All posts by Khabrain News

نیویارک کے ’چوہا مارمینیجر‘ کے لیے سوا لاکھ ڈالر تنخواہ کا اعلان

نیویارک سٹی: (ویب ڈیسک) نیویارک شہر کے باشندے چوہوں کی بڑھتی ہوئی تعداد سے شدید پریشان ہیں اور اب میئر نے اعلان کیا ہے کہ ہے کوئی ’چوہوں کے خون کا پیاسا‘ جو اس بلا سے نجات دلائے۔ اس کے بدلے اسے سوا لاکھ سے پونے دولاکھ ڈالر سالانہ تنخواہ دی جائے گی جو کروڑوں روپے کے برابر ہے۔
اس ملازمت کو ’چوہوں سے نمٹنے کے ڈائریکٹر‘ کا نام دیا گیا ہے جس کا اشتہار بھی بہت دلچسپ لکھا گیا ہے اور اس کا متن کچھ یوں ہے:
’(ملازمت کے لیے) بہترین امیدوار وہ ہوسکتا ہے جو خود سے قدم اٹھائے، اور تمام زاویوں اور تمام تر حل کو استعمال کرے جن سے آپریشن میں بہتری ہو، ڈیٹا بھی مل سکے، ٹیکنالوجی اور اختراع استعمال کی جائے، کوڑے کرکٹ کا انتظام کرنے والا ہو اور سب سے بڑھ کر قتلِ عام کا ماہر ہو۔‘
واضح رہے کہ نیویارک کی عوام ایک طویل عرصے سے چوہوں سے بیزار ہے اور تمام تر کوشش کے باوجود ان کی بڑھتی ہوئی آبادی کو روکنا اب تک ناممکن ہے۔ لیکن اب ان کی آبادی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ اس سے قبل ہرعلاقے کے سروے، چوہوں کو مارنے اور کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگانے کی بہت سی کوششیں کی گئیں جو بے سود ہی رہیں۔
پھر نیویارک کے میئر نے ایک بالٹی متعارف کرائی تھی جس میں زہریلا سوپ بھرا تھا جس کی بو چوہوں کو راغب کرتی تھیں اور وہ اس کے پاس آکر گرتے اور مرتے تھے۔ تاہم اب انتظامیہ باضابطہ شعبہ بنا کر اس پر کام کرنا چاہتی ہے کیونکہ اب یہ ایک مسئلہ بن چکا ہے۔
ماہرین کے مطابق نیویارک کے چالاک چوہے بہت سے شکنجوں کو پہلے ہی جُل دے چکے ہیں اور مزید سخت جان اور چالاک ہوچکے ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق افسر برائے انسدادِ چوہا میں حسِ مزاح اور گفتگو یا رابطے کا فن بھی ہونا چاہیے۔

لڈو کی عادی خاتون نے شرط میں خود کو دائو پر لگا دیا

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) لڈو کے کھیل پر شرط کی عادی ایک خاتون نے اپنی ساری رقم ختم ہونے پر خود کو داؤ پر لگا دیا۔
بھارتی ریاست اترا پردیش کے پرتاپ گڑھ میں ایک خاتون کے لیے لڈو کھیلنے کی لت اس وقت تلخ ہو گئی جب اس نے خود کو داؤ پر لگا دیا کیونکہ اس کے پاس شرط لگانے کے لیے پیسے نہیں تھے اور وہ اپنے مالک مکان سے ہار گئی۔
رینو نامی خاتون کا خاوند راجسھتان میں ملازمت کر کے جو پیسے بھیجتا تھا لڈو کی عادی خاتون ان پیسوں پر جوا لگا کر اپنے مالک مکان کے ساتھ مستقل بنیادوں پر جوا کھیلتی تھی۔
ایسے ہی ایک دن جب وہ دونوں شرط لگا کر لڈو کھیل رہے تھے تو پیسے ختم ہونے پر خاتون نے خود کو دائو پر لگا دیا، جس کے بعد خاتون کو اپنا شوہر چھوڑ کر مالک مکان کے پاس جانا پڑ گیا۔
خاتون کے شوہر نے پرتاپ گڑھ پولیس میں شکایت درج کرائی، جس میں اس نے دعویٰ کیا کہ وہ دیوکالی میں کرائے کے مکان میں رہتا تھا، چھ مہینے پہلے، وہ کام کرنے کے لیے جے پور گیا اور اپنی بیوی کو پیسے بھیجتا رہا، جسے وہ جوئے کے لیے استعمال کرتی تھی، پیسے ختم ہونے کے بعد، اس نے لڈو پر شرط لگائی اور خود ہار گئی۔
شوہر کے مطابق خاتون نے اب مالک مکان کے ساتھ رہنا شروع کر دیا ہے، “میں نے اسے چھوڑنے کی کوشش کی لیکن وہ ایسا کرنے کو تیار نہیں ہے۔”
میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون اور اسکے شوہر نے اس واقعے کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر بھی پوسٹ کیا جو اب وائرل ہو رہا ہے، جوڑے کے دو بچے بھی ہیں۔

وزیراعظم کا ارشد شریف از خود نوٹس کا خیر مقدم، مکمل تعاون کی یقین دہانی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے سینئر صحافی ارشد شریف کے قتل پر سپریم کورٹ کی جانب سے ازخود نوٹس لیے جانے کا خیر مقدم کیا ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ میں نے پہلے ہی چیف جسٹس آف پاکستان کو ارشد شریف کے قتل کے واقعے کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کے لیے خط لکھ دیا تھا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ حکومت ارشد شریف قتل کیس کے معاملے میں عدالت عظمیٰ کی ہرممکن معاونت کرے گی۔

ناسا کا خلا میں ٹماٹر اگانے کا منصوبہ شروع

امریکا: (ویب ڈیسک) ناسا کی جانب سے اب خلا میں ٹماٹر اگانے کے منصوبے پر کام شروع کردیا گیا ہے۔
امریکی خلائی ادارے کے مشن میں یہ پہلی بار ہو گا، جب ناسا خلا میں ٹماٹر اگانے کی کوشش کرے گا، ناسا کی فلائٹ انجینئر انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن پر ویج 05 نامی تحقیق کا آغاز کیا گیا ہے، جس کے تحت خلا میں ٹماٹر اگانے کی کوشش کی جائے گی۔
ٹماٹر اگانے کیلئے 2 مختلف ایل ای ڈی لائٹس کا استعمال کیا جائے گا۔
اس مشن کیلئے ناسا کی جانب سے 26 نومبرکو ٹماٹر کے بیج انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن پر اسپیس ایکس فالکن 9 راکٹ کے ذریعے پہنچا دیئے گئے ہیں۔
اس تحقیق کا بنیادی مقصد مستقبل میں مریخ پر انسانوں کے پہنچنے پر وہاں خوراک اگانے کے امکانات پر غور کیا جائے گا، خلائی اسٹیشن میں کی جانے والی تحقیق کے نتائج کا موازنہ زمینی تجربات سے بھی کیا جائے گا۔

ٹی ازفنٹاسٹک کے بعد ٹی واز بریلینٹ

لاہور: (ویب ڈیسک) انگلش کپتان بین اسٹوکس کی جانب سے چائے کی تعریف نے پاکستانیوں کو”ٹی از فنٹاسٹک” کی یاد دلا دی۔
راولپنڈی ٹیسٹ کے حوالے سے پریس کانفرنس کےدوران صحافی کی جانب سے انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس سے سوال پوچھا گیا کہ چائے کیسے تھی؟
بین اسٹوکس سوال سن کر کچھ دیر کیلیے رکے اتنی دیر میں صحافیوں کی جانب سے انہیں ٹی از فنٹاسٹک کا جملہ یاد دلایا گیا جس ہرانہوں نے ہنستے ہوئے جواب دیا کہ” ٹی واز بریلینٹ”۔
انگلش کپتان کی جانب سے چائے کیلیے تعریفی جملے نے سوشل میڈیا پر پاکستانیوں کو ایک بار پھر”ٹی از فنٹاسٹک کی یاد دلادی۔
ایک صارف نے بین اسٹوکس کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ بین اسٹوکس کو بھی اس بارے میں پتہ ہے۔
ایک اور صارف کا کہنا ہے کوئی پڑوسیوں سے بھی پوچھ لو کہ چائے کیسی تھی؟
صارفین نے بین اسٹوکس کے جملے کو بھارتی پائلٹ ابھی نندن کے جملے سے جوڑتے ہوئے کہا ہے کہ ٹی از فنٹاسٹک سے ٹی واز بریلیٹ تک
واضح رہے کہ 27 فروری 2019 کو پاک فضائیہ کی جانب سے بھارت سر پرائز دیا گیا۔ پاک فوج نے تباہ ہونے والے بھارتی لڑاکا طیارے کے پائلٹ ابھی نندن کو پکڑا تھا اور عوامی تشدد سے بچا کر اسے نہ صرف طبی امداد دی بلکہ گرما گرم چائے کا کپ بھی پلایا تھا۔
بھارتی پائلٹ نے چائے کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ “ٹی از فنٹاسٹک” جس کے بعد یہ جملہ پاکستان اور بھارت سمیت دنیا بھر میں مقبول ہوا جو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

اسموگ میں اضافہ، پنجاب کے مختلف شہروں میں ایمرجنسی نافذ

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ لاہور سمیت دیگر شہروں میں اسموگ میں کمی کے لیے ماحولیاتی ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی نے اسموگ میں کمی کے لیے وضع کردہ پلان پر مؤثر انداز میں عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب بھر میں فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے پر پابندی عائد ہے۔
انہوں نے حکم دیا کہ اسموگ کا سبب بننے والے عوامل پر قابو پانے کے لیے کارروائی عمل میں لائی جائے جبکہ محکمہ تحفظ ماحول، ٹرانسپورٹ، انڈسٹریز اور انتظامیہ کے افسران فیلڈ میں خود جائیں۔
پرویز الہٰی نے کہا کہ اسموگ میں کمی کے لیے جاری ایس او پیز پر عملدرآمد میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے والے افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ دھواں دینے والی گاڑیوں کے خلاف بلاتفریق قانونی کارروائی جاری رکھی جائے۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے اثاثے بحال کرنے کی کارروائی شروع

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی احتساب بیورو (نیب) نے اسحاق ڈار کے اثاثے بحال کرنے کے لیے پنجاب کے مختلف اداروں کو مراسلہ جاری کردیا۔
ذرائع کے مطابق نیب نے اسحاق ڈار کے اثاثہ جات عدالت کے حکم پر وفاقی وزیر خزانہ کے اثاثے بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اسحاق ڈار کے اثاثہ جات میں پراپرٹی، مختلف بینک اکاؤنٹس شامل ہیں۔
نیب نے اس کیس میں اسحاق ڈار کو مفرور قرار دے کر اثاثہ جات منجمد کر دئیے تھے بلکہ گلبرگ لاہور کی پراپرٹی فروخت کرنے کے احکامات بھی جاری ہوئے اور نیلامی بھی کرائی گئی تھی مگر اسحاق ڈار کی پراپرٹی نیلام نہ ہو سکی تھی۔
اداروں کو نیب کی طرف سے مراسلہ ملنے کے بعد قانون کے تحت کارروائی شروع کردی گئی ہے۔

سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ رن وے بند، پروازیں لاہور منتقل

سیالکوٹ: (ویب ڈیسک) سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا رن وے 16 روز کیلئے بند ہو گیا جس کے باعث سیالکوٹ سے آپریٹ ہونے والی پروازیں لاہور ائیرپورٹ منتقل کر دی گئیں۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق سیالکوٹ ائیرپورٹ کو مرمت کے باعث 20 دسمبر تک بند کیا گیا ہے، صارفین معلومات کیلئے کال سینٹر سے رابطہ کریں۔
سول ایوی ایشن اعلامیہ کے مطابق سیالکوٹ ائیر پورٹ سے پروازیں عارضی طور پر علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ لاہور منتقل کی گئی ہیں۔

رمیز راجہ پنڈی ٹیسٹ ہارنے پر مایوس، ٹیم کو جارحانہ انداز اپنانے کی ہدایت

لاہور: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجہ نے پنڈی ٹیسٹ ہارنے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے قومی ٹیم کو جارحانہ کھیل کھیلنے کی ہدایت کی ہے۔
ذرائع کے مطابق رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ میچ جیتا جا سکتا تھا، کھلاڑی تھوڑی سی اور جان مارتے تو نتیجہ مختلف ہوتا، انہوں نے کہا کہ جس طرح انگلینڈ کھیلا اس سے ایک ہاتھ آگے آپ کو کھیلنا ہوگا۔
چیئرمین پی سی بی نے کھلاڑیوں سے کہا کہ ہوم گراؤنڈ پر انگلینڈ آپ کو پکڑ نہیں سکتا، فاسٹ باؤلرز کو اپنا رول ادا کرنا ہو گا، ملتان ٹیسٹ میں انگلینڈ کیخلاف سب کھلاڑی جان لڑا دیں۔

کولمبیا: مسافروں سے بھری بس پر مٹی کا تودا آگرا، 27 ہلاک

کولمبیا: (ویب ڈیسک) مغربی کولمبیا کے صوبے ریسارالدا میں شدید بارشوں کی وجہ سے مٹی کا تودا سڑک سے گزرتی بس پر گرنے سے 27 افراد ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق پہاڑی علاقے میں مٹی کا تودا گرنے سے قریب سے گزرنے والی بس سمیت دیگر گاڑیاں بھی اس کی زد میں آگئیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکاروں کی جانب سے آپریشن شروع کردیا گیا جس میں اب تک 27 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔
ریسکیو کے مطابق امدادی کارروائیوں کے نتیجے میں 9 افراد کو بچالیا گیا جب کہ ہلاک ہونے والوں میں تین بچے بھی شامل ہیں۔