All posts by Khabrain News

ارشد شریف قتل کیس: تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی تشکیل

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ نے ارشد شریف قتل کی تحقیقات سے متعلق ازخود نوٹس کیس میں پولیس کی جے آئی ٹی مسترد کرتے ہوئے نئی سپیشل جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دینے کا حکم دیدیا۔
سپریم کورٹ میں ارشد شریف قتل کی تحقیقات سے متعلق ازخود نوٹس کیس کی سماعت ہوئی،چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں 5 رکنی بنچ نے سماعت کی، ارشد شریف کی والدہ، سیکرٹری داخلہ و اطلاعات، ڈی جی ایف آئی اے عدالت میں پیش ہوئے، ایڈیشل اٹارنی جنرل عامر رحمان، آئی جی اسلام آباد بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
وزارت داخلہ کی جانب سے فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی، اس کے علاوہ تھانہ رمنا میں درج قتل کی ایف آئی آر کی کاپی بھی عدالت میں پیش کی گئی۔
چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ ارشد شریف کی والدہ کا موقف بھی سنیں گے، صحافی نے شکایت کہ پولیس نے ارشد شریف کے اہلخانہ کیساتھ درست رویہ نہیں اپنایا۔
چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ وہیل چیئر کیلئے لفٹ تبدیل کر رہے ہیں، اس پر معذرت خواہ ہوں، پولیس والا معاملہ بھی دیکھ لیں گے۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمان نے فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ پڑھ کر سنائی، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ کینیا میں ہائی کمیشن متعلقہ حکام کیساتھ رابطے میں ہے، ارشد شریف کے قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کیا کہ مبینہ طور پر فائرنگ کرنے والے کون ہیں؟ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ فائرنگ کرنے والے کینیا پولیس اہلکار ہیں، جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ فائرنگ کرنیوالوں نے پاکستانی ٹیم کو کیا بتایا رپورٹ میں نہیں لکھا۔
چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ رات ایک بجے عدالت کو رپورٹ فراہم کی گئی ہے، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ کینیا میں 4 دن پہلے بننے والی نئی کابینہ سے ملاقات کی کوشش جاری ہے ، کینیا کی حکومت کیس کی تحقیقات کر رہی ہے، وزارت خارجہ پاکستان میں کینیا کے سفارتخانے کیساتھ رابطے میں ہے، گزشتہ روز عدالتی حکم پر ایف آئی آر درج کی گئی۔
چیف جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہا کہ یہ بہیمانہ قتل ہے، قتل کے بنیادی شواہد کینیا میں ہیں ، معاملے پر کینین حکومت سے رابطہ کیا جائے، تحقیقات کرنا پروفیشنل لوگوں کا کام ہے، قتل میں ملوث شوٹرز نے تحقیقات میں کیا کہا؟ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کا کام قابل ستائش ہے۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ پولیس نے جے آئی ٹی تشکیل دے دی ہے، جسٹس مظاہر نقوی نے کہا کہ فائرنگ کرنیوالے اہلکاروں کے نام تک رپورٹ میں نہیں لکھے گئے، جسٹس مندو خیل نے کہا کہ مقدمہ میں کس بنیاد پر 3 لوگوں کو نامزد کیا گیا؟ فائرنگ کرنے والے اہلکاروں کیخلاف مقدمہ درج کیوں نہیں کیا گیا؟
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ غیر ملکیوں کیخلاف مقدمہ درج ہو سکتا ہے یا نہیں، جائزہ لینا ہو گا، انکوائری رپورٹ ریکارڈ کا حصہ بنے گی۔
جسٹس مظاہرنقوی نے کہا کہ تنبیہ کر رہا ہوں، انتہائی سنجیدہ معاملہ ہے، حکومت بھی سنجیدگی سے لے، عدالت صرف آپ کو سننے کیلئے نہیں بیٹھی۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ جے آئی ٹی میں آئی ایس آئی، آئی بی، ایف آئی اے افسر شامل کرنے کی منظوری دی گئی۔
چیف جسٹس نے کہا کہ رپورٹ کے مطابق مقدمہ میں نامزد ملزموں کے اہم شخصیات سے رابطے ہیں، حکومت کا کام ہے ایسے افسران لگائے جو آزادانہ تحقیقات کر سکیں۔
دوران سماعت ارشد شریف کی والدہ بات کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئیں،ان کا کہنا تھا کہ میں سپریم کورٹ کی مشکور ہوں، چیف جسٹس نے کہا کہ شکریہ کی ضرورت نہیں، عدالت اپنا فرض ادا کررہی ہے۔
والدہ ارشد شریف نے کہا کہ پاکستان سے جس طرح ارشد کو نکالا گیا رپورٹ میں لکھا ہے، ارشد کو جیسے دبئی سے نکالا وہ بھی رپورٹ میں ہے، مجھے صرف اپنے بیٹے کیلئے انصاف چاہئے۔
جسٹس مظاہر نقوی نے کہا کہ آپ کو تحقیقاتی ٹیم کو بیان ریکارڈ کرانا ہو گا، والدہ ارشد شریف نے جواب دیا کہ تحقیقاتی ٹیم کو بیان پہلے بھی ریکارڈ کرا چکی ہوں۔
چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ ارشد شریف کی والدہ نے کئی لوگوں کے نام دیئے ہیں ،حکومت قانون کے مطابق تمام زاویوں سے تفتیش کرے، فوجداری مقدمہ ہے اس لئے عدالت نے کمیشن قائم نہیں کیا، کیس شروع ہی خرم اور وقار سے ہوتا ہے۔
بعدازاں سپریم کورٹ نے پولیس کی جے آئی ٹی مسترد کردی ،عدالت نے ارشد شریف قتل کی تحقیقات کیلئے سپیشل جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دینے کا حکم دیدیا۔
چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ جے آئی ٹی میں آئی ایس آئی، پولیس، آئی بی ، ایف آئی اے کے نمائندے شامل کئے جائیں ،عدالت نے حکم دیا کہ نئی جے آئی ٹی کا حکومت نوٹیفکیشن جاری کرے۔
چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ جے آئی ٹی میں ایسا افسر نہیں چاہیے جو ان کے ماتحت ہو جن کا نام آر ہا ہے، ارشد شریف کی والدہ 2 شہداء کی ماں ہیں، شہید کی والدہ کا موقف صبر اور تحمل سے سنا جائے۔
جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ کینیڈا میں پاکستانی خاتون کے قتل پر اقدامات کرتے تو شاید یہ واقعہ نہ ہوتا، ان کا بیٹا تو جا چکا ہے اب دوسروں کے بچے بچانا چاہتی ہیں، واقعے کے بعد شور کرنے کی بجائے پہلے کچھ نہیں کیا جاتا۔
عدالت نے کہا کہ ایف آئی آر مختصر ہے کیونکہ تفتیش ہوئی نہ ہی کوئی چشم دید گواہ ہے، بتایا گیا تفتیش کیلئے سپیشل جے آئی ٹی بنائی جا رہی ہے، کل تک جے آئی ٹی کے تمام ناموں سے آگاہ کیا جائے۔
سپریم کورٹ نے کہا کہ تفتیش سینئر اور آزاد افسران سے کرائی جائے، جے آئی ٹی ارکان معاملہ فہم اور دوسرے ملک سے شواہد لانے کے ماہر ہوں، وزارت خارجہ شواہد جمع کرنے میں جے آئی ٹی کی مکمل معاونت کرے۔
بعدازاں سپریم کورٹ آف پاکستان نے سینئر صحافی ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات سے متعلق ازخود نوٹس کیس کی مزید سماعت کل تک ملتوی کر دی۔

ارباز سے شادی اور طلاق پر بات کرتے ہوئے ملائیکہ آبدیدہ ہو گئیں

ممبئی: (ویب ڈیسک) ارباز خان کی سابق اہلیہ اداکارہ ملائیکہ اروڑا اپنے شو میں شادی اور طلاق کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئیں۔
بالی ووڈ اداکارہ ملائیکہ اروڑا نے حال ہی میں اپنے شو “موونگ ان ود ملائیکہ” میں اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں کھل کر بات کرتے ہوئے بتایا کہ ارباز خان سے ان کی شادی اور طلاق کس طرح ہوئی۔
شو میں ملائیکہ نے انکشاف کیا کہ انہوں نے ارباز سے صرف اس لیے شادی کی کیونکہ وہ اپنے گھر سے نکلنا چاہتی تھیں، انہوں نے کہا کہ میں وہی ہوں جس نے ارباز کو پرپوز کیا تھا، انہوں نے بتایا کہ یہ کوئی نہیں جانتا کہ ارباز نے مجھے پرپوز نہیں کیا۔
ملائیکہ نے کہا کہ میں نے دراصل اس سے کہا تھا کہ “میں شادی کرنا چاہتی ہوں” کیا آپ تیار ہیں؟ اداکارہ نے بتایا کہ جس پر ارباز پیار سے پلٹا اور مجھ سے کہا، “آپ دن اور جگہ کا انتخاب کریں”، بالی ووڈ اداکارہ نے کہا کہ میں اس وقت بہت چھوٹی تھی، میں زندگی میں مختلف چیزیں چاہتی تھی۔
طلاق کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ملائیکہ نے بتایا کہ دبنگ کی ریلیز تک ہمارے درمیان معاملات ٹھیک تھے لیکن اس کے بعد ہم بہت چڑچڑے ہو گئے اور الگ الگ ہونے لگے، ہم ہر بات پر بحث کرتے تھے اور پھر ہم نے طلاق کا فیصلہ کیا۔
واضح رہے کہ ملائیکہ اروڑا نے ارباز خان سے 1998 میں شادی کی تھی، ان کا ایک 21 سالہ بیٹا ارہان ہے، شادی کے 19 سال بعد 2017 میں اس جوڑی کی طلاق ہوگئی اور اب ملائیکہ ارجن کپور جبکہ ارباز خان جارجیا اینڈریانی کے ساتھ تعلقات میں ہیں۔

اداکارہ صباء فیصل کا بیٹے اور بہو سے تعلق ختم کرنے کا اعلان

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کی نامور اور سینئر اداکارہ صباء فیصل نے اپنے بیٹے سلمان فیصل اور بہو نیہا سے تعلق ختم کرنے کا باضابطہ اعلان کردیا۔
صبا فیصل نے سوشل میڈیا کی ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن انسٹا گرام پر ویڈیو لگائی جس میں انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے گھر کے نجی معاملات کا یوں کبھی تذکرہ نہیں کیا لیکن اب مجبوراً کرنا پڑ رہا ہے، لوگ مجھے نیہا کی سوشل میڈیا پوسٹس پر گالیاں دے رہے ہیں ،میں نے بہت ہی خوبصورت زندگی گزاری ہے ۔
اداکارہ نے کہا جب کسی خاندان میں نیہا جیسی منفی عورت آجاتی ہے تو گھر ٹوٹتے ہیں، میں پچھلے چار سال سے بیٹے کی وجہ سے بہت مشکل زندگی گزار رہی ہوں، میں یہ ہی سوچتی رہی کہ بیٹا ایسی عورت کے ساتھ کیسے زندگی گزارے گا، میں زیادہ تفصیل میں نہیں جاؤں گی لیکن آپ لوگ اس ویڈیو سے اندازہ لگا سکتے ہیں ۔
انہوں نے کہا بس اتنا کہوں گی کہ میرا نیہا سے کوئی تعلق واسطہ نہیں ہے، بیٹے نے اسی کے ساتھ رہنا ہے اس لیے اس سے بھی میرا، میری بیٹی اور شوہر کا بھی کوئی تعلق نہیں ہے ۔
صبا فیصل کا مزید کہنا تھا کہ بہت سے سوشل میڈیا پیجز نے نیہا کی پوسٹس شیئر کیں لیکن میں اور میری بیٹی سعدیہ فیصلہ اسی لیے خاموش رہے کہ ہم کچھ بھی بولتے ہیں تو بات وائرل ہوجاتی ہے ۔
اداکارہ صباء فیصل کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر میں باتوں کی گہرائی میں گئی تو لوگ تھو تھو کریں گے، اسی لیے میں صرف یہ ہی کہہ رہی ہوں ۔

ایرانی سپریم لیڈر نے ثقافتی نظام کی تعمیرنو کی حمایت کر دی

تہران: (ویب ڈیسک) ملک میں جاری مظاہروں کے پیش نظر ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے ایرانی ثقافتی نظام کی تعمیر نو کی حمایت کر دی۔
آیت اللہ خامنہ ای نے ایران کی ثقافتی کونسل کے ارکان سے ملاقات کے دوران کہا کہ ملک کے ثقافتی ڈھانچے میں انقلاب لانے کی ضرورت ہے، سپریم کونسل کو مختلف شعبوں میں ثقافت کی کمزوریوں کا مشاہدہ کرنا چاہیے۔
ایرانی سپریم لیڈر کا کہنا تھا کہ ایران میں حجاب قانون کی خلاف ورزی پر مہسا امینی کی ہلاکت کے خلاف مظاہرے 17 ستمبر سے جاری ہیں۔

چین نے جوہری ہتھیاروں سے متعلق امریکی محکمہ دفاع کی رپورٹ مسترد کر دی

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین نے اپنے جوہری اسلحے کے ذخائر میں آئندہ چند سالوں میں تین گنا اضافے کے حوالے سے امریکی محکمہ دفاع کی رپورٹ مسترد کر دی۔
امریکی محکمہ دفاع نے چینی فوج کے حوالے سے اپنی سالانہ رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ چین اپنے جوہری اسلحے میں تیزی سے اضافہ کر رہا ہے اور 2035 تک اپنے جوہری میزائلوں کی تعداد 1500 تک لے جا سکتا ہے۔
رپورٹ پر ردعمل دیتے ہوئے چینی وزارت دفاع کے ترجمان نے کہا رپورٹ میں چین کی دفاعی پالیسی اور عسکری حکمت عملی کو توڑ مروڑ کے پیش کیا گیا جو کہ مکمل طور پر بے بنیاد ہے۔

عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت 10 ماہ کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی

واشنگٹن : (ویب ڈیسک) عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت 10 ماہ کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔
خام تیل کی قیمتیں کم ہونے کے بعد پاکستان میں بھی تیل سستا ہونے کا امکان پیدا ہو گیا ہے، برطانوی خام تیل 3.33 ڈالر فی بیرل سستا ہونے کے بعد 79 ڈالر فی بیرل کا ہو گیا۔
دوسری جانب امریکی خام تیل 2.68 ڈالر فی بیرل سستا ہوا ہے جس کے بعد نئی قیمت 74 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں پچھلے 8 ماہ سے پیٹرول کی لیوی میں اضافہ جاری ہے جبکہ عالمی مارکیٹ میں کمی ہو رہی تھی، لیکن اب خبریں آ رہی ہیں کہ پاکستان نے سستے تیل کی خریداری کیلئے روس سے معاہدہ کر لیا ہے، جنوری اور مارچ کے دوران تیل پاکستان کو ملنا شروع ہو جائے گا۔

جنید جمشید کو مداحوں سے بچھڑے 6 برس بیت گئے

کراچی: (ویب ڈیسک) وہ ایسا گیا کہ پلٹ کر نہ آیا، معروف گلوکار اور نعتیہ کلام پیش کرنے والے جنید جمشید کو مداحوں سے بچھڑے 6 برس بیت گئے۔
معروف نعت خواں جنید جمشید نے 1964 میں کراچی میں آنکھ کھولی، میوزک سے لگاؤ تھا ، قسمت نے کم عمری میں ہی بے مثال شہرت سے نوازا۔
یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور سے گریجویشن کے بعد محدود مدت کے لئے بطور انجینئر کام کیا جس کے بعد اہنے میوزیکل کیریئر کا باقاعدہ آغاز کیا۔
ان کے میوزیکل گروپ وائٹل سائنز کو نہ صرف ملک گیر بلکہ عالمی شہرت دلانے میں ان کے شہرہ آفاق ملی نغمے دل دل پاکستان نے کلیدی کردار ادا کیا، ریلیزکے 35 برس بعد بھی یہ ملی نغمہ زبان زد عام ہے۔
2004 میں جنید جمشید نے موسیقی کو خیرباد کہہ دیا اور گلوکاری چھوڑکر اپنی زندگی دین اسلام کی تبلیغ کیلئےوقف کردی۔
بعدازاں نعت خوانی کی جانب راغب ہوگئے، ان کی پڑھی گئی نعتوں نے بھی سننے والوں کی سماعتوں میں رس گھولا بالخصوص نوجوان نسل میں ان کی نعتیں بے انتہا مقبول ہوئیں، ان کی پڑھی ہوئی نعت ” میرا دل بدل دے ” ان کی روحانی کیفیت کی نشاندہی کرتی ہے۔
7 دسمبر 2016 کو جنید جمشید حویلیاں کے قریب ہوائی حادثے میں جاں بحق ہوگئے مگر عشق مجازی سے عشق حقیقی تک کے سفر پر مبنی انکی زندگی نوجوانوں کے لئے ایک مثال کے روپ میں آج بھی تابندہ ہے۔

مسلم لیگ ن کا یونین کونسل سطح تک تنظیم سازی مکمل کرنے کا فیصلہ

لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن نے صوبے میں یونین کونسل کی سطح تک تنظیم سازی کا عمل مکمل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع مسلم لیگ ن کے مطابق پنجاب کے تنظیمی عہدیداروں کا اجلاس جمعہ کے روز ہو گا، اجلاس میں تمام ڈویژنل اور ضلعی عہدیداروں کو طلب کیا گیا ہے۔
پارٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ صدرمسلم لیگ ن پنجاب رانا ثناء اللہ کی سربراہی میں ڈویژنل و ضلعی عہدیداروں کا غیررسمی اجلاس ہو گا، رانا ثناء اللہ تمام ڈویژنل و ضلعی عہدیداروں سے تنظیم سازی کے معاملات پر رپورٹ لیں گے۔
ذرائع کے مطابق جن جن ڈویژنز اور اضلاع میں یونین کونسل کی سطح تک تنظیم سازی کا عمل مکمل نہیں ہوا ہو گا وہاں کے عہدیداروں سے باز پرس کی جائے گی۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے ستمبر میں پارٹی کی یونین کونسل کی سطح تک تنظیم سازی 3 ماہ میں مکمل کرنے کا ٹاسک دیا تھا۔

انتخابی نظام میں شفافیت یقینی بنا رہے، بلدیاتی الیکشن بہت اہم ہیں: سکندر سلطان راجہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن وقت کے ساتھ ساتھ احسن اقدامات اٹھا رہا ہے، انتخابی نظام میں شفافیت یقینی بنائی جا رہی ہے۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے اقدامات میں اداروں کا کردار بہت اہم ہے، ایسے تمام عناصر جنہوں نے انتخابات کے دوران بدامنی کی کوشش ان کے خلاف بروقت قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی، میڈیا نے الیکشن کمیشن کے مختلف ایکشنز کو پوری طرح سپورٹ کیا۔
چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ کوٹ آف کنڈکٹ کی جس نے بھی خلاف ورزی کی اس کے خلاف ایکشن لیا گیا، بلدیاتی الیکشن کے لئے صوبائی حکومتیں تیار نہیں تھیں، سمجھتا ہوں ملک کے لئے سب سے اہم الیکشن بلدیاتی الیکشن ہیں، الیکشن کمیشن نے مانیٹرنگ کے نظام کو بہتر کیا، آئندہ عام انتخابات میں بھی مانیٹرنگ کا بہترین نظام لایا جائے گا۔
سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ نئی حلقہ بندیوں کیلئے الیکشن کمیشن کو مناسب وقت درکار ہے، سکندر سلطان راجہ الیکشن کمیشن انتخابی عمل میں ٹیکنالوجی کے استعمال کا حامی ہے لیکن ٹیکنالوجی ایسی ہونی چاہیے جس میں ووٹر اپنا حق رائے دہی آسانی سے استعمال کرسکے اور رازداری کو یقینی بنایا جاسکے۔
چیف الیکشن کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن پر ای وی ایم اور اوورسیز ووٹنگ کے حوالے سے بہت تنقید ہوتی ہے، تنقید کرنے والوں کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ ہمیں کہیں پر بھی دیکھا دیں کہ الیکشن کمیشن نے ای وی ایم یا اوورسیز ووٹنگ کی مخالفت کی ہو۔

توشہ خانہ لوٹنے، گھڑیاں بیچنے والا کشمیر پر سیاست کر رہا ہے، مریم اورنگزیب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے عمران خان کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ توشہ خانہ لوٹنے اور گھڑیاں بیچنے والا کشمیر کے نام پر سیاست کر رہا ہے۔
وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ کشمیر بیچنے والا شہباز شریف کو یہ نہ بتائے کہ مسئلہ کشمیر پر کیا کرنا ہے.
اپنے ردِعمل میں وفاقی وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر نے عمران خان کے اُکسانے پر حرکت کی، وزیراعظم آزاد کشمیر نے منصب کا خیال کیا نہ ہی مسئلہ کشمیر کی نزاکت کی پرواہ کی، انہیں خیال ہونا چاہئے تھا کہ وہ آزاد کشمیر کے وزیر اعظم ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہبازشریف نے وزیراعظم آزاد کشمیر کو بیٹھ کر بات کرنے کا کہا، وزیراعظم آزاد کشمیر اس جرات کا اظہار اپنے “کشمیر فروش قائد” کے سامنے کرتے؟
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ کشمیر فروش کہتا تھا مودی کے دوبارہ منتخب ہونے پر مسئلہ کشمیر حل ہوجائے گا اب قومی مفاد بیچنے والا کشمیر پر سیاست کر رہا ہے۔