All posts by Khabrain News

کراچی : 14 سالہ لڑکی مبینہ زیادتی کے بعد قتل، کام کاج کیلئے آنے والا شخص گرفتار

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی میں 14 سالہ لڑکی کا گھر میں زیادتی کے بعد قتل۔ پولیس کے مطابق قتل کے الزام میں گھریلو کام کاج کیلیے آنے والے ایک شخص کو گرفتار کرلیا۔
کراچی کے علاقے موسمیات کے قریب سوسائٹی میں گھر سے 14سال کی لڑکی کی لاش ملی۔
پولیس حکام کا دعویٰ ہے کہ لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنانے بعد قتل کیا گیا۔ ملزم مقتولہ کے باپ کا شناسا ہے جسے گرفتار کرلیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق لڑکی کی لاش ڈاؤ اسپتال لائی گئی تھی جسے ضابطے کی کارروائی کیلئے جناح اسپتال بھیج دیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقتولہ گھر میں اکیلی تھی اور ماں باپ کام پر گئے ہوئے تھے۔
ایس ایس پی ایسٹ عبدالرحیم شیرازی نے بتایا کہ ابتدائی شواہد کے مطابق لڑکی کو زیادتی کے بعد قتل کیا گیا ہے۔ قتل میں ملوث ملزم عرفان مقتولہ کے والد رحیم کا جاننے والا ہے جسے گرفتار کرکے تھانے منتقل کردیا گیا ہے۔
ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق کچھ دنوں سے ملزم عرفان گھر میں کام کاج کیلئے آرہا تھا، لڑکی کو اکیلے پا کر ملزم نے زیادتی کی اور پھر اسے قتل کردیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ میڈیکو لیگل رپورٹ آنے کے بعد مقدمہ درج کیا جائے گا، کیس کے حوالے سے مزید معلومات اور شواہد حاصل کیے جارہے ہیں۔

مبینہ بیٹی ٹیریان کو کاغذات نامزدگی میں ظاہر نہ کرنے پر عمران خان سے جواب طلب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے مبینہ بیٹی ٹیریان کو کاغذات نامزدگی میں ظاہر نہ کرنے پر عمران خان سے جواب طلب کرلیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں شہری ساجد نے رٹ پیٹیشن دائر کر کے کہا تھا کہ عمران خان نے اپنی مبینہ بیٹی ٹیریان کو اپنے کاغذات نامزدگی میں ظاہر نہیں کیا لہٰذا انہیں نااہل کیا جائے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے عمران خان کو پری ایڈمیشن نوٹس جاری کر کے دو ہفتوں میں جواب طلب کرلیا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن اور وفاق کو بھی پری ایڈمیشن نوٹس جاری کر دیے ہیں۔
عدالت نے تمام فریقین سے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر دلائل طلب کر لیے ہیں، عمران خان کا جواب آنے کے بعد معاملے کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے کافیصلہ کیا جائےگا۔

میٹا نے ٹویٹر کا مقابلہ کرنے کیلئے نئے فیچر بنانے پر غور شروع کر دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) فیس بک کی مالک کمپنی میٹا نے ٹوئٹر کا مقابلہ کرنے کیلئے نئے متبادل فیچر بنانے پر غور شروع کر دیا ہے۔
امریکی میڈیا میں شائع رپورٹ کے مطابق نومبر میں میٹا کے ملازمین کی جانب سے ٹوئٹر کی موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے اس کے صارفین کو اپنی جانب لانے کیلئے مختلف منصوبوں پر غور کیا گیا۔ میٹا کے عملے نے ٹویٹر کے متبادل لانے کیلئے مختلف چیزوں پر تبادلہ خیال کیا۔
ایک خیال یہ کیا جا رہا ہے کہ انسٹاگرام میں نوٹس کے نام سے ٹویٹر جیسا فیچر متعارف کرایا جائے۔ اسی طرح یہ تجویز بھی سامنے آئی ہے کہ ٹیکسٹ پر مبنی ایک نئی ایپ تیار کی جائے یا ٹوئٹر جیسی نئی فیڈ انسٹاگرام میں شامل کی جائے، جسے رئیل ٹائم یا رئیل ریلز کا نام دیا جاسکتا ہے۔
میٹا کے ایک عہدیدار نے اس حوالے سے بتایا کہ ٹوئٹر کو بحران کا سامنا ہے جبکہ میٹا کو اپنا جادو پھر بحال کرنا ہے۔
اس وقت میٹا کی صورتحال بھی کچھ زیادہ اچھی نہیں، جس کے باعث بڑے پیمانے پر ملازمین کو فارغ کیا گیا۔ میٹا کی جانب سے کسی ایپ کی نقل کرنے کا سوچنا نیا نہیں، اس وقت انسٹاگرام ایپ کافی حد تک ٹک ٹاک کی طرح کام کررہی ہے۔
فیس بک پر بھی ٹک ٹاک کی طرح مختصر ویڈیوز پر زیادہ توجہ دی جارہی ہے۔ ٹک ٹاک سے قبل انسٹاگرام نے اسنیپ چیٹ کے کامیاب فیچر اسٹوریز کو اپنالیا تھا۔

روس سے ساڑھے 4 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کی اجازت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی کابینہ نے روس سے ساڑھے چار لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کی اجازت دے دی۔ 372 ڈالر فی میٹرک ٹن گندم منگوائی جائے گی۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے ڈونرز کانفرنس جلد بلانے کا بھی فیصلہ، وزارت اطلاعات کی میڈیا مہم کیلئے 2 ارب کی سپلیمنٹری گرانٹ کی توثیق کی گئی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں عام انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کو 15 ارب روپے دینے، تیل وگیس کی تلاش کے معطل لائسنس بحال کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی۔
کابینہ اجلاس میں کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے یکم دسمبر کے فیصلوں، کے الیکٹرک کیلئے یکساں ٹیرف کے فیصلے کی بھی توثیق کردی، ارکان پارلیمنٹ کے سکیموں کیلئے 8 ارب کی سمپلیمنٹری گرانٹ بھی منظور کر لی گئی۔

برطانوی اخبار ڈیلی میل نے وزیر اعظم شہباز شریف سے معافی مانگ لی

لندن: (ویب ڈیسک) برطانوی اخبار ڈیلی میل نے وزیر اعظم شہباز شریف سے معافی مانگ لی۔
برطانوی اخبار ڈیلی میل نے 14 جولائی 2019 کو ایک آرٹیکل میں الزام لگایا تھا کہ شریف خاندان نے سیلاب زدگان کے فنڈز میں چوری کی۔
ڈیلی میل کا کہنا تھا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے شہباز شریف کے متعلق تحقیقات کی اطلاع دی گئی تھی، قومی احتساب بیورو نے کہا تھا کہ چوری ہونے والی رقم میں ڈی ایف آئی ڈی کی سیلاب زدگان کیلئے دی گئی گرانٹ بھی شامل تھی۔
اب ڈیلی میل نے شہباز شریف سے معافی مانگتے ہوئے کہا ہے کہ قبول کرتے ہیں کہ شہباز شریف نے کوئی غلط کام نہیں کیا، شہباز شریف سے معذرت خواہ ہیں۔

رضا ربانی کا آئینی تقرریوں پر وزیراعظم کا صوابدیدی اختیار ختم کرنے کا مطالبہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما اور سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے آئینی تقرریوں پر وزیراعظم کا صوابدیدی اختیار ختم کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔
اس حوالے سے رضا ربانی نے کہا کہ آئینی طریقے سے تقرریوں کے حوالے سے صوابدیدی اختیار کو ختم ہونا چاہیے، صوابدیدی اختیار کے باعث تقرری سیاست کی نظر ہو جاتی ہے، یہ اختیار آئینی عہدے اور ادارے کے لیے بدنامی کا باعث بنتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک سیاسی جماعت نے اپنے ایجنڈا کے لیے آرمی چیف کی تقرری کے وقت ایسا کیا، آئین کے آرٹیکل 175 اے کی شق 3 کے تحت سب سے سینئر جج چیف جسٹس مقرر ہوتا ہے، آرمڈ فورسز چیف کی تقرری کے حوالے سے آئین کے آرٹیکل 243 میں بھی ترمیم کی جائے، متعلقہ فورس کے سینئر ترین افسر کو چیف آف سٹاف مقرر کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ترمیم سے کمانڈ کی تبدیلی متنازع نہیں ہوگی، اس سے وزیر اعظم اپنے صوبدیدی اختیار سے دستبردار ہو جائیں گے۔

نسیم شاہ کو کندھے کی تکلیف کا سامنا ، ملتان ٹیسٹ میں شرکت مشکوک ہو گئی 

ملتان: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کندھے کی تکلیف کا شکارہو گئے جس کے باعث ان کی ملتان ٹیسٹ میں شرکت مشکوک ہو گئی ہے ۔
نسیم شاہ دائیں کندھے کی تکلیف کا شکار ہوئے ہیں، انہیں ملتان میں پریکٹس سیشن کے دوران بھی باؤلنگ نہیں کرنے دی گئی، جس سے ان کی ٹیسٹ میچ مٰیں شرکت مزید مشکوک ہو گئی ہے ۔
خیال رہے کہ پاکستان کے دورے پر آئی انگلینڈ کی ٹیم نے تین میچز کی سیریز میں 0-1 سے برتری حاصل کر رکھی ہے ۔

ق لیگ کو بتادیا دسمبر میں ہی اسمبلیاں تحلیل کردینگے، پرویز الٰہی کا مشورہ ہے تھوڑا آگے کرلیں: فواد

لاہور: (ویب ڈیسک) تحریک انصاف کے رہنماوں فواد چوہدری اور حماد اظہر نے پریس کانفرنس کی ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ حالیہ ملاقاتوں میں پی ٹی آئی ارکان عمران خان کو اسمبلیاں تحلیل کرنے کی رائے دے رہے ہیں،اس بات پر اتفاق رائے ہے کہ ہم نے اسمبلیاں تحلیل کرنی ہے، ق لیگ کو آگاہ کردیا ہے کہ دسمبر میں ہی اسمبلیاں تحلیل کردی جائیں گی۔
فواد چوہدری نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کا مشورہ ہے کہ آپ اسمبلیاں توڑنے کے معاملے کو تھوڑا آگے کرلیں۔
انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی تحلیل نہیں ہوتی تو کوئی فرق نہیں پڑتا، پنجاب اور کے پی میں الیکشن ہوکر مارچ میں نئی حکومتیں آجائیں گی، عمران خان عوام اور ریاست کے درمیان پُل کا کردار ادا کررہے ہیں، ہمارا ایجنڈا صرف ایک ہے کہ آپ نے الیکشن کب کرانے ہیں۔
فواد چوہدری نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے اداروں کا کردار غیر سیاسی نہیں ہوا، الیکشن کیمشن اور ممبران کے خلاف کیسز فائل کیے ہوئے ہیں، جوڈیشل سسٹم سے جس طرح کے فیصلوں کی توقع ہے وہ نظر نہیں آرہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے تمام طاقتور حلقے عوام کی رائے کے سامنے سر تسلیم خم کریں، ہمیں ایک ہی پہلو چاہیے اسٹیبلشمنٹ آئینی کردار میں چلی جائے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ کسی وزیر کے پاس کوئی منصوبہ نہیں،کیسز ختم کرنے کی ریس لگی ہوئی ہے، پنجاب میں عمران خان کی ایف آئی آرنہیں ہوئی،شہباز گل پر ہوگئی ہے۔
اس موقع پر حماد اظہر نے کہا کہ 7 ماہ میں جتنے برے حالات ہوچکے ہیں اتنے برے کورونا میں بھی نہیں تھے، تاجروں اور صنعتکاروں نے بتایا ان کی ایل سیز نہیں کھل رہیں، معیشت کیلئے خطرات بڑھتے جارہے ہیں۔

عمران خان شیشے کے گھر میں بیٹھ کر پتھر نہ ماریں، فضل الرحمان

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) سربراہ جمعیت علماء اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شیشے کے گھر میں بیٹھ کر پتھر نہ ماریں۔
کوئٹہ میں جمعیت علماء اسلام (ف) کےورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت ہماری صفوں میں دراڑ پیدا نہیں کرسکتی،بلوچستان کا مستقبل اب جمعیت علما اسلام سے وابستہ ہے، پارٹی میں شامل ہونیوالی شخصیات کو خوش آمدید کہتا ہوں، پاکستان کواسلامی اورخوشحال بنانےکےلیے ہمارا قافلہ آگےبڑھ رہا ہے جو منزل تک پہنچ کرہی دم لے گا۔
سربراہ جے یو آئی اور سربراہ پی ڈی ایم نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہر ایک کوچورچورکہنا کیا اتنا ہی آپ کا منشورہے جبکہ خود گھڑی چور ہو، زیادہ باتیں مت کر ورنہ ہم بھی منہ میں زبان رکھتے ہیں، شیشے کے گھر میں بیٹھ کر پتھر نہ مارا کرو۔
انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ کے نام پر عوام سے دھوکہ کیا گیا، 2018 میں اقتدار اسرائیل کو تسلیم کرانے کےلئے حاصل کیا گیا،ہم نے وقت پر میدان میں نکل کر اس منصوبے کو ناکام بنایا۔
ورکرزکنونشن سےخطاب مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومت میں چین کے میگا پراجیکٹ کوتباہ کیا گیا دھرنوں کی وجہ سےچین کےصدر اور سعودی شہزادے کا دورہ پاکستان منسوخ کرنا پڑا،جس دن سعودی شہزادے نے پاکستان آنا تھا اسی دن عمران خان نے اسلام آباد آنے کا اعلان کیا، سازشوں کے باعث آج ہمیں عالمی سطح پر دوستیاں اور اعتماد بحال کرنا پڑ رہا ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ بین الاقوامی قوتیں پاکستان کے خلاف سازشیں کرکے ملک میں سیاسی اضطراب پیدا کررہی ہیں جس سے پارلیمنٹ اور ادارے کمزور ہورہے ہیں، گزشتہ ساڑھےتین سالوں میں معیشت کی عمارت کوزمین بوس کیا گیا، حیران ہوں ہم 6سے7ماہ حکومت میں ہے مزید دلدل کی طرف دھنستے جارہےہیں، سوال یہ ہے کس نے ہمیں پھنسایا، پاکستان کا روپیہ ڈالرکےمقابلے میں کیوں قدرکھوبیٹھا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ دنیا میں اسلام کےعلاوہ اورکوئی نظام نہیں ہے قومی وحدت کےلیےجےیوآئی کا پرچم لہراتا رہےگا، ایک طرف جمعیت کا پرچم اوردوسری طرف امن کی فاختائیں اڑرہی ہیں۔

سدھارتھ ملہوترا اور کیارا ایڈوانی کی شادی کی تاریخ فکس

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے معروف اداکار سدھارتھ ملہوترا اور اداکارہ کیارا ایڈوانی کی شادی چندی گڑھ میں ہو گی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ کے معروف اداکار سدھارتھ ملہوترا اور اداکارہ کیارا ایڈوانی کی جلد شادی کی افواہیں گزشتہ چند روز سے زیرگردش ہیں اور اب یہ خبر آئی ہے کہ دونوں نے اپنی شادی کی جگہ کو حتمی شکل دے دی۔
رپورٹ کے مطابق سدھارتھ ملہوترا اور کیارا ایڈوانی کی شادی پہلے گوا میں ہونا تھی تاہم اب اوبرائے سکھ ولاس، چندی گڑھ میں شادی کو حتمی طور پر طے کر لیا گیا ہے جس کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ سدھارتھ ملہوترا نے یہ فیصلہ اپنے خاندان کو دیکھتے ہوئے کیا جبکہ تاحال ان کی شادی کی تاریخ سامنے نہیں آئی۔
واضح رہے کہ سدھارتھ ملہوترا اور کیارا ایڈوانی نے اپنے تعلقات کو کافی عرصے تک چھپائے رکھا لیکن کرن جوہر کے مشہور شو “کافی ود کرن” کے سیزن سیون میں یہ بات سامنے آئی کہ یہ دونوں اداکار صرف اچھے دوست نہیں بلکہ ان کا تعلق دوستی سے زیادہ گہرا ہے۔
اس سے قبل ذرائع سے یہ بات سامنے آئی تھی کہ سدھارتھ ملہوترا اور کیارا ایڈوانی کی شادی رواں سال دسمبر کے دوسرے ہفتے میں ہو گی اور دونوں کے خاندان شادی کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔
اس وقت کیارا ایڈوانی نیوزی لینڈ میں رام چرن کے ساتھ فلم “آر سی 15” کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جبکہ سدھارتھ ملہوترا نے اپنی ایکشن فلم “یودھا” کی شوٹنگ مکمل کروائی ہے۔