All posts by Khabrain News

نواب اسلم رئیسانی ساتھیوں سمیت جمعیت علمائے اسلام میں شامل ہوگئے

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) چیف آف سراوان اور سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب اسلم رئیسانی نے ساتھیوں کے ہمراہ جمعیت علمائے اسلام میں شمولیت کا اعلان کردیا۔
کوئٹہ میں ہونے والی شمولیتی تقریب میں جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے بھی شرکت کی۔
تقریب سےخطاب میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھاکہ اسلم رئیسانی کو کئی بار جے یو آئی میں شامل ہونے کی دعوت دی لیکن آج اپنے مقصدمیں کامیاب ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں مسائل کا انبارہے، وسائل کچھ نہیں، صوبے کےعوام کو یہاں کے وسائل کا مالک سمجھتے ہیں۔

جرمنی میں حکومت کا تختہ اُلٹنے کی سازش کے شبے میں سابق فوجیوں سمیت 25 افراد گرفتار

برلن: (ویب ڈیسک) جرمنی میں حکومت کا تختہ اُلٹنے کی سازش کے شبے میں سابق فوجیوں سمیت 25 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق جرمن سکیورٹی فورسز نے بغاوت اورریاستی اداروں پر حملے کرنےکا منصوبہ ناکام بنادیا اور سکیورٹی فورسز نے ملک گیرآپریشن کرکے 25 افراد کوگرفتارکرلیا۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ مشتبہ افراد کو جرمنی کی 11 ریاستوں میں چھاپوں کے دوران گرفتارکیاگیا، گرفتار افراد کا تعلق انتہائی دائیں بازو اور سابق فوجی شخصیات کے گروپ سے ہے، سابق فوجیوں نے پارلیمنٹ پرحملہ کرکے اقتدارپرقبضہ کرنےکی تیاری کی تھی۔
رپورٹس کا کہنا ہے کہ گرفتار 22 افراد کا تعلق جرمنی سے ہے جبکہ دیگر تین افراد میں روسی شہری بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ آسٹریا اور اٹلی میں بھی دو افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق 2021 میں قائم ہونے والی تنظیم کے حامی جرمنی کے آئین، ریاستی اداروں کو تسلیم نہیں کرتے اور یہ گروپ نسل پرستانہ نظریات کی حامی اور جدید جرمنی کی مخالف ہے۔
اس حوالے سے ترجمان جرمن حکومت کا کہنا ہے کہ انتہاپسندی کے خطرات کے حوالے سے ہمارا ملک چوکس ہے۔

بلدیاتی انتخابات؛ عام آدمی پارٹی نے دہلی سے مودی کی جماعت کا صفایا کردیا

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی دارالحکومت دہلی کے بلدیاتی انتخابات میں وزیراعظم مودی کی جماعت بی جے پی 15 برس تک اقتدار میں رہنے اور تمام تر حربوں کے باوجود عام آدمی پارٹی سے بری طرح شکست کھا گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دارالحکومت دہلی کی میونسپل کارپوریشن کی 250 سیٹوں میں سے 134 نشستوں پر عام آدمی پارٹی نے کامیابی حاصل کرکے بلدیات میں بی جے پی کے 15 سالہ اقتدار کو زمین بوس کردیا۔
بھارتیہ جنتا پارٹی 104 نشستیں حاصل کرپائی جب کہ 2017 کے بلدیاتی الیکشن نتائج کے مقابلے میں مودی کی جماعت کو اس بار 68 نشستوں پر شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ عام آدمی پارٹی نے 2017 کے مقابلے میں 90 نشستیں زیادہ حاصل کیں۔
کانگریس کو اپنی 10 نشستیں کھونا پڑیں۔ وہ صرف 9 سیٹوں پر کامیابی حاصل کرپائے۔ عام آدمی پارٹی اور کانگریس کے درمیان دہلی کی بلدیات میں حکومت قائم کرنے کے حوالے سے رابطہ بھی ہوا ہے۔
خیال رہے کہ عام آدمی پارٹی گزشتہ 7 برسوں سے دہلی کی حکمراں جماعت ہیں تاہم وہ گزشتہ بلدیاتی الیکشن میں کامیابی حاصل نہیں کرپائی تھی۔
ریاست پنجاب کے عام انتخابات میں کانگریس کے مقابلے میں عام آدمی پارٹی کی غیر متوقع کامیابی کے بعد دہلی بلدیاتی الیکشن میں کامیابی اس جماعت کی مقبولیت کا اشارہ ہے۔

نیب ترامیم منظور کرنیوالے تمام اراکین 62 ون ای کےتحت نااہل ہو جانا چاہئے؟ ریمارکس جسٹس منصور

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) نیب ترامیم کیس کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ کے جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دے کہ آپ کے دلائل کے مطابق تو نیب ترامیم منظور کرنے والی پارلیمان نے عوامی اعتماد توڑا ہے اس طرح تو نیب ترامیم منظور کرنے والے تمام اراکین کو آرٹیکل 62 ون ای کے تحت نااہل ہو جانا چاہئے۔
سپریم کورٹ میں نیب ترامیم کے خلاف چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی درخواست پر سماعت چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں تین رکنی خصوصی بینچ نےکی۔
عمران خان کے وکیل خواجہ حارث نے دلائل دیتے ہوئے کہا حکمران عوامی اعتماد لے کر بنتے ہیں، شریعت کے مطابق عوامی اعتماد برقرار رکھنے کیلئے احتساب ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب حکمران اپنے عمل پر پردہ ڈالتے ہیں تو عوامی اعتماد ٹوٹتا ہے، نیب ترامیم کے تحت کسی تھرڈ پارٹی کو اربوں کا فائدہ پہنچانا اب جرم نہیں ہے، پبلک آفس ہولڈرز کی پراپرٹی عوامی ملکیت ہوتی ہے۔
خواجہ حارث نے کہا کہ پبلک پراپرٹی میں کرپشن سے عوام کے بنیادی حقوق براہ راست متاثر ہوتے ہیں۔ بعدازاں چیف جسٹس پاکستان نے عمران خان کے وکیل خواجہ حارث کو 8 دسمبر تک دلائل مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

4 سال سے زائد جلا وطنی کے بعد پاکستان واپس آ رہا ہوں، سلیمان شہباز

جدہ: (ویب ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز نے کہا کہ لندن میں 4 سال سے زائد جلا وطنی کے بعد پاکستان واپس آ رہا ہوں۔
سلیمان شہباز، اہلیہ اوربچوں کے ہمراہ عمرہ کی ادائیگی کے لئے سعودی عرب پہنچ گئے ،11 دسمبر کوپاکستان پہنچیں گے۔
سلیمان شہباز نے کہا کہ عمران خان کے کہنے پر شہزاد اکبر نے جھوٹے مقدمات قائم کئے، ہم سیاسی مخالفین کے خاندان کے خلاف کوئی جھوٹی کارروائی نہیں کریں گے۔
سلیمان شہباز کا کہنا تھاکہ نئے سیاسی نظام کیلئے جعلی مقدمات بنا کر مجھے پاکستان چھوڑنے پر مجبور کیا گیا تھا، کوئی بھی جلاوطن نہیں ہوناچاہتا، انصاف ملنے کی بھی توقع نہیں تھی، مجھ پر بنائے گئے جھوٹے مقدمات سیاسی مخالفت کی بدترین مثال تھے۔
انہوں نے کہا کہ نیب کے بنائے مقدمات میں حقیقت نہیں تھی، سابق چئیرمین نیب جاوید اقبال کو بلیک میل کرکے ہمارےخلاف مقدمات بنوائےگئے، ہمارے خلاف پاکستان اور برطانیہ میں مقدمات بنوانے کیلئے پاکستانی وسائل کا بےدریغ استعمال کیا گیا۔
دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزیراعظم کے صاحبزادے سلیمان شہباز کی حفاظتی ضمانت کی درخواست سماعت کے لئے مقرر کرلی، چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس اعجاز اسحاق خان جمعرات کو سماعت کریں گے
یاد رہے کہ سابق مشیر احتساب شہزاد اکبر کی طرف سے سلیمان شہباز پر منی لانڈرنگ اور پبلک آفس کے غلط استعمال کے الزامات عائد کیے گئے تھے لیکن برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی نے سلیمان شہباز کے خلاف تحقیقات کے بعد انھیں کلین چٹ دی تھی۔

آرمی چیف کا دورہ کراچی، مزار قائد پر حاضری، پھولوں کی چادر چڑھائی

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کراچی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی بھی کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق سپہ سالار نے کور ہیڈ کوارٹرز کراچی کا دورہ کیا، آرمی چیف کا کراچی پہنچنے پر کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید نے استقبال کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو سکیورٹی اور فارمیشن کے دیگر امور پر بریفنگ دی گئی، سپہ سالار نے ملک میں حالیہ غیر معمولی سیلاب کے دوران آپریشنل تیاریوں اور سندھ کے لوگوں تک پہنچنے پر فوج اور رینجر کے دستوں کو سراہا۔
اس حوالے سے آئی ایس پی آر کی جانب سے مزید کہا گیا کہ آرمی چیف نے کراچی میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تعریف کی۔

ملک میں معاشی ایمرجنسی لگانے کا کوئی ارادہ نہیں: عائشہ غوث پاشا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر مملکت برائے خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف نے 800 ارب روپے کے ٹیکس لگانے کا مطالبہ نہیں کیا، ملک میں معاشی ایمرجنسی لگانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتےہ وئے عائشہ غوث پاشا کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ آن لائن ڈیٹا کا تبادلہ جاری ہے، معاشی ایمرجنسی کی کوئی ضرورت نہیں ہے، ہم اپنے قرضے وقت پر ادا کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فیول کی کھپت کو کم کرنے کا معاملہ ضرور زیر غور ہے، کچھ دیگر ممالک بھی فیول کی کھپت کو کم کرنے پر کام کر رہے ہیں۔

پاکستانی روپے کی قدر میں مسلسل کمی، ڈالر 5 پیسے مہنگا

کراچی: (ویب ڈیسک) ملک میں روپے کے قدر میں مسلسل کمی جاری ہے، انٹر بینک میں ڈالر میں 5 پیسے کا معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
کاروباری دن کے آغاز کے بعد انٹر بینک میں امریکی کرنسی کی قیمت میں 5 پیسے اضافے کے بعد 224 روپے 16 پیسے پر بند ہوئی جبکہ گزشتہ روز انٹربینک میں ڈالر 224.11 پیسے پر بند ہوا تھا۔
اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر معمولی اضافے کے بعد 232 روپے 15 پیسے پرفروخت ہوا۔

سونے کی قیمت تیزی سے بڑھنے لگی

کراچی: (ویب ڈیسک) عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں کمی جبکہ ملک میں اضافے کے بعد قیمتیں نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں ہیں۔
ملک میں غیر یقینی معاشی صورتحال کے باعث سونے کی مقامی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں، عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 4 ڈالر کی کمی سے 1794 ڈالر کی سطح آگئی۔
کراچی حیدرآباد سکھر ملتان لاہور فیصل آباد راولپنڈی اسلام آباد پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت 700 روپے بڑھ کر 164000 روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت 601 روپے بڑھ کر 140604روپے کی نئی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی۔
اسکے برعکس فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 1780روپے اور دس گرام چاندی کی قیمت بھی بغیر کسی تبدیلی کے 1526.06 روپے کی سطح پر برقرار رہی۔

پشاور:قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ کارروائی، 4 دہشتگرد گرفتار

پشاور: (ویب ڈیسک) سی ٹی ڈی ، سیکیورٹی فورسز اور حساس اداروں نے مشترکہ کارروائی کر کے عتیق الرحمن عرف ٹیپوگل گروپ کے چار دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔
گرفتار دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا گیا، گرفتار ہونے والے دہشتگرد پولیس کی ٹارگٹ کلنگ ،بھتہ خوری، پولیس تھانوں اور چوکیوں پر حملوں میں پولیس کو مطلوب تھے۔
سکیورٹی اداروں کی جانب سے ایک اور کارروائی کے دوران جانی گروپ کا انتہائی مطلوب دہشتگرد لوکل کمانڈر زاہد اللہ بھی پکڑا گیا۔ زاہد اللہ کا تعلق اختر محمد عرف خلیل جانی گروپ سے تھا جبکہ اس کے سر کی قیمت 20 لکھ روپے مقرر تھی۔