۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری انڈونیشیا کے دورے کے بعد گزشتہ رات سنگاپور پہنچے تھے۔

بلوچستان کے سرد علاقوں کے سکولز میں چھٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) بلوچستان حکومت کی جانب سے صوبے کے سرد علاقوں کے سکولز میں اڑھائی ماہ کی تعطیلات کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
بلوچستان کے سرد علاقوں کے سکولز میں اڑھائی ماہ کی تعطیلات دسمبر سے آئندہ سال فروری تک جاری رہیں گی۔
سیکرٹری تعلیم بلوچستان کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق بلوچستان کے سرد علاقوں کے سکولز میں 16 دسمبر سے 28 فروری 2023 تک تعطیلات رہیں گی۔
واضح رہے کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے 18 اضلاع کے سکولز میں موسم سرما کے دوران اڑھائی ماہ کی تعطیلات کی جاتی ہیں۔

پاکستان کے ہر انتخاب میں عوام کا انتخاب عمران خان ہے، مسرت جمشید چیمہ

لاہور: (ویب ڈیسک) ترجمان حکومت پنجاب و رہنما پاکستان تحریک انصاف مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ پاکستان کے ہر انتخاب میں عوام کا انتخاب عمران خان ہے۔ عمران خان کو نااہل کرنے کا خواب دیکھنے والے عوام کی نبض پڑھنے سے قاصر ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف ایک وفاقی جماعت ہے اور اس وقت عوام کی مکمل حمایت پی ٹی آئی کے ساتھ ہے، عوام ہر روز اپنا فیصلہ سناتی ہے۔
مسرت جمشید چیمہ کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے بلدیاتی الیکشن میں بھی پی ٹی آئی وفاقی حکومت کی تمام تر دھونس، دھاندلی، پریشر کے باوجود باقی سب جماعتوں کو شکست فاش دے رہی ہے، اللہ کا شکر ہے پاکستان کے ہر انتخاب میں عوام کا انتخاب عمران خان ہے۔
رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ آج الیکشن کراؤ ملک بچاؤ مہم کے سلسلے میں رہنما تحریک انصاف شفقت محمود کے زیر قیادت لبرٹی چوک سے شام 5 بجے ریلی نکالی جائے گی۔

کسی بھی ملک کی ترقی و خوشحالی کی راہ میں کرپشن بڑی رکاوٹ ہے، شہباز شریف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کسی بھی ملک کی ترقی و خوشحالی کی راہ میں کرپشن ایک بڑی رکاوٹ ہے، کرپشن ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کر کے اس کی معاشی و انتظامی تباہی کا باعث بنتی ہے۔
انسدادِ کرپشن کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ معاشرتی اقدار کا زوال کسی بھی معاشرے میں کرپشن کی شرح میں اضافے کا باعث بنتا ہے، کرپشن سے ملک و قوم کا پیسہ شرپسند عناصر کے ہاتھوں میں جانے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ کرپشن سے امن تباہ، ادارے کمزور ہوتے ہیں اور لوگوں کا گورننس سے اعتبار اٹھ جاتا ہے، آج تجدید عہد کا دن ہے کہ ہم سب مل کر کرپشن سے جنگ میں سرخرو ہوں، مسلم لیگ ن نے ہمیشہ ملک سے کرپشن کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ 2013 سے 2018 تک مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں ملک میں کرپشن کی شرح نیچے آئی، اربوں ڈالر کے سی پیک اور دوسرے ترقیاتی منصوبوں میں کوئی ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہ کر سکا، پاکستان کی سیاست میں کرپشن کو انتقام کا ذریعہ بنانے کے رواج کو ختم کرنا ہوگا۔
یوم انسدادِ کرپشن پر اپنے پیغام میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ گزشتہ دور میں کرپشن کے جھوٹے الزامات لگا کر سیاسی حریفوں کو جیلوں میں بند کیا گیا، کرپشن کو ذاتی انتقام کی بھینٹ چڑھانے کیلئے آلے کے طور پر استعمال کیا گیا، انہوں نے کہا کہ کرپشن کی روک تھام کیلئے تمام سیاسی حلقوں کو مل کر ایک واضح روڈ میپ بنانے کی ضرورت ہے۔

سارا ٹبر چوری کی گھڑیاں بیچنے اور بکوانے پر لگا تھا، سعد رفیق

لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر و مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ سارا ٹبر سرکاری توشہ خانہ سے چوری کی گھڑیاں بیچنے اور بکوانے پر لگا تھا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ گھڑی گھڑی چوری کی گھڑیوں کی نت نئی کہانیاں منظر عام پر آ رہی ہیں، چوری کی گھڑیاں پی ٹی آئی کی سیاست کیلئے گھڑیال بن چکی ہیں۔
وزیر ریلوے و ہوابازی کا اپنے ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ افسوس ! مفت خوری اورٹکے ماری کے عادی مرشد کوئی جائز کاروبار کرلیتے تو ممنوعہ فارن فنڈنگ وصولی، صدقہ و خیرات خوری اور گھڑیاں چوری کرنے سے بچ جاتے۔

جب معاشی بحران بڑھنے لگتا ہے تو یہ آڈیو لیک کر دیتے ہیں: شیخ رشید

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سربراہ پاکستان عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ جب معاشی بحران بڑھنے لگتا ہے تو یہ آڈیو لیک کر دیتے ہیں، بھوکی عوام سڑکوں پر نکل آئی تو لگ پتہ جائے گا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں شیخ رشید احمد نے لکھا کہ مسائل اتنے سنگین ہوگئے ہیں کہ حکومت ملک نہیں چلا سکتی، قبل ازوقت انتخابات ہی سیاسی اور معاشی عدم استحکام سے نجات ہے، حکومت نے دیر کی تو گاڑی ہاتھ سے چھوٹ جائے گی۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ارشد شریف کی شہادت میں جے آئی ٹی پر اہم ذمہ داری آگئی ہے کیونکہ ادارے اور عدلیہ ہی اہم ہیں، 4 روزکیلئے عمرہ پر آیا ہوں کیونکہ سب کچھ یہیں سےملتا ہے۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ نے مزید کہا کہ 300 روپے کلو پیاز اور 200 روپے کلو ٹماٹر غریب کھائے گا کیا؟، زرعی ملک غذائی قلت سے دوچار ہو سکتا ہے، PDM کےلئے عوام کے آگے ہتھیار ڈالنے کا آخری موقع ہے، امپورٹس پر پابندی، ترسیلات کم، ڈالر نایاب، الیکشن ہی مسائل کا واحد حل ہے۔

کورونا کی چھٹی لہر سے مزید ایک مریض دم توڑ گیا

اسلام آباد : (ویب ڈیسک) ملک بھر میں کورونا کی چھٹی لہر کے وار جاری ہیں، جان لیوا وائرس سے مزید ایک مریض لقمہ اجل بن گیا۔
قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 6 ہزار 442 ٹیسٹ کئے گئے جس میں 18 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، مہلک وائرس میں مبتلا 25 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے
این آئی ایچ رپورٹ میں کہا گیا کہ ملک بھر میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 0.28 فیصد ریکارڈ کی گئی جبکہ مزید ایک افراد جاں بحق ہوگیا ہے۔

آزاد کشمیر بلدیاتی انتخابات، پی ٹی آئی کو میونسپل کارپوریشن میرپور میں برتری حاصل

میرپور : (ویب ڈیسک) آزاد کشمیر بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی ائی ) نے میرپور میونسپل کارپوریشن میں واضح برتری حاصل کر لی۔
غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی نے میرپور میونسپلٹی کی 46 میں سے 23 نشستوں پر کامیابی سمیٹی ہے جبکہ مسلم لیگ ن نے 13 ، آزاد امیدواروں نے 9 اور پیپلز پارٹی نے ایک نشست حاصل کی۔
میونسپل ڈڈیال کی 6 نشستوں پر 5 آزاد امیدواروں نے میدان مارا جبکہ پی ٹی آئی کے حصے میں ایک نشست آئی۔
میونسپل کارپوریشن کوٹلی کی 14 نشستوں میں سے 6 سیٹوں پر آزاد امیدوار کامیاب ہوئے جبکہ 4 نشستوں پر پی ٹی آئی نے میدان مارا، مسلم لیگ (ن)3 اور پاکستان پیپلز پارٹی 1 نشست حاصل کرسکی۔
میونسپل کمیٹی بھمبر کی 8 نشستوں میں سے مسلم لیگ (ن) اور پاکستان تحریک انصاف نے 4،4 نشستیں حاصل کیں۔

سعودی عرب نے پاکستان کی مزید مالی امداد کا عندیہ دے دیا

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی وزیر خزانہ محمد الجدعان نے پاکستان کی مالی امداد کااعلان کردیا۔
غیر ملکی میڈیا کو دیئے گئے انٹرویو میں سعودی عرب کے وزیر خزانہ محمد الجدعان کا کہنا ہے کہ سعودی عرب مہنگائی سے متاثرہ اپنے دوست ممالک پاکستان ، ترکی اور مصر کی مالی مدد کرے گا۔
ریاض میں گفتگو کرتے ہوئے محمد الجدعان نے بتایا کہ پاکستان کی ہر ممکن امداد جاری رکھیں گے۔ سعودی عرب نے بڑھتی ہوئی مہنگائی سے پریشان ملکوں کی مدد کرتا رہے گا۔
یاد رہے اس سے قبل سعودی عرب پاکستان کیلئے 3 ارب ڈالر کے ڈیپازٹس کی مدت میں پہلے ہی توسیع کرچکا ہے۔

ڈیلی میل معافی، مؤقف کی تصدیق پر اللہ کے سامنے سر بسجود ہوتا ہوں: وزیراعظم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) برطانوی اخبار ڈیلی میل کی جانب سے معافی مانگنے پر ردعمل دیتے ہوئے وزیراعطم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اپنے مؤقف کی تصدیق پر اللہ کے سامنے سر بسجود ہوتا ہوں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے شہباز شریف نے لکھا کہ لگاتار 3 سال تک عمران خان اور ان کے حواریوں نے میری کرداری کشی کی ہر حد پار کی، انہیں خیال نہیں آیا کہ اس اقدام سے ملکی تشخص پر اثر پڑیگا اور دوست ملک سے تعلقات متاثر ہونگے۔
ایک اور ٹوئٹ میں وزیراعظم نے لکھا کہ انہوں نے اپنے بے بنیاد الزامات سے میرا اور میرے خاندان کا مذاق اڑایا، میرا اللہ پر ایمان تھا کیونکہ صرف وہی ان کے جھوٹ کو بے نقاب کر سکتا ہے، غلط معلومات اور جعلی خبروں کی عمر مختصر ہوتی ہے اور جیت سچائی کی ہوتی ہے۔