All posts by Khabrain News

نامعلوم مقام سے آنے والی گیما شعاؤں کی پُر اسرار بوچھاڑ

روم: (ویب ڈیسک) سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ زمین سے ایک غیر معمولی اور انتہائی شدید غیرمرئی کی لہر ٹکرائی ہے جو ہماری کائنات کے متعلق ہماری سمجھ بوجھ میں اضافہ کرسکتی ہے۔
گزشتہ برس کے آخر میں سائنس دانوں نے زمین کی طرف آتی 50 سیکنڈ طویل توانائی کی لہروں یعنی گیما شعاعوں کی نشان دہی کی جو زمین کی جانب آرہی تھیں۔ گیما شعاعیں کائنات کی سب سے طاقتور شعاعیں ہوتی ہیں اور ان کو دو اقسام میں تقسیم کیا جاسکتا ہے ایک چھوٹی لہریں ہوتی ہیں جو دو سیکنڈ سے چھوٹی ہوتی ہیں اور دوسری طویل لہریں ہوتی ہیں جو دو سیکنڈ سے لے کر کئی منٹ کے درمیان ہوتی ہیں۔ ان گیما لہروں کا تعلق ان دونوں میں سے کسی میں بھی نہیں ہے۔
ان امواج کی نشاندہی کے بعد سائنسدانوں نے فوری طور پر کوشش کی کہ اس کا سرا تلاش کیا جائے جس سے ان امواج کے ماخذ یا سورس کا پتا لگایا جاسکے۔
تاہم، محققین ان لہروں کا ماخذ تلاش کرنے میں اب تک ناکام رہے ہیں۔ البتہ سائنس دانوں کا خیال ہے کہ یہ لہریں ایک کِلو نووا سے آئی ہیں۔ کلو نووا تب وقوع پذیر ہوتے ہیں جب کوئی نیوٹرون ستارہ کسی دوسرے نیوٹرون ستارے یا بلیک ہول سے مل جاتے ہیں۔
محققین کے مطابق یہ گیما شعاعیں زمین سے 1.1 ارب نوری سالوں کے فاصلے پر موجود کسی اجنبی کہکشاں سے آئی ہیں۔ وہ کہکشاں ابھی نوعمر ہے اور اس میں ابھی ستارے تشکیل پا رہے ہیں۔
سائنس دانوں کی جانب سے تحقیق کی تفصیلات سائنسی جرنل نیچر میں شائع کی گئیں۔

نکاسی آب کی لائنوں کا جائزہ لینے والا روبوٹ

شیفیلڈ: (ویب ڈیسک) برطانیہ کے محققین ایسے چھوٹے روبوٹ بنا رہے ہیں جو نکاسی آب کے پائپ میں جاکر ان کو درپیش بلاکیج یا لیکیج مسائل کی نشان دہی کرسکتے ہیں۔
برطانیہ میں تقریباً 4 لاکھ 99 ہزار کلومیٹر طویل زیرِ زمین پانی کے پائپ نصب ہے جبکہ ان کی جانچ پڑتال متعدد طریقوں سے کی جاسکتی ہے جن میں ساؤنڈ اسکین سے لے کر کیمرے لگے تار اور تربیت یافتہ کتے شامل ہیں جو نل کے پانی میں کلورین کو سونگھتے ہیں۔
لیکن اس طریقے سے پورے نظام کے چھوٹے سے حصے کی ہی جانچ کی جاسکتی ہے۔ جس کی وجہ سے یہ مسائل نظروں میں تب آتے ہیں جب یہ بہت بڑھ چکے ہوتے ہیں اور ان کو ٹھیک کیا جانا کافی مہنگا ہوتا ہے۔
یونیورسٹی آف شیفیلڈ کے مکینیکل انجینئر پروفیسر کِرل ہوروشینکوف اور ان کے ساتھیوں کے مطابق برطانیہ میں ان پائپ لائنوں کی مرمت پر ہر سال 7 ارب پاؤنڈز خڑچ کیے جاتے ہیں۔ جبکہ مرمت کے نتیجے میں عوام کو مشکلات کا سامنا اس کے علاوہ ہے۔
تاہم، محققین نے ان طریقوں کا ایک متبادل ایجاد کیا ہے جس کو پائپ بوٹس کا نام دیا گیا ہے۔ یہ روبوٹ، جن کے نمونے اتنے چھوٹے ہیں کہ بآسانی ہاتھ میں اٹھائے جاسکتے ہیں، ایسے بنائے گئے ہیں کہ پائپ لائنوں میں تیزی سے حرکت کر سکیں تاکہ مسئلے کی وقت پر نشان دہی کر لی جائے۔
روبوٹ کے موجودہ ورژن میں سامنے ایک کیمرا اور دیگر سینسر نصب ہیں جو چھ پروپیلر جیسی گھومنے والی ٹانگوں کی مدد سے چلتا ہے۔
البتہ سائنس دانوں کی کانسیپٹ ویڈیو میں روبوٹ کے ڈیزائن بہت جدید ہیں اور دیکھنے سے کیکڑے اور جھینگے کا امتزاج لگتے ہیں۔
محققین کے مطابق جانچ کرنے والے ان ربوٹس کے حتمی ورژن میں متعدد سینسر ہوں گے جو پائپ سسٹم کا تجزیہ کریں گے۔

آلو، ٹماٹر اور بینگن کینسر کو ہرانے میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں

پوزنین: (ویب ڈیسک) ماہرین کا ماننا ہے کہ آلو، ٹماٹر اور بینگن میں موجود کیمیا کینسر کو ہرانے میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔
پولِش محققین کے مطابق مطالعوں میں یہ معلوم ہوا ہے کہ گلائکوالکالائڈز (جو قدرتی طور پر مرچوں، گوجی بیری اور ہکل بیری میں موجود ہوتے ہیں) اپنے اندر کچھ انسداد کینسر خصوصیات رکھتے ہیں۔
محققین کا خیال ہے کہ سبزیوں میں موجود یہ فعال مرکبات مریضوں کو مروجہ علاجوں کے خطرناک نقصانات سے بچنے میں مدد دے سکتے ہیں۔
کینسر زدہ خلیوں کو ختم کرنے کا سب سے کامیاب طریقہ یعنی کیموتھیراپی بال گرنے، متلی اور تھکن جیسے متعدد نقصانات کا سبب بن سکتی ہے اور ایسا ہونے کی وجہ ادویات کا جسم میں کینسر زدہ خلیوں کے ساتھ صحت مند خلیوں کو نشانہ بنانا ہے۔
پولینڈ کے شہر پوزنین ایڈم مٹزکیوچ یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والی میگڈالینا وِنکیل اور ان کے ساتھیوں کے مطابق اس معلومات نے ان پودوں کی خصوصیات کو دوبارہ معائنہ کیے جانے کے قابل بنا دیا ہے۔
ان کی ٹیم نے پودوں کے سولیناسیز خاندان، جس میں آلو، ٹماٹر اور بینگن شامل ہیں، میں وافر مقدار میں موجود گلائکوالکالائڈز(جن میں سولینائن، چیکونائن، سولیسونائن، سولیمرجائن اور ٹومیٹائن کیمیا شامل ہیں) کا جائزہ لیا۔
ٹیم کے مطابق درست خوراکوں کی صورت میں یہ کیمیا طاقتور مطبی آلات ہوسکتے ہیں۔
فرنٹیئر اِن فارماکولوجی میں شائع کی جانے والی تحقیق کے نتائج میں دیکھا گیا کہ سولینائن میں کینسر کا سبب بنے والے کیمیا کو روکنے کی صلاحیت ہوتی ہے۔

ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

کراچی: (ویب ڈیسک) ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
سونے کی فی تولہ قیمت آج 2250 روپے بڑھی ہے جس کے بعد ملک میں ایک تولہ سونا ایک لاکھ 66 ہزار 400 روپے کا ہوگیا ہے۔
10 گرام سونا 1929 روپے اضافے سے ایک لاکھ 42 ہزار 661 روپے کا ہوگیا ہے،۔
عالمی صرافہ میں سونے کی قدر 10 ڈالر اضافے سے 1784 ڈالر فی اونس ہے۔

روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر مزید مہنگا ہوگیا

کراچی: (ویب ڈیسک) امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں کمی کا سلسلہ آج بھی جاری رہا۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق انٹر بینک میں ڈالر کاروبار کے اختتام پر 224 روپے 37 پیسے کا ہے۔
انٹر بینک میں ڈالر آج 21 پیسے مہنگا ہوا ہے۔ انٹر بینک میں گزشتہ روز کاروبار کے اختتام پر ڈالر 224 روپے 16 پیسے کا تھا۔
اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 232 روپے برقرار ہے۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروبار کا منفی دن

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروبار کا منفی دن رہا، 100 انڈیکس 167 پوائنٹس کم ہوکر 41651 پر بند ہوا ہے۔
کاروباری دن میں 100 انڈیکس 332 پوائنٹس کےبینڈ میں رہا۔ بازار میں آج 22 کروڑ شیئرز کے سودے 4 ارب روپے میں طے ہوئے۔
مارکیٹ کیپٹلائزیشن 28 ارب روپے کم ہوکر 6629 ارب روپے ہے۔

بابر کو شادی کیلئے راضی نہیں کرتا کہیں ہماری جوڑی نہ ٹوٹ جائے: رضوان

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے کہا ہے کہ کپتان بابر اعظم کو جوڑی ٹوٹنے کے ڈر سے شادی کے لیے راضی نہیں کر تا۔
سوشل میڈیا پر محمد رضوان کی قومی ٹیم کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے سے ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں پروگرام میزبان نے محمد رضوان سے بابر اور ان کی جوڑی سے متعلق سوال کیا کہ ایسا کیا ہے کہ آپ کی اور بابر کی جوڑی میں جو یہ چل جائے تو سب ٹھیک رہتا ہے۔
جس کے جواب میں رضوان کا ہنستے ہوئے کہنا تھا کہ پہلے تو میں بابر کو شادی کے لیے راضی نہیں کر رہا کہ کہیں میری اور بابر اعظم کی جوڑی نہ ٹوٹ جائے، دوسرا یہ کہ ہماری جوڑی میں ساری بات صرف بھروسے کی ہے جس کے بارے میں کپتان نے بھی بات کی ہے۔

سسرال میں ہی رہتی ہوں: صبا فیصل کی بہو نے خاموشی توڑ دی

لاہور: (ویب ڈیسک) معروف اداکارہ صبا فیصل کی جانب سے بیٹے سلمان فیصل اور بہو نیہا سلمان سے تعلق ختم کرنے کے اعلان کے بعد ان کی بہو نے بھی خاموشی توڑ دی۔
سوشل میڈیا پیچز کے مطابق صباء فیصل کی چھوٹی بہو نیہا سلمان نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے اپنی ساس صبا فیصل اور نند یعنی اداکارہ سعدیہ فیصل کو بغیر نام لیے تنقید کا نشانہ بنایا۔
نیہا سلمان نے اپنے فالورز کو پیغام دیتے ہوئے پوسٹ میں لکھا کہ اپنی زندگی کا موازنہ ان کے ساتھ ہرگز نہ کریں جو حرام کے مزے لیتے ہیں۔
انہوں نے لکھا ہوسکتا ہے کہ وہ آپ سے زیادہ کامیاب نظر آئیں یا آپ سے زیادہ مزے کر رہے ہوں گے لیکن اللہ کے سامنے وہ کچھ بھی نہیں ہیں اور اسی بات کی اہمیت ہے۔
نیہا نے پوسٹ کے کیپشن میں یہ بھی لکھا کہ ’ہمیشہ صحیح راستے پر چلیں، پھر چاہے کتنی ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے یا پھر جب آپ خود کو غلط سمجھ رہے ہوں تب بھی مضبوط رہیں اور حرام کے خلاف اپنا مؤقف واضح رکھیں، یہ دنیا فانی ہے‘۔
اس کے علاوہ سوشل میڈیا صارفین نے جب نیہا کو ان کے بیان کے بعد تنقید کا نشانہ بنایا تو انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں نے یہ پیغام تمام مسلمانوں کے لیے شیئر کیا ہے اور حلال حرام کا ہم سب کو پتہ ہے۔
صبا فیصل کی ہی پوسٹ پر نیہا نے یہ بھی کمنٹ کیا کہ وہ اپنے سسرال سے الگ نہیں بلکہ وہیں قیام پذیر ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز صبا فیصل نے نیہا سلمان کی جانب سے انہیں اور ان کے خاندان کو سوشل میڈیا پر بدنام کیے جانے پر بیٹے اور بہو سے لاتعلقی کا اعلان کیا جس کی حمایت بڑے بیٹے ارسلان فیصل نے بھی کی۔

ریٹائرمنٹ کا ارادہ نہیں، جب تک لطف اندوز ہوتا رہا کھیلتا رہوں گا، شعیب ملک

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شعیب ملک نے کہا ہے کہ میرا ابھی ریٹائرمنٹ کا کوئی ارادہ نہیں، جب تک میں کرکٹ سے لطف اندوز ہو رہا ہوں کھیلتا رہوں گا۔
ایک انٹرویو میں شعیب ملک نے کہا کہ کبھی کسی کھلاڑی کی عمر کو جواز بنا کر اسے نظر انداز نہیں کرنا چاہیے، میں اپنی بات نہیں کر رہا لیکن اگر کسی نے اپنے ملک کیلئے طویل عرصے تک خدمات انجام دی ہوں اور اسے بہت تجربہ بھی ہو تو اس سے استفادہ کرنا چاہیے، جب میں ٹیم میں آیا تو کئی لیجنڈز ساتھ موجود تھے۔
شعیب ملک نے مزید کہا کہ میں نے دنیا کے عظیم کرکٹرز کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کر کے بہت کچھ سیکھا، ان کی محنت دیکھی کہ وہ کس طرح اپنی کارکردگی کا معیار برقرار رکھتے ہیں، کیسی فزیکل ٹریننگ کرتے ہیں، اپنی سکلز کو بہتر بنانے کیلئے کس طرح پریکٹس کرتے ہیں، اس سے بہت ایڈوانٹیج ہوتا ہے لیکن ہمارے کلچر میں عدم تحفظ بہت زیادہ ہے، یہ نہیں سوچنا چاہیے کہ کوئی آ کر آپ کی جگہ چھین لے گا، اپنی صلاحیت پر یقین ہونا چاہیے، مجھے ہمیشہ بڑے کھلاڑیوں نے خود پر یقین رکھنے کا ہی سبق سکھایا،اس سے آپ کو کبھی عدم تحفظ کا احساس نہیں ہوتا۔
آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ میں اپنی کرکٹ سے لطف اندوز ہو رہا ہوں اور ابھی ریٹائر ہونے کا بالکل بھی نہیں سوچا، جب کبھی ایسا کوئی فیصلہ کیا تو سب کو پتا چل جائے گا، میرا فوکس صرف کھیل پر ہی ہے، البتہ اہل خانہ کی مشاورت سے ملک سے دور ہونے والی لیگز میں شرکت کم کر دی، سری لنکا اور بنگلہ دیش جیسی لیگز میں حصہ لے رہا ہوںہ
شعیب ملک نے کہا کہ پہلے میں ہر لیگ میں کھیل رہا تھا اب ایسا نہیں ہے، اس سے مجھے فارغ وقت بھی مل جاتا ہے، جب کبھی ایسا لگا کہ بوجھ بنتا جا رہا ہوں تو خوشی سے کھیل کو الوداع کہہ دوں گا، ریٹائرمنٹ کا فیصلہ لیگز سمیت ہر طرز پر لاگو ہوگا۔

ہنڈی حوالہ اور غیر قانونی منی چینجرز کیخلاف کریک ڈاؤن، 5 ملزمان گرفتار

لاہور: (ویب ڈیسک) ایف آئی اے پنجاب زون ون کا ہنڈی حوالہ اور غیر قانونی منی چینجرز کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے پنجاب زون ون لاہور کی ہدایت پر ایس آئی رانا اعجاز اور ایس آئی علی رضا نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 5 ملزمان کو ایوان عدل ایجرٹن روڈ لاہور سے گرفتار کر لیا گیا، گرفتار ملزمان میں توقیر احمد، حمزہ، غفران علی، تنویر اور یٰسین شامل ہیں۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزمان ہنڈی حوالہ اور منی ایکسچینج کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث تھے، قبضے سے 64400 ترکمانستانی منات اور ہنڈی حوالہ سے متعلق رسیدیں برآمد کر لی گئیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کا تعلق لاہور اور پنجاب کے مختلف اضلاع سے ہے، ملزموں کے خلاف فارن ایکسچینج ریگولیشن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔