All posts by Khabrain News

آزاد کشمیر بلدیاتی انتخابات کا تیسرا مرحلہ: میرپور ڈویژن میں پولنگ جاری

میرپور: (ویب ڈیسک) میرپور ڈویژن کے تین اضلاع میرپور، بھمبر اور کوٹلی میں ووٹنگ جاری ہے، پولنگ بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک ہو گی۔ میونسپل کارپوریشن کے وارڈز، میونسپل کمیٹی، ٹاؤن کمیٹی، ضلع کونسل اور یونین کونسل کی نشستوں پر انتخابات ہورہے ہیں۔ میرپور ڈویژن میں کل ووٹرز کی تعداد 12 لاکھ 38 ہزار 49 ہے اور 222 پولنگ سٹیشن حساس ترین قرار دیے گئے ہیں۔ ایک میونسپل کمیٹی 9 ٹاؤن کمیٹیوں پر مشتمل ہیں جبکہ ڈویژن میں ضلع کونسل کی 116 اور یونین کونسل کی 118 نشستیں ہیں۔ میونسپل کارپوریشن کوٹلی 14 وارڈز پر مشتمل ہے، کوٹلی ڈسٹرکٹ کونسل کے 58 ممبران اور یونین کونسل کے 60 ممبران ہیں جبکہ وارڈز کی تعداد 430 ہے۔ میونسپل کمیٹی بھمبر ٹوٹل 8 وارڈز پر مشتمل ہے، بھمبر ڈسٹرکٹ کونسل کے 31 ممبران اور یونین کونسل کے بھی 31 ممبران ہیں۔ جبکہ وارڈز کی تعداد 214 ہے۔ میرپور آزاد کشمیر کے وارڈ نمبر 9 مہتہ جاگیر میں تاحال ووٹرز گھروں سے نہیں نکل جبکہ وارڈ نمبر 8 گرلز ڈگری کالج میں 40 منٹ کی تاخیر سے پولنگ کا آغاز ہوا۔

موٹر وے ایم 2 لاہور سے شیخوپورہ تک شدید دھند کے باعث بند

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر کے مختلف حصوں میں شدید دھند کے باعث اہم موٹرویز کو بند کردیا گیا۔ موٹر وے پولیس کے مطابق موٹروے ایم 2 کو لاہور سے شیخوپوہ تک جبکہ ایم 3 کو فیض آباد سے درخانہ تک شدید دھند کے باعث بند کردیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق موٹر وے ایم 4 عبدالحکیم سے فیصل آباد تک شدید دھند کی وجہ سے بند کی گئی ہے۔ موٹروے پولیس کی جانب سے شہریوں کو محتاط ڈرائیونگ اور غیرضروری سفر نہ کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔

کورونا کے مزید 24 کیسز مثبت، 26 مریضوں کی حالت تشویشناک

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی ادارہ صحت ( این آئی ایچ) نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 7 ہزار 451 کورونا ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔ این آئی ایچ کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 7 ہزار 451 کورونا ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 24 افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ اس طرح گزشتہ 24 گھنٹوں میں کئے گئے مثبت کورونا ٹیسٹ کی شرح 0.32 فیصد رہی ہے، مزید برآں اس دوران کورونا وائرس سے کوئی بھی مریض جاں بحق نہیں ہوا جبکہ 26 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

ویمن انڈر 19 ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے قومی سکواڈ کا اعلان

لاہور : (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کی جانب سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) انڈر 19 ویمن ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے 20 رکنی سکواڈ کا اعلان کردیا گیا۔ پی سی بی کی جانب سے اعلان کردہ سکواڈ کی قیادت عروب شاہ کریں گی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں علیزہ خان ،انوشا ناصر،عریشہ نور ،ایمان فاطمہ ،حلیمہ عظیم ڈار، ہانیہ احمر، لائبہ ناصر، ماہ نور آفتاب ،قرت العین احسن ،ردا اسلم ، شوال ذوالفقار ،وردہ یوسف ،زیب النسا اور زامینہ طاہر شامل ہیں۔ قومی سکواڈ میں اقصیٰ یوسف ،دینا رضوی ،ماہم انیس ،مسکان عابد اور تہذیب شاہ کو بطور ریزرو کھلاڑی شامل کیا گیا ہے۔ قومی انڈر 19 ٹیم چیف سلیکٹر اسماویہ اقبال نے سکواڈ میں منتخب ہونے والی تمام کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سکواڈ میں شامل تمام کھلاڑیوں پر اعتماد ہے کہ وہ پہلی مرتبہ ہونے والے ایونٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گی۔ شیڈول کے مطابق ویمن انڈر 19 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا آغاز 14 جنوری سے سائوتھ افریقہ میں ہوگا جبکہ ایونٹ 29 جنوری تک جاری رہے گا۔ میگا ایونٹ میں قومی ٹیم 15جنوری کو روانڈا ،17 جنوری کو انگلینڈ اور 19 جنوری کو زمبابوے کے خلاف میچ کھیلے گی۔

لنکا پریمیئر لیگ :جافنا کنگز نے مسلسل دوسری فتح اپنے نام کرلی

کولمبو : (ویب ڈیسک) لنکا پریمیئر لیگ میں جافنا کنگز نے دمبولا کو 9 وکٹوں سے شکست دیدی۔ بدھ کو ہمبنٹوٹا میں کھیلے گئے میچ میں دفاعی چیمپئن جافنا کنگز نے دمبولا کو شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل دوسری فتح اپنے نام کی۔ دمبولا کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 121 رنز بنائے، جارڈن کوکس نے 22 گیندوں پر 43 رنز کی اننگ کھیلی، جافنا کنگز کے لیے وجے کانت ویاسکانتھ نے 24 رنز عوض 3اور مہیش تھیکشنا نے 20 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پولین کی راہ دکھائی۔ جواب میں فاتح ٹیم نے 122 رنزکا ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر 4اوورز قبل حاصل کیا،سدیرا سمارا وکرما کے 44گیندوں پر 62اور اویشکافرنینڈوکے 49گیندوں پر 51رنز کی ابتدائی شراکت نے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا، سدیرا سمارا وکرما کو پلیئر اف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

پاکستان اور قطر کے برادرانہ تعلقات باہمی اعتماد پر مبنی ہیں: وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور قطر کے قریبی اور برادرانہ تعلقات، مشترکہ مذہب، باہمی اعتماد اور مفاہمت پر مبنی ہیں۔
قطر کے سفیر سعود بن عبدالرحمٰن الثانی کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات ہوئی، ملاقات کے دوران قطر کے سفیر نے قطر کے عوام اور قیادت کی طرف سے پاکستان کی قیادت اور عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیشرفت کو سراہا اور قطر میں فیفا 2022 ء ورلڈ کپ کی کامیاب میزبانی پر قطری قیادت کو مبارکباد دی۔
انہوں نے افرادی قوت کے شعبے میں قطر کی جانب سے کی گئی قابل ذکر اصلاحات کو سراہا اور کہا کہ پاکستان فیفا ورلڈ کپ 2022 ءکے لئے سکیورٹی اہلکار فراہم کرکے ورلڈ کپ میں مدد کرنے پر خوشی اور اعزاز محسوس کررہا ہے، یہ فخر کی بات ہے کہ ورلڈ کپ میں استعمال ہونے والا فٹ بال ’’الرحلہ‘‘ میڈ ان پاکستان ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور قطر کے درمیان قریبی اور خوشگوار برادرانہ تعلقات ہیں جن کی بنیاد مشترکہ مذہب، باہمی اعتماد اور افہام و تفہیم اور قریبی تعاون ہے، قطر 2 لاکھ 10 ہزار سے زائد پاکستانیوں کا گھر ہے جو دونوں برادر ممالک کی ترقی، خوشحالی اور اقتصادی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔

ایران کے سپریم لیڈر کی بہن نے حکومت مخالف احتجاج کی حمایت کردی

تہران: (ویب ڈیسک) ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی بہن بدری حسینی خامنہ ای نے حکومت مخالف احتجاج کی حمایت کرتے ہوئے پاسدران انقلاب سے اسلحہ پھینکنے کا مطالبہ کیا۔
ستمبر کے وسط میں حجاب قانون کی خلاف ورزی پر گرفتار 22 سالہ مہسا امینی پولیس کی حراست میں مبینہ طور پر دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئی تھی جس کے بعد سے ایران میں مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔
ایرانی فورسز کی جانب سے مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن بھی جاری ہے اور اب تک سیکڑوں افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
گزشتہ دنوں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی بھانجی کو مظاہرین کی حمایت پر گرفتار کیا گیا اور اب ان کی بہن نے بھی حکومت کی جانب سے مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن کی مذمت کی ہے۔
ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی بہن بدری حسینی خامنہ ای کے فرانس میں مقیم بیٹے سوشل میڈیا پر والدہ کا خط جاری کیا ہے جس میں انہوں نے حکومت مخالف احتجاج کی حمایت کی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ اپنے بھائی کے اقدامات کی مخالفت کرتی ہوں اور خمینی دور سے لیکر اب تک مرنے والوں کی ماؤں سے ہمدردی کا اظہار کرتی ہوں۔
ان کا کہنا تھاکہ میں پاسدران انقلاب اور کرائے کے فوجیوں سے کہتی ہوں کہ جتنی جلدی ہوسکے اسحلہ پھینک کر عوام سے مل جائیں، اس سے پہلے کہ کہیں دیر نہ ہوجائے۔
خیال رہے کہ ستمبر کے وسط سے جاری احتجاج میں ایرانی انسانی حقوق گروپ کے مطابق سکیورٹی فورسز کےکریک ڈاؤن میں 64 بچوں سمیت 470 مظاہرین ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ 18 ہزار سے زائد مظاہرین کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔

پرویز الہٰی پنجاب اسمبلی نہیں توڑیں گے،رانا ثنا اللہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان مخالفین کو گالیاں دیتے ہیں، ایسے میں مذاکرات کیسے ہوسکتے ہیں۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مذاکرات کی سنجیدہ آفر ہوئی تو حکومت ضرور غور کرے گی۔ اسحاق ڈار نے صدر کو اپنا اثرورسوخ استعمال کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاستدان بیٹھیں تو ڈیڈلاک ٹوٹتے ہیں، پی ٹی آئی نے اسمبلیاں توڑنی ہیں تو توڑ دیں، وفاقی حکومت صوبائی الیکشن لڑنے کیلئے تیار ہے، پرویز الہیٰ سے ہمارا ابھی رابطہ نہیں لیکن رابطہ ہو سکتا ہے۔
رانا ثنااللہ نے کہا کہ پرویز الہٰی پنجاب اسمبلی نہیں توڑیں گے،وہ پرانے اور تجربہ کار سیاستدان ہیں،اس قسم کے احمقانہ فیصلے عمران خان کر سکتے ہیں پرویز الہٰی نہیں۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ عمران خان جیسا بندہ وزیراعظم بن سکتا ہے تو راجہ ریاض اپوزیشن لیڈر کیوں نہیں بن سکتا۔
ارشد شریف قتل کیس سے متعلق سوال ان کا کہنا تھا کہ اس کیس کی میرٹ پر تفتیش ہوگی، مخصوص لابی اسے ذاتی اور گروہی مقاصد کیلئے استعمال کرنے کی کوشش کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کیس میں پہلے کوئی تفتیش نہیں ہوئی،جے آئی ٹی بننے کے بعد وہی تفتیش کرے گی،ہم نے فوری طور پر فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنائی تھی،حکومت نے انکوائری کمیشن کے لیے لکھا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ارشد شریف کا قتل دوسرے ملک میں ہوا تھا،جب تک تفتیش کا رزلٹ نہ آئے کچھ نہیں کہہ سکتے2،3بندے ایسے ہیں جن کا اس واقعہ سے تعلق بنتا ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ارشد شریف کو کینیا بجھوانے میں یہ لوگ ملوث ہیں،اگر کوئی پاکستانی اس میں ملوث نہ پائے تو کسی غیر ملکی کیخلاف مقدمہ درج نہیں کر سکتے۔

بلاول فیفا ورلڈکپ میں مدعو کرنے پر قطر کے وزیرخارجہ کے مشکور

دوحہ: (ویب ڈیسک) ان دنوں قطر میں فیفا ورلڈکپ کے سنسنی خیز میچز جاری ہیں اس دوران پاکستان کے وزیر خارجہ اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو بھی قطر پہنچے اور میدان میں میچ دیکھا۔
وزیرخارجہ بلاول بھٹوزرداری فیفاورلڈ کپ میچزد یکھنےگز شتہ روز قطر پہنچے تھے، وہ قطری وزارت خارجہ کے دعوت نامے پر قطر گئے ہیں۔
سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ فیفاورلڈکپ میں مدعو کرنے پر قطر کے وزیرخارجہ کا مشکور ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ کے تاریخی لمحات میں پاکستانی لیبر،سکیورٹی فورسز کی شراکت پر پاکستان کو فخر ہے۔
انہوں نے قطرکو تاریخ رقم کرنے پر مبارکباد پیش کی اور فیفا کے صدر کے ساتھ لیاری کی فٹبال صلاحیتوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

پاکستان تحریک انصاف کی لاہور میں الیکشن کراؤ، ملک بچاؤ ریلی

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے زیر اہتمام الیکشن کراؤ ملک بچاؤ ریلی جاری،ریلی کی قیادت بیرسٹر میاں حماد اظہر کر رہے ہیں۔
تحریک انصاف کی الیکشن کراؤ ملک بچاؤ ریلی میں عابد میر، عفیف صدیقی ،میاں عابد، ملک ظہیر ،انیس سروز، مرزا خان سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
رہنما تحریک انصاف حماد اظہرنے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کفرکا نظام چل سکتا ہےظلم کا نہیں، الیکشن کرانا ہمارا حق ہے، امپورٹڈ حکومت الیکشن سے بھاگ رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج پورا پاکستان عمران خان کی طرف دیکھ رہا ہے، آج ہم الیکشن کراؤملک بچاؤتحریک کا اعلان کرتے ہیں۔